دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا  جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی خصوصی شرکت ہوئی جس میں انہوں نے عاشقانِ رسول کی جانب سے پوچھے گئے مختلف دینی، اخلاقی اور تنظیمی سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

ذرائع کے مطابق یہ ہفتہ وار مدنی مذاکرہ 13 جمادی الاولیٰ1448ھ بمطابق 24 اکتوبر 2026ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوا۔ مدنی مذاکرے کے دوران امیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے نہ صرف زائرین اور عاشقانِ رسول کے سوالات کے شرعی و تنظیمی حل پیش کیے بلکہ معاشرتی اصلاح، سنتوں پر عمل پیرا ہونے اور دینی امور میں اخلاص برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا جبکہ اجتماع میں ملک و بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے بعض سوال و جواب

سوال: اس پوسٹ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟:”لوگوں کی غلطیاں گننے سے پہلے اپنے اعمال کا حساب کر لو کیونکہ قیامت کے دن دوسروں کے نہیں اپنے اعمال کا جواب دینا ہو گا“۔

جواب: کوئی گناہ کر رہا ہو اور ہمیں یقین ہو کہ ہمارے سمجھانے سے وہ باز آ جائے گا تو اب سمجھاناواجب ہے ،اس کے بارے میں قیامت میں سوال ہو گا البتہ عام طور پر دوسروں کے اعمال کے بارے میں ہم سے نہیں پوچھا جائے گا ، ہمیں اپنے اعمال کا قیامت کے دن جواب دینا ہو گا ،اس لیے اپنے اعمال کا جائز ہ لینا چاہئے اور نیکیاں کرنی چاہئیں۔ جب ہم اپنے گناہوں کی طرف نظررکھیں گے ،سچی توبہ کریں گے اورنیکیوں میں مصروف رہیں گے تو دوسرں کے عیبوں پر نظرڈالنے سے بچتے رہیں گے ۔ان شآء اللہ الکریم

سوال: کیا نیکی شروع کرنے کے بعد اچھی اچھی نیّتیں کی جا سکتی ہیں ؟

جواب:جی!کی جا سکتی ہیں۔ نماز کی نیّت تو نماز شروع کرنے سے پہلے ہی کرنی ہو گی، روزے کی نیّت کے بھی مسائل ہیں ۔

سوال: آپ کے ساتھ مدینہ شریف جانے کے لیے ہمیں کیا کرنا ہو گا؟

جواب: دعا کرنی چاہئے، ابھی تو چل مدینہ کا دروازہ بند ہے(یعنی فی الحال حج کے لیے باقاعدہ قافلہ بنا کرسفرِ حج کی کوئی صورت نہیں )۔

سوال : فاسٹ فوڈ(Fast food) اور جنک فوڈ(Junk food) کھانے کے کیا نقصانات ہیں؟

جواب: Fast food اور Junk food کااستعمال، پانی کی جگہ کولڈ ڈرنک صحت کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ہے۔ میں مریضوں کی عیادت کے لیے پیغامات دیتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ بچوں میں شوگر اور فالج وغیرہ شروع ہو گیا ہے اور جوانوں میں بھی یہ بیماریاں بڑھ گئی ہیں۔گُردے (Kidneys) بھی فیل ہو رہے ہیں، گھر کا کھانا کھائیں، روزانہ 10 سے 12 گلاس پانی پئیں (200/250ml ) پانی ایک گلاس میں ہونا چاہئے ،کسی دن گرمی زیادہ ہویا مشقت والا کام کریں تو پانی کی مقدار بڑھادیں۔3 سے 6 ماہ بعد اپنے ٹیسٹ کرواتے رہیں ۔ٹیسٹ کروانے سے کوئی مسئلہ(بیماری) سامنے آ ئے تو اس کا بر وقت علاج ہو جائے گا۔ جوانی میں احتیاط کریں گے تو بوڑھے ہو کر بھی صحت اچھی رہے گی،جوانی جیسی طاقت محسوس کریں گے۔ عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لیے صحت کا خیال کریں ۔ بھوک کے فضائل پر مشتمل کتاب”پیٹ کا قفلِ مدینہ“ اگر پہلے پڑھی ہو تو دوبارہ پڑھ لیں ۔

سوال: کھانا کس انداز سے کھانا چاہئے ؟

جواب: پانی اوردیگر مائع(Liquid) چیزیں پہلے پئیں۔پھل(Fruit) پہلے کھائیں، روٹی اور سالن بعد میں کھائیں۔کھانے کے بعد پانی پونے(45 Minutes) یا ایک گھنٹے (1hr) کے بعد پئیں۔سموسے ،پکوڑے اور مُرغّن غذائیں(Rich foods) کھانے سے بچیں۔

سوال: آب ِزم زم کا پانی اور شب براءت کی رات کہنا کیسا ہے؟

جواب: لغت کے اعتبار سے یہ درست نہیں ،آب کا معنی پانی ہے ،آبِ زم زم کا پانی کہنے کے بجائے آبِ زم زم کہنا کافی ہے ،اسی طرح شب کا معنی رات ہے ،شبِ براءت کی رات کہنے کے بجائے شبِ براءت کہنا چاہئے ۔

سوال :بڑھاپے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: بڑھاپا جانے کے لیے نہیں آتا بلکہ لے جانے کے لیے آتا ہے ،بوڑھوں کو بھی چاہئے کہ وہ بھی اپنی آخرت کی تیاری کریں۔

سوال: اِس ہفتے کا رسالہ ’’ نمازی کے آگے سے گزرنے کے مسائل ‘‘ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی 28صفحات کا رسالہ ”نمازی کے آگے سے گزرنے کے مسائل“پڑھ یا سُن لے، اُس کو اور اُس کی آنے والی نسلوں کو پکا نمازی اور سچّا عاشقِ رسول بنا کر ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم