ہر سال 15 اکتوبر کو دنیا بھر میں ”عالمی یومِ سفید چھڑی“ (World White Cane Day) منایا جاتا ہے، جس کا بنیادی مقصد نابینا افراد کی خودمختاری، حقوق اور معاشرے میں ان کی شمولیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

نابینا افراد کی عزتِ نفس کا خیال رکھنا، اُن کے ساتھ محبت و احترام سے پیش آنا اور اُن کی ضرورت و اجازت کے مطابق مدد کرنا ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔

اس دن کی مناسبت سے دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت نابینا افراد کو دینی تعلیمات سے آراستہ کرنے اور اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کی جانے والی مختلف خدمات کی تفصیلات پیشِ خدمت ہیں:

قرآن ایجوکیشن:

پاکستان کے 7 اہم مقامات (کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، سرگودھا، ملکوال اور میرپور کشمیر) میں ”مدرسۃ المدینہ برائے نابینا افراد“ قائم ہیں جہاں بریل رسم الخط، مدنی قاعدہ اور ڈیجیٹل آڈیو قرآن کے ذریعے نابینا افراد کو قرآنِ کریم اور ضروری دینی تعلیم دی جا رہی ہے۔

دینی ایجوکیشن:

حیدرآباد، سندھ میں ”جامعۃ المدینہ برائے نابینا افراد“ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے ذریعے طلبہ کو باقاعدہ درسِ نظامی (عالم کورس) کی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

آڈیو بکس اور موبائل ایپ:

علمی و دینی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 500 سے زائد آڈیو بکس جاری کی جا چکی ہیں جو Special Persons Dawat-e-Islami Application کے ذریعے بھی آسان رسائی کے ساتھ دستیاب ہیں۔

بریل کُتُب و تفاسیر:

مختلف اہم دینی موضوعات پر 13 بریل کُتُب شائع کی جا چکی ہیں جبکہ قرآنِ کریم کی تفسیر کے 20 پارے بھی بریل رسم الخط میں شائع ہو چکے ہیں۔

خصوصی کُتُب کی اشاعت:

نابینا افراد کی شرعی رہنمائی کے لیے ”نابینا افراد کے شرعی احکام“ اور ”نابینائی کی فضیلت“ نامی کُتُب دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ ( www.dawateislami.net ) پر شائع کی گئی ہیں۔

آن لائن ایجوکیشن:

”فیضان آن لائن اکیڈمی“ کے ذریعے نابینا افراد کو گھر بیٹھے مختلف دینی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی ان تمام کاوشوں کا بنیادی مقصد نابینا افراد تک دینی تعلیم کی رسائی کو ممکن بنانا، اُن کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں دین و معاشرے کے لیے ایک مثبت و فعال کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔(رپورٹ: سید عمیر عطاری نگران ِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)

اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت 08 اکتوبر 2026ء کو سب ڈیپارٹمنٹ ”فزیکل اسپیشل پرسنز“ (جسمانی معذور) کے ذمہ دار خالد محمود عطاری نے فیصل آباد ڈویژن ذمہ دار نعمان بدر عطاری کے ہمراہ فیصل آباد کے علاقے سمندری روڈ میں ایک معذور عالمِ دین مولانا صابر فاروق قادری سے ملاقات کی۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق مولانا صابر فاروق قادری دونوں ہاتھوں اور دونوں پاؤں سے معذور ہیں، اس کے باوجود وہ زبان سے ٹچ کر کے موبائل فون کے ذریعے آن لائن کلاس پڑھاتے ہیں اور گھر پر بھی بچوں کو فی سبیل اللہ قرآنِ پاک کی تعلیم دیتے ہیں۔

ملاقات کے دوران ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے صبر و شکر کے حوالے سے گفتگو کی اور مولانا صابر فاروق قادری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا تعارف بھی کروایا جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے دینی و فلاحی کاموں کو سراہا اور ذمہ داران کو دعاؤں سے نوازا۔(رپورٹ: محمد نعمان بدر عطاری فیصل آباد ڈویژن ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 1 اکتوبر  2026ء کو اسپیشل ایجوکیشن سینٹر شاہ رکن عالم، ملتان میں اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے پرنسپل محمد سجاد حیدر، ٹیچرز اور اسپیشل اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔

اجتماع میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے اسپیشل پرسنز کی سہولت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اشاروں کی زبان (Sign Language) میں بیان کیا جس میں انہوں نے محبتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور نیک اعمال اختیار کرنے کی ترغیب دلائی۔

اجتماع کے اختتام پر حاضرین کو دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے اور قافلے میں سفر کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔(رپورٹ: مولانا محمد جمال عطاری مدنی اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت  2 اکتوبر 2026ء کو ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے ڈسٹرکٹ اٹک کی تحصیل جنڈ کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے مقامی اسکول میں بچوں کے درمیان سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد کیا اور اسٹاف سے ملاقات کی ۔

اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اٹک اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار محمد فرقان عطاری نے اسپیشل پرسنز سے ملاقاتیں کیں اور اُن کے درمیان نیا رسالہ ”نور والا آیا ہے“ تقسیم کیا۔

بعدازاں اسپیشل پرسنز کے درمیان بھی سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں ماں باپ کی خدمت کرنے کے موضوع پر بیان کیا گیا جبکہ حاضرین کو نماز کی شرائط و فرائض یاد کروائے گئے۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ کے تحت اورنگی ڈسٹرکٹ کے اورنگی ٹاؤن میں واقع جامع مسجد سبحانی میں 4 اکتوبر 2026ء کو ایک پُرنور اور بابرکت سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد کیا گیا۔

یہ حلقہ غوثِ پاک حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے منعقد کیا گیا جس میں اورنگی ڈسٹرکٹ کے ذمہ دار محمد جواد عطاری نے تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت و تعلیمات کے بارے میں بیان کیا اور حاضرین کو ماہِ قافلہ کی دعوت بھی پیش کی۔

اس حلقے میں اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا اسلامی بھائی)، اُن کے سرپرست اور ٹاؤن کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ اسپیشل پرسنز کی آسانی کے لیے اشاروں کی زبان میں حلقہ بھی لگایا گیا، جس میں تمام اسپیشل پرسنز کو ہفتہ وار اجتماع اور مدنی مذاکرے کی دعوت دی گئی۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت 27 ستمبر 2026ء کو حنفیہ مسجد، قائد آباد، ڈسٹرکٹ ملیر میں اسپیشل پرسنز کے لیے ایک دن ”راہِ خدا“ کے سفر اور سیکھنے سکھانے کے حلقے کا انعقاد کیا گیا۔

اس حلقے میں ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار وسیم احمد عطاری نے اشاروں کی زبان (Sign Language) میں اسپیشل پرسنز کے درمیان نمازوں کی پابندی سے متعلق بیان کیا اور انہیں عملی طور پر (پریکٹیکل کے ذریعے) نماز کا طریقہ سکھایا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ نگران اور دیگر ذمہ دار اسلامی بھائی موجود تھے۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


تحریر: مولانا دانیال عطاری

آنکھیں اللہ پاک کی عطا کردہ وہ عظیم نعمت ہیں جن کے ذریعے انسان اس خوبصورت کائنات کے رنگ، اپنے پیاروں کے چہرے، قرآنِ پاک کے الفاظ اور قدرتِ الٰہی کی بے شمار نشانیاں دیکھتا ہے۔ یہ نعمت اس قدر قیمتی ہے کہ اس کی حقیقی قدر کا احساس اکثر اس وقت ہوتا ہے جب نظر کمزور ہونے لگے یا بصارت کسی مشکل سے دوچار ہو جائے۔

عالمی یومِ بصارت کی اہمیت:

ہر سال اکتوبر کی دوسری جمعرات عالمی یومِ بصارت منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ آنکھوں کی صحت اور بصارت کی حفاظت محض ایک طبی ضرورت نہیں بلکہ ہماری زندگی کے معیار سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی بصارت کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اُن افراد کا احساس کرنے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے جو بصارت کی کمزوری یا کسی دوسرے جسمانی چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں۔

آنکھوں کی حفاظت اور سنتِ نبوی:

ہمارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے بھی آنکھوں کی حفاظت کے حوالے سے سرمہ استعمال کرنے کی ترغیب ارشاد فرمائی۔ حدیثِ پاک میں سرمے کے فوائد بیان کرتے ہوئے نظر کی تیزی اور پلکوں کے بالوں کے لیے اس کے فائدے کا ذکر ملتا ہے، جس سے ہمیں آنکھوں کی صحت اور حفاظت کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا کردار:

دینی و سماجی خدمت کے میدان میں دعوتِ اسلامی کا اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ بصارت سے محروم افراد کی ضروریات کو سمجھنے، اُن تک آڈیو بک اور بریل بک کے ذریعے دینی و اخلاقی تعلیم پہنچانے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ ایسے افراد کے ساتھ ہمارا رویہ محض ہمدردی تک محدود نہیں ہونا چاہیئے، بلکہ عزت، محبت، اعتماد اور برابری پر مبنی ہونا چاہیئے۔

صلاحیتیں اور عزم:

یہ بات بھی پیشِ نظر رہنی چاہیئے کہ بصارت کی کمزوری یا جسمانی معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں کی کمی کی دلیل نہیں۔ دنیا میں ایسے بے شمار افراد موجود ہیں جنہوں نے اپنی محنت، عزم، صبر اور صلاحیتوں کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ جسمانی مشکلات کامیابی کی راہ میں حائل ہونے کے بجائے انسان کے حوصلے کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔

عہد اور پیغام:

ہمیں چاہیئے کہ اپنی آنکھوں کی حفاظت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، بصارت سے متعلق آگاہی کو فروغ دیں اور اپنے اردگرد موجود اسپیشل پرسنز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کبھی ایک چھوٹی سی مدد، حوصلہ افزائی کا ایک جملہ یا عزت و محبت سے پیش آنے کا ایک انداز کسی کی زندگی میں بڑی خوشی کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی یومِ بصارت کے موقع پر یہ عہد کرنا ضروری ہے کہ نعمتِ بصارت کی قدر کی جائے گی، آنکھوں کی حفاظت کی جائے گی اور اسپیشل پرسنز کے لیے ایک ایسا معاشرہ بنایا جائے گا جہاں ہر فرد کو عزت، محبت اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔(رپورٹ: نگران شعبہ اسپیشل پرسنز سید عمیر عطاری، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)

دنیا بھر میں ہر سال 23 ستمبر کو International Day of Sign Languages (عالمی یومِ اشاروں کی زبان) منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد اشاروں کی زبان کی اہمیت کو اجاگر کرنا، سماعت سے محروم افراد کے لیے مؤثر رابطے کے مواقع پیدا کرنا اور معاشرے میں ان کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے خصوصی افراد تک دینی تعلیمات، اسلامی معلومات اور اصلاحی پیغامات پہنچانے کے لیے مختلف خدمات انجام دی جا رہی ہیں:

ترجمانی کا خصوصی انتظام: دینی اجتماعات، مدنی مذاکروں اور مختلف پروگرامز میں اشاروں کی زبان میں ترجمانی کا انتظام کیا جاتا ہے تاکہ سماعت سے محروم افراد بھی دینی بیانات سے استفادہ کر سکیں۔

اشاروں کی زبان میں دینی کُتُب و رسائل: خصوصی افراد کی دینی رہنمائی کے لیے کُتُب و رسائل شائع کیے گئے ہیں جن میں ”باتصویر نماز کا طریقہ(حصہ اول و دوم) “،”باتصویر وضو کا طریقہ“، ”باتصویر حج و عمرہ کا طریقہ“ اور باتصویر کلام ”نور والا آیا ہے“شامل ہیں۔ ان مطبوعات میں ضروری دینی احکام کو تصاویر اور اشاروں کی زبان کے ذریعے آسان انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

اشاروں کی زبان سیکھنے کے کورسز: عام افراد کے لیے 7 دن پر مشتمل ”اشاروں کی زبان کورس“ کروایا جاتا ہے جس میں روزمرہ زندگی کے ایک ہزار (1,000) سے زائد اشارے سکھائے جاتے ہیں اور شرکا کو سرٹیفکیٹ دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ اشاروں کی زبان سیکھ کر خصوصی افراد سے مؤثر انداز میں رابطہ کرسکیں ۔ اسی طرح دعوتِ اسلامی کے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز کے ذریعے ایک ماہ کا آن لائن اشاروں کی زبان کورس بھی کروایا جاتا ہے جس کے اختتام پر شرکا کو سرٹیفکیٹ فراہم کیا جاتا ہے یوں گھر بیٹھے اشاروں کی زبان سیکھنے کے مواقع بھی میسر آتے ہیں۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور موبائل ایپ: Special Persons Dawateislami کے نام سے یوٹیوب، فیس بک، واٹس ایپ، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور ویب سائٹ پر 5 ہزار سے زائد ویڈیوز موجود ہیں۔ نیز، اسپیشل پرسنز موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی خصوصی افراد کے لیے دینی مواد فراہم کیا جا رہا ہے نیز اسپیشل پرسنز موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی خصوصی افراد کے لیے دینی مواد فراہم کیا جا رہا ہے۔(رپورٹ: سید عمیر عطاری نگرانِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت 24 اگست 2026ء کو کراچی کے صدر ڈسٹرکٹ، لائنز ایریا ٹاؤن میں نمائش چورنگی کے قریب واقع معذور افراد کے ادارے ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (DWA) میں ایک بابرکت اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا اور وہاں موجود معذور افراد سے خصوصی ملاقات کی گئی۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ ذمہ دار انس عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور محفلِ نعت کا سلسلہ بھی ہوا۔ ڈسٹرکٹ ذمہ دار نے اپنے بیان کے دوران شعبے کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور حاجت مند و معذور افراد کی خدمت، نیکی کی دعوت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کی دعوت پیش کی۔

اس بابرکت اجتماع میں معذور اسلامی بھائیوں اور ادارے کے ایڈمن نے شرکت کی نیزاجتماع میں پاکستان فیزیکل اسپیشل پرسنز کے ذمہ دار خالد محمود عطاری نے بھی خصوصاً شرکت کی اور پروگرام کے آخر میں انہوں نے رقت انگیز دعا کروائی۔(رپورٹ:اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


12 ستمبر 2026ء کوضلع سرگودھا، پنجاب کی تحصیل بھلوال میں دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ایک پُروقار اجتماعِ میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈیف اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس بابرکت اجتماع میں پاکستان ڈیف ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق گجر، بھلوال تحصیل کے صدر اور کوٹ مومن کے تحصیل ذمہ دار سمیت دیگر شخصیات نے بالخصوص شرکت کی۔

اجتماع کے موقع پر وہاں موجود تمام اسلامی بھائیوں نے اجتماعِ میلاد میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے آقا دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔

اجتماع کے اختتام پر پاکستان ڈیف ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق گجر کے ہاتھوں سے تمام شرکائے اجتماع میں دینی رسالہ ’’نور والا‘‘ بھی تقسیم کیا گیا جبکہ تقریب کا اختتام دعا پر ہوا۔(رپورٹ: عامر عطاری سرگودھا ذمہ داراسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 10 ستمبر 2026ء بروز جمعرات جہلم شہر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری سلمہ الباری نے بیان سنتوں بھرا بیان کیا۔

اجتماع میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی کاوشوں سے سیکڑوں اسپیشل پرسنز نے شرکت کی، جن میں گجرات، لالہ موسیٰ، ڈسکہ، سراے عالمگیر، منڈی بہاؤالدین، چکوال، جہلم، دینہ، منگلا، سوہاوہ، گوجرخان اور میرپور کشمیر سے آنے والے خصوصی افراد بھی شامل تھے۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز کے لیے اشاروں کی زبان میں بیان کی ترجمانی کا خصوصی انتظام کیا گیا تاکہ سماعت سے محروم اسلامی بھائی بھی اجتماع کے بیان سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکیں۔

اسپیشل پرسنز کی کثیر تعداد میں شرکت دعوتِ اسلامی کے اس شب و روز جاری دینی و اصلاحی سلسلے کا مظہر ہے جس کے ذریعے خصوصی افراد تک قرآن و سنت کی تعلیمات پہنچانے، ان کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے اور انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کی جانب سے خصوصی افراد کو اجتماعات میں شرکت کی دعوت دینے، ان کی آمد و رفت میں معاونت اور دینی رہنمائی فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔(رپورٹ: عبدالقیوم عطاری جہلم ڈسٹرکٹ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

5 ستمبر 2026ء کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر I-8/2 میں واقع جامع مسجد صدیقِ اکبر میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت اسپیشل پرسنز کے لیے ایک عظیم الشان اجتماعِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے صوبائی ذمہ دار کامران عطاری نے اسپیشل پرسنز کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجتماع کے دوران دعوتِ اسلامی کے مبلغ لیاقت عطاری نے ’’ آمدِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اور سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت ‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے شرکائے اجتماع کو سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دلائی۔

گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں کی سہولت اور ان کو اجتماع سے بھرپور استفادہ فراہم کرنے کے لیے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے صوبائی ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے اشاروں کی زبان (Sign Language) میں بیان کی ترجمانی کے فرائض سرانجام دیے۔

اجتماع کے اختتام پر جامع مسجد کے امام صاحب مولانا محبوب قادری نے رقت انگیز دعا کروائی جس کے بعد اسپیشل پرسنز اور دیگر تمام شرکا کے لیے لنگرِ رضویہ کا وسیع اہتمام بھی کیا گیا۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)