اسلام آباد میں اسپیشل پرسنز کے درمیان خصوصی
پروگرام ”ایک دن راہ خدا میں“
2 مئی 2026ء،فیضان
اسلامک سینٹر، اسلام آباد:
2 مئی 2026ء کو اسلام آباد میں واقع فیضان
اسلامک سینٹر میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت ایک خصوصی پروگرام ”ایک
دن راہ خدا میں“ منعقد کیا گیا جس میں صوبائی ذمہ داران کامران عطاری اور بدر
شفیق عطاری نے اسپیشل پرسنز کے ہمراہ شرکت کی۔
اس موقع پرصوبائی ذمہ دار نے شرکا کے درمیان
بیان کرتے ہوئے اللہ پاک کی رضا اور زندگی میں دین اسلام کی اہمیت
پر روشنی ڈالی۔ صوبائی ذمہ دار نے اسپیشل پرسنز کو نیکی کی دعوت پیش کی اور انہیں
ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے نیز ہفتہ
وار مدنی مذاکرے میں شامل ہونے کی ترغیب دلائی۔
شجاع آباد میں موجود اسپیشل ایجوکیشن سینٹر کا دورہ،
پرنسپل اور اسٹوڈنٹس سے ملاقات
30 اپریل 2026ء:
دعوتِ
اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت 30 اپریل 2026ء کو اسپیشل ایجوکیشن سینٹر شجاع آباد میں ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی پرنسپل محمد ساجد سے ملاقات ہوئی جنہیں اسپیشل
پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا اور دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی
خدمات سے آگاہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پرنسپل کو دعوتِ اسلامی کی جانب
سے تیار کردہ اسپیشل پرسنز ایپلیکیشن بھی انسٹال کروایا گیا،اس ایپلیکیشن میں اسپیشل
پرسنز کے لئے اشاروں کی زبان میں بیانات موجود ہیں اور یہ ایپلیکیشن اسپیشل پرسنز
کے ساتھ دینی کام کرنے والوں کے لئے بھی اشاروں کی زبان سیکھنے میں معاون ثابت ہوتی
ہے۔ اس جدید کاوش کو دیکھ کر پرنسپل نے خوشی کا اظہار کیا اور دعوتِ اسلامی کی
خدمات کو سراہا۔
اس کے علاوہ اسپیشل پرسنز اسٹوڈنٹس کے درمیان ”والدین
اور اساتذہ کے آداب“ کے موضوع پر بیان کیا گیا جسے ملتان ڈویژن کے ذمہ دار مولانا
محمد جمال عطاری مدنی نے اشاروں کی زبان میں نہایت آسان انداز میں کیا۔
28 اپریل 2026ء :
اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت 28
اپریل 2026ء کو ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے
گورنمنٹ ہائی اسکول سمیجہ آباد، ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پرنسپل
سے ملاقات کی اور انہیں اسپیشل پرسنز
ڈیپارٹمنٹ کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے
دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات سے آگاہ کیا ۔
ملاقات کے دوران ذمہ داران نے پرنسپل کو نابینا
افراد کے لئے بریل لینگویج میں مکتبۃ المدینہ کا رسالہ پیش کیا جس کا مقصد تھا کہ اسپیشل
پرسنز بھی دینی تعلیمات سے آسانی کے ساتھ مستفید ہو سکیں۔ پرنسپل نے اس کاوش کو
سراہا اور اسے ایک بہترین دینی خدمت قرار دیا۔
علاوہ ازیں اسکول کے اسٹوڈنٹس میں ایک سیشن ہوا جس میں نہایت مؤثر انداز میں
نماز کی اہمیت پر گفتگو کی گئی نیز
اسٹوڈنٹس کو بتایا گیا کہ نماز دین کا
ستون اور کامیابی کی کنجی ہے ۔ساتھ ہی
درودِ پاک کے فضائل بیان کئے گئے اور اسٹوڈنٹس کو کثرت سے درود شریف پڑھنے کی ترغیب
دلائی گئی۔
پروگرام کے آخر میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کا مکمل
تعارف کروایا گیا اور بتایا گیا کہ دعوتِ
اسلامی اسپیشل پرسنز کے لئے کس طرح دینی
خدمات سرانجام دے رہی ہے جبکہ اسٹوڈنٹس کو اشاروں کی زبان (Sign Language) بھی سکھائی گئی تاکہ وہ بنیادی دینی تعلیمات اور پیغامات اشاروں
کی زبان میں سمجھ سکیں۔
چک بیلی خان، راولپنڈی، پنجاب :
دعوتِ
اسلامی کے زیرِ اہتمام 25 اپریل 2026ء کو تحصیل چک بیلی خان، پنجاب کی یونین کونسل چھٹہ میں
نیکی کی دعوت کے سلسلے میں تین دن کے قافلے میں سیکھنے سکھانے
کا حلقہ لگایا گیا جس میں خصوصی طور
پر اسپیشل پرسنز (گونگے اور بہرے اسلامی بھائیوں) نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ذمہ دار نعیم سلطان عطاری نے
اشاروں کی زبان میں اسپیشل پرسنز کو نماز، سنتوں اور اخلاقیات پر مبنی نیکی کی
دعوت پیش کی جس پر انہوں نے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں تعاون کرنے اور نمازوں کی پابندی
کرنے کی نیتیں کیں۔(رپورٹ: محمد نعیم سلطان عطاری
راولپنڈی سٹی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
کلر سیداں، پنجاب ، 21
اپریل 2026ء:
دعوتِ
اسلامی جو کہ زندگی کے ہر شعبے میں دینِ متین کی خدمت کرنے میں مصروفِ عمل ہے وہیں معاشرے کے اسپیشل پرسنز
کی دینی و اخلاقی تربیت کے لئے بھی کوشاں ہے۔
اس
سلسلے میں 21 اپریل 2026ء کو اسپیشل پرسنز
ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت نعیم سلطان عطاری نے دیگر ذمہ دار اسلامی بھائیوں
کے ہمراہ تحصیل کلر سیداں، پنجاب میں قائم اسپیشل پرسنز کے تعلیمی ادارے نیاز
فاؤنڈیشن (اسپیشل بچوں کا پرائیویٹ اسکول) اور اسپیشل ایجوکیشن سینٹر (اسکول) کا وزٹ کیا۔
اس وزٹ کے دوران ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اسپیشل
بچوں (بہرے اور گونگے اسٹوڈنٹس) سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے درج ذیل
اہم سرگرمیاں سرانجام دیں:
اشاروں کی زبان سیشن:
ذمہ دارِ دعوتِ اسلامی نے اسپیشل پرسنز کو ان کے
مخصوص اشاروں کی زبان (Sign Language) میں نیکی کی دعوت
پیش کی اور اللہ و رسول صلَّی اللہ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت کے حوالے سےقرآن و حدیث کی تعلیمات بیان
کیں۔
نماز کا طریقہ (پریکٹیکل):
اسپیشل بچوں کو عبادات میں بہتری لانے کے لئے
عملی طور پر نماز کا طریقہ سکھایا گیا، جس میں وضو اور نماز کے ارکان کی درستگی پر
توجہ دی گئی۔
اخلاقی تربیت:
اسپیشل بچوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے
وابستہ رہنے اور والدین و اساتذہ کا ادب و
احترام کرنے کی ترغیب دلائی گئی۔
17 اپریل 2026ء :
دعوتِ
اسلامی کے زیرِ اہتمام ایک شاندار ”حج تربیتی اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس
میں عام اسلامی بھائیوں کی طرح خاص طور پر اسپیشل پرسنز نے خصوصی شرکت کی جس کا
مقصد ہر طبقۂ زندگی تک دینِ اسلام کی تعلیمات پہنچانا اور اسپیشل پرسنز کو مناسکِ
حج کی تربیت فراہم کرنا تھا۔
اجتماع میں مبلغِ دعوتِ اسلامی نے حج کے فرائض و
واجبات اور سنتوں
کے بارے میں آسان و مؤثر انداز میں حاضرین کی رہنمائی کی۔ خاص بات یہ رہی کہ اس اجتماع کو
اشاروں کی زبان (Sign Language) میں ترجمان کیا گیا
تاکہ اسپیشل پرسنز بھی بھرپور استفادہ کر سکیں۔
اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کے تعاون
سے شرکا کو احرام باندھنے، طواف اور دیگر مناسکِ حج کی عملی تربیت بھی دی گئی جس سے سیکھنے کا عمل مزید مؤثر ہو گیا۔
اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سفر کے آداب بھی بیان کئے گئے تاکہ شرکا
کے دلوں میں عشقِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم مزید بیدار ہو۔
عاشقانِ رسول کی عالمگیر مدنی تحریک دعوتِ اسلامی
کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز لالہ موسیٰ ، پنجاب میں قوتِ سماعت سے محروم
اسلامی بھائیوں کے لئے”کفن دفن کورس“ کا انعقاد کیا گیا۔
اس کورس میں اسپیشل پرسنز کو غسلِ میت اور کفن کاٹنے
/ پہنانے کا طریقہ نہایت آسان اور عملی انداز میں سکھایا گیا تاکہ وہ اس ثواب کے
کام کو صحیح طریقے سے ادا کر سکیں۔
معلومات کے مطابق یہ کورس گجرات ڈویژن ذمہ دار
محمد نبیل عطاری نے کروایا جبکہ نگرانِ اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ محمد عمیر ہاشمی
عطاری نے اشاروں کی زبان (Sign Language) میں اس کی ترجمانی
کر کے اسپیشل پرسنز کے لئے سیکھنے کے عمل کو نہایت آسان بنا یا۔
کورس کے اختتام پر تحصیل ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ
حبیب عطاری نے اجتماعی دعا کروائی۔اور اسپیشل پرسنز نے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے
ہوئے کہا کہ:”ہمیں اس کورس سے قبل غسلِ میت اور کفن کاٹنے / پہنانے کے طریقۂ
کار کا مکمل علم نہیں تھا، یہ ہمارے لئے نہایت مفید کورس رہا۔ ایسے کورسز کا سلسلہ
جاری رہنا چاہیئے“۔(رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ ،
کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)
مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اسلام آباد G-11 میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام
ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی ذمہ دار کامران عطاری
نے خصوصی طور پر اسپیشل پرسنز کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
معلومات کے مطابق اجتماع کا آغاز تلاوت و نعت سے
کرنے کے بعد رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے بیان کیا جس کی صوبائی
ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے اشاروں کی زبان میں ترجمانی کی تاکہ اسپیشل پرسنز کو باآسانی
زیادہ سے زیادہ علمِ دین سیکھنے کا موقع ملے۔
رکن شوریٰ نے”موسیقی حرام ہے “، ”اس کی نحوست“
اور ”دل کا سکون ذکر اللہ ہے“
ان موضوعات پر تمام اسلامی بھائیوں کی رہنمائی نیز انہیں نماز وں کی پابندی کرنے
کی ترغیب بھی دلائی جس پر اسپیشل پرسنز نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کے قریب جامع مسجد فاطمۃ
الزہرا میں ہفتہ وار اجتماع
وفاقی دارالحکومت اسلام
آباد:
اسلام آباد ایکسپریس وے کے قریب کری روڈ پر واقع
جامع مسجد فاطمۃ الزہرا میں دعوتِ اسلامی کے
زیرِ اہتمام ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی ذمہ دار کامران عطاری نے اسپیشل
پرسنز کے ہمراہ کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
معلومات کے مطابق اجتماع کے دوران تلاوت و نعت
کے بعد رکنِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی وقار
المدینہ عطاری نے بیان کیا جس کی اشاروں کی زبان میں ترجمانی صوبائی ذمہ دار بدر
شفیق عطاری نے کی تاکہ اسپیشل پرسنز کو اس اجتماعِ پاک میں زیادہ سے زیادہ علمِ
دین سیکھنے کا موقع ملے۔
اس موقع پر نگران شعبہ عمیر ہاشمی عطاری، آفس
ذمہ دار سمیر ہاشمی عطاری، پاکستان سطح کے اسپیشل ایجوکیشن ذمہ دار احمد اویس عطاری،
ڈسٹرکٹ ذمہ دار نعیم عطاری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
رکن شوریٰ نے وہاں موجود تمام اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے تحت قافلوں میں سفر کرنے اور
نماز وں کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی جس پر اسپیشل پرسنز نے اچھی اچھی نیتیں
کیں۔
عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت
اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے ڈویژن ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے سرگودھا سٹی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں واقع مدرسۃالمدینہ
برائے نابینا افراد کا دورہ کیا۔
اس دوران ڈویژن ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اسپیشل (نابینا) طلبہ سے ملاقات کی اور انہیں دعاؤں سے نوازا جبکہ طلبہ نے خوبصورت انداز میں
تلاوتِ قرآن مجید اور نعت شریف سنائی جس نے حاضرین کے دلوں کو منور کر دیا۔
اس موقع پر ڈویژن ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے
اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ڈویژنز میں بھی مدرسۃ المدینہ برائے
نابینا افرادقائم کرنے کے لئے بھرپور کوششیں
کریں گے۔ آخر میں نابینا ذیلی شعبہ کے ذمہ
دار خالد عطاری نے دعا کروائی جس میں شعبہ کے لئے خیر و برکت اور ترقی کی دعا کی
گئی ۔ (رپورٹ: محمد وقاص عطاری، صوبائی ذمہ دار پنجاب ، کانٹینٹ:غیاث
الدین عطاری)
21 اپریل 2026ء کو دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز
فیضانِ مدینہ علی ٹاؤن، سرگودھا سٹی میں اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت مدنی مشورے
کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبہ پنجاب کے
ڈویژن ذمہ داران نے شرکت کی ۔
اس مدنی مشورے میں صوبائی ذمہ دار محمد وقاص عطاری نے ڈیپارٹمنٹ
کے دینی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا جس پر
وہاں موجود ذمہ داران نے اپنے ڈویژن و ضلع
میں ڈیپارٹمنٹ کے دینی کاموں میں مزید
بہتری لانے اور آئندہ کے اہداف کے لئے
اچھی اچھی نیتیں کیں۔
اس کے علاوہ نگرانِ سرگودھا ڈویژن محمد عادل رضا
عطاری نے ذمہ داران سے گفتگو کی اور ڈیپارٹمنٹ
کو مضبوط بنانے، اسپیشل پرسنز کو دینی ماحول میں لانے، انہیں مبلغِ دعوتِ اسلامی
بنانے اور دیگر دینی معاملات کے حوالے سے ذہن سازی کی۔ (رپورٹ: محمد وقاص عطاری، صوبائی ذمہ دار پنجاب ، کانٹینٹ:غیاث
الدین عطاری)
چنیسرٹاون، گلشن ڈسٹرکٹ کے علاقے منظورکالونی میں اسپیشل پرسنز کا ماہانہ اجتماع
اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کے تحت چنیسرٹاون،
گلشن ڈسٹرکٹ کے علاقے منظورکالونی میں اسپیشل
پرسنز کے لئے ”ماہانہ اجتماع“ منعقد کیا گیا جس میں اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرے اور نابینا افراد) کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تلاوت و نعت کے بعد نگرانِ ڈسٹرکٹ واصف عطاری نے
اپنے بیان کے دوران اسپیشل پرسنز کی ذہن سازی کی اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی
کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینےکی ترغیب دلائی جبکہ وسیم احمد عطاری نے اشاروں میں بیان کی ترجمانی
کی۔
اس موقع پر اسپیشل پرسنز نے باجماعت نماز پڑھی، قرآن
مجید کی زیارت و تلاوت کی اور اگلے مہینے 1، 2 اور 3 مئی 2026ء کو قافلے میں سفر کرنے نیز ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنےکی نیتیں کیں۔ (رپورٹ: اسپیشل پرسنز ڈپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:غیاث الدین
عطاری)
Dawateislami