نبیِ کریم ﷺ کی کئی صفات ہیں،آپ کی ایک صفت محبت بھی ہے جو ایک عظیم صفت ہے۔آقا ﷺ بچوں اور تمام صحابہ کرام علیہم الرضوان سے محبت فرماتے تھے۔آئیے!آقا ﷺ کی صحابہ سے محبت کے چند واقعات پڑھتی ہیں۔چنانچہ

حضرت عبد اللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کے متعلق اللہ سے ڈرو،اللہ سے ڈرو۔میرے صحابہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں اللہ سے ڈرو،اللہ سے ڈرو، میرے بعد انہیں نشانہ نہ بناؤ کیونکہ جس نے ان سے محبت کی تو میری محبت کی وجہ سے ان سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا تو میرے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھا اور جس نے انہیں ستایا اس نے مجھے ستایا اور جس نے مجھے ستایا اس نے اللہ پاک کو تکلیف دی اور جس نے اللہ کو تکلیف دی تو قریب ہے کہ اللہ پاک اسے پکڑے۔( ترمذی ، 5 /302 ،حدیث :3864)

ہم کو اصحابِ نبی سے پیار ہے ان شاءاللہ اپنا بیڑا پار ہے

حضرت علامہ مولانا سید مفتی محمد نعیم الدین مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مسلمان کو چاہیے کہ صحابہ کرام کا نہایت ادب رکھے،دل میں ان کی عقیدت و محبت کو جگہ دے،ان کی محبت حضور ﷺ کی محبت ہے اور جو بد نصیب صحابہ کرام کی شان میں بے ادبی کے ساتھ زبان کھولے وہ دشمنِ خدا و رسول ﷺ ہیں۔ مسلمان ایسے شخص کے پاس نہ بیٹھیں۔(سوانحِ کربلا، ص 31)

اعلیٰ حضرت امامِ اہلِ سنت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

اہلِ سنت کا ہے بیڑا پار اصحابِ حضور نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی

(حدائق ِبخشش)

فضائلِ صحابہ کرام:

1-بہترین لوگ میرے زمانے کے ہیں، پھر جو لوگ ان کے قریب ہیں،پھر جو لوگ ان کے قریب ہیں۔

( بخاری، 2/194 ،حدیث: 2652)

2-میرے اصحاب کو بُرا نہ کہو۔اگر تم میں سے کوئی احد کے برابر بھی سونا خرچ کر دے تو وہ ان کے ایک مد کے برابر بھی نہیں پہنچ سکتا اور نہ ہی اس مد کے آدھے کو۔( بخاری، 2/ 522 ،حدیث: 3673)

3-اللہ پاک نے میرے صحابہ کو نبیوں اور رسولوں کے علاوہ تمام جہانوں پر فضیلت دی ہے اور میرے بعد تمام صحابہ میں خیر یعنی بھلائی ہے۔( مجمع زوائد،9/736 ،حدیث: 16383)

ایک مرتبہ رسول اللہﷺنے حضرت علی اور حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہما کو ایک فرش پر بٹھا کر ان کے دل جوئی فرمائی۔حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عرض کی:یارسول اللہ ﷺ !آپ کو وہ مجھ سے زیادہ پیاری ہے یا میں؟ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا: وہ مجھے تم سے زیادہ اور تم اس سے زیادہ پیارے ہو۔(شان خاتون جنت،ص138)

حضرت جمیع بن عمیر تیمی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں اپنی پھوپھی کے ساتھ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا تو ان سے عرض کی گئی: حضور ﷺ کو کون زیادہ محبوب تھا؟

فرمایا :فاطمہ الزہرا۔ پھر عرض کی گئی: مردوں میں سے؟فرمایا: ان کے شوہر۔جہاں تک مجھے معلوم ہے وہ بہت روزے رکھنے والے اور کثرت سے قیام کرنے والے ہیں۔( ترمذی، ص872 ،حدیث: 3877)

ان تمام واقعات سے معلوم ہوا کہ حضور ﷺ اپنے اصحاب سے کتنی محبت فرماتے تھے اور یہ بھی ظاہر ہوا کہ امت کے تمام لوگوں میں ان کی کتنی فضیلت و اہمیت ہے۔

صحابہ وہ صحابہ جن کی ہر دن عید ہوتی تھی                         خدا کا قرب حاصل تھا نبی کی دید ہوتی تھی

صحابی کی تعریف:

جن خوش نصیبوں نے ایمان کی حالت میں اللہ کریم کے پیارے نبی ﷺ سے ملاقات کی ہو اور ایمان ہی پر ان کا انتقال ہوا، ان خوش نصیبوں کو صحابی کہتے ہیں۔ (نخبۃ الفکر، ص111)

صحابہ سے جنت کا وعدہ:

اللہ پاک پارہ 27 سورۂ حدید آیت نمبر 10 میں فرماتا ہے:لَا یَسْتَوِیْ مِنْكُمْ مَّنْ اَنْفَقَ مِنْ قَبْلِ الْفَتْحِ وَ قٰتَلَؕ-اُولٰٓىٕكَ اَعْظَمُ دَرَجَةً مِّنَ الَّذِیْنَ اَنْفَقُوْا مِنْۢ بَعْدُ وَ قٰتَلُوْاؕ-وَ كُلًّا وَّعَدَ اللّٰهُ الْحُسْنٰىؕ-وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ۠(۱۰)(پ27،الحدید:10) ترجمہ کنز الایمان:تم میں برابر نہیں وہ جنہوں نے فتحِ مکہ سے قبل خرچ اور جہاد کیا وہ مرتبے میں ان سے بڑے ہیں جنہوں نے بعد فتح کے خرچ اور جہاد کیا اور ان سب سے اللہ جنت کا وعدہ فرما چکا اور اللہ کو تمہارے کاموں کی خبر ہے۔

صحابی رسول کا مرتبہ:

صحابیِ رسول ہونا اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے۔بڑے سے بڑا ولی صحابی کے مرتبے کو نہیں پہنچ سکتا۔ہر صحابی عادل اور جنتی ہے۔کوئی شخص بھلے کتنی ہی عبادت کرے وہ کبھی بھی صحابی نہیں بن سکتا ،کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین نے حضورﷺ کی صحبت پائی،حضورﷺ سے علم و عمل حاصل کیے اورحضور ﷺ کی تربیت پائی۔

صحابہ وہ صحابہ جن کی ہر دن عید ہوتی تھی خدا کا قرب حاصل تھا نبی کی دید ہوتی تھی

رسول اکرمﷺ کی محبت:

نبیِ کریم ﷺ کو اپنے تمام صحابہ سے بے حد محبت تھی۔نبیِ کریم ﷺ اپنے اصحاب کے گھر تشریف لے جاتے، ان کے مال ،جان، اولاد میں خیر و برکت کی دعائیں فرماتے اوراپنے صحابہ کی دل جوئی فرماتے ۔چنانچہ

رسولِ اکرم ﷺ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں فرمایا:بہترین لوگ میرے زمانے کے ہیں (یعنی صحابہ کرام ) پھر وہ لوگ جو ان کے قریب ہیں(یعنی تابعین)پھر جو ان کے قریب ہیں(یعنی تبع تابعین۔)(مسند امام احمد،6/393،حدیث:18474)اور فرمایا:اس مسلمان کو جہنم کی آگ نہیں چھوئے گی جس نے مجھے دیکھا یا مجھے دیکھنے والے (یعنی صحابہ) کو دیکھا۔ (ترمذی،5/461، حدیث:3884)

نبیِ کریم ﷺ کو یار غار صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ سے بہت محبت تھی، ان کی فضیلت میں امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ حضرت ابنِ عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہیں کہ رسولِ پاکﷺ نے حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ سے فرمایا:تم حوضِ کوثر پر اور غار میں میرے ساتھی ہو۔(ترمذی،5/378،حدیث:3690)

ابنِ عساکر حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی محبت اور ان کا شکر میری تمام امت پر واجب ہے ۔(تاریخ الخلفاء، ص44)

حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی فضیلت میں فرمایا: میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتا۔

(ترمذی،5/385، حدیث: 3706)

حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے بارے میں فرمایا: ہر نبی کا ایک رفیق ہوتا ہے اور جنت میں میرےرفیق عثمان ہیں۔ (ترمذی، 5/390،حدیث :3718)

حضرت علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت کے بارے میں فرمایا: جس کا میں مولاہوں علی بھی اس کے مولا ہیں۔

(تِرمِذی،5/398،حدیث:3733)

فرمایا:علی مجھ سے اور میں علی سے ہوں اور وہ ہر مومن کے ولی ہیں۔(ترمذی ،5/498،حدیث:3732)

اسی طرح دیگر صحابہ کے فضائل بھی بیان فرمائے۔

ہمیں بھی تمام صحابہ سے پیار ہے ان شاءاللہ ان کے صدقے اپنا بیڑا پار ہے

اللہ پاک ہمیں ان نفوسِ قدسیہ کی سیرت کا مطالعہ کرنے اور ان کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمین بجاہِ خاتمِ النبیینﷺ


مسلمانوں میں سے جس نے نبی ﷺ کی صحبت پائی یا آپ کو دیکھا وہ حضور ﷺ کے اصحاب میں سے ہیں۔ اللہ پاک نےقرآنِ پاک میں صحابہ کی شان بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:وَ كُلًّا وَّعَدَ اللّٰهُ الْحُسْنٰى ؕ (پ27:الحدید:10)ترجمہ: اور ان سب سےاللہ جنت کا وعدہ فرماچکا۔

صحابہ وہ صحابہ تھے جن کی ہر صبح عید ہوتی تھی خدا کا قرب حاصل تھا نبی کی دید ہوتی تھی

