مطالعہ ایک طالب علم کی زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ اور علم کے دروازے کھولنے کی اصل چابی ہے۔ جب ہم کتابیں پڑھتے ہیں تو دراصل ہم مصنف کے ذہن اور اس کے صدیوں کے تجربات سے براہِ راست گفتگو کر رہے ہوتے ہیں۔ لیکن اس علمی گفتگو میں اکثر ایک رکاوٹ سامنے آ جاتی ہے اور وہ رکاوٹ مشکل اور نامانوس الفاظ کی ہوتی ہے۔ خاص طور پر جب ہم دینی علوم، فقہ، حدیث یا تفاسیر کا مطالعہ کرتے ہیں، تو عربی، فارسی یا ثقیل اردو کے ایسے بہت سے الفاظ ہماری نظروں سے گزرتے ہیں جن کا مطلب ہمیں بالکل معلوم نہیں ہوتا۔ ٹھیک اسی وقت اگر ہمارے پاس لغت (ڈکشنری) موجود نہ ہو تو مطالعے کا سارا مزہ کرکرا ہو جاتا ہے اور بعض اوقات تو پوری عبارت کا مطلب ہی کچھ کا کچھ بن جاتا ہے۔

لغت دراصل ایک خاموش استاد کی طرح ہوتی ہے جو ہر وقت، ہر جگہ ہماری رہنمائی کے لیے تیار رہتی ہے۔ ہم مدرسے کے طلباء جب عربی عبارات حل کرنے بیٹھتے ہیں، تو لغت کے بغیر ہمارا گزارا ہی نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر اگر 'المنجد'، 'مصباح اللغات' یا اردو کے لیے 'فیروز اللغات' ہمارے پاس نہ ہو تو ہم مشکل الفاظ کے درست معانی، ان کی جمع اور ان کے باب تک نہیں پہنچ سکتے۔ صرف معانی ہی نہیں، لغت سے ہمیں الفاظ کا صحیح تلفظ اور ان پر اعراب (زبر، زیر، پیش) کا بھی علم ہوتا ہے۔ ایک طالب علم کے لیے صرف لفظ کو دیکھ کر پڑھ لینا کافی نہیں ہوتا، بلکہ اس کا درست تلفظ اور مخارج ادا کرنا بہت ضروری ہے، ورنہ ذرا سی غلطی سے معنی بالکل بدل جانے کا خطرہ ہوتا ہے۔

آج کل کچھ طلباء لغت دیکھنے سے کتراتے ہیں اور دورانِ مطالعہ محض اپنے اندازے سے مطلب نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ علم حاصل کرنے کے راستے میں یہ ایک بہت بڑی غلطی ہے۔ اندازے سے مطلب نکالنے والا انسان کبھی پختہ علم حاصل نہیں کر سکتا۔ شروع شروع میں لغت دیکھنا تھوڑا مشکل اور اکتا دینے والا کام ضرور لگتا ہے، کیونکہ بار بار کتاب چھوڑ کر لغت کے بھاری بھرکم صفحات پلٹنے پڑتے ہیں اور حروفِ تہجی کے اعتبار سے لفظ کا مادہ (Root Word) تلاش کرنا پڑتا ہے، لیکن یقین جانیں جب اس محنت کی عادت پڑ جائے تو یہ ایک نہایت دلچسپ مشغلہ بن جاتا ہے۔ آپ لغت میں ایک لفظ ڈھونڈنے جاتے ہیں اور اس کے آس پاس موجود مزید چار نئے الفاظ آپ کو سیکھنے کو مل جاتے ہیں۔ اس طرح آہستہ آہستہ طالب علم کے ذخیرہِ الفاظ (Vocabulary) میں زبردست اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ، لغت کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ جب ہم خود محنت کر کے لغت سے کسی لفظ کا معنی تلاش کرتے ہیں تو ہمارا ذہن اس لفظ کو ایک طویل عرصے تک محفوظ کر لیتا ہے۔ اگر کوئی استاد یا ساتھی ہمیں فوراً مطلب بتا دے تو وہ بات کچی رہتی ہے اور جلدی بھول جاتی ہے، لیکن اپنی ذاتی محنت سے لغت کے سمندر سے تلاش کیا گیا لفظ ذہن کی تختی پر ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتا ہے۔ اسی عادت سے ترجمہ کرنے کی صلاحیت میں بھی بے پناہ نکھار آتا ہے اور عبارات کے پوشیدہ مفاہیم کھل کر سامنے آ جاتے ہیں۔

موجودہ دور میں تو لغت کا استعمال اور بھی زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ اب تو موبائل فونز میں بڑی بڑی مستند لغات کی ایپلی کیشنز موجود ہیں، جن کے ذریعے چند سیکنڈوں میں مشکل سے مشکل لفظ کا مطلب سکرین پر سامنے آ جاتا ہے۔ اس لیے اب ڈیجیٹل دور میں لغت نہ دیکھنے یا سستی کرنے کا کوئی بہانہ باقی نہیں رہا۔ اگر ہم علم دین اور مطالعے میں واقعی رسوخ اور مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو ہمیں لغت کو اپنا بہترین دوست بنانا ہوگا۔

یہ کہنا بالکل غلط نہ ہوگا کہ لغت کے بغیر مطالعہ کرنا ایسا ہی ہے جیسے بغیر ہتھیار کے کسی میدانِ جنگ میں اتر جانا۔ ہر طالب علم، بالخصوص دینی علوم حاصل کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ لغت دیکھنے کی محنت کو اپنی روزمرہ روٹین کا لازمی حصہ بنائیں۔ اسی محنت اور جستجو سے ہی علم میں گہرائی، وسعت اور پختگی آتی ہے۔ اللہ پاک ہمیں علمِ نافع عطا فرمائے اور مطالعے کا سچا شوق نصیب کرے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ ۔


لغت مطالعے میں ریڑ کی ہڈی کی مانند ہے جب کوئی طالب علم یا محقق یا کوئی عام قاری کتاب پڑھتا ہے تو بعض اوقات ایسے الفاظ سامنے اتے ہیں جن کے معنی واضح نہیں ہوتے ایسے صورت میں کلام کا سیاق و سباق یا مفہوم سمجھ نہیں اتا اور یہ سورت عموما عجمی کو عربی پڑھتے ہوئے پیش اتی ہے ایسی صورت میں لغت اہم کردار ادا کرتے ہوئے مطالعے کو آسان مفید اور موثر بناتی ہے۔

مطالعہ میں لغت کی حیثیت:مطالعہ میں لغت کی حیثیت ایک خاموش استاد کی ہے جو طالب علم کو ذہنی خود مختار بنا دیتی ہے۔ الفاظ کے معنی خود تلاش کرنے کی جستجو جہاں علم میں گہرائی پیدا کرتی ہے، وہیں یہ طالب علم کے علمی اعتماد کو بھی بڑھاتی ہے۔ یہی وہ مہارت ہے جو آگے چل کر آپ کو مشکل اور ثقہ کتابوں کے سمندر سے موتی چننے کے قابل بناتی ہے

الفاظ کا تلفظ: صرف معنی جان لینا کافی نہیں ہوتا، بلکہ لفظ کو درست طریقے سے ادا کرنا اور لکھنا بھی ضروری ہے۔ بعض اوقات دوران مطالعہ ایسے الفاظ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کا تلفظ معلوم نہیں ہوتا تو ان کا تلفظ معلوم کرنے کے لیے بھی لغت اپنا اہم کردار ادا کرتی ہے جس سے الفاظ بولنے میں صحیح مدد ملتے ہیں۔

الفاظ کا خزانہ (vocabulary) :دورانِ مطالعہ لغت کا باقاعدہ استعمال طالب علم اور زبان سیکھنے والے کے لیے ذخیرہِ الفاظ میں وسعت پیدا کرتا ہے۔ جب مطالعتی (مطالعہ کرنے والا) ایک لفظ کے معنی تلاش کرتے ہوئے اکثر بہت سے نئے ہم معنی (مترادف) (Synonyms) اور الفاظ ضد (متضاد) (Antonyms) الفاظ بھی حاصل کرتے ہیں جس سے ترجمہ کرنے اور بول چال میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے۔

دینی طلباء کے لیے لغت کی اہمیت: طالبِ علم کے لیے عربی مطالعہ، عربی کتب کی تیاری اور اُن کے حاشیوں کو سمجھنے میں لغت نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ خصوصاً دینی طلبہ کے لیے لغت اس لیے ضروری ہے کہ اس کے ذریعے مشکل الفاظ، اصطلاحات اور عبارات کا صحیح مفہوم معلوم ہوتا ہے۔ لغت کے بغیر عربی علوم میں مہارت حاصل کرنا اور کتب سے بھرپور فائدہ حاصل کرنا دشوار ہے۔

ترجمہ میں مہارت:طالبِ علم کے لیے مسلسل لغت کا استعمال ترجمہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ اس کے ذریعے الفاظ کے صحیح معانی، مناسب مفہوم اور درست استعمال کا علم ہوتا ہے، جس سے ترجمہ زیادہ واضح، درست اور مؤثر بنتا ہے۔ لغت کے باقاعدہ استعمال سے طالبِ علم آہستہ آہستہ مطالعتی کتب کے ترجمہ میں مہارت حاصل کر لیتا ہے۔

محاورات اور ضرب الامثال کا فہم (Understanding Idioms):بعض اوقات قاری کو مطالعے کے دوران ایسے چھپے ہوئے معانی کا سامنا ہوتا ہے جن کا تعلق الفاظ کے ظاہری مطلب کے بجائے ان کے علامتی یا محاوراتی مفہوم سے ہوتا ہے، اور یہاں لغت ایک بہترین رہنما کا کردار ادا کرتی ہے۔

مطالعہ کے دوران اپنے پاس ہمیشہ ایک آسان اور معیاری لغت (چاہے وہ کتابی صورت میں ہو یا موبائل ایپ کی شکل میں) ضرور رکھیں۔ کسی لفظ پر اٹک جائے تو اسے فوری دیکھ لینے سے وہ لفظ کافی دیر تک ذہن میں محفوظ رہتا ہے۔

مختصراً یہ کہ لغت مطالعہ کے میدان میں نہایت اہم حیثیت رکھتی ہے۔ یہ نہ صرف مشکل الفاظ کے معانی، تلفظ اور درست استعمال سے آگاہ کرتی ہے بلکہ ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ، ترجمہ میں مہارت اور علمی اعتماد پیدا کرنے کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔ خصوصاً دینی طلبہ کے لیے عربی کتب، حواشی اور علمی عبارات کو سمجھنے میں لغت ایک بہترین مددگار ثابت ہوتی ہے۔ لہٰذا ہر طالبِ علم کو چاہیے کہ دورانِ مطالعہ لغت کے استعمال کو اپنی مستقل عادت بنائے تاکہ علم کے دروازے اس پر وسیع ہوتے جائیں۔


مطالعہ انسان کی زندگی میں بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اسی کے ذریعے انسان علم حاصل کرتا ہے اور اپنے اندر بہتری لاتا ہے۔ جب ہم کتابیں پڑھتے ہیں تو ہمیں نئی نئی معلومات ملتی ہیں، لیکن بعض اوقات ہمیں ایسے الفاظ بھی ملتے ہیں جن کا مطلب سمجھ میں نہیں آتا۔ اس وجہ سے پوری عبارت سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ میرے خیال میں اگر ہم لغت کا استعمال کریں تو یہ مشکل آسان ہو سکتی ہے کیونکہ لغت ہمیں الفاظ کے معنی سمجھاتی ہے اور پڑھائی میں مدد دیتی ہے۔

لغت کیا ہے اور کیوں ضروری ہے؟لغت ایک ایسی کتاب ہوتی ہے جس میں الفاظ کے معنی، ان کا درست تلفظ اور استعمال بتایا جاتا ہے۔ یہ ہر طالب علم کے لیے بہت ضروری ہوتی ہے کیونکہ اس کے ذریعے ہم نئے الفاظ سیکھتے ہیں۔ جب ہم لغت استعمال کرتے ہیں تو ہمیں زبان کو بہتر سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور ہم آہستہ آہستہ اچھے طریقے سے بولنا اور لکھنا سیکھ جاتے ہیں۔

مطالعہ میں لغت کی اہمیت:جب ہم کسی سبق کا مطالعہ کرتے ہیں اور ہمیں کوئی لفظ مشکل لگتا ہے تو ہم فوراً لغت کی مدد سے اس کا مطلب معلوم کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف وہ لفظ سمجھ میں آتا ہے بلکہ پوری عبارت بھی آسان ہو جاتی ہے۔ اگر ہم لغت استعمال نہ کریں تو کئی باتیں ادھوری رہ جاتی ہیں اور ہمیں صحیح سمجھ حاصل نہیں ہوتی۔

الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ:لغت کے استعمال سے ہمارے الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے۔ جتنا زیادہ ہم نئے الفاظ سیکھتے ہیں اتنا ہی ہمارا علم بڑھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنی بات بھی بہتر طریقے سے بیان کر سکتے ہیں۔ ایک اچھے طالب علم کی یہ خوبی ہوتی ہے کہ وہ الفاظ کو سمجھ کر صحیح جگہ پر استعمال کرے، اور یہ چیز لغت کے بغیر ممکن نہیں۔

درست زبان اور املا کی بہتری:لغت ہمیں صرف الفاظ کے معنی ہی نہیں بتاتی بلکہ ان کا درست املا اور تلفظ بھی سکھاتی ہے۔ اس سے ہم اپنی غلطیوں کو درست کر سکتے ہیں اور ہماری تحریر بہتر ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر اردو زبان میں صحیح املا بہت اہم ہوتا ہے، اس لیے لغت کا استعمال بہت فائدہ مند ہے۔

خود اعتمادی میں اضافہ:

