دارالمدینہ کاتعارف

Wed, 11 Aug , 2021
3 years ago

دارالمدینہ ایک نظر میں

مروجہ تعلیمی نظام میں پروان چڑھنے والے غیر اسلامی نظریات نے ہماری نئی نسل کو اسلامی تعلیمات سے دور کر دیا ہے۔ مخلوط تعلیمی نظام اور سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بناء پر بے راہ روی عام ہوتی جارہی ہے ۔ان حالات کے باعث سنجیدہ اور دینی شعور رکھنے والے افراد کے ذہنوں میں یہ سوچ پیدا ہوئی کہ ایک ایسا تعلیمی نظام بھی ہونا چاہیے، جہاں اُمّت کے نونہال دینی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ شریعت کے تقاضوں کے مطابق جدید دُنیاوی تعلیم بھی حاصل کر سکیں،اس طرح ایک طرف تو مستقبل کے معماروں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت ہوسکے گی اور دُوسری طرف وہ مسلمانوں کےشعائر کی دُرست ترجمانی کر سکیں گے اوران میں خدمت ِدین و ملّت کا جذبہ بھی بیدار ہوسکےگا۔

عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوت ِاسلامی کی علم ِدین کے فروغ کے حوالے سے شبانہ روز کاوشیں کسی سے ڈھکی چُھپی نہیں ہیں ۔ ملک و بیرون ملک میں  قائم سینکڑوں مدارس المدینہ اور جامعات المدینہ کی خدمات روز ِروشن کی طرح عیاں ہیں ۔ شیخ ِطریقت ،امیرِ اہلِ سُنّت ،بانی دعوت ِ اسلامی ،حضرت علّامہ مولاناابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضویدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہْکے فیضان ِنظر سےان خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے 2011ء میں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم  کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ دینی علوم کے ساتھ جدید دُنیاوی علوم و فنون   کو  شریعت  کے تقاضوں کے مطابق   پڑھایا جائے۔ دارالمدینہ کا پہلا کیمپس 25 صفر  1432 ہجری بمطابق 30 جنوری 2011 کو قائم کیا گیا۔اللہ پاک کے کرم سے اس اسکول سسٹم نے انتہائی تیزی سے ترقی کی منازل طے کیں اور اب تک پاکستان  کے 23 شہروں میں 82  اسکولز قائم کیے جاچکے ہیں جن میں 21،000سے زائدطلبہ وطالبات تعلیم و تربیت حاصل کررہے ہیں ۔پاکستان کے علاوہ USA، UK، ساؤتھ افریقہ، نیپال، بنگلہ دیش اور  انڈیا میں بھی مجموعی طور پر 25 دارالمدینہ اسلامک اسکولز قائم ہوچکے ہیں جن میں 5,000سے زائد اسٹوڈنٹس زیر تعلیم ہیں۔

دارُالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم دینی و دُنیا وی تعلیم کا حسین امتزاج ہے۔یہاں قُرآنِ مجید اور ضروری علوم کی تعلیم کا خُصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ناظرہ قرآنی تعلیم اور حفظ کیے ہوئے طلبہ کے لیے منزل کی دُہرائی کا ایک پیریڈ مختص کیا گیا ہے ، جس میں حفاظ طلبہ کو اپنی منزل مضبوط کرنے کا موقع میسر آتا ہے۔

دارالمدینہ اسلامک سسٹم میں ابتدا ہی سے بچوں اور بچیوں کے لیےالگ الگ کلاسز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔بچوں کی تربیت اور اُنھیں ایک اچھّا انسان اور باکردارمسلمان بنانے کے لیےمختلف نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ بامقصد نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔دارالمدینہ میں طلبہ کے درمیان مختلف ایجوکیشنل اور فزیکل ایکٹیویٹیز پر مشتمل competitionsکروائے جاتے ہیں۔بچوں کی ذہنی نشونما کے ساتھ ان کی جسمانی نشونما پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔

اہم دینی، قومی اور عالمی ایونٹس کے مواقع پر دارالمدینہ کے طلبہ کو اس دن کے پیغام کودرست انداز سے سمجھانے کےلیے دارالمدینہ میں ایونٹس کے تحت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ طلبہ میں عشق رسول صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم بڑھانے کےلیے عید میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر محفل میلاد کا اہتمام ہوتا ہے۔شب معراج ، شب براءت اور دیگر اہم اسلامی ایونٹس پر خصوصی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔

ایک مسلمان کے لیے وطن کی محبت نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ دارالمدینہ میں یوم آزادی، یوم پاکستا ن اور دیگر اہم قومی ایونٹس پر مختلف پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ طلبہ کو اپنے ملک کے بارے میں آگاہی ملے اور اس کی تاریخی اہمیت کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہو۔یوم صفائی، یوم شجر کاری اور اس طرح کے بہت سے ایام دارالمدینہ میں خصوصی اہتمام کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔

دارُالمدینہ میں پڑھنے والے طلبہ کے لیے قومی و عالمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید اور معیاری نصاب تیار کیا گیا ہے، پری پرائمری میں early childhood education  کی گائیڈلائنز اور recommendationsکی روشنی میں  کلاس روم arrangement اور لرنگ کارنرز کے ذریعے بچوں کی دلچسپی کو برقرار رکھتے ہوئے سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ دارالمدینہ پری پرائمری میں ٹیچر بطور facilitator  بچوں کے سیکھنے کے عمل میں ان کی مدد کرتی ہے۔ دارالمدینہ انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جہاں ان کے لیے سیکھنا ایک پرلطف اور بامقصد سرگرمی بن جائے۔

بچوں کی Personal and Social Developmentکے لیے، اُن میں روزِ مرہ کے کام کرنے کی صلاحیت بڑھانے،تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے،اخلاقی قدروں کا خیال رکھنے،اُن کے تجربات اور مشاہدات کو وسیع کرنے، اپنی صحت کا خیال رکھنے سے متعلق شعور و آگہی فراہم کرنادارُالمدینہ کے پری پرائمری نصاب کا حصہ ہے ۔طلبہ کو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے پرائمری کیمپسز میں کمپیوٹر لیبز قائم کی گئی ہیں ۔ طلبہ کی سائنسی تعلیم کی ضروریات پوری کرنےکے لیے سیکنڈری کیمپسزمیں کمپیوٹر لیبز کے ساتھ سائنس لیبزبھی قائم کی گئی ہیں۔

دارالمدینہ میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اہل،تجربہ کار اور اعلی تربیت یافتہ اساتذہ کرام کا انتخاب کیا جاتا ہے، وقتاً فوقتاً ان اساتذہ کرام کے لیے ٹریننگ سیشنز کا اہتمام بھی کیا جاتاہے تاکہ اُنہیں جدید تعلیمی تکنیک اور سہولتوں سے آگاہی فراہم کی جاسکے۔

دارُالمدینہ میں معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے  تقسیم کاری کرتے ہوئے متعددذیلی شعبے  قائم کیے گئے ہیں جن میں شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ، ایجوکیشن مینجمنٹ ،شعبہ دینیات وغیرہ بھی شامل ہیں ۔ دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے تحت تیار کردہ کتب دارُالمدینہ کے تعلیمی نصاب میں شامل کی جاچکی ہیں اور دیگر پبلشرز کی کتب بھی شرعی تفتیش کے بعد شامل ِنصاب کی جاتی ہیں۔تمام شعبہ جات کے ذریعے ہونے والے کاموں کو شرعی تقاضوں اور احتیاطوں کے مطابق جانچنے کے لیے شعبہ تفتیش وشریعہ  بھی قائم ہے۔ اَلۡـحَـمۡـدُ لـِلّٰـهِ عَزَّوَجَلَّ د ارُالمدینہ کے تعلیمی ،تدریسی اور انتظامی ماحول  کو  ہر قسم کے غیر شرعی اُمور سے پاک رکھنے کی حتی الامکان کوشش کی جاتی ہے ۔ دارُالمدینہ کے معیار ِتعلیم میں مزید بہتری کے لیےمجلس دارالمدینہ پُوری طرح سرگرم عمل ہے۔