کریم آقا ﷺ کی اپنے صحابہ سے والہانہ محبت اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ہر صحابیِ نبی جنتی ہے اور صحابہ رضی اللہ عنہم کی سیرت ہمارے لیے عشق و محبت کا معیار ہے۔زبانِ مصطفےٰ سے بھی شانِ صحابہ سے تاریخ بھری پڑی ہے۔چنانچہ

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ کو بُرا نہ کہو،اگر تم میں کوئی احد کے برابر سونا راہِ خدا میں خرچ کرے تو بھی ان کے مُدّ یا نصف مد کو نہیں پہنچے گا۔

(بخاری، 2 / 522،حدیث: 3673)

سعید بن مسیب نے کہا کہ میں نے حضرت سعد کو یہ کہتے ہوئے سُنا کہ نبی ﷺ نے میرے لیے یوم احد فرمایا: يَا سَعْدُ اِرْمِ فِدَاكَ أَبِي وَأُمِّي اے سعد!تیر پھینکو میرے ماں باپ تم پر قربان۔

(بخاری،3/38، حدیث:4059)

قال رسول اللہ ﷺ:اصحابی کالنجوم رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں۔(جامع بیان العلم، ص 361 ،حدیث: 970)

اصحابی کالنجوم کا مژدہ انہیں ملا کیسے بتاؤں آپ کو معیارِ صحابہ

کریم آقا ﷺ کا حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے محبت کا یہ انداز تھا کہ نبیِ کریم ﷺ نے فرمایا:عمر جنتیوں کے چراغ ہیں۔(مسند الفردوس،3/55،حدیث:4146)

جب صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے اذان میں حضور ﷺ کے نام محمد کو سنا اور انگوٹھے چوم کر آنکھوں کو لگائے تو حضور ﷺ نے فرمایا :مَنْ فَعَلَ مِثْلَ مَا فَعَلَ خَلِیْلِیْ فَقَدْ حَلَّتْ عَلَیْہِ شَفَاعَتِیْ یعنی جو شخص میرے اِس پیارے دوست کی طرح کرے اُس کے لئے میری شفاعت حلال ہوگئی۔(فیضانِ صدیقِ اکبر،ص187)

ایک دفعہ سرورِ کائنات ﷺ نے صحابہ سے فرمایا:جہاں محبت ہو وہاں کم کم آیا کرو تو صحابہ کرام علیہم الرضوان آتے نماز پڑھتے اور چلے جاتے،صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ بھی ایسے ہی کرتے۔ایک دن نبیِ اکرم ﷺ نے صحابہ سے پوچھا:ابوبکر کہاں مصروف ہیں آج کل؟ تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم عرض کرنے لگے: وہ باغ میں کام کر رہے ہیں۔ فرمایا: جاؤ! انہیں بلا کر لاؤ ۔جب صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ تشریف لائے تو نبیِ اکرم ﷺ نے اپنا رخِ زیبا پھیرلیا۔جب صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ نے چہرۂ انور کی طرف دیکھا تو نبیِ کریم ﷺ کی آنکھوں سے آنسو آرہے تھے۔پوچھا: اےابو بکر! تم اتنے دن سے کہاں تھے؟عرض کی:آپ نے خود ہی فرمایا تھا کہ جہاں محبت ہو وہاں کم کم آیا کرو ۔تو نبیِ کریم ﷺ نے فرمایا:اے ابو بکر!تم دوسرے صحابہ کی طرح نہیں ہو۔جب تم میری بارگاہ سے چلے جاتے ہو تو میری ساری توجہ تمہاری طرف ہوجاتی ہے اور جب تم میرے پاس ہوتے ہو تو میری ساری توجہ اللہ پاک کی طرف ہو جاتی ہے۔

اللہ اللہ کرنے سے اللہ نہ ملے اللہ والے ہیں جو اللہ سے ملا دیتے ہیں

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ میں سے جو بھی جس خطے میں وفات پائے گا تو وہ قیامت کے دن اس قوم کا قائد اور ان کے لئے نور ہو گا ۔(ترمذی،5/463،حدیث:3891)

اسلام کی عظمت کے ستارے ہیں صحابہ توحید کی شوکت کے کنارے ہیں صحابہ

کیا خوب تعلق ہے انہیں شاہِ عرب سے ہیں چاند محمد تو ستارے صحابہ

حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ نے فرمایا:ایک عورت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور کسی چیز کے متعلق گفتگو کی تو حضور ﷺ نے اسے کسی کام کا حکم فرمایا ،اس نے عرض کی:یا رسول اللہ ﷺ! فرمائیے!اگر میں آؤں اور آپ کو نہ پاؤں۔راوی کا کہنا ہے:گویا وہ یہ کہہ رہی تھی کہ آپ کا وصال ہو جائےتو؟ فرمایا:اگر مجھے نہ پاؤ تو ابو بکر کے پاس آنا ۔(بخاری،4/525،حدیث:7360)

سبحان اللہ! کیا انداز ہے میرے آقا ﷺ کا!یہ محبت نہیں تو اور کیا ہے! کہ کریم آقا ﷺ نے اپنے قول و فعل سے یہ واضح کیا کہ میرے صحابہ کرام علیہم الرضوان تمہارے لیے مشعلِ راہ ہیں جو ان سے جڑ گیا وہ فلاح پا گیا اور جس دل میں صحابہ کی عظمت و محبت نہیں وہ دل کسی مومن کا نہیں۔ہمارا عقیدہ ہے کہ ہر صحابیِ نبی جنتی ہے ۔ہر صحابیِ نبی ،جنتی جنتی ۔


مقرب فرشتوں کے بعد تمام مخلوق میں سب سے افضل و اعلیٰ مرتبہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ہے۔اہلِ سنت کا اسی پر اتفاق ہے کہ انبیائے کرام علیہم السلام کے بعد تمام عالم میں افضل حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں۔ان کے بعد حضرت عمر رضی اللہ عنہ،ان کے بعد حضرت عثمان رضی اللہ عنہ،ان کے بعد حضرت علی  رضی اللہ عنہ، پھر عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم،پھر اہلِ بدر رضی اللہ عنہم، ان کے بعد اہلِ احد رضی اللہ عنہم،ان کے بعد باقی اہلِ رضوان اور پھر تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم۔یہ اتفاق ابو منصور بغدادی نے نقل کیا ہے۔ (دس اسلامی عقیدے،ص 97)

نبیِ کریم ﷺ نے اپنے اصحاب سے محبت کا اظہار اس طرح فرمایا کہ آپ اکثر ان کا ذکر فرماتے تھے۔آئیے! پہلے صحابی کی تعریف جانتی ہیں۔چنانچہ حضرت علامہ حافظ ابنِ حجر عسقلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جن خوش نصیبوں نے ایمان کی حالت میں حضور نبیِ کریم ﷺ کی صحبت کا شرف پایا اور ایمان ہی پر خاتمہ ہوا انہیں صحابہ کہتے ہیں۔ (دس اسلامی عقید ے، ص 98)

نبیِ کریم ﷺ نے بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعظیم کا حکم دیتے ہوئے ان کو امت کے بہترین افراد ہونے کی سند عطا فرمائی اور ارشاد فرمایا:اَکْرِمُوْا أَصْحَابِي فَاِنَّهُمْ خِيَارُكُم یعنی میرے صحابہ کی عزت کرو کہ وہ تمہارے بہترین لوگ ہیں۔ایک اور حدیثِ مبارک میں ہے:خَيْرُ أُمَّتِي قَرْنِي ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ یعنی میری امت میں سب سے بہتر لوگ میرے زمانے کے ہیں اور پھر وہ لوگ جو ان سے ملے ہوئے ہیں اور پھر ان کے بعد والے لوگ سب سے بہتر ہیں۔(دس اسلامی عقیدے، ص 100)

نبیِ کریم ﷺ کے تمام صحابہ عادل ہیں اور نیک و پرہیزگار افراد کے سردار ہیں۔نبیِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:أَصْحَابِي كَالنُّجُومِ فَبِأَيِّهِمُ اقْتَدَيْتُمْ اهْتَدَيْتُمْ یعنی میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں تم ان میں سے جس کی بھی اقتدا کرو گےفلاح و ہدایت پا جاؤ گے۔ (دس اسلامی عقیدے،ص 105)

ایک واقعہ ملاحظہ کیجئے جس میں حضور نبیِ کریم ﷺ نے خواب میں امیر المومنین حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ سے اپنی محبت ظاہر کی۔جیسا کہ عارف باللہ حضرت علامہ امام عبد الرحمن جامی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی مشہور کتاب شواہد النبوۃ میں یارِ غار و یارِ مزار،عاشقِ شہنشاہِ ابرار،خلیفہ اول بلا فصل امیر المومنین حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی مبارک زندگی کے آخری ایام کا ایک ایمان افروز خواب نقل کیا ہے،جس کا کچھ حصہ بیان کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ

امیر المومنین حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:ایک مرتبہ رات کے آخری حصے میں مجھے خواب میں دیدار ِمصطفےٰ کی سعادت نصیب ہوئی۔آپ نے دو سفید کپڑے زیبِ تن فرما رکھے تھے اور میں ان دونوں کپڑوں کے کناروں کو ملا رہا تھا۔اچانک وہ دونوں کپڑے سبز ہونا اور چمکنا شروع ہو گئے، ان کی چمک دمک آنکھوں کو چکا چوند کرنے والی تھی۔حضور پُرنور ﷺ نے مجھے:السلام علیکم کہہ کر ہاتھ ملانے سے مشرف فرمایا اور اپنا دستِ اقدس میرے سینے پر رکھ دیا جس سے میرےدل کا بے قرار ہونا دُور ہو گیا،پھر فرمایا: اے ابوبکر !مجھے تم سے ملنے کا بہت اشتیاق یعنی خواہش ہے، کیا ابھی وقت نہیں آیا کہ تم میرے پاس آجاؤ ؟میں خواب میں بہت رویا یہاں تک کہ میرے اہلِ خانہ کو بھی میرے رونے کی خبر ہوگئی،جنہوں نے بیدار ہونے کے بعد مجھے خواب کی اس گریہ و زاری سے مطلع کیا۔( عاشقِ اکبر، ص 36)

حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: نبیِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:بےشک علی مجھ سے ہیں اور میں علی سے ہوں اور وہ ہر مومن کے ولی ہیں۔ (ترمذی ،5/498،حدیث:3732) تو حضرت جبرئیل علیہ السلام نے عرض کی:وانا منکما اور میں تم دونوں سے ہوں۔(مدارج النبوت،2/121،122)

حضرت علی رضی اللہ عنہ نسب ،مصاہرت، محبت،خصوصیات اور رشتے داری وغیرہ میں پیارے آقا ﷺ سے مشابہت رکھتے ہیں۔

حدیثِ مبارکہ میں فرمایا گیا کہ ہر مومن کے ولی ہیں اس کا مطلب ہے کہ ہر مسلمان کے وَلی اور مولیٰ ہیں۔

(مراٰۃ المناجیح،8/417)

اسی طرح آپ کے وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جنہیں آپ نے جنت کی بشارت دی،ان میں ایک صحابی حضرت زبیر رضی اللہ عنہ ہیں، ان کے بارے میں حضور ﷺ نے فرمایا :کون ہے جو قوم کو یوم ِاحزاب کی خبر دے گا؟تو حضرت زبیر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:میں۔اس پر حضور ﷺ نے فرمایا:ہر نبی کا ایک حواری ہے اور میرا حواری(مخلص دوست)زبیر ہے۔بخاری،3/54،حدیث:4113

حضرت طلحہ بن عبید اللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:ہر نبی کا ایک رفیق ہے اور میرے رفیق حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ ہیں۔(ترمذی،5/390، حدیث :3718)

ابنِ ابی ملیکہ فرماتے ہیں:میں نے اُمُّ المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو فرماتے ہوئے سنا:انہوں نے رسول الله ﷺ سے سوال کیا کہ اگر آپ کسی کو خلیفہ بنانا چاہیں تو کس کو بنائیں گے ؟ فرمایا ابوبکر کو۔عرض کی:اس کے بعد؟ فرمایا:عمر کو۔عرض کی:اس کے بعد؟ فرمایا:ابو عبیدہ بن جراح کو۔(مسلم،ص1300، حدیث:238)

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺنے ارشاد فرمایا:میری اُمت میں سب سے زیادہ شفیق اور مہربان ابوبکر، دینی معاملات میں سب سے زیادہ سخت عمر، حیاکے معاملے میں سب سے زیادہ سچے عثمان،کتاب اللہ کے سب سے بڑے قاری اُبی بن کعب،علم الفرائض کوسب سے زیادہ جاننے والے زیدبن ثابت اورحلال وحرام کے سب سے بڑے عالم معاذ بن جبل ہیں اور سن لو! ہر اُمت میں ایک امین ہوتا ہے اس اُمت کے امین ابو عبیدہ بن جراح ہیں۔(ترمذی،4/435،حدیث:3815)

حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ارشادفرماتے ہیں:بے شک اللہ پاک نے اپنے بندوں کے دلوں پر نظر فرمائی توحضرت محمد مصطفےٰ ﷺکو اپنا محبوب بنایا۔انہیں ہدایت کے لئے مبعوث فرمایا۔اپنی رسالت کاتاج ان کے سر سجایا اور اپنے علم سے ان کا انتخاب فرمایا۔پھر دوبارہ اپنے بندوں کے دلوں پر نظر فرمائی تو آپ کے لئے جا ں نثار دوستوں کا انتخاب فرمایا اورانہیں اپنے دین کا مددگار اور اپنے نبی ﷺ کا وزیربنایا۔ پس جسے مسلمان اچھا سمجھیں وہ (اللہ پاک کے نزدیک بھی ) اچھاہے اور جسے مسلمان بُرا جانیں وہ برا ہے۔

(مسندابی داودالطیالسی،ص33، حدیث:246)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: جو کسی کی پیروی کرنا چاہتا ہو وہ اسلاف کی پیروی کرے جو حضورنبیِ اکرم ﷺ کے صحابہ ہیں۔یہی اس امت کے بہترین لوگ ہیں۔ ان کے دل نیکی وبھلائی میں سب لوگوں سے بڑھ کرہیں۔ان کا علم سب سے وسیع اور ان میں بناوٹ ونمائش نہ تھی۔یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں کہ جنہیں اللہ پاک نے اپنے محبوب ﷺ کی صحبت اور دین کی تبلیغ کے لئے منتخب فرمایا۔لہٰذاتم ان کے اخلاق و عادات اور ان کے طور طریقوں پر چلو کیونکہ وہ حضرت محمد مصطفی ، احمدمجتبیٰ ﷺ کے صحابہ ہیں۔ ربّ کعبہ کی قسم!یہی لوگ ہدایت کے سیدھے راستے پرگامزن تھے۔ اے بندے !محض اپنے بدن کی حدتک دنیا سے تعلق قائم کر اور اپنے دل ودماغ کو اس سے دور رکھ کیونکہ تیری نجات کا دارو مدار تیرے عمل پر ہے۔ لہٰذا تو ابھی سے موت کی تیاری کر تاکہ تیرا انجام اور خاتمہ اچھا ہو ۔(حلیۃ الاولیاء،1/378،رقم:1065)

اللہ پاک حضور ﷺ کے صدقے ہمیں بھی صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم سے سچی محبت کرنا نصیب فرمائے اور ان کے طریقے پر چلنے والی بنادے۔اٰمین بجاہِ النبی الامینﷺ

پیارے آقا ﷺ سے جس قدر اصحاب کرام علیہم رضوان کو محبت اور عشق تھا اسی قدر بلکہ اس سے کئی گناہ بڑھ کر آقا کریم ﷺ کو اپنی جلیل القدر اصحاب کرام سے محبت تھی۔آقا کریم ﷺ اپنے اصحاب کے ساتھ حسنِ سلوک والا معاملہ فرماتے،ان کی دل جوئی فرماتے،ان کی دعوت کو قبول فرماتے، ان سے نرم لہجہ اختیار فرماتے، ان کے بچوں کے ساتھ پیار فرماتے، ان سے مزاح بھی فرماتے، ان کے بچوں سے کھیلتے اور ان کو گود میں بٹھاتے۔جب کوئی صحابی بیمار ہو جاتا تو اس کی عیادت کے لیے خود تشریف لے جاتے اور کیوں نہ ہوتا کہ اپنے آقا کریم ﷺ پر دل و جان سے قربان ہونے والے یہ پیارے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مصائب و مشکلات میں آقا کریم ﷺ کے ساتھ کھڑے رہے، آقا کریم ﷺ کے ہر حکم پر لبیک کہنے کے لیے حاضر رہتے،آپ پر جان قربان کرنے کے لیے حاضر رہتے۔حضور ﷺ بھی اپنے صحابہ کی اس محبت سے واقف تھے اور اسی قدر بلکہ اس سے بڑھ کر اپنے اصحابِ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت فرماتے۔ حضور ﷺ کس قدر اپنے اصحاب سے محبت فرماتے تھے۔آئیے! انہی کی   زبانِ مبارک سے ملاحظہ کیجئے۔چنانچہ

حسنِ سلوک :

حضور ﷺ کے خاص خادم حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کی دس برس خدمت کی مگر آقائے دو عالم ﷺ نے کبھی بھی مجھ سے یہ نہ فرمایا کہ تم نے یہ کام کیوں کیا اور یہ کام کیوں نہیں کیا۔(بخاری،4/110،حدیث:6038)

قربان جائیے!یہ بھی آقا ﷺ کا اندازِ محبت ہے کہ کبھی بھی آقا ﷺ نے ان کو کسی بات پر نہیں جھڑکا، نہ ہی ڈانٹا، حالانکہ انسان کتنا ہی صابر کیوں نہ ہو مگر کبھی نہ کبھی وہ پریشانی میں کچھ نہ کچھ بول ہی دیتا ہے مگر آقا ﷺ اپنے اصحاب سے نہایت نرمی و شفقت والا معاملہ فرماتے اور غلطی ہو جانے پر نہ ہی جھڑکتے نہ ہی ڈانٹتے بلکہ احسن انداز سے اصلاح فرماتے۔حضور ﷺ کے اس انداز سے واضح ہوا کہ کس طرح سے حضور ﷺ اپنے اصحاب سےنہ صرف خود محبت فرماتے بلکہ اس کا حکم بھی ارشاد فرمایا ۔جیسا کہ

اصحاب سے محبت کا حکم :

حضرت عبد اللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کے بارے میں اللہ پاک سے ڈرو ،اللہ پاک سے ڈرو ،اللہ پاک سے ڈرو۔میرے بعد انہیں نشانہ نہ بنانا کیونکہ جس نے ان سے محبت کی تو اس نے میری محبت کی وجہ سے ان سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا تو اس نے میرے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھا اور جس نے انہیں ستایا اس نے مجھے ستایا اور جس نے مجھے ستایا اس نے اللہ پاک کو ایذادی اور جس نے اللہ پاک کو ایذا دی تو قریب ہے اللہ پاک اس کی پکڑ فرمائے۔

( ترمذی ، 5 /302 ،حدیث :3864)

اس سے واضح ہو گیا کہ حضور ﷺ کے صحابہ رضی اللہ عنہم سے جب تک محبت نہ ہوگی محبِت رسول کا دم بھرنا لغو ہے۔ نیز حضور ﷺ کے اس فرمان سے واضح ہوا کہ حضور ﷺ کو اپنے اصحاب رضی اللہ عنہم کی کتنی فکر اور ان سے کتنی محبت تھی کہ حضور ﷺ نے اپنی امت کو ان سے محبت کرنے حکم دیا۔نیز حضور ﷺ نے مختلف مواقع پر اپنے اصحاب رضی اللہ عنہم کی دل جوئی بھی فرمائی۔چنانچہ

انداز دلجوئی :

امیر المومنین حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے فرمایا :میں نے حضور ﷺ سے عمرہ کرنے کی اجازت طلب کی تو حضور ﷺ نے اجازت مرحمت فرمائی اور فرمایا:اے میرے بھائی!ہمیں اپنی دعاؤں میں نہ بھول جانا۔حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:یہ کلمات مجھے دنیا کی ہر شے سے زیادہ خوشی دیتے ہیں۔(ریاض الصالحین،ص258،حدیث: 714)

حضور ﷺ کا اپنے اصحاب کے دل میں خوشی داخل کرنے کا یہ عمل نرالہ اور آپ کی شایانِ شان ہے کہ آپ کو معلوم تھا کہ کن کلمات کی وجہ سے میرے صحابی کا دل خوش ہو جائے گا۔چنانچہ آپ نے یہ کلمات ارشاد فرمائے جو کہ واقعی حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی خوشی کا باعث بنے کہ انہوں نے فرما دیا کہ میرے لیے تمام جہان کی نعمتوں اور خوشیوں سے بڑھ کر یہ خوشی ہے۔ورنہ حضور ﷺ کی امت کے لوگوں کی کیا مجال کہ وہ جن کا صدقہ ہمیں ملتا ہے اور جن پر دن رات رحمتوں کے سائے ہیں ان کے لیے دعا فرمائیں۔

اسی طرح کسی موقع پر کسی چیز کی بھی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو طلب ہوتی تو وہ حضور ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں فوراً حاضر ہو جاتے اور حضور ﷺ ان کی وہ حاجت پوری فرمادیتے۔چنانچہ

حضور کا اصحاب کی حاجات پوری کرنا:

حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ صلحِ حدیبیہ کے دن لوگ پیاسے تھے اور حضور ﷺ کے سامنے ایک پیالہ تھا جس سے آپ نے وضو فرمایا تو لوگ آپ کی طرف دوڑے۔حضور ﷺ نے فرمایا:کیا بات ہے؟ لوگوں نے عرض کی کہ ہمارے پاس وضو کرنے اور پینے کے لیے پانی نہیں ہے مگر یہی جو آپ کے سامنے ہے۔حضور ﷺ نے اپنا دستِ مبارک اسی پیالہ میں رکھ دیا تو آپ کی مبارک انگشت سے پانی چشموں کی طرح ابلنے لگا۔ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ وہاں پر موجود تمام لوگوں نے پانی بھی پیا اور اس سے وضو بھی فرمایا جن کی تعداد تقریبا 1500 تھی۔

(بخاری،2/493،حدیث: 3576 )

انگلیاں ہیں فیض پر ٹوٹے ہیں پیاسے جھوم کر ندیاں پنجابِ رحمت کی ہیں جاری واہ واہ

افضلیتِ اصحاب:

یہ تھی حضور ﷺ کی الفت کہ ادھر انہوں نے پانی نہ ہونے کی شکایت کی اور ادھر حضور ﷺ نے خاص ان کے لیے اپنے دستِ مبارک سے چشمہ جاری فرما دیا۔صرف یہی نہیں بلکہ حضور ﷺ نے اپنی الفت کو بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کو بُرا نہ کہو کیونکہ اگر تم میں سے کوئی احد پہاڑ کے برابر سونا صدقہ کرے تو ان کے ایک مد کو تو کیا آدھے کو بھی نہیں پہنچ سکتا۔(بخاری،2/522، حدیث:3673)

سبحان اللہ!انہیں کس قدر عظمت عطا ہوئی کہ کوئی چاہے کتنا کثیر ہی مال کیوں نہ راہِ خدا میں خرچ کرے مگر جو اصحابِ رسول خرچ کر چکے ان کے اجر و ثواب کو تم نہیں پہنچ سکتے۔

اگر ہم ہر صحابیِ رسول رضی اللہ عنہ کے لحاظ سے الگ الگ حضور ﷺ کی ان سے محبت اور فضیلت بیان کریں تو یہ مضمون تو پھر اس کے لیے انتہائی مختصر ہے کہ وہ پہلو تو بہت وسیع ہے،اسی لیےصرف چند اصحاب کی روایات بیان کی گئیں ورنہ ہر صحابی کے اعتبار سے تو پھر کثیر روایات ہیں۔خلاصہ یہ ہے کہ حضور ﷺ سے محبت کا تقاضا یہی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کی جائے جن سے حضور ﷺ محبت فرماتے ہیں ورنہ ہدایت کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے اگر ہم کسی ایک بھی صحابی کی اتباع کرلیں تو فرمانِ مصطفےٰ ﷺ کے مطابق ان شاء اللہ فلاح پانے والی ہو جائیں گی۔

اتباعِ اصحاب رسول :

حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں،تم ان میں سے جس کی بھی اقتدا کرو گے فلاح پاجاؤ گے۔(جامع بیان العلم، ص 361 ،حدیث: 970) نیز اللہ پاک بھی ان سے محبت کرتا ہے کہ جن سے اس کے حبیب ﷺ محبت فرماتے ہیں۔ چنانچہ اللہ پاک قرآنِ مجید میں ان کے متعلق ارشاد فرماتا ہے:

رَضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُؕ-( پ30،البینہ:8)ترجمہ کنزالایمان :اللہ ان سے راضی اور وہ اللہ سے راضی۔

توجن سے اللہ پاک اوررسولِ پاک ﷺ راضی ان کا ٹھکانا جنت ہے۔ لہٰذاہمیں محبت رکھنے کے اعتبار سے سب کو یکساں ہی رکھنا ہے کیونکہ ہر صحابیِ نبی جنتی جنتی ۔

ربِّ کریم قرآنِ کریم میں حضور ﷺ کے اصحاب کا مرتبہ بیان کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے:مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِؕ-وَ الَّذِیْنَ مَعَهٗۤ اَشِدَّآءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَآءُ بَیْنَهُمْ تَرٰىهُمْ رُكَّعًا سُجَّدًا یَّبْتَغُوْنَ فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا٘-سِیْمَاهُمْ فِیْ وُجُوْهِهِمْ مِّنْ اَثَرِ السُّجُوْدِؕ- (پ26،الفتح:29) ترجمہ: محمد اللہ کے رسول ہیں اور ان کے ساتھ والے کافروں پر سخت ہیں اور آپس میں نرم دل تو انہیں دیکھے گا رکوع کرتے سجدے میں گرتے اللہ کا فضل و رضا چاہتے ان کی علامت اُن کے چہروں میں ہے سجدوں کے نشان سے۔

حضرت مفتی احمد یار خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:اس آیت میں اللہ پاک نے صحابۂ کرام کی عبادات،اُن کے رکوع سجدے، اُن کا آپس میں رحیم وکریم ہونا وغیرہ کا اعلان فرمایا۔ (امیر معاویہ ،ص25)

معلوم ہوا !اللہ پاک بھی حضور ﷺ کے اصحاب سے محبت فرماتا ہے، اسی لیے تو ان کا ذکر خود فرمارہا ہے ۔

ان کے ساتھ آقا ﷺ کی محبت کا عالم کیا ہوگا جو ہر وقت ان کے ساتھ رہتے تھے ،ان سے باتیں کرتے تھے، جنگوں میں جہاد میں ساتھ ہوتے تھے۔حضور ﷺ کی محبت کا عالم تو دیکھئے کہ کسی صحابی کی گود میں سر رکھ کر سو رہے ہیں تو کسی صحابی سے باتیں کرنے کے لیے اس کو یاد فرما رہے ہیں۔محبت میں کسی کو صدیق، کسی کو فاروق ِاعظم تو کسی صحابی کوذوالنورین فرما رہے ہیں۔حضور ﷺ کے بعد کوئی کتنا ہی بڑا پیرِ کامل ہو، چاہے کتنے ہی اعلیٰ اوصاف کا مالک کیوں نہ ہو وہ صحابی کے رتبے کو نہیں پہنچ سکتا۔حضور ﷺ اپنے اصحاب کے بارے میں فرما رہے ہیں کہ میرے صحابہ ستارے کی طرح ہیں،ان میں سے کسی کی بھی پیروی کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔ (مشکوۃ المصابیح،2/414،حدیث:6018)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے مجھے ایک دن کسی کام کے لیے بھیجا،میں نے کہا:اللہ پاک کی قسم!میں نہ جاؤں گا اور میرے دل میں تھا کہ میں جاؤں گا جس کا مجھے حضور ﷺ نے حکم دیا ہے۔ چنانچہ میں روانہ ہو گیا،راستے میں بازار میں بچے کھیل رہے تھے اور میں وہاں رک گیا کہ اچانک حضور ﷺ نے پیچھے سے میری گردن پکڑی۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:میں نے پیچھے دیکھا تو حضور ﷺ مسکرا رہے تھے اور فرمایا:انس!کیا تم وہاں جا رہے جہاں میں نے بھیجا ہے ؟میں نےعرض کی:جی ہاں۔حضور وہیں جا رہا ہوں۔(مسلم،ص972،حدیث:6015 )

خیال رہے!حضور ﷺ کا حضرت انس رضی اللہ عنہ کی گردن پکڑنا لاڈ اور محبت کے طور پر تھا۔(مراۃ المناجیح،8/66،65)خلاصہ یہ کہ حضور ﷺ اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بہت زیادہ محبت فرماتے تھے ،ان سے محبت کی وجہ سے انہیں دنیا میں ہی جنت کی بشارت سنا دی۔ جن سے میرے حضورﷺ محبت کریں وہ جہنم کی بھنک بھی نہ سنیں گے تو جن کے آقاﷺ ایسی محبت والے ہوں تو پھر کیوں نہ ان پر ہر چیز قربان ہو!

