حضور سرورِ کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم اور صحابۂ کرام علیہم الرضوان سمیت کثیر بزرگانِ دین رحمہم المبین کا یہ معمول تھا کہ وہ لوگوں کی دینی و اخلاقی تربیت کرنے اور اور انہیں دینِ اسلام کی تعلیمات دینے کے لئے دینی و علمی حلقوں کا انعقاد کیا کرتے تھے۔

اسی طریقۂ کار کو برقرار رکھتے ہوئے آج 6 مئی 2023ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں علمِ دین سے بھرپور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق مدنی مذاکرے کا آغاز بعد نمازِ عشاء تقریباً 9:15 پر تلاوتِ قراٰن سے کیا جائے گا اور نعت خواں اسلامی بھائی حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو منور کریں گےجبکہ کثیر اسلامی بھائی امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے ہمراہ جلوسِ بیادِ امیرِ حمزہ رضی اللہ عنہ میں شرکت کریں گے۔

بعدازاں عاشقِ اعلیٰ حضرت، بانیٔ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہمدنی مذاکرے میں شریک عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے علم و حکمت سے بھرے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

واضح رہے یہ مدنی مذاکرہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live)نشر کیا جائے گا جسے ملک و بیرونِ ملک سے کثیر عاشقانِ رسول بذریعہ مدنی چینل دیکھ سکیں گے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)


9  شوال المکرم 1444ھ بمطابق 29 اپریل 2023ء بروز ہفتے کی شب عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول نےفیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ دیگر شہروں اور ملکوں سے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

اس مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: اگر کسی رشتہ دارکے ہاں جانے پر وہ لفٹ نہ کروائے توایسے موقع پر کیا کرنا چاہئے ؟

جواب: حُسنِ ظن(اچھا گُمان) رکھیں کہ وہ کسی ٹینشن میں ہوگاجس کی وجہ سےتوجہ نہیں دے پایا۔ہمیں اپنی طرف سے رشتہ نہیں توڑنا چاہیئے اورصبر کرنا چاہیئے ۔اگرکوئی ہمیں لفٹ نہیں کرواتاتَوہم اسے لفٹ کروائیں ،اسلام کی یہی تعلیم ہے ۔برائی کو بھلائی سے ہی تبدیل کیاجاسکتاہے ۔نجاست پانی سےہی پاک ہوتی ہے ۔ہم آج لفٹ کروائیں گے تو کل وہ بھی اچھا سلوک کرے گا۔

سوال:مہمان کے آنے پر کیا اندازہوناچاہئے،بعض اوقات لوگ اس وقت موبائل میں لگے رہتے ہیں ؟

جواب:حدیث پاک میں ہے: جواللہ پاک اور قِیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے تو اسے چاہیئے کہ مہمان کا اِکرام کرے ۔(بخاری، 4/105،حدیث:6019)دِین اسلام میں اس کی بہت اہمیت ہے ،مہمان آتاہےتو اپنارزق لے کرآتاہے اورجب جاتاہے تو میزبان کے گناہ بخشے جانے کا سبب بنتاہے ۔ہمیں چاہیئے کہ مہمان کی خاطرداری(آؤ بھگت) خودکریں کہ یہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی سنت ہے ۔ہم قدرکرنے والے بنیں تو مہمان حقیقت میں اللہ پاک کی رحمت ہے ۔ میزبان کو چاہیئے کہ مہمان کا خوش دلی کے ساتھ استقبال کیا جائے ،آؤ بھگت کرے ۔کچھ کھلاپلانہیں سکتاتو دومیٹھے بول ہی بول دے ۔ اس میں کوئی رقم نہیں لگتی ،خرچ نہیں ہوتا،اگرآپ کسی سے مسکراکرپرتپاک طریقے سے ملیں گے، حال احوال معلوم کریں گے تو اس کادل خوش ہوجائے گا ۔میزبان کو چاہیئے کہ ایسااندازاختیارکرے کہ مہمان کا دل خوش ہو۔اس کادل بجھ نہ جائےاور واپسی پر اس کے قدم بھاری نہ ہوں ۔

سوال : بات کرتے ہوئے اگر اس طرف توجہ جائے کہ یہ بات تو فضول ہے،ایسی صورت میں کیا کرناچاہیئے ؟

