علمِ دین حاصل کرنےاور گیارہویں شریف کے سلسلے میں ہونے والے مدنی مذاکروں میں شرکت کرنے کے لئے گزشتہ روز پاکستان کے مختلف شہروں سے عاشقانِ رسول کی عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی آمد ہوئی۔

اس موقع پر عاشقانِ رسول کے درمیان دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری کا سنتوں بھرا بیان ہوا جس میں انہوں نے حاضرین کی مختلف امور پر تربیت و رہنمائی کی اور انہیں دینی کاموں میں عملی طور پر حصہ لینے کا ذہن دیا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی لوگوں کے دلوں میں اولیائے کرام کی محبت ڈالنے، اُن کی اصلاح کرنے اور انہیں اولیائے کرام کی سیرت پر عمل کرنے کا درس دینے  والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک ہے ۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام 29 ستمبر 2024ء بروز اتوار عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”محفلِ بغداد“ منعقد کی جائے گی جس میں حضورِ غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کے واقعات بتائے جائیں گے۔

محفل کا آغاز رات تقریباً 9:00 بجےتلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوگا نیز منقبتِ غوثِ اعظم بھی پڑھی جائے گی۔

اس ”محفلِ بغداد“ میں خصوصی شرکت شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی ہوگی۔قرب و جوار کے تمام عاشقانِ اعظم اس محفلِ پاک میں شرکت کرکے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 24 ستمبر 2024ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”محفلِ بغداد“ کے انتظامات کے سلسلے میں ایک مدنی مشورہ ہوا جس میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اس مدنی مشورے میں مبلغِ دعوتِ اسلامی و معاون رکنِ شوریٰ حاجی محمد عابد عطاری اور نگرانِ شعبہ حج و عمرہ محمد تسلیم رضا خان عطاری نے مختلف امور پر کلام کیا جبکہ سابقہ ایونٹ ”استقبال حجاج کرام“ کی رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔

علاوہ ازیں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے مزید بہتر انتظامات کے اہداف اور نئے انتظامی امور کے متعلق تبادلۂ خیال کیا جس پر تمام اسلامی بھائیوں نے اپنی اپنی رائے پیش کی۔(رپورٹ:محمد دانش عطاری معاون رکن شوری حاجی وقار المدینہ عطاری، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینا ہے اور اس مہینے کو خاص طور پر نواسۂ رسول حضرت امام حسین رضی اللہُ عنہ سے نسبت ہے کیونکہ اسی مہینے کی دس تاریخ کو امام حسین رضی اللہُ عنہ اور آپ کے رُفقا کو میدانِ کربلا میں بڑی بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا تھا۔

عاشقانِ اہلِ بیت محرم الحرام کے ابتدائی دس دِ نوں میں خصوصی پر محافل کا اہتما م کرتے، ذکرِ اہلِ بیت کرتے ، کربلا کے واقعے سے ملنے والے درس کو سمجھنے اور شانِ امام حسین کو بیان کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے بھی یکم محرم الحرام سے مدنی مذاکروں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہےجو کہ دس محرم الحرام ”یومِ عاشورہ“ تک جاری رہے گا ۔ ان مدنی مذاکروں میں عاشقِ اہلِ بیت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شانِ اہلِ بیت اور کربلا کے متعلق گفتگو فرمارہے ہیں۔ امیر اہل سنت عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات بھی ارشاد فرماتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان مدنی مذاکروں میں پاکستان کے مختلف سے شہروں سے عاشقانِ رسول ٹرینوں، بسوں اور گاڑیوں میں سفر کرکے پہنچ رہے ہیں۔ اس وقت بھی ہزاروں عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز میں موجود ہیں جنہیں کھانے پینے اور رہائش سمیت میڈیکل کی تمام سہولیات دعوتِ اسلامی کی جانب سے فراہم کی جارہی ہیں۔

یہ تمام مدنی مذاکرے مدنی چینل پر لائیو ٹیلی کاسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔

عاشقانِ رسول سے گزارش ہے کہ آپ بھی فیضانِ مدینہ میں آکر ان مدنی مذاکروں میں شرکت فرمائیں یا مدنی چینل پر ملاحظہ فرمائیں۔


گزشتہ رات دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں شہر بھر سے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