سیرتِ نبوی کا ہر پہلو اپنے اندر بے انتہا رعنائی اور دلکشی رکھتا ہے اور جس پہلو سے بھی دیکھا جائے ہمارے آقا  و مولا حضرت محمد ﷺ اپنے اسوۂ حسنہ کے اعتبار سے یکتا اور بے مثال ہے۔اس مضمون میں مجھے جس پہلو سے کچھ عرض کرنا ہے وہ حضور ﷺ کی اپنے صحابہ کرام علیہم رضوان سے محبت ہے۔حضور ﷺ مکارمِ اخلاق کی بلند تیرین چوٹیوں پر فائز ہیں۔حضور ﷺ کی اپنے اصحاب علیہم الرضوان سے محبت کے بارے میں خاص طور پر یہ آیتِ کریمہ قابلِ توجہ ہے:لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْكُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ(128)(پ11،التوبہ:128) ترجمۂ کنز الایمان:بیشک تمہارے پاس تشریف لائے تم میں سے وہ رسول جن پر تمہارا مشقت میں پڑنا گِراں ہے تمہاری بھلائی کے نہایت چاہنے والے مسلمانوں پر کمال مہربان مہربان۔ترجمہ:اے مومنو تمہارے پاس تمہاری ہی قوم کا ایک فرد رسول ہو کر ایا ہے تمہارا تکلیف میں پڑھنا اس پر شاق گزرتا ہے اور وہ تمہارے لیے خیر بھوکا ہے اور مومنوں کے ساتھ محبت کرنے والا اور بہت ہی کرم کرنے والا ہے۔۔

حضرات ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے محبت:

یوں تو نبیِ کریم ﷺ کو اپنے تمام اصحاب ہی بہت پیارے تھے مگر سب سے قریبی اور قدیمی باوفا دوست حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا اور ہی مقام تھا جنہوں نے زندگی کے ہر موڑ پر وفا کر دکھائی۔چنانچہ حضرت عبد اللہ بن شقیق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،فرماتے ہیں کہ میں نے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا:حضور ﷺکے نزدیک سب سے زیادہ محبوب کون تھا؟ارشاد فرمایا: ابو بکر، پھر عمر اور اس کے بعد ابوعبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہم۔میں نے پوچھا:پھر کون؟تو آپ نے کوئی جواب نہ دیا اور خاموش ہی رہیں۔(ابن ماجہ،1/75،حدیث:102)

رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے محبت کے بعد حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے اپنی محبت کا ذکر فرمایا ہے۔حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا قبولِ اسلام ہی حضور ﷺکی دعا کا صدقہ تھا۔رسولِ کریمﷺ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خدا داد استدادوں کے باعث ہی ان سے محبت فرماتے اور حوصلہ فضائی کرتے تھے۔چنانچہ ایک دفعہ فرمایا:تم سے پہلے بنی اسرائیل میں کچھ ایسے لوگ تھے جو( خدا سے )کلام کرتے تھے مگر وہ انبیا نہیں تھے ۔پس اگر ان میں سے میری امت میں بھی کوئی فرد ہوتا تو وہ عمر ہوتے۔

(بخاری،2/528،حدیث:3689)

حضرت عثمان اور حضرت علی رضی اللہ عنہما سے رسول اللہ ﷺ کی محبت بھی اپنی مثال آپ تھی۔حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے ساتھ یکے بعد دیگرے دو بیٹیاں بیاہ دیں۔جب دوسری کا بھی انتقال ہو گیا تو فرمایا:اگر میرے پاس تیسری بیٹی بھی ہوتی تو میں اس کا نکاح بھی تم سے کر دیتا۔ (شرح عقائدِ نسفیہ، ص319)

حضرت علی رضی اللہ عنہ کے بارے میں فرمایا:وصفِ نبوت کے علاوہ علی میرے ساتھ اس طرح ہے جس طرح حضرت ہارون علیہ السلام حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ تھے۔

(مسلم،ص1310، حديث:2404)

معلوم ہوا کہ ہمیں حضورﷺ کے ساتھ محبت کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے بھی محبت کا تعلق رکھنا ہوگا۔

رسول اللہ ﷺ ہجرت کر کے مدینے تشریف لائے تو ایک خادم کی ضرورت محسوس ہوئی۔حضرت ام سلیم رضی اللہ عنہا نے اپنے بیٹے حضرت انس رضی اللہ عنہ کو لا کر عرض کی:یا رسول اللہ ﷺ! یہ میرا بیٹا انیس ہے،میرےآپ کی بارگاہ میں اس لئے لائی ہوں تاکہ یہ آپ کی خدمت کرے،لہٰذا اس کے لئے اللہ پاک سے دعا کردیجئے تو نبی کریم ﷺ نے ان کے لئے یوں دعا کی:الٰہی!ان کا مال اور ان کی اولاد زیادہ کر۔حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:الله پاک کی قسم!بے شک میرا مال بہت زیادہ ہے۔ میری اولاد اور اولاد کی اولاد آج تقریبًا سو سے زیادہ ہے۔ (مسلم،ص1035،حدیث:6376)

والدین کی طرح لاڈ اور پیار کی خاطر حضور ﷺ انس کو بیٹا اور انیس کہہ کر پکارتے۔(مسلم،ص973، حدیث:6015) کبھی ازراہِ مذاق یَا ذَا الْاُذُنَینِ(اے دو کانوں والے)کہہ دیا کرتے۔(ترمذی،3/399، حدیث:1998)اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں بھی حضور ﷺ اور آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم کا عشق عطا فرمائے۔اٰمین

زندگی میں انسان کا طور طریقہ ،رہن سہن اورملنے جلنے کا انداز بڑی اہمیت کا حامل ہے۔جیسے شمع پروانوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہے اسی طرح حُسنِ اخلاق ،ملنساری ،عاجزی و انکساری اور خیر خواہی کی خوشبو میں بسا انسان ہر دل کی دھڑکن بنا رہتا ہے۔ یہ معاملہ تو عام انسانوں کا ہے کہ حُسنِ اخلاق کی چاشنی لوگوں کے کانوں میں رس گھولتی رہتی ہے۔اگر ہم بات کریں ان کی کہ جن کا دہنِ اقدس چشمۂ علم و حکمت ٹھہرا ،جن کی زبان کُن کی کنجی بنی ،جن کی ہر بات وحیِ خدا ہوئی،جن کا مسکرانا ایسا کہ روتے ہوئےبھی ہنس پڑیں،جن کے اخلاق ایسے کہ خود ربِّ اکبر ان کو عظیم فرمائے،ان کا اپنے صحابہ کے ساتھ ہر انداز ہی نرالا ہر ادا ہی پیاری ہے۔برادرِ اعلیٰ حضرت مولانا حسن رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :

تری صورت تری سیرت زمانے سے نرالی ہے تری ہر ہر ادا پیارے دلیلِ بے مثالی ہے

آقائے دو جہاں ﷺ کا ایک دیہاتی صحابی سے اندازِ محبت:

حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:حضور نبیِ کریم ﷺ کے پاس ایک دیہاتی صحابی حضرت زاہر رضی اللہ عنہ جب بھی آتے تو ہدیہ لے کر آتے اور حضور نبیِ کریم ﷺ بھی واپسی پر ان کو کچھ نہ کچھ عنایت ضرور کرتے تھے۔حضور نبیِ کریم ﷺ فرمایا کرتے تھے:زاہر ہمارا دیہاتی ہے اور ہم اس کے شہری ہیں،نیز آپ انہیں بے حد عزیز رکھتے تھے۔حضرت زاہر رضی اللہ عنہ بظاہر خوبصورت نہ تھے،لیکن ایک دن وہ بازار میں اپنا کچھ سامان فروخت کر رہے تھے کہ حضور ﷺ نے پیچھے سے جا کرانھیں گود میں اُٹھا لیا،وہ آپ کو نہ دیکھ سکے اور کہنے لگے:کون ہے؟مجھے چھوڑو!پھر جب انہوں نے نبیِ کریم ﷺ کو دیکھا تو آپ کے سینۂ مبارک سے چمٹ گئے۔حضور نبیِ کریم ﷺ نے اعلان کرنا شروع کیا کہ کون ہے جو اس غلام کوخریدے گا؟حضرت زاہر رضی اللہ عنہ نے عرض کی:یا رسول اللہ ﷺ!آپ کو میرے بدلے کچھ نہیں ملے گا!حضور اکرم ﷺ نے مسکرا کر فرمایا:اللہ پاک کے نزدیک تیری بڑی قیمت ہے۔

(حضور نبیِ کریم ﷺ کی مسکراہٹیں، ص85)

صحابہ کے ادب و پیروی کا حکم:

حضرت عمر فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ کی عزت کرو کہ وہ تمہارے نیک ترین لوگ ہیں۔(مشکاة المصابیح ، 2 /413 ، حدیث : 6012)ایک حدیثِ پاک میں ہے:میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں تم ان میں سے جس کی بھی اقتدا کروگے ہدایت پاجاؤ گے۔(جامع بیان العلم، ص361 حدیث 975) امامِ اہلِ سنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :

اہلسنت کا ہے بیڑا پار اصحابِ حضور نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی

حضرت سعد رضی اللہ عنہ سے محبت بھرا انداز:

رسولِ کریم ﷺ مختلف مواقع پر اپنے صحابہ کی دلجوئی اور حوصلہ افزائی بھی فرمایا کرتے تھے جیساکہ غزوۂ احد میں حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کی تیر چلانے کی مہارت کو دیکھتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی ان لفظوں سے فرمائی:يَا سَعْدُ اِرْمِ فِدَاكَ أَبِي وَأُمِّي اے سعد!تیر پھینکو میرے ماں باپ تم پر قربان۔

(بخاری،3/38، حدیث:4059)

یہ وہ مبارک کلمات ہیں کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:رسول اللہ ﷺ نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی اور کے والدین کو اس فضیلت میں جمع نہیں فرمایا۔

(مسند امام احمد،2/357،حدیث:1147)

امامِ اہلِ سنت،اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ بھی کیا ہی خوب فرماتے ہیں:

میرے کریم سے گر قطرہ کسی نے مانگا دریا بہا دیئے ہیں دربے بہا دئیے ہیں

تین لُقمے اور تین مبارک بادیں:

ایک مرتبہ نبیِ کریم ﷺ نے کھانا تیار کیا اور صحابۂ کرام رضی اللہُ عنہم کو بُلایا، سب کو ایک ایک لُقمہ عطا کیا جبکہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہُ عنہ کو تین لُقمے عطا کئے۔حضرت عباس رضی اللہُ عنہ نے اس کی وجہ پوچھی تو ارشاد فرمایا:جب پہلا لقمہ دیا تو حضرت جبرائیل علیہ السلام نے کہا:اے عتیق!تجھے مبارک ہو ،جب دوسرا لقمہ دیا تو حضرت میکائیل علیہ السلام نے کہا:اے رفیق!تجھے مبارک ہو،تیسرا لقمہ دیا تو اللہ کریم نے فرمایا:اے صدیق!تجھے مبارک ہو۔ ( الحاوی للفتاویٰ، 2/51)

گستاخیِ صحابہ پر فرمانِ مصطفےٰﷺ:

محبتِ صحابہ محبتِ رسول ہے اور بغضِ صحابہ بغضِ رسول ہے۔صحابہ کرام علیہم الرضوان کی شان میں گستاخی کا تصور بھی قابلِ گرفت ہے۔نیز صحابہ کرام علیہم الرضوان جس مقام و مرتبہ پر فائض ہیں انہیں جو ردائے فضیلت عطا کی گئی ہے اس کے پیشِ نظر ان کے بارے میں ہلکی سی بدگمانی کی بھی اجازت نہیں،کیونکہ صحابہ کرام علیہم الرضوان کو برا بھلا کہنے کی سختی سے ممانت کر دی گئی ہے۔چنانچہ

حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبیِ کریم ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ علیہم الرضوان کے بارے میں اللہ پاک سے ڈرو۔میری عدم موجودگی میں انہیں ہدفِ تنقید نہ بنایا کرو کیونکہ جس نے ان سے محبت کی اس نے میری وجہ سے ان سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا اس نے میرے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھا اورجس نے انہیں تکلیف پہنچائی اس نے مجھے تکلیف پہنچائی اور جس نے مجھے تکلیف پہنچائی اس نے اللہ پاک کو تکلیف پہنچائی قریب ہے کہ اللہ پاک اسے اپنی گرفت میں لے لے۔

(ترمذی ،5/463،حدیث:3888)

اللہ کریم ہمیں دل و جان، زبان و قلم سے ہر صحابی رضی اللہ عنہ کی تعظیم کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان کے صدقے ہمارے ایمان کی حفاظت فرمائے اور جنّت میں ان کے قدموں میں جگہ عطا فرمائے۔

اٰمین بجاہ ِالنبی الامین ﷺ


صحابہ کرام رضی اللہ عنہم امتِ مسلمہ کے افضل ترین اور اعلیٰ ترین افراد ہیں۔ان کا مقام بہت بلند اور مرتبہ نہایت عالی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے تمام رسولوں سے مکرم تر رسول حضرتِ محمد مصطفےٰ ﷺ کی صحبتِ بابرکت کا شرف حاصل کیا ہے۔یہ وہ اصحاب تھے جو حضور ﷺ پر ایمان لائے تھے اور انہوں نے آپ کی تصدیق اس وقت کی تھی جب کہ کفار آپ کی تکذیب کررہے تھے۔حضور ﷺ اپنے جان نثار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بہت شفقت و محبت فرماتے تھے۔اللہ پاک نے قرآنِ پاک میں ان کے اوصاف بیان کیے ہیں اور ان کی تعریف فرمائی ہے ۔قرآنِ پاک میں اللہ پاک نے  صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جو فضائل بیان فرمائے ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

ارشادِ باری ہے:یٰۤاَیُّهَا النَّبِیُّ حَسْبُكَ اللّٰهُ وَ مَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ۠ (64)(پ10، الانفال:64) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے نبی! اللہ تمہیں کافی ہے اور جو مسلمان تمہارے پیروکار ہیں۔

وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ هَاجَرُوْا وَ جٰهَدُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ الَّذِیْنَ اٰوَوْا وَّ نَصَرُوْۤا اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُؤْمِنُوْنَ حَقًّاؕ-لَهُمْ مَّغْفِرَةٌ وَّ رِزْقٌ كَرِیْمٌ(74)(پ10،الانفال:74)ترجمۂ کنزُ العِرفان:اور وہ جو ایمان لائے اورمہاجر بنے اور اللہ کی راہ میں لڑے اور جنہوں نے پناہ دی اور مدد کی وہی سچے ایمان والے ہیں ، ان کے لیے بخشش اور عزت کی روزی ہے۔

وَ السّٰبِقُوْنَ الْاَوَّلُوْنَ مِنَ الْمُهٰجِرِیْنَ وَ الْاَنْصَارِ وَ الَّذِیْنَ اتَّبَعُوْهُمْ بِاِحْسَانٍۙ-رَّضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُ وَ اَعَدَّ لَهُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ تَحْتَهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًاؕ-ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ(100) (پ11،التوبہ:100) ترجمۂ کنزُالعِرفان:اور بیشک مہاجرین اور انصار میں سے سابقینِ اولین اوردوسرے وہ جو بھلائی کے ساتھ ان کی پیروی کرنے والے ہیں ان سب سے اللہ راضی ہوا اور یہ اللہ سے راضی ہیں اور اس نے ان کیلئے باغات تیار کررکھے ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں ،ہمیشہ ہمیشہ ان میں رہیں گے، یہی بڑی کامیابی ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے تمام مسلمانوں پر صحابہ کرام کی عزت و شرافت کا اظہار کرنے کے لیے ان کی محبت و تعظیم پر ابھارا اور انہیں گالی دینے سے منع فرمایا جیسا کہ احادیث شریف میں واقع ہے۔چنانچہ

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے اصحاب کو بُرا نہ کہو،اس لئے کہ اگر تم میں سے کوئی اُحد پہاڑ کے برابر بھی سونا خرچ کر دے تو وہ اُن کے ایک مد (یعنی ایک کلو میں 40 گرام کم ) کے برابر بھی نہیں پہنچ سکتا اورنہ اس مد کے آدھے۔(بخاری،2/522،حدیث:3673)ایک اور روایت میں حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارے صحابہ کرام کی عزت کرو کہ وہ تمہارے بہترین افراد ہیں،پھر وہ جو اِن کے ساتھ متصل ہوں گے،پھر وہ جو ان سے متصل ہوں۔

(مشکاة المصابیح ، 2 /413 ، حدیث : 6012)

فرمانِ مصطفےٰ ﷺ ہے: میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں ، اِن میں سے جس کی بھی اقتدا (یعنی پیروی )کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔(جامع بیان العلم، ص361 حدیث 975) ایک اور مقام پر فرمایا: اللہ پاک نے میرے صحابہ کو نبیوں اور رسولوں کے علاوہ تمام جہانوں پر فضیلت دی ہے اور میرے تمام صحابہ میں خیر یعنی بھلائی ہے۔(تاریخ اصبہان، 1/ 467،رقم: 929)

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر لعن طعن کرنے والوں کے بارے میں بھی آقا ﷺ کے فرامین موجود ہیں۔ چنانچہ فرمانِ مصطفےٰ ﷺ ہے:جو میرے صحابہ کو بُرا کہے اُس پر اللہ پاک کی لعنت اور جو اُن کی عزّت کی حفاظت کرے میں قِیامت کے دن اس کی حفاظت کروں گا یعنی اسے جہنم سے محفوظ رکھا جائے گا۔(تاریخ ابن عساکر، 44/222)ایک اور مقام پر فرمایا:اللہ پاک کی اس پر لعنت ہو ،جس نے میرے صَحابہ کو گالی دی۔(معجم کبیر، 12 /، حدیث: 13588)

ان تمام احادیث سے جہاں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی فضیلت معلوم ہوئی وہیں یہ بھی پتا چلا کہ حضور ﷺ اپنے صحابہ سے کس قدر محبت و شفقت فرمایا کرتے تھے۔اللہ پاک ہم سب کو تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی سچی محبت نصیب فرمائے اور ہمیشہ ان کا باادب رکھے۔ آمین

