مستنصر
اسماعیل عطاری(درجہ سابعہ مرکز ی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ، کراچی ،پاکستان)
دنیا میں
رہنے والے اربوں انسان اپنا مَافِي الضَّمِیر بیان کرنے کیلئے سیکڑوں زبانیں بولتے
ہیں۔ہر زبان اپنے مخصوص قواعد،أسرار،اسلوب ومنھج اور معانی کا مجموعہ ہے ۔ہر زبان
کے اندر ایسے کئی تعبیرات اور الفاظ ہوتے ہیں کہ جن کو جاننے کیلئے اس زبان کی لغت
Dictionary کا سہارا لینا پڑتا ہے۔جس طرح ایک انسان کی
عادات سے اس کے کردار کا پتہ چلتا ہے اسی طرح ایک زبان کی لغت سے اس زبان کی سلاست
،نشیب وفراز کا اندازہ ہوتا ہے ۔ کسی زبان میں موجود تحریر کو درست پڑھنے اور
کماحقہ سمجھنے کیلئے ہمیں اس زبان کی لغت کی محتاجی ہے۔ہر زبان اپنے الفاظ کے اندر
ایک مخصوص معنی و لطف رکھتی ہے جو دوسروں کا حصہ نہیں ہوتا۔
اس بات کو
ایک مثال سے سمجھیے :ایک مرتبہ ایک استاذ صاحب نے کلاس میں موجود طلبہ سے پوچھا کہ
مَنْ جَدَّ وَجَدَ( ترجمہ جس نے کوشش کی اُس نے پایا ) کا ترجمہ کیا ہے تو ایک
طالبعلم نے بڑے اعتماد کے ساتھ ہاتھ کھڑا کیا کہ استاذ محترم مجھے آتا ہے ۔استاذ
صاحب نے فرمایا بتاؤ کیا مطلب ہے( تو طالب علم سمجھا کہ جَدَّ کے معنی دادا کے ہیں
اور وَجَدَ وَجْد سے ہے) طالب علم کہنے لگا مَنْ جَدَّ وَجَدَ کا ترجمہ ہے کہ
"کس کا دادا وجد میں آیا " استاذ صاحب مسکرانا شروع ہوگئے کہ طالب علم
نے یہ محاورہ کس طرز پر حل کیا ہے۔
محترم
قارئین! یہ بات قابل توجہ ہے کہ ہر زبان کے اپنے معانی اور ترجمہ ہیں حل کرنے کیلئے اس زبان کی لغت سے مدد لینا ہی
قابل اعتماد راہ ہے ۔
قرآن و حدیث
کا ترجمہ کرتے ہوئے تو معاملہ اور زیادہ نازک ہوجاتا ہے اس لیے علماء کرام نے
باقاعدہ اس علم کے متعلق لغات تحریر کی ہیں جیسے قرآن کے الفاظ سے متعلق امام راغب
اصفہانی کی مفردات اور حدیث کی متداول و مشہور لغت مجمع بحار الانوار وغیرہ قابل
ذکر ہیں۔کسی لفظ کا ترجمہ کرتے ہوئے اگر لغت میں اس کے معنی دیکھ لیے جائے تو لغت
میں ایک لفظ کے مختلف ترجمے ،مختلف اعتبارات و جہات سے لکھے ہوتے ہیں جس کی مدد سے
اچھے سے اچھا ترجمہ کیا جاسکتا ہے ۔ایک ہی معنی کو ادا کرنے کیلئے مختلف نوعیت کی
الفاظ حاصل کرنے کیلئے بھی لغت کارفرما ثابت ہوتے ہے ۔جیسے اردو میں مدد کیلئے لفظ
تعاون ، اعانت ،استمداد بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ عربی میں کوشش کیلئے لفظ سعی ،
حاول اور ارادے کیلئے قصد،اراد وغیرہ ۔کسی بھی زبان کی لغت دیکھتے ہوئے ایک امر کا
خیال رکھنا اشد ضروری ہے کہ "منسوب الیہ بدلنے سے ترجمے میں آسمان زمین کا
فرق آجاتا ہے"جیسے اردو میں کسی کو اندر آنے کی دعوت دینی ہے تو آؤ،آئیے
،تشریف لائے، لفظ عربی کی ایک مثال ملاحظہ کیجئے :مَکَر لغت عرب میں ستر یعنی پوشیدگی
کے معنی میں ہے اسی لئے خفیہ تدبیر کو بھی مَکَر کہتے ہیں اور وہ تدبیر اگر اچھے
مقصد کے لیے ہو تو محمود اور کسی قبیح غرض کے لیے ہو تو مذموم ہوتی ہے مگر اردو
زبان میں یہ لفظ فریب کے معنی میں مستعمل ہوتا ہے اس لیے ہر گز شانِ الٰہی میں نہ
کہا جائے گا اور اب چونکہ عربی میں بھی دھوکے کے معنیٰ میں معروف ہوگیا ہے اس لیے
عربی میں بھی شانِ الٰہی میں اس کا اطلاق جائز نہیں آیت میں جہاں کہیں مذکور ہوا
ہے وہاں وہ خفیہ تدبیر کے معنی میں ہے۔(صراط الجنان ،سورة آل عمران، 54 )
لغت سے
معنی دیکھ لینے سے ترجمہ میں ایک تسلسل،عمدگی،شائستگی پیدا ہوجاتی ہے ۔لغت کا ایک
اصول ہے کہ۔ لا قیاس فی اللغة( لغت میں کوئی قیاس آرائی، اپنی رائے کا دخل نہیں )
لہذا جب کبھی ضرورت ہو تو اٹکل سے ترجمہ بتانے ،مراد سمجھنے کی بجائے لغت سے
استفادہ کیا جائے یہاں تک کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنھم سے متعلق متعدد حدیثوں میں
ملتا ہے کہ جب کوئی مطلب معلومہ ہوتا تو سید عالم ،أفصح العرب صَلَّی اللہ عَلَیْہ
واٰلہ وسَلَّم سے پوچھ لیتے۔
عربی زبان
میں تو لغت کی اہمیت افادیت یوں بھی بڑھ جاتی ہے کہ صرف ایک زبر،زیر یا پیش تبدیل
ہونے سے معنی بالکل بدل جاتے ہیں جیسے جِنازہ جیم کے زیر سے وہ ڈولی ہے جس میں میت
رکھی جائے اور جیم کے فتح(جَنازہ )سے خود میت مراد ہوتی ہے ۔( مرأة المناجیح جلد 4
،حدیث2920)
لَبَنٌ
باء کے زبر سے مراد "دودھ" ہے جبکہ لَبِنٌ سے مراد" مٹی کی کچی اینٹ"
ہے ۔
لغت کی
اہمیت Importance کو اس سے بھی سمجھا جاسکتا ہے کہ بسا اوقات
مطالعہ کرتے ہوئے پوری عبارت کی سمجھ آجاتی ہے لیکن صرف ایک لفظ کا ترجمہ معلوم نہ
ہونے کی وجہ سے مراد/ بات میں خلل آجاتا ہے ۔لہذا مطالعہ کرتے ہوئے لغت ساتھ رکھی
جائے اور جب حاجت ہو تو اس سے مدد حاصل کرکے بات کو واضح سمجھ لیا جائے ۔
Dawateislami