پڑوسی کی تعریف: جن کا گھر اپنے گھر سے ملا ہوا ہو وہ پڑوسی کہلاتے ہیں۔

اللہ پاک نے جس طرح اپنے حقوق کی اور ماں باپ کے حقوق کی تعلیم فرمائی اسی طرح پڑوسیوں کے حقوق کی بھی تعلیم دی ہے، ارشادِ خداوندی ہے: وَ الْجَارِ ذِی الْقُرْبٰى وَ الْجَارِ الْجُنُبِ (پ 5، النساء: 36) ترجمہ کنز العرفان: قریب کے پڑوسی اور دور کے پڑوسی( کے ساتھ اچھا سلوک کرو)۔ قریب کے ہمسایہ سے مراد وہ ہے کہ جس کا گھر اپنے گھر سے ملا ہوا ہو یا جو پڑوسی بھی ہو اور رشتہ دار بھی یا جو پڑوسی بھی ہو اور مسلمان بھی وہ قریب کا ہمسایہ ہے۔ دور کے ہمسایہ سے مراد وہ جو محلے دار تو ہو لیکن اس کا گھر اپنے گھر سے ملا ہوا نہ ہو یا جو صرف پڑوسی ہو رشتہ دار نہ ہو یا جو صرف پڑوسی ہو مسلمان نہ ہو وہ دور کا ہمسایہ ہے۔ (تفسیرات احمدیہ، ص 275)

پڑوسیوں کے 5 حقوق درج ذیل ہیں:

1۔ حسن سلوک: پڑوسی کا سب سے پہلا حق یہ ہے کہ اس کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے اگر ان سے کوئی غلطی ہو تو درگزر کیا جائے۔ حدیثِ مبارکہ میں ہے پیارے آقا ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنے پڑوسی کے ساتھ حسن سلوک کرے۔ (مسلم، ص 43، حدیث: 48 )

2۔ پڑوسی کا عزت و اکرام: دوسرا حق یہ ہے کہ ان کی عزت و احترام کیا جائے اگر وہ بڑے ہیں تو ان کو اپنا بزرگ خیال کریں اور کوئی ایسی بات ان سے نہ کی جائے کہ جس سے یہ ظاہر ہو کہ آپ ان کی عزت نہیں کرتے۔

3۔ ایذا رسانی سے پرہیز: پڑوسی کے حقوق میں سے یہ بھی ہے کہ وہ آپ کی ہر قسم کی تکلیفوں اور آفتوں سے محفوظ رہے۔ پیارے آقا ﷺ نے ارشاد فرمایا: خدا کی قسم وہ مومن نہیں (تین مرتبہ اس جملے کو دہرایا) عرض کی گئی: کون یا رسول اللہ؟ فرمایا: وہ شخص کہ اس کا پڑوسی اس کی آفتوں سے محفوظ نہ ہو۔ (بخاری، 4/ 104، حدیث: 6016)

4۔ ہدیہ و تحفہ دینا: پڑوسی کا ایک حق یہ بھی ہے کہ اسے بھی اپنی ہانڈی میں سے کچھ دے۔ ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اے ابو ذر! جب تم سالن بناؤ تو اس میں پانی زیادہ کر دو اور اس میں سے اپنے پڑوسی کو ہدیہ بھیجو۔ (مسلم، ص 1413، حدیث: 2625)

5۔ مالی خدمت: پڑوسی کا حق یہ بھی ہے کہ اگر وہ تمہاری اعانت(مدد) کا طالب ہو تو اس کا ہاتھ بٹاؤ اگر بیمار ہو جائے تو اس کی تیمارداری کی جائے اگر وہ محتاج ہو تو اس کی حاجت پوری کی جائے۔ پیارے آقا ﷺ نے فرمایا: جبریل مجھے مسلسل پڑوسی کے بارے میں وصیت کرتے رہے یہاں تک کہ مجھے گمان ہونے لگا کہ عنقریب پڑوسی کو وارث بنا دیں گے۔ (بخاری، 4/104، حدیث: 6014)

