80جون 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: کیالیڈرامام مسجداورامام مسجدلیڈرہوسکتاہے ؟

جواب: محاورہ ہے لِکُلِّ فَنٍّ رِجَالٌ یعنی ہر فن کے ماہرین ہوتے ہیں ،ہرایک کی اپنی اپنی لائن ہوتی ہے ،جس کا کام ہے وہی کرسکتاہے ،لیڈراورامام دونوں کی لائن جداجداہے ،مگرصلاحیت ہوتو لیڈرامام مسجداورامام مسجدلیڈرہوسکتاہے ۔

سوال:اگرکسی عالِم کوکسی مسئلہ میں کھٹکا ہو،ضرورت محسوس کرے تو کیاوہ دوسرے علماء سے مشورہ کرلے ؟

جواب:جی ہاں اگرایساہوتو اپنی معلومات وعلم پر اعتمادکرنے کے بجائے کسی بڑے عالِم سے مشورہ کرے ،بالفرض کسی اپنے شاگردسے درست بات مل جاتی ہے تو اسے قبول کرے، اسے اپنی کسرِ شان(شان میں کمی) نہ سمجھے۔

سوال : ہمارالباس،شکل وصورت اوراندازکیساہونا چاہئے؟

جواب : ہمارالباس،شکل وصورت اوراندازاُن جیساہوناچاہئے جن کا کلمہ پڑھا ہے یعنی پیارے آقاحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فرامین اورسنتوں کے مطابق ز ندگی گزارنی چاہئے۔

سوال: کسی کو نیکی کی دعوت دینے کادُرست طریقہ کیا ہے ؟

جواب: جس کوکوئی نیکی کی دعوت دینا چاہتاہے اُس میں جو اچھی بات ہے اُس کی جائز تعریف کرےمثلا اگروہ فجرکی نمازکے لیے جلدی مسجدمیں آجاتاہے اگرچہ اس نے داڑھی نہ رکھی ہوتو بھی اس کی تعریف کریں کہ ماشاء اللہ الکریم آپ نمازفجرکے لیے جلدی مسجدمیں آجاتے ہیں پھر اسے نیکی کی دعوت دے، حدیث پاک میں ہے : یعنی حکمت مؤمن کا گمشدہ خزانہ ہے۔ (سنن ابن ماجہ،حدیث :4169)حکمت سے ہی نیکی کی دعوت پھیلے گی ،ضدیاطنز یا بداخلاقی کرنے سے سامنے والا کبھی نیک نہیں بنے گا بلکہ شیطان اُس میں ضدپیداکردے گا۔شیطان یہی چاہتاہے کہ ہم صحیح نیکی کی دعوت ہی نہ دیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہدنیا کی محبت“ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ دنیا کی محبت“ پڑھ یا سُن لے اُسے اپنے سواکسی اور کا محتاج نہ کراور اس کے دل سے دنیا کی محبت نکال کر حقیقی عاشقِ رسول بنا اور اُسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


علمِ دین کو عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہرہفتے مدنی مذاکرے  کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 1st جون 2024ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک کے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: سب کے سامنے سمجھانا کیسا؟

جواب: کسی کوسب کے سامنے سمجھانے سے اس کی توجہ بٹ جائے گی اورعزت نفس ابھرے گی کہ میری سب کےسامنے بے عزتی ہوگئی۔اس وجہ سے وہ کم سمجھے گا یا ضدمیں آکر دلائل دے گا،اورکام خراب ہوجائے گا،بعض صحابہ کرام کے اقوال ملتے ہیں کہ اگرکسی نے اُسے اکیلے میں سمجھایا تو اس نے اُسے زینت دی اورسب کے سامنے سمجھایا تو بدنماکردیا۔یوں اکیلے میں سمجھانا زیادہ اثررکھتاہے ،مفیدبھی ہوتاہے اورسمجھ میں بھی جلدی آتا ہے ،ضدوغیرہ پیدا نہیں ہوتی ،سخت ضرورت نہ ہوتو ہمیشہ اکیلے میں ہی سمجھانا چاہئے ۔سمجھانے کا اندازبھی سلجھاہوا،مشفقانہ(شفقت والا) ،مصلحانہ(اصلاح والا) اورمبلغانہ ہوگاتو سمجھ میں آئے گا،جارحانہ ،جھاڑکر طنزیہ اندازمیں سمجھائیں گے تو سمجھ میں نہیں آئے گا،سمجھانا بھی ایک فن ہے ، اگرآپ یہ فن سیکھ لیں گے تو نمازی بڑھ جائیں گے۔ ان شاء اللہ الکریم۔

سوال: غصے کا علاج کیسے کیا جائے ،جو غصے میں اپنے آپ کو نقصان پہنچاتاہوتو اسے کیسے سمجھائیں؟

جواب: جی ہاں لوگ غصے میں اپنے آپ کو نقصا ن پہنچاتےہیں ،خود کو مارتے ہیں ،برتن توڑدیتے ہیں ،غصے میں بندہ اس طرح ہوجاتاہے کہ اسے اس کی مووی(ویڈیو) دیکھا دی جائے تو وہ شرما جائے ،کیونکہ غصے میں بندہ پاگل لگتاہے۔جیل میں جانے والےاکثر غصے والے ہی ہوتے ہیں ،دہشت گردآدھے دماغ والے اورغصے والے ہوتے ہیں۔غصہ واقعی پریشان اورتباہ کرنے والاہے،لوگ غصے میں آکر خودکشی کرلیتے ہیں، یہ دوسروں کو بھی تباہ کردیتاہے، غصے کے علاج یہ ہے کہ انسان اس جگہ سے ہٹ جائے، اگر کھڑا ہو تو بیٹھ جائے، بیٹھا ہوتو لیٹ جائے، وضو کرلے، غصے میں بولے نہیں۔ حدیث پاک میں ہےکہ اللہ پاک کو راضی کرنے کےلیے بندے نے غصہ کا جو گھونٹ پیا، اس سے بڑھ کر اللہ پاک کے نزدیک کوئی گھونٹ نہیں۔ (شعب الایمان، 6 /314،  الحدیث 8307)غصہ آئے تو بندہ اسے ضبط کرکے ثواب کماسکتاہے۔ حدیث پاک میں ہے کہ جو غصہ پی جائے گاحالانکہ وہ نافِذ کرنے پر قدرت رکھتا تھا تواللہ پاک قیامت کے دن اس کے دل کو اپنی رضا سے معمور فرمادیگا۔(کنزالعُمّال ج3/163حدیث7160 ) مزیدمعلومات کے لیے مکتبۃ المدینہ کا رسالہ’’غصّے کا علاج‘‘کا مطالعہ کریں ۔

سوال : کیا مظلوم کی بددعالگتی ہے ؟

جواب : ظلم کی اسلام میں کوئی حوصلہ افزائی نہیں ،اسے قیامت کے اندھیرے کہاگیا ہے ، مظلوم کی بددعالگتی ہے اگرچہ وہ فاجرہی کیوں نہ ہو،دوفرامین ِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ):(1)مظلوم کی بد دُعا سے بچو کیونکہ وہ اللہ پاک سے اپنا حق مانگتا ہے اور اللہ پاک کسی حقدار کو اس کے حق سے منع نہیں فرماتا۔ (  کنزالعمال ، 2 / 200 ، حدیث : 7594)  (2) مظلوم کی بد دعا مقبول ہےاگرچہ وہ فاجر ہی کیوں نہ ہو کیونکہ اس کا فجور تو اس کی اپنی جان پرہے۔(الترغیب والترہیب ، 3 / 130 ، حدیث : 18) ظلم صرف اس کونہیں کہتے کہ گولی مار دی یا کسی چیز سے پیٹ پھاڑدیا ،بلکہ زبان سے بھی ہوتاہے ،کہاجاتاہے کہ تلوارکا زخم جلدی بھرجاتاہے مگرزبان کا زخم جلدی نہیں بھرتا۔لوگ طنز، توہین اورایسی کسی کی گھریلوبات الٹ پلٹ اندازسےاس طرح بیان کردیتے کہ اگلے کی ٹھیک ٹھاک دل آزاری ہو جاتی ہے ، اللہ کی پناہ!

