17 مئی 2025ء کو ہونے والے مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت کے
چند مدنی پھول
دینِ اسلام کو فروغ دینے، لوگوں کو دینِ متین کی
طرف راغب کرنے اور انہیں دینِ اسلام کی باتیں بتانے کے لئے عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت
ہر ہفتے کی شب مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں 17 مئی 2025ء بمطابق 20 ذیقعدہ
1446ھ کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام
کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل کثیر اسلامی بھائیوں و اسلامی
بہنوں کی شرکت ہوئی۔
مدنی مذاکرے کی ابتدا میں تلاوتِ قراٰن کی گئی
اور نعت خواں حضرات نے حضور خاتم النبیین، حضرت محمد صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
کی بارگاہِ اقدس میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔
بعدازاں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت،
بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے
جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال:کیا اللہ پاک کا نام زیادہ پڑھنے(یعنی
کوئی خاص وظیفہ کرنے) سے بندے پر
کوئی اثر ہو جاتا ہے ؟
جواب:بعض اسمائے کرام کی تاثیرات ہوتی ہیں ۔بعض
وظائف جلالی جمالی بھی ہوتے ہیں ۔اس لئے لمبے وظائف پڑھنے سے پہلے کسی صاحبِ اجازت کی اجازت سے بلکہ ان کی نگرانی میں پڑھے جائیں ورنہ چوٹ لگ سکتی
ہے ۔بعض اوقات اس وظیفے میں پڑھنے والے کی غلطی سے بھی نقصان ہوتا ہے۔ایک شخص
دلائل الخیرات پڑھتے تھے انہوں نے مجھے
بتایا کہ اس کے پڑھنے سے میرے منہ میں
چھالے ہو جاتے ہیں ،میں نے انہیں کہا کہ آپ نہ پڑھا کریں کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ ان کے مخارج درست نہیں ہوں گے اور یہ
درست پڑھ نہیں پاتے ہوں گے، انہوں نے
پڑھنا بند کیا تو چھالے درست ہو گئے
۔ مخارج درست نہ ہونے کی وجہ سے معنی
بدل جاتے ہیں ۔فیضانِ نماز کورس کرلیں،اپنی
نماز سنا کر غلطیاں ہوں تو درست کر لیں ۔
سوال:ہماری زبان میں تاثیر کیسے پیدا ہو کہ ہم
کسی کو نیکی کی دعوت دیں تو وہ عمل کرنے والا بن جائے ؟
جواب:عمل سے تاثیر ہوتی ہے، خود باعمل ہو گا تو
اثر ہو گا ۔بعض مرتبہ بات بالکل درست ہوتی
ہے مگر بولنے کا انداز درست نہیں ہوتا۔ لہجہ کاٹ کھانے والا ہوتا ہے اس لئے اثر نہیں
ہوتا ۔دِھیمی و نرم آواز ،اچھے اور پیار بھرے انداز میں نیکی کی دعوت دی جائے ۔قول ہے کہ سلام کرو، مسکرا کر ہاتھ ملاؤ اور دل میں اُتر جاؤ۔ غلط انداز اختیار
کرو گے تو دل سے اُتر جاؤ گے ۔
سوال:آج کل کچھ لوگ دِین کے معاملے میں بے باک ہوتے نظرآتے ہیں، اس کی وجہ کیا ہے ؟
جواب:دِین کے معاملے میں بے باکی خطرناک ہے ۔بے
باکی کی وجہ یہ ہے کہ نیک صحبتیں نہیں ہیں
،دینی معلومات نہیں ہیں ،جو دینی معلومات فراہم کرتے ہیں ان سے نفرت کی جاتی ہے ۔نَعُوذُبِاللہِ مِنْ
ذَالِک (ہم
اس سے اللہ پاک کی پناہ مانگتے ہیں )ایسی
سوچ نہیں ہونی چاہیئے ۔اللہ
پاک نے ہمیں دعوتِ اسلامی جیسی بہت بڑی نعمت دی ہے ،یہ دنیا کے بہت ممالک میں اچھا دینی ماحول فراہم کر رہی ہے، دین اور سنتیں
سکھارہی ہے ،اللہ پاک کی بارگاہ سے بچھڑے ہوؤں کو اللہ پاک کی بارگاہ میں لا رہی ہے ،ان کے ساتھ آپ بھی
شامل ہو جائیں ۔اپنی آخرت بنائیں اور اپنا ایمان بچائیں ۔دعوتِ اسلامی والوں کی صحبت میں رہیں گے تو ایمان کی حفاظت کا
سامان ہو گا، گناہوں کی پہچان ہو گی ،نمازوں اور نیکیوں کا شوق بڑھے گا ۔دعوتِ
اسلامی سے وابستہ ہونے کے لئے کوئی ممبر شب نہیں اور نہ ہی کوئی داخلہ فیس ہے، ہمت کریں! دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع
میں شرکت کیا کریں ۔سنتیں سیکھنے سکھانے کے قافلوں میں سفر کریں ۔نیک اعمال کے رسالے پر عمل کریں ۔اسلامی
بھائیوں کے لئے 72اوراسلامی بہنوں کے لئے 63 نیک اعمال ہیں ۔بس دعوتِ اسلامی سے
منسلک ہو جائیں ،پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم کے پیچھے پیچھے جنت
میں جانا بھی ہے اور دوسروں کو بھی لے کر جانا ہے ۔ان
شآء اللہ الکریم
سوال:21 ذیقعدہ رکنِ شوریٰ حاجی زم زم عطاری رحمۃ اللہ علیہ کا
یومِ وفات ہے ،آپ نے انہیں نیک اعمال پر عمل کرنے میں کیساپایا ؟
جواب:حاجی زم زم عطاری کا جواب نہیں۔ ایسے سعادت مند، شریف النفس
انسان کم دیکھے ہیں ۔یہ اطاعت گزار اور دیوانے
تھے ،یہ حیدر آباد(سندھ) میں رہتے تھے مگر چھٹی والے دن میرے پاس کراچی آ
جاتے تھے۔ میں انہیں قریب سے دیکھتا تھا، بہت پیارے انسان
تھے، مَیں ان سے متاثر تھا۔وفات پانے کے بعد مجھے ان کی بہت کمی محسوس ہوئی۔ان کے ملنے کا انداز، انفرادی کوشش، نمازوں اور شریعت
کی پابندی ،ان میں کافی اچھی اچھی باتیں
دیکھیں ۔ پہلے نیک اعمال رسالے کا نام مدنی انعامات تھا، جب ان کا آغاز
کیا تو اسلامی بھائی اسے زیادہ قبول نہیں کر پا رہے تھے ،ایسے حالات ہوئے کہ مَیں
دل برداشتہ ہو گیا ،انہوں نے مجھےڈھا رس دی کہ ہم اس کو چلائیں گے اور مل کر نفاذ کریں گے
۔پھر میرا حوصلہ بڑھا اور انہوں نے بہت ساتھ دیا ۔مَیں نے انہیں تاجدارِ مدنی انعامات کا لقب دیا ۔اب مدنی انعامات نہیں کہا
جاتا بلکہ ”نیک اعمال“کہا جاتا ہے تو اب ان کا لقب بھی تاجدار ِنیک اعمال ہو گیا ۔انہوں نے کئی رسائل مرتب
کئے ، مگر ان کا نام رسالوں میں نہیں ملے گا۔ المدینۃ العلمیہ(Islamic Research Center) میں ان کا بہت آنا جانا ہوتا تھا۔ رسائل لکھتے تھے،
لکھواتے تھے ۔اللہ پاک انہیں غریق ِرحمت فرمائے اور ہمیں بھی اچھی
عادات و اطوار نصیب فرمائے۔
سوال:”جن باتوں پر جھگڑا کر کے لوگ منوں مٹی
تلے سو جاتے ہیں انہی باتوں پر ہلکی سی مٹی ڈال کر دنیا میں پُرسکون زندگی گزاری
جا سکتی ہے“ ا س بارے میں آپ کیا
فرماتے ہیں ؟
جواب:بہت پیاری سوچ ہے، اگر لوگ درگزر سے کام لیتے،نظرانداز(Ignore) کرتے توسکون بھری زندگی گزارتے ۔ہمیں اپنا دل سمندر کی طرح رکھنا
چاہیئے، سمندر میں ہر طرح کا پانی آتا ہے وہ سب کو اپنے اندر لے لیتاہے اور اپنے رنگ میں رنگ لیتا ہے ۔اسی طرح ہمیں بھی ہونا چاہیئے اور ٹینشن فری رہنا چاہیئے۔
سوال:بچوں کو کس طرح سمجھایا جائے ؟
جواب:بچوں کو بار بار ڈانٹنے، جھاڑنے سے وہ باغی ہو جاتے ہیں ،پھر وہ ماں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ کا اثرنہیں لیتے اور نافرمانی
کرتے رہتے ہیں ۔ایک بار ڈانٹیں، حکمت ِعملی اختیار کریں اور اس طرح سزا دیں کہ اسے سال / 6 مہینے تک یاد رہے ۔
سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نورُ العرفان
سے 85 مدنی پھول (قسط 04)“ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر
اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 85 مدنی
پھول (قسط 04)“
پڑھ یا سُن لے، اُسے دنیا و آخرت کی بھلائیاں
دے اور اُس کی ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
دائمی قبض ختم ہو ان شاء الله الكریم
(مردوعورت دونوں کے لئے)
سوال: دائمی قبض کا علاج کیا ہے ؟
جواب:روزانہ سوتے وقت شہد اور کسٹر آئل (ایک ایک ٹی اسپون ) گرم
دودھ کے گلاس یا کپ میں ملا کر پی لیجئے۔ (اگر مرض زیادہ ہو
تو دو وقت یعنی صبح اور رات بھی لے سکتے ہیں) ان شاء اللہ الکریم شفا مل جائے گی۔
مدت : شفا ملنے تک (ضرورتاً تین
ماہ مسلسل بھی لے لیں تو حرج نہیں)۔
مشورہ: ایک ٹی اسپون بادام کا تیل شامل کر لیں تو ان شاء اللہ الکریم فائدہ بڑھ جائے گا۔
سہولت: ہر موسم میں لے سکتے ہیں۔
بچہ:5 سال سے 10 سال تک کے بچوں کو آدھی اور 5 سال
تک کے بچوں کو چوتھائی خوراک دیجئے 5 سال سے نیچے والوں کو آٹھواں حصہ دیجئے مگر
بہت چھوٹے بچوں کو یہ علاج نہ دیجئے۔
تاکید:شوگر والے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں۔
( ہر علاج طبیب کے مشورے سے کیجئے)