دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 20 جمادی الاولیٰ 1448ھ بمطابق 31 اکتوبر 2026ء  کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیاجس میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے علمِ دین حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقدہ اس ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ خصوصی طور پر موجود تھے۔ نیز مدنی مذاکرے میں نہ صرف فیضانِ مدینہ کراچی میں موجود حاضرین نے حصہ لیا بلکہ مدنی چینل کے ذریعے دنیا بھر سے لاکھوں عاشقانِ رسول براہِ راست اس علمی نشست سے منسلک رہے۔

مدنی مذاکرے کے دوران امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے مختلف شرعی، اخلاقی، تربیتی اور روزمرہ زندگی سے متعلق سوالات کے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے بعض سوال و جواب

سوال: ترکیہ کی ایک خوبصورت کہاوت ہے، اگر روٹی نمک کے ساتھ بھی کھانی پڑ جائے تو کھا لینا مگر اس شخص سے بچنا جو لوگوں کو بتاتا پھرے کہ روٹی میں نے کھلائی ہے، اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: اس میں خُود داری کا درس دیا گیا ہے کہ ہلکا پھلکا سادہ کھانا کھا لینا ،کسی شخص کے اچھے کھانے سے بہتر ہے کہ اچھا کھانا کھلانے والا لوگوں کے سامنے اس احسان کو جتلاتا رہے۔ سخت مجبوری نہ ہو تو کسی سے سوال نہ کرے ،بندہ ایک وقت کا فاقہ تو برداشت کر لے لیکن کسی کا احسان نہ لے۔

سوال: کیا آخَر یعنی ”خ“ پر زَبر اور آخِر یعنی ”خ“ پر زِیر کے معنیٰ میں فرق ہے ؟

جواب: جی ہاں !آخَر کا معنی دُوسرا اور آخِرکا معنی سب کے بعد، نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لیے آخِری نبی کہا جائے ۔

سوال: مسجد سے محبت ہونا کیسا ہے؟

جواب: اللہ پاک جس پر فضل و کرم فرماتا ہے، اُسے مسجد سے محبت ہو جاتی ہے ،مؤمن کو مسجد میں سکون و قرار ملتا ہے۔

سوال: نماز کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: نماز کو مضبوطی سے تھام لیں ،دُنیا اِدھر سے اُدھر ہو جائے مگر آپ کی نماز قائم رہے ،پانچوں نمازیں مسجد کی پہلی صف میں باجماعت پڑھیں، نمازِ ظہر کی سنتِ قبلیہ(یعنی فرضوں سے پہلے والی 4سنتیں) سُنّتِ مؤکدہ ہیں اور ان سُنّتوں کو ظہر کے فرضوں سے پہلے پڑھنا بھی سُنّتِ مؤکدہ ہے۔

سوال: جو عاشقانِ رسول ہر ماہ 3 دن راہِ خدا میں قافلے میں سفر کرتے ہیں،اُن کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: ہر مہینے 3 دن گویا مجھے دے دیں، بقیہ 27دن اپنے لیے رکھیں ، اِن 3دنوں میں دعوتِ اسلامی کے عاشقانِ رسول کے ساتھ سفر کریں ۔

سوال: جو دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے دُور ہو جاتے ہیں ،انہیں آپ کیا نصیحت کریں گے ؟

جواب: جودُنیاوی مصروفیت ،شادی ہو جانے کی وجہ سے دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے دُور ہو جاتے ہیں ،انہیں غور کرنا چاہئے کہ کسی دُنیاوی مصروفیت کی وجہ سے دِینی مصروفیت کی کٹوتی کرنا عقلمندی نہیں ،جتنا جہاں رہنا ہو تو اس کے مطابق تیاری کرنی چاہئے ،آخرت تو ہمیشہ کے لیے ہے،اس کے لیے بہت نیکیاں کرنی چاہئیں ،نیک اعمال کا رسالہ لے کر روزانہ اس کے مطابق اپنا جائزہ لیں ،عاشقانِ رسول کے ساتھ قافلے میں سفر کریں ،دعوت ِاسلامی کے ہفتہ وار اجتماع میں باقاعدگی سے شرکت کریں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”اللہ پاک سے ملاقات کا شوق‘‘ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربّ المصطفٰے! جو 20 صفحات رسالہ(Booklet)’’اللہ پاک سے ملاقات کا شوق‘‘ پڑھ یا سُن لے، اُس سے ہمیشہ کے لئے راضی ہو جا اور اس کو اپنی ملاقات کا شوق عطا فرما اور ماں باپ سمیت بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

سوال: گناہوں سے بچنے کا وظیفہ بتا دیں ؟

جواب: گناہوں کا روحانی علاج

يَا عَفُوُّ (یعنی اے معاف کرنے والے) اُٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے وُضو بے وُضو پڑھتے رہئے۔اِنْ شَآءَ اللّٰہ الکریم دل میں گناہوں سے نفرت پیدا ہو جائے گی۔

تاکید: کسی قاری صاحب کو سنا دیجئے۔

یقیناً: اللہ پاک چاہے تو ہی کام بنے۔

   لازم: نماز کی پابندی، کسی کو تکلیف مت دیجئے۔