سوال: خاموشی کی فضیلت بیان فرمادیں؟

جواب: حضرت حکیم لقمان رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے بیٹے سے فرمایا کہ جب لوگ اپنی زبان داری اورخوش بیانی پر فخرکریں تو تم اپنی خاموشی پر فخرکرنا ۔ یادرکھیں زیادہ بولتے چلے جانا اورزبان کے جوہر دیکھانا ٹھیک نہیں ۔ایک چپ سوسکھ۔ایک چپ سوکوہرائے۔یا درکھئے !فضول وگناہ بات کے ایک ایک لفظ کا حساب ہے۔

سوال: اس مدنی مذاکرے میں امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا خوش خبری سنائی؟

جواب: اللہ کی رحمت سے بنگلادیش میں دعوت ِ اسلامی کا دینی کام بڑھتاجارہاہے ،ماشاء اللہ یہاں جامعات المدینہ اورمدارس المدینہ بھی ہیں، عماموں کی بھی بہاریں ہیں ،مَیں یہاں کے اسلامی بھائیوں کو فقرائے مدینہ کہتاہوں ۔ہم نے یہ فیصلہ کیاہے کہ ایک فقیرالمدینہ کی ذمہ داری بڑھا دیں اوریہ انعام ہوتاہے کہ جودینی کام کے حوالے سے جتنا زیادہ اپنی ذمہ داری نبھائے گا،جنت میں اتنے ہی بلنددرجے ملیں گے، ان شاء اللہ الکریم۔خوش خبری یہ ہے کہ مبلغ دعوتِ اسلامی عبدالمبین عطاری کو آج سے ہم نے دعوتِ اسلامی کےمرکزی مجلس شوریٰ کا رکن بنادیا ہے۔یہ کراچی آبھی چکے ہیں ،ایکٹوبھی ہیں ،دیوانے ہیں ،مَیں نے پہلے بول دیا تھا کہ یہ روکر اپنے جذبات کا اظہارکریں گے ،یہ فقرائے مدینہ سے ہیں، انہیں حاجی بنادیا جائے ۔یہ حاجی عبدالمبین رضا بن جائیں ،پورے بنگلادیش کے نگران تو یہ پہلے سے ہیں ،مرکزی مجلس شوریٰ تو پوری دنیا کی ہے، انہیں مرکزی مجلس شوری کی طرف سے جو دینی کام دیاجائے ،انہیں اسے فوکس کرنا ہے ۔

سوال: دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے اراکین کی اب کتنی تعدادہوگئی ہے ؟

جواب: مجموعی طورپر مرکزی مجلس شوریٰ کے اراکین کی تعداد آج 29ہوگئی ہے ،اس مرتبہ 29 روزے ہوئے تھے ،29کا عددبھی مدینہ مدینہ ہے ، روزے فرض ہونے کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے کل نو(9)رمضان کے روزے رکھے ،جن میں 2رمضان میں 30روزے ہوئے اوربقیہ سات بار29 روزے ہوئے ۔29کاعددبھی اپنی جگہ قابلِ توجہ ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ مساجدِ مدینہ‘‘ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربِّ کریم:جو کوئی 17 صفحات کا رسالہمساجدِ مدینہ پڑھ یا سُن لے اسے مکے مدینے کی باادب حاضری نصیب فرما، مساجدِ مدینہ دکھا اور اُس کو ماں باپ سمیت بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


25 مئی 2024ء بمطابق 17 ذیقعدۃ الحرام 1445ھ بروز ہفتے کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول نے جبکہ بذریعہ مدنی چینل  کثیر اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اسلامی بھائیوں کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: کیادل سیاہ اورمردہ بھی ہوتاہے،اس کوروشن اورزندہ کرنے کا طریقہ بھی ارشادفرمادیں ؟

جواب: جب بندہ گنا ہ کرتا ہے تو اس پر ایک سیاہ نقطہ لگ جاتاہے اورجب گناہ کرتارہتاہے تو پورادل سیاہ ہوجاتاہے ،دل سخت، اوندھا اورمردہ بھی ہوتاہے ،جب دل سیاہ ہوجاتاہے تو نصیحت بندے پر اثرنہیں کرتی ،زیادہ ہنسنے سے بھی دل مردہ ہوتاہے، بحرحال نیک لوگوں کی صحبت سے دل کی سیاہی دورہوتی ہے ۔اللہ پاک و آخرت کویادکرنے اور قرآن پاک کی تلاوت سے دلوں کی صفائی ہوتی ہے ۔یادرکھئے !سلامت دل(قلبِ سلیم ) میں ہی کامیابی ہے ۔

سوال:نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت کا تقاضاکیا ہے ؟

جواب:محبِت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا تقاضا ہے کہ ہم سنتوں پر عمل کریں ،ہماراحلیہ بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی مبارک حلیے جیساہونا چاہیئے ،چہرے پر ایک مٹھی داڑھی ،سرپر زلفیں ہونی چاہیئے اور لباس بھی انہیں جیساہو۔

سوال : کیا کام کے شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھنی چاہیئے ؟

جواب : جی ہاں ،ہر جائز کام سے پہلے بسم اللہ پڑھنی چاہیئے ،فرما نِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم :جو بھی اہم کام بسم اللہ سے شروع نہیں کیا جاتاوہ ادھورااورنامکمل رہ جاتاہے ۔(جامع صغیر،حدیث 6284)

سوال: جمعہ کی کیافضیلت ہے ؟

جواب: جمعہ رحمت وبرکت والادن ہے ،اس کی ایک نیکی سترنیکیوں کے برابرہے ۔

سوال: کسی کے عیب کی ٹوہ میں لگنے کے بارےمیں اسلام ہماری کیارہنمائی کرتا ہے ؟

جواب: کسی کے عیب کی ٹوہ میں لگنے اورتجسس(کسی شخص کے بارےمیں تلاش وجستجو) کرنے سے اسلام نے منع کیا ہے ۔اسی لئے میں کہتاہوں کہ لوگوں سے یہ نہ پوچھا کریں کہ نمازپڑھتے ہویا نہیں ؟ اگرنہیں پڑھتاہوگا تو وہ بلاجھجک بول دے گا کہ نہیں پڑھتا،جس سے اس کے گناہ کا آپ کو علم ہوگااوراس کا اس طرح بولنا بھی بے باکی میں آئے گا ۔اللہ پاک ہم سب کو گنا ہوں سے بچائے ،ایک چھوٹاساگناہ بھی جہنم میں جھونک سکتاہے ۔ہم ہرگناہ سے توبہ کرتے ہیں ۔

سوال:پانی کتنا پینا چاہیئے ؟

جواب:سردیوں میں 8 سے 10 اورگرمیوں میں کم ازکم پندرہ گلاس پانی پینا چاہیئے ،جوایساکام کرتاہے جس میں پسینہ زیادہ آتاہے اس کو پندرہ سے بھی زیادہ گلاس پانی پینا چاہیئے ۔گرمیوں کے برے اثرات سے بچنے کے لئے ستو استعمال کریں ،لیموں پانی پئیں، اس میں چینی ڈالنے کے بجائے شکرڈالیں ۔موسمی پھل استعمال کریں ۔ پہلے موسم کا پھل استعمال نہیں کرنا صحت کے لئے مفیدنہیں ۔دوسرے تیسرے موسم کا استعمال کیاجائے ۔

سوال: کون سالیموں زیادہ مفیدہے ؟

جواب: کاغذی لیموں استعمال کرنا مفیدہے ،فریج میں ٹھنڈا ہوتو اسے نارمل ہونے دیں پھر استعمال کریں تاکہ تمام جوس نکل سکے ۔

سوال: سخت گرمی کی دعا کیاہے ؟

جواب: فرمانِ مصطَفٰی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ :جب سخت گرمی ہوتی ہے تو بندہ کہتا ہے:لَا اِلٰہ اِلَّا اللہُ آج بڑی گرمی ہے اَللّٰھُمَّ اَجِرْنِیْ مِنْ حَرِّجَہَنَّمَ یعنی اے اللہ مجھے جہنَّم کی گرمی سے پناہ دے۔ اللہ پاک دوزخ سے فرماتا ہے : میرا بندہ مجھ سے تیری گرمی سے پناہ مانگ رہا ہے اور میں تجھے گواہ بنا تا ہوں کہ میں نے اسے تیری گرمی سے پناہ دی اور جب سخت سردی ہوتی ہے تو بندہ کہتا ہے : لَا اِلٰہ اِلَّا اللہُ آج کتنی سخت سردی ہےاَللّٰھُمَّ اَجِرْنِیْ مِنْ زَمْھَرِ یْرِ جَھَنَّمَ یعنی اے اللہ مجھے جہنَّم کی زَمْھَرِیر سے بچا۔اللہ پاک جہنَّم سے کہتا ہے : میرا بندہ مجھ سے تیری زَمْھَرِیر سے پناہ مانگ رہا ہے اور میں نے تیری زَمْھَرِیر سے اسے پناہ دی ۔ صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان نے عرض کی: جہنَّم کی زَمْھَرِیرکیا ہے؟ فرمایا: وہ ایک گڑھا ہے جس میں کافر کو پھینکا جائے گا تو سخت سردی سے اس کا جسم ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ (البدور السافرۃ ص418حدیث1395)

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” کیا تنگدستی بھی نعمت ہے “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا رَبَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”کیا تنگدستی بھی نعمت ہے“ پڑھ یا سُن لےاُس کی تنگدستیاں دور کر، اسکے حلال رزق میں برکتیں عطا فرمااوراُس کو ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔


18 مئی 2024ء بمطابق 10 ذیقعدۃ الحرام 1445ھ بروز ہفتے کی شب دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں سے براہِ راست جبکہ بذریعہ مدنی چینل کثیر اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے دوران اسلامی بھائیوں کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق سوالات کئے گئے جس کے امیرِ اہلِ سنت بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:کس کی نظرزیادہ خطرناک ہوتی ہے ؟

جواب: نظرلگنا حق ہے ،حاسد کی نظرزیادہ خطرناک ہوتی ہے ،حسدکی تعریف یہ ہے کہ کسی کی نعمت دیکھ کر یہ خواہش کرنا کہ اس کی یہ نعمت جاتی رہے۔حسدوالاحسدکی آگ میں جل رہا ہوتاہے ،حدیث پاک میں ہے کہ حسدنیکیوں کو اس طرح کھا جاتاہے جیسے آگ لکڑی کو ،اس لئے حاسد کے خیالات منعم (یعنی نعمت والے)کے بارے میں اچھے نہیں ہوتے ،اسی وجہ سے اس کی نظرمیں زہرپیداہوجاتاہے ۔نظرتو اپنی بھی لگ جاتی ہے ،اس لئے اپنی یا پرائی چیز پسند آئے توماشاء اللہ ،تبارک اللہ کہہ دیا جائے ۔اس طرح کہنے سے جس چیز کو دیکھا ہے اس کو آپ کی نظرنہیں لگے گی۔

سوال:نظریا کسی بھی بلاومصیبت سے بچنے کے لئے کیاکریں ؟

جواب:اس کے لئے ایک وظیفہ ہےجس کا میرابھی برسوں سے معمول ہے وہ کیا کریں، اوریہ وظیفہ کرناسنت بھی ہے چنانچہ بخاری شریف میں ہے :رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ رات کے وقت جب بستر مبارک پر تشریف لاتے تو اپنے دونوں دست ِمبارک جمع فرما کر ان میں دم کرتے اور سورہ قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَق اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ پڑھ کر اپنے مبارک ہاتھوں کو سر مبارک سے لے کر تمام جسم ِاَقدس پر پھیرتے جہاں تک دست ِمبارک پہنچ سکتے، یہ عمل تین مرتبہ فرماتے۔ (بخاری، 3 / 407، الحدیث: 5017)حدیث پاک میں ہے کہ ان کی تلاوت کرنا ہر بری چیز سے بچائے گا۔(سنن نسائی، ص862، الحدیث: 5438)

سوال : الوظیفۃ الکریمہ کس کی کتاب ہے ؟

جواب : الوظیفۃ الکریمہ اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے وظائف کا مجموعہ ہے جو ان کے صاحبزادے حجۃ الاسلام علامہ حامدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے جمع فرمائے ہیں ۔

سوال: بہت جھک کرکھانا یا لکھناکیسا؟

جواب: بہت جھک کرکھانا یا لکھنا دونوں صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔

سوال: وہ کون سی مسجدہے جس کی تعمیرجنّات سے کرائی گئی ؟

جواب: مسجداقصیٰ فلسطین ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” خُشوع و خُضوع والی نماز “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” خُشوع و خُضوع والی نماز “ پڑھ یا سن لے اُس کو سجدوں کی لَذتیں عطا فرما، اُس کی تمام نمازیں قبول فرمااوراُسے دونوں جہانوں کی بھلائیاں دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

11مئی2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: اجتماع وغیرہ میں باادب بیٹھنے سے کیامرادہے ؟

جواب: ایسے اندازمیں نہ بیٹھیں کہ اپنے یا کسی کے سننے میں خلل آئے ۔باتیں کرنے ،اشارے کرنے وغیرہ سے اجتناب کریں ،یہاں ہاتھ باندھ کر بیٹھنا مرادنہیں ہے ۔موقعہ کے مطابق ایسی پوزیشن میں بیٹھیں کہ جس میں دین سیکھنے میں زیادہ آسانی ہو۔غیرمہذب اندازمیں نہ بیٹھیں ۔