جب ہمیں الفاظ کے معنی معلوم ہوتے ہیں تو ہمیں پڑھنے اور لکھنے میں اعتماد آتا ہے۔ ہم سبق کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں اور بغیر کسی کی مدد کے خود بھی سیکھ سکتے ہیں۔ میرے خیال میں لغت انسان کو خود مختار بناتی ہے کیونکہ وہ خود اپنی مشکلات حل کرنا سیکھ جاتا ہے۔

آج کے دور میں لغت کا استعمال:آج کل لغت صرف کتاب کی شکل میں نہیں بلکہ موبائل فون میں بھی آسانی سے دستیاب ہے۔ بہت سی ایپس اور ویب سائٹس ہیں جہاں ہم فوراً کسی بھی لفظ کا مطلب دیکھ سکتے ہیں۔ اس سے طلبہ کے لیے سیکھنا اور بھی آسان ہو گیا ہے۔ میں خود بھی کبھی کبھی موبائل سے الفاظ کا مطلب دیکھ لیتا ہوں، جس سے مجھے کافی فائدہ ہوتا ہے۔

تعلیم میں لغت کا کردار:جو طالب علم باقاعدگی سے لغت استعمال کرتے ہیں وہ پڑھائی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔ وہ سوالات کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور بہتر انداز میں جواب لکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی تحریر بھی صاف اور مؤثر ہوتی ہے، جس سے استاد پر اچھا اثر پڑتا ہے۔

آخر میں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ لغت مطالعہ میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ نہ صرف ہمارے علم میں اضافہ کرتی ہے بلکہ ہماری زبان کو بھی بہتر بناتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم روزانہ مطالعہ کرتے وقت لغت کا استعمال کریں تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ سیکھ سکیں اور ایک کامیاب طالب علم بن سکیں۔


مطالعہ میں لغت کی اہمیت ایک نہایت بنیادی اور اساسی حیثیت رکھتی ہے، خصوصاً جب بات عربی اسلامی کتب یا قدیم اردو متون کے فہم کی ہو۔ لغت دراصل الفاظ کے معانی، ان کے استعمال اور سیاق و سباق کو سمجھنے کا ذریعہ ہے، جس کے بغیر کسی بھی علمی متن کا صحیح ادراک ممکن نہیں۔ اگر قاری کو الفاظ کے اصل معانی اور ان کی باریکیوں کا علم نہ ہو تو وہ عبارت کا مفہوم صحیح طور پر نہیں سمجھ سکتا، جس کے نتیجے میں غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اس لیے مطالعہ کے دوران لغت سے واقفیت نہ صرف ضروری بلکہ ناگزیر ہے۔

علماء نے بھی لغت کے علم کو فہمِ دین کی بنیاد قرار دیا ہے۔ چنانچہ امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: لا يجوز تفسير القرآن لمن لا يعرف اللغة العربية یعنی جو شخص عربی زبان (اور اس کی لغت) سے واقف نہیں، اس کے لیے قرآن کی تفسیر کرنا جائز نہیں۔ (الاتقان فی علوم القرآن، جلد 2، صفحہ 179)

اس قول سے واضح ہوتا ہے کہ محض الفاظ کا سرسری علم کافی نہیں بلکہ لغوی مہارت ضروری ہے، کیونکہ یہی مہارت انسان کو نصوص کے دقیق معانی تک پہنچاتی ہے اور اسے سطحی یا غلط فہم سے بچاتی ہے۔

مطالعہ میں لغت کا باقاعدہ استعمال انسان کی مختلف علمی صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے۔ سب سے پہلی صلاحیت “فہمِ دقیق” (deep comprehension) ہے، جس کے ذریعے قاری ایک لفظ کے ظاہری معنی کے ساتھ اس کے ضمنی اور مجازی معانی کو بھی سمجھتا ہے۔ مثال کے طور پر عربی لفظ “عین” کے کئی معانی ہیں: آنکھ، چشمہ، جاسوس، اور قیمتی چیز؛ اب سیاق کے مطابق صحیح معنی کا تعین لغت ہی سے ممکن ہے۔ یہ باریکیاں لغت کے ذریعے ہی واضح ہوتی ہیں۔

دوسری اہم صلاحیت “تحقیقی و تنقیدی شعور” ہے۔ جب قاری لغت کی طرف لو لگاتا ہے تو وہ الفاظ کے اصل مادہ (root) اور اس کے مشتقات کو دیکھتا ہے، جس سے اس میں تحقیق کا ذوق پیدا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر “کتب” کے مادہ سے “کتاب”، “مکتوب”، “کاتب” اور “مکتب” جیسے الفاظ بنتے ہیں، جن سب کا بنیادی مفہوم “لکھنا” “لکھاری” “جہاں لکھتا ہے” ہے۔ اس طرح قاری الفاظ کے درمیان تعلق کو سمجھ کر زیادہ گہرائی سے علم حاصل کرتا ہے۔

تیسری صلاحیت “صحیح استنباط” (correct inference) کی ہے، جو فقہی اور دینی متون میں نہایت اہم ہے۔ ایک لفظ کے مختلف احتمالات میں سے درست معنی کا انتخاب ہی صحیح حکم تک پہنچنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ اگر لغت کا سہارا نہ لیا جائے تو استنباط میں غلطی ہو سکتی ہے(حکم ہی صحیح جگہ تک نہیں پہنچے گا پہنچانے والا کیا بنے گا)، جو علمی انحراف کا سبب بن سکتی ہے۔

مزید برآں، لغت کا استعمال غلط تشریحات سے بچنے کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ دینی متون میں بعض اوقات ایک لفظ کے کئی معانی ہوتے ہیں اور اگر قاری لغت سے مدد نہ لے تو وہ اپنی رائے یا ظاہری مفہوم کی بنیاد پر غلط معنی اخذ کر سکتا ہے۔ یہی غلطی بعض اوقات بڑے فکری انحراف کا سبب بن جاتی ہے(جیسے معتزلہ کا رب تعالیٰ کے لیے جسم کو ثابت کرنا قرآن پاک کے الفاظ کی غلط تشریح کا ہی تو سبب ہے) ۔ اس لیے جب قاری مستند لغات جیسے دور حاضر میں “القاموس الوحید” سے رجوع کرتا ہے تو اسے الفاظ کے مستند اور مستدل معانی حاصل ہوتے ہیں، جس سے وہ درست مفہوم تک پہنچ جاتا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ مطالعہ میں لغت کا استعمال نہ صرف علمی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ صحیح فہم کی ضمانت بھی ہے۔ یہ قاری کو گہرائی، بصیرت اور احتیاط عطا کرتا ہے اور اسے غلط تشریحات سے محفوظ رکھتا ہے۔ لہٰذا ہر طالبِ علم کو چاہیے کہ وہ مطالعہ کے ساتھ لغت کو لازم پکڑے، تاکہ وہ علم کو درست انداز میں سمجھ سکے اور اس سے حقیقی فائدہ حاصل کر سکے۔"


دنیا میں رہنے والے اربوں انسان اپنا مَافِي الضَّمِیر بیان کرنے کیلئے سیکڑوں زبانیں بولتے ہیں۔ہر زبان اپنے مخصوص قواعد،أسرار،اسلوب ومنھج اور معانی کا مجموعہ ہے ۔ہر زبان کے اندر ایسے کئی تعبیرات اور الفاظ ہوتے ہیں کہ جن کو جاننے کیلئے اس زبان کی لغت Dictionary کا سہارا لینا پڑتا ہے۔جس طرح ایک انسان کی عادات سے اس کے کردار کا پتہ چلتا ہے اسی طرح ایک زبان کی لغت سے اس زبان کی سلاست ،نشیب وفراز کا اندازہ ہوتا ہے ۔ کسی زبان میں موجود تحریر کو درست پڑھنے اور کماحقہ سمجھنے کیلئے ہمیں اس زبان کی لغت کی محتاجی ہے۔ہر زبان اپنے الفاظ کے اندر ایک مخصوص معنی و لطف رکھتی ہے جو دوسروں کا حصہ نہیں ہوتا۔

اس بات کو ایک مثال سے سمجھیے :ایک مرتبہ ایک استاذ صاحب نے کلاس میں موجود طلبہ سے پوچھا کہ مَنْ جَدَّ وَجَدَ( ترجمہ جس نے کوشش کی اُس نے پایا ) کا ترجمہ کیا ہے تو ایک طالبعلم نے بڑے اعتماد کے ساتھ ہاتھ کھڑا کیا کہ استاذ محترم مجھے آتا ہے ۔استاذ صاحب نے فرمایا بتاؤ کیا مطلب ہے( تو طالب علم سمجھا کہ جَدَّ کے معنی دادا کے ہیں اور وَجَدَ وَجْد سے ہے) طالب علم کہنے لگا مَنْ جَدَّ وَجَدَ کا ترجمہ ہے کہ "کس کا دادا وجد میں آیا " استاذ صاحب مسکرانا شروع ہوگئے کہ طالب علم نے یہ محاورہ کس طرز پر حل کیا ہے۔

محترم قارئین! یہ بات قابل توجہ ہے کہ ہر زبان کے اپنے معانی اور ترجمہ ہیں حل کرنے کیلئے اس زبان کی لغت سے مدد لینا ہی قابل اعتماد راہ ہے ۔

قرآن و حدیث کا ترجمہ کرتے ہوئے تو معاملہ اور زیادہ نازک ہوجاتا ہے اس لیے علماء کرام نے باقاعدہ اس علم کے متعلق لغات تحریر کی ہیں جیسے قرآن کے الفاظ سے متعلق امام راغب اصفہانی کی مفردات اور حدیث کی متداول و مشہور لغت مجمع بحار الانوار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔کسی لفظ کا ترجمہ کرتے ہوئے اگر لغت میں اس کے معنی دیکھ لیے جائے تو لغت میں ایک لفظ کے مختلف ترجمے ،مختلف اعتبارات و جہات سے لکھے ہوتے ہیں جس کی مدد سے اچھے سے اچھا ترجمہ کیا جاسکتا ہے ۔ایک ہی معنی کو ادا کرنے کیلئے مختلف نوعیت کی الفاظ حاصل کرنے کیلئے بھی لغت کارفرما ثابت ہوتے ہے ۔جیسے اردو میں مدد کیلئے لفظ تعاون ، اعانت ،استمداد بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ عربی میں کوشش کیلئے لفظ سعی ، حاول اور ارادے کیلئے قصد،اراد وغیرہ ۔کسی بھی زبان کی لغت دیکھتے ہوئے ایک امر کا خیال رکھنا اشد ضروری ہے کہ "منسوب الیہ بدلنے سے ترجمے میں آسمان زمین کا فرق آجاتا ہے"جیسے اردو میں کسی کو اندر آنے کی دعوت دینی ہے تو آؤ،آئیے ،تشریف لائے، لفظ عربی کی ایک مثال ملاحظہ کیجئے :مَکَر لغت عرب میں ستر یعنی پوشیدگی کے معنی میں ہے اسی لئے خفیہ تدبیر کو بھی مَکَر کہتے ہیں اور وہ تدبیر اگر اچھے مقصد کے لیے ہو تو محمود اور کسی قبیح غرض کے لیے ہو تو مذموم ہوتی ہے مگر اردو زبان میں یہ لفظ فریب کے معنی میں مستعمل ہوتا ہے اس لیے ہر گز شانِ الٰہی میں نہ کہا جائے گا اور اب چونکہ عربی میں بھی دھوکے کے معنیٰ میں معروف ہوگیا ہے اس لیے عربی میں بھی شانِ الٰہی میں اس کا اطلاق جائز نہیں آیت میں جہاں کہیں مذکور ہوا ہے وہاں وہ خفیہ تدبیر کے معنی میں ہے۔(صراط الجنان ،سورة آل عمران، 54 )

لغت سے معنی دیکھ لینے سے ترجمہ میں ایک تسلسل،عمدگی،شائستگی پیدا ہوجاتی ہے ۔لغت کا ایک اصول ہے کہ۔ لا قیاس فی اللغة( لغت میں کوئی قیاس آرائی، اپنی رائے کا دخل نہیں ) لہذا جب کبھی ضرورت ہو تو اٹکل سے ترجمہ بتانے ،مراد سمجھنے کی بجائے لغت سے استفادہ کیا جائے یہاں تک کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنھم سے متعلق متعدد حدیثوں میں ملتا ہے کہ جب کوئی مطلب معلومہ ہوتا تو سید عالم ،أفصح العرب صَلَّی اللہ عَلَیْہ واٰلہ وسَلَّم سے پوچھ لیتے۔

عربی زبان میں تو لغت کی اہمیت افادیت یوں بھی بڑھ جاتی ہے کہ صرف ایک زبر،زیر یا پیش تبدیل ہونے سے معنی بالکل بدل جاتے ہیں جیسے جِنازہ جیم کے زیر سے وہ ڈولی ہے جس میں میت رکھی جائے اور جیم کے فتح(جَنازہ )سے خود میت مراد ہوتی ہے ۔( مرأة المناجیح جلد 4 ،حدیث2920)

لَبَنٌ باء کے زبر سے مراد "دودھ" ہے جبکہ لَبِنٌ سے مراد" مٹی کی کچی اینٹ" ہے ۔

لغت کی اہمیت Importance کو اس سے بھی سمجھا جاسکتا ہے کہ بسا اوقات مطالعہ کرتے ہوئے پوری عبارت کی سمجھ آجاتی ہے لیکن صرف ایک لفظ کا ترجمہ معلوم نہ ہونے کی وجہ سے مراد/ بات میں خلل آجاتا ہے ۔لہذا مطالعہ کرتے ہوئے لغت ساتھ رکھی جائے اور جب حاجت ہو تو اس سے مدد حاصل کرکے بات کو واضح سمجھ لیا جائے ۔