ہمیں چاہیے کہ ہم ہر شخص کے ساتھ حسن سلوک کریں اور اللہ پاک نے جو حقوق ہم پر لازم کیے ہیں ان کو پورا کرنے کی کوشش کریں اللہ پاک ہمیں پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


شعبہ رابطہ برائے وکلا دعوت اسلامی  کے تحت 12 اکتوبر 2023ء بروز جمعرات نیو جوڈیشل کمپلیکس ،تحصیل کورٹس پتوکی میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں پتوکی بار ایسوسی ایشن کے وکلا اور ججز کی شرکت ہوئی ۔

محفل پاک کا آغاز تلاوت ِقرآن پاک و نعت رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔بعدازاں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری نے

’’ محسن انسانیت‘‘کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جس میں وکلا کو اپنی زندگی کے شب و روز تعلیمات مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بتائے ہوئے طریقہ کار کے مطابق گزارنے کی ترغیب دلائی۔(رپورٹ : علی ریاض عطاری تحصیل ذمہ دار شعبہ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ ، کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


10 اکتوبر 2023ء  کو مدنی مرکز فیضان مدینہ فیصل آباد میں پاکستان مشاورت آفس کے ذمہ داران کا مدنی مشورہ ہوا جس میں پاکستان مشاورت آفس کے تمام ذمہ داران اورs HOD نے شرکت کی ۔

نگران پاکستان مشاورت و رکن شوریٰ حاجی محمد شاہد عطاری نے اسلامی بھائیوں سے سابقہ کارکردگی جائز ہ لیا اور ٹیلی تھون کی تیاری کے حوالے سے مدنی پھول دیئے جبکہ ذمہ داران نے اب تک جمع ہونے والے ڈونیشن نگران پاکستان مشاورت کی بارگاہ میں پیش کئے جس پر آپ نے دعاؤں سے نوازا۔(رپورٹ:عبد الخالق عطاری ،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


دعوت اسلامی  کے شعبہ خودکفالت کے ذمہ داران کی دعوت پر مختلف شخصیات نے مدنی مرکز فیضان مدینہ فیصل آباد کا دورہ کیا ۔جہاں ذمہ داران نے شخصیات کو خوش آمدید کہا۔

آنے والے مہمانو ں کو اسلامی بھائیوں نے فیضان مدینہ میں موجود شعبہ جات کا وزٹ کروایا اور ان میں ہونےو الے دینی کاموں کے حوالے سے معلومات فراہم کیں ۔

بعدازاں مہمانوں نے نگران پاکستان مشاورت و رکن شوریٰ حاجی محمد شاہد عطاری سے ملاقات کی۔نگرانِ پاکستان نے شخصیات کو قیمتی مدنی پھولوں سے نوازتے ہوئے انہیں نماز ،روزےکی پابندی کرنے اور سنتوں پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ نیکی کرنے اور نیکی کے کاموں میں حصہ لیتے رہنے کا ذہن دیا۔

مزید نگران پاکستان مشاورت نے اسلامی بھائیوں کے سروں پر عمامہ شریف باندھا نیز انہیں دعوت اسلامی کے تحت ہونے والے ٹیلی تھون مہم کے لئے عطیات جمع کروانے کے بارے میں ترغیب دلائی۔ آخر میں نگران پاکستان مشاورت نے انہیں دعاؤں سے نوازتے ہوئے تحائف بھی دیئے۔(رپورٹ:عبد الخالق عطاری ،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


عاشقانِ رسول  کی دینی تحریک دعوت اسلامی کے شعبہ مدرسۃ المدینہ بالغان کے تحت لاہور میں مدنی مشورے کا انعقاد ہوا جس میں ٹاؤن ذمہ داران نے شرکت کی ۔

لاہور ڈویژن ذمہ دار نے مدنی مشورے میں درود پاک کی کثرت کرنے ، رسالہ نیک اعمال سے روزانہ اپنے اعمال کا جائزہ لینے ، نفلی روزے رکھنے اور نمازتہجد ادا کرنے کا ذہن دیا جبکہ ٹیلی تھون کی مدد میں زیادہ سے زیادہ کوشش کرکے یونٹس اکھٹے کرنے کی ترغیب دلائی جس پر ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے اچھے و نیک جذبات کا اظہار کیا۔(رپورٹ: احمد رضا عطاری لاہور سٹی ذمہ دار،کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)

