کراچی: (نیوز ڈیسک) اللہ تبارک و تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنے وقت اور اعمال کو وقف کرنا مومن کی پہچان ہے۔ خاص طور پر ماہِ رمضان، جو نیکیوں کا موسمِ بہار ہے، اس میں اپنے نفس کا محاسبہ کرنا اور اسے نیکیوں کے سانچے میں ڈھالنا ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے۔ جب انسان اپنے پسندیدہ مشاغل کو چھوڑ کر رب کی رضا کے لیے نیک اعمال میں مشغول ہوتا ہے، تو یہ ایمان کی بلندی اور روح کی پاکیزگی کا ذریعہ بنتا ہے۔

اسی جذبے کو بیدار کرنے اور رمضان المبارک کی ساعتوں کو قیمتی بنانے کے لیے، بانیِ دعوتِ اسلامی، شیخِ طریقت امیرِ اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس ہفتے عاشقانِ رسول کو ایک اہم رسالے کے مطالعے کی ترغیب دلائی ہے۔

اس ہفتے کا رسالہ: ”ماہِ رمضان ماہِ نیک اعمال“

امیرِ اہلسنت نے اس بار 20 صفحات پر مشتمل رسالے ”ماہِ رمضان نیک اعمال“ کو پڑھنے یا سننے کی ترغیب دی ہے۔ اس رسالے کا مقصد روزے داروں کو رمضان کے دوران فرائض و واجبات کے ساتھ ساتھ نوافل اور دیگر نیک کاموں کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کرنے کا طریقہ بتانا ہے۔

امیرِ اہلسنت نے رسالہ پڑھنے والوں کو اپنی خصوصی دعاؤں سے بھی نوازا ہے۔

دعائے عطار:

”یا رب المصطفٰے! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ ”ماہِ رمضان ماہِ نیک اعمال“ پڑھ یا سن لے، اُسے رمضان الکریم میں خوب نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرما اور اسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمین بجاہِ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم“

یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر اردو سمیت مختلف زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب ہے۔

Download