جواب : فوراًدُرُودشریف پڑھ لیں،ایک بارپڑھاہوا دُرودشریف ہمیں جنت میں پہنچاسکتاہے ۔ہرنیکی جنت میں لے جانے والی ہے ۔ہرگناہ جہنم میں لے جانے والاہے۔نیکی اگرچہ کتنی ہی چھوٹی ہو،اسے چھوٹاسمجھ کر چھوڑنا نہیں چاہیئے اورگناہ کتناہی چھوٹاہومعمولی سمجھ کر کرنا نہیں چاہیئے بلکہ معمولی سمجھے ہی کیوں، گناہ کومعمولی سمجھنا بھی گناہ ہے ۔ہرنیکی بندے کی عزت کوبڑھاتی ہے ،رزق میں برکت کا باعث ہوتی ہے ،ہر برائی بندے کے لئے نحوست،بے برکتی اوردنیاآخرت میں ذِلّت کے اسباب مہیاکرتی ہے ۔

سوال: ذِکرُاللہ اوردُرودشریف پڑھنے میں کامیابی پانے کے لئےکیاکرنا چاہیئے ؟

جواب: ڈیجیٹل(Digital) تسبیح لے لیں، اسے ہاتھ میں رکھیں، جب جب وقت ملے، ریاکاری سےبچ کر اللہ پاک کا ذکر اوردُرودشریف پڑھتے رہیں،یہ آپ کو فضولیات سے بچائے گا اور نیکیوں میں لگائے گا ،جب درودشریف وغیرہ کی تعداددیکھیں گےتو قلبی طورپر خوشی ہوگی ۔

سوال: پہنے ہوئے کپڑوں سے ہاتھ منہ صاف کرنا کیسا؟

جواب: اسلاف یعنی بزرگانِ دین بیان کرتے ہیں کہ پہنے ہوئے کپڑوں سے ہاتھ منہ صاف کرنے سےحافظہ کمزورہوتاہے ۔

سوال:کیا دانتوں سے ناخن کترنا بے برکتی لاتاہے ؟

جواب:اس سے برص ہونے کا اندیشہ ہے اوربے برکتی بھی آتی ہے ۔بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے ،اگرایساہوتو اس عادت کونکالنا ہوگا۔سنجیدہ ہوں گے تو یہ عادت نکل جائے گی ۔

سوال : برکت کاکیامعنیٰ ہے ؟

جواب : برکت کا معنیٰ ہے: جم جانایاکثرت ہونا،زیادتی خیریعنی بھلائی کا بڑھنا اوراس کا ہمیشہ رہنا برکت کہلاتا ہے، یعنی بھلائی بڑھے اس میں اضافہ ہویا بھلائی باقی رہے ۔برکت کی ایک صورت ہے کہ چیزخود ختم نہ ہو اور نہ ہی اس کا فائدہ ،کثرت توکفارکوبھی مل جاتی ہےلیکن برکت کسی کسی کو نصیب ہوتی ہے ۔بے نمازی کے پاس دولت کا زیادہ ہونا برکت نہیں بلکہ کثرت ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ نیک بندوں کی شان پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِ اہلِ سنت مولانا محمد الیاس عطارقادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ نیک بندوں کی شانپڑھ یا سُن لے اُسے اپنے نیک بندوں کی محبت و صحبت کی سعادت دے اور بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

05 شعبان المعظم 1444ھ بمطابق 25 فروری 2023ء بروز ہفتہ، نواسۂ  رسول امام حسین رضی اللہ عنہ کی ولادت کے سلسلے میں دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول فیضان مدینہ کراچی میں براہِ راست اور ملک و بیرون ملک سے ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

شیخ طریقت امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے امام حسین رضی اللہ عنہ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند سوالات مع جوابات ملاحظہ کیجئے:

سوال: حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہاکے چھوٹے بیٹے ہیں یا بڑے ؟

جواب: بڑے بیٹے تو حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ ہیں ،حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ ان کے چھوٹےبھائی ہیں ۔

سوال:تعزیت کن الفاظ سے کرنی چاہئے ،اس طرح کہنا کیساکہ بڑاافسوس ہوا ،جبکہ حقیقت میں ایسا نہ ہو؟

