ہمارے پیارے آقا مکی مدنی مصطفی ﷺ خاتون جنت بی بی فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا سے بے پناہ محبت فرماتے تھے آپ رضی اللہ عنہا کے جسم مبارک سے جنت کی خوشبو آتی تھی جسے ہمارے پیارے آقا مکی مدنی مصطفی ﷺ سونگھا کرتے تھے۔ (مستدرک للحاکم،  4/140، حدیث: 4791)

ہمارے پیارے آخری نبی مکی مدنی محمد عربی ﷺ نے ارشاد فرمایا: فاطمہ میرے جسم کا ٹکڑا ہے جو اسے ناگوار وہ مجھے ناگوار جو اسے پسند وہ مجھے پسند۔ (مستدرک للحاکم، 4/144، حدیث:4801)

محبوب پاک ﷺ کا ارشاد ہے: فاطمہ رضی اللہ عنہا تمام جہانوں کی عورتوں اور سب جنتی عورتوں کی سردار ہیں مزید فرمایا فاطمہ میرا ٹکڑا ہے جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ (مشکوٰۃ المصابیح، 2/436، حدیث:6139)

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا آپ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہوتیں تو حضور ﷺ آپ رضی اللہ عنہا کے استقبال کے لیے کھڑے ہو جاتے آپ کے ہاتھ تھام کر ان کو بوسہ دیتے اور اپنی جگہ بٹھاتے۔(ابو داود، 4/454، حدیث: 5217)

حضور ﷺ کی خاتون جنت کو وصیت: اے فاطمہ رضی اللہ عنہا جیسے تم ہماری حیات شریف میں طیبہ طاہرہ متقیہ صابرہ رہی ہو ایسے ہی ہماری وفات کے بعد بھی رہنا تمہارے پائے استقلال (یعنی مستقل مزاجی) میں جنبش (یعنی حرکت) نہ آنے پائے خاتون جنت رضی اللہ عنہا نے اس پر عمل کر کے دکھایا۔

سیدہ،زاہرہ،طیبہ،طاہرہ جان احمد کی راحت پہ لاکھوں سلام

سفر سے واپسی پر تشریف لے جانا: ہمارے پیارے آقا مکی مدنی مصطفی ﷺ سفر سے واپسی پر سب سے پہلے بی بی فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے ہاں تشریف لاتے۔ (مستدرک، 4/141، حدیث:4792)

اللہ پاک سے دعا ہے کہ بی بی فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کا صدقہ ہمیں باپردہ اور شرم و حیا والا بنائے ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