اجتماع کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا جس کے بعد مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا زاہد عطاری مدنی نے ”حضرتِ ابراہیم علیہ السلام کے واقعات“ کے موضوع پر بیان کیا اور حضرتِ ابراہیم علیہ السلام کی مبارک سیرت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام بہت اُونچے رُتبے والے نبی ہیں ،اللہ پاک نے آپ کو اپنا خلیل بنایا، اسی لئے آپ کو خَلِیْلُ اللہ کہا جاتا ہے،حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کے بعد جتنے انبیائے کرام علیہمُ السَّلَام تشریف لائے، سب آپ کی اَوْلاد سے ہوئے، اس لئے آپ کو ”اَبُوالْاَنْبِیَا (یعنی انبیاء کے والِد) بھی کہا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قرآنِ کریم میں کئی مقامات پر حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کا ذِکْرِ خیر کیا گیا ہے، آپ کے اَوْصاف و کمالات، آپ کے معجزات، آپ کی اطاعت و فرمانبرداری اور محبّتِ اِلٰہی وغیرہ کے کئی حسین اور خوبصُورت واقعات بھی قرآنِ مجید میں بیان ہوئے ہیں۔

مولانا زاہد عطاری مدنی نے اپنے بیان میں مسلمان کی اہم ذمہ داریوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان پر جو بنیادی ذِمَّہ داریاں ہیں، ان میں ایک اَہَم تَرِین ذِمَّہ داری اپنے ایمان کو مَضْبُوط کرنا ہے اور آج کے دَور میں اس کی زیادہ ضرورت ہے۔ اب وہ دَور چل رہا ہے، جس کے متعلق حدیثِ پاک میں ارشاد ہوا: ایک زمانہ آئے گا، آدمی صبح کو مؤمن شام کو کافِر ہو گا اور شام کو مؤمن تو صبح کو کافِر ہو گا۔

ہمارے پاس سب سے بڑی دولت ایمان ہے، اس کی حفاظت کرنا ہماری ذِمَّہ داری ہے ،جگہ جگہ فتنے اُٹھ رہے ہیں، آئے روز ایک نیا فتنہ سَر اُٹھاتا ہے اور زیادہ خطرے کی بات یہ ہے کہ یہ فتنے ہر ایک کی پہنچ میں ہیں۔ پہلے دَور میں فتنے کم تھے اور پِھر حالت یہ تھی کہ ایک ملک یا ایک شہر میں فتنہ اُٹھتا تو دوسرے علاقوں میں اس کی خبر پہنچتے پہنچتے کئی مہینے اور سال لگ جایا کرتے تھے مگر اب سوشل میڈیا کا دور ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی نے ترقی کر لی ہے، اب حالات ایسے ہیں کہ دُنیا کے ایک کونے میں کوئی فتنہ اُٹھتا ہے، چند سیکنڈ لگتے ہیں کہ دوسرے کونے تک اس کے اَثَرات پہنچ جاتے ہیں۔یہ بہت حیرانی کی بات ہے، پہلے دَور میں فتنے کم تھے مگر ایمان بچانے کی فِکْر زیادہ تھی لیکن افسوس! آج فتنے زیادہ ہیں، ایمان لُٹ جانے کے مواقع بڑھ گئے ہیں مگر ایمان بچانے کی فِکْر بہت کم رہ گئی ہے۔

قربانی کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سُنْتِ ابراہیمی یعنی قربانی کے اَیَّام بھی قریب ہیں۔ قُربانی کرنا بڑے ثواب کا کام ہے، اللہ پاک کی رِضا والا کام ہے، اس کے صدقے اللہ پاک کا قُرب نصیب ہوتا ہے،قُربانی کرنا سنّت ابراہیمی ہے،قُربانی کرنا سُنَّتِ انبیا ہے اور قربانی کرنا سَیِّدِ انبیا، محبوبِ خُدا، اَحْمد مجتبیٰ، یعنی ہمارے آقا، مُحَمَّد مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی بھی پیاری پیاری سُنَّت ہے۔آنحضرت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جو خوش دِلی سے، ثواب کے لئے قربانی کرے، اس کی قُربانی اس کے اور جہنّم کے درمیان آڑ بن جائے گی۔ لہذا ہمیں چاہیئے کہ خوش دلی سے اچھے سے اچھے جانور کی قربانی کریں اور رب کی جانب سے انعام کے حقدار بنیں۔

