دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز کے زیرِ اہتمام30 اگست 2026ء کو شیخوپورہ سٹی میں اسپیشل پرسنز کے لیے ’’میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اجتماع‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل پرسنز سمیت اُن کے سرپرستوں اور ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔

اجتماع میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی منصور عطاری نے بیان کیا جس میں انہوں نے سیرتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے محبتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم، سنتوں پر عمل اور نیکی کی دعوت عام کرنے کی اہمیت بیان کی۔

اس موقع پر اسپیشل پرسنز کے لیے اشاروں کی زبان میں ترجمانی کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا جس کے ذریعے انہوں نے بھی بیان سے استفادہ کیا۔

شرکائے اجتماع نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام کی صدائیں بلند کیں۔ اجتماع کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، دین کی سربلندی اور تمام اسپیشل پرسنز کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ دعوتِ اسلامی کی جانب سے ایسے اجتماعات کا مقصد اسپیشل پرسنز کو دینی ماحول سے جوڑنا، انہیں دینی تعلیم و تربیت فراہم کرنا اور اُن کے لیے دینی سرگرمیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔(رپورٹ: مولانا محمد جمال عطاری مدنی اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد ڈویژن ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


اسلام آباد زون 3 بارہ کہو میں دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام 30 اگست 2026ء کو ایم این اے (MNA) آفس کے اندر اسپیشل پرسنز (گونگے، بہرےاور نابینا افراد) کے لیے ایک پُروقار ’’میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اجتماع‘‘ منعقد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اس بابرکت تقریب میں ایم این اے راجہ مستنصر ممتاز کے علاوہ دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی خصوصی شرکت ہوئی۔

اجتماع کے آغاز میں تلاوتِ قرآن کی گئی اور نعت شریف پڑھی گئی جس کے بعدنگرانِ زون مشاورت مولانا اسد عطاری مدنی نے ’’اخلاق و کردارِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ‘‘کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے حاضرین کو سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرنے اور اپنی زندگی و اخلاق کو سیرتِ مصطفیٰ کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دی۔

اس موقع پر شعبے کے صوبائی ذمہ داران کامران عطاری اور بدر شفیق عطاری نے بھی اسپیشل پرسنز کے ہمراہ اجتماع میں شرکت کی جبکہ اسپیشل پرسنز کی آسانی کے لیے صوبائی ذمہ دار بدر شفیق عطاری نے پورے بیان کا اشاروں کی زبان (Sign Language) میں ترجمہ کیا تاکہ اسپیشل پرسنز اس بیان کو سمجھ کر مکمل استفادہ کر سکیں۔

اجتماع کے اختتام پر رقت انگیز دعا کی گئی اور تمام اسپیشل پرسنز کے لیے لنگرِ رضویہ کا بہترین انتظام و اہتمام بھی کیا گیا تھا۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میلادُ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے اسپیشل پرسنز کے لیے ایک انتہائی خوبصورت اور منفرد دینی کاوش پیش کی گئی ہے۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کے تحت ’’باتصویر کلام نور والا آیا ہے‘‘ کے نام سے ایک خاص رسالہ تیار کیا گیا ہے جس میں میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے منتخب نعرے اور امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کا مشہور و خوبصورت کلام ’’نور والا آیا ہے‘‘ اشاروں کی زبان (Sign Language) میں پیش کیا گیا ہے۔

اس رسالے کے اندر تصاویر کے ذریعے اشاروں کی زبان میں اس کلام اور منتخب نعروں کو سمجھنے کی بہترین سہولت فراہم کی گئی ہےجس کا بنیادی مقصد اسپیشل پرسنز تک میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور دینی پیغام کو مؤثر و آسان انداز میں پہنچانا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ کی اس خوبصورت کاوش کو اسپیشل پرسنز کی دینی تعلیم و تربیت کرنے اور انہیں میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشیوں میں شامل و شریک کرنے کے حوالے سے ایک انتہائی قابلِ تحسین قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ خصوصی رسالہ ’’باتصویر کلام نور والا آیا ہے‘‘ مکتبۃ المدینہ پر دستیاب کر دیا گیا ہے جبکہ اس رسالے کی قیمت صرف 40 روپے مقرر کی گئی ہے۔(رپورٹ: کامران عطاری صوبائی ذمہ دار اسپیشل پرسنز ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام 09 ستمبر 2026ء کو جناح کنونشن سینٹر،اسلام آباد میں میلاد اجتماع اینڈ ایوارڈ ڈسٹری بیوشن سیریمنی“ منعقد ہونے جارہا ہے۔ اس تقریب کا آغاز رات 9:00 بجے تلاوت قرآن پاک سے کیا جائے گا۔