سوال:میاں بیوی میں محبت کیسے پیداہو ؟

جواب:میاں بیوں میں محبت تو ایک دوسرے کی عزت کرنے سے ہی پیداہوگی ،شوہر اگرکہے کہ بیوی ہی میری عزت کرے تو ایسانہیں ہے حدیث پاک میں تو یہاں تک ہے : أكرِمُوا أولادَكُم و أحْسِنوا آدابَهُم یعنی اپنی اولادکی عزت کرو اورانہیں اچھےآداب سیکھاؤ ۔(سنن ابن ماجہ، 2/ 1211، رقم: 3671 ) ماں باپ ،بہن بھائیوں کے جس طرح حقوق ہیں ،اس طرح بیوی کے حقوق بھی ہیں ،بیوی بندے کی زندگی کا ساتھی ہوتی ہے ،اس کے حقوق کا خیال رکھنا اوراس کی دل جوئی بھی ضروری ہے ،اس کی دل آزاری گناہ اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے۔ میاں بیوی دونوں کودیکھیں توسسرال میں بیوی زیادہ شفقتوں کی مستحق نظرآتی ہے ۔ہمارے ہاں بیوی اپناخاندان ،ماں باپ اوربھائی بہنیں چھوڑکر سسرال کے ہاں آتی ہے ۔اس کے لیے یہاں کا ماحول اجنبی ہوتاہے ،ماں کی جگہ ساس اورباپ کی جگہ سسروغیرہ۔فطری طوپر جب بندہ اجنبیوں میں آتاہے تو وحشت ہوتی ہے ،اَب اسے شفقت واپنائیت کی زیادہ ضرورت ہے ۔ اگراس پر رعب ڈال کر دبا دینے کی سوچ ہوتوخرابی ہوتی ہے اور گھرٹوٹ جاتے ہیں ۔وہ شوہرخوش نصیب ہے جسے اپنی بیوی سے واقعی محبت ہو ،بیوی کے لیے شوہرکی خدمت کی بہت تاکیدہے ۔

سوال: والدین بچے کی عزت کس طرح کریں ؟

جواب: حدیث پاک میں اپنی اولادکی عزت کرنے اوراچھے آداب سکھانے کا حکم ہے ۔ظاہرہے جب ہم بچے کی عزت کریں گے تو بچہ بھی ہماری عزت کرے گا ،آپ اس کی عزت کریں تو اسے عزت کرنا آئے گا ،عزت کس طرح کی جاتی ہے وہ سیکھے گا ۔ آپ بچوں کو تُو کہیں گے تو وہ بھی آپ کو تُو بولے گا۔آپ میں ادب زیادہ ہے ،آپس میں اسے رائج کرنا چاہئے ۔

سوال: نوحہ کیا ہے،اس کا شرعی حکم کیاہے ؟

جواب: کسی کی وفات پر جھوٹی تعریفیں کرکے رونا نوحہ کہلاتاہے جو کہ گناہ ہے ۔ صدرُالشّریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں: نوحہ یعنی میّت کے اوصاف مبالغہ کے ساتھ بیان کرکے آواز سے رونا جس کو بَین کہتے ہیں بِالاجماع حرام ہے ۔(بہارِ شریعت،1/854)

سوال:کیا ذیقعدہ شریف میں نفلی روزے رکھنے کی فضیلت ہے ؟

جواب: جی ہاں! حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے اللہ پاک کے پیارے آخری نبی محمد عربی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے : جس نے ماہ حرام میں 3دن جمعرات ،جمعہ اور ہفتہ کے دن روزے رکھے اسکے لئے دو سال کی عبادت کا ثواب لکھا جائے گا۔ ( معجم الاوسط طبرانی ،1/ 485،حدیث1786) یہاں ماہ حرام سے یہی 4 مہینے ذیقعدہ ،ذوالحجہ،محرم شریف اور رجب شریف مراد ہیں ۔ (رسالہ کفن کی واپسی صفحہ 12،13)

سوال:جبل احد اور دنیا کا پہلا پہاڑ کہاں واقع ہیں ؟

جواب:جبل احدشریف مدینہ شہر میں واقع ہےاوردنیا کا پہلاپہاڑ جبل قیس ہے اوریہ مکہ مکرمہ میں واقع ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ جہنَّم کیا ہے؟ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ جہنَّم کیا ہے؟ پڑھ یا سُن لے اُسے جھنَّم کے عذاب سے بچا اور اُس کو ماں باپ سمیت جنَّت الفردوس میں بےحساب داخلہ عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔


04 مئی 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: بہتان لگا ناکیساہے اس کی سزاکیا ہے ؟

جواب: کسی شخص کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنایعنی جھوٹاالزام لگانا بہتان کہلاتا ہے۔یہ غیبت سے بھی بڑاگناہ ،حرام اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے،دوفرامین مصطفی(صلی اللہ علیہ والہ وسلم) سنئے: (1) جو کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے ا س پر الزام عائد کرے تو  اللہ تعالیٰ اسے جہنم کے پُل پر اس وقت تک روکے گا جب تک وہ اپنی کہی ہوئی بات (کے گناہ) سے (اس شخص کو راضی کر کے یا اپنے گناہ کی مقدار عذاب پاکر) نہ نکل جائے۔( ابو داؤد، 4 / 354، الحدیث: 4883) (2) جس نے کسی شخص کے بارے میں  کوئی ایسی بات ذکر کی جو اس میں  نہیں  تا کہ اس کے ذریعے اس کو عیب زدہ کرے تو  اللہ تعالیٰ اسے جہنم میں  قید کر دے گا یہاں  تک کہ وہ اس کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت کرے۔( معجم الاوسط، 6 / 327، الحدیث: 8936 ) اس سے مراد یہ ہے کہ طویل عرصے تک وہ عذاب میں  مبتلا رہے گا ۔

سوال:باعمل علمائے کرام کی صحبت کا کیافائدہ ہے ؟

جواب:باعمل علمائے کرام کی صحبت میں رہیں ،جنت علمائے کرام کے قدموں کے صدقے ملے گی ،علمائے کرام کی پیروی کی جائے اس لیے کہ یہ اللہ ورسول کی پیروی کا حکم دیتے ہیں ۔باعمل علمائے کرام کے قدموں سے لگے رہیں گے تو ان شاء اللہ الکریم ایمان سلامت لے کردنیاسے جائیں گے اوراللہ کی رضا کا مژدہ لیے جنت میں داخل ہوجائیں گے ۔

سوال : دعوت اسلامی کا دینی کام ہمارے لیے کیا ہے ؟

جواب : دعوت اسلامی کا دینی کام ایک طرح سے ہماری غذاہے اس کے بغیرہم نہیں رہ سکتے ،یہ ہمارے نس نس میں رچ بس گیاہے۔یہ کرتے رہناہے یہ ہمارے لیے سعادت ہے ۔

سوال: چیونٹی کا تذکرہ قرآن کریم کی کون سی سورت میں ہے ؟

جواب: سورۂ نَمْل میں ۔

سوال:قرآن کریم کی کس سورت کو قرآن پاک کی دلہن اورکس سورت کودل کہاجاتاہے ؟

جواب:سورۂ رحمٰن کو قرآن پاک کی دلہن اورسورہ ٔ یسین کو قرآن پاک کا دل کہاجاتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر اہل سنت سے جھوٹ کے بارے میں 24 سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ امیر اہل سنت سے جھوٹ کے بارے میں 24 سوال جواب پڑھ یا سن لے اُسے ہمیشہ سچ بولنے اور جھوٹ سے بچنے کی توفیق عطا فرما اور اُسے بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


دعوتِ اسلامی کے عالمی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے ہر ہفتے کی رات کو مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوتا ہے جس میں بانیٔ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقانِ رسول کی دینی، دنیاوی اور روحانی تربیت فرماتے ہیں۔

اس سلسلے میں آج ہفتے کی شب مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا جس میں کراچی بھر سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول فیضان مدینہ میں آکر شرکت کی سعادت پائیں گے۔ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کے لئے دنیا بھر میں مدنی مذاکرہ اجتماعات منعقد ہوتے ہیں جہاں علاقے کے اسلامی بھائی کسی مقام پر جمع ہوکر مدنی چینل کے ذریعے اجتماعی طورپر مدنی مذاکرے میں شرکت کرتے ہیں۔

تمام عاشقانِ رسول سے درخواست ہے کہ مدنی مذاکرے میں شرکت کرکے علم دین کا خزانہ حاصل کریں۔


عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہرہفتے مدنی مذاکرے  کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائی اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 17فروری2024ء بمطابق 7شعبان المعظم 1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک کے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: ماہِ رمضان کیسامہیناہے؟

جواب: ماہِ رمضان بہت پیارا ،بابرکت اورخوشیوں والا مہینا ہے ،اس میں نیکیوں کا ثواب کئی گنا بڑھادیا جاتاہے ۔

سوال:نیازاورفاتحہ کے کھانے میں کیا فرق ہے؟

جواب:بزرگوں کے ایصال ِثواب کے لیے جو شیرینی یاکھانا تیارکیاجاتاہے اسے نیاز اورعام مسلمانوں کے ایصالِ ثواب کو فاتحہ کہاجاتاہے ،دونوں ایک ہی ہیں مگرجس کی نسبت بزرگوں کی طرف ہواس کی برکات بڑھ جاتی ہیں اوراسے ادب سے نیازکہاجاتاہے ۔جیسے کوئی بڑاآئے تو کہاجاتاہے تشریف رکھئے اوراپنی عمرکا آئے تو اسے کہاجاتاہے بیٹھ جائیے ۔

سوال : کیا مسلمان جنّات اورفرشتوں کو بھی ایصال ِثواب کیا جاسکتاہے؟

جواب : جی ہاں!کیاجاسکتاہے ۔

سوال: خدائی سے کیا مرادہے؟

جواب: خدائی کا معنی ہے”بادشاہی“۔

سوال: داماد کو سسرال کب جاناچاہئے؟

جواب: کبھی کبھی جانا چاہئے۔ایسابھی نہیں ہوناچاہئے کہ جائے ہی نہیں، میانہ روی و اعتدال ہونا چاہئے۔نہ اتنا سستاہوجائے کہ لوگ بیزارہوجائیں اورنہ اتنامہنگاہوجائے کہ خریدناہی مشکل ہوجائے ۔موقع محل کے مطابق آنا جاناکرے ۔

سوال:کسی سے کوئی چیز لینی ہوتو کیااندازہونا چاہئے؟

جواب:حضرت مولیٰ علی رضی اللہ عنہ کافرمان ہے کہ:بچھڑاجب باربارگائے کا تھن چُوسے تو گائے اسے ٹکرمارتی ہے ،جس سے لینا دیناہوتو محتاط انداز ہونا چاہئے کہ باربارمانگیں گے تو صاف منع کردے گا توتکلیف ہوجائے گی ،اس طرح کسی سے اپنا کوئی کام کروانا ہوتو موقع محل کے مطابق آہستہ آہستہ لے نیزاس کی نفسیات کے مطابق برتاؤکرے ۔

سوال : بزرگوں کے قُرب کاکیا فائدہ ہے؟

جواب : بزرگوں کے قرب میں برکت حاصل ہوتی ہے اوردعاقبول ہوتی ہے ۔

سوال: شبِ براءَت یا پورےشعبان المعظم میں دعوت اسلامی کو کم ازکم 1500روپے جمع کروانے والوں کےبارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:

شبِ براءَت میں1500روپے صدقہ کرنے والوں کے لیے دُعائے عطار

یااللہ پاک!جو کوئی شب براءَت میں بلکہ پورے شعبان کے مہینے میں دعوتِ اسلامی کو کم از کم 1500 روپے یا جو دوسرے ملکوں والے 1500 روپے کے حساب سے اپنی کرنسی کے مطابق دعوتِ اسلامی کے لئے جمع کروادیں اُن کو اِس سے پہلے موت نہ دینا جب تک وہ کلمہ نہ پڑھ لیں ،ان کا ہاتھ ہمیشہ اُونچا رہے نیچے نہ ہو، ان کی تجوری ہمیشہ بھری رہےاور فاقہ مستی نہ آئے، کسی کے محتاج نہ ہوں،صرف تیرے در کےمحتاج رہیں اور جنت الفردوس میں تیرے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پڑوسی بن جائیں۔ اے اللہ پاک! جو بیچارہ دے ہی نہیں سکتا اور میری کوئی مدنی بیٹی ایسی غریب ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں دے سکتی تو اس کے دل میں ایک کیفیت افسوس کی پیدا ہو، اس کے حق میں بھی یہ دعائیں قبول فرمالے۔یا اللہ پاک! رہتی دنیا کے لئے یہ میری دعا ہر شب براءَت کے لئے ہے جواس طرح دعوتِ اسلامی کو1500 روپےدے ان کے حق میں بھی یہ دُعا قبول ہو جائے۔اٰمین بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن صلی اللہ ُ علیہ وسلم

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” مکّے کی زیارات امیر اہل سنت کے ساتھ “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 30 صفحات کا رسالہ ” مکّے کی زیارات امیر اہل سنت کے ساتھ پڑھ یا سُن لے اُسےبار بار مکہ و مدینہ کی زیارت نصیب کر اور اُسے حجِ مقبول نصیب کرکےبے حساب جنت الفردوس میں داخلہ عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


10 فروری 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: محفل اوراجتماع میں جونیازولنگرہوتاہے، کیا اس کے کھانے کا کوئی فائدہ بھی ہے ؟

جواب: جی ہاں ،یہ لنگربابرکت ہوتاہے ۔لنگرکی نسبت صحابہ واہلِ بیت اور بزرگانِ دِین سے ہوتی ہے جو اسے تبرک (یعنی برکت والا)بنا دیتی ہے، لنگرکھانے کے اپنے فوائد ہیں ،مجھے ایک عاشقِ رسول نے بتایا کہ ایک شخص کو لنگرسمجھ نہیں آتاتھا ،ایک مرتبہ وہ سخت بیمارہوگیا حتی کہ کھاناگلے سے اُترنا بند ہوگیا ،کسی نے اسے غالباً گیارہویں شریف کا کھاناکھانے کا کہا،اس نے ایک لقمہ لیا توالحمدللہ وہ اس کےگلےسے اُترگیا ،دوسرا لقمہ لیا تو وہ بھی اُترگیا ،یوں اس کی بیماری دورہوگئی ۔

