قراٰن مجید رب کریم کا بے مثل کلام ہے۔ جسے اللہ پاک نے حضور نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل فرمایا ۔ جو ہر چیز کا کھلا اور واضح بیان ہے جس طرح الله پاک نے قراٰنِ پاک میں مسلمانوں کے لئے احکام پچھلی امتوں کے واقعات بیان فرمائے اسی طرح اس میں انبیا و رسول علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بھی بیان فرمایا۔ جس طرح حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ایک صفت رحمۃ للعلمین بیان فرمائی۔ حضرت عیسیٰ علیہ السّلام کی روح الله بیان فرمائی۔ اسی طرح حضرت موسی علیہ السّلام کی بھی صفات بیان فرمائیں۔ ان میں سے چند ملاحظہ ہوں۔

(1) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے اور برگزیدہ بندے تھے۔ اللہ پاک نے فرمایا : اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجمۂ کنزُالعِرفان: بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا۔(پ 16، مریم:51) (2) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام رسول و نبی تھے۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51)

(3) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام سے اللہ پاک نے کلام فرمایا۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا ۔ (پ16،مریم:52)طور ایک پہار کا نام ہے جو مصر اور مدین کے درمیان ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو مدین سے آتے ہوئے طور کی اس جانب سے جو حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے دائیں طرف تھی ایک درخت سے ندا دی گئی تھی۔

(4) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام کو اپنا قرب بخشا۔ اللہ پاک نے فرمایا: وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ (پ16،مریم:52)

(5) حضرت موسی علیہ الصلوۃ و السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی حضرت ہارون علیہ الصلوۃ والسّلام کو نبوت عطا کی۔ اللہ پاک نے فرمایا : وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:53) جب حضرت موسیٰ علیہ الصلوۃو السّلام نے اللہ پاک سے دعا کی کہ میرے گھر والوں میں سے میرے بھائی ہارون کو میرا وزیر بنا۔ تو اللہ پاک نے ان کی دعا قبول فرمائی اور اپنی رحمت سے حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا کی۔ ( خازن)

پیارے اسلامی بھائیو! اسی طرح اللہ پاک نے قراٰنِ پاک میں متعدد مقامات پر انبیائے کرام علیہم السّلام کی صفات و کمالات کو بیان فرمایا مگر افسوس ہم اس کو پڑھنے اس پر عمل کرنے سے ناآشنا ہیں حالانکہ انبیائے کرام علیہم السّلام کی صفات پڑھنے اس پر عمل کرنے میں اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کی سیرت پڑھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ خاتم المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


انبیائے کرام علیہم السّلام کائنات کی عظیم ترین ہستیاں اور انسانوں میں ہیروں موتیوں کی طرح جگمگاتی شخصیات ہیں جنہیں خدا نے وحی کے نور سے روشنی بخشی حکمتوں کے سر چشمے ان کے دلوں میں جاری فرمائے اور سیرت و کردار کی وہ بلندیاں عطا فرمائیں جن کی تابانی سے مخلوق کی آنکھیں حیران ہو جاتی ہیں انبیا و مرسلین انتہائی اعلی و عمدہ اوصاف کے مالک ہوتے ہیں۔ جن میں بعض کے اوصاف الله پاک نے قراٰن مجید میں ذکر فرمائے ان کے مرتبہ اور فضائل جدا گانہ ہیں۔ مزید یہ کہ نبی ہونے میں سب برابر ہیں ان انبیائے کرام میں افضل و اعلیٰ حضور محتشم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں۔ جیسا کہ اللہ پاک نے فرمایا: وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔(پ29،القلم:4)

محترم قارئین ! قراٰن مجید میں جن انبیائے کرام کے اوصاف بیان ہوئے ان میں سے حضرت موسی علیہ السّلام کے اوصاف درج ذیل ہیں۔

(1) وَ اٰتَیْنٰهُمَا الْكِتٰبَ الْمُسْتَبِیْنَۚ(۱۱۷)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے ان دونوں کو روشن کتاب عطا فرمائی (پ23،الصّٰٓفّٰت:117) حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ ہے جو یہاں بیان ہوا کہ ان کو روشن کتاب عطا فرمائی۔ جس کا بیان بلیغ ہے اور وہ کتاب حدود اور احکام کی جامع ہے یعنی تو رات جو حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو عطا کی گئی۔ سب سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو ہی کتاب عطا کی گئی اس کتاب میں حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نبوت کے دلائل بھی موجود ہیں اس کتاب سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو صحیفے عطا کیے گئے ان میں بھی حضور کی نبوت اور رسالت کا بیان تھا۔

(2) وَّ نَزَعَ یَدَهٗ فَاِذَا هِیَ بَیْضَآءُ لِلنّٰظِرِیْنَ۠(۱۰۸) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اپنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو وہ دیکھنے والوں کے سامنے جگمگانے لگا۔( پ9، الاعراف : 108)حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی ہے جو یہاں بیان ہوا کہ ید بیضاء یعنی حضرت موسی علیہ السّلام جب اپنا دستِ اقدس گریبان میں ڈال کر نکالتے تو وہ دیکھنے والوں کے سامنے جگمگانے لگتا اور اس کی روشنی اور چمک نور آفتاب پر غالب آگئی۔ ایک روایت میں ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام نے فرعون کو اپنا ہاتھ دکھا کر پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ فرعون نے جواب دیا :آپ کا ہاتھ ہے۔ پھر حضرت موسیٰ علیہ السّلام نے ا پنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو وہ جگمگانے لگا۔

(3) وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ علیہ السّلام سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)حضرت موسیٰ علیہ السّلام کا ایک وصف یہ بھی تھا جو یہاں بیان ہوا کہ آپ کلیم اللہ ہیں حضرت موسیٰ نے اللہ پاک سے بلاواسطہ کلام فرمایا۔ آپ مدین سے واپس آرہے تھے طور کی جانب سے آپ کو درخت سے آواز دی گئی یعنی جو حضرت موسی علیہ السّلام کی دائیں جانب تھی آپ کو مرتبہ قرب عطا فر مایا گیا۔ حجاب اٹھا دئیے گئے یہاں تک کہ آپ نے قلموں کے چلنے کی آواز سنی جس سے تو رات کو لکھا جا رہا تھا اور آپ کی قدرو منزلت بلند کی گئی۔

(4) قَالَ هِیَ عَصَایَۚ ترجَمۂ کنزُالایمان: عرض کی یہ میرا عصا ہے ۔(پ16،طٰہٰ:18) آپ کا وصف یہ بھی تھا کہ آپ کا عصا مبارک جس کے اوپر کی جانب دو شاخیں تھیں اس کا نام نبعہ تھا آپ جب تھک جاتے تو اس سے ٹیک لگاتے، بکریوں کے لئے کے لئے درختوں سے پتے جھاڑتے اور دشمنوں سے لڑتے، اس کے ساتھ ساتھ یہ کہ آپ کا عصا مبارک فرعون کے میلے میں جادو گروں کے سانپوں کے ساتھ ڈالا تو بڑا اژدھا بن کر ان کو کھا گیا اور بنی اسرئیل نے جب پانی طلب کیا تو آپ کے اس عصا کو پتھر پر مارنے سے اس سے 12 چشمے جاری ہو گئے اور جب دریا میں مارا تو دریا میں راستہ بن گیا۔

اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں انبیائے کرام کے اوصاف بیان کرنے اور تعظیم کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انبیائے کرام کی بے ادبی اور گستاخی سے محفوظ فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ پاک نے انسانوں کی ہدایت کے لئے بے شمار انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا اور تمام ہی انبیائے کرام نے الله پاک کی اطاعت و فر مانبرداری کرتے ہوئے انسانوں کو دین حق کی دعوت دی۔ انہی انبیائے کرام میں سے حضرت موسی علیہ السّلام بھی ہیں جن کے اوصاف میں سے کچھ کا ذکر یہاں کیا جائے گا۔

حضرت موسی علیہ السّلام الله پاک کے انتہائی برگزیدہ پیغمبر اور رسولوں میں سے ایک رسول ہیں۔ حضرت موسی علیہ السّلام رب سے بلاواسطہ ہم کلام ہونے کی وجہ سے کلیم اللہ کے لقب سے یاد کیے جاتے ہیں۔ الله پاک کے موسی علیہ السّلام کو دس صحیفے نازل فرمائے۔ الله پاک نے موسیٰ علیہ السّلام کو کتاب ( تو رات) عطا فرمائی۔

اوصاف :ایک مقام پر رب نے موسیٰ علیہ السّلام کو اپنا چنا ہوا بندہ اور رسول ارشاد فرمایا ہے۔ (جیسا کہ پارہ نمبر (16) سورۃُ المریم کی آیت نمبر (51) میں ارشاد فرمایا: وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو بےشک وہ چنا ہوا تھا اور رسول تھا غیب کی خبریں بتانے والا۔(پ 16، مریم:51)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو اپنی بارگاہ میں بڑی وجاہت والا (بھی بڑے مقام والا) مستجاب الدعوات فرمایا۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 22 سورة ُالاحزاب کی آیت نمبر (69) میں ارشاد فرمایا : وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور موسیٰ اللہ کے ہاں بڑی وجاہت والا ہے۔(پ22،الاحزاب:69)

ایک مقام پر رب نے موسیٰ علیہ السّلام سے ہم کلامی کرنے کا ارشاد فرمایا ہے :( جیسا کہ پارہ نمبر (06) سورۃ النساء کی آیت نمبر 164 میں ارشاد فرمایا : وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو نبوت و رسالت پر دلالت کرنے والی (9) نو نشانیاں عطا کرنے کا ارشاد فرمایا۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 15 میں سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر (101) میں ارشاد فرمایا : وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسٰى تِسْعَ اٰیٰتٍۭ بَیِّنٰتٍ ترجَمۂ کنزُالایمان: اور بےشک ہم نے موسیٰ کو نو روشن نشانیاں دیں۔(پ15،بنی اسرائیل:101)

ایک مقام پر رب نے موسی علیہ السّلام کو فرقان عطا کرنے کا ارشاد فرمایا ہے۔ (جیسا کہ پارہ نمبر 1 سورۃُ البقرہ کی آیت نمبر (53) میں ارشاد فرمایا : وَ اِذْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ وَ الْفُرْقَانَ لَعَلَّكُمْ تَهْتَدُوْنَ(۵۳)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جب ہم نے موسیٰ کو کتاب عطا کی اور حق و باطل میں تمیز کر دینا کہ کہیں تم راہ پر آؤ ۔(پ1، البقرة:53) فرقان کے کئی معانی بیان کئے گئے ہیں :(1)فرقان سے مراد بھی تورات ہی ہے۔ (2)کفرو ایمان میں فرق کرنے والے معجزات جیسے عصا اور ید بیضاء وغیرہ ۔(3)حلال و حرام میں فرق کرنے والی شریعت مراد ہے ۔(مدارک،البقرة،تحت الآیت:53،ص52)

ایک مقام پر رب نے آپ کو روشن غلبہ عطا فرمانے کا ارشاد فرمایا ہے۔(جیسا کہ پارہ نمبر (6) سورۃُ النساء کی آیت نمبر (153) میں ارشاد فرمایا : وَ اٰتَیْنَا مُوْسٰى سُلْطٰنًا مُّبِیْنًا(۱۵۳) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہم نے موسیٰ کو روشن غلبہ دیا۔(پ6،النساء:153)

حضرت موسی علیہ السّلام کے اوصاف میں سے یہ بھی ہے کہ قراٰنِ پاک میں سب سے زیادہ مرتبہ حضرت موسی علیہ السّلام کا نام آیا ہے اور یہ مختلف مقامات پر ہے اور اس کی تعداد (136) ہے۔


الله پاک نے اپنی تمام مخلوق میں سے اشرف المخلوقات میں سے انسان کو بنایا پھر انسان میں سے اللہ پاک نے نبوت کے لئے ایسے کمالات و صفات والی شخصیات کو چنا جو اس مرتب کے لائق تھیں۔ پھر انہی شخصیات میں سے بعض کو بعض پر فضیلت عطا فرمائی۔ جیسا کہ اللہ پاک پاره تین سورہ بقرہ آیت نمبر 253 کے جز میں ارشاد فرماتا ہے: تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍۘ ترجَمۂ کنزُالایمان: یہ رسو ل ہیں کہ ہم نے ان میں ایک کو دوسرے پر افضل کیا۔ (پ3،البقرۃ:253)تو اللہ پاک نے ان رسولوں میں سے جن کو فضیلت عطار فرمائی تو انہیں ایک عظیم مرتبہ اولوا العظم سے سرفراز فرمایا۔ انہی اُولوا العظم میں سے اُمت محمدیہ پر شبِ معراج کی رات نمازوں میں کمی کروا کر آسانی کرنے والے، اللہ پاک سے کلام فرمانے والے حضرت سیدنا موسیٰ کلیم اللہ علیہ الصلاة والسّلام نبی ہیں کہ جن کی نشان و صفات و عظمت کو اللہ پاک نے قراٰنِ کریم میں بیان فرمایا ہے۔ آئیے قراٰنِ کریم سے پانچ اوصاف حضرت سیدنا موسیٰ کلیم اللہ علیہ الصلاۃ و السّلام پیش کرتا ہوں۔

(1) چنی ہوئی شخصیت: آپ علیہ الصلاة و السّلام کا ایک وصف یہ تھا کہ اللہ آپ علیہ الصلاة و السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے برگزیدہ بندے تھے۔ جیسا کہ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجَمۂ کنزُالایمان:اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو بےشک وہ چنا ہوا تھا ۔(پ 16، مریم:51) (2) مرتبہ رسالت عطا فرمایا :آپ علیہ الصلاة و السّلام کا ایک وصف یہ بھی تھا کہ اللہ پاک کے رسول و نبی تھے جیسا کہ ارشاد خداوندی ہے: وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور رسول تھا غیب کی خبریں بتانے والا۔(پ 16، مریم:51)

