7 فروری 2026ء بمطابق 19 شعبانُ المعظم 1447ھ کی شب  دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام معمول کے مطابق ہفتہ وار مدنی مذاکرہ شروع ہوا جس میں کراچی سٹی کے اسلامی بھائیوں نے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں آکر براہِ راست جبکہ دیگر شہروں و دیگر ممالک کے اسلامی بھائیوں نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کے دوران مختلف سوالات کا سلسلہ ہوا جن کے شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نےعلم و حکمت سے بھرپور جوابات دیئے۔

بعض سوال و جواب:

سوال:جودُنیادُنیا کرتاہے تو اس کے ساتھ کیا ہوتاہے ؟

جواب: جودُنیا سے محبت کرتاہے ،صرف دُنیا کوہی حاصل کرنے میں لگا رہتاہے تو دُنیا اس سے دُوربھاگتی ہے اور جو دُنیا سے کنارا کرتاہے، دُنیا اس کی طرف بھاگ بھاگ کرآتی ہے ۔ بزرگانِ دین کے مزارات بنے ہوئے ہیں ،لوگ ان کو ایصالِ ثواب کرتے ہیں جبکہ کئی بادشاہوں کے نام لوگ بھول گئے۔اگریاد ہیں بھی توان کی بُری شہرت ہے جیسےیزیدکی بُری شہرت ہے ،اسے کوئی ایصالِ ثواب نہیں کرتاجبکہ نواسۂ رسول،امامِ حسین رضی اللہ عنہ کی ہمارے دلوں پر حکمرانی ہے ،جنت میں بھی یہ جوانوں کے سردارہوں گے ۔

سوال: پیارے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا نامِ پاک سُن کر انگوٹھے چُومنےکا کیا فائدہ ہے ؟

جواب:پیارے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا نام مبارک سُن کر انگوٹھے چُومنا تعظیم کے لئے ہوتاہے ۔ مستحب یہ ہے کہ اذان و اِقامت میں جب پہلی شہادت سُنیں تو کہیں:صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ اور جب دُوسری بار سُنیں تو دونوں انگوٹھے اپنی دونوں آنکھوں پر لگانے کے بعدکہیں:قَرَّتْ عَیْنِیْ بِکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہِ پھر یہ کہیں اَللّٰھُمَّ مَتِّعْنِیْ بِالسَّمْعِ وَالْبَصَرِ تو حضور نبیِ کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ جنّت کی طرف اس کے قائد ہوں گے۔حدیث شریف میں ہے:جس نے اذان میں اَشْھَدُاَنَّ مُحَمَّدًارَّسُوْلُ اللّٰہِ سُننے کے بعد اپنے دونوں انگوٹھوں کو بوسہ دیا تو جنّت کی صفوں میں، میں اس کا قائد اور داخل کرنے والا ہوں گا۔( ردالمحتار،2 / 84)

مسلمانوں کے پہلے خلیفہ حضرت ابو بکر صدیق رَضِیَ اللہ عَنْہُ سے مَروی ہے کہ جب آپ رَضِیَ اللہ عَنْہُ نے مؤذّن کو اَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًارَّسُوْ لُ اللّٰہ کہتے سُنا تو یہ دُعا پڑھی اور دونوں کلمے کی اُنگلیوں کے پورے جانبِ زیریں سے چُوم کر آنکھوں سے لگائے،اس پر حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: جو ایسا کرے جیسا میرے پیارے نے کیا،اُس کے لئے میری شفاعت حلال ہوجائے۔( فتاویٰ رضویہ،5/ 432)

سوال: نیکی کرنے پر کوئی تعریف کرے اوردل میں خوشی محسوس ہوتو کیا یہ بھی رِیا کاری ہے ؟

جواب:یہ ریا کاری نہیں ،البتہ آزمائش ضرورہے کہ کہیں وہ بندہ اپنے آپ کو نیک نہ سمجھنا شروع کردے ۔ریا کاری یہ ہے کہ بندہ نیکی اس لئے کرے کہ لوگوں سے عزت یا مال حاصل ہو ۔

سوال:تُرک مسلمان کیسے ہیں ؟

جواب: تُرک مسلمان بڑے عاشقِ رسول ہیں ۔ان کے عشقِ رسول کے واقعات پڑھ کربندہ حیران رہ جاتاہے ،مدینہ شریف میں جب ان کی خدمت تھی تو یہ مسجدِنبوی شریف کی تعمیرات میں بھی آوازبلندنہیں ہونے دیتے تھے ،پتھرکی کٹائی بھی مدینۂ منورہ سے باہر کرکے لاتےتھے وغیرہ ۔

