دینِ اسلام کا ایک اہم رکن ”حج“ ہے جس کی ادائیگی کے لئے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ زادہا اللہ شرفاً و تعظیماً آتے ہیں اور مقدس مقامات کی زیارت کر کے اپنے دلوں کو نورِ ایمانی سے منور کرتے ہیں۔

سال 2025ء میں حجِ بیت اللہ کی سعادت پانے والے خوش نصیب اسلامی بھائیوں کے لئے دعوتِ اسلامی کے تحت 27 اپریل 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”حج تربیتی اجتماع“ کا اہتمام کیا گیا جس میں عازمینِ حج سمیت دیگر عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

معلومات کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے تلاوتِ قراٰن سے اجتماع کا آغاز کرنے کے بعد نعت خواں اسلامی بھائیوں نے حضور سرورِ کونین، حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔

بعدازاں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے سنتوں بھرا بیان کیا اور حج کے حوالے سے مختلف امور پر عازمینِ حج کی تربیت و رہنمائی کی جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

٭ مکہ پہنچ کر سب سے پہلے کیا کرنا ہے؟٭ کس طرح احرام باندھنا ہے؟٭ سفرِ حج کی احتیاطیں کیا کیا ہیں؟٭ ایئر پورٹ کی احتیاطیں؟٭ منی و عرفات و مزدلفہ میں کس طرح جانا ہے؟٭وہاں کیا کرنا ہے؟٭حج کے فرائض کیا کیا ہیں؟٭واجبات کیا کیا ہیں ٭مقدس مقامات کی زیارت۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)