نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے بنیادی طور پر دو طریقے ہیں:

1زبان و بیان اور 2تحریر و قلم۔

الحمد للہ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کی عالمی مجلس مشاورت کے تحت اسلامی بہنیں بڑے ہی منظم انداز میں ایک طویل عرصے سے زبان و بیان کے ذریعے نیکی کی دعوت کو عام کر رہی ہیں، جس کے خاطر خواہ و حوصلہ افزا نتائج سے انکار ممکن نہیں۔ چنانچہ اب نیکی کی دعوت کو عام کرنے کے دوسرے بنیادی طریقے تحریر و قلم پر عمل کرنے کے لئے اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ کوئی ایسا پلیٹ فارم ہونا چاہئے جس کے ذریعے اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بنیادی تربیت کا سامان کیا جا سکے۔ لہذا ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں رجبُ المرجّب1441ھ مطابق فروری2020ءمیں ایک تحریری مقابلہ بنام ”نئے لکھاری“ شروع کیا گیا۔ یہ مقابلہ اگرچہ اسلامی بھائیوں کے ساتھ اسلامی بہنوں کی تحریری صلاحیتوں کو بھی نکھارنے کے لئے تھا مگر پھر اپریل 2021ء میں اسلامی بہنوں کا سیشن مکمل طور پر جدا کر کے المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر) میں الگ سے ایک شعبہ بنا کر اسے یہ ذمہ داری دی گئی کہ تحریری مقابلے میں حصہ لینے والی اسلامی بہنوں کو بطورِ رائٹر اچھی تربیت فراہم کی جائے اور ان میں سے جن کی تحریر اچھی ہو، انہیں مضامین لکھنے کے مزید پلیٹ فارمز مہیا کئے جائیں۔ چنانچہ اس شعبے نے مضامین نویسی کے مدنی پھول ترتیب دے کر اسلامی بہنوں کی تحریر نویسی پر خصوصی توجہ دی، جس کے نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہوئے جس کا واضح ثبوت صرف پانچ ماہ کے بعد نومبر 2021ء میں ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کا اجرا تھا۔ اس ماہنامے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں تقریباً تمام مضامین اسلامی بہنیں ہی لکھتی ہیں۔ چنانچہ، اسلامی بہنوں کے ذوق و شوق کے مد نظر رکھتے ہوئے یہ شعبہ ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن کے اجرا تک ہی محدود نہیں رہا، بلکہ ایک قدم مزید آگے بڑھا کر عالمی مجلس مشاورت کے تعاون سے بہت جلد اسلامی بہنوں پر مشتمل المدینۃ العلمیۃ کا بھی آغاز کرنے جا رہا ہے۔