زبان بات چیت کا وہ ذریعہ ہے جس سے ہم اپنی بات دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔ کسی بھی زبان کو صحیح طرح سے بولنے، لکھنے اور سمجھنے کے لیے "لغت" (Dictionary) ایک بنیادی ضرورت ہے۔ لغت صرف ایک کتاب کا نام نہیں بلکہ یہ علم کا وہ خزانہ ہے جو ہمیں لفظوں کے درست معنی اور ان کے صحیح استعمال کا طریقہ سکھاتا ہے۔ مطالعہ لغت کی اہمیت جتنی دنیاوی کاموں کے لیے ہے، اتنی ہی ہمارے دین کو سمجھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ ذیل میں اہم نکات دیے گئے ہیں جو سادہ انداز میں اس کی اہمیت واضح کرتے ہیں۔

(1) قرآن و حدیث کے فہم میں مدد:دین اسلام کو سمجھنے کا سب سے بڑا ذریعہ قرآن مجید اور احادیثِ نبوی ہیں۔ چونکہ یہ عربی زبان میں ہیں، اس لیے ان کے الفاظ کا حقیقی مطلب جاننے کے لیے لغت کی ضرورت پڑتی ہے۔ لغت ہمیں بتاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو لفظ استعمال کیا ہے اس کا اصل مقصد اور گہرائی کیا ہے۔ اس کے بغیر دین کی صحیح معلومات حاصل کرنا مشکل ہے۔

(2) صحیح تلفظ اور تلاوت :دین میں الفاظ کو صحیح طریقے سے ادا کرنا بہت ضروری ہے، خاص طور پر نماز کے دوران۔ لغت ہمیں بتاتی ہے کہ کس لفظ پر کیا اعراب ہونا چاہیے ہے، تاکہ ہم اسے غلط نہ پڑھیں۔ دنیاوی لحاظ سے بھی اگر کوئی شخص لفظوں کو صحیح طریقے سے بولتا ہے تو اس کی بات زیادہ اثر رکھتی ہے اور لوگ اسے عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

(3) لفظوں کی اصل پہچان:لغت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ لفظ کا مادہ اشتقاق کیا ہے ۔ اس سے انسان کے عقل و علم میں اضافہ ہوتا ہے اور اسے پتہ چلتا ہے کہ ایک ہی لفظ سے دوسرے بہت سے الفاظ کیسے بنے۔ یہ علم ہمیں چیزوں کی حقیقت تک پہنچنے میں مدد دیتا ہے، چاہے وہ دینی باتیں ہوں یا دنیاوی معلومات۔

(4)اپنی بات کو بہتر انداز میں کہنا:جب ہمیں لفظوں کے زیادہ معنی معلوم ہوتے ہیں، تو ہم اپنی بات کو بہتر اور آسان طریقے سے دوسروں کو سمجھا سکتے ہیں۔ ایک مبلغ جو دین کی دعوت دیتا ہے یا ایک طالب علم جو دنیا کے کسی بھی شعبے میں علم حاصل کرتا ہو ، دونوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اچھے اور درست الفاظ کا انتخاب کریں تاکہ سننے والا ان کی بات کو پسند کرے۔

(5) خاص اصطلاحات کا مطلب جاننا:ہر کام اور ہر علم کے کچھ خاص الفاظ ہوتے ہیں جنہیں "اصطلاحات" کہا جاتا ہے۔ مثلاً دین میں 'نماز' یا 'زکوٰۃ' کے خاص معنی ہیں، اور دنیاوی لحاظ سے سائنس یا قانون کے اپنے الفاظ ہوتے ہیں۔ لغت ہمیں ان مشکل اور خاص لفظوں کا آسان مطلب بتاتی ہے جس سے وہ علم سیکھنا آسان ہو جاتا ہے۔

(6) ترجمہ کرنے میں آسانی:اگر ہم ایک زبان کی بات دوسری زبان میں بتانا چاہتے ہیں، تو لغت ہماری سب سے بڑی مددگار ہوتی ہے۔ خاص طور پر جب ہم قرآن کا ترجمہ پڑھتے یا لکھتے ہیں، تو لغت ہمیں بتاتی ہے کہ کون سا لفظ سب سے بہتر رہے گا تاکہ اللہ کا پیغام صحیح طرح سے پہنچ سکے۔ دنیاوی کاموں میں بھی ترجمہ کرنے کے لیے لغت کے بغیر چارہ نہیں۔

(7) لفظوں کے ذخیرے میں اضافہ:روزانہ لغت دیکھنے سے انسان کے پاس لفظوں کا ایک بڑا خزانہ جمع ہو جاتا ہے۔ جس کے پاس جتنے زیادہ الفاظ ہوں گے، وہ اتنا ہی زیادہ ذہین سمجھا جاتا ہے۔ اس سے انسان کی سوچنے کی صلاحیت بڑھتی ہے اور وہ ہر طرح کی کتابوں کو آسانی سے پڑھ اور سمجھ سکتا ہے۔

(8) مترادف یعنی ایک جیسے معنی والے الفاظ کا علم:کبھی کبھی ہم ایک ہی لفظ بار بار استعمال کرتے ہیں جس سے تحریر یا تقریر میں اکتاہٹ محسوس ہونے لگتی ہے ۔ لغت ہمیں ایک ہی مطلب کے دوسرے بہت سے الفاظ بتاتی ہے۔ اس سے ہماری گفتگو میں خوبصورتی پیدا ہوتی ہے اور ہم موقع کی مناسبت سے بہتر لفظ استعمال کر سکتے ہیں۔

(9) زبان کی غلطیوں سے بچنا:ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں بہت سے الفاظ غلط بولتے یا غلط لکھتے ہیں۔ لغت ہمیں ہماری ان غلطیوں کے بارے میں بتاتی ہے اور ہماری اصلاح کرتی ہے۔ اپنی زبان کو درست رکھنا ہمارا علمی فرض بھی ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی صحیح زبان سیکھ سکیں۔

خلاصہ یہ ہے کہ لغت ایک ایسا بہترین دوست ہے جو ہر قدم پر ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ چاہے ہم دین کی سمجھ حاصل کرنا چاہیں یا دنیا کے کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کرنا چاہیں، لغت سے دوستی کرنا بہت ضروری ہے۔ یہ ہمارے دماغ کو روشن کرتی ہے، ہمیں غلطیوں سے بچاتی ہے اور ہمیں ایک پڑھا لکھا اور سمجھدار انسان بنانے میں مدد دیتی ہے۔ اس لیے ہمیں چاہیے کہ جب بھی کوئی مشکل لفظ سامنے آئے، فوراً لغت کا سہارا لیں تاکہ ہمارا علم پختہ ہو سکے۔


مطالعہ میں لغت کی اہمیت: علم کی تفہیم کا کلیدی راستہ کسی بھی زبان کو سمجھنے، اس کی گہرائی تک پہنچنے اور اس کے اصل مفہوم سے واقف ہونے کے لیے "لغت" (Dictionary) ایک بنیادی سیڑھی کا درجہ رکھتی ہے۔ مطالعہ خواہ دینی کتب کا ہو یا دنیاوی فنون کا، الفاظ کے صحیح معانی اور ان کے درست استعمال سے واقفیت کے بغیر علم کا حق ادا نہیں ہو سکتا۔

