عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر میں جہاں مسلمان  رب کریم کی عبادت کرتے ہوئے اپنی اپنی قربانی پیش کرنے میں مصروف تھے۔ وہیں فانی دنیا کے ایک حصے میں مسلمانوں کے دلوں کو تڑپانے اور مالک کائنات کی نافرمانی کرنے کے لئے قرآن پاک کے نسخے کی سخت بے حُرمتی کی گئی اور اسے نذر آتش کیا گیا جس کے بعد دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہوئے اور اپنے اپنے انداز میں اس بُرے فعل کی مذمّت کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔

دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی بھی اپنی رعایت و مقصد کو برقرار رکھتے ہوئے پُر امن انداز میں اس فعل کی مذمت کررہی ہے جس کی ایک کڑی 14 جولائی 2023ء کو دیکھنے میں آئی جب امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی ترغیب پر دنیا بھرمیں عاشقانِ رسول نے ”یومِ تلاوت قرآن“ منایا اور قرآن پاک کی تلاوت کی۔

اسی طرح 15 جولائی 2023ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live) ہونے والے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں اس درد ناک، شرمناک، کرب ناک اور غمناک واقعے کی مذمت کرنے اور عملی طور پر ردِّ عمل دینے کے لئے بانیٔ دعوتِ اسلامی شیخِ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے قرآنِ پاک کے 540 رکوع کی نسبت سے دنیا بھر میں 540 مساجد بنام ”فیضان قرآن“ بنانے کا اعلان کیا اور تمام عاشقان رسول کو اس نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ ملانے کی ترغیب دلائی ۔

ترغیب دلاتے ہوئے امیر اہل سنت کا کہنا تھا کہ عاشقان قرآن کہاں نہیں ہیں،ہم ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دیں گے ، جو مسجد بنائے گا،اللہ پاک اس کیلئے جنت میں گھر بنائے گا،یعنی جو مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے یہ ثواب اس کے لئے ہوگا جس کا اخلاص زیادہ ہو گا اللہ پاک کی رحمت سے اس کو ثواب بھی اتنا ہی زیاد ملے گا،اگر پوری مسجد نہیں بناسکتے تو آپ حصہ لے لیں،اللہ پاک کی رحمت سے امید ہے کیا معلوم آپ کا دیا ہوا ایک روپیہ ایک کروڑ سے بڑھ جائے،لہذا سب کو مل کر کوشش کرنا ہے،میری درخواست ہے مخیر حضرات آگے آئیں اور سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سمیت اپنے والدین کے ایصال ثواب کیلئے مساجد تعمیر کروائیں،امیر اہلسنت نے دعا کی کہ یا اللہ جو بھی فیضان قرآن مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے اس کو جنت میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پڑوس میں عالیشان مکان عطا فرما۔آمین

ترغیب دلاتے ہی دنیا بھر سے مسجد بنانے کے لئے عاشقانِ رسول کے پیغامات آنا شروع ہوگئے۔ صرف شہر داتا علی ہجویری رحمۃُ اللہِ علیہ لاہور میں ہی رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے 500 مساجد بنانے کے لئےاپنی نیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے لئے ہدف مقرر کرلیا۔پیغات اور نیتوں کا سلسلے مزید بھی جاری ہے۔ تمام عاشقان رسول سے درخواست ہے کہ آپ بھی قرآن پاک سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس نیکی کے کا موں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام آج رات مؤرخہ 15 جولائی 2023ء بروز ہفتہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live)مدنی چینل پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی و معاشرتی مسائل پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

آج رات ہونے والے مدنی مذاکرے کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تلاوت قرآنِ پاک کی کارکردگی بیان کی جائے گی اور ساتھ ساتھ امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اہم اعلان بھی فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے اس علمی و فکری نشست میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


توکل ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے، جتناسوچتے رہیں گے اتنا ہی پریشانی بڑھے گی، امیر اہل سنت

اللہ نے روزی اپنے ذمہ کرم پر لی ہے،تو ہم معاشی فکروں میں خود کو کیوں خوامخواہ گھلا رہے ہیں

ہم حرص و لالچ میں مبتلا ہیں ،رب نے مغفرت اپنے ذمہ نہیں لی جس کی ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے

سہولتیں کبھی بھی پوری نہیں ہوتی، بزرگان دین کی سیرت کا مطالعہ کریں ، مدنی مذاکرے میں گفتگو