کیوں نہ ہو رتبہ بڑا اصحاب و اہلِ بیت کا ہے خدائے مصطفےٰ ، اَصحاب و اہلِ بیت کا


سیرتِ نبوی کا ہر پہلو اپنے اندر بے انتہا رعنائی اور دلکشی رکھتا ہے اور جس پہلو سے بھی دیکھا جائے ہمارے آقاو مولیٰ حضرت محمد ﷺ اپنے اُسوۂ حسنہ کے اعتبار سے یکتا اور بے مثال ہیں۔اس مضمون میں مجھے جس پہلو سے کچھ عرض کرنا ہے وہ آپﷺ کی اپنے صحابہ کرام سے محبت و شفقت ہے۔صحابہ کرام وہ ہستیاں ہیں  کہ جن کے اوصافِ حمیدہ کی خود اللہ پاک تعریف فرماتا ہے اور ان کی عظمت اور رفعت کا اندازہ کون لگا سکتاہے۔ان پاک ہستیوں کے بارے میں قرآنِ پاک کی کچھ آیات درج ذیل ہيں:

اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُؤْمِنُوْنَ حَقًّاؕلَهُمْ دَرَجٰتٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ وَ مَغْفِرَةٌ وَّ رِزْقٌ كَرِیْمٌۚ(4) (پ9،الانفال:4)تَرجَمۂ کنز الایمان:یہی سچے مسلمان ہیں ان کے لیے درجے ہیں ان کے رب کے پاس اور بخشش ہے اور عزت کی روزى۔

ایک اور مقام پر فرمایا:رَضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُ وَ اَعَدَّ لَهُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ تَحْتَهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۤ اَبَدًاؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ(100)(پ11،التوبہ:100)تَرجَمۂ کنز الایمان:اللہ ان سے راضی اور وہ اللہ سے راضی اور ان کے لیے تیار کر رکھے ہیں باغ جن کے نیچے نہریں بہیں ہمیشہ ہمیشہ ان میں رہیں یہی بڑی کامیابی ہے۔

ہمارے آقا و مولیٰ، خاتم الا نبیاء، حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کی سیرت کو یہ امتیازی مقام حا صل ہے کہ خود خالقِ کائنات نے اس مقدس وجود کی ارفع شان اپنے مقدس کلام میں ہمیشہ کے لیے محفوظ کر دی ہے۔قرآنِ مجید میں اللہ پاک فرما تا ہے:وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(4)(پ29،القلم:4)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک تم یقیناً عظیم اخلاق پر ہو ۔

خدائے پاک یہ اعلان کرتا ہے کہ اس کا محبوب رسول،محمد مصطفےٰ ﷺ مکار م اخلاق کی بلند ترین چوٹیوں پر فائز ہے۔عظیم الشان خُلقِ محمدی ہر اعتبار سے ہمہ گیر اور بے مثال جامعیت کا شاہکار ہے۔اپنے صحابہ سے شفقت اور محبت کے بارےمیں خاص طور پر دو آیاتِ کریمہ قابلِ توجہ ہیں۔ایک موقع پر اللہ پاک نے گواہی دی کہ فَبِمَا  رَحْمَةٍ  مِّنَ  اللّٰهِ  لِنْتَ  لَهُمْۚ وَ  لَوْ  كُنْتَ فَظًّا غَلِیْظَ الْقَلْبِ لَا  نْفَضُّوْا  مِنْ 

حَوْلِكَ۪  (پ4،ال عمران:159)ترجمہ:تو کیسی کچھ اللہ کی مہربانی ہے کہ اے محبوب تم ان کے لیے نرم دل ہوئےاور اگر تند مزاج سخت دل ہوتے تو وہ ضرور تمہارے گرد سے پریشان ہوجاتے ۔

یعنی اللہ پاک کی رحمتِ کاملہ نے حبیبِ خداﷺ کو مجسمِ رحمت بنایا ہے۔اگر ایسا نہ ہوتا تو یہ لوگ ہر گز تیرے گرد پروانہ صفت اکٹھے نہ ہوتے۔

ایک اور آیت میں فرمایا:لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْكُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ(128)(پ11،التوبہ:128)ترجمہ:بے شک تمہارے پاس تشریف لائے تم میں سے وہ رسول جن پر تمہارا مشقت میں پڑنا گراں ہے تمہاری بھلائی کے نہایت چاہنے والے مسلمانوں پر کمال مہربان مہربان۔

رسولِ اکرم ﷺ کی مبارک زندگی میں قدم قدم پر صحابہ کرام سے محبت و شفقت، ہمدردی اور دلداری کے واقعات ملتے ہیں اور ہر واقعہ ایک سے بڑھ کر ایک ہے۔صحابہ کرام علیہم الرضوان کے فضائل پر احادیث بھی ملتی ہیں جیسا کہ فرمانِ مصطفےٰ ﷺ ہے:اللہ پاک نے میرے صحابہ کو نبیوں اور رسولوں کے علاوہ تمام جہانوں پر فضیلت دی ہے اور میرے تمام صحابہ میں خیر یعنی بھلائی ہے۔(تاریخ اصبہان،1/467،رقم: 929)

اس حدیثِ مبارکہ سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آپ ﷺ نے نبیوں اور رسولوں کے علاوہ قیامت تک آنے والی تمام امت سے افضل صحابہ کرام علیہم رضوان کو فرمایا ہے۔صحابہ کرام علیہم الرضوان سے رسولِ پاک ﷺ کی محبت و شفقت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ آپ کے قلبِ اطہر میں صحابہ کرام علیہم الرضوان کے لیے سچی ہمدردی اور محبت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔آپ ہر آن اِس بات کے خواہش مند رہتے کہ میرے صحابہ کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔اِس کے لیے آپ دعا بھی کرتے اور ہر ممکن کوشش بھی۔صحابہ کرام علیہم الرضوان کی شانیں بہت بلند ہیں جیسا کہ فرمانِ مصطفےٰ ﷺ ہے:میرے صحابہ ستاروں کی مانند ہیں ان میں سے جس کی بھی اقتدا (پیروی ) کرو گے ہدایت پا جاؤ گے ۔(جامع بیان العلم،ص361، حدیث:975)

حضور ﷺ کی محبت و شفقت کی دنیا ایک عجیب دنیا تھی کہ ہر وجود محبت کی برسات میں نہلایا ہو اتھا اور وہ جو اُس شمع کے پروانے تھے اُ ن پر تو بطور خاص یہ محبت و شفقت ایک گھٹا بن کرموسلادھار بارش کی ماننددن رات برستی چلی جاتی۔چنانچہ حضرت عمر فاروق ِاعظم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ ﷺ نے فرمایا:میرے صحابہ کی عزت کرو کہ وہ تمہارے نیک ترین لوگ ہیں۔(مشکوٰۃ المصابیح،2/413،حدیث: 6012)

پیارے آقا ﷺ کی اپنے صحابہ سے محبت پر روایات و احادیث پیش کی گئیں۔حقیقت یہ ہے کہ یہ اتنا وسیع باب ہے کہ اس کا احاطہ کرنا اور اس کو مکمل طور پر بیان کرنا ہرگز ممکن نہیں۔یہ ایک ایسا سمندر ہے جس کا کوئی کنارہ نہیں۔رحمت و کرم کا ایسا چشمہ ہے جس کا فیضان ہر آن جاری و ساری بلکہ ہمیشہ ترقی پذیر ہے۔خدا کرے کہ ہمیں اُن نیک اعمال کی توفیق ملے جو ہمارے آقا ومولیٰﷺ کو محبوب تھے تاکہ میدانِ حشر میں اُن کی پیار بھری نظریں ہم گناہگاروں پر بھی پڑیں،ہم بھی شاہِ مکیّ و مدنیﷺ کی محبت و شفقت اور شفاعت کی حق دار ٹھہریں، ہم بھی خدا کی بارگاہ میں قبولیت کے لائق ٹھہریں۔خدا کرے کہ ایسا ہی ہو۔! اللہ پاک ہمیں صحابہ کرام علیہم الرضوان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمین

سب صحابہ سے ہمیں تو پیار ہے ان شآء اللہ دو جہاں میں اپنا بیڑا پار ہے


اللہ پاک ارشاد فرماتاہے:لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ عَزِیْزٌ عَلَیْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِیْصٌ عَلَیْكُمْ بِالْمُؤْمِنِیْنَ رَءُوْفٌ رَّحِیْمٌ(128)(پ 11 ،التوبہ: 128)ترجمۂ کنز الایمان:بیشک تمہارے پاس تشریف لائے تم میں سے وہ رسول جن پر تمہارا مشقت میں پڑنا گِراں ہے تمہاری بھلائی کے نہایت چاہنے والے مسلمانوں پر کمال مہربان مہربان۔

بے شک اللہ پاک نے حضور ﷺ کو عظیم اخلاق سے نوازا ہے کہ آپ کا نہ تو کوئی ثانی ہوا اور نہ کبھی ہوسکے گا جیسا کہ ارشاد ہوا:وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(4)(پ29،القلم:4) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک تم یقیناً عظیم اخلاق پر ہو ۔

کوئی انسان بھی کما حقہٗ حضور ﷺکے اخلاق کو بیان نہیں کرسکتا۔جب ہم دنیا کی نعمتیں نہیں گن سکتیں جو کہ بہت تھوڑی ہیں چنانچہ ارشادِ ربانی ہے:قُلْ مَتَاعُ الدُّنْیَا قَلِیْلٌۚ(پ5،النسآء:77)ترجمہ:”تم فرماد و کہ دنیا کا برتنا تھوڑا ہے۔“تو جسے رب عظیم کہے اسے کیسے گن سکتے ہیں! اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

تِرے خُلْق کو حق نے عظیم کہا تِری خِلْق کو حق نے جمیل کیا

کوئی تجھ سا ہوا ہے نہ ہو گا شہا ترے خالقِ حُسن و ادا کی قسم

ان بے شمار خوبیوں اور اداؤں میں سے آپ ﷺ کی اپنے اصحاب کے ساتھ محبت و شفقت بھی ہے۔خیال رہے کہ صحابہ کرام وہ ہستیاں ہیں کہ جن کے بارے میں مصطفےٰ جانِ رحمت ﷺ نے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں ،اِن میں سے جس کی بھی اقتدا(یعنی پیروی )کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔(جامع بیان العلم، ص361، حدیث:975) ایک اور مقام پر فرمایا:اللہ پاک نے میرے صحابہ کو نبیوں اور رسولوں کے علاوہ تمام جہانوں پر فضیلت دی ہے اور میرے تمام صحابہ میں خیر یعنی بھلائی ہے۔(تاریخ اصبہان،1/ 467،رقم:929)

ان روایات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حضور اپنے اصحاب سے اس قدر محبت فرماتے ہیں کہ بعد میں آنے والی اپنی امت کو ان کی اقتدا کرنے کی تعلیم ارشاد فرما رہے ہیں۔

حضور اقدس ﷺ کی صحابہ کرام سے محبت و شفقت کے چند واقعات:

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں میں سب سے اچھے اخلاق والے تھے۔حضور نے مجھے ایک دن کسی کام کے لیے بھیجا،میں نے کہا:اللہ پاک کی قسم!میں نہ جاؤں گا اور میرے دل میں یہ تھا کہ اس کام کے لئے جاؤں جس کا مجھے رسول اللہ ﷺ نے حکم دیا، چنانچہ میں روانہ ہوگیا یہاں تک کہ میں کچھ بچوں پر گزرا جو بازار میں کھیل رہے تھے ،اچانک رسول اللہ ﷺ نے میرے پیچھے سے میری گردن پکڑی،میں نے حضورﷺ کی طرف دیکھا تو آپ ہنس رہے تھے۔فرمایا: اے انیس !کیا تم وہاں جارہے ہو جہاں جانے کا میں نے تم کو حکم دیا تھا؟ میں نے عرض کی:ہاں!یا رسول اللہ ﷺ! میں جارہا ہوں۔(مسلم،ص972،حدیث:6015 )

شرحِ حدیث:خیال رہے کہ یہ جواب نافرمانی یا مخالفتِ حکم نہیں بلکہ ناز بردار بے نیاز کریم پر نیاز مندانہ ناز ہے۔

کشادہ دستِ کرم جب وہ بے نیاز کرے نیاز مند نہ کیوں عاجزی پہ ناز کرے

یہاں حضور علیہ السلام کا آپ کی گردن پکڑنا اور آپ کو انیس کہہ کر پکارنا محبت و کرم سے تھا۔(مراۃ المناجیح،8/66،65)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں بھوک میں روئے زمین پر اپنے جگر پر اعتماد کرتا تھا اور میں بھوک سے اپنے پیٹ پر پتھر باندھا کرتا تھا۔ایک دن میں عام راستہ پر بیٹھا تو گزرنے والے اصحاب سے قرآنِ مجید کی ایک آیتِ کریمہ کے متعلق پوچھنے لگا اور اس سے میرے نیت یہ تھی کہ وہ مجھے اپنے ساتھ لے جائیں اور کچھ کھلائیں مگر وہ میری مراد کو نہ سمجھے۔پھر حضور رحمتِ عالم ﷺ تشریف لائے اور میرے دل کی کیفیت جان کر مسکراتے ہوئے فرمایا:اے ابو ہریرہ!میں نے عرض کی:لبیک یا رسول اللہ ﷺ! فرمایا:میرے ساتھ چلو اور پھر آپ مجھے کاشانۂ نبوت میں لے گئے۔میں نے وہاں دودھ کا ایک پیالہ دیکھا۔ حضور سیدِ عالم ﷺ کے پوچھنے پر بتایا گیا کہ یہ فلاں کی طرف سے ہدیہ ہے۔حضور ﷺ نے فرمایا:اے ابو ہریرہ!میں نے عرض کی: لبیک یا رسول اللہﷺ!فرمایا:جاؤ!اصحابِ صُفہ کو میرے پاس بلا لاؤ۔فرماتے ہیں: جب وہ لوگ آگئے تو حضور ﷺنے فرمایا:اے ابو ہریرہ!میں نے عرض کی:لبیک یا رسول اللہ ﷺ! فرمایا:پیالہ اٹھاؤ اور ان لوگوں کو دے دو۔میں نے پیالہ اٹھا کر انہیں دیا تو یکے بعد دیگرے پیتے پلاتے وہ پیالہ رسولِ اکرم ﷺ تک پہنچا اور سب اصحابِ صُفَّہ خوب سیر ہو چکے تو حضور ﷺ نے پیالہ اپنے مقدس ہاتھ پر رکھا اور میرے طرف دیکھ کر تبسم فرمایا اور فرمایا:اے ابو ہریرہ!میں نے عرض کی:لبیک یا رسول اللہ ﷺ!فرمایا:اب ہم اور تم باقی رہ گئے ہیں۔پھر فرمایا:بیٹھ جاؤ اور پیو۔تو میں نے پیا۔فرمایا اور پیو۔تو میں نے پھر پیا،آپ برابر یہی فرماتے رہے کہ اور پیو،تو میں اور پیتا رہا یہاں تک کہ میں نے عرض کی:قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا کہ اب دودھ گزرنے کی بھی راہ باقی نہیں رہی۔پھر وہ پیالہ میں نے حضور ﷺ کو پیش کردیا تو آپ نے اللہ پاک کی حمد کی اور بسم اللہ پڑھ کر بچا ہوا دودھ پی لیا۔

(بخاری، 4/234،حدیث:6452ملخصاً)(بزرگوں کے عقیدے ،ص 39تا41 ملخصاً)

کیوں جنابِ بُوہُریرہ تھا وہ کیسا جامِ شِیر جس سے سَتّر صَاحبوں کا دودھ سے مُنھ پھر گیا

قربان جائیے!مصطفےٰ جانِ رحمت ﷺ کی ان اداؤں پر! کہ حضورﷺ اپنے غلاموں کے حالات سے واقف ہیں جبھی تو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی دلی کیفیت جان کر مسکرانے لگے اور یہ آپ کی محبت و شفقت ہی تھی کہ اپنے اصحاب کی بھوک مٹانے کے بعد دودھ نوش فرمایا۔ان کے علاوہ بھی کئی ایسی روایات و واقعات ہیں کہ جن میں حضور ﷺ کی اپنے اصحاب سے محبت اور ان پر آپ کی شفقت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔مولانا مصطفےٰ رضا خان رحمۃ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:

آپ ہیں شانِ کرم کانِ کرم جانِ کرم آپ ہیں فضلِ اَتم لُطفِ اَعم کی صورت

اللہ کریم ہمیں صحابہ کرام علیہم الرضوان کی سچی محبت اور ان کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حضور جانِ عالم ﷺ کے جود و کرم اور آپ کی شفاعت سے حصہ نصیب فرمائے۔اٰمین بجاهِ خاتمِ النبينﷺ


جن خوش نصیبوں نے ایمان کی حالت میں حضور نبیِ کریم ﷺ کی صحبت کا شرف پایا اور ایمان ہی پر خاتمہ ہوا انہیں صحابی کہتے ہیں۔صحابہ کرام کی قدرومنزلت وہی انسان جاں سکتا ہے جو نبیِ کریم ﷺ کی عظمت و رفعت سے واقف ہوگا۔صحابہ کی تعظیم گویا نبیِ پاک ﷺ کی تعظیم ہے۔قرآنِ پاک میں اللہ پاک نے ارشاد فرمایا ہے: رَضِیَ اللّٰهُ عَنْهُمْ وَ رَضُوْا عَنْهُؕترجمہ کنزالایمان: اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اس سے راضی ہوئے۔ ( پ30 ،البینۃ: 8)

پیارے آقا ﷺ کی صحابہ کرام سے محبت احادیث کی روشنی میں:

حضرت عبد اللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،رسولِ کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کے متعلق اللہ سے ڈرو،اللہ سے ڈرو۔میرے صحابہ رضی اللہ عنہم کے بارے میں اللہ سے ڈرو،اللہ سے ڈرو، میرے بعد انہیں نشانہ نہ بناؤ کیونکہ جس نے ان سے محبت کی تو میری محبت کی وجہ سے ان سے محبت کی اور جس نے ان سے بغض رکھا تو میرے بغض کی وجہ سے ان سے بغض رکھا اور جس نے انہیں ستایا اس نے مجھے ستایا اور جس نے مجھے ستایا اس نے اللہ پاک کو تکلیف دی اور جس نے اللہ کو تکلیف دی تو قریب ہے کہ اللہ پاک اسے پکڑے۔( ترمذی ، 5 /302 ،حدیث :3864)

ارشاد فرمایا:جس نے میری وجہ سے میرے صحابہ کی حفاظت اور عزت کی تو میں بروزِ قیامت اس کا محافظ ہوں گااور جس نے میرے صحابہ کو گالی دی اس پر اللہ پاک کی لعنت ہے۔(فضائل صحابہ للامام احمد، 2 /908، حدیث: 1733)

ارشاد فرمایا:میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں ان میں سے جس کی اقتدا کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔(جامع بیان العلم، ص 361 ،حدیث: 970)

ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کو برا نہ کہو اس لیے کہ تم میں سے کوئی احد پہاڑ کے برابر بھی سونا خرچ کر دے تو وہ ان کے ایک مد(یعنی ایک کلو میں 40 گرام کم) کے برابر بھی نہیں پہنچ سکتا اور نہ اس کے آدھے۔

(بخاری، 2 / 522،حدیث: 3673)

ارشاد فرمایا:میرے صحابہ کی عزّت کرو کیونکہ وہ تم میں بہترین لوگ ہیں۔(جامع بیان العلم،ص361، حدیث: 970)

اللہ پاک ہمیں پیارے آقا ﷺ کا صدقہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا عشق عطا فرمائے۔اٰمین