قرآن مجید اور فصاحتِ لسان:اللہ رب العزت نے کلامِ مجید کو عربی مبین (واضح عربی) میں نازل فرمایا تاکہ انسان اس کے مفاہیم کو سمجھے۔ الفاظ کے معانی پر غور کرنا دراصل فہمِ قرآن کی پہلی بنیاد ہے۔

دین کی یہ "فقہ" یا سمجھ بوجھ اس وقت تک حاصل نہیں ہو سکتی جب تک انسان کو ان الفاظ کے لغوی اور اصطلاحی معانی معلوم نہ ہوں جن میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے ہم سے خطاب فرمایا ہے۔

لغت کے بغیر مطالعہ کے نقصانات:مطالعہ کے دوران لغت سے دوری انسان کو کئی طرح کی فکری غلطیوں میں مبتلا کر سکتی ہے:

(1) غلط فہمی: ایک ہی لفظ کے کئی معانی ہو سکتے ہیں، سیاق و سباق کے مطابق صحیح معنی کا انتخاب لغت کے بغیر ممکن نہیں۔

(2) تحریفِ معنوی: الفاظ کے غلط مطالب لینے سے پوری عبارت کا مفہوم بدل جاتا ہے، جو خاص طور پر مذہبی معاملات میں گمراہی کا سبب بن سکتا ہے۔

(3) ذوقِ مطالعہ میں کمی: جب قاری کو الفاظ سمجھ نہیں آتے، تو وہ اکتاہٹ کا شکار ہو کر مطالعہ ترک کر دیتا ہے۔

لغت ایک علمی ضرورت:اسلامی تاریخ میں علمائے کرام نے لغت پر بے پناہ کام کیا۔ امام راغب اصفہانی کی "مفردات القرآن" ہو یا علامہ ابن منظور کی "لسان العرب"، ان بزرگوں نے اپنی زندگیاں صرف اس لیے وقف کر دیں تاکہ آنے والی نسلیں قرآن و حدیث کے ایک ایک لفظ کی روح تک پہنچ سکیں۔

مطالعہ صرف الفاظ کو پڑھ لینے کا نام نہیں، بلکہ ان کے معنی کو دل میں اتارنے کا نام ہے۔ لغت ایک ایسی روشنی ہے جو مطالعہ کے بند کمروں میں علم کے چراغ روشن کرتی ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا مطالعہ محض تفریح نہ رہے بلکہ "علمِ نافع" بن جائے، تو ہمیں اپنی میز پر کتاب کے ساتھ ایک مستند لغت کو بھی جگہ دینی ہوگی۔


علم کی دنیا میں لغت وہ بنیادی ستون ہے جس پر مطالعہ کی پوری عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ لغت کا مطلب ہے الفاظ کے معانی، ان کے استعمال اور ان کی اصل سے واقفیت۔ جو شخص لغت سے ناواقف ہو وہ کتابیں پڑھ کر بھی کچھ حاصل نہیں کر سکتا، کیونکہ الفاظ کے معنی سمجھے بغیر کسی بھی عبارت کا مفہوم ذہن نشین نہیں ہوتا۔ علمائے کرام نے ہمیشہ لغت کو علم کی کنجی قرار دیا ہے۔

حدیث فہمی میں لغت کا کردار:احادیثِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی عربی زبان میں ہیں اور ان میں بھی بے شمار ایسے الفاظ ہیں جن کے معانی لغت کے بغیر سمجھنا ممکن نہیں۔ محدثین کرام نے احادیث کی شرح لکھتے وقت سب سے پہلے الفاظ کے لغوی معانی بیان کیے۔ امام نووی رحمۃ اللہ علیہ نے شرح مسلم میں اور حافظ ابنِ حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ نے فتح الباری میں ہر مشکل لفظ کا لغوی تجزیہ پیش کیا ہے۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ لغت کے بغیر حدیث کا صحیح فہم ممکن نہیں۔

اردو مطالعہ اور لغت:لغت کی اہمیت صرف عربی تک محدود نہیں، اردو مطالعہ میں بھی لغت نہایت ضروری ہے۔ اردو ادب، شاعری اور نثر میں بے شمار فارسی، عربی اور پرانے اردو الفاظ استعمال ہوتے ہیں جن کے معانی جانے بغیر متن کا مفہوم سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ علامہ اقبال کی شاعری ہو یا مولانا الطاف حسین حالی کی نثر، لغت کے بغیر ان کا مطالعہ ادھورا ہے۔ اسی لیے ہر سنجیدہ طالبِ علم کو چاہیے کہ وہ اپنے پاس ایک معتبر لغت ضرور رکھے۔

لغت سے غفلت کے نقصانات:جو طالبِ علم لغت کی پرواہ نہیں کرتا وہ مطالعہ کرتے ہوئے ہر قدم پر ٹھوکر کھاتا ہے۔ وہ الفاظ کا غلط مطلب لے کر پوری عبارت کا مفہوم بگاڑ لیتا ہے۔ دینی علوم میں یہ غلطی بہت خطرناک ہو سکتی ہے کیونکہ قرآن و حدیث کے غلط معنی سمجھنے سے عقیدہ اور عمل دونوں متاثر ہوتے ہیں۔

لغت مطالعہ کی روح ہے۔ چاہے قرآن فہمی ہو، حدیث کا مطالعہ ہو، فقہ کی تعلیم ہو یا ادبی کتب کا مطالعہ، ہر جگہ لغت کی ضرورت ناگزیر ہے۔ ایک کامیاب طالبِ علم وہی ہے جو الفاظ کو ان کی جڑوں سے سمجھے، معانی کی گہرائی میں اترے اور لغت کو اپنا مستقل ساتھی بنائے۔ علم کا سفر لغت کے بغیر ادھورا ہے۔


مطالعہ کا اصل مقصد کسی بات کو صحیح طرح سمجھنا اور اس سے فائدہ اٹھانا ہے۔ لیکن ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ لوگ کتابیں تو پڑھتے ہیں مگر ان کا مطلب غلط سمجھ لیتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ "لغت" (ڈکشنری) سے دور ہونا ہے۔ جس طرح کسی تالے کی صحیح چابی کے بغیر دروازہ نہیں کھل سکتا، بالکل اسی طرح کسی لفظ کے صحیح مطلب کو جانے بغیر علم کا دروازہ نہیں کھل سکتا۔ لغت وہ ذریعہ ہے جو ہمیں بتاتی ہے کہ لکھنے والے کی اصل مراد کیا تھی۔

زبان میں ایک ہی لفظ کے کئی مطلب ہو سکتے ہیں۔ اگر کوئی طالب علم یا عام قاری لغت کا استعمال نہیں کرتا تو وہ اپنی طرف سے کوئی بھی مطلب نکال لیتا ہے، جس سے پوری بات کا مقصد ہی بدل جاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کسی قانونی دستاویز یا دوائی کے نسخے میں لکھے ہوئے ایک لفظ کا مطلب غلط سمجھ لیا جائے تو اس کا نتیجہ نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انسان کو جب بھی کوئی نیا یا مشکل لفظ سامنے نظر آئے، اسے فوراً لغت کی طرف رجوع کرنا چاہیے تاکہ وہ غلط فہمی سے بچ سکے۔

الفاظ میں بہت طاقت ہوتی ہے، اور یہ اثر تب ہی پیدا ہوتا ہے جب انسان لفظوں کے صحیح معانی سے واقف ہو۔ لغت کا استعمال ہمیں سکھاتا ہے کہ کس جگہ کون سا لفظ استعمال کرنا ہے اور کس لفظ کا اصل مقصد کیا ہے۔ اگر ہم لغت کے ذریعے لفظوں کا صحیح مطلب سیکھ لیں تو ہماری بات میں وزن پیدا ہوگا اور ہم دوسروں کی بات کو بھی بہتر سمجھ سکیں گے۔

یہ حدیث ہمیں سکھاتی ہے کہ بات کو بالکل اسی طرح سمجھنا ضروری ہے جیسا کہ وہ کہی گئی ہے۔ ہم کسی بات کو ویسا ہی تب پہنچا سکتے ہیں جب ہم نے اس کا وہی مطلب لیا ہو جو کہنے والے کا تھا۔ لغت ہمیں یہی سکھاتی ہے کہ ہم اپنی طرف سے معانی نہ گھڑیں بلکہ لفظ کا وہ مطلب لیں جو مستند اور صحیح ہے۔

مطالعہ میں لغت کی اہمیت یہ ہے کہ یہ ہمیں اندھیرے میں بھٹکنے سے بچاتی ہے۔ جو انسان لغت دیکھ کر پڑھتا ہے، اس کا علم پکا ہوتا ہے اور اس کی اپنی زبان میں بھی صفائی آتی ہے۔ مطالعہ صرف نظریں دوڑانے کا نام نہیں بلکہ ہر لفظ کی گہرائی تک پہنچنے کا نام ہے، اور یہ راستہ لغت سے ہو کر گزرتا ہے۔ جو شخص لغت کو اپنا ساتھی بنا لیتا ہے، وہ علم کی گہرائیوں کو پا لیتا ہے اور غلط بیانی سے محفوظ رہتا ہے۔ ایک اچھا قاری ہمیشہ اپنے پاس لغت رکھتا ہے تاکہ وہ ہر بات کو اس کے اصل مفہوم میں سمجھ کر اپنی زندگی اور علم کو بہتر بنا سکے۔ اس طرح مطالعہ کرنے سے نہ صرف معلومات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت بھی بڑھتی ہے۔


مطالعہ علم حاصل کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے، لیکن اس عمل کو مؤثر اور بامقصد بنانے کے لیے لغت (ڈکشنری) کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ لغت نہ صرف الفاظ کے معنی بتاتی ہے بلکہ ان کے درست استعمال، تلفظ اور سیاق و سباق کو بھی واضح کرتی ہے۔ اسی وجہ سے ہر سنجیدہ طالبِ علم کے لیے لغت ایک لازمی علمی رفیق کی حیثیت رکھتی ہے۔

سب سے پہلے، لغت الفاظ کے درست معنی تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ دورانِ مطالعہ اکثر ایسے الفاظ سامنے آتے ہیں جو نامانوس یا مشکل ہوتے ہیں۔ اگر ان کا صحیح مفہوم معلوم نہ ہو تو عبارت کا پورا مطلب سمجھنا دشوار ہو جاتا ہے۔ لغت اس مشکل کو آسان بناتی ہے اور قاری کو متن کی گہرائی تک پہنچنے میں مدد دیتی ہے۔

دوسرا: لغت زبان دانی کو بہتر بناتی ہے۔ ایک ہی لفظ کے مختلف معانی، مترادفات (Synonyms) اور متضادات (Antonyms) جاننے سے الفاظ کا ذخیرہ بڑھتا ہے اور اظہارِ خیال میں پختگی آتی ہے۔ اس طرح طالبِ علم نہ صرف بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے بلکہ مؤثر انداز میں لکھ اور بول بھی سکتا ہے۔

تیسرا: لغت درست تلفظ اور املا (Spelling) سکھانے میں مدد دیتی ہے۔ خاص طور پر اردو، عربی اور انگریزی جیسی زبانوں میں الفاظ کا صحیح تلفظ اور لکھائی نہایت اہم ہے۔ لغت کے ذریعے طالبِ علم اپنی غلطیوں کی اصلاح کر سکتا ہے اور زبان پر عبور حاصل کر سکتا ہے۔

چوتھا: لغت تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے۔ جب طالبِ علم خود سے الفاظ کے معنی تلاش کرتا ہے تو اس میں جستجو اور خود انحصاری پیدا ہوتی ہے۔ یہ عادت آگے چل کر تحقیق اور تنقیدی سوچ (Critical Thinking) میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

یعنی لغت کے بغیر زبان کو صحیح طور پر سمجھنا ممکن نہیں۔

آخر میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ لغت مطالعہ کو آسان، مؤثر اور بامعنی بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ جو طالبِ علم لغت کے استعمال کی عادت اپنا لیتا ہے، وہ نہ صرف بہتر قاری بنتا ہے بلکہ ایک اچھا لکھاری اور مقرر بھی بن جاتا ہے۔ لہٰذا ہر طالبِ علم کو چاہیے کہ وہ لغت کو اپنا مستقل ساتھی بنائے اور علم کے سفر کو مزید روشن کرے۔


علم انسانی ترقی کی بنیاد ہے، اور مطالعہ اس علم کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ۔ مگر مطالعہ اس وقت تک مکمل اور بامعنی نہیں ہوتا جب تک انسان الفاظ کے حقیقی معانی، ان کے سیاق و سباق اور ان کے پس منظر کو نہ سمجھے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں لغت (Dictionary)کی اہمیت سامنے آتی ہے۔

لغت دراصل الفاظ کے معانی، ان کے استعمال، اشتقاق اور سیاق کو واضح کرتی ہے۔ اگر مطالعہ کو ایک سفر قرار دیا جائے تو لغت اس سفر کا رہنما (Guide) ہے۔ بغیر لغت کے مطالعہ ایسا ہے جیسے کوئی شخص اندھیرے میں راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرے۔مطالعہ انسانی زندگی کا ایک لازمی جز ہے جو علم، شعور اور فہم و ادراک کے دروازے کھولتا ہے۔ ایک کامیاب اور مؤثر مطالعہ کے لیے جہاں توجہ، دلچسپی اور مستقل مزاجی ضروری ہیں، وہیں لغت (ڈکشنری) کی اہمیت بھی کسی طرح کم نہیں۔

لغت ایک ایسا بنیادی ذریعہ ہے جو قاری کو الفاظ کے معانی، درست تلفظ، اور ان کے استعمال سے آگاہ کرتی ہے۔ اس مضمون میں ہم مطالعہ میں لغت کی اہمیت کو تفصیل سے بیان کریں گے۔

سب سے پہلے، لغت الفاظ کے معانی جاننے کا مستند ذریعہ ہے۔ جب کوئی طالب علم یا قاری کسی کتاب، مضمون یا اخبار کا مطالعہ کرتا ہے تو اسے اکثر ایسے الفاظ کا سامنا ہوتا ہے جن کے معنی اس کے لیے نئے یا مشکل ہوتے ہیں۔ ایسے میں لغت اس کی رہنمائی کرتی ہے اور وہ الفاظ کے درست معانی جان کر عبارت کو بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے۔ اگر لغت کا سہارا نہ لیا جائے تو مطالعہ ادھورا اور بے مقصد رہ جاتا ہے۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ لغت زبان دانی کو بہتر بناتی ہے۔ جو شخص باقاعدگی سے لغت کا استعمال کرتا ہے، اس کے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہوتا ہے۔ زیادہ الفاظ جاننے والا شخص نہ صرف بہتر انداز میں بات کر سکتا ہے بلکہ وہ تحریر میں بھی مہارت حاصل کر لیتا ہے۔ اردو ادب کے طالب علم کے لیے تو لغت ایک خزانے کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ اس سے وہ نئے اور خوبصورت الفاظ سیکھتا ہے جو اس کی تحریر و تقریر کو مؤثر بناتے ہیں۔

مزید برآں، لغت درست تلفظ سکھانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اردو زبان میں بعض الفاظ کا تلفظ مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر وہ الفاظ جو عربی یا فارسی سے آئے ہوں۔ لغت ان الفاظ کے صحیح تلفظ کی نشاندہی کرتی ہے، جس سے قاری کی زبان میں روانی اور درستگی پیدا ہوتی ہے۔ یوں وہ نہ صرف پڑھنے بلکہ بولنے میں بھی اعتماد حاصل کرتا ہے۔لغت کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ الفاظ کے مختلف استعمالات سے آگاہ کرتی ہے۔ ایک ہی لفظ مختلف مواقع پر مختلف معانی رکھ سکتا ہے۔ لغت ان تمام پہلوؤں کو واضح کرتی ہے، جس سے قاری عبارت کے سیاق و سباق کو بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے۔ اس طرح مطالعہ محض الفاظ پڑھنے تک محدود نہیں رہتا بلکہ ایک بامعنی اور فہمیدہ عمل بن جاتا ہے۔

تعلیمی میدان میں بھی لغت کی اہمیت مسلمہ ہے۔

طلبہ جب مضامین لکھتے ہیں یا امتحانات کی تیاری کرتے ہیں تو لغت ان کی مدد کرتی ہے کہ وہ درست الفاظ کا انتخاب کریں اور اپنی تحریر کو بہتر بنائیں۔ اس کے علاوہ، لغت تحقیق کے عمل میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے کیونکہ یہ مستند معلومات فراہم کرتی ہے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ لغت مطالعہ کا لازمی جز ہے۔ یہ نہ صرف فہمِ عبارت کو بہتر بناتی ہے بلکہ زبان کی مہارتوں کو بھی نکھارتی ہے۔ ایک اچھا قاری وہی ہوتا ہے جو لغت کو اپنا ساتھی بنائے اور ہر نئے لفظ کو سیکھنے کی کوشش کرے۔ کیونکہ مطالعہ میں لغت کی اہمیت بنیادی اور ناگزیر ہے۔ یہ نہ صرف علم کو واضح کرتی ہے بلکہ انسان کو فکری پختگی، دینی بصیرت اور زبان پر عبور عطا کرتی ہے۔

قرآن مجید کے فہم سے لے کر جدید علوم تک، ہر میدان میں لغت ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔لہٰذا ہر طالب علم، عالم اور قاری کے لیے ضروری ہے کہ وہ لغت کو اپنا مستقل ساتھی بنائے تاکہ اس کا مطالعہ بامقصد، درست اور مؤثر ہو سکے۔


لغت ایک وسیع فن ہے اور اس کی بہت اہمیت ہیں بالخصوص مطالعے کے دوران اس کے بہت فوائد ہیں کیونکہ مطالعہ تقریبا کسی نئے عنوان پر ہوتا ہے اور اس عنوان کی ہر ہر بات سمجھ میں آ جائے یہ ضروری نہیں اسی لیے مطالعے میں لغت بہت فائدہ دیتی ہے ۔اس کی چند مثالیں ملاحظہ فرمائیں :

(1) قرآن مجید کا سمجھنا :قرآن پاک چونکہ عربی زبان میں نازل ہوا اور قرآن مجید پر عمل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا ترجمہ بھی آتا ہو اور قرآن مجید کا ترجمہ کرنے میں لغت کا اہم کردار ہوتا ہے ورنہ قرآن مجید کا ترجمہ جس طرح کرنے کا حق ہے ایسا ہم ترجمہ نہیں کر پائیں گے ۔

(2) احادیث مصطفیٰ ﷺ کا سمجھنا :چونکہ اللہ تبارک و تعالی نے ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو عرب شریف میں پیدا فرمایا اور عربی زبان میں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر قرآن مجید نازل فرمایا اور آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے عربی زبان میں ہی قرآن مجید کو بیان فرمایا اور عربی زبان میں ہی اس کی وضاحتیں فرمائی اور اپنے صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم کو عربی زبان میں ہی دین سکھایا اور عربی زبان میں ہی امت مسلمہ کی تربیت فرمائی اس تربیت پر عمل کرنے کے لیے اس کا سمجھ میں آنا بہت ضروری ہے اور بغیر لغت کے عربی کو سمجھنا دشوار ہے اس میں لغت کا اہم کردار ہے کہ جن الفاظ کا معنی معلوم نہیں وہ لغت کے ذریعے معلوم ہو جاتے ہیں ۔

(3) ذخیرہ الفاظ میں اضافہ : لغت کا استعمال نئے الفاظ سیکھنے میں مدد دیتا ہے جتنا زیادہ ہم لغت کا استعمال کریں گے اتنا ہی ہمارا ذخیرۂ الفاظ وسیع ہوگا جو بولنے اور لکھنے دونوں میں فائدہ دیتا ہے ۔

(4) غلط فہمی سے بچاؤ :اگر الفاظ کے معانی صحیح نہ سمجھے جائیں تو پوری عبارت کا مفہوم بدل سکتا ہے لغت اس غلطی سے بچاتی ہے اور صحیح مفہوم تک رہنمائی کرتی ہے ۔

(5) زبان کی باریکیوں کا ادراک :ہر زبان میں ایسے الفاظ ہوتے ہیں جن کے کئی کئی معنی ہوتے ہیں یا جو مختلف مواقع پر مختلف مفہوم دیتے ہیں لغت ہم کو یہ سکھاتی ہے کہ کون سا لفظ کس موقع پر درست ہے اس سے زبان کی نزاکت اور خوبصورتی کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے ۔

کس بھی فن کا مطالعہ ہو یا کوئی عربی عبارت ہو لغت کے بغیر اس کا حاصل کرنا دشوار ہے اس لئے لغت پر بھی انسان کی گرفت ہونا بہت ضروری ہے اور اس کے لوازمات پر بھی مطلع ہونا بہت ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں لغت جیسے اہم فن پر بھی عبور حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