 


دعوت اسلامی کے شعبہ  ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے تحت ذمہ داران نے ہٹیاں بالا ڈسٹرکٹ جہلم ویلی میں پیر سید سکندر کاظمی علیہ الرحمہ اور سید اشرف شاہ کاظمی علیہ الرحمہ کے مزار پر حاضری دی اور وہاں فاتحہ خوانی اور ایصال ثواب کے بعد دعا کروائی ۔

٭بعدازاں ذمہ داران نے ہٹیاں بالا بازار میں تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا تعارف کروایا نیز اس کی سالانہ بکنگ کروانے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتوں کا اظہار کیا۔

٭دوسری جانب ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ مولانا مہروز عطاری مدنی نے چناری میں قائم غوثیہ مسجد میں مفتی محمد مقصود کیانی صاحب اور تاجر اسلامی بھائیوں میں مدنی حلقہ لگایا جس میں انہیں ماہنامہ فیضان مدینہ میں موجود مضامین کے متعلق آگاہی دی اور اس کےمطالعہ کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے نیک خیالات ظاہر کئے۔

٭اسی طرح چکوٹھی بارڈر پر سید ارشاد کاظمی صاحب سمیت علاقے کے یوسی نگران اور دیگر اسلامی بھائیوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے شمارے پیش کئے۔آخر میں وہاں موجود زیر تعمیر مدرسۃ المدینہ کا وزٹ کیا ا ور اس کی جلد تعمیرات اور اس میں حصہ ملانے والوں کے لئے دعائے خیر کروائی ۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


مدنی مرکز فیضانِ مدینہ باغ میں ڈسٹرکٹ مشاورت کا مدنی مشورہ منعقد ہوا  جس میں وہاں موجود ڈیپارٹمنٹ کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی ۔

مولانا مہروز عطاری مدنی نے مدنی عملے کے اسلامی بھائیوں کو ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے حوالے سے ذہن دیا اورانہیں 126 شماروں کی بکنگ کرنے کا ہدف دیا جس پر 3 شرکا نے ہاتھوں ہاتھ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی بکنگ کروائی ۔

٭دوسری جانب مولانا مہروز عطاری مدنی نے ذمہ داران کے ہمراہ سپر مارکیٹ اور مین بازار باغ گول مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی بکنگ کروانے کا ذہن دیا نیز ٹیلی تھون مہم میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دلائی ۔

٭اس کے علاوہ جامعۃ المدینہ و مدرسۃالمدینہ بوائز کے طلبہ کے درمیان سیکھنے سکھانے کے حلقے کا سلسلہ ہوا جس میں مہروز عطاری مدنی نے 63 ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی بکنگ کروانے کا ہدف دیا۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری) 


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام  پچھلے دنوں پونچھ ڈویژن کی تحصیل ہجیرہ میں قائم عائشہ صدیقہ مسجد میں سیکھنے سکھانے کا حلقہ لگایا گیا جس میں تاجر حضرات نے شرکت کی ۔

مبلغ دعوت اسلامی مولانا مہروز عطاری مدنی نے مسجد عائشہ صدیقہ میں ’’ مقصدِ زندگی‘‘ کے موضوع پر بیان کیا جس میں تاجروں کو اپنے کاروباری معاملات میں شرعی اصول کی پاسداری کرنے کا ذہن دیا اور دوران تجارت آنے والی نمازوں کو ان کے وقتوں میں پڑھنے کی ترغیب دلائی ۔مزید دینی معلومات کے لئے دعوت اسلامی کا ماہانہ میگزین بنام ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ ‘‘ کی بکنگ کروانے کی دعوت بھی دی ۔

٭پھر اس کے بعد تحصیل ذمہ داران کا مدنی مشورہ لیا جس میں مولانا مہروز عطاری مدنی نے ذمہ داران کو ماہنامہ فیضان مدینہ کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کرنے کے حوالے سے اہداف دیئے۔

٭بعد عصر دارالعلوم حنفیہ رضویہ (ہجیرہ) میں محدث اعظم پاکستان کے شاگرد حیات القادری صاحب علیہ الرحمہ کی اہلیہ اور مولانا حبیب نورانی(مہتمم ادارہ ہذا)کی والدہ صاحبہ کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لئے فاتحہ خوانی کرکے ان کو ایصال ثواب کیا نیز ان کے لئے دعائے مغفرت کروائی ۔آخر میں مولانا حبیب نورانی صاحب نے دعوت اسلامی اور ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی پزیرائی و تحسین پر اچھے تاثرات پیش کئے ۔

٭بعد نمازِ عشا راولاکوٹ دوتھان میں واقع جامعۃ المدینہ بوائز کے طلبہ و اساتذۂ کرام میں میٹ اپ ہوا جس میں مولانا مہروز عطاری مدنی نے شرکا کی دعوت اسلامی کے دینی ماحول میں رہتے ہوئے ’’ علمی مہارت بڑھانے‘‘کے عنوان پر تربیت کی ۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 14 اکتوبر 2023ء بروز ہفتہ ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی حافظ آباد میں مختلف شخصیات سے ملاقات ہوئی۔

ڈویژن ذمہ دار سفیان عطاری نےدیگر ذمہ دار اسلامی بھائیوں کے ہمراہ ڈی پی او آفس میں قصبہ ونیکے تارڑ کے SHO مزمل عباس ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر شیخ عبد النعیم عطاری اور ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر ملک وقاص رضا اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے بار میں اجتماعِ میلاد منعقد کرنے پر مشاورت کی۔

علاوہ ازیں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شخصیات کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔(رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


تحصیل بھیرہ، ضلع سرگودھا کی بھٹی ہاؤس میں اہم سیاسی شخصیت خالد محمود بھٹی کے گھر پر محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفلِ میلاد کے آغاز میں تلاوت قرٰن اور نعت شریف پڑھی گئی جبکہ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنتوں بھرا بیان کیا جس میں انہوں نے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت کی۔محفلِ میلاد کے اختتام پر ذمہ داران سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے اجتماعی طور پر ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں شرکت کی۔ (رپورٹ:شعبہ رابطہ برائے شخصیات ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بہاولپور میں شعبہ ڈونیشن بکس کا مدنی مشورہ ہوا جس میں ڈسٹرکٹ اورڈویژن ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

شرکائے مدنی مشورہ سے گفتگو کرتے ہوئے نگرانِ بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر حافظ عبد الرؤوف عطاری اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ڈویژن ذمہ دار محمد عرفان عطاری نے مختلف امور پر کلام کیا۔

ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکا سے شعبے کے دینی کاموں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا نیز خود کفات اور ٹیلی تھون کے بارے میں مشاورت کی۔

آخر میں ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکا کو دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دلائی جس پر انہوں نے اچھی اچھی نیتیں کیں۔ (رپورٹ: احمدرضا عطاری ڈویژن بہاولپور ہفتہ وار مدنی مذاکرہ و ہفتہ وار اجتماع ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری

دعوتِ اسلامی کے ذیلی شعبہ گھریلو صدقہ بکس کے تحت پچھلے دنوں  بہاولپور میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں مدنی مشورہ منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ اور ڈویژن سطح کے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی شرکت رہی۔

اس موقع پر نگرانِ بہاولپوور ڈویژن ڈاکٹر حافظ عبد الرؤوف عطاری اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ڈویژن ذمہ دار محمد عرفان عطاری نے ذمہ دار اسلامی بھائیوں کی تربیت و رہنمائی کی۔

نگرانِ بہاولپور ڈویژن نے اسلامی بھائیوں سے شعبے کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے خود کفالت اور ٹیلی تھون کے متعلق چند اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا نیز ذمہ داران کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں شرکت کرنے کی ترغیب دلائی۔ (رپورٹ: احمدرضا عطاری ڈویژن بہاولپور ہفتہ وار مدنی مذاکرہ و ہفتہ وار اجتماع ذمہ دار، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)