تقریب میں خصوصی بیان رئیس دارالافتاء اہلسنت شیخ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی اور دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی فرمائیں گے۔

تقریب کی خصوصیت:

کنز المدارس بورڈ اور دینی شعبہ جات میں نمایاں خدمات و کارکردگی کے حامل افراد میں اعزازات اور ایوارڈز کی تقسیم کاری کی جائے گی۔

تمام عاشقانِ رسول سے اس تقریب میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


23 اگست 2026ء کو  پاکپتن میں واقع دعوتِ اسلامی کے تعلیمی ادارے شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز میں ماہانہ مدنی مشورے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکپتن برانچ کے مدرسین نے شرکت کی۔

اس ماہانہ مدنی مشورے میں ساہیوال ڈویژن کے تعلیمی ذمہ دار محمد شفیق عطاری نے مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مدرسین کی رہنمائی کی۔

تعلیمی ذمہ دار نے خاص طور پر طلبہ کو ان کے کورسز بروقت مکمل کروانے اور ان میں پڑھائی کی ترغیبات پیدا کرنے کے حوالے سے مدرسین کی ذہن سازی کی۔

اس کے علاوہ تعلیمی ذمہ دار نے ماہِ ربیع الاول کے مبارک ایام میں جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم اجتماع منعقد کرنے اور ٹیلی تھون کے سلسلے میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ملانے کے حوالے سے بھی مدرسین کو ذہن دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

مدنی مشورے کے دوران شعبے کی طرف سے جاری کی گئی تعلیمی پریزنٹیشن کو عملی طور پر کس طرح اپلائی اور نافذ کیا جائے اس معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اور مدرسین کو اس پر عمل درآمد کا طریقہ کار سمجھایا گیا۔(رپورٹ:مولانا محمد وقار یعقوب عطاری مدنی برانچ منیجر شعبہ فیضان آن لائن اکیڈمی بوائز ، کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہر ہفتے کی رات باقاعدگی سے شروع ہونے والا”مدنی مذاکرہ“ 05 ستمبر 2026ء بمطابق 23 ربیع الاول 1448ھ کو بھی رات تقریباً 09:00 بجے منعقد کیا جائے گا۔

مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق اس مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ خصوصی شرکت فرمائیں گے۔

علاوہ ازیں امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ مدنی مذاکرے میں شریک عشاقِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازیں گے اور ان کی دینی و اخلاقی اعتبار سے تربیت و رہنمائی فرمائیں گے۔

یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر دنیا بھر میں براہِ راست (Live) نشر کی جائے گی جبکہ کراچی کے رہائشی عاشقانِ رسول عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں بالمشافہ شرکت کر سکیں گے۔

عاشقانِ رسول کے علم میں اضافہ کرنے اور انہیں دینی معلومات سے آراستہ کرنے کے لیے  ہر ہفتے بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہل سنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت برکاتہم العالیہ عاشقانِ رسول کو ایک رسالہ پڑھنے / سننے کی ترغیب دلاتے ہیں۔

اس ہفتے 3 ستمبر 2026ء کو امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے 16 صفحات پر مشتمل رسالہ ”علم و عمل کی باتیں (قسط 3)پڑھنے / سننے کی ترغیب دلائی ہے اور پڑھنے / سننے والوں کو اپنی خصوصی دعاؤں سے نوازا ہے۔

دعائے عطار

یارب کریم!جوکوئی 16 صفحات کا رسالہ ”علم و عمل کی باتیں (قسط 3)پڑھ یا سُن لے اُس کو علمِ دین و نیک اعمال سے مالا مال کردے۔اُس کو ماں باپ اور خاندان سمیت جنت الفردوس میں بےحساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمین

یہ رسالہ آڈیو میں سننے اور اردو سمیت کئی زبانوں میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے:

Download


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر جمعرات کی طرح آج بھی دنیا بھر میں ہزاروں مقامات پر ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان اجتماعات کا بنیادی مقصد امتِ مسلمہ کی اصلاح، دینی معلومات کی فراہمی، سنتوں کے احیاء اور فکرِ آخرت پیدا کرنا ہے۔ پاکستان کےعالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی اور  تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت دنیا بھر میں یہ اجتماعات منعقد ہوتے ہیں۔

اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوگا جس کے بعد نعت خواں حضرات بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں گلدستہٴ نعت پیش کریں گے۔تلاوت و نعت کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین و مبلغین دعوت اسلامی قرآنی آیات، احادیثِ مبارکہ اور اسلافِ کرام کے واقعات کی روشنی میں معاشرتی، اخلاقی اور روحانی تربیتی امور پر بیان فرمائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج رات مدنی چینل پر براہِ راست (Live) نشر ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں رکن شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری، مدنی مرکز فیضان مدینہ لطیف گیٹ ٹنڈو آدم سندھ سے سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اس کے علاوہ جامع مسجد چرڈ مہتاب ڈیفنس میں رکن شوریٰ حاجی منصور عطاری، رضائے مصطفٰے مسجد کورنگی نمبر 4 کراچی میں رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، مدنی مرکزفیضان مدینہ لالہ زار کالونی بھلوال مین رکن شوریٰ مولانا حاجی محمد عقیل عطاری مدنی ، مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری اور جامع مسجد غوثیہ ، بولی پاڑہ (قریب ٹرک ٹرمینل روڈ) C.D.A ، چٹاگانگ بنگلہ دیش میں رکن شوریٰ عبد المبین عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔


دعوتِ اسلامی کو دینِ اسلام کی خدمات سرانجام دیتے ہوئے 40 سال سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے۔ اس طویل عرصے کے دوران دعوتِ اسلامی نے جہاں بے شمار مساجد تعمیر کروائیں اور لوگوں کو دینِ اسلام کی طرف راغب کیا  وہیں اس کی کاوشوں اور دعوت سے متعدد غیر مسلموں نے بھی اسلام قبول کیا۔ دعوتِ اسلامی نے مختلف شعبہ جات کے ذریعے دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کا اہم بیڑا اٹھا رکھا ہے۔

اسی سلسلے میں ان شاء اللہ الکریم 02 ستمبر 2026ء بمطابق 20 ربیع الاول 1448ھ بروز بدھ تقریباً رات 09:00 بجے یومِ دعوتِ اسلامی “ کا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا جا رہا ہے جسے مدنی چینل پر لائیو (Live) نشر کیا جائے گا۔

اس موقع پر بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلَ سنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ بالخصوص بیان فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازیں گے۔

اس اجتماع میں دعوتِ اسلامی کے اہم ذمہ داران و علمائے کرام بھی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے اور لوگوں کی دینی و اخلاقی رہنمائی و تربیت کریں گے، جن میں درج ذیل نام شامل ہیں:

٭شیخ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری مدظلہ العالی (رئیس دارالافتاء اہلسنت) ٭ نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری٭ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطاری ٭ رکنِ شوریٰ و نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری ۔


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک سے کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

29 اگست 2026ء بمطابق 16 ربیع الأول 1448ھ کو منعقدہ اس ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے فیضانِ مدینہ کراچی میں بالمشافہ شرکت کی جبکہ کثیر عاشقانِ رسول نے مدنی چینل کے ذریعے براہِ راست (Live) شمولیت اختیار کی۔

مدنی مذاکرے کے دوران مدنی چینل اور فیضانِ مدینہ کراچی میں موجود عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف دینی، اخلاقی، معاشی اور شرعی موضوعات پر سوالات پیش کیے گئے۔ بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہل سنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے تمام سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے ۔

بعض سوال وجواب

سوال: اِمامِ اہلسنت ،اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی کتابیں مشکل ہیں، ہم ان سے کس طرح فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ؟

جواب: جس کو اچھی اُردو آتی ہو تو اُسے پڑھنا قدرے آسان ہے ،بہارِ شریعت میں لکھا ہے کہ اسے آسان کر کے لکھا گیا ہے پھر بھی جو مشکل لگے اسے علما سے پوچھ لیا جائے، اسی طرح فتاویٰ رضویہ میں بھی جو مشکل ہو ، اُسے علمائے کرام سے پوچھ لیا جائے۔