(3) تیسرا وصف یہ تھا کہ آپ علیہ الصلاۃ والسّلام کو اللہ پاک نے اپنا قرب عطا فرمایا۔ ارشاد ربانی ہے: وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اسے اپنا راز کہنے کو قریب کیا۔(پ16،مریم: 52) (4) خواہش موسیٰ علیہ السّلام قبول : چوتھا وصف یہ ہے کہ آپ علیہ الصلاة و السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی ہارون علیہ الصلاۃ و السّلام کو نبوت عطا کی۔ ارشاد باری ہے: وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:53)

(5) پانچواں وصف یہ تھا کہ آپ علیہ الصلاة والسّلام کو اللہ پاک نے کلام کرنے کا شرف بخشا۔ اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے: وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النسآء:164)

پیارے اور محترم اسلامی بھائیو ! یہ حضرت موسیٰ علیہ الصلاة و السّلام کے چند اوصاف ہیں جو ابھی بیان ہوئے ورنہ تو آپ علیہ الصلاۃ و السّلام صفات و کمالات کے جامع تھے۔ کیونکہ اللہ پاک نے جسے بھی نبوت عطا فرمائی اُسے کامل صفات کے ساتھ مالا مال فرمایا ہے۔ اللہ پاک اس عظیم ہستی حضرت سونا موسیٰ کلیم اللہ علیہ الصلاۃ و السّلام کے صدقے ہم پر بھی نظر خاص فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ پاک نے موسی علیہ السّلام کو بے شمار معجزات سے نوازا اور انہیں نہایت بلند مرتبہ عطا فر مایا ۔ نبی آخر الزمان صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے موسی علیہ السّلام کو اپنے فرامین میں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ آپ کے ان فرامین میں اسلام کے اوصافِ حمیدہ کا روشن اظہار ہے جیسا کہ اللہ پاک نے حضرت موسی علیہ السّلام پر تورات نازل فرمائی۔ ارشاد باری ہے : ترجمۂ کنزُالعِرفان: پھر ہم نے موسیٰ کو کتاب عطا فرمائی تاکہ نیک آدمی پر احسان پورا ہو اور ہر شے کی تفصیل ہو اور ہدایت و رحمت ہو کہ کہیں وہ اپنے رب سے ملنے پر ایمان لائیں۔ اور یہ برکت والی کتاب ہے جسے ہم نے نازل کیا ہے ، تو تم اس کی پیروی کرو اور پرہیز گار بنو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔ (پ6، الانعام :155،154)

موسی علیہ السّلام سے اللہ پاک نے صاف طور پر کلام کیا: وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)

موسی علیہ السّلام نے اپنا عصا مبارک ڈال دیا تو وہ ایک ظاہر اژدھا بن گیا۔ فَاَلْقٰى عَصَاهُ فَاِذَا هِیَ ثُعْبَانٌ مُّبِیْنٌۚۖ(۱۰۷)ترجَمۂ کنزُالایمان: تو موسیٰ نے اپنا عصا ڈال دیا وہ فوراً ایک ظاہر اژدھا ہو گیا۔( پ9، الاعراف : 107)

موسی علیہ اسلام نے اپنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو دیکھنے والوں کیلئے جگمگانے لگا۔ وَّ نَزَعَ یَدَهٗ فَاِذَا هِیَ بَیْضَآءُ لِلنّٰظِرِیْنَ۠(۱۰۸) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اپنا ہاتھ گریبان میں ڈال کر نکالا تو وہ دیکھنے والوں کے سامنے جگمگانے لگا۔( پ9، الاعراف : 108)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے ایمان والو! ان لوگوں جیسے نہ ہونا جنہوں نے موسیٰ کو ستایا تو اللہ نے موسیٰ کا اس شے سے بری ہونا دکھا دیا جو انہوں نے کہا تھا اور موسیٰ اللہ کے ہاں بڑی وجاہت والا ہے۔(پ22،الاحزاب:69)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: (اللہ نے) فرمایا: اے موسیٰ! میں نے اپنی رسالتوں اور اپنے کلام کے ساتھ تجھے لوگوں پر منتخب کرلیا تو جو میں نے تمہیں عطا فرمایا ہے اسے لے لو اور شکر گزاروں میں سے ہوجاؤ۔(پ9،الاعراف:144)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو، بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا اور وہ نبی رسول تھا ۔اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:51تا 53)

ہم اللہ پاک کی بارگاہ اقدس میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ پاک ہمیں حضرت موسی علیہ السّلام کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کا وارث بنائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


اللہ پاک نے انسان کو تمام مخلوق میں افضل بنایا ہے اور ان کی اصلاح فرمانے کے لئے انبیائے کرام اور مرسلین کو مبعوث فرمایا۔ ان انبیائے کرام اور مرسلین میں سے بعض کو بعض پر فضیلت دی۔ ان انبیا اور مرسلین کو کمال معجزات اور صفات سے سرفراز کیا ہے ان انبیائے کرام میں حضرت موسیٰ کلیم اللہ علیہ السّلام ان کو نبی بنا کر بھیجا اور ان پر کتاب بھی اتاری۔

اللہ پاک حضرت موسیٰ کلیم اللہ علیہ السّلام کو بھی کثیر معجزات اور اوصاف سے نوازا۔ ان اوصاف میں سے چند قراٰنِ کریم کی روشنی میں درج ذیل ہیں۔

(1) چنے ہوئے اور برگزیدہ بندے تھے۔ حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے پہلا وصف یہ ہے کہ آپ علیہ السّلام الله پاک کے چنے ہوئے اور برگزیدہ بندے تھے۔ جیسا کہ قراٰنِ کریم میں اللہ پاک نے ارشاد فرمایا: وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو، بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا۔(پ 16، مریم:51)

(2) رسول و نبی تھے: اللہ پاک نے حضرت موسی علیہ السّلام کو رسول اور نبی بنا کر بھیجا تھا۔ جیسا کہ قراٰنِ کریم میں ارشاد باری ہے: وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51) (3) اللہ پاک نے کلام فرمایا: اللہ پاک نے حضرت موسیٰ کلیم اللہ علیہ السّلام سے کلام فرمایا۔ اللہ پاک قراٰن کریم میں ارشاد فرماتا ہے: وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164)

(4)الله پاک نے آپ کو اپنا قرب بخشا: الله پاک نے حضرت موسی کلیم اللہ علیہ الصلاۃ و السّلام کو یہ وصف بھی دیا کہ آپ کو اپنا قرب بخشا۔ جیسا کہ اللہ پاک قراٰنِ کریم میں ارشاد فرمایا: وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ (پ16،مریم ،52)

(5) آپ علیہ الصلاۃ و السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی کو نبوت عطا کی۔ اللہ پاک نے حضرت موسی علیہ الصلاۃ و السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی ہارون کو نبوت عطا کی۔ حضرت موسی علیہ السّلام الله پاک کی بارگاہ میں دعا کی کہ میرے گھر والوں میں سے میرے بھائی ہارون کو میرا وزیر بنا۔ تو اللہ پاک نے ان کی دعا قبول فرمائی اور اپنی رحمت سے حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا کی۔ جیسا کہ اللہ پاک قراٰنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے: وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:53)اس آیتِ مبارکہ سے یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو اللہ پاک کی بارگاہ میں قرب کا ایسا مقام حاصل ہے کہ اللہ پاک ان کی دعا کے صدقے ان کے بھائی حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا فرمائی۔ اس سے ہمیں یہ بات بھی معلوم ہوئی کے اللہ پاک کی بارگاہ میں انبیائے کرام اور مرسلین عظام کی دعا مقبول ہیں اور ہم کو چاہیے کہ ہم بھی اللہ پاک سے ان انبیائے کرام و مرسلین عظام اور بزرگان ِ دین کے وسیلہ سے دعا کرے۔ الله پاک مجھے اور آپ کو دونوں جہاں کی بھلائیاں عطا کرے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


آج ہم ایک عظیم ہستی کی حیا کے بارے میں بات کریں گے۔ جن کی حیا کے بارے میں خود حضور خاتم النبیین رحمۃ للعالمین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فر مایا کہ وہ حیا والے ہیں۔ چنانچہ مکی مدنی آقا حضور جان جاناں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: وہ بہت حیا والے تھے اور اپنا بدن چھپانے کا خصوصی اہتمام کرتے تھے۔

ان عظیم ہستی کا نام حضرت موسیٰ کلیم الله على نبينا وعليہ الصلوة والسّلام ہے ۔ آپ علیہ السّلام کا نام و لقب: آپ علیہ السّلام کا نام مبارک موسیٰ جبکہ لقب کلیم الله علی نبینا وعلیہ الصلوۃ و السّلام ہے۔آپ کا نسب نامہ : سیدنا موسیٰ علیہ السّلام حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی نسل سے ہیں اور آپ کا نسب موسیٰ بن عمران بن قاہت بن عازر بن لاوی بن یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم ہے۔

ولادت مبارکہ : آپ حضرت یوسف علیہ السّلام کی وفات سے 400 برس اور جبکہ ابراہیم علیہ السّلام کی وفات کے 700 برس بعد پیدا ہوئے۔ اور 120 سال عمر مبارکہ پائی۔

آپ علیہ الصلوۃ و السّلام کے کئی اوصاف بیان کیے گئے جن میں سے چند اوصافِ مبارکہ درج ذیل ہیں :آپ علیہ السّلام الله پاک کے برگزیدہ اور چُنے ہوئے بندے ہونے کا ساتھ ساتھ اللہ پاک کے نبی اور رسول بھی تھے ، چنانچہ پارہ 16 آیت نمبر 51 سورہ مریم میں ارشاد باری ہے : وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو، بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51)

(2) آپ علیہ السّلام رب کی بارگاہ میں بڑی وجاہت (یعنی بڑے مقام والے) اور مستجاب الدعوات تھے۔چنانچہ پا رہ 22 سورہ احزاب آیت نمبر 49 میں فرمان باری ہے : وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: موسیٰ اللہ کے یہاں آبرو والا ہے ۔(پ22،الاحزاب:69)

(3) آپ علیہ السّلام کسی واسطے کے بغیر اللہ پاک سے ہم کلام ہونے کا شرف بھی رکھتے تھے ۔ بارگاہِ انبیا میں قرب کے اس مقام پر فائز ہیں کی آپ کی دعا سے اللہ پاک نے آپ کے بھائی ہارون علیہ السّلام کو نبوت جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ چنانچہ پارہ 16 سورہ مریم آیت نمبر 53،52 میں فرمان باری ہے: وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲) وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جونبی تھا۔(پ16،مریم:53،52)

آپ علیہ السّلام کی شان یہ بھی ہے کہ آپ کی پیدائش سے قبل ہی آپ کی ماں کو بتا دیا گیا تھا کہ یہ رسول ہیں۔ آپ بچپن سے ہی رسول ہیں۔ چنانچہ پارہ 20 سورہ قصص آیت نمبر 7 میں اللہ ارشاد فرمایا: وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰۤى اُمِّ مُوْسٰۤى اَنْ اَرْضِعِیْهِۚ-فَاِذَا خِفْتِ عَلَیْهِ فَاَلْقِیْهِ فِی الْیَمِّ وَ لَا تَخَافِیْ وَ لَا تَحْزَنِیْۚ-اِنَّا رَآدُّوْهُ اِلَیْكِ وَ جَاعِلُوْهُ مِنَ الْمُرْسَلِیْنَ(۷) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے موسیٰ کی ماں کو اِلہام فرمایا کہ اسے دودھ پلا پھر جب تجھے اس پر خوف ہو تو اسے دریا میں ڈال دے اور خوف نہ کر اور غم نہ کر ،بیشک ہم اسے تیری طرف پھیر لائیں گے اور اسے رسولوں میں سے بنائیں گے۔(پ20،القصص:7)


(1) چنے ہوئے برگزیدہ بندے: حضرت موسیٰ علیہ السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے برگزیدہ بندے اور نبی رسول تھے۔ ارشاد باری ہے: وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو، بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51) (2) وجاہت والے: آپ علیہ السّلام رب کریم کی بارگاہ میں بڑی وجاہت یعنی بڑے مقام والے اور مستجاب الدعوات تھے۔ ارشاد باری ہے: وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور موسیٰ اللہ کے ہاں بڑی وجاہت والا ہے۔(پ22،الاحزاب:69)

(3) کلیم الله: آپ علیہ السّلام کسی واسطے کے بغیر اللہ پاک سے ہم کلام ہونے کا شرف رکھتے ہیں اور بارگاہِ الٰہی میں قرب کے اس مقام پر فائز ہیں کہ آپ کی دعا سے اللہ پاک نے آپ کے بھائی ہارون علیہ السّلام کو نبوت جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ قراٰنِ پاک میں ہے : وَ نَادَیْنٰهُ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ الْاَیْمَنِ وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲) وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اسے طور کی دائیں جانب سے پکارا اور ہم نے اسے اپنا راز کہنے کیلئے مقرب بنایا۔ اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جونبی تھا۔(پ16،مریم:53،52)

اس سے اللہ پاک کے پیارے بندوں کی عظمت کا پتہ لگا کہ ان کی دعا سے وہ نعمت ملتی ہے جو بادشاہوں کے خزانوں سے نہ مل سکے۔ تو اگر ان کی دعا سے اولا دیا دنیا کی دیگر نعمتیں مل جائیں تو کیا مشکل ہے ۔ البتہ نبوت چونکہ بند ہو چکا اس لیے اب کسی کو نبوت نہیں مل سکتی ۔(سیرت انبیاء، ص 530)


الله پاک نے انسانوں کی ہدایت کے لئے انبیائے کرام علیہم السّلام جیسی باکمال ہستیوں کے وجودِ مسعود کو تخلیق فرمایا ۔ ا نہیں ہر ایسی چیز سے دور رکھا جو ان کے دامن کو ناپاک کرنے اور ہر ایسی شے سے منزہ رکھا جو مخلوق سے عار و نفرت کا باعث ہو، تو کس طرح ان کی ہستیوں کو صفاتِ مذمومہ اور عادات متنفرہ سے مبرہ رکھا۔ یونہی ان مبارک ذوات کو صفاتِ حسنہ اور عاداتِ حسنہ سے آراستہ کیا ، ان مبارک شخصیات میں سے اللہ پاک کے پیارے نبی حضرت سیدنا موسی علیہ السّلام ہیں، جنہیں اللہ پاک نے بے شمار خصلتیں عطا فرمائیں اور قراٰنِ پاک میں کئی مقامات پر ان ذکر جمیل فرمایا ، آپ علیہ السلام کی قراٰن کریم موجود صفات یہ ہیں:۔

(1) الله سے ہم کلام ہونا: آپ علیہ السلام کو اللہ پاک نے یہ امتیازی صفت عطا فرمانی کہ آپ کے بلا واسطہ رب سے ہم کلام ہونے سے مشرف ہوئے، جیسا کہ اس مفہوم کو مختلف مقامات پر بیان کیا: وَ كَلَّمَهٗ رَبُّهٗۙ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اس کے رب نے اس سے کلام فرمایا۔ (پ9،الاعراف:143 ) دوسرے مقام پر فرمایا: وَ كَلَّمَ اللّٰهُ مُوْسٰى تَكْلِیْمًاۚ(۱۶۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اللہ نے موسیٰ سے حقیقتاً کلام فرمایا۔(پ6،النساء:164) اور اسی سبب سے آپ علیہ السّلام " کلیم الله " کے لقب سے مشہور ہوئے۔

(2) چنے ہوئے: یوں تو سارے انبیائے کرام علیہم السلام چنے ہوئے ہیں مگر آپ کے حق میں اس وصف کو بالتکرار ذکر کیا گیا ، جیسا کہ ارشاد فرمایا: اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا ترجَمۂ کنزُالایمان: بےشک وہ چنا ہوا تھا۔(پ 16، مریم:51) ا دوسرے مقام پر: وَ اصْطَنَعْتُكَ لِنَفْسِیْۚ(۴۱) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور میں نے تجھے خاص اپنے لیے بنایا۔ (پ16،طٰہٰ:41) اور ایک مقام پر ارشاد فرمایا: یٰمُوْسٰۤى اِنِّی اصْطَفَیْتُكَ عَلَى النَّاسِ ترجَمۂ کنزُالایمان: اے موسیٰ میں نے تجھے لوگوں سے چن لیا۔(پ9،الاعراف:144)(3) قربِ الٰہی: اسی طرح سارے ہی انبیائے کرام علیہم السلام اللہ پاک کے مقرب ہوتے ہیں، جتنا یہ رب سے قریب ہیں، کوئی ان تک نہیں پہنچ سکتا مگر حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو خاص قرب بخشا اور سرگوشی فرمانی، ارشاد فرمایا: وَ قَرَّبْنٰهُ نَجِیًّا(۵۲)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اسے اپنا راز کہنے کو قریب کیا۔(پ16،مریم: 52)

(4) حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی دعا سے بھائی کو نبوت ملنا: نبوت ایک اعلیٰ منصب ہے ، جو اللہ پاک کی عطا اور اس کے فضل و رحم سے ملتا ہے، مگر حضرت موسیٰ علیہ السّلام وہ نبی ہے جن کی دعا سے آپ کے بھائی حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت کا تاج عطا ہوا، ارشاد فرمایا: وَ وَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَاۤ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِیًّا(۵۳)ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور ہم نے اپنی رحمت سے اسے اس کا بھائی ہارون بھی دیا جو نبی تھا۔(پ16،مریم:53) (5) حضرت موسی علیہ السّلام وجیہہ : اللہ پاک کے نزدیک سارے انبیائے کرام علیہمُ السّلام مقام و مرتبہ اور عزت و وجاہت والے ہیں، مگر حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے بارے میں اللہ پاک خصوصی طور پر ارشاد فرمایا: وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: موسیٰ اللہ کے یہاں آبرو والا ہے ۔(پ22،الاحزاب:69) مفسرین نے وجیہہ کے مختلف معانی بیان کیے ہیں: عزت والا ، مقام و مرتبہ والا اور مستجاب الدعوات۔

الله پاک حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی صفاتِ حسنہ کے صدقہ ہمیں بھی اچھی صفات سے متصف فرمائے ۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


الله پاک نے قراٰنِ پاک میں کثیر انبیائے کرام (علیہ الصلوة و السّلام) کے فضائل وصفات بیان فرمائی ہے اور ان میں سے جن انبیائے کرام (علیہم الصلوۃ السّلام) کی کثرت سے صفات ذکر فرمائی ہیں ان میں سے ایک حضرت سیدنا موسی کلیم اللہ (علیہ الصلاۃ والسّلام) بھی ہے اللہ نے ان کو بڑے انعامات و صفات سے بہرہ مند فرمایا ہے۔ رب کریم ارشاد فرماتا ہے: یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَكُوْنُوْا كَالَّذِیْنَ اٰذَوْا مُوْسٰى فَبَرَّاَهُ اللّٰهُ مِمَّا قَالُوْاؕ-وَ كَانَ عِنْدَ اللّٰهِ وَجِیْهًاؕ(۶۹) ترجَمۂ کنزُالایمان: اے ایمان والو اُن جیسے نہ ہونا جنہوں نے موسیٰ کو ستایا تو اللہ نے اسے بَری فرما دیا اس بات سے جو انہوں نے کہی اور موسیٰ اللہ کے یہاں آبرو والا ہے ۔(پ22،الاحزاب:69)

یہ آیت جب موسیٰ (علیہ السّلام) کو لوگوں نے تہمت کا نشانہ بنایا کہ ہو نہ ہو موسی (علیہ السّلام) کے اندر معاذ الله ! کوئی عیب ہے اسی لئے حضرت موسی (علیہ السّلام) سرِ عام برہنہ ہو کر غسل نہیں فرماتے۔ تو ایک دن دریا میں غسل فرما ر ہے تھے، تو جس پتھر پر اپنے ثوب (کپڑے) رکھے تھے وہ پتھر ان کے ثوب (کپڑے) لے کر بھاگ گیا تھا، تو حضرت موسیٰ (علیہ السّلام) بھی اس پتھر کے پیچھے دوڑنے لگے اور فرماتے: ثو بی حجر ،ثوبی حجر (اے پتھر میرا کپڑا ) ۔( عجائب القراٰن ص 31)

روشن ہاتھ: رب نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا : وَ اضْمُمْ یَدَكَ اِلٰى جَنَاحِكَ تَخْرُ جْ بَیْضَآءَ مِنْ غَیْرِ سُوْٓءٍ اٰیَةً اُخْرٰىۙ(۲۲) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور اپنا ہاتھ اپنے بازو سے ملا خوب سپید نکلے گا بے کسی مرض کے ایک اور نشانی۔(پ16،طٰہٰ:22)

اس معجزہ کا نام " یدِ بیضاء " ہے جو ایک عجیب اور عظیم معجزہ ہے۔ حضرت ابن عباس (رضی اللہ عنہما) نے فرمایا کہ حضرت ہے موسی (علیہ السّلام) کے دستِ مبارک سے رات اور دن میں آفتاب کی طرح نور نکلتا تھا ۔ (تفسیر خزائن العرفان، ص 563)

من و سلوی : رب کریم نے قراٰنِ پاک میں ارشاد فرمایا: وَ اَنْزَلْنَا عَلَیْكُمُ الْمَنَّ وَ السَّلْوٰىؕترجَمۂ کنزُالایمان: اور تم پر منْ اور سلْویٰ اتارا۔

یہ من و سلوی بھی موسیٰ (علیہ الصلوۃ والسّلام) کی صفات میں سے ہے اور ان کی ہی وجہ سے ان کی قوم پر بھی اس نعمت کا انعام فرمایا لیکن حضرت موسیٰ (علیہ السّلام) کو یہ حکم تھا کہ روزانہ تم لوگ اس کو کھا لیا کرو اور کل کے لئے ہر گز ہر گز نہیں رکھنا لیکن ضعیف الاعتقاد لوگوں کو یہ ڈر لگنے لگا اگر کسی دن یہ نہ اترا تو ہم تو اس میدان میں بھو کے مر جائیں گے ۔ پھر ان لوگوں نے جمع کیا اور وہ سڑ گیا اور اترنا بند ہو گیا ۔ اسی لئے حضور (علیہ الصلوۃ والسّلام) نے فرمایا : اگر بنی اسرائیل نہ ہوتے تو نہ کھانا خراب ہوتا نہ گوشت سڑتا ۔ کھانے کا خراب ہونا اور گوشت کا سڑنا اسی تاریخ سے شروع ہوا اور نہ اس سے پہلے نہ گوشت سڑتا تھا نہ کھانا بگڑتا تھا۔ (تفسیر روح البیان)

اور بہت سی صفات حضرت موسی (علیہ السّلام) کی قراٰنِ پاک میں بیان ہوئی۔

(1)میدان تیہ میں پتھر پر حضرت موسیٰ (علیہ السّلام) نے اپنا عصا مار دیا تھا تو اس میں سے بارہ چشمے جاری ہو گئے تھے جس کے پانی کو بنی اسرائیل چالیس برس تک استعمال کرتے رہے ۔ (عجائب القراٰن ،ص31)(2) حضرت موسیٰ (علیہ الصلاة والسّلام کا عصا اژدھا بن جاتا ۔ ( عجائب القراٰن، ص23)(3) حضرت موسیٰ (علیہ السّلام) کے عصا مارنے سے دریا میں راستے بن گئے۔ (عجائب القراٰن، ص25)

یہ وہ نبی (علیہ الصلاة والسّلام) ہے جن کی صفات قراٰنِ پاک میں کثیر آئیں ہیں۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ان کے صدقے مسلمانوں پر اپنا خصوصی رحم و کرم فرمائیں ان کے وسیلہ سے تمام مسلمانوں کی ہر مشکلات آسان فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الكريم (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم)


قراٰن مجید میں موسی علیہ السّلام کی صفات :(1) : تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍۘ ترجَمۂ کنزُالایمان: یہ رسو ل ہیں کہ ہم نے ان میں ایک کو دوسرے پر افضل کیا۔ (پ3،البقرۃ:253)اس آیت میں انبیائے کرام علیہم السّلام کی عظمت و شان کا بیان ہے اور یاد رہے کہ نبی ہونے میں تو تمام انبیائے کرام علیہم السّلام برابر ہیں اور قراٰن میں جہاں یہ آتا ہے کہ ہم ان میں کوئی فرق نہیں کرتے اس سے یہی مراد ہوتا ہے کہ اصلِ نبوت میں ان کے درمیان کوئی فرق نہیں البتہ ان کے مَراتِب جداگانہ ہیں ، خصائص و کمالات میں فرق ہے، ان کے درجات مختلف ہیں ، بعض بعض سے اعلیٰ ہیں اور ہمارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سب سے اعلیٰ ہیں ، یہی اس آیت کا مضمون ہے اور اسی پر تمام امت کا اجماع ہے۔(خازن، البقرۃ، تحت الآیۃ: 253 ، 1/193)اس آیت میں جملہ انبیائے کرام علیہم السّلام میں سے بطورِ خاص تین انبیائے کرام علیہم السّلام ذکر فرمایا گیا۔ (1)حضرت موسیٰ علیہ السّلام (2) حضرت عیسیٰ علیہ السّلام (3) نبی پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(2) وَ اذْكُرْ فِی الْكِتٰبِ مُوْسٰۤى٘-اِنَّهٗ كَانَ مُخْلَصًا وَّ كَانَ رَسُوْلًا نَّبِیًّا(۵۱) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور کتاب میں موسیٰ کو یاد کرو، بیشک وہ چنا ہوا بندہ تھا اور وہ نبی رسول تھا ۔(پ 16، مریم:51) اس رکوع میں حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی پانچ صفات بیان کی گئی ہیں ۔ (1)آپ علیہ السّلام اللہ پاک کے چنے ہوئے اور برگزیدہ بندے تھے۔ (2) آپ علیہ السّلام رسول و نبی تھے۔ (3)آپ علیہ السّلام سے اللہ پاک نے کلام فرمایا۔ (4)آپ علیہ السّلام کو اپنا قرب بخشا۔ (5) آپ علیہ السّلام کی خواہش پر آپ کے بھائی حضرت ہارون علیہ السّلام کو نبوت عطا کی۔

(3) وَ لَقَدْ اَرْسَلْنَا مُوْسٰى بِاٰیٰتِنَاۤ۔ یاد رہے کہ آیت میں مذکور نشانیوں سے وہ معجزات مراد ہیں جو حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو دے کر بھیجے گئے تھے جیسے عصا کا سانپ بن جانا، ہاتھ کا روشن ہو جانا اور دریا کا پھٹ جانا وغیرہ۔ (خازن، ابراہیم، تحت الآیۃ: 5، 3/73)

(4) وَ اِذْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ وَ الْفُرْقَانَ لَعَلَّكُمْ تَهْتَدُوْنَ(۵۳) {اَلْفُرْقَانَ: فرق کرنا۔} فرقان کے کئی معانی کئے گئے ہیں : (1) فرقان سے مراد بھی تورات ہی ہے۔ (2)کفر و ایمان میں فرق کرنے والے معجزات جیسے عصا اور ید ِبیضاء وغیرہ ۔(3)حلال و حرام میں فرق کرنے والی شریعت مراد ہے۔ (مدارک، البقرۃ، تحت الآیۃ: 53، ص52)

(5) ثُمَّ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ تَمَامًا عَلَى الَّذِیْۤ اَحْسَنَ وَ تَفْصِیْلًا لِّكُلِّ شَیْءٍ وَّ هُدًى وَّ رَحْمَةً لَّعَلَّهُمْ بِلِقَآءِ رَبِّهِمْ یُؤْمِنُوْنَ۠(۱۵۴) { ثُمَّ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ: پھر ہم نے موسیٰ کو کتاب عطا فرمائی۔}یہاں کتاب سے مراد توریت شریف ہے۔ سب سے پہلے کتابِ الہٰی حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو ہی عطا ہوئی۔ اس سے پہلے پیغمبروں کو صحیفے ملتے تھے۔ اور یہ جو فرمایا کہ ’’ تاکہ نیک آدمی پر احسان پورا ہو‘‘ حضرت حسن بصری رحمۃُ اللہِ علیہ اس کی تفسیر میں فرماتے ہیں ’’بنی اسرائیل میں محسن (یعنی نیک) اور غیر محسن بھی تھے تو اللہ پاک نے محسنین یعنی نیک لوگوں پر اپنی نعمت پوری کرنے کے لئے یہ کتاب نازل فرمائی۔ اس کی دوسری تفسیر یہ ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام اللہ پاک کے دئیے ہوئے علم کے مطابق نیک کام کرتے تھے اس لئے اللہ پاک نے ان پر نعمت پوری کرنے کے لئے ان کو کتاب (یعنی تورات) دی۔ (قرطبی، الانعام، تحت الآیۃ: 154 ، 4 / 104، الجزء السابع)

(6) فَاَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰۤى اَنِ اضْرِبْ بِّعَصَاكَ الْبَحْرَؕ-فَانْفَلَقَ فَكَانَ كُلُّ فِرْقٍ كَالطَّوْدِ الْعَظِیْمِۚ(۶۳) {فَاَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰى: تو ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی۔} اللہ پاک نے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی طرف وحی بھیجی کہ اپنا عصا دریا پر مارو، چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام نے دریا پر عصا مارا تو اچانک وہ دریا بارہ راستوں میں تقسیم ہو کر پھٹ گیا، ہر راستہ بڑے پہاڑ جیسا ہو گیا اور ان کے درمیان خشک راستے بن گئے جن پر چل کر بنی اسرائیل دریا سے پار ہو گئے۔( جلالین، الشعراء، تحت الآیۃ: 63 ، ص312)

(7) وَ اضْمُمْ یَدَكَ اِلٰى جَنَاحِكَ تَخْرُ جْ بَیْضَآءَ مِنْ غَیْرِ سُوْٓءٍ اٰیَةً اُخْرٰىۙ(۲۲)

اللہ پاک نے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کو ایک اور معجزہ عطا فرمایا جس کے بارے میں یہاں ارشاد فرمایا کہ اے موسیٰ! آپ اپنے دائیں ہاتھ کی ہتھیلی بائیں بازو کی بغل کے نیچے ملا کر نکالئے تو وہ ہاتھ سورج کی طرح چمکتا، نگاہوں کو خیرہ کرتا اور کسی مرض کے بغیر خوب سفید ہو کر نکلے گا اور یہ عصا کے بعد آپ کی نبوت کی صداقت کی ایک اور نشانی ہے اسے بھی لیجئے۔ حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہُ عنہما فرماتے ہیں کہ حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے دست مبارک سے رات میں چاند اور دن میں سورج کی روشنی کی طرح نور ظاہر ہوتا تھا۔( مدارک، طہ، تحت الآیۃ: 22، ص689، خازن، طہ، تحت الآیۃ: 22 ، 3 / 252، ملتقطاً)

اللہ پاک نے موسیٰ علیہ السّلام کا بہت سارے مقامات میں ذکر فرمایا جو ان کی شان و عظمت پر دلالت کرتی ہیں اور سب سے زیادہ قراٰن مجید میں تذکرہ موسی علیہ السّلام کا ہی ہے اور سب سے پہلے جنہیں کتاب (تورات )عطا کی گئی وہ بھی حضرت موسی علیہ السّلام ہی ہیں اللہ رب العزت ہمیں انبیائے کرام علیہم السّلام کے مقام و مرتبے کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم 


محترم قارئین کرام ! اللہ پاک نے لوگوں میں سے انبیائے کرام کو خاص کیا اور تمام لوگوں میں سے ان کو اخلاق اور مکان کی اعتبار سے بلند کیا اور انہیں میں تمام خصائص کو جمع کیا انہیں میں سے حضرت موسیٰ علیہ السّلام بھی ہیں۔ آئیے حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی صفات قراٰنِ کریم کی روشنی سے پڑھتے ہیں :۔

(1) دوسروں کی مدد کرنا: حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے یہ بھی تھا کہ آپ دوسروں کی مدد فرمایا کرتے تھے۔ جیسا کہ آپ علیہ السّلام نے دو نوجوان لڑکیوں کے جانوروں کو پانی پلایا جب کہ وہ اپنے جانوروں کو پانی پلانے کے لئے پریشان کھڑی تھیں ۔ جیسا کہ ارشادِ باری ہے : وَ لَمَّا وَرَدَ مَآءَ مَدْیَنَ وَجَدَ عَلَیْهِ اُمَّةً مِّنَ النَّاسِ یَسْقُوْنَ ٘۬-وَ وَجَدَ مِنْ دُوْنِهِمُ امْرَاَتَیْنِ تَذُوْدٰنِۚ-قَالَ مَا خَطْبُكُمَاؕ-قَالَتَا لَا نَسْقِیْ حَتّٰى یُصْدِرَ الرِّعَآءُٚ-وَ اَبُوْنَا شَیْخٌ كَبِیْرٌ(۲۳) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور جب وہ مدین کے پانی پر تشریف لائے تووہاں لوگوں کے ایک گروہ کو دیکھا کہ اپنے جانوروں کو پانی پلارہے ہیں اور ان کے دوسری طرف دو عورتوں کو دیکھاجو اپنے جانوروں کو روک رہی ہیں ۔ موسیٰ نے فرمایا: تم دونوں کا کیا حال ہے؟ وہ بولیں : ہم پانی نہیں پلاتیں جب تک سب چرواہے پلاکر پھیر نہ لے جائیں اور ہمارے باپ بہت بوڑھے ہیں ۔(پ20،القصص:23)

(2) دعویٰ و دلیل میں پختہ: حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے ایک یہ بھی تھا کہ آپ اپنی بات اور دلیل دینے میں پختہ تھے۔ جیسا کہ جب فرعون نے ان سے کہاں کہ تم مجھ سے مقابلہ کر رہے ہو حالانکہ میں نے تمہیں پالا ہے جیسا کہ ارشادِ باری ہے : وَ تِلْكَ نِعْمَةٌ تَمُنُّهَا عَلَیَّ اَنْ عَبَّدْتَّ بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَؕ(۲۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور یہ کون سی نعمت ہے جس کا تو مجھ پر احسان جتا رہا ہے کہ تو نے بنی اسرائیل کو غلام بنا کر رکھا۔ (پ19، الشعراء: 22)

تفسیر صراط الجنان:(وَ تِلْكَ: اور یہ۔ ) فرعون نے جو احسان جتایا تھا اس کے جواب میں حضرت موسیٰ علیہ الصلوٰہ و السّلام نے فرمایا : اس میں تیرا کیا احسان ہے کہ تم نے میری تربیت کی اور بچپن میں مجھے اپنے پاس رکھا، کھلایا اور پہنایا کیونکہ میرا تجھ تک پہنچنے کا سبب تو یہی ہوا کہ تو نے بنی اسرائیل کو غلام بنایا اور ان کی اولادوں کو قتل کیا، تیرے اس عظیم ظلم کی وجہ سے میرے والدین میری پرورش نہ کر سکے اور مجھے دریا میں ڈالنے پر مجبور ہوئے، اگر تو ایسا نہ کرتا تو میں اپنے والدین کے پاس ہی رہتا، اس لئے یہ بات کیا اس قابل ہے کہ اس کا احسان جتایا جائے۔ اسے دوسرے الفاظ میں یوں سمجھ لیں کہ کوئی شخص کسی بچے کے باپ کو قتل کر کے بچہ گود میں لے اور اس کی پرورش کرے پھر بڑا ہونے پر اسے احسان جتلائے کہ بیٹا تو یتیم و لاوارث تھا میں نے تجھ پر احسان کیا اور تجھے پال پوس کر بڑا کیا۔ تو اس کے جواب میں وہ بچہ کیا کہے گا۔ وہ یہی کہے گا کہ اپنا احسان اپنے پاس سنبھال کر رکھ۔ مجھے پالنا تو تجھے یاد ہے لیکن یہ تو بتا کہ مجھے یتیم و لاوارث بنایا کس نے تھا ۔

(3)اللہ پاک پر یقین: حضرت موسیٰ علیہ السّلام کی اوصاف میں سے یہ بھی تھا کہ آپ اللہ پاک پر توکل کرنے والے اور پختہ یقین کرنے والے تھے جیسا کہ جب آپ کا مقابلہ فرعون اور اس کے لشکر سے ہوا تو آپ علیہ السّلام نے فرمایا: میرے ساتھ میرا رب ہے۔ جیسا کہ اللہ پاک کا فرمان ہے:قَالَ كَلَّاۚ-اِنَّ مَعِیَ رَبِّیْ سَیَهْدِیْنِ(۶۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: موسیٰ نے فرمایا:ہرگز نہیں ، بیشک میرے ساتھ میرا رب ہے وہ ابھی مجھے راستہ دکھا دے گا۔ (پ19، الشعراء: 62)

(4) دوسروں کی فضیلت کا اقرار کرنا: حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے یہ بھی تھا کہ آپ دوسروں کی فضیلت کا اقرار کرتے تھے۔ جیسا آپ علیہ السّلام نے اپنے بھائی ہارون کے لئے دعا کی۔ ارشادِ باری ہے : وَ اجْعَلْ لِّیْ وَزِیْرًا مِّنْ اَهْلِیْۙ(۲۹) هٰرُوْنَ اَخِیۙ(۳۰) اشْدُدْ بِهٖۤ اَزْرِیْۙ(۳۱) وَ اَشْرِكْهُ فِیْۤ اَمْرِیْۙ(۳۲) ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور میرے لیے میرے گھر والوں میں سے ایک وزیر کردے۔ میرے بھائی ہارون کو ۔ اس کے ذریعے میری کمر مضبوط فرما۔ اور اسے میرے کام میں شریک کردے۔ (پ16، طٰہٰ : 29 تا 32)

(5) وعدہ پورا کرنا: حضرت موسیٰ علیہ السّلام کے اوصاف میں سے یہ بھی تھا کہ آپ علیہ السّلام وعدہ پورا کرنے والے تھے۔ جیسا کہ آپ علیہ السّلام نے دو نوجوان لڑکیوں کے والد سے کیا ہوا وعدے کو پورا کرنا کہ ان دونوں میں سے ایک کے ساتھ نکاح کرنا دس سال کی خدمت حق مہر کے طور پر۔ ارشادِ باری ہے : قَالَ اِنِّیْۤ اُرِیْدُ اَنْ اُنْكِحَكَ اِحْدَى ابْنَتَیَّ هٰتَیْنِ عَلٰۤى اَنْ تَاْجُرَنِیْ ثَمٰنِیَ حِجَجٍۚ-فَاِنْ اَتْمَمْتَ عَشْرًا فَمِنْ عِنْدِكَۚ-وَ مَاۤ اُرِیْدُ اَنْ اَشُقَّ عَلَیْكَؕ-سَتَجِدُنِیْۤ اِنْ شَآءَ اللّٰهُ مِنَ الصّٰلِحِیْنَ(۲۷) قَالَ ذٰلِكَ بَیْنِیْ وَ بَیْنَكَؕ-اَیَّمَا الْاَجَلَیْنِ قَضَیْتُ فَلَا عُدْوَانَ عَلَیَّؕ-وَ اللّٰهُ عَلٰى مَا نَقُوْلُ وَكِیْلٌ۠(۲۸) فَلَمَّا قَضٰى مُوْسَى الْاَجَلَ وَ سَارَ بِاَهْلِهٖۤ اٰنَسَ مِنْ جَانِبِ الطُّوْرِ نَارًاۚ-قَالَ لِاَهْلِهِ امْكُثُوْۤا اِنِّیْۤ اٰنَسْتُ نَارًا لَّعَلِّیْۤ اٰتِیْكُمْ مِّنْهَا بِخَبَرٍ اَوْ جَذْوَةٍ مِّنَ النَّارِ لَعَلَّكُمْ تَصْطَلُوْنَ(۲۹) ترجمۂ کنزُالعِرفان: ان میں سے ایک نے کہا: اے میرے باپ! ان کو ملازم رکھ لو بیشک آپ کا بہتر نوکر وہ ہوگا جو طاقتور اور امانتدار ہو۔ (انہوں نے) فرمایا: میں چاہتا ہوں کہ اپنی دونوں بیٹیوں میں سے ایک کے ساتھ اس مہر پر تمہارا نکاح کردوں کہ تم آٹھ سال تک میری ملازمت کرو پھر اگر تم دس سال پورے کردو تو وہ (اضافہ) تمہاری طرف سے ہوگا اور میں تمہیں مشقت میں ڈالنا نہیں چاہتا۔ اِنْ شَاءَ الله عنقریب تم مجھے نیکوں میں سے پاؤ گے۔ موسیٰ نے جواب دیا: یہ میرے اور آپ کے درمیان (معاہدہ طے) ہے۔ میں ان دونوں میں سے جو بھی مدت پوری کردوں تو مجھ پر کوئی زیادتی نہیں ہوگی اور ہماری اس گفتگو پر الله نگہبان ہے۔ پھر جب موسیٰ نے اپنی مدت پوری کردی اور اپنی بیوی کو لے کر چلے تو کوہِ طور کی طرف ایک آگ دیکھی۔ آپ نے اپنی گھر والی سے فرمایا: تم ٹھہرو ، بیشک میں نے ایک آگ دیکھی ہے، شاید میں وہاں سے کچھ خبر لاؤں یا تمہارے لیے کوئی آگ کی چنگاری لاؤں تاکہ تم گرمی حاصل کرو۔ (پ20،القصص : 27 تا29)

اللہ پاک کی پاک بارگاہ میں دعا ہے کہ اللہ ہمیں بھی اس طرح کی اچھی عادات اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم