عازمینِ حج کے لئے فیضانِ مدینہ کراچی میں محفل مدینہ و حج تربیتی اجتماع کا انعقاد 27 اپریل کو منعقد ہوگا
اس سا ل حج پر جانے والے خوش نصیب عازمینِ حج کے
اعزاز میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے 27 اپریل 2025ء بروز اتوار عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی
میں حج تربیتی اجتماع و محفلِ مدینہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حج تربیتی اجتماع کا آغاز ظہر
کی نماز کے بعد دوپہر تقریباً دو بجے (02:00 PM) تلاو ت و نعت سے ہوگا جس کے بعد انٹرنیشنل مبلغ
و رکنِ شوریٰ مولانا الحاج عبدالحبیب عطاری حج کرنے کے حوالے سے شرکا کی تربیت فرمائیں گے۔ حج کے بارے میں قدم بقدم یعنی مکہ پہنچ کر سب سے
پہلے کیا کرنا ہے؟ کس طرح احرام باندھنا ہے؟ سفرِ حج کی احتیاطیں کیا کیا ہیں؟
ایئر پورٹ کی احتیاطیں؟ منی و عرفات و مزدلفہ میں کس طرح جانا ہے ؟وہاں کیا کرنا
ہے؟ حج کے فرائض کیا کیا ہیں؟واجبات کیا کیا ہیں؟ الغرض پورے
سفرِ حج میں ہمیں کب، کیا اور کس طرح کرنا ہے؟ یہ سب کچھ مکمل تفصیلات کے ساتھ
مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری ہمیں بیان کریں گے۔
ظہر و عصر تک جاری رہنے والے اِس اجتماع میں
مغرب کی نماز کے بعد تمام عازمینِ حج کو عشائیہ پیش کیا جائے گا جس کے بعد عشا کی
نماز باجماعت ادا کی جائے گی۔ نمازِ عشا کی ادائیگی کے بعد تقریباً ساڑھے نو بجے (09:30 PM) محفلِ مدینہ کا آغاز ہوگا جس میں نگرانِ شوریٰ
اور اراکین شوریٰ سمیت کثیر عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
اور امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانامحمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ بیرونِ ملک سے بذریعہ مدنی چینل شرکت فرمائیں گے
۔
محفلِ مدینہ میں مدنی چینل کے معروف ثناخواں حضرات
نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور مدینے شریف کے متعلق کلام سنا کر حاضرین و ناظرین کے عشقِ رسول کومزید بڑھا ئیں
گے۔
واضح رہے کہ حج تربیتی اجتماع اور محفلِ مدینہ میں عازمینِ حج کے علاوہ بھی اسلامی
بھائی شرکت کر سکتے ہیں یعنی صرف عازمینِ
حج کے لئے ہی ضروری نہیں بلکہ دیگر عاشقانِ رسول بھی آنا چاہیں تو وہ آسکتے ہیں
بلکہ بعض وہ عاشقانِ رسول جو صرف حج کی
تمنا رکھتےہیں اور ظاہری اسباب کے حساب سے حج کی طاقت نہیں رکھتے تو وہ اس محفل
میں حاضر ہوکر حج و عمرہ کی دعا مانگتے ہیں۔ ایسے کئی اسلامی بھائی ہیں جو یہاں
دعائیں کرنے کے صدقے میں حقیقی طور پر حاجی بن گئے اور اللہ پاک نے ان کے لئے اسباب پیدا فرمادیئے۔
تمام عاشقانِ رسول اس حج تربیتی اجتماع و محفلِ مدینہ میں ضرور بالضرور شرکت فرماکر اپنے لئے علمِ دین کا خزانہ حاصل کریں۔