سوال : اصل لنگرکیا ہے ؟

جواب : اصل لنگرتو اجتماع میں جوبیان ہوتاہے ،سنتیں سکھائی جاتی ہیں ،نعت پڑھی جاتی ہے ،ذکر واذکارپڑھے جاتے ہیں، میں اسے اصل لنگر کہتا ہوں، پہلے ان میں حصہ لیا جائے پھر شوق سے نیازولنگرکھایا جائے ۔

سوال:کسی کے گھرجاناہوتو کون ساوقت مناسب ہے؟

جواب:یہ حکمت کی بات ہے کہ بندہ کسی کے گھراُس وقت جائے جوگھروالوں کی مصروفیت کا وقت نہ ہو،کھانے کے وقت تو کسی کے گھرجانا ہی نہیں چاہئے،کیونکہ عام طورپر گھروں میں گھرکے افرادکے مطابق ہی کھانا پکتاہے، یہ جائے گا اوروہ اسے کھلائیں گے تو گھروالے خود آزمائش میں آئیں گے۔

سوال : آپ کے نزدیک کامیاب اجتماع کون ساہے؟

جواب : جس اجتماع کے شرکاء پہلے بے نمازی تھے،مگراجتماع میں شرکت کی برکت سے نمازی بن گئے تومیرے نزدیک وہ اجتماع کامیاب ہے۔ اگراجتماع میں لوگوں کی کثرت ہومگرکوئی نمازی نہ بنے تو میں اسے کامیاب اجتماع نہیں کہتا۔اس لیے اجتماع میں اوراس کے اختتام پراسلامی بھائیوں سے محبت بھری ملاقات کی جائے ،انہیں نیکی کی دعوت دی جائے ،ایک نئے آنے والے پر آپ نے توجہ دے دی اوراس کی اصلاح ہوگئی تو گویا آپ نے اس کی نسلوں کو سنواردیا ۔آپ کی ایک مسکراہٹ اورپُرجوش ملاقات کسی کی نسلوں کو سنوارسکتی ہے ،نیک نمازی اور سنتوں کا پابند بنا سکتی ہے اورملاقات کے وقت آپ کے چہرے پرمسکراہٹ نہ ہونا ،بے رخی ،نولفٹ(No Lift) کی عادت دوسرے کی نسلوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ جتنی بڑی ذمہ داری ہے اتنا ہی چوکنا رہنا ہے کہ ہم سے کوئی روٹھ کرنہ جائے ۔خوش اخلاقی سے ملاقات کرنا بھی ایک کام ہے ۔مجھے بھی کوئی مسکرا کر پُرتپاک طریقے سے ملتاہے تو اچھا لگتاہے ۔جتنی محبت دیں گے ،اتنی ہی پائیں گے ۔آپ لوگوں سے محبت وملنساری سے ملیں گے تولوگوں میں آپ کی عزت بڑھے گی ،لوگ آپ سے محبت کریں گے ۔ایک شاعرنے کیا خوب کہاہے:

وہ شخص محبت سے ہمیشہ رہا محروم

اوروں کے لیے جس میں محبت نہیں ہوتی

سوال: آپ کی نیکی کی دعوت کا کیااندازرہا ہے؟

جواب: الحمدللہ !ایک ایک پر انفرادی کوشش کی ہے ،ایک ایک کے گھرجاکر نمازِفجرکے لیے اُٹھایا ہے ۔الحمدللہ ! شروع سے ہی میں نے اپنی طبیعت ملنسار پائی ہے اورمَیں نے بہت انفرادی کوشش کی ہے ۔یوں دعوتِ اسلامی میں ایک ایک کو جمع کیا ہے ۔اب یہ ٹھاٹھیں مارتاسمندرہے۔ میرے کماؤ بیٹے بہت ہیں ۔سب ملنساربن جائیں ،یہ ثواب کا کام ہے ،جوملاقات کے وقت زیادہ ملنساری سے ملتاہے اس کو زیادہ ثواب ملتاہے ۔ فرمانِ مصطفی(صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ) :جب دو مسلمان ملاقات کرتے ہوئے مُصافَحہ کرتے (ہاتھ ملاتے) ہیں اور ایک دوسرے سے خیریت دریافت کرتے ہیں تو اللہ پاک ان کے درمیان 100 رحمتیں نازل فرماتاہے، جن میں سے 99 رحمتیں زیادہ پرتپاک طریقے سے ملنے والے اور اچھے طریقے سے اپنے بھائی سے خیریت دریافت کرنے والے کے لئے ہوتی ہیں۔( اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط لِلطَّبَرَانِیّ ،5/ 380، رقم 7672)پیارے آقا،مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم بہت ملنسارتھے ،ہم اتنے ملنسارہوجائیں کہ جس سے ملیں تو اس کے غم غلط ہوجائیں اور وہ دوبارہ ملنے کی تمناکرے ۔جس میں ملنساری نہ ہوتو وہ بتکلف مسکرانے اورملنساربننے کی کوشش کرے ۔

سوال: گھرکے بوڑھوں کے ساتھ کیساسلوک کرناچاہئے؟

جواب: بڑھاپے میں بعض اوقات گفتگوزیادہ ہوجاتی ہے ،بوڑھے کو جوسمجھ آتی ہےوہ بولتارہتاہے جس کی وجہ سے نو جوان عموماً اس سے کتراتے ہیں، بوڑھے کوچاہئے کہ کم بولے،جوانوں کو دعائیں دے اورجوانوں کو چاہئے کہ ان کے ساتھ اچھا سلوک کریں ،انہیں وقت دیں ،یہ بوڑھا باپ ہی تو ہے جس نے اپنے جوان بیٹے کو پاؤں پرکھڑاکیا ہے ۔

سوال:مسکراتے چہرے والوں کے بارے میں بزرگوں کا کیا قول ہے ؟

جواب:بزرگوں کا قول ہے کہ: جس کے چہرے پرمسکراہٹ ہوتی ہے اس کا دل روشن ہوتاہے ۔سنت کی نیت سے مسکراتے رہو ،لوگوں کے دلوں میں خوشیوں کے پھول کھلاتے رہوپھردیکھو میری پیاری تنظیم دعوتِ اسلامی کو ترقی کے کتنے پر لگتے ہیں ۔

سوال: جب کوئی مصیبت اورپریشانی آئے تو بندے کو کیا کرناچاہئے؟

جواب:صبروہمت سے کام لیا جائے اورحوصلہ نہ ہاریں۔جتنا بندہ عقل مندہوگا،اتنا وہ صبرزیادہ کرے گا۔جتنابے عقل ہوگا اُتنا ہی بے صبری کا اظہارکرے گا۔بے صبری سے دماغ آؤٹ ہوجاتاہے ،لوگ پریشانیوں سے گھبراکر خودکشی کرلیتے ہیں ۔اللہ پاک نے قرآن کریم میں صبرکرنے کا حکم دیا اورصبرکی اسلام میں بہت پذیرائی ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیرِ اہلِ سنت سے صَدَقات کے بار ےمیں 25 سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوخلیفۂ امیراہل سنت حاجی عبیدرضا عطاری مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا رب المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ امیرِ اہلِ سنت سے صَدَقات کے بارےمیں 25 سوال جوابپڑھ یا سُن لے،اُسے اُس کے حلال رزق میں بَرَکت عطا فرما اوراُسے راہِ خُدا میں صَدَقہ و خیرات کرنے کی توفیق عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


یکم رجب المرجب تا 6 رجب المرجب 1445ھ تک عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں عرس خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کے سلسلے میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوا جس میں مختلف شہروں کے عاشقان رسول شریک ہوئے۔02 رجب 1445ھ کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے اور سیرت اولیاء پر گفتگو کی۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: نمازاور عبادت میں دل نہ لگے تو کیا کرنا چاہئے؟

جواب: دل نہ بھی لگے تب بھی عبادت کرنی چاہئے ،ورنہ تو ہم زیرو ہوجائیں گے ۔شیطان سے بچنے کے لیے روزانہ11 مرتبہ سورۂ اخلاص(قُلْ ھُوَاللہُ اَحَد) پوری سورت پڑھ لیں ،شیطان مع اپنے لشکرکوشش کرے کہ اس سے گناہ کرائے نہ کراسکے،جب تک کہ یہ خود نہ کرے۔(الوظیفۃُ الکریمہ ص21)۔دوسراعمل یہ ہے کہ روزانہ 10مرتبہ اَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ پڑھ لیجئے۔

سوال:گھرمیں لڑائی جھگڑے کا کیا حل ہے ؟

جواب: عام طورپر اخلاقی کمزوریوں ،گفتگومیں نرمی نہ ہونا،جارحانہ انداز،خوف ِخداکی کمی ،علمِ دین کی کمی اوراچھی صحبت نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں لڑائیاں ہوتی ہیں۔ علم دین حاصل کریں ،اچھی صحبت میں رہیں ،علم پر عمل کریں ،ان شاۤء اللہ الکریم گھریلوجھگڑے بھی ختم ہو جائیں گے ۔

سوال : نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اپنے بیان میں کس اُنگلی سے اشارہ فرمایا کرتے تھے ؟

جواب : شہادت کی اُنگلی سے اشارہ فرمایا کرتے تھے ۔

سوال: نمازکی ادائیگی کس طرح کرنی چاہئے ؟

جواب: اچھالباس پہن کر،اچھی خوشبولگاکر نماز ادا کی جائے ،مگراس کے لیے کسی سے سوال نہ کیا جائے۔

سوال: فرض علوم سیکھنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:فرض علوم سیکھنا بہت ضروری ہے۔افسوس نمازپڑھنے والے بھی وضو اورنمازکے مسائل نہیں سیکھتے ۔نوٹ گننے تو آتے ہیں مگرضروری مسائل نہیں آتے ۔ شریعت نے ہمیں جووضو اورنمازکاطریقہ بتایا ہے اسی کے مطابق وضوکرنا ہوگا اورنمازپڑھنی ہوگی ۔

سوال:کیاسردیوں میں وضو کرنے میں زیادہ احتیا ط کرنی چاہئے ؟

جواب:جی ہاں !سردیوں میں وضو کرنے میں زیادہ احتیاط کرنی چاہئے کہ کہیں اعضائے وضومیں کوئی جگہ بغیردُھلی نہ رہ جائے ۔

سوال: دعوت اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ رہنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب : دعوت ِاسلامی کے دِینی ماحول سے وابستگی،ایمان کی حفاظت کا ایک بہترین ذریعہ ہے،عمل میں بھی بہتری آئے گی ۔میری وصیت ہے کہ دعوت ِاسلامی کو کبھی نہ چھوڑئیے گا۔یک درگیرمحکم گیر(ایک دروازہ پکڑ اورمضبوطی سے پکڑ)۔دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہونے کے لیے کوئی فارم پُر کرنے کی حاجت نہیں ۔ہفتہ واراجتماع میں شرکت کریں ،اس سے نیکیوں کی بیٹری چارج ہوتی رہےگی ۔عاشقانِ رسول کے ساتھ ہرماہ 3 دن مدنی قافلے میں سفرکواپنامعمول بنالیجئے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” ارشاداتِ جنید بغدادی“ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17صفحات کا رسالہ ارشاداتِ جنید بغدادی پڑھ یا سُن لے، اُسےاولیائے کرام کی برکتیں نصیب فرما اور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


علمِ دین کی اشاعت کا ایک ذریعہ علمِ دین کی نشست کا انعقاد کرنا بھی ہے جس کے لئے ہرہفتے بعد نمازِ عشا عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اسی سلسلے میں 24 جمادی الاخریٰ 1445ھ بمطابق 6 جنوری 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔اُن سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: امام شہاب الدین زہری رحمۃ اللہ علیہ کون ہیں ؟

جواب: امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے اساتذہ میں سے تھے۔

سوال:کھانا کس طرح کھانا چاہیئے ؟

جواب:کھانے سے پہلے جوتے اتار لیجئے، جب بھی کھانا کھائیں تو الٹا پاؤں بچھا دیجئے اور سیدھا کھڑا رکھئےیا دو زانوبیٹھ جائیے۔کھانا زمین پر دسترخوان بچھاکر کھائیے۔ٹیبل، کرسی یا کھڑے کھڑے کھانے سے کئی سنتیں رہ جائیں گی۔سنت پر عمل کریں ،سنت جنت میں لے جانے والی ہے ۔

سوال:رجب شریف میں روزے رکھنے کے کیافضائل ہیں ؟

جواب : فرامین مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم:(1) رَجَب کے پہلے دن کا روزہ تین سال کا کَفّارہ ہے اور دوسرے دن کا روزہ دو سالوں کا اور تیسرے دن کا ایک سال کا کَفّارہ ہے ،پھر ہر دن کا روزہ ایک ماہ کا کَفّارہ ہے۔(الجامع الصَّغیر،حدیث 5051، ص311 ) (2)جس نے رَجَب کاایک روزہ رکھا تو وہ ایک سال کے روزوں کی طرح ہوگا،جس نے سات روزے رکھے، اُس پر جہنَّم کے ساتوں دروازے بند کردیئے جا ئیں گے،جس نےآٹھ روزے رکھے اُس کےلئے جَنَّت کےآٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے، جس نے دس روزے رکھے، وہ اللہ پاک سے جو کچھ مانگے گا، اللہ پاک اُسے عَطا فرمائے گااور جس نے پندرہ (15)روزے رکھے تو آسمان سے ایک مُنادِی نِدا(یعنی اِعْلان کرنے والااِعلان) کرتا ہے کہ تیرے پچھلے گُناہ بَخش دئیے گئے،پس تُو اَزْسرِ نَو عمل شُروع کر کہ تیری بُرائیاں نیکیوں سے بدل دی گئیں اور جو زائد کرے تو اللہ پاک اُسے اور زیادہ اجر دے گا۔(شُعَبُ الْاِیمان ج3ص368 )(3)قِیامت کے دن روزے دار قَبْروں سے نکلیں گے تو وہ روزے کی بُو سے پہچانے جائیں گے ،اُن کے لئے دَسْترخوان اور پانی کے کُوزے رکھے جائیں گے،جن پر مُشک سے مُہر ہوگی، انہیں کہا جائے گا کہ کھاؤ کل تُم بُھوکے تھے،پیو کل تُم پیاسے تھے،آرام کرو کل تُم تھکے ہوئے تھے،پَس وہ کھائیں گے ،پئیں گے اور آرام کریں گے حالانکہ لوگ حساب کی مَشقَّت اور پیاس میں مبتلا ہوں گے۔(کنزالعمال ج8 ص313)

سوال: رجب شریف کی معلومات کیسے ہوں؟

جواب: رجب شریف اللہ پاک کا مہینا ہے ،یہ مہینا بہت اہم ہے ،مکتبۃ المدینہ کارسالہ ’’کفن کی واپسی‘‘ ضرورپڑھیں۔اس سے رجب شریف میں عبادت کرنے اورنفل روزے رکھنے کا ذوق پیدا ہوگا۔

سوال:ہم حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا شکرکیسے اداکریں ؟

جواب: حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اُمّت کے محسن(یعنی اُمّت پر احسان فرمانے والے) ہیں ،حدیث پاک میں ہے کہ یہ امت پر سب سے زیادہ مہربان ہیں ۔یعنی بہت ہمدردہیں ۔ہمیں ان کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ان کاایک لقب صدیق ہے اوراس کا معنی ہے بہت سچا۔ہمیں بھی ہمیشہ سچ بولنا چاہیئے اورجھوٹ سے کوسوں دورہنا چاہیئے۔سچائی میں عظمت اورجھوٹ میں بربادی ہے ۔سچے کا بول بالاہے اورجھوٹےکا منہ کالاہے ۔

سوال:کیامسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا چاہیئے؟

جواب:اچھاگمان اچھی عبادت ہے ،مسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا ضروری ہے۔بغیرقرینے کے کسی سے بدگمانی کرنے کی اجازت نہیں ،بدگمانی ہوتو دورکرنے کی کوشش کریں،دل میں جمنے نہ دیں ۔بُرے دل سے بُراگمان نکلتاہے۔بدگمانی ہمارے معاشرے سے دورہوجائے تو امن قائم ہوجائے گا ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” کاروبار کے بارے میں 13 سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین ِامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ”کاروبار کے بارے میں 13 سوال جواب“ پڑھ یا سُن لے،اُسے شرعی تقاضوں کے مطابق کاروبار کرنے کی توفیق دےاور اس کی والدین سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔

عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہرہفتے مدنی مذاکرے  کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائی اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 16 دسمبر 2023ء بمطابق 3جماد ی الاخریٰ1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک کے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: راز کی باتیں کسی کو بتانا کیسا؟

جواب: جیسی راز کی بات ہوگی اسی طرح اس کا حکم ہوگا۔فرمانِ مصطفیٰ: (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) :اپنے مقاصدمیں کامیابی کے لیے انہیں رازمیں رکھنے سے مددحاصل کروکہ ہر نعمت والے سے حسدکیا جاتاہے ۔ہمیں چاہئے کہ اپنے مقاصد کو رازمیں رکھیں ۔کیونکہ بعض اوقات راز کی بات بتانے سے لوگ اس سے حسدکرسکتے ہیں ،نظربھی لگ سکتی ہے ۔اسی طرح دوسروں کی رازکی بات بغیراس کی اجازت سے کسی کونہ بتائیں کہ یہ بھی ہمارے پاس اس کی امانت ہے۔

سوال:مسجدمیں نمازِ باجماعت کا وقت طے ہوتاہے کیا اس کی پابندی کرنی چاہئے ؟

جواب:جی ہاں ! مسجدمیں نمازکی جماعت کاجو وقت طے ہوتاہے اس کی پابندی کرنی چاہئے ،ورنہ نمازیوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے اوریہ اچھی بات نہیں ۔

سوال : کم روزی پر قناعت سے کیا مرادہے ؟

جواب : اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ پاک جتنادے بندہ اس پر راضی رہے اوراگرروزی کم ہوتو بندے کو اس پر قناعت نصیب ہو جائے ۔ یوں دعاکرنی چاہئے کہ یااللہ پاک اتنادے کہ کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں ۔

سوال: کیا مالدارہونا فضیلت کی بات ہے ؟

جواب: دنیا میں مالدارہونےمیں کوئی فضیلت نہیں،اگرسارے کا سارامال حلال کا ہوتویہ مباح کے درجے میں ہے ۔ہاں اچھی نیتوں مثلاً اللہ پاک کی راہ میں خرچ کروں گا،جن کا نفقہ(یعنی بال بچوں کا خرچ/بیوی کے روٹی کپڑے کا خرچ وغیرہ) میرے ذمے ہے مثلاً اولادیا ماں باپ وغیرہ ان کی خبرگیری کروں گا،وغیرہ ۔ایسی اچھی نیّتوں سے حلال مال کماناثواب بن جائے گا۔حدیث پاک میں بکفایت رزق کی دعافرمائی گئی ہے۔یعنی پوراہوجائے ،کسی کی محتاجی نہ ہو۔

سوال: بیعت کیا ہے ؟

جواب: بیعت کا لفظی معنیٰ"بِک جانا" ہے ،تصوف میں اس کی ایک صورت یہ ہے کہ کسی کو پیر بنا لے یعنی بندہ کسی پیرِکامل سے بیعت کرے ، اس طرح کہ گناہوں سے توبہ اورشریعت پرعمل کی نیت کرے ۔جوکسی پیرسے بیعت نہیں کرتاتو گویاکہ وہ اندھاہے ۔مرشدِکامل کی بیعت مفیدہوتی ہے ۔قرآن وسنت سے اس کا ثبوت ہے ۔علماء فرماتے ہیں کہ کائنات میں نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم جیسا پیر نہیں اورحضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ جیساکوئی مریدنہیں ۔

سوال:"دعوتِ اسلامی زندہ باد"لکھنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:دعوتِ اسلامی سے محبت کا اظہارہوناچاہئے، اپنی ذاتی گاڑیوں وغیرہ پر دعوتِ اسلامی زندہ باد لکھ لیں ۔

سوال : دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟۔

جواب : مرکزی مجلسِ شوریٰ میراسرمایہ ہے ۔یہ میرے کماؤ پُتر(یعنی کما کر دینے والے بیٹے )ہیں ،ساری دنیا میں کام کررہے ہیں ۔اللہ پاک ان کے ہاتھ مضبوط کرے ،اللہ پاک ان کوبخشے ۔

سوال: کیا اپنے اوردوسروں کے بارے میں دعاکرتے رہناچاہئے ؟

جواب: جی ہاں !اپنے لیے،اپنی اولاداور جن جن کے ساتھ واسطہ ہے مثلاًاستاذاپنے شاگردوں ،پیراپنے مریدوں ،تاجراپنے گاہوں وغیرہ کے لیے دعاکرتارہے۔ دعاکرنا کارِثواب ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” ماں کا پچھتاوا “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”ماں کا پچھتاوا“پڑھ یا سُن لے ،اُس کے ماں باپ اس سے راضی ہوں اور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرمادے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