سوال: امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے انگوٹھے چُومنے کی اپنی کیابرکت بتائی ؟

جواب: مَیں بچپن سے نبی کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا نامِ پاک سُن کرانگوٹھے چُو متاہوں میری عمر تقریباً 77 سال ہے ،میں بغیر عینک کے گزاراکرلیتاہوں ،مَیں اسے اس کی (یعنی نامِ محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم سُن کر انگوٹھے چُومنے کی)برکت سمجھتاہوں ۔مَیں تعظیم کے لئے عام طورپرسیدصاحب کے ہاتھ بھی چُوم لیتاہوں ۔

سوال:رمضان شریف کی سجاوٹ کس طرح کریں ؟

جواب: آپ رمضان شریف کی سجاوٹ مدنی چینل پر دیکھ رہے ہوں گے ،آپ بھی تعظیمِ رمضان کی نیت سے اپنے گھروں میں سجاوٹ شروع کردیں ۔مکتبۃ المدینہ سے رمضان مبارک کی جھنڈیاں اورپینافلیکس خرید لیں، گھروں کے باہراوراندرلگائیں ۔

سوال: کیا فرض اورنوافل کے بارے میں کسی کوسمجھانے کا انداز مختلف ہونا چاہیئے ؟

جواب: گھروالوں پرفرض پرعمل کروانے میں سختی کرنے کی صورتیں بھی ہیں مگر نوافل میں سختی کرنے کی اجازت نہیں ،نوافل خود پر نافذ کریں لیکن گھروالوں پر اس کے لئے سختی نہ کریں ،نرمی کے ساتھ دعوت دے سکتے ہیں ۔

سوال: فالتوباتیں نہ کرنے کا کیا فائدہ ہوتاہے ؟

جواب:فالتو باتیں ہمارے معاشرے سے ختم ہوجائیں توہمارے ہاں ہونے والے تمام جھگڑے ختم ہوجائیں ۔

سوال: پاکستان میں رمضان شریف میں عموماًچیزوں کی قیمت بڑھ جاتی ہے،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: کاش ہمارے ملک پاکستان میں تعظیمِ رمضان کی نیت سے ماہِ رمضان میں چیزیں سستی ہوجائیں۔تاجرحضرات جو نفع لیتے ہیں اس میں لفظ ’’اللہ‘‘ کے حرفِ ابجد 66 کی نسبت سے 66% رعایت کردیں ۔

سوال: ماہِ رمضان میں افطاری کا سامان غریب علاقوں میں بانٹنے کے بارے میں امیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نےکیا ترغیب دلائی؟

جواب:ماہِ رمضان شریف میں رشتہ داروں کو پہلے دیکھیں ،پھر پڑوس کودیکھیں پھر غریب علاقوں میں افطاری کاسامان غریبوں کے گھروں میں بھجوائیں ۔یہ زکوٰۃ کی رقم سے نہیں بلکہ صاف(Fresh) رقم سے کریں اورغریبوں کی دعائیں لیں ۔ ساداتِ کرام،امام مساجد اورعلمائے کرام کو ترجیح دیں ۔

سوال:نیکیوں میں دل نہ لگنے جبکہ گناہوں میں دل لگنے کی کیا وجہ ہے؟

جواب:نیکیاں کرنے میں شیطان رکاوٹ ڈالتاہے جبکہ گناہوں اورفضول کاموں میں وہ مددکرتاہے ۔ایک بزرگ کا فرمان ہے کہ 20 سال تک تلاوتِ قراٰن میں میرا دل نہیں لگا، مگرمیں تلاوت کرتارہا پھر 20 سال میں نے اس سے نفع اٹھایا یعنی 20 سال کے بعد تلاوت میں دل لگ گیا ۔اولڈ کراچی کی قاضیاں والی مسجدکے( مرحوم) امام صاحب نے مجھے بتایا تھاکہ میں”روزانہ ایک قراٰن پاک ختم کرلیتاہوں “۔وہ اپنے کام سے کام رکھنے والے تھے ۔بندہ جس کام میں مشغول ہوجاتاہے تو اس میں دل لگ ہی جاتاہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ’’راہِ خدا میں پیاری چیز دینا“پڑھنے یا سُننے والوں کوامیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے ! جو کوئی 13 صفحات کا رسالہ ’’راہِ خدا میں پیاری چیز دینا“پڑھ یا سُن لے اُس کے رزق میں برکت اور اُسے اپنی راہ میں خوش دلی سے اپنی چیز دینے کی توفیق عطا فرماکر ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم