دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے  جس میں عقائد، فلاحی و دینی موضوعات اور روزمرہ مسائل کے جوابات قرآن و سنت کی روشنی میں دیے جاتے ہیں۔

اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئےدعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 7 نومبر 2026ء کو ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں بالمشافہ اور دیگر شہروں و ممالک میں مدنی چینل کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں زائرین و ناظرین نے اس بابرکت نشست میں شمولیت حاصل کی۔

مدنی مذاکرے کے دوران عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے مختلف دینی، اخلاقی اور اصلاحی سوالات کے شیخِ طریقت، امیرِ اہل ِسنّت حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دلائل و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

مدنی مذاکرے کے بعض سوال وجواب

سوال: ایک پوسٹ میں لکھا تھا:مطالعہ وقت کی دیوار میں کیا گیا وہ سوراخ ہے جہاں سے انسان صدیوں پرانے ذہنوں کی خوشبوسُونگھ سکتا ہے، اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: جو زندہ حضرات ہوتے ہیں ،اُن کی ظاہری صحبت ملتی ہے ،زیارت ہوتی ہے اور ذہن بھی معلوم ہوتا ہے مگر جو اس دنیا سے جا چکے ہیں ،اُن کی ظاہری صحبت نہیں ملتی ،تاہم مطالعہ کرنا (یعنی دِینی کتابیں اور رسائل پڑھنا) ایک ذریعہ ہے جس سے یہ کمی کسی حد تک پوری کی جاسکتی ہے۔ حضرت عبداللہ بن مبارک رحمۃ اللہ علیہ سے لوگوں نے عرض کی کہ آپ با جماعت نماز ادا کرنے کے بعد ہمارے ساتھ کیوں نہیں بیٹھتے؟فرمایا: میں جا کر صحابہ و تابعین(رضی اللہ عنہم اجمعین) کے ساتھ بیٹھ جاتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ وہ تو وفات پا چکے ہیں، وہ کہاں ہیں؟ فرمایا: میں مطالعہ کرنے چلا جاتا ہوں ،اس کے ذریعے صحابہ و تابعین(رضی اللہ عنہم اجمعین) کی سیرت کو پا لیتا ہوں ۔ یوں ایک لحاظ سے اُن کی صحبت حاصل ہو جاتی ہے ۔

سوال: سنجیدگی اور چہرے پر مسکراہٹ میں توازن کیسے برقرار رہے ؟

جواب: سنجیدگی اور چہرے پر مسکراہٹ موقع کی مناسبت سے ہی ہو گا، بغیر کسی وجہ کے کوئی مسکراتا رہے تو لوگ اسے کیا سمجھیں گے؟ ہر وقت خاموش رہنا یا منہ پھُلا کر رکھنا سنجیدگی نہیں ۔اسی طرح مسکرانا ،خوش طبعی کی ایسی بات کرنا جو کسی کی دل آزاری کا باعث نہ ہویا عیب کھلنے کا سبب نہ ہو، یہ غیر سنجیدگی نہیں ۔نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم بہت مسکرایا کرتے تھے اور بہت کم مقدار میں آپ سے خوش طبعی بھی ثابت ہے۔بندہ ہشاش بشاش رہے،کسی کا دل نہ دُکھائے ،کسی کو اس کے رویے کی وجہ سے شکایت پیدا نہ ہو۔

سوال: آپس کی ناچاقیوں اور غلط فہمیوں کو کیسے دُور کیا جائے ؟

جواب:اس کی کئی صورتیں بنیں گی،مکتبۃ المدینہ کارسالہ’’ناراضیوں کاعلاج“ پڑھیں،غلطی ہو جائے تو معافی تلافی کر لیں ،توبہ کرنا بنتا ہو تو تو بہ کریں ، عاجزی اختیار کریں تو ناچاقیوں اور غلط فہمیوں کا حل ہوتا رہے گا۔

سوال: آج کا انڈہ کل کی مرغی سے بہتر ہے، اس محاورے کا کیا مطلب ہے؟

جواب: اس کا مطلب یہ ہے کہ آج تھوڑا نفع مل رہا ہے تو اسے حاصل کر لیں ،زیادہ کے انتظار میں اسے چھوڑا نہ جائے ،ایسا نہ ہو کہ کل یہ تھوڑا نفع بھی نہ ملے ۔حضرت زبیر بن عوّام رضی اللہ عنہ نہایت کامیاب تاجر تھے ۔کامیابی کا راز پوچھا گیا تو فرمایا کہ: میں نےکبھی کوئی چیز بغیر دیکھے نہیں خریدی اور کم نفع کو بھی کبھی رد نہیں کیا۔اللہ پاک جسے چاہے برکت سے نواز دیتا ہے ۔اس لیے تھوڑے نفع کو نہ چھوڑا جائے ،قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے ۔حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ بھی بہت مالدارتاجر تھے ،ان سے ان کی مالداری کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے اس کے3 اسباب ارشاد فرمائے :(1)میں نے نفع کو کبھی نہیں ٹھکرایا(2)جب بھی مجھ سے جانور خریدا جاتاہےتو میں اسے بیچنے میں تاخیر نہیں کرتا(3)میں اُدھار نہیں بیچتا۔

سوال: محاورہ کیا ہوتا ہے ؟

جواب: مختصر الفاظ کا مجموعہ جس میں کئی الفاظ کو سمیٹا گیا ہو،اُسے محاورہ کہتے ہیں۔اس سے لفظی معنیٰ مراد نہیں ہوتے بلکہ مُرادی معنیٰ لینے ہوتے ہیں جیسے میرا بیٹا چاند کا ٹکڑا ہے، اس سے مراد واقعی چاند کا ٹکڑا ہونا نہیں بلکہ حسین و خوبصورت ہونا مُراد ہے ۔ محاورے کے الفاظ کچھ اورہوتے ہیں اورمرادی معنیٰ کچھ اور۔ محاورہ گفتگو اور تحریر کا حُسن ہوتا ہے۔محاورے کے ذریعے بات سمجھانا آسان ہوتا ہے ۔

سوال: اس شعر کا کیا مطلب ہے:؟

رِیاضت کے یہی دن ہیں،بڑھاپے میں کہاں ہمت

جو کچھ کرنا ہو اب کر لو، ابھی نوری جواں تم ہو

جواب: غالباً یہ مفتیِ اعظم ہند حضرت علامہ مولانا محمد مصطفیٰ رضا خان نوری رحمۃ اللہ علیہ کی جوانی کا شعر ہے اور یہ مقطع ہے ،مقطع وہ آخری شعر ہوتا ہے جس میں شاعر اپنا تخلص ذکر کرتا ہے ۔اس شعر کا مطلب ہے کہ جو نیکیاں کرنی ہیں جوانی میں کر لو، جب جوانی ڈھلتی ہے تو زندگی بھی ڈَھل رہی ہوتی ہے(یعنی کم ہو رہی ہوتی ہے)، پھر انسان چُستی کے ساتھ نیکیاں نہیں کر پاتا ۔ جب میں جوان تھا تو بہت بھاگ دوڑ کرتا تھا، بہت سفر بھی کئے ،ایک مرتبہ تقریباً 7 گھنٹے مدنی مذاکرہ بھی کیا تھا ،کھڑے ہو کر 3،3 گھنٹے محرم شریف کے بیانات بھی کئے ہیں ،اَب بڑھاپے کی وجہ سے یہ سوچ بھی نہیں سکتا۔ اس سے میرے وہ اسلامی بھائی درس لیں جو ابھی جوان ہیں ( جوانی میں ہی خوب دِین کا کام کریں)۔

سوال: حضرت علامہ عبد المصطفیٰ الازہری رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا بتایا؟

جواب: حضرت علامہ عبد المصطفیٰ الازہری ، صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہما کے صاحبزادے ،شیخ الحدیث ،کئی علماء کے شاگرد تھے ،جو خود اور ان کے آگے شاگرد دنیا میں پھیلے ہوئے ہوں گے ،یہ بھی شاعر تھے ۔پہلے علماء شاعر اور حکیم ہوا کرتے تھے ،اگر اس شعبے(Field)میں علمائے کرام ہوں تو اس سے اُمّت کو زیادہ نفع پہنچے ۔

سوال: دل کی تکلیف کا روحانی علاج کیا ہے ؟

جواب:دل کی تکلیف کا روحانی علاج

یا اَللّٰہُ قَوِّنِیْ وَ قَلْبِیْ(یعنی: اے اللہ! مجھے اور میرے دل کو قوّت عطا فرما)۔

جس کا دل گھبراتا ہو، دھڑکن بڑھ گئی ہو، دل بڑا ہو گیا ہو، ہارٹ اٹیک ہوا ہو، الغرض دل میں کسی قسم کی بیماری ہو، ہر نماز کے بعد دل پر ہاتھ رکھ کر سات بار پڑھ لے اِنْ شَآءَ اللّٰہ الکریم فائدہ خود ہی دیکھ لے گا۔

مُدّت: تا حصولِ مُراد۔

تاکید: کسی قاری صاحب کو سنا دیجیے۔

یقیناً: اللہ پاک چاہے تو ہی فائدہ ملے۔

لازمی: نماز کی پابندی اور لوگوں کو تکلیف دینے سے پرہیز۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”حیوانات و جنّات کے واقعات“ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 16 صفحات کا رِسالہ ” حیوانات و جنات کے واقعات “ پڑھ یا سُن لے ،اس کی مُوذی جانوروں اور شریر جنّوں سے حفاظت فرما اور اُس کو ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم