سرزمینِ بنگلہ دیش کے عاشقانِ رسول کو علمِ دین سکھانے اور انہیں پیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری پیاری سنتیں سکھانےکے لئے عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت کراسنگ موڑ،شِکل باہا، کرنافولی ، چٹاگانگ(Shikalbaha, Karnaphuli, Chittagong )میں 30 اپریل تا 2 مئی 2025ء کو ”تین دن کا عظیمُ الشان اجتماع“ منعقد کیا گیا۔

اس اجتماعِ پاک میں چٹاگانگ ڈویژن، بنگلہ دیش کے مختلف شہروں اور اطراف علاقوں سے بزنس کمیونٹی ومختلف شعبہ جات کے اسلامی بھائی، طلبۂ کرام، اساتذۂ کرام اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

معلومات کے مطابق اجتماع کے تینوں دن مختلف نشستیں ہوئیں جن میں تلاوتِ قراٰن، نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، ذکر و اذکار، مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے بیانات، رقت انگیز دعائیں اور سیکھنے سکھانے کے حلقے شامل تھے جبکہ اجتماع میں ہونے والی تمام نشستیں بنگلہ مدنی چینل سمیت بنگلہ سوشل میڈیا پیجز پر براہِ راست نشر کی گئیں۔

اس دوران پاکستان سے دینی کاموں کے سلسلے میں بنگلہ دیش آئے ہوئے خلیفۂ امیرِ اہلِ سنت مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مد ظلہ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیااور جامعۃالمدینہ بنگلہ دیش کے تحت درسِ نظامی (عَالم کورس) سے فارغ التحصیل ہونے والے مدنی علمائے کرام کی دستارِفضیت فرمائی۔

بعدازاں 2 مئی 2025ء کو بعد نمازِ جمعہ خصوصی اختتامی نشست ہوئی جس میں رقت انگیز دعا کروائی گئی۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

مجلس انٹرنیشنل افیئرز دعوتِ اسلامی کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق  شیخِ طریقت امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہکے بڑے بیٹے اور خلیفہ و جانشین حضرتِ مولانا حاجی عبید رضا عطاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی 30 اپریل 2025ء کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شرکت کے لئے بنگلہ دیش روانہ ہورہے ہیں۔

خلیفۂ امیر اہل سنت بنگلہ دیش میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے تین روزہ اجتماع میں بھی خصوصی شرکت و بیان فرمائیں گے جبکہ ذمہ داران کے درمیان مدنی مشورے، شخصیات سے ملاقاتیں اور دیگر تنظیمی ایکٹیوٹیز آپ کے شیڈول کا حصہ رہیں گی۔

بنگلہ دیش کے تمام عاشقان رسول سے گزارش کی جاتی ہے کہ شکلباہا، کرنافولی ، چٹاگانگ میں 30 اپریل سے شروع ہوکر 02 مئی 2025ء کو اختتام پذیر ہونے والے اس اجتماعِ پاک میں خود بھی شرکت کریں اور دوسروں کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دیں۔ 


بنگلہ دیش میں مقیم عاشقانِ رسول کے لئے خوشخبری!

عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت چٹاگانگ ڈویژن سطح پر ہونے جارہا ہے تین دن کا عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع جو 30 اپریل سے شروع ہوکر 02 مئی 2025ء کو اختتام پذیر ہوگا۔ اجتماع کے انعقاد کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

تین دن کا یہ عظیم الشان اجتماع شکلباہا، کرنافولی ، چٹاگانگ(Shikalbaha, Karnaphuli, Chittagong )میں موجود وسیع وعریض رقبے پرمنعقد کیا جائیگا۔ اس اجتماع میں چٹاگانگ ڈویژن کے مختلف شہروں اور اطراف علاقوں سے بزنس کمیونٹی ومختلف شعبہ جات کے اسلامی بھائیوں سمیت مقامی عاشقانِ رسول کی شریک ہوں گے۔

تین دن کے اجتماع میں مختلف نشستوں کا سلسلہ ہوگا جس میں تلاوت و نعت، ذکر و اذکار، مبلغین دعوتِ اسلامی کے بیانات، رقت انگیز دعائیں اور مختلف دینی کورسز کے لئےدینی حلقے لگائے جائیں گے۔عظیم الشان اجتماع کے تمام مناظر بنگلہ مدنی چینل سمیت بنگلہ سوشل میڈیا پیجز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش کے تمام عاشقانِ رسول سے اس عظیم و روحانی اجتماع میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


دعوتِ اسلامی جہاں دنیا بھر کے  لوگوں کو سنتِ رسول کا عامل بنانے، انہیں نیکی کی دعوت دینے میں مصروف ہے وہیں معاشرے کی اصلاح اور معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کو بھی دور کرنے میں اپنی خدمات سرانجام دی رہی ہے جس کو ملک و بیرونِ ملک میں وقتاً فوقتاً سراہا جاتا ہے۔

FGRF UK دعوتِ اسلامی کے تحت خدمتِ خلق کے لئے کئے جانے والے مسلسل اقدامات کے پیشِ نظر برطانیہ کی کاؤنٹی ویسٹ مڈلینڈز کے ہائی شیرف (High Sheriff) کی جانب سے ہائی شیرف ایوارڈ “(High Sheriff Award) دیا گیا جو کہ FGRF یوکے، یورپ اور کینیڈا کے نگران حاجی سیّد فضیل رضا عطاری نے وصول کیا۔

الحمدللہ یہ FGRF دعوتِ اسلامی کا ایک بڑا کارنامہ ہے جوکہ کمیونٹی کے لئے شب و روز کئے جانے والی خدمات پر دلالت کرتا ہے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی عالمی سطح پر خدمتِ دین کرنے، فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور  لوگوں کو اسلامی تعلیمات سکھانے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک ہے جس کے تحت وقتاً فوقتاً ملک و بیرونِ ملک میں مختلف سیشنز و اجتماعات منعقد ہوتے رہتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 23 فروری 2025ء بروز اتوار ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی (آسٹریلیا ریجن) کے تحت ہونے جارہا ہے ”انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس ویبینار“ (International Students Webinar) جوکہ آسٹریلیا میں شام 5 بجے اور نیوزی لینڈ میں رات 8 بجے دیکھا جا سکے گا۔

اس سیشن میں نگرانِ ملاوی مولانا محمد عثمان عطاری مدنی Entertainment to Enlightenmentکے موضوع بیان کریں گے اور چند اہم نکات پر عاشقانِ رسول کی رہنمائی کریں گے ۔ رمضانُ المبارک کے بابرکت مہینے کی تیاری کے لئے اس سیشن میں ضرور شرکت کریں۔( کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)

ابھی رجسٹریشن کریں:

https://www.jotform.com/build/250466787662874


دعوتِ اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ بوائز کے تحت آسٹریلیا کے اسلامک سینٹر فیضانِ مدینہ Lakemba Sydney میں ٹریننگ سیشن کا سلسلہ ہوا جس میں مدرسۃ المدینہ کے بچوں نے شرکت کی۔

ٹریننگ سیشن میں بچوں کو نماز کا پریکٹیکل کروایا گیاجس میں نیت کرنا، قیام، قراءت، رکوع اور سجود سمیت دیگر ارکانِ نماز سکھائے گئے۔


دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام بنگلہ دیش کی جامع مسجد منت علی شاہ نارائن گنج میں ایک دن کا تربیتی اجتماع ہوا جس میں مبلغین و ذمہ داران دعوتِ اسلامی سمیت مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

رکن شوریٰ عبد المبین عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کی 12 دینی کاموں کے حوالے سے تربیت کی۔ رکن شوریٰ نے شرکاکو اپنے اپنے علاقوں میں دینی کاموں کو بڑھانے کا ذہن دیا۔


سید پور بنگلہ دیش میں  دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں تاجر برادری اور دیگر شعبہ جات کے عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو اپنی مصروفیت سے دینی کاموں کے لئےکچھ نہ کچھ وقت نکالنے، جان و مال سے دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ ملانے اور سنتِ رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔


بنگلہ دیش کے سٹی رنگپور میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں تاجر برادری اور دیگر شعبہ جات کے عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔

رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں جانی و مالی تعاون کے ذریعے حصہ لینے، مدنی قافلوں میں سفر کرنے اور خوب خوب نیکیاں کرنے کی ترغیب دلائی۔


مانچسٹر (Manchester) یوکے کی مقامی مسجد میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

رکنِ شوریٰ حاجی محمد خالد عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور شرکا کو نیکی کی دعوت دیتے ہوئے انہیں علمِ دین حاصل کرنے اور دینی کاموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی۔


عاشقانِ رسول کی عالمگیر دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام9 فروری 2024ء کو المقبول مسجد کولمبو (Colombo) سری لنکا (Sri Lanka) میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں مختلف شخصیات و مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے ”سچی محبت“ کے موضوع پر انگلش لینگویج میں سنتوں بھرا بیان کیا۔ دورانِ بیان رکن شوریٰ نے کلمہ طیبہ کی فضیلت بتاتے ہوئے شرکا کوکلمہ طیبہ کا ورد کرنے کی ترغیب دلائی۔رکنِ شوریٰ کے بیان میں عاشقانِ رسول کو آقا کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے عشق و محبت کرنے اور ان کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنے کا ذہن دیا گیا۔

اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطاری بھی موجود تھے۔ اختتام پر صلوۃ و سلام اور دعا کا سلسلہ ہوا۔


ڈربن (Durban) سٹی ساؤتھ افریقہ کے Durban Exhibition Centreمیں پچھلے دنوں دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں صوبہ ناٹال کے شہروں سمیت ساؤتھ افریقہ کے مختلف علاقوں سے بس اور دیگر ذرائع سے سفر کرتے ہوئےبزنس کمیونٹی، مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول، جامعۃ المدینہ ومدرسۃا لمدینہ کے اساتذۂ وطلبائے کرام اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی جبکہ علمائےکرام،اراکینِ شوری، مبلغین اور ذمہ داران دعوتِ اسلامی بھی موجود تھے نیز پردے میں رہتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بہنیں بھی موجود تھیں۔

سنتوں بھرےاجتماع کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک و نعتِ رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا جس میں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے کلام پڑھا۔

اجتماع میں ملک پاکستان سے تشریف لائے ہوئے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے سنتوں بھرا بیان کیااور شرکا ئے اجتماع کو گھریلو لڑائی جھگڑوں سے بچتے ہوئے اپنے گھر میں دینی ماحول بنانے اور نیک اعمال کرنے کا ذہن دیا۔ دورانِ بیان نگرانِ شوریٰ نے عفوو درگزر سے کام لینے اور ایک دوسرے کو معاف کرنے کی ترغیب دلائی۔

اختتام پر صلوة وسلام پڑھاگیا جبکہ شرکائے اجتماع نے نگرانِ شوریٰ اور اراکینِ شوریٰ سے ملاقات بھی کی۔