31 جنوری 2026ء بمطابق 12 شعبانُ المعظم
1447ھ کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی
مذاکرہ منعقد ہوا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد
نے شرکت کی۔
مدنی مذاکرے کے دوران عاشقانِ رسول کی جانب سے
مختلف سوالات ہوئے جن کے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت
علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم
و حکمت بھرے جوابات دیئے۔
سوال و جواب کی
تفصیلات:
سوال:ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ”بہترین آنکھ وہ ہے جس سے
انسان اپنے اندر جھانک سکے“، آپ اس کے بارے میں کیا فرماتے ہیں ؟
جواب: بات بالکل درست ہے ،واقعی اپنے اندر جھانکنا یعنی اپنا
محاسبہ کرنا اصلاح کا باعث ہوتا ہے ۔
سوال: ہمیں دینی
مسائل کس سے پوچھنے چاہئیں؟
جواب: دارُالافتاء میں فتاویٰ نویسی کرنے والے مفتیانِ کرام
سے شرعی مسائل پوچھنے میں ہی عافیت
ہے۔دعوتِ اسلامی کے دار الافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام سے شرعی مسئلہ پوچھا کریں ۔
سوال: ایک حافظِ قراٰن ،اپنا حفظ کیسے پکاّ رکھے؟
جواب: کہا جاتا ہے کہ قراٰن پاک حفظ کرنا آسان ہے مگر اسے حفظ
رکھنا مشکل ہے ، روزانہ ایک منزل دوہرائی
ہو جائے تو 7 دن میں قراٰنِ کریم مکمل ہو
جائے گا،ایک مہینے میں 2 قراٰنِ کریم ختم کر لیں ورنہ حافظ اور غیر حافظ سب کو پورے مہینے میں ایک قراٰن
پاک ختم کرنا چاہیئے ۔
سوال:امام محمد رحمۃ اللہ علیہ
کون ہیں ؟
جواب: ؟امام محمد رحمۃ اللہ علیہ
امام اعظم ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے شاگردتھے ،امام اعظم نے انہیں قراٰنِ پاک حفظ کرنے کا فرمایا تو انہوں
نے ایک ہفتے میں پوراقراٰنِ پاک حفظ کرلیا ۔
سوال: کہاجاتاہےکہ ”پہنچی
وہیں پہ خاک جہاں کا خمیر تھا“ ،کیا جس مٹی سے بندے کا وجود
بناہوتاہے وہ اسی جگہ دفن کیا جاتاہے؟
جواب: جی ہاں !حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما
نے فرمایا: ہر انسان کو اس مٹی میں دفن کیا جاتا ہے جس سے وہ پیدا کیا گیا ہے۔( المصنف عبد الرزاق، 3 /515 ، رقم : 6531
: المکتب
الاسلامی، بيروت )
سوال: خوشبو کس نیت
سے لگانی چاہیئے ؟
جواب: خوشبو لگانے سے پہلےاپنے آپ کو ریاکاری سے بچانے اور
اخلاص پانے کے لئے حسبِ حال اچھی اچھی نیتیں
کر لینی چاہئیں، بالخصوص اللہ پاک کی رضا اور اِتّباعِ سنَّت کی نیت ضرور ہونی چاہیئے۔ اس کے علاوہ یہ
نیتیں بھی کی جا سکتی ہیں مثلاًبِسْمِ اللہ شریف پڑھ کر لگاؤں گا،مُسلمانوں اور فرشتوں کو
خُوشبو سے فَرحَت (یعنی خوشی و سُرور) پہنچاؤں گا ، خود سے بدبُودُور کر کے مسلمانوں کو غیبت
سے بچاؤں گا ، نَماز کے لئے زینت حاصِل
کروں گا ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” رشتے داری کاٹنا حرام ہے“
پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا
دُعا دی ؟
جواب: یا ربِّ کریم ! جو کوئی 20 صفحات کا رسالہ’’ رشتے
داری کاٹنا حرام ہے‘‘ پڑھ یا سُن لے اس کو ہمیشہ رشتہ داروں کے ساتھ اچھا
سُلوک کرتے ہوئے اُنہی کے ساتھ جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
Dawateislami