جواب: مصیبت زدہ آدمی کو صبر کی تلقین کرناتعزیت ہے،یہ سنّت ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص852 ماخوذاً)تعزیت کرتے ہوئے یہ الفاظ ’’بڑاافسوس ہوا‘‘اِستعمال نہ کرنا بہتر ہے،کیونکہ ہرکسی کی وفات پرہرایک کو افسوس ہونا ضروری نہیں ۔یوں کہاجائے کہ فلاں کے فوت ہونے کی خبرملی ،اللہ پاک ان کی مغفرت فرمائے ،آپ کوصبرعطافرمائے وغیرہ ۔تعزیت میں جھوٹ شامل نہ ہونے پائے ۔ لوگوں کے دکھوں اورتکلیفوں میں تعزیت کرنی چاہئے ،اسی طرح بیماری میں عیادت کی جائے ،اس سے محبتوں میں اضافہ ہوتاہےاوریہ ثواب کا کام بھی ہے ۔

سوال : کیا ماہِ رمضان میں چیزیں سستی بیچنی چاہئیں ؟

جواب :جی ہاں!ماہِ رمضان میں تمام دکانداردام(قیمت) کم کردیں ،اگرپیچھے سے کوئی چیز مہنگی ملے تو مناسب نفع رکھ لیں ،زیادہ نفع نہ لیں،ہمیں ان پر رحم کرنا چاہئے بلکہ غریبوں کو تلاش کرکے انہیں نوازیں ۔ساداتِ کرام کی خدمت کرنا اپنی سعادت سمجھیں اوراس طرح دیں کہ پتاہی نہ چلے کہ کس نے مددکی ہے ، عرب دنیا میں ماہِ رمضان میں چیزوں کی قیمتیں کم ہوجاتی ہیں ۔

سوال: کیا دوسروں کے عیب بیان کرنے کے بجائے اپنے عیبوں پر نظرڈالنی چاہئے ؟

جواب: جی ہاں !مسلمانوں کے عیب بیان کرنے کے بجائے اپنے عیبوں پرنظر رکھنی چاہئے ۔

سوال:آدھے سر درد کا کوئی روحانی علاج ارشاد فرمادیں ؟

جواب: سورۂ اخلاص(قُلْ ھُوَاللہُ اَحَدْ) ،اوّل وآخردرودشریف،1بارپڑھ کردم کریں ،یہ عمل 11 بارکرنے سے مرض چلاجائے گا۔ان شاء اللہ الکریم۔ناریل (Coconut)کا پانی پینے سے آدھے سراورپورے سرکے دردمیں کمی واقع ہوتی ہے ۔

سوال: مسجددیکھ کر کیا پڑھناچاہئے ؟

جواب: مسجدکو دیکھنااوراسے دیکھ کر درودشریف پڑھنا دونوں ثواب کے کام ہیں ۔حضرت مولیٰ مشکل کُشا،علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ مسجدکو دیکھ کر درودشریف پڑھناچاہئے۔

سوال: امام صاحب کوکوئی کھانادےیا چائے پلائے تو کیاانہیں یہ کھانا پینادرست ہے ؟

جواب: جی ہاں ! امام صاحب کو کھانا اورچائے وغیرہ دینا بہت ثواب کا کام ہے اوریہ کرنابھی چاہئے ۔

سوال:اس طرح کہنا کیسا ہےکہ ’’اللہ پاک ہمارے گناہوں کی سزا دنیامیں ہی دے دے ‘‘۔ ؟

جواب: یہ نہیں کہنا چاہئے، اس کے بجائے اللہ پاک سے دنیاوآخرت کی خیروسلامتی ورحمت اورعافیت کی دعاکرنی چاہئے ۔جوربّ سزادینے پر قادرہے وہ عافیت دینے پر بھی قادرہے ۔

سوال : اگرکوئی بڑی عمروالا علمِ دین حاصل کرے تو اس کے لیے کیاخوشخبری ہے ؟

جواب : علمِ دین حاصل کرنا عبادت ہے ۔2فرامینِ مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ):جوبچپن میں علمِ دین حاصل نہ کرسکا،وہ بڑی عمرمیں علم حاصل کرے تو اسے مرنے کے بعدشہیدکا رتبہ ملے گا۔(کنزالعمال ،10/162) خیریعنی بھلائی کی باتیں سیکھنے سے مؤمن کا دل نہیں بھرے گا یہاں تک کہ وہ آخرکار جنت میں داخل ہوجائے گا۔(سنن ترمذی 4/348) اس حدیث کی شرح کا خلاصہ یہ ہے کہ علم کے حریص کےلیے ایمان پر خاتمے کی خوشخبری ہے ۔

سوال: جسم میں کسی جگہ دردہوتو اس کا کوئی روحانی علاج ارشاد فرمادیں ؟

جواب: یَامُغْنِیْ پڑھ کر دردکی جگہ دم کرلیں ،چلتے پھرتے یَاغَنِیْ پڑھتے رہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” نماز کی برکتیں “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جوکوئی 17 صفحات کا رسالہ ”نماز کی برکتیں“ پڑھ یا سُن لے اُس کو مکّے مدینےمیں نمازیں پڑھنے کی سعادت دے اور اُس کی والدین سمیت بے حساب مغفرت فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


جشن ولادت نواسۂ  رسول، امام عالی مقام امام حسین رضی اللہ عنہ کے موقع پر 05 شعبان المعظم 1444ھ بمطابق 25 فروری 2023ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مدنی مذاکرے کا آغاز بعد نمازِ عشا رات تقریباً 8:45 پر کیا جائے گا جس میں تلاوتِ قراٰن، نعت خوانی، جلوس، بیان، دعا اور لنگر کا اہتمام ہوگا۔

شیخ طریقت امیر اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری ’’سیرت امام حسین رضی اللہ عنہ‘‘ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے اور عاشقانِ رسول کی جانب سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔ تمام اسلامی بھائیوں سے اس مدنی مذاکرے میں شرکت کی درخواست ہے۔(کانٹینٹ:رمضان رضا عطاری)


18 فروری 2023ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں اجتماع معراج مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موقع پر مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول فیضان مدینہ کراچی میں براہِ راست اور ملک و بیرون ملک ہزاروں اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

شیخ طریقت امیراہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سفر معراج کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: سفرمعراج کے کتنے حصے ہیں ؟

جواب: سفرمعراج امامُ الانبیا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا بے مثال معجزہ ہے ،آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم مکۂ مکرمہ سے مسجدِاقصیٰ اورپھروہاں سے ساتوں آسمانوں اورمقام قُرب پرتشریف لے گئے ،سفرمعراج کے 3حصے ہیں: (1)پہلاحصہ اَسراء ۔رات کے تھوڑے سے حصےمیں مکۂ مکرمہ سے بیتُ المقدس کےسفرکو اَسراء کہتے ہیں۔ (2)دوسراحصہ معراج۔مسجدِاقصیٰ سے ساتوں آسمانوں تک جانے کومعراج کہتے ہیں۔ (3)تیسرحصہ اِعراج ۔آسمانوں سےآگے لامکاں تک جانے کواِعراج کہاجاتاہے۔

سوال: تہمت وبہتان لگانے کاکیا عذاب ہے ؟

جواب: تہمت و بہتان یعنی کسی میں بُرائی یاعیب نہ ہواوراس کی وہ برائی یاعیب بیان کیا جائے ۔اس کے بارےمیں وعیدہے کہ جو کسی کی ایسی بُرائی بیان کرے جو اس میں نہیں پائی جاتی تو اس کو اللہ پاک اُس وقت تکرَدْغَۃُ الْخَبال (یعنی جہنم میں وہ جگہ جہاں دوزخیوں کا پیپ جمع ہوگا)میں رکھے گا، جب تک اس کے گناہ کی سزا پوری نہ ہوجائے۔ (ابو داود،3 / 427، حدیث: 3597)

سوال : معراج میں نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی کتنی سواریاں تھیں؟

جواب : نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم مکۂ مکرمہ سے بیتُ المقدس بُراق پر ،بیتُ المقدس سے پہلے آسمانِ دنیاتک نُورکی سیڑھیوں پر ،وہاں سے ساتویں آسمان تک فرشتوں کے بازؤں پر،وہاں سے حضرت جبرائیل امین علیہ السلام کے بازؤں پر ،قابَ قوسین سے لامکاں تک رفر ف یعنی قدرتی تخت پر۔ اس کے بعد بغیرسواری کے تشریف لے گئے ۔

سوال: کون سامہینا آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کا اور درودوسلام کا مہینا کہلاتا ہے؟

جواب: شعبا ن المعظم ۔

سوال: جب کوئی آفت آجائے مثلاً زلزلہ وغیرہ تو اس وقت کیا کرنا چاہئے؟

جواب: ہائے اوہ کرنے کے بجائے اللہ پاک کا ذکر کیا جائے،بندے کی تدبیریں ناکام ہوجاتی ہیں اوراللہ کی قدرت کے نظارے ہوتےہیں، جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے کے مصداق معاملات سامنے آجاتے ہیں ،اس میں ہمارے لیے درس بھی ہے کہ تمہاری ٹیکنالوجی وغیرہ سب ناکام ہیں ،تم کچھ نہیں کرسکتے جب تک ربّ نہیں چاہےگا ۔ربّ چاہے گا تو سب ہوجائے گا،ربّ نہیں چاہے گاتو کچھ بھی نہیں ہوگا۔اس طرح کے واقعات سے اللہ پاک کی قدرت پر ایمان مضبوط ہوتاہے ۔

سوال: معراج کی رات اُمّتِ مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )پر پنج وقتہ نمازفرض ہوئی ،اس کے بارے میں آپ کیافرماتے ہیں؟

جواب: پنج وقتہ (یعنی پانچوں وقت کی)نمازاُمتِ مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )کے لیے بہت بڑی سعادت ،بہت بڑاشرف وانعام ،اللہ پاک کی نعمت اورجنت کی کنجی ہے ۔

سوال: نمازکے لیے مسجد جاتے ہوئے کیا دُوسروں کو بھی نماز کی دعوت دے کر ساتھ لیتے جانا چاہئے؟

جواب: جی ہاں ضرور!نمازِباجماعت کی دعوت دینی چاہئے ،حدیث پاک میں ہے : بَلِّغُوْا عَنِّي وَلَوْآيَةً یعنی پہنچادواگرچہ ایک ہی آیت ہو۔ہرشخص اپنی اپنی جگہ مبلغ ہے ۔جب نمازکے لیے جائیں تو دوسروں کو نمازکا کہہ کراپنے ساتھ لیتے جائیں ،یہ کہنے سے ہی ہوگا،دعوتِ اسلامی نے کام شروع کیا ،نمازکی دعوت کاسلسلہ ہواتو لاکھوں وہ لوگ جونمازنہیں پڑھتے تھے، اللہ کے کرم سے نمازی بن گئے ۔سمجھانے کا فائدہ ہوتاہے ۔جب ہم انفرادی کوشش کریں گے،ایک ایک کوسمجھائیں گے تو وہ نمازی بن جائیں گے ،جنہیں ہم نمازکی دعوت کاذہن دیں گے تو وہ بھی دیگرلوگوں کو سمجھائیں گے،یوں نمازیوں میں اضافہ ہوتا چلاجائےگا ،البتہ نمازکی دعوت دینے میں طنزاور سختی نہ کی جائے ،شفقت ،محبت اورپیارسے نماز کی دعوت دینی ہے ،اگرکوئی100بارکہنے سے بھی نمازنہیں پڑھتا تو اسے بھی نمازکی دعوت دیتے رہیں ۔اسی طرح ماہِ رمضان کے روزے رکھنے کی بھی ترغیب دلائیں ۔اسلامی بہنیں بھی نمازاورروزے کی دعوت کی تحریک جاری رکھیں ۔روزے کی اہمیت پر مکتبۃ المدینہ کے پمفلٹ حاصل کرکے تقسیم کریں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیرِ اہلِ سنت سے زکوٰۃ کے بارے میں سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رِسالہ ”امیرِ اہلِ سنت سے زکوٰۃ کے بارے میں سوال جواب“ پڑھ یا سُن لے،اُسے صَدَقاتِ واجبہ و نافلہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرما اور اس کے مال وعمر میں برکت عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


13 رجب المرجب 1444ھ بمطابق 4 فروری 2023ء بروز ہفتے کی شب عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول نےفیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ دیگر شہروں اور ملکوں سے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

اس مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔

ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:اولیائے کرا م رحمہم اللہ علیہم کے مزارات پر حاضری دینے کا کیا طریقہ ہے؟

