انسان کو "اشرف المخلوقات" کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں عقل، دانش اور اخلاق موجود ہیں۔ اگر کسی معاشرے میں علم، دولت اور طاقت تو ہوں مگر اخلاق نہ ہوں، تو یہ طاقت تباہی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اخلاقیات وہ پیمانہ ہے جو انسان کو سچ اور جھوٹ، حق اور باطل، اچھائی اور برائی میں فرق سکھاتی ہے۔ آج کے دور میں، جب سائنس اور ٹیکنالوجی نے ترقی کی بلندیوں کو چھو لیا ہے، اخلاقیات کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ اس لیے مطالعۂ اخلاقیات اب محض نصاب یا مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ہر فرد اور معاشرے کی بقاء کے لیے ضروری ہے۔

شخصیت کی تکمیل اور معیار:اخلاقیات انسان کی شخصیت کو مکمل نکھارتی ہیں۔ کوئی شخص جو اعلیٰ تعلیمی ڈگریوں کا حامل ہو مگر اس میں اخلاق نہ ہوں، وہ ایک خطرناک مشین کی طرح ہے جو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ:‌إِنَّمَا ‌بُعِثْتُ ‌لِأُتَمِّمَ صَالِحَ الْأَخْلَاقِ

ترجمہ: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:مجھے اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے ہی مبعوث کیا گیا۔(مسند احمد،حدیث: 8952)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ دین اسلام کا ایک مقصد اخلاقیات کو درست کرنا ہے۔ جب ہم اخلاقیات کا مطالعہ کرتے ہیں، تو ہم اپنی شخصیت کو اس معیار پر اتارنے کی کوشش کرتے ہیں جو نبی کریم ﷺ نے پیش کیا ہے۔ بغیر اخلاق کے تو ہم انسان نہیں بلکہ پشتیں ہیں جو صرف کھانا اور سونے کے لیے موجود ہیں۔ اخلاق ہی ہیں جو انسان کو انسانیت کی بلندی تک پہنچاتے ہیں۔

معاشرتی امن و امان کی بنیاد:اخلاقیات کی تعلیم صرف فرد کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ضروری ہے۔ ایک معاشرہ اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب اس کے افراد ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں ۔

انفرادی زندگی میں اخلاقیات کی اہمیت:انسان کی شخصیت کی اصل پہچان اس کے اخلاق ہوتے ہیں۔ علم، دولت یا طاقت اس وقت تک فائدہ مند نہیں جب تک ان کے ساتھ اچھا کردار موجود نہ ہو۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:اِنَّ مِنْ خِيَارِكُمْ أَحْسَنَكُمْ أَخْلَاقًا ترجمہ:تم میں بہترین وہ ہے جس کے اخلاق سب سے بہتر ہوں ۔(بخاری،حدیث:3559)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ حقیقی فضیلت اچھے اخلاق میں ہے۔ مطالعۂ اخلاقیات انسان کو اپنے نفس کا محاسبہ کرنے اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

قانون کے بدلے اخلاق:قانون صرف ظاہر کو دیکھتا ہے مگر اخلاقیات انسان کے دل اور ضمیر کو بیدار کرتی ہیں۔ پولیس اور عدالت ہر جگہ موجود نہیں ہو سکتیں۔ مگر اخلاقی تربیت انسان کو تنہائی میں بھی برائی سے روکتی ہے۔جب انسان اخلاقیات کو سمجھ لیتا ہے تو وہ صرف سزا کے خوف سے نہیں بلکہ اپنے ضمیر کی آواز پر نیکی کرتا ہے۔ اس طرح معاشرے میں جرائم کم ہوتے ہیں اور لوگ خود ذمہ دار بن جاتے ہیں۔

خود کنٹرول اور نفسیاتی سکون:جدید دور میں ڈپریشن، اضطراب اور نفسیاتی امراض بڑھ رہے ہیں۔ ان کی بنیادی وجہ اخلاقیات کی کمی ہے ۔اخلاقیات انسان کو صبر، قناعت اور خود ضبطی سکھاتی ہیں۔ یہ حسد، ظلم اور دیگر برائیوں سے روکتی ہیں۔ اخلاقی انسان کے دل میں سکون اور ضمیر کی پاکیزگی ہوتی ہے، جس سے حقیقی نفسیاتی آرام ملتا ہے۔

تعلیم و تربیت میں اخلاقیات کا کردار:تعلیم کا مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ انسان کی شخصیت کو بہتر بنانا بھی ہے۔ اگر تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت نہ ہو تو علم بعض اوقات نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اس لیے مدارس، تعلیمی اداروں اور گھروں میں اخلاقیات کی تعلیم پر خاص توجہ دی جانی چاہیے۔

بچوں اور نوجوانوں کو شروع ہی سے سچائی، امانت داری، احترامِ انسانیت اور خدمتِ خلق کی تعلیم دی جائے۔ اس مقصد کے لیے قرآن و حدیث کا مطالعہ نہایت مفید ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات کے مزید مختصر فوائد درج ذیل ہیں:یہ انسان میں سچائی اور دیانت پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو صبر اور برداشت کی عادت سکھاتا ہے۔ یہ انسان کے اندر احساسِ ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو عدل اور انصاف کا پابند بناتا ہے۔ یہ انسان میں عاجزی اور انکساری پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دیتا ہے۔ یہ معاشرے میں باہمی اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔ یہ انسان کو برے اعمال سے بچنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ انسان کی شخصیت کو باوقار بناتا ہے۔ یہ انسان کو نیک اور صالح زندگی گزارنے کا راستہ دکھاتا ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات انسان کی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ انسان کی شخصیت کو بہتر بناتا ہے، معاشرے میں امن پیدا کرتا ہے اور دل میں سکون عطا کرتا ہے۔ علم اور ٹیکنالوجی اخلاقیات کے بغیر فائدہ نہیں دیتیں۔

لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں، مدارس اور تعلیمی اداروں میں اخلاقی تعلیم کو اہمیت دیں۔ اپنی زندگی میں سچائی، دیانت اور ہمدردی کو اپنائیں۔ اگر ہم اخلاقیات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو ہمارا معاشرہ امن، محبت اور بھائی چارے کا نمونہ بن سکتا ہے۔

اللہ عزوجل ہمیں اچھے اخلاق اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر چلنے والا بنائے۔ آمین


انسانی معاشرے کی تعمیر و بقا کا حقیقی انحصار محض مادی ترقی یا سائنسی ایجادات پر نہیں بلکہ اخلاقی بنیادوں پر ہے۔ جب اخلاقیات کمزور ‏پڑتی ہیں تو معاشرہ ظاہری طور پر ترقی یافتہ ہونے کے باوجود اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے۔ تاریخِ اقوام اس حقیقت کی گواہ ہے کہ اخلاقی ‏انحطاط کسی بھی تہذیب کے زوال کا پیش خیمہ بنتا ہے۔

اسلام نے اخلاق کو دین کا مرکزی ستون قرار دیا ہے۔ قرآنِ کریم اور سنتِ نبوی ﷺ میں اخلاقی تعلیمات کو بنیادی حیثیت دی گئی ‏ہے۔ اس لیےمطالعۂ اخلاقیات صرف ایک علمی موضوع نہیں بلکہ ایک عملی ضرورت ہے جو فرد، معاشرہ اور ریاست‎ ‎تینوں کی بقا ‏کے لیے ناگزیر ہے۔

اخلاقیات کا مفہوم ‏:اخلاقیات (‏Ethics‏) دراصل ان اصولوں اور اقدار کا مجموعہ ہے جو انسان کے قول و فعل کو منظم کرتے ہیں اور اسے خیر و شر کے ‏درمیان امتیاز سکھاتے ہیں۔

امام غزالی علیہ الرحمہ اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں:‏الخلق هيئة راسخة في النفس تصدر عنها الأفعال بسهولة ويسر من غير حاجة إلى فكر وروية.‏ترجمہ:‏اخلاق نفس کی ایسی پختہ کیفیت کا نام ہے جس سے افعال آسانی اور بغیر غور و فکر کے صادر ہوں۔‏(احیاء علوم الدین، ج 3، ص 53)‏

اس تعریف سے واضح ہے کہ اخلاقیات محض ظاہری طرزِ عمل نہیں بلکہ باطنی کیفیت کا نام ہے۔

رسولِ اکرم ﷺ کا اخلاق:وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔ (سورۃ القلم: 4)‏

یہ آیت اس امر کی دلیل ہے کہ اسلامی تعلیمات میں اخلاق کو مرکزی مقام حاصل ہے۔ نبی کریم ﷺ کا اسوۂ حسنہ دراصل عملی ‏اخلاقیات کی مکمل تصویر ہے۔

سرکارِ دو عالَم ﷺ کے اَخلاقِ کریمہ سے متعلق ایک عظیم واقعہ:‏حضرت زید بن حارثہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ زمانۂ جاہلیَّت میں اپنی والدہ کے ساتھ ننھیال جارہے تھے کہ بنو قین نے وہ قافلہ لوٹ لیا اور ‏حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کو مکہ میں لاکر بیچ دیا۔ حکیم بن حزام نے اپنی پھوپھی حضرت خدیجہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا کے لئے ان کو ‏خریدلیا۔ جب حضورِ اقدس ﷺ کا نکاح حضرت خدیجہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہَا سے ہوا تو انہوں نے زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کو حضورِ ‏اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں بطورِ ہدیہ پیش کر دیا۔ حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کے والد کو ان کی جدائی کا ‏بہت صدمہ تھا اور وہ حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کی جدائی میں اَشعار پڑھتے اور روتے ہوئے ڈھونڈتے پھر اکرتے تھے۔ اتفاق ‏سے ان کی قوم کے چند لوگوں کا حج کی غرض سے مکہ جانا ہوا تووہاں انہوں نے حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کو پہچان لیا اورجب وہ حج ‏سے واپس گئے تو انہوں نے حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کی خیر و خبران کے باپ کو سنائی ۔حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کے باپ ‏اور چچا فدیہ کی رقم لے کر ان کو غلامی سے چھڑانے کی خاطر مکہ مکرمہ میں حضور پُر نور ﷺ کی خدمت میں پہنچے اور عرض کیا: اے ‏ہاشم کی اولاد! اپنی قوم کے سردار! تم لوگ حرم کے رہنے والے ہو اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کے گھر کے پڑوسی ہو،تم خود قیدیوں کو رہا کراتے ‏ہو، بھوکوں کو کھانا کھلاتے ہو۔ ہم اپنے بیٹے کی طلب میں تمہارے پا س پہنچے ہیں ہم پر احسان فرماؤ اور کرم کرو۔ فدیہ قبول کرو اور ‏اس کو رہا کردو بلکہ جو فدیہ ہو اس سے زیادہ لے لو۔ حضورِ اکرم ﷺ نے فرمایا: بس اتنی سی بات ہے!عرض کیا حضور! بس یہی عرض ‏ہے۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: زیدکو بلا ؤاور اس سے پوچھ لو اگر وہ تمہارے ساتھ جانا چاہے تو بغیر فدیہ ہی کے وہ تمہاری نذرہے اور ‏اگر نہ جانا چاہے تو میں ایسے شخص پر جَبر نہیں کرسکتا جو خود نہ جاناچاہے ۔چنانچہ حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ بلائے گئے اور آپ صَلَّی ‏اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: تم ان کو پہچانتے ہو ؟عرض کی:جی ہاں پہچانتا ہوں یہ میرے باپ ہیں اور یہ میرے چچا۔ حضور ‏اقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا کہ میرا حال بھی تمہیں معلوم ہے۔ اب تمہیں اختیار ہے کہ میرے پاس رہنا چاہو تو ‏میرے پاس رہو، ان کے ساتھ جانا چاہوتو اجازت ہے۔ حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے عرض کیا :حضور!میں آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی ‏عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے مقابلے میں بھلا کس کو پسند کرسکتا ہوں ، آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ میرے لئے باپ کی جگہ بھی ہیں اور چچا ‏کی جگہ بھی ہیں ۔ ان دونوں باپ چچا نے کہا کہ زید! غلامی کو آزادی پر ترجیح دیتے ہو؟باپ چچا اور سب گھر والوں کے مقابلہ میں غلام ‏رہنے کو پسند کرتے ہو؟ حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ ہاں ! میں نے ان میں ایسی بات دیکھی ہے جس کے مقابلے میں ‏کسی چیزکو بھی پسند نہیں کرسکتا۔ حضور پُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے جب یہ جواب سنا تو ان کو گودمیں لے لیا اور فرمایا کہ ‏میں نے اس کو اپنا بیٹا بنا لیا۔حضرت زید رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کے باپ اور چچا بھی یہ منظر دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور خوشی سے ان کو ‏چھوڑ کرواپس چلے گئے۔‏( الاصابہ فی تمییز الصحابہ، حرف الزای المنقوطۃ، زید بن حارثۃ بن شراحیل الکعبی، 2/495)‏

سنتِ نبوی ﷺ میں اخلاقیات کی مرکزیت:بعثتِ نبوی کا مقصد:إِنَّمَا بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الأَخْلَاقِ

ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔ (مسند احمد، حدیث: 8952)‏

یہ حدیث واضح کرتی ہے کہ اخلاقیات دینِ اسلام کے مقاصد میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔

بہترین مسلمان کی تعریف:إِنَّ مِنْ خِيَارِكُمْ أَحْسَنَكُمْ أَخْلَاقًا

ترجمہ :تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس کا اخلاق سب سے بہتر ہے۔(صحیح البخاری، حدیث: 3559)‏

یہ معیار بتاتا ہے کہ برتری کا اصل پیمانہ اخلاق ہے، نہ کہ دولت یا نسب۔

مطالعۂ اخلاقیات کی ضرورت:اخلاقیات کا باقاعدہ مطالعہ فرد میں خود احتسابی، دیانت داری، صبر، تحمل اور ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ جب اخلاق علمی بنیاد پر سمجھے ‏جائیں تو وہ جذباتی یا وقتی نہیں بلکہ پائیدار بن جاتے ہیں۔آج کے دور میں جب سوشل میڈیا، مادہ پرستی اور مقابلہ بازی نے انسانی اقدار کو متاثر کیا ہے، اخلاقیات کا مطالعہ ایک حفاظتی حصار کا ‏کردار ادا کرتا ہے۔

معاشرتی استحکام:اخلاقی اقدار کے بغیر قانون بھی بے اثر ہو جاتا ہے۔ رشوت، دھوکہ دہی، جھوٹ، اور ناانصافی اسی وقت فروغ پاتے ہیں جب اخلاقی ‏تربیت کمزور ہو۔

علامہ ابن خلدون نے "المقدمہ" میں تہذیبوں کے عروج و زوال کا تجزیہ کرتے ہوئے اخلاقی کمزوری کو بنیادی سبب قرار دیا ہے۔‏(المقدمہ، ص 286)‏

تعلیمی اداروں میں اہمیت:تعلیم اگر اخلاق سے خالی ہو تو وہ معاشرے میں مہذب افراد کے بجائےمجرم پیدا کرتی ہے۔ جدید دنیا میں‏Applied Ethics‏ کو میڈیکل، بزنس اور انجینئرنگ تعلیم کا لازمی حصہ بنایا جا رہا ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات کے فوائد:شخصیت کی تکمیل،انسان میں توازن اور اعتدال پیدا ہوتا ہے۔

قیادت کی صلاحیت،اعلیٰ اخلاق کامیاب قیادت کی بنیاد ہیں۔

روحانی بالیدگی ، اخلاق دل کی پاکیزگی کا ذریعہ ہیں۔

بین الاقوامی ہم آہنگی، برداشت، رواداری اور مکالمہ فروغ پاتے ہیں۔

موجودہ دور میں اخلاقی بحران اور اس کا حل:عصرِ حاضر میں بدعنوانی، خاندانی ٹوٹ پھوٹ، عدم برداشت اور مذہبی انتہا پسندی جیسے مسائل اخلاقی انحطاط کی علامت ہیں ان کا حل ‏صرف قانونی اصلاحات نہیں بلکہ اخلاقی تربیت ہے۔

اسلامی ماڈل میں اخلاقیات کی بنیاد تین عناصر پر ہے:‏عقیدہ،عبادت،معاملات

جب یہ تینوں ہم آہنگ ہوں تو فرد اور معاشرہ دونوں متوازن رہتے ہیں۔

مطالعۂ اخلاقیات محض ایک نظریاتی مشغلہ نہیں بلکہ زندگی کی ناگزیر ضرورت ہے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں واضح ہے کہ اخلاقی ‏تعلیمات دین کا بنیادی مقصد ہیں۔ فرد کی اصلاح سے معاشرہ بنتا ہے، اور معاشرے کی اصلاح سے ریاست مضبوط ہوتی ہے۔

لہٰذا ضروری ہے کہ اخلاقیات کو نصابِ تعلیم، خطباتِ جمعہ، خاندانی تربیت اور سماجی پالیسیوں کا بنیادی جزو بنایا جائے۔ اگر ہم نے ‏اخلاقی بنیادوں کو مضبوط نہ کیا تو مادی ترقی بھی ہمیں زوال سے نہیں بچا سکے گی۔


مطالعۂ اخلاقیات انسان کے ظاہر کو سنوارنے سے بڑھ کر اس کے باطن کو روشن کرنے کا ذریعہ ہے۔ علم اگر کردار میں نہ ڈھلے تو وہ بوجھ بن جاتا ہے، مگر جب وہ اخلاق کے سانچے میں ڈھل جائے تو انسان کو عظمت عطا کرتا ہے۔ اسلام نے عبادات کے ساتھ ساتھ اخلاق کو بھی بنیادی اہمیت دی ہے، کیونکہ اچھے اخلاق ہی وہ زیور ہیں جو انسان کو معاشرے میں معزز، محبوب اور قابلِ اعتماد بناتے ہیں۔ مطالعۂ اخلاقیات انسان کو اپنی کمزوریوں کا شعور دیتا، نفس کی اصلاح کا راستہ دکھاتا اور اسے ایک متوازن اور باوقار زندگی کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

بعثتِ نبوی کا مقصد اور تکمیلِ اخلاق:رسولِ اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: إِنَّمَا بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْأَخْلَاقِ ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔ (موطا امام مالک، کتاب حسن الخلق، حدیث نمبر 1614)

اس حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ اخلاقیات دین کا ضمنی حصہ نہیں بلکہ اصل مقصدِ بعثت ہے، اور اس کا مطالعہ انسان کو نبوی مشن سے جوڑ دیتا ہے۔

میزان میں اخلاق کا وزن:رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا: مَا مِنْ شَيْءٍ أَثْقَلُ فِي مِيزَانِ الْمُؤْمِنِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ حُسْنِ الْخُلُقِ یعنی قیامت کے دن مومن کے میزان میں سب سے بھاری چیز اچھا اخلاق ہوگا۔ (سنن الترمذی، کتاب البر والصلۃ، حدیث نمبر 2002)

یہ حدیث بتاتی ہے کہ اخلاقیات کا مطالعہ اور اس پر عمل آخرت کی کامیابی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔

قرآن میں اخلاقی کمال کی تعریف:اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴) ترجمۂ کنزالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔ (سورۃ القلم: 4)

یہ آیت اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ اخلاق کا اعلیٰ ترین نمونہ ہے، اور مطالعۂ اخلاقیات دراصل اسی نمونے کو اپنانے کا ذریعہ ہے۔

کامل ایمان اور بہترین اخلاق:رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا: أَكْمَلُ الْمُؤْمِنِينَ إِيمَانًا أَحْسَنُهُمْ خُلُقًا یعنی مومنوں میں سب سے کامل ایمان والا وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں۔ (سنن الترمذی، کتاب الرضاع، حدیث نمبر 1162)

اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کی تکمیل کا راستہ اخلاقیات سے ہو کر گزرتا ہے، اور جو شخص اخلاق میں کامل ہو جائے وہی حقیقت میں کامیاب ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات انسان کے دل کو نرم، زبان کو شیریں اور عمل کو پاکیزہ بنا دیتا ہے۔ یہ مطالعہ محض نظری نہیں بلکہ عملی تبدیلی کا ذریعہ بنتا ہے، جو انسان کو خود پسندی سے عاجزی، سختی سے نرمی اور بے حسی سے رحم دلی کی طرف لے جاتا ہے۔ جو شخص اخلاقیات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتا ہے وہ نہ صرف اپنے لیے بلکہ دوسروں کے لیے بھی رحمت بن جاتا ہے، اور یہی وہ حسن ہے جسے دیکھ کر دلوں میں رشک پیدا ہوتا ہے کہ یہ کردار علم کا نہیں بلکہ نور کا اثر ہے۔


اسلام ایک ایسا پیارا اور کامل دین ہے جو انسان کی ظاہری اصلاح کے ساتھ ساتھ اس کے باطن کو بھی سنوارتا ہے۔ اخلاقیات (اخلاقِ حسنہ) اسلامی تعلیمات کا بنیادی حصہ ہیں۔ اگر انسان کے اخلاق درست نہ ہوں تو اس کی عبادات بھی اپنی روحانیت کھو دیتی ہیں۔ اسی لیے مطالعۂ اخلاقیات نہایت ضروری ہے تاکہ انسان اپنے کردار کو سنوار سکے اور معاشرے میں بھلائی پھلا سکے۔

قرآنِ کریم کی روشنی میں اخلاق کی اہمیت:اللہ تعالیٰ اپنے محبوب نبی ﷺ کے بارے میں ارشاد فرماتا ہے:وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴)

ترجمۂ کنزالایمان: اور بیشک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے۔ (پارہ 29، سورۃ القلم، آیت 4)

یہ آیتِ مبارکہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بہترین اخلاق اللہ تعالیٰ کو کس قدر پسند ہیں، حتیٰ کہ اس نے اپنے محبوب ﷺ کے اخلاق کو "عظیم" فرمایا۔

احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں:اخلاقِ حسنہ کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا:إِنَّمَا بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْأَخْلَاقِ

ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔(موطا امام مالک، باب: حسن الخلق،

جلد 2، صفحہ 904، حدیث: 1608)

مزید ارشاد فرمایا:أَكْمَلُ الْمُؤْمِنِينَ إِيمَانًا أَحْسَنُهُمْ خُلُقًا

ترجمہ:مومنوں میں کامل ایمان والا وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہو۔(سنن الترمذی، کتاب البر والصلۃ، باب: ما جاء فی حسن الخلق،جلد 3، صفحہ 370، حدیث: 1162)

آج کے دور میں جب معاشرتی برائیاں عام ہو رہی ہیں، اخلاقیات کا مطالعہ اور بھی زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

اس کی چند اہم وجوہات درج ذیل ہیں:انسان کو اچھے اور برے کی پہچان حاصل ہوتی ہے،کردار میں نرمی، بردباری اور حسنِ سلوک پیدا ہوتا ہے،معاشرہ امن و سکون کا گہوارہ بنتا ہے،انسان اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی رضا حاصل کرتا ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات کو مؤثر بنانے کے لیے چند امور اختیار فرمائیں :قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ کا باقاعدہ مطالعہ،سیرتِ مصطفی ﷺ کا مطالعہ،نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنا،اپنامحاسبہ کرتے رہنا،ہمیں چاہیے کہ ہم اخلاقیات کا مطالعہ محض معلومات کے لیے نہ کریں بلکہ اس پر عمل بھی کریں تاکہ ہمارا کردار بھی اسلامی تعلیمات کا آئینہ دار بن جائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حسنِ اخلاق اپنانے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم


انسانی زندگی کی اصل خوبصورتی اخلاقِ حسنہ سے ہے۔ علم، دولت اور طاقت اس وقت تک فائدہ مند نہیں ہوتے جب تک وہ اچھے اخلاق کے تابع نہ ہوں۔ اسلام نے اخلاقیات کو دین کا بنیادی حصہ قرار دیا ہے، اور قرآن مجید و سنت میں اس کی بے حد تاکید کی گئی ہے۔

اخلاقیات سے مراد وہ صفات اور عادات ہیں جو انسان کے کردار کو سنوارتی ہیں، جیسے سچائی، دیانت، صبر، عاجزی، عدل اور احسان۔اخلاقیات کا مطالعہ انسان کو اچھے اور بُرے کی تمیز سکھاتا ہے، جس سے اس کا کردار مضبوط ہوتا ہے۔ایک مہذب معاشرہ صرف اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب افراد اخلاقی اصولوں پر عمل کریں۔اسلامی تعلیمات کا بڑا حصہ اخلاقیات پر مشتمل ہے، اس لیے اس کا مطالعہ دین کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔

قرآنِ مجید میں اخلاقیات کی اہمیت: نبی ﷺ کے اخلاق :وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک تم یقیناً عظیم اخلاق پر ہو ۔ (سورۃ القلم: 4)

یہ آیت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بلند اخلاق کی گواہی دیتی ہے۔

احادیثِ نبویہ میں اخلاقیات کی اہمیت:بعثت کا مقصدحضور نبی کریم ﷺنے فرمایا:میں اچھے اخلاق کو مکمل کرنے کے لیے بھیجا گیا ہوں۔ (مسند احمد: حدیث 8952)

بہترین مسلمان:تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں۔ (صحیح بخاری: حدیث 3559)

قیامت کے دن سب سے وزنی چیز:قیامت کے دن مومن کے میزان میں سب سے بھاری چیز اچھے اخلاق ہوں گے۔ (سنن ترمذی: حدیث 2002)

حدیثِ پاک کے مطابق رسول ﷺ کے قریب کون ہوگا؟ تم میں سب سے زیادہ محبوب اور قیامت کے دن سب سے قریب وہ ہوگا جس کے اخلاق اچھے ہوں گے۔ (سنن ترمذی: حدیث 2018)

مطالعۂ اخلاقیات کے فوائد:(1) شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔(2) معاشرے میں عزت اور اعتماد بڑھتا ہے۔(3) اللہ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔(4) دل کو سکون ملتا ہے۔(5) آخرت میں کامیابی نصیب ہوتی ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات ہر انسان کے لیے نہایت ضروری ہے، کیونکہ یہی وہ علم ہے جو انسان کو ایک مکمل اور کامیاب شخصیت بناتا ہے۔ قرآن مجید اور احادیث کی روشنی میں یہ واضح ہے کہ اخلاقِ حسنہ ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی کنجی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اچھے اخلاق اپنانے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔


اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جس نے انسان کی ظاہری اور باطنی اصلاح کا جامع نظام پیش کیا ہے۔ نبی کریم ﷺ کی بعثت کا ایک بنیادی مقصد ہی اخلاق کی تکمیل اور انسان کو اعلیٰ اوصاف سے آراستہ کرنا ہے، چنانچہ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: ‏اِنَّمَا بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْاَخْلَاقِ

ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔ (صحیح الجامع: 2349؛ البخاری فی الأدب المفرد: 273؛ السنن الكبرى للبيهقي: 20782)

یہ حدیث مبارکہ ہمیں سکھاتی ہے کہ اخلاق صرف زبانی بات یا سلیقہ نہیں بلکہ شریعت کا اصل مقصد ہے۔ اسلام نہ صرف عبادات کی تعلیم دیتا ہے بلکہ انسانوں کے باہمی برتاؤ، رویّوں، نرم دلی، تحمل، استقامت اور بھائی چارے جیسے اوصاف کی تکمیل پر زور دیتا ہے۔

امام راغب اصفہانی رحمۃ اللہ علیہ نے اخلاق کی ایک جامع اور اہم تعریف بیان کی ہے:

الخُلُقُ: هُوَ هَيْئَةٌ رَاسِخَةٌ فِي النَّفْسِ تَصْدُرُ عَنْهَا الْأَفْعَالُ بِسُهُولَةٍ وَيُسْرٍ مِنْ غَيْرِ حَاجَةٍ إِلَى فِكْرٍ وَرَوِيَّةٍ

ترجمہ:اخلاق نفس میں راسخ ایک ایسی کیفیت کا نام ہے جس سے اعمال آسانی کے ساتھ بغیر کسی غور و فکر کے صادر ہوں۔(المفردات فی غريب القرآن، ص 159)

اسلام میں اخلاقیات کی اہمیت اس لیے ہے کہ اچھے اخلاق نہ صرف فرد کی شخصیت کو سنوارتے ہیں بلکہ پورے معاشرے میں امن، درگزر، اعتماد اور بندگی کے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دیتے ہیں۔ ایک بااخلاق انسان:نرمی اور بردباری اپنے اندر رکھتا ہے،صبر اور سخاوت کا مظاہرہ کرتا ہے،غصے کے وقت خود پر قابو رکھتا ہے،رحم اور نرم دلی سے پیش آتا ہے،لوگوں سے درگزر کرتا ہے،مسلمانوں کی خیر خواہی کرتا ہے،اپنے دل کی پاکیزگی کو برقرار رکھتا ہے۔

امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا:بے شک بندہ حسنِ اخلاق کے ذریعے دن میں روزہ رکھنے اور رات میں قیام کرنے والوں کے درجے کو پا لیتا ہے۔ (الاستذکار للقرطبي، باب ما جاء فی حسن الخلق، الحدیث: 1672، ج 8، ص 279)

حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ نے فرمایا:میزانِ عمل میں حسنِ اخلاق سے زیادہ وزنی کوئی چیز نہیں۔(سنن ابی داؤد، باب فی حسن الخلق، الحدیث: 4799، ج 4، ص 332)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ نے فرمایا:کامل مومن وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں۔(سنن ابی داؤد، کتاب السنہ، باب الدلیل علی زیادۃ الایمان)

اسلام ہمیں یہی سکھاتا ہے کہ اچھا اخلاق صرف بڑی باتیں نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی نیکیاں بھی بڑی قدر کی حامل ہیں۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷺ نے فرمایا:تم لوگوں کو اپنے اموال سے خوش نہیں کر سکتے لیکن تمہاری خندہ پیشانی اور خوش اخلاقی انہیں خوش کر سکتی ہیں۔(المستدرک للحاکم، کتاب العلم، الحدیث: 435، ج 1، ص 329)

مزید یہ کہ حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے کہ رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا:تمہارا اپنے مسلمان بھائی کے لیے مسکرانا بھی صدقہ ہے۔(شعب الایمان للبیہقی، باب فی الزکاۃ، الحدیث : 3328 ، ج 3، ص 204)

یہ سب اوصاف نرمی، بردباری، صبر، سخاوت، خود پر قابو، رحم، نرم دلی، درگزر، خیرخواہی اور دل کی پاکیزگی وہ ربانی خصوصیات ہیں جو ایک مومن کو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی دیتی ہیں۔

خلاصہ یہ ہے کہ اسلام نے ہمیں نہ صرف تقویٰ، عبادات اور ایمان سکھایا ہے بلکہ بہترین اخلاق، حُسنِ سیرت، نرمی، محبت، مسکراہٹ اور اچھے برتاؤ کو دین کا معیار بنایا ہے۔ یہ اوصاف نہ صرف فرد کی زندگی میں برکت لاتے ہیں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح کا ذریعہ بنتے ہیں۔


اللہ عزوجل نے اس کائنات کو رنگا رنگ نعمتوں سے سجایا اور انسان کو اشرف المخلوقات بنا کر اپنی عبادت کے لیے پیدا فرمایا۔ اللہ پاک نے اپنی آخری کتاب قرآنِ مجید کے ذریعے ہمیں اخلاقِ حسنہ کا حکم دیا۔ ایک مسلمان کے لیے اخلاقیات کا مطالعہ صرف علم کا حصول نہیں، بلکہ اپنے پیارے آقا ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنانے کا نام ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرتی بگاڑ عروج پر ہے، اخلاقیات کے موضوع پر کتب کا مطالعہ ہم پر لازم ہے تاکہ ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکیں۔

اللہ عزوجل نے قرآنِ پاک میں سرکارِ دو عالم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ کی گواہی دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:

وَ اِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِیْمٍ(۴)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور بیشک تم یقیناً عظیم اخلاق پر ہو ۔(پارہ 29، سورۃ القلم، آیت 4)

اخلاقیات کی اہمیت کا اندازہ اس فرمانِ نبوی ﷺ سے لگایا جا سکتا ہے: ‏اِنَّمَا بُعِثْتُ لِاُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْاَخْلَاقِ ترجمہ: مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے کہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔ (موطا امام مالک، کتاب حسن الخلق، جلد 2، حدیث 1634، صفحہ 207)

ایک اور حدیثِ مبارکہ میں ارشادِ نبوی ﷺ ہے:"تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں۔"(صحیح بخاری، کتاب الادب، حدیث 6035، صفحہ 103)

ایک مرتبہ حضرت سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بارگاہِ رسالت میں عرض کیا: "یا رسول اللہ ﷺ! سب سے زیادہ کون سی چیز لوگوں کو جنت میں لے جائے گی؟آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: "تقویٰ اور حسنِ اخلاق۔" (جامع ترمذی، ابواب البر والصلۃ، حدیث 2004، صفحہ 368)

مختصر یہ کہ اخلاقِ نبوی کا دائرہ بہت وسیع ہے، جس میں صبر، شکر، امانت، دیانت، حیا اور عاجزی جیسی صفات شامل ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا معاشرہ جنت کا نمونہ بنے تو ہمیں اخلاقیات کی کتب کا مطالعہ کر کے اپنی عملی زندگی کو سنت کے سانچے میں ڈھالنا ہوگا۔ اللہ پاک ہمیں اخلاقِ حسنہ اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ۔