اے عاشقانِ رسول  ایمان والوں پر سب سے پہلا فرض نماز ہے اور دن رات میں پانچ وقت کی نماز ہر عاقل وبالغ مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے ۔یہ بھی یاد رہے شریعت مطہرہ نے نماز کی جو شرائط مقرر کی ہیں ان میں ایک شرط وقت بھی ہے ۔فی زمانہ تو ہمارے لئے بہت آسانی ہے کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان ہوتی ہے اور ہمیں نماز کے وقت کا پتہ لگ جاتا ہےلیکن زمانۂ ماضی میں جب اذان لاؤڈ اسپیکر پر نہیں ہوتی تھی تب مسلمان سورج ، چاند اور ستاروں کو دیکھ کر نماز کے وقت کا اندازہ کرلیا کرتے تھے ۔ فی زمانہ دینی تعلیمات سے دوری کے باعث جہاں اور بہت سے دینی معاملات سے مسلمان نا واقف ہیں وہیں نمازوں کے اوقات سے بھی ایک بہت بڑی تعداد غافل ہے ۔دعوتِ اسلامی نے جہاں دیگر شعبہ جات میں دنیا بھر کے عاشقان رسول کی راہنمائی کے لئے انقلابی اقدام اٹھائے وہیں نمازوں کے اوقات کی درست راہنمائی کے لئے ایک شعبہ بنام مجلسِ توقیت“ کا قیام عمل میں لایا اور اس مجلس کے تحت علمِ توقیت کے ماہرین نے دنیا بھر کے عاشقان رسول کے لئے نمازوں کےاحتیاطی اوقات پر مشتمل ایک ایسا نظامُ الاوقات تیار کیا جو کم وبیش کراچی والوں کے لئے26سال تک نافذُ العَمل ہے اور لطف کی بات یہ ہے کہ دعوتِ اسلامی کی مجلس توقیت نے دنیا بھر کے کم وبیش 27لاکھ مقامات کے سحر وافطار اور نمازوں کے احتیاطی اوقات مرتب کئے ہیں ۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ دعوت ِاسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ نے اس نظام الاوقات کو شائع کرنے کی سعادت حاصل کی اور دعوت ِاسلامی کی ویب سائٹ https://www.dawateislami.net/پر بھی پریئر ٹائمنگ کے نام سے یہ سوفٹ ویئر اپنی بہاریں لٹا رہا ہے نیز دعوتِ اسلامی کی مجلس آئی ٹی کی جانب سے اس نظام الاوقات کی موبائل ایپلی کیشن بھی پلے اسٹور پر موجود ہے ۔


دعوت ِاسلامی کے تحت18جولائی 2019ءبروز جمعرات  عالمی مدنی مرکزفیضان ِمدینہ کراچی کےسمیت 12 مقامات پرجبکہ ملک کے دیگر شہروں میں 500 سے زائد مقامات پر ہفتہ وارسنّتوں بھرے اجتماعات منعقد ہوئےجس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نےشرکت کی ۔ سنّتوں بھرے اجتماعات میں اراکینِ شوریٰ، مبلغینِ دعوت ِاسلامی اور دیگر ذمّہ داران نے سنّتوں بھرے بیانات فرمائے اور اجتماع کے بعد رات بھر نفلی اعتکاف کا سلسلہ بھی ہوا۔


فیصل آباد میں سمندری روڈ پر واقع ماڈل کیٹل مارکیٹ (مویشی منڈی) جو کہ 46 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہے ۔اس میں گورنمنٹ کی طرف سے ترکش طرز کے 22 شیڈز بنائے گئے ہیں۔جس میں 18شیڈز بڑے جانوروں دو شیڈز اونٹ اور دو شیڈز چھوٹے جانوروں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔فیصل آباد کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر لیفٹنٹ کرنل ریٹائرڈبابر فیروز نے بتایاکہ اس مارکیٹ میں گورنمنٹ کی طرف سے مہیا کردہ ، کارپڈ روڈ،سیکیورٹی، بینک ،مسجد ،شفاخانۂ حیوانات،سِول ڈسپنسری اور ریسٹورنٹ جیسی سہولتیں موجود ہیں جس کی وجہ سےفیصل آباد کے اطراف میں موجود مختلف علاقوں سے بیوپاری اپنے خوبصورت جانور لے کر آتے ہیں ۔

اب تک کی تعدادکے مطابق تقریباََ 15000 کےقریب جانورمختلف باڑوں میں موجود ہیں۔جہاں سے 30جولائی 2019ءکو قربانی کےجانور ان شیڈز میں منتقل کئے جائیں گے۔

ہرمسلمان کوچاہئے کہ قربانی کاجانور خریدنے سے پہلے یہ جان لیں کہ کیسے اور کتنی عمر کے جانور کی قربانی جائز ہوتی لہذا اس حوالےمکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ امیراہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا رسالہ ”ابلق گھوڑے سوار“ کا مطالعہ لازمی کرلیں۔

دعوتِ اسلامی کی مجلس ازدیاد حب کے تحت  جامع مسجد فیضانِ عطار لیاقت آباد سیکٹر بی الیون کراچی میں مدنی حلقے کاسلسلہ ہوا جس میں ریجن ذمّہ دار نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکاکی مدنی تربیت کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار سنّتوں بھرےاجتماع اور مدنی مذاکرے میں شرکت کے متعلق مدنی پھول دئیے ۔


دعوتِ اسلامی کی مجلس مزاراتِ اولیاء کے تحت ذمّہ داران نے فقیر والی پنجاب کے بزرگ پیر سید احمد حسین شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور ان کے صاحبزادے پیر سید صبغت اللہ شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی و دعا کا سلسلہ کیا۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد منصورعطاری بھی ذمّہ داران کے ہمراہ موجود تھے۔بعد ازاں ذمّہ داران نے رکنِ شوریٰ کےہمراہ صبغت اللہ شاہ بخاری کے بھائی پیر سید عبدالرؤف بخاری شاہ دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ اور ان کے صاحبزادے پیر سید سیف اللہ شاہ بخاری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے ملاقات بھی کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے مختلف شعبہ جات اور مدنی کاموں کا تعارف پیش کیاجبکہ رکنِ شوریٰ نے مزار شریف سے منسلک مدرسہ، جامعہ اور مسجد کا دورہ بھی کیا جہاں پر کثیر تعداد میں بچے درس نظامی اورحفظ و ناظرہ کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔


بلوچستان کے علاقے ناکھارڑی کے مقام پر منگل کی شام کراچی کی جانب سے آنے والی تیز رفتار کوچ اوور ٹیک کرتے ہوئے ہائی روف سے ٹکرا گئی ، حادثے کے بعد ہائی روف میں آگ بھڑک اٹھی ،ہائی روف اور کوچ میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کراچی کے رہائشی 6 افراد انتقال کر گئے تھے جبکہ 10 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس و ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور انتقال کر جانیوالے افراد کو باہر نکالا جبکہ کوچ اور ہائی روف جل کرخاکستر ہوگئی۔ انتقال کر جانیوالے تمام افراد کراچی کے رہائشی تھے جن کی میتیں کراچی منتقل کردی گئیں، انتقال کرجانیوالے افراد میں انور علی، سردار، امان اللہ، جاوید، بلال اور سجاد شامل ہیں جو آپس میں دوست تھے اور کراچی کے علاقے منگھوپیر، سرجانی ٹاؤن اور سائٹ ایریا بھوانی چالی کے رہائشی تھے۔ مرحومین کی نماز جنازہ سائٹ بھوانی چالی گراؤنڈ میں ادا کی گئی اور مقامی قبرستان میں ان افراد کی تدفین کردی گئی ۔

دعوتِ اسلامی کے تحت ہرجمعرات کو بعد نمازِ مغرب ملک و بیرونِ ملک مختلف مقامات پر ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقادکیا جاتا ہے۔آج بھی چونکہ جمعرات ہے لہذا آج بعد نمازِ مغرب بھی دنیا بھر میں اجتماعات کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جبکہ مدنی چینل پر لاہورکے علاقے شیرانوالہ کی جامع مسجداقصیٰ سے براہِ راست نشر کیا جائے گا جس میں رکنِ شوریٰ حاجی محمداسد عطاری مدنی سنّتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

دعوتِ اسلامی کے تحت پنجاب کے شہر لاہورمیں پرائیویٹ اسکولز کے مالکان حاجی فیاض، حاجی ریاض اور حاجی افضل کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے سلسلے میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیاگیا جس میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے ممبران، شخصیات، اہل علاقہ، مرحومہ کے عزیز و اقارب اور ذمّہ داران کے سمیت دیگر اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد میں شرکت ہوئی۔ اجتماعِ پاک میں رکن ِشوریٰ حاجی محمد منصور عطاری اور مبلغ دعوتِ اسلامی مفتی محمد ہاشم خان عطاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان کیا،رکنِ شوریٰ نے شرکاکو بیعت بھی کروائی ۔

شیخوپورہ کے شہر کوٹ عبد المالک میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں بارش کے باعث ایک مکان کی بوسیدہ چھت گرگئی، چھت گرنے کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے سات افراد جن میں میاں بیوی اور پانچ بچے سمیت سب انتقال کرگئے ۔ اللہ پاک مرحومین کو غریق رحمت فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔


اسلام آباد اور پنجاب سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ۔لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 98 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ایئر پورٹ پر 52.6، جیل روڈ پر 58، گلبرگ میں 74، تاج پورہ میں 33، سمن آباد 69 اور جوہر ٹاؤن میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث لیسکو کا سسٹم بھی متاثر ہوا، جس سے 150 فیڈرز ٹِرِپ کر گئے۔گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ بالائی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں مزید بادل برسیں گے۔


سندھ بالائی علاقوں سے آنے والے سیلابی ریلے اور بارشوں کے باعث دریائے سندھ کے تینوں بیراجوں پر تیزی سے پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے، گڈو بیراج پر آئندہ چند روز میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، ایک رپورٹ کے مطابق گڈو بیراج پر رواں سال کا ریکارڈ پانی 2لاکھ کیوسک سے زائد جبکہ سکھر بیراج پر ایک لاکھ کیوسک سے زائد پانی موجود ہےجس میں مزید اضافہ ہورہا ہے اور کوٹری بیراج کے لئے بھی رواں سال کا ریکارڈ پانی چھوڑا جارہا ہے اور کوٹری بیراج سے بھی رواں سال پہلی بار پانی کا اخراج شروع ہوگیا ہے۔


دعوتِ اسلامی کی مجلس حج وعمرہ کےتحت کراچی میں ڈیفنس کی جامع مسجد فیضان بسم اللہ ،سول ایریا،اورنگی ٹاؤن کی جامع مسجدسبحانی میں حج تربیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نےسنّتوں بھرا بیانات کئےاور عازمین حج کو پریکٹیکل طریقہ بھی سکھایا ۔

اسی طرح اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھار ٹی میں عازمین حج کا مدنی حلقہ ہواجس میں سی ڈی اے کی یونین کے صدرشہاب بخاری ،جنرل سیکرٹری امان اللہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نوازکےساتھ دیگر ملازمین نے شرکت کی اور ذمّہ دار نے عازمین حج کی مدنی تربیت کرتے ہوئے حاضری مدینہ کے آداب بھی بیان کئے، جبکہ راولپنڈی میں دعوت اسلامی کے تحت چلنے والے دارالمدینہ میں بھی مجلس کے تحت تربیتی اجتما ع کا اہتمام کیاگیاجس میں مبلّغ دعوتِ اسلامی نے سنّتوں بھرابیان کیااور عازمین ِحج کی مدنی تربیت کی۔

گزشۃ سالوں کی طرح اس سال بھی فیصل آباد میں دعوتِ اسلامی کی مجلس حج وعمرہ کے تحت پرائیویٹ اور ٹوورز آپریٹرز کے ہاں حج تربیتی اجتماع ہوا۔جس میں مبلّغ دعوت ِاسلامی نے سنّتوں بھرابیان کیااور عازمین حج کو احرام باندھنے کا طریقہ مناسک عمرہ مناسک حج کا طریقہ بھی سکھایا گیا۔ اس کے علاوہ سرکاری طور پر بھی دعوتِ اسلامی کے تحت فیصل آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر بھی حج پر جانے والے اسلامی بھائیوں کی مدنی تربیت کا سلسلہ جاری رہا۔

صادق آباد میں واقع ایک مل کے ورکرز جو اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے جارہے ہیں۔ان کی مدنی تربیت کا سلسلہ ہوا۔ جس میں مجلس حج و عمرہ ملتان ریجن کے ذمّہ دار نے ملٹی میڈیا پروجیکٹر کے ذریعےحج وعمرہ کی ادائیگی کے حوالے سے مدنی تربیت کی۔

سندھ حیدرآبادکے علاقے صدر میں دعوتِ اسلامی کی مجلس حج وعمرہ کے ذمّہ داروں نے اس سال جو عاشقانِ رسول حج پر جارہے ہیں ان سےملاقات کی اور امیر اہل سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تحریر کردہ کتاب” رفیق الحرمین“تحفےمیں پیش کی اسی طرح مجلس حج وعمرہ کے ذمّہ داروں نے قاسم آباد سے حج پر جانے والے سب انسپکڑ محمد دوالفقار شیخ سے ملاقات کی اور ان کو بھی رفیق الحرمین تحائف میں دیئے اس پر محمد ذوالفقار نے ذمّہ داروں کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور کے مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر ٹاون میں محفل مدینہ منعقد ہوئی جس میں عازمینِ حج کے علاوہ دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی اور رکنِ شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نےسنّتوں بھرا بیان فرمایا نیز رکنِ شوری ٰنے عازمینِ حج کو امیر اہل سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کتاب ” رفیق الحرمین“تحفے میں پیش کیا۔