انسان کو "اشرف المخلوقات" کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں عقل، دانش اور اخلاق موجود ہیں۔ اگر کسی معاشرے میں علم، دولت اور طاقت تو ہوں مگر اخلاق نہ ہوں، تو یہ طاقت تباہی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اخلاقیات وہ پیمانہ ہے جو انسان کو سچ اور جھوٹ، حق اور باطل، اچھائی اور برائی میں فرق سکھاتی ہے۔ آج کے دور میں، جب سائنس اور ٹیکنالوجی نے ترقی کی بلندیوں کو چھو لیا ہے، اخلاقیات کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ اس لیے مطالعۂ اخلاقیات اب محض نصاب یا مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ہر فرد اور معاشرے کی بقاء کے لیے ضروری ہے۔

شخصیت کی تکمیل اور معیار:اخلاقیات انسان کی شخصیت کو مکمل نکھارتی ہیں۔ کوئی شخص جو اعلیٰ تعلیمی ڈگریوں کا حامل ہو مگر اس میں اخلاق نہ ہوں، وہ ایک خطرناک مشین کی طرح ہے جو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ ﷺ:‌إِنَّمَا ‌بُعِثْتُ ‌لِأُتَمِّمَ صَالِحَ الْأَخْلَاقِ

ترجمہ: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:مجھے اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے ہی مبعوث کیا گیا۔(مسند احمد،حدیث: 8952)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ دین اسلام کا ایک مقصد اخلاقیات کو درست کرنا ہے۔ جب ہم اخلاقیات کا مطالعہ کرتے ہیں، تو ہم اپنی شخصیت کو اس معیار پر اتارنے کی کوشش کرتے ہیں جو نبی کریم ﷺ نے پیش کیا ہے۔ بغیر اخلاق کے تو ہم انسان نہیں بلکہ پشتیں ہیں جو صرف کھانا اور سونے کے لیے موجود ہیں۔ اخلاق ہی ہیں جو انسان کو انسانیت کی بلندی تک پہنچاتے ہیں۔

معاشرتی امن و امان کی بنیاد:اخلاقیات کی تعلیم صرف فرد کے لیے نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ضروری ہے۔ ایک معاشرہ اس وقت مضبوط ہوتا ہے جب اس کے افراد ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں ۔

انفرادی زندگی میں اخلاقیات کی اہمیت:انسان کی شخصیت کی اصل پہچان اس کے اخلاق ہوتے ہیں۔ علم، دولت یا طاقت اس وقت تک فائدہ مند نہیں جب تک ان کے ساتھ اچھا کردار موجود نہ ہو۔

رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:اِنَّ مِنْ خِيَارِكُمْ أَحْسَنَكُمْ أَخْلَاقًا ترجمہ:تم میں بہترین وہ ہے جس کے اخلاق سب سے بہتر ہوں ۔(بخاری،حدیث:3559)

اس حدیث مبارکہ سے معلوم ہوا کہ حقیقی فضیلت اچھے اخلاق میں ہے۔ مطالعۂ اخلاقیات انسان کو اپنے نفس کا محاسبہ کرنے اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

قانون کے بدلے اخلاق:قانون صرف ظاہر کو دیکھتا ہے مگر اخلاقیات انسان کے دل اور ضمیر کو بیدار کرتی ہیں۔ پولیس اور عدالت ہر جگہ موجود نہیں ہو سکتیں۔ مگر اخلاقی تربیت انسان کو تنہائی میں بھی برائی سے روکتی ہے۔جب انسان اخلاقیات کو سمجھ لیتا ہے تو وہ صرف سزا کے خوف سے نہیں بلکہ اپنے ضمیر کی آواز پر نیکی کرتا ہے۔ اس طرح معاشرے میں جرائم کم ہوتے ہیں اور لوگ خود ذمہ دار بن جاتے ہیں۔

خود کنٹرول اور نفسیاتی سکون:جدید دور میں ڈپریشن، اضطراب اور نفسیاتی امراض بڑھ رہے ہیں۔ ان کی بنیادی وجہ اخلاقیات کی کمی ہے ۔اخلاقیات انسان کو صبر، قناعت اور خود ضبطی سکھاتی ہیں۔ یہ حسد، ظلم اور دیگر برائیوں سے روکتی ہیں۔ اخلاقی انسان کے دل میں سکون اور ضمیر کی پاکیزگی ہوتی ہے، جس سے حقیقی نفسیاتی آرام ملتا ہے۔

تعلیم و تربیت میں اخلاقیات کا کردار:تعلیم کا مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ انسان کی شخصیت کو بہتر بنانا بھی ہے۔ اگر تعلیم کے ساتھ اخلاقی تربیت نہ ہو تو علم بعض اوقات نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اس لیے مدارس، تعلیمی اداروں اور گھروں میں اخلاقیات کی تعلیم پر خاص توجہ دی جانی چاہیے۔

بچوں اور نوجوانوں کو شروع ہی سے سچائی، امانت داری، احترامِ انسانیت اور خدمتِ خلق کی تعلیم دی جائے۔ اس مقصد کے لیے قرآن و حدیث کا مطالعہ نہایت مفید ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات کے مزید مختصر فوائد درج ذیل ہیں:یہ انسان میں سچائی اور دیانت پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو صبر اور برداشت کی عادت سکھاتا ہے۔ یہ انسان کے اندر احساسِ ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو عدل اور انصاف کا پابند بناتا ہے۔ یہ انسان میں عاجزی اور انکساری پیدا کرتا ہے۔ یہ انسان کو دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دیتا ہے۔ یہ معاشرے میں باہمی اعتماد کو مضبوط کرتا ہے۔ یہ انسان کو برے اعمال سے بچنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ انسان کی شخصیت کو باوقار بناتا ہے۔ یہ انسان کو نیک اور صالح زندگی گزارنے کا راستہ دکھاتا ہے۔

مطالعۂ اخلاقیات انسان کی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ انسان کی شخصیت کو بہتر بناتا ہے، معاشرے میں امن پیدا کرتا ہے اور دل میں سکون عطا کرتا ہے۔ علم اور ٹیکنالوجی اخلاقیات کے بغیر فائدہ نہیں دیتیں۔

لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں، مدارس اور تعلیمی اداروں میں اخلاقی تعلیم کو اہمیت دیں۔ اپنی زندگی میں سچائی، دیانت اور ہمدردی کو اپنائیں۔ اگر ہم اخلاقیات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو ہمارا معاشرہ امن، محبت اور بھائی چارے کا نمونہ بن سکتا ہے۔

اللہ عزوجل ہمیں اچھے اخلاق اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر چلنے والا بنائے۔ آمین