کراچی(رپورٹ:محمود عطاری) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نےکہا ہے کہ توکل ہر مسلمان کیلئے ضروری ہے، معاشی پریشانی کا رونا رونے سے پریشانی دور نہیں ہوتی بلکہ اس کا بوجھ بڑھتا ہے،جتناسوچتے رہیں گے اتنا ہی پریشانی بڑھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ جس طرح کوئی شخص یہ سوچتا رہے کہ وہ غصے والا ہے اس کا غصہ تیز ہے تو وہ غصے والا ہی بنا رہے گا اور اگر وہ یہ سوچتا ہے کہ اس کو غصہ کم آتا ہے تو بہتری ہوگی،غصہ تو سب کو آتا ہے مگر اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں،آپ کو دوجہان کی فکر ہے دوجہان کو پالنے والے اللہ پاک نے روزی اپنے ذمہ کرم پر لی ہوئی ہے،تو آپ اپنے آپکو معاشی فکروں میں خوامخواہ گھلا رہے ہیں،رب دینے والا ہے،جب تک اس نے زندہ رکھنا مقدر فرمایا تو روزی بھی وہ عطا فرمائے گا، یاد رکھیں روزی اللہ پاک نے اپنے ذمہ کرم پر لی ہوئی ہے اور انسان اس کیلئے مارا مارا پھر رہا ہے اور مغفرت اس نے اپنے ذمہ نہیں لی جس کی ہمیں پرواہ نہیں ۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ اللہ پاک کا نام رزاق ہے وہ رازق ہے اور روزی دے بھی رہا ہے ،سہولتیں کبھی بھی پوری نہیں ہوتی، پیارے آقا ﷺ کے توکل کی شان ہے کہ دن میں ایک بار کھانا تناول فرماتے اور دوسرے دن کیلئے بچاتے نہیں تھے کہ جس رب نے آج کھلایا ہے وہ کل بھی کھلائے گا۔ہم حرص لالچ اور نجانے کیا کیا لے کر بیٹھے ہوئے ہیں،ہمیں تو آسائشیں چاہئے،مکان ایسا تو گاڑیاں ایسی ہوں،بزرگان دین کی سیرت کا مطالعہ کریں وہ تو نمک سے روٹی کھاتے تھے،کئی کئی دن نہ کھاتے اور کئی کئی دن نہ سوتے تو ان کا گزارا ہوجاتا تھا،خیر اس میں ان کی کرامات بھی شامل ہے، اگر ہم سادہ غذا پر آجائیں تو کام چل جائے گا،ہمیں جنت چاہئے، اگر جنت کی طلب ہوگی تودنیاکی آسائشوں کی طلب میں کمی ہوگی۔


کمزور پر غصہ آئے تو اس کا اظہار کرتے ہیں ،طاقتور پر آئے تو ا س سے بچنے کی کوشش  کرتے ہیں

بچوں کو بات بات پر جھاڑنے سے بچوں کے دل میں والدکیلئے نفر ت پیدا ہوسکتی ہے، امیر اہلسنت

اللہ پاک کی گرفت شدید ہے اگر وہ پکڑ فرمالے تو کوئی نہیں چھڑا پائے گا،مدنی مذاکرے میں گفتگو

کراچی(رپورٹ : محمود عطاری) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ بسا اوقات کچھ وجوہات کی وجہ سے انسان میں چڑ چڑا پن اورغصہ آجاتا ہے جس سے کسی کو جھاڑنے کو جی چاہتا ہے تو یہ اسےشیطان ورغلاتا ہے ،نفس طعنے دیتا ہے کہ تو بزدل اور ڈرپوک ہے ،شرافت کا زمانہ نہیں ،لوگ تجھے کھاجائیں گے ،بیچ ڈالیں گے ،اس طرح نفس وشیطان غصہ دلاتے ہیں اور پھر انسان وہ کچھ کرجاتا ہے جو اسے نہیں کرنا چاہئے ، یاد رکھیں جس کا غصہ کسی گناہ کے بعد ہی ٹھنڈا ہو تو اس کیلئے جہنم کا ایک مخصوص دروازہ ہے اس سے گزر کر وہ جہنم میں داخل کیا جائے گا ،یہ سوچ کر اپنے اندر اللہ پاک کا خوف پیدا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ عام طور پر کسی کمزور پر غصہ آئے تو اس کا اظہار کیا جاتا ہے اور اگر کسی طاقتور پر غصہ آجائے تو اس پر اظہار نہیں بلکہ سر سر کہہ کر ا س کے شر سے بچنے کی کوشش کی جاتی ہے ،بعض غصیلے ایسے ہوتے ہیں کہ انہیں سمجھایا جائے تو مان لیتے ہیں مگر غصہ کے وقت وہ آپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ بچوں کو بات بات پر جھاڑنے سے بچوں کے دل میں والدکیلئے نفر ت پیدا ہوسکتی ہے اور آگے چل کر دیکھا جاتا ہے۔ اسی طرح کے بچے والدین کو چھوڑ دیتے ہیں ،گھر سے نکال دیتے ہیں ،ایسے لوگ یہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ ہمیں ماں باپ کا پیار نہیں ملا ، غصیلے لوگوں کے ساتھ ایسا ہوتا ہے کہ ان کے بچوں کے دل میں بغاوت پیدا ہوجاتی ہے جب یہ بچے چھوٹے ہوتے ہیں تو کچھ نہیں بگاڑ پاتے مگر بڑے ہو کر سامنے کھڑے ہوجاتے ہیں ،اولاد کو ایسا نہیں کرنا چاہئے ،اگر کسی کے والدین نے ظلم کیا ہے تو بالغ ہونے کے بعد سب سے پہلے اولاد اپنے والدین کو معاف کردے ،والدین کے اتنے احسانات ہیں کہ جن سے سبکدوش نہیں ہوسکتے ۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ اللہ پاک کی گرفت بہت شدید ہے اگر وہ پکڑ فرمالے تو کوئی نہیں چھڑا پائے گا ۔مال ، اسلحہ کچھ کام نہ آئے گا ،اللہ پاک ہمیں اپنی پکڑ سے محفوظ رکھے ،والدین احتیاط کریں ،بلاضرورت غصہ نہ کریں ،غصہ آجائے تو پی جائیں ،بات بات پر جھاڑنا ،ڈانٹنا یہ اولاد کو باغی بنادے گا ،والدین نے جہاں جہاں اللہ پاک کی حدود توڑی وہ گنہگار ہیں ،نابالغی میں معاف نہیں ہوگا اولاد بالغ ہو کر معاف کرسکتی ہے ،جن کے والدین انتقال کرگئے ہیں تو اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے ان کے تمام گناہ معاف فرمادے ۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام آج رات مؤرخہ 8 جولائی 2023ء بروز ہفتہ عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live)مدنی چینل پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شرعی و معاشرتی مسائل پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے اس علمی و فکری نشست میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


علمِ دین سکھانےاور لوگوں کی دینی، اخلاقی و تنظیمی تربیت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 28ذیقعدۃالحرام 1444ھ بمطابق 17 جون 2023ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

معمول کے مطابق تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم کے بعد ملک و بیرونِ ملک کے عاشقانِ رسول کی جانب سے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے مختلف سولات ہوئے جن کے آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ان میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: بندہ اپنے نفس کو کیسے پہچانے؟

جواب:حضرت یحییٰ معاذرازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جس نے اپنے نفس کو پہچانا اس نے اپنے ربّ کو پہچانا۔نفس کو پہچاننے سے مرادیہ ہے کہ اپنی ذات میں پائی جانے والی کمی، کوتاہی اور زندگی گزارنے میں چیزوں میں محتاج رہنے پر نظرکرے ، اس کے برعکس اللہ پاک ان تمام خامیوں، کمزوریوں ،کمی ،کوتاہی سے پاک ہے اورکسی کا محتاج نہیں بلکہ سب اس کے رحم وکرم کے محتاج ہیں ۔بس یہ غورکرکے اپنی کمزوری وکوتاہی اور اپنی محتاجی پر نظررکھےاوریوں اپنے نفس کو پہچانے کہ مَیں تو کچھ بھی نہیں ہوں،بہت کمزور اور ناتواں ہوں مگرمیراربّ قادرِمطلق ہے ۔

سوال:اتنا زیادہ سوچنا کہ جس سے دماغ پر بوجھ پڑے،ا س سے کیسے بچا جائے؟

جواب:جب زیادہ سوچ بِچار اور پریشان کن خیالات کا سلسلہ ہوتاہے جس میں منفی(Negative)سوچیں آتی ہیں اوربندے پرحاوی ہوجاتی ہیں تو بندہ کسی معاملے کےبُرے نتیجے کے بارے میں سوچنے لگتاہے۔حالانکہ اس کے سامنے وہ نتیجہ ہوتا نہیں۔جب بندہ اپنی سوچوں کو قابونہیں کرتاتو وہ ذہنی مریض بھی بن سکتاہے ۔کھوٹی کھوٹی سوچیں بندے کوڈبودیتی ہیں ۔اس لئے اچھی باتیں سوچنی چاہئیں۔منفی(Negative) نہ سوچیں ،اللہ پاک کی رحمت پرنظررکھیں ، منفی سوچوں کو اچھی سوچوں میں بدل دیں ،منفی سوچوں سے توجہ ہٹائیں ،مدینہ شریف کی یادوں میں مگن ہوجائیں۔کبھی تصورمیں طواف کریں تو کبھی بارگاہِ رسالت میں حاضری کا تصورکریں ۔اس طرح اچھی اچھی سوچیں لائیں تو اس کے نتائج بھی اچھے ہوں گے۔جب منفی سوچیں آئیں تو اچھے اورنیکی کے کاموں میں مصروف ہوجائیں۔کلمہ شریف، درودِپاک اور دیگر اذکار میں مصروف ہوجائیں، اس سے پاکیزگی حاصل ہوگی، دل بھی صاف ہوگااور مدینہ مدینہ ہوجائے گا۔اِنْ شاۤءَ اللہُ الکریم

سوال: دعوتِ اسلامی کے" رابطہ برائے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ "کے بارے میں امیرِاہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا ارشاد فرمایا؟

جواب : اَلْحَمْدُللہ !یہ شعبہ بھی کافی آگےبڑھ رہا ہے، یہاں تک کہ لاری اڈّوں وغیرہ پر جائے نمازبھی بن رہی ہیں ،اللہ پاک برکت دے ،خوشی ہوئی ۔