اجتماع میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کیمروں کے ذریعے اجتماع کی نگرانی بھی کی جارہی تھی۔

اجتماع کی پہلی نشست کا اختتام صلاۃ و سلام پر ہوا۔

واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کے تحت ہر جمعرات کو بڑے پیمانے پر دنیابھر میں ہفتہ وار اجتماعات منعقد ہوتے ہیں جن میں اراکین شوری و مبلغین دعوتِ اسلامی بیانات فرماتے ہیں۔ ان اجتماعات میں لاکھوں عاشقانِ رسول شرکت کی سعادت حاصل کرتے اور برکتیں حاصل کرتے ہیں۔ آپ بھی ہر جمعرات کو اپنے علاقے میں ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرکے ثواب اور علم کا خزانہ حاصل کریں۔


12 مئی 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مرکز الاقتصاد الاسلامی (Islamic Economics Centre) کے تحت تربیتی سیشن ہوا جس میں ماہر اقتصادیات مفتی علی اصغر عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، مفتی دار الافتاء اہلسنت کے علماء و مفتیان کرام اور دوسالہ تخصص فی الفقہ و الاقتصاد الاسلامی کے اسٹوڈنٹس اور اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔

تربیتی سیشن میں شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت بھرےاصولوں سے شرکا کی تربیت فرمائی اور سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہوئے مدنی پھولوں سے نوازا۔


دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 05 مئی 2024ء کو ” حج تربیتی اجتماع“و ”محفلِ مدینہ“ کا انعقاد کیا گیا ۔

حج تربیتی اجتماع کا آغاز بعد نماز ظہر تلاوت قرآن پاک اور بارگاہِ رسالت مآب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں ہدیۂ نعت پیش کرتے ہوئے ہوا جس میں رواں سال حج پر جانے والے عاشقانِ رسول اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیااور اجتماع میں شریک عازمین کو مکۃ المکرمہ زادھَا اللہُ شرفاً وَّ تعظیماً کی حاضری، احرام باندھنے کا طریقہ، حج و عمرہ کا طریقہ، طوافُ الزیارہ، رمی، سعی اور دیگر امور پر شرکا کی رہنمائی کرتے ہوئے اہم معلومات فراہم کیں۔ اذان عصر پر حج تربیتی اجتماع کا اختتام ہوا۔

بعد نماز عشاء عظیم الشان ”محفلِ مدینہ“ سجائی گئی ۔ محفل مدینہ میں اس سال حج پر جانے والے عاشقانِ مدینہ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس محفل میں نگران شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، اراکین شوریٰ، ذمہ داران دعوتِ اسلامی اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

محفل کے آغاز میں قرآنِ پاک کی تلاوت کی گئی اور ہدیۂ نعت پیش کیا گیا۔ عاشقِ مدینہ، شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول میں انتہائی شفیق انداز میں علمِ دین سے بھر پور بیان کیا اور شرکا کی حاضریٔ مکہ و مدینہ کے آداب، سنتیں، دعائیں اور فرائض و واجبات کے حوالے سے رہنمائی کی۔امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےدوران حج کی جانے والی غلطیوں کی بھی نشاندہی کی اور ”رفیق الحرمین“ پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

امیر اہلسنت سے قبل نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بھی اسلامی بھائیوں کی حج و عمرہ کے حوالے سے رہنمائی کی اور سنتوں بھرا بیان کیا۔ محفل مدینہ میں خوبصورت کلام اور نعتیں بھی پڑھی گئیں، اس موقع پر رنگیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ محفل مدینہ کے اختتام پر صلوۃ و سلام پڑھا گیا اور امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے خصوصی دعا بھی کروائی۔


 25اپریل 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں اجتماعی قربانی کے متعلق کراچی سٹی آفس کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں رکن شوریٰ و نگران کراچی حاجی فضیل رضا عطاری نے شرکا کی مختلف امور پر تربیت فرمائی اور اجتماعی قربانی کے حوالے سے رہنمائی فرمائی۔

مشورے میں سید دانش عطاری، سید اسد عطاری، سید شفیق عطاری، ڈسٹرکٹ ذمہ داران اور اجتماعی قربانی مجلس کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ (رپورٹ: احمدرضا)


الحمد اللہ عزوجل بروزبدھ 24 اپریل2024کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں انٹرنینشل افئیر ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک سالہ تخصص فی الدعوہ کورس کا اختتام ہوا  اس کورس میں مدنی اسلامی بھائیوں کو مجلس کورسز کے تحت تمام دینی کورسز اور دینی کاموں کا پریکٹکل، انگلش، وعربی کورسز اور کچھ سیلکڈڈ اسلامی بھائیوں کو دیگر لینگوئج کا سکھانے کا سلسلہ بھی ہوا جبکہ وقتا فوقتا امیر اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ،نگران شوری وارکین شوری، مفتیان کرام نے بھی شرکائے کورس کی تربیت کی ۔

اس کورس کے فارٖغ التحصیل ہونے والے اسلامی بھائیوں کی اختتامی نشست میں اراکین شوری نے شرکاء کو ہر وقت اور ہر جگہ میں دینی کاموں کا فروغ دینے کے حوالے سے ترغیب دلائی۔

ارکین شوری حاجی عبدالحبیب عطاری،حاجی رفیع العطاری،حاجی اطہر عطاری ،حاجی امین عطاری،ابو ماجدشاہد عطاری مدنی اور حاجی علی عطاری کے ہاتھوں سے تقسیم اسناد کا سلسلہ ہوا ۔(رپورٹ: محمد مبشر مدنی انٹرنیشنل افئیر آفس (تخصص فی الدعوہ کورس)کانٹینٹ رائیٹرشعیب احمد)


5رکنی مجلس  مدنی قافلہ، نیک اعمال،مدنی کورسز،مدرسۃ المدینہ بالغان اور ہفتہ وار اجتماع و مدنی مذاکرے کے سٹی ذمہ داران کا فیضان مدینہ کراچی میں رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری کے دفتر میں مدنی مشورہ منعقد ہوا۔

مدنی مشورے میں رکن شوریٰ نے ماہ رمضان اعتکاف اور مدنی عطیات کے حوالے سے اسلامی بھائیوں کی ذہن سازی کی اور انہیں شعبہ جات میں جاری دینی کاموں میں مزید بہتری لانے کے تعلق سے مدنی پھول دیئے جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔( کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


چند روز قبل  فیضان مدینہ کراچی میں رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے ایونٹ مجلس فیضان مدینہ کے ذمہ داران کے ساتھ مدنی مشورہ فرمایا جس میں رکن شوریٰ نے ایک ماہ رمضان اعتکاف کے حوالے سے رہنمائی کی۔

اس موقع پر رکن شوریٰ نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں معتکفین کو ہر طرح کی جائز سہولیات دینے اور انتظامی معاملات کے حوالے سے پلاننگ بتائی جس پر ایونٹ مجلس فیضان مدینہ نے رکن شوریٰ کی بتائی گئی ہدایات کو نافذ کرنے میں بھر پور کردار ادا کرنے کی نیت کا اظہار کیا۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں 27 جنوری 2024ء کو عظیم الشان ”اجتماع ختم بخاری شریف“ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبائے کرام نے شر کت کی جبکہ اجتماع ختم بخاری کو ملک و بیرون مدنی چینل پر مختلف مقامات پر دیکھا گیا۔

اجتماع ختم بخاری میں خلیفہ امیر اہلسنت، مفتیانِ کرام، نگرانِ شوریٰ و اراکین شوریٰ اور دیگر عاشقانِ رسول بھی موجود تھے۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔

ختم بخاری شریف کے اجتماع میں استاذ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”بخاری شریف“ اور امام بخاری کی سیرتِ مبارکہ پر روشنی ڈالی اور طلبہ کے سامنے مزید علم حاصل کرنے کے فضائل و آداب پر بیان کیا۔

شیخ طریقت امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے تقریب میں بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھ کر سنائی اور طلبہ کو خاص نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ درسِ نظامی (عالم کورس) کرنے کے بعد علم دین کا یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے بلکہ اس کو جاری رکھا جائے۔ آپ نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کی آمدآمد ہے میری خواہش ہے کہ طلبائے کرام ایک کا ماہ اعتکاف کریں۔