سوال: ایک مبلغ کا معاشرتی انداز کیسا ہونا چاہیے ؟

جواب:عوا م کے دُکھ سُکھ میں حصہ ضرور لینا ہو گا ،لوگوں کے دلوں میں اُترنا ہے تو ان کے دُکھ میں ساتھ دیں۔ میں نے بہت جنازے پڑھائے ہیں ،جا جا کر تعزیتیں کی ہیں ۔جن کو نہیں جانتا تھا ان کا بھی کوئی فوت ہوتا تو تعزیت کرتا، ایصالِ ثواب کرتا، مریضوں کو دم کرنے کے لیے ان کے گھروں میں جاتا۔ نیکی کی دعوت دینی ہے تو یہ سب کچھ کرنا ہو گا، عوام سے ملنا جلنا ، ان کے ساتھ مل جُل کر کام کرنا ہوگا۔دعوتِ اسلامی کے پاس ایسا کرنے والے کئی ہیرے ہیں ۔مگر بھاری تعداد ہے جو عیادت و تعزیت میں کمزور واقع ہوئی ہے ۔نفسیات کے مطابق مریض کو پوچھنا چاہیے،زیادہ سوالات کر کے تنگ بھی نہ کیا جائے ۔

سوال: اگر کوئی نیکی کا ارادہ کرے مگر عمل نہ کر سکے توکیا ثواب ملے گا ؟

جواب: نیت کا ثواب ملے گا ،عمل کا نہیں ۔

سوال: کیا نیکیوں میں چھپا ہوا کوئی گناہ بھی ہوتا ہے ؟

جواب: نیکیوں میں چھپا ہوا گناہ رِیا ہے۔ یعنی عبادت یا نیکی اس نیت سے کرنا کہ دیکھنے والوں کے دل میں میری عزت پیدا ہو گی یا وہ مجھے کچھ دیں گے۔ لہٰذا ہر عبادت اور نیکی صرف اللہ پاک کی رضا کے لیے کرنی چاہیے۔ حُبِ جاہ یعنی شہرت اور عزت کی خواہش و محبت، رِیا کے لیے ایک گیٹ(Gate) کی مانند ہے۔ جب دل میں حُبِ جاہ پیدا ہوتی ہے تو انسان رفتہ رفتہ رِیا میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اس لیے جب بھی اپنے نیک اعمال کا اظہار کرنے لگیں تو فوراً الرٹ ہو جائیں کہ کہیں اس میں رِیا(دِکھاوا) شامل نہ ہو جائے اور اپنے دل کی نیت کو ضرور جانچ لیں کہ یہ عمل صرف اللہ پاک کی رضا کے لیے ہے یا لوگوں سے عزت اور تعریف حاصل کرنے کے لیے۔

سوال: اس سال(1448ھ/2026ء) ربیع الاول کی بارہویں رات کودعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے عظیمُ الشّان اجتماعاتِ میلاد میں بچوں کی ایسی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں کہ نعتِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلم کے دوران وہ مسلسل آنسو بہار ہے ہیں اور ان پر ایک عجیب سی کیفیت طاری ہے۔ یہ منظر دیکھ کر دل خوش بھی ہوتا ہے اور حیرت بھی ہوتی ہے کہ اتنے چھوٹے بچوں کے دل میں عشقِ رسول کی یہ کیفیت کیسے پیدا ہوئی؟ انہیں اس کی کیا سمجھ ؟

جواب: یہ بچوں کے بہت رِقّت انگیز مناظر ہیں۔ عشقِ رسول کسی کی میراث نہیں۔ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلم کا ذکرِ مبارک سن کر بچوں کے دلوں میں بھی محبت پیدا ہو جاتی ہے۔ بچوں کا اس طرح رونا بھی ان کی سعادت ہے۔ رِقّت انگیز ماحول، نعت خواں کا اثر اور کلام کا اثر، یہ سب مل کر اپنا کام دکھا رہے ہوتے ہیں۔ بچے بھی بہت کچھ سمجھتے ہیں اور ان کے بھی جذبات اور احساسات ہوتے ہیں۔

سوال: دعوتِ اسلامی میں شامل ہونے کے لیے کیا کرنا ہو گا ؟

جواب: دعوتِ اسلامی میں آنے کے لیے کوئی فیس اور فارم نہیں ،ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کریں ،قافلے میں سفر کریں ،ہمارے ہاں یہ نہیں ہے کہ یہ کریں گے تو آپ دعوتِ اسلامی میں آ سکیں گے۔ یہ تو نیکی کی دعوت ہے ،اس میں مالی تعاون کر کے بھی آپ حصہ لے سکتے ہیں ۔

سوال:مسواک کی کیا اہمیت ہے ؟

جواب: مسواک کرنے کا معمول بنا لیں ،مسواک پیارے آقا صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلم کی سنت ہے، آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ وسلم مختلف اوقات میں مسواک استعمال فرماتے ،علمائے کرام نے فرمایا ہے کہ جو مسواک کا عادی ہو گا اس کا ایمان پر خاتمہ ہو گا اور جو افیون کھاتا ہے اس کا خاتمہ بُرا ہونے کا اندیشہ ہے ۔

سوال: درُود و سلام کس طرح پڑھنا چاہیے ؟

جواب: درُود و سلام کی برکتیں اتنی ہیں کہ کسی اور وظیفے میں کیا ہوں گی، خشوع(مکمل توجہ،سکون کے ساتھ) اور تصور باندھ کر درُود و سلام پڑھیں تو اس کی اپنی برکتیں ہیں، اگرچہ ایک ہی بار پڑھیں ۔

سوال: اِس ہفتے کا رِسالہ ” فرامینِ امیرِ اہلِ سنت“ پڑھنے یا سُننے والوں کو خلیفۂ امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ” فرامینِ امیرِ اہلِ سنتپڑھ یا سُن لے اُسے ان فرامین کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما، اس کے ظاہر و باطن کو اچھا کر اور اس کو ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ و صحبہ وسلَّم


دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 22 اگست 2026ء بمطابق 8 ربیع الاول 1448ھ کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

اس مدنی مذاکرے میں ملک بھر سے آئے ہوئے کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے بالمشافہ شرکت کی جبکہ مدنی چینل کے ذریعے دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کثیر عاشقانِ رسول براہِ راست اس میں شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے کے دوران بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلَ سنت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے عاشقانِ رسول کو حکمت و دانائی سے بھرپور مدنی پھولوں سے نوازا۔ امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی دینی، اخلاقی اور تنظیمی اعتبار سے تربیت فرمائی اور اُن کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

بعض سوال جواب

سوال: مسرور کا کیا معنی ہے ؟

جواب: جو خوش ہوتا ہے، اسے مسرور کہا جاتا ہے ۔

سوال: بچوں میں عشق ِرسول بڑھانے کے لیے گھرکا ماحول کیسا ہونا چاہیئے ؟

جواب: شاید ربیع الاول سے بڑھ کر عشقِ رسول بڑھانے کا کوئی اور موقع نہ ملے ،اس مبارک مہینے میں خوشیوں کا سماں ہوتا ہے ،حضور نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے عشق و محبت کی باتیں ہو رہی ہوتی ہیں ،گھر گھر نعتیں پڑھی جاتی ہیں ،نعتوں کے اشعار سُن کر عشقِ رسول کا جذبہ خودبخود پیدا ہوتا ہے،دعوتِ اسلامی کو بنے قریباً 2 سال ہوئے تھے ،میں مدینۂ منورہ سے ایک چھوٹی چھوٹی بتیوں(Lights) کی لڑی(جھالر) لایا تھا اور ربیع الاول کے ابتدائی دنوں میں اپنے گھرکی بالکونی میں اس کو لگایا تھا۔میری آل(Family) کا ایک چھوٹا فرد نظر نہیں آ رہا تھا ،تلاش شروع کی ،بالکونی کی جانب پردہ اُٹھا کر دیکھا تو وہ اس لڑی کے ایک بلب کو چُوم رہا تھا۔ میں نے محبت سے اُسے اُٹھا لیا اور پوچھا کہ یہ کیا؟ تو وہ اپنی زبان میں کہنے لگا کہ مدینے کا ہے نا! اس طرح گھر میں ربیع الاول میں چراغاں کیا جائے تو بچوں کے دلوں میں آقا صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم کی محبت پیدا ہوتی ہے ۔ربیع الاول کے ان دنوں میں بڑی تر اوٹ ملتی ہےاور خشکی دُور ہوتی ہے ۔عشقِ رسول کے چشمے دلوں سے پُھوٹ رہے ہوتے ہیں ۔جو اس کی لذت سے ناآشنا ہے ان کے گھروں میں اندھیرے ہیں ۔

سوال: قرآنِ کریم میں اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم کی حیاتِ مبارکہ کو اُسوۂ حسنہ یعنی بہترین رول ماڈل قرار دیا گیا ہے۔ اس کا اثر ہمیں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم کی آل یعنی اہلِ بیتِ اطہار(آپ صلی اللہ علیہ واٰلہ وصحبہ وسلم کے گھر والوں) میں بھی نظر آتا ہے۔ ہمیں اپنی اولاد کو بچپن میں سیرتِ مصطفیٰ کے کن خاص پہلوؤں سے متعارف کروانا چاہیئے تاکہ اُن کی شخصیت بھی سیرتِ نبوی کے رنگ میں ڈھلنا شروع ہو جائے۔

جواب: پیارے آقا صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم کی سیرت کا ہر پہلو(یعنی ہر حصہ/ہر باب) روشن ہے، بالخصوص بچے جس میں غلطیاں کرتے ہیں ،اس میں ایک یہ ہے کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں ، جھوٹ بولنے سے انہیں اپنے مطلب کی چیز مل جاتی ہے ، عارضی طور پر فائدے ملتے ہیں ۔یہ سمجھتے کہ جھوٹ بولنا اچھا ہے ،ان کی نفسیات کے مطابق ان کی تربیت کرنی ہو گی ،قبر و آخرت کی باتیں ان کی سمجھ میں نہیں آتیں ،ان کی تربیت اس طرح کی جائے کہ جب یہ سچ بولیں تو انہیں انعام (Prize) دیا جائے ۔انہیں یہ بتایا جائے کہ اللہ پاک جھوٹ بولنے سے ناراض ہوتا ہے ، آقا صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم بھی ناراض ہوتے ہیں۔یہ باتیں انہیں کچھ نہ کچھ سمجھ آئیں گی ۔اسی طرح نصیحت آموز واقعات سنائیں جائیں ۔ان کی عقل کے مطابق کہانی سنائی جائی ۔(توجہ فرمائیں !!! بچوں کی بہترین تربیت سے متعلق مکتبۃ المدینہ کے یہ رسائل حاصل کریں مثلاً بچوں کے لئے 50 درسِ حدیث شریف جھوٹا چور بیٹا ہوتو ایسا بچوں کی سچی کہانیاں اچھے بچوں کی خصوصیات بچوں کی اخلاقی تربیت بچوں کو اسلامی عقیدے سکھائیے، وغیرہ)۔

سوال: انسان کو مٹی سے ،فرشتوں کو نور سے اورجنات کو آگ سے بنایا گیا ہے۔ روح کو کس سے بنایا گیا ہے ؟

جواب: روح، اللہ پاک کے حکم کُنْ( یعنی ہوجا) سے بغیر کسی مادہ کے پیدا کی گئی ہے ۔روح اللہ پاک کے حکم سے ہے ،روح ایک لطیف وجود ہے ۔

سوال: قبر کے سوالات میّت کی روح سے ہوتے ہیں یا جسم سے بھی ؟

جواب: روح کا تعلق جسم کے ساتھ رہتا ہے ،قبر کےسوالات روح سے ہی ہوتے ہیں ۔

سوال: جب کوئی فوت ہوتا ہے تو بعض لوگ کہتے ہیں کہ فُلاں بندہ قضائے اِلٰہی سے وفات پا گیا ہے اور کچھ کہتے ہیں فلاں بندہ رضائے اِلٰہی سے وفات پا گیا ہے درست کیا ہے ؟

جواب: دونوں درست ہیں ۔

سوال: ربیع الاول کے کیا معنی ہیں ؟

جواب:ربیع معنی بہار، اوّل معنی پہلی یعنی پہلی بہار، جب مہینوں کے نام رکھے گئے تو موسم وغیرہ کو دیکھ کر نام رکھ لیے گئے ،ان دنوں بہار کا موسم تھا اس مہینے کو ربیع الاول کہہ دیا گیا ۔

سوال: اِس ہفتے کا رِسالہ ”اربعینِ عطار(قسط4 ) پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک !جو کوئی 44 صفحات کا رسالہ ”اربعینِ عطار(قسط4 ) پڑھ یا سُن لے اُسے خواب میں اپنے سب سے آخری نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و صحبہ و سلم کا جلوہ دکھا، اُس کو ایمان پر مدینے میں موت عطا فرما کر ماں باپ اور خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ و اٰلہٖ وصحبہ وسلَّم


ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کمپلیکس ملتان میں 28 اگست 2026ء کو  سیرتُ النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں نگرانِ رابطہ برائے ایگریکلچر اینڈ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ نے سیرتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر سنتوں بھرا بیان کیا۔

بیان کے دوران نگرانِ ڈیپارٹمنٹ نے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو سنتِ نبوی پر عمل پیرا ہونے اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ترغیب دلائی۔

محفل میں لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ اعلیٰ افسران، بشمول ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک (ADL) اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک (DDL) سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ افسران نے دعوتِ اسلامی کی جانب سے سیرتُ النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موضوع پر اس محفل کے انعقاد کو سراہا اور محفل کے اختتام پر مدنی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مثبت تاثرات کا اظہار بھی کیا۔