سوال: حاجی حج کرنے کے لئے حرمینِ طیبین کے لئے روانہ ہوچکے ہیں ، جواس سال نہیں جا سکے، ان کی کیاکیفیت ہونی چاہیئے ؟

جواب: بس حسرت آتی ہے،اللہ پاک ہمیں بھی پہنچادے ۔جس کو حسرت ہو،دل میں افسوس کی کیفیت ہوکہ کاش!!! میں بھی حج کے لئے جاتاتو یہ بھی ثواب کاکام ہے ۔یہ اچھی سوچیں اورخیالات ہیں اورہونے بھی چاہئیں ۔اللہ پاک نصیب فرمائے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر اہلسنت کے 150 ارشادات “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیراہل سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”امیر اہلسنت کے 150 ارشادات“ پڑھ یا سُن لے، اُسے امیر اہلسنت کے صدقےنیکی کی راہ پر چلا اور دِین و دنیا کی خوب برکتیں عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔ 

ماہِ ذو الحجہ کی آمد آمد ہے، دنیا بھر سے حاجیوں کا قافلہ جوق در جوق مکۃ المکرمہ زادھَا اللہُ شرفاً وَّ تعظیماً پہنچ رہا ہے جبکہ دیگر ممالک میں مسلمان سنتِ ابراہیمی کو ادا کرنے کے لئے قربانی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔دینِ اسلام میں یہ دونوں ایسی عبادت ہیں جنہیں ماہِ ذو الحجہ کے مخصوص دنوں کے علاوہ سال کے کسی اور دن ادا نہیں کیاجاسکتا ہے۔ ان عبادات کو ادا کرنے والے بالخصوص اور بالعموم ہر مسلمان کو ان کے تمام مسائل شرعیہ کا علم ہونا ضروری ہے۔

حج و قربانی کے مسائل اور دیگر Topic سے متعلق عاشقان رسول کو رہنمائی فراہم کرنے کے لئے 19 جون 2023ء بروز پیر سے 10 ذوالحجہ تک روزانہ رات تقریباً 9:45 بجے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live) مدنی چینل پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا۔مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ حج و قربانی کے مسائل کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشادفرمائیں گے۔

علم دین کے سمندر سے موتیوں کو اپنے دامن میں سمیٹنے کے لئے عاشقان رسول سے ان مدنی مذاکروں میں شرکت کی درخواست ہے۔ 


21 ذیقعدہ 1444ھ بمطابق 10 جون 2023ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں علمِ دین سے بھرپور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول کی براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت رہی۔

معمول کے مطابق مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوتِ قراٰن اور نعت شریف سے کرنے کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ ہوا جس میں شیخ طریقت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: بعض لو گ ٹینکی میں پانی بھرنے کے لئے موٹرچلا کربھول جاتے ہیں اورٹینکی بھرنے کے بعد پانی ضائع ہوتارہتاہے ۔وہ پانی کسی کے گھر یا گلی میں جمع ہوتاہے ،گلی میں پانی بہنے سے گزرنے والوں کو تکلیف ہوتی ہے ۔ آپ اس بارے میں کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:ہر کام میں اعتدال ہونا چاہئے۔اس طرح کی شکایت ہے کہ پانی چھت سے گرتارہتاہے ،یہ نہیں ہونا چاہیئے۔ بغیر ضرورت جان بوجھ کر پانی ضائع کرنا گنا ہ ہے ۔اپنا ایک معیارمقررکرلیں،مثلاً معلوم ہے کہ ٹینکی ایک گھنٹے میں بھر جاتی ہے تو اُتنی دیر موٹر چلائی جائے، جب وقت ہوجائے تو پانی کے چھلکنے کا انتظار نہ کریں اور موٹر بند کردیں۔اس سے پانی ضائع ہونے اور دیگر بہت ساری خرابیوں سے بچت ہوگی اور اس میں موٹرکی بھی بچت ہے۔ہرچیز کی لمٹ ہوتی ہے ۔موٹرزیادہ چلے گی تو اس کا لائف ٹائم کم ہوجائے گا۔موٹر چلانے میں احتیاط کرنے سے بجلی کی بھی بچت ہوگی اوربل بھی کم آئے گا۔موٹرچلاکرجان بوجھ کر بند نہ کرنا بھی غفلت میں شامل ہے۔اللہ پاک ہمیں اس طرح کی غفلتوں سے بچائےاور اللہ ورسول کے احکامات پرچلنے کی توفیق عطافرمائے ۔

توجہ فرمائیں:بجلی استعمال کرنے سے متعلق امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانامحمدالیاس عطارقادِری دامت برکاتہم العالیہ کا بہت ہی معلوماتی رسالہ"بجلی اِستعمال کرنے کے مدنی پھول" خود بھی پڑھئے،گھر کے تمام افراد کو بھی پڑھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کا ذہن دیجئے۔

سوال: مصیبت کیوں آتی ہے ؟

جواب:مصیبت کے ذریعے اللہ پاک اپنے بندوں کوآزماتاہے ۔ گنہگاروں کے گناہ مٹاتاہے ،نیک لوگوں کے درجات بلندہوتے ہیں ۔ مصیبت کسی نہ کسی حوالے سے فائدہ پہنچاتی ہے ۔بندے کو لگام رہتی ہے ۔مصیبت آئے گی تو اللہ پاک کی یادآتی ہے ،غفلت دورہوتی ہے ۔یہ اللہ پاک کی مصلحت ومشیّت ہے ،اس لئے مصیبت پر صبرکیا جائے ۔اس سے اجرملے گا ۔بے صبری سے مصیبت دورنہیں ہوتی بلکہ آتاہواثواب بھی ضائع ہوجاتاہے ۔

سوال: پہلوان کون ہے ؟

جواب:پہلوان وہ نہیں جو دوسرے کوپچھاڑدے بلکہ پہلوان وہ ہے جو غُصّہ کنٹرول کرے۔بعض اوقات ایک شخص حُسنِ اخلاق کا پیکر معلوم ہوتاہے لیکن اگر کبھی اس کی طبیعت/مزاج کے خلاف کوئی کام ہوجائے،کوئی بے عزتی کردے تو جیسے ہی اُسے غُصّہ آتاہےتو اس کے حُسنِ اخلاق کی ساری عمارت زمین بوس ہوجاتی ہے۔مکتبۃ المدینہ کی کتاب”حُسنِ اخلاق“ میں جو لکھاہے،کاش! وہ ہمارے کردارمیں آجائے ۔ہم لوگوں کے سامنے توحُسنِ اخلاق کے پیکربنتے ہیں ،بچھ بچھ جاتے ہیں اور جب گھرمیں جاتے ہیں تو ببرشیرکی طرح دھاڑتے ہیں ۔عوام کودکھانے کے لئے اخلاق کچھ اورگھرمیں کچھ اور ۔ہاتھی کے دانت کھانے کے اور، دکھانے کے اور ۔گھروالوں ،ماں باپ ،بچوں کی امی اوربچوں کے ساتھ بھی حُسنِ اخلاق سے پیش آنا چاہیئے ۔اللہ کرے کہ ہم دورنگی چھوڑکر ایک رنگی اختیارکریں(یعنی ہماراظاہر و باطن ایک ہو جائے،ہماری گفتار اور ہمارا کردار ایک ہو جائے) ۔ہمارااخلاق اندرباہرہرجگہ اچھا ہو۔یوں واقعی ہم بااخلاق ہوجائیں ۔

سوال: سب سے زیادہ مُوذی یعنی نقصان دینے والاکون ہے ؟

جواب: نفسِ امَّارہ مُوذی یعنی نقصان دینے والاہے ۔جونفس برائیوں پر اُبھارتاہے وہ نفسِ اَمّارہ کہلاتاہے ۔نفسِ امّارہ کو ہرادیاجائے،اسے ماردیا جائے تَوتُومردکا بچہ ہے ۔

سوال: ہاتھ ملانے کا درست طریقہ کیا ہے؟

جواب: سُنّت یہ ہے کہ دونوں ہاتھوں کو اس طرح ملایا جائے کہ ہتھیلی سے ہتھیلی ملے اوردرمیان میں کوئی چیز نہ ہو ۔اس پر خود بھی عمل کریں اوردوسروں کو بھی عمل کی ترغیب دلائیں ۔

سوال:پروفیشنل افراد کا کا م زیادہ ہوتاہے، اس لئے ان کی فیملی لائف متاثرہوتی ہے ۔گھروالوں کو کم وقت دے پاتے ہیں اس کاکیاحل ہے ؟

جواب:سارامسئلہ حرص کا ہے ۔کھانااتناہی ہے جتنا پیٹ ہے اورپہننااتناہی ہے جتنا بدن ہے ۔باقی چھوڑکے ہی مرنا ہے ۔بندے کو چاہیئے کہ وہ کام کا اپنا ٹائم ٹیبل بنائے ۔جوسمجھدارہوتے ہیں وہ بناتے بھی ہیں مثلاًاتنے گھنٹے کام کرنا ہے اس کے بعد کام نہیں کرنا۔ اپنے آپ کو منظم(Manage)تو کرنا پڑے گا۔دماغ کے لئے آرام کی ضرورت ہے ۔اسے آرام نہیں ملے گا تو یہ کام کیسے کرےگا۔ورنہ ڈاکٹرکے پاس جانا پڑے گا۔اپنی حرص کوختم کرنا چاہیئے ۔اس طرح بندہ سوچے کہ جن لوگوں کے پاس مال تھاوہ اب کہاں ہیں ،دنیاسے چلے گئے ۔قارون جو بہت زیادہ مالدارتھا وہ بھی اپنے خزانے سمیت زمین میں دھنسادیا گیا۔ کام آ نے والاخزانہ تو نیکیاں ہیں ۔مال بھی کام آتاہے بس اللہ پاک اپنامحتاج رکھے دنیاکی محتاجی سے بچائے ۔بندہ ضرورت کے مطابق کمائے۔پیسہ پیسہ کرتارہے گا تو کہیں کا نہیں رہے گا اورایساکرنے والے لوگ کہیں کے نہیں رہتے ۔ٹینشن سے کئی لوگوں کی جانیں چلی جاتی ہیں ۔

سوال:کیا ہمیں ایک ہی ڈاکٹرسے علاج کروانا چاہئے ؟

جواب : جی ہاں ! اس کے بارے میں، میں کہتارہتاہوں ،کیونکہ ایک ڈاکٹرآپ کی طبیعت سے واقف ہوجائے گا اوراس کے مطابق آپ کا علاج کرے گا یوں دوائیوں کے نقصان سے بچت کی بھی صورت ہوگی،ورنہ نئے نئے ڈاکٹرزکے پاس جائیں گے تو وہ آپ پرتجربے کرتے رہیں گے اوردوائی(Medicine) سے مضر اثرات(Side Effects) بھی ہوسکتے ہیں ۔

سوال:مُتَفَقٌّ عَلَیْہ کون سی حدیث ہوتی ہے ؟

جواب:وہ حدیثِ پاک جو امام بخاری اورامام مسلم(رحمۃ اللہ علیہم اجمعین) دونوں نے روایت کی ہو۔

سوال: ماہِ ذُوالْحَج کے کیافضائل ہیں ؟

جواب:ماہِ ذُوالْحَج کے کئی فضائل ہیں :اس کے پہلے10 دنوں سے زیادہ کسی دن کا نیک عمل اللہ پاک کومحبوب نہیں۔اس کے ہردن کا روزہ 1 سال کے روزوں اورہررات کا قیام شبِ قَدرکے برابرہے ۔9 ذُوالْحَج (یوم عرفہ)کا روزہ 1 سال قبل اور 1 سال کے بعد کے گناہ مٹادیتاہے نیز یہ ہزار روزوں کے برابرہے ،البتہ حج کرنے والے پرجوعرفات میں ہوتاہے اسے 9 ذُوالْحَج کا روزہ رکھنامکروہ ہے ۔(فیضان سنت جلد1ص565تا567)

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” نمازِ فجر کے فضائل “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”نمازِ فجر کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے، اُسے ہمیشہ نمازِ فجر باجماعت پڑھنے کی توفیق عطا فرمااور اُسے بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔

قراٰن و حدیث میں علمِ دین حاصل کرنے کے بےشمار فضائل موجود ہیں نیز صحابۂ کرام علیہم الرضوان اور بزرگانِ دین رحمہم اللہ المبین کا یہ معمول تھا کہ وہ ہر وقت علمِ دین حاصل کرنے کی تلاش میں لگے رہتے تھے۔

علمِ دین کی جستجو کو برقرار رکھتے ہوئے آج 27 مئی 2023ء بروز ہفتہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گاجس میں کراچی کے کثیر عاشقانِ رسول براہِ راست اور پاکستان کے دیگر شہروں سمیت بیرونِ ملک کے اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوں گے۔

مدنی مذاکرے کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً 9:30 بجے تلاوتِ قراٰنِ پاک سےکیا جائے گا اور نعت خواں اسلامی بھائی حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔

اس کےبعد امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہعاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول وقت کی پابندی کے ساتھ اس مدنی مذاکرے میں براہِ راست یا بذریعہ مدنی چینل شرکت کرکے اپنے لئے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں۔


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 20 مئی 2023ء بمطابق 30 شوال المکرم 1444ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جسے بذریعہ مدنی چینل پاکستان سمیت  دنیا بھر میں دکھایا گیاجبکہ کراچی کے مختلف علاقوں سے کثیر اسلامی بھائیوں نے براہِ راست اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی۔

اس مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول نے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کئے جس کے امیرِ اہلِ سنت نے علمِ و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے۔

ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: بندے میں کتنی قوتِ برداشت ہونی چاہیئے ؟

جواب: جب کوئی مشکل ومصیبت آئے تو بندہ صبرکرے ،اپنے اندرقوتِ برداشت پیداکرے ۔جتنا صبرمشکل ہوگا اتناثواب بھی زیادہ ہوگا۔

سوال:کیا جنت میں ہرخواہش پوری ہوگی ؟

جواب:جی ہاں !جنت اللہ پاک کی رحمت وکرم کا مظہر ہے ۔جنت میں رنج وغم نہیں ۔جنت میں ہرنعمت ہوگی ۔جنّتی جس چیز کی خواہش کرے گا وہ اسے حاصل ہوگی ۔جنّتی کو سب سے بڑی نعمت یہ حاصل ہوگی کہ اُسے اللہ پاک کا دِیدار نصیب ہوگا۔

سوال : آم(Mango) کھانے کے کیاکیافوائدہیں ؟

جواب : آم پھلوں کا بادشاہ ہے،آم کھانا جلد بوڑھا ہونے سے بچاتاہے ۔یہ ہرقسم کے کینسراوردمے سے بچاسکتاہے ۔یہ ہڈیوں کے امراض دورکرتاہے ۔ آم جسمانی کمزوری کودورکرتااوراسے موٹاکرتاہے۔یہ پٹھوں کو سخت گرمی اورلُوسےبچاتاہے ۔اس کے کھانے سے سفیدبالوں میں کالک آسکتی ہے ۔ پہلے سیزن کا آم نہ کھایا جائے،کیونکہ یہ طبّی طورپر(Medically) مناسب نہیں۔

سوال: وضوکے بعد داڑھی میں کنگھی کرنے کاکیا فائدہ ہے ؟

جواب: وضوکے بعد داڑھی میں کنگھی کرنا تنگدستی کودورکرتاہے ،امام جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں :حضرت وہب بن منبہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : کھڑے ہوکرکنگھی کرنے سے قرض چڑھتاہے اوربیٹھ کر کنگھی کرنا قرض کودورکرتاہے ۔(الحاوی للفتاویٰ جلد2ص46،47،بیروت )

سوال: نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کاشجرۂ نسب یادکرنا کیسا؟

جواب: اچھا ہے ۔

سوال:شجرے سے کیا مرادہے، اوراس کے پڑھنے کے کیافائدے ہیں ؟

جواب:شجرکامعنی درخت ہے،شجرہ کامعنی بھی درخت ہی ہے ۔جس طرح حدیث کی سندیں ہوتی ہیں،اسی طرح سلسلۂ پیری مُریدی کابھی شجرہ ہوتاہے ۔شجرہ مشائخ کا نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ملنے کی سندہے ۔شجرہ پڑھنے سے نیک لوگوں کا ذکر کرنے کی سعادت حاصل ہوتی ہے ۔نیک لوگوں کے ذکرکے وقت اللہ پاک کی رحمت نازل ہوتی ہے اورایک روایت میں ہے کہ نیک لوگوں کاذکر گناہوں کا کفارہ ہے ۔ یعنی شجرہ پڑھنے کےبہت فوائد ہیں، مثلاً اوّل(1)۔ رسولُ اﷲ صلَّی اللہ علیہ وسلَّم تک اپنے اِتصال( یعنی سلسلہ کے ملنے )  کی سند کاحفظ۔دُوُم(2) :صالحین( یعنی نیک بندوں )  کا ذکر کہ مُوجِب نُزولِ رحمت( یعنی رَحمت کے نازل ہونے کا سبب )  ہے۔سِوُم (3): نام بنام اپنے آقایانِ نعمت( یعنی سلسلے کے مشائخِ کرام رحمۃُ اللہ علیہ  )  کو ایصالِ ثواب کہ اُن کی بارگاہ سے موجبِ نظر عنایت( یعنی نظر ِکرم ہونے کا سبب )ہے۔چہارم(4) :جب یہ( یعنی شَجَرَہ عالیہ پڑھنے والا )اوقاتِ سلامت( یعنی راحت )  میں ان کا( یعنی اپنے سلسلے کے مشائخِ کرام  رحمۃُ اللہ علیہم اجمعین کا )نام لیوا رہے گا تو وہ اوقاتِ مصیبت( یعنی کسی بھی پریشانی اور مشکل کے وقت )  میں اس کے دستگیر ہوں گے( یعنی اس کی مدد فرمائیں گے ) ۔ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم فرماتے ہیں : تُو خوشحالی میں اﷲ پاک کو پہچان وہ مصیبت میں تجھ پر نظر ِکرم فرمائے گا۔(جامع صغیر ، ص199 ، حدیث : 3317 ۔ فتاویٰ رضویہ ، 26 / 590 ، 591 )

سوال : نیکی کی دعوت/ دعوتِ اسلامی کے کسی دینی کام یاشعبے کے تعارف کا ویڈیو کلپ کس طرح بنایا جائے ؟

جواب : ہمیشہ خیال رکھیں کہ جب کوئی کلپ بنایاجائے تو اس کی ابتدامیں نیکی کی دعوت کے موضوع پر کوئی حدیث پاک یاکوئی روایت بیان کی جائے اورشروع میں کسی مجلس یاشعبے کا ذکر نہ کیاجائے تاکہ تمام لوگ اسے دیکھیں ۔

سوال: کیا مریضوں سے دعاکروانی چاہیئے ؟

جواب: مریض سے دعاکروانی چاہیئے کہ اس سے دعاکروانافرشتوں کی دعاکی طرح ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ لوحِ محفوظ کے بارے میں دلچسپ معلومات پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ” لوحِ محفوظ کے بارے میں دلچسپ معلومات“ پڑھ یا سُن لے اُسے علم و عمل کی دولت سے نواز اور اُسے والدین و خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 13 مئی 2023ء بمطابق 23 شوال المکرم 1444ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جسے بذریعہ مدنی چینل پاکستان سمیت دنیا بھر میں دکھایا گیاجبکہ کراچی کے مختلف علاقوں سے کثیر اسلامی بھائیوں نے براہِ راست اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی۔

اس مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول نے شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کئے جس کے امیرِ اہلِ سنت نے علمِ و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے۔

ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: اُولُوالْعزم رسول کون کون سے ہیں ؟

جواب: اُولُوالْعزم رسول 5 ہیں : پیارے آقا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ،حضرت ابراہیم خلیل اللہ ،حضرت موسیٰ کلیم اللہ، حضرت عیسٰی روح اللہ اورحضرت نوح نجی اللہ علیہم السلام ۔(بہارِشریعت ،1/54)

سوال:ہم نیک بننے کی کوشش کرتے ہیں مگر پھر بھی گنا ہ ہوجاتاہے ،اس کا کیا حل ہے ؟

جواب:معصوم توانبیائے کرام اورفرشتے ہیں ۔ہم عام انسان گنہگارہیں ،جب کبھی گناہ ہوجائے تو آئندہ گناہ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ فوراً سچی توبہ کریں اور اللہ کی رحمت پر نظررکھیں ۔اس احساس ِکمتری میں مبتلاہوناکہ مَیں گنا ہ سے بچ ہی نہیں پاتا،یہ درست نہیں بلکہ دوبارہ گنا ہ ہوجائے تو پھر سچی توبہ کریں ، اِنْ شآء اللہ الکریم یہ توبہ کرنا ہمیں کبھی نہ کبھی گناہوں سے روک دے گا۔ہمیں ہمیشہ اللہ پاک کی رحمت پر نظررکھ کرگناہوں سے بچنے کی کوشش جاری رکھنی چاہیئے ۔

سوال : رمضان المبارک میں عموماً گناہوں سے بچت رہتی ہے ،عبادت میں بھی ذوق ہوتاہے ،نیکیاں کرنے کا جذبہ ملتا ہےمگر رمضان المبارک کے بعدیہ سب کچھ نہیں ملتا،نیکیاں کرتے رہنے کا جذبہ کس طرح سلامت رہے ؟

جواب : رمضان المبارک کی اپنی بہاریں ہیں ،اس میں عبادت کی طرف دل مائل ہوتاہے،گناہوں سے نفرت ہوتی ہے ،بعد میں یہ کیفیت بدل جاتی ہے ۔جب گناہ کرنے کا دل نہ کرے تو گناہ سے بچنااورجب دل کرتاہوتو اس وقت بچنادونوں میں فرق ہے ۔بہرحال دونوں صورتوں میں گناہوں سے تو بچنا ہی ہے۔گناہوں سے بچنے کے لئے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ رہیں ،اسلامی بھائی ذیلی حلقے کے12 دینی کاموں اوراسلامی بہنیں 8 دینی کاموں میں مصروف رہیں۔اسلامی بھائی مدنی قافلے میں سفرکریں،نیک اعمال کے مطابق روزانہ جائزہ لیتے رہیں گے تو گناہوں سے بچنے کی صورتیں نکل آئیں گی ،ان شآء اللہُ الکریم ۔

سوال: اگرنیکی کی دعوت دینے کے دوران کوئی مذاق اُڑائے یا ڈانٹ دے تو اس پر ہمیں کیا کرنا چاہیئے؟۔

جواب: ایساکم ہی ہوتاہوگا۔کئی نوجوان سنجیدہ اوربڑی عمرکے لوگ سمجھدارہوتے ہیں،یہ نیکی کی دعوت سنتےہوں گے۔ اگرکوئی نوجوان مذاق اڑائے یا کوئی بوڑھا شخص ڈانٹ دے تو آپ پیچھے نہ ہٹیں بلکہ نیکی کی دعوت کاسلسلہ جاری رکھیں ۔میرے ساتھ بھی کئی واقعات ہوئے ہیں مگرمیں نے نیکی کی دعوت کاسلسلہ جاری رکھا۔کام کرنا ہے تو لوگ کمزورباتیں کرتے ہی ہیں، جیسے گاہک ایساکرے تو دکاندارمیٹھامیٹھا بنتاہے،کیونکہ اسے اپنا مال بیچنا ہے ۔ہمیں ایساہی بنناہےکیونکہ ہمیں نیکی کی دعوت کا ثواب حاصل کرناہے اوراپنی آخرت بہتربنانی ہے ۔اللہ پاک چاہے تو ایک شخص استقامت کے ساتھ دین کا کام کرے تو اس کی کوشش سے ایک گاؤں یا ایک شہرکا نقشہ ہی بدل سکتاہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیرِ اہلِ سنّت  سے قرآنِ پاک  کے بارے میں سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِ اہلِ سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک جو کوئی17 صفحات کا رسالہ ”امیرِ اہلِ سنّت  سے قرآنِ پاک  کے بارے میں سوال جواب “پڑھ یا سُن لے،اس کے دل کو نورِ قرآن سے منوّر فرما اور اس کی بے حساب بخشش فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔


دینِ اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے آج رات مؤرخہ 13 مئی 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست مدنی چینل پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائیگا۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقان رسول سے آج رات ہونے والے مدنی مذاکرے میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