جواب:قدموں کی طرف سے حاضرہوں ،پُشت قبلے کی جانب اورچہرہ ولی اللہ کے مزارکی جانب ہو،پھرسلام عرض کریں، ہاتھ اٹھا کر کچھ کلام مثلاً فاتحہ پڑھ کر انہیں ایصالِ ثواب کریں اور اللہ پاک سے دعا کریں۔

سوال:گناہوں سے کیسےبچا جائے؟

جواب:گناہوں سے بچنے کے لئے سب سے پہلے تمام گناہوں سے توبہ کریں،گناہوں کے عذابات اورگناہوں سے بچنے کے فضائل کا مطالعہ کیجئے۔

سوال:نظرِبداوردیگربیماریوں سے بچنے کا کوئی وظیفہ ارشاد فرمادیجئے؟

جواب:سورۂ فاتحہ 41 بارپڑھ کر کسی بھی مریض کو یا خودمریض ہوں تو اپنے اوپردم کرلیں ،پانی پر دم کرکے بھی پیتےرہیں، اِنْ شآءَ اللہُ الکریم فائدہ ہوگا۔

سوال:اہلِ سنت وجماعت کہاجائے یا اہلسنت والجماعت؟

جواب:اہلِ سنت وجماعت کہاجائے، ہمارے علما اسی طرح کہتے ہیں۔

سوال:غوثِ پاک حضرت شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ کو گیارہویں والا پیرکیوں کہتے ہیں؟

جواب:آپ کاوصال 11 ربیع الاخرکو ہوا،اس وجہ سے گیارہویں والا پیر مشہورہوگئے اورانہیں اس طرح کہنے میں حرج بھی نہیں۔

سوال :سفروحضرمیں نمازقضا نہ ہو،اس کے لئے کیا کریں؟

جواب :نمازپڑھنے کاجذبہ مل جائے اوربندہ نمازپڑھنے کے معاملے میں سنجیدہ (Serious) ہو جائے تو نمازقضا نہیں ہوگی۔ اِنْ شاۤءَ اللہُ الکریم۔

سوال:فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین (Faizan e Quran Digital Pen) لینے اور تقسیم کرنے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیادُعادی؟

جواب:یااللہ پاک !جو فیضانِ قرآن ڈیجیٹل پین اپنے گھرمیں بسائے، اسے خریدے اورتحفے میں دے، علمائے کرام کو پیش کرے، ائمہ کرام کو دے، اپنے دوستوں اوررشتہ داروں کو پیش کرے، اپنے سسرال کودے، شادیوں میں جوتحفے دئیے جاتے ہیں اس کی جگہ یہ تحفہ دے، یااللہ پاک !جوجس طرح بھی اسے آگے بڑھائے،اس کوفیضانِ قرآن سے مالامال کر۔اس کی، اس کے ماں باپ اورآل اولادکی بے حساب مغفرت کردے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

سوال:سردی کی وجہ سے ہفتہ واراجتماع میں شرکت میں سُستی ہوتو کیا کریں؟

جواب:افضل ترین عمل وہ ہے جس میں زحمت زیادہ ہو، جو عمل دنیا میں جتنا مشکل ہوگا، میزانِ عمل میں اتناہی وزن دارہوگا، ان فضائل پرنظر رکھیں، سخت سردی اورسخت گرمی میں ہفتہ واراجتماع میں حاضر ہوتے رہیں اور ہفتہ واراجتماع میں ہی رات گزاریں۔

سوال:رمضان شریف آنے سے پہلےرمضان کی تیاری کیسے کریں؟

جواب:جتنا ممکن ہونفل روزے رکھیں اوریہ نیت کریں کہ ماہِ رمضان کے سارے روزے رکھوں گا۔ اِنْ شاۤءَ اللہُ الکریم

سوال:کیا اسلامی بہنیں بھی مفتیہ بن سکتی ہیں؟

جواب:جی ہاں! مفتیہ بن سکتی ہیں، اُمُّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بہترین مفتیہ تھیں، کراچی میں دعوتِ اسلامی کے تحت اسلامی بہنوں کا مفتیہ کورس شروع ہوگیا ہے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”افضل ترین اعمال“ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی؟

جواب:یارَبَّ المصطفٰے!جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”افضل ترین اعمال“ پڑھ یا سُن لے اُس کو پانچوں نمازیں باجماعت پہلی صف میں ادا کرنے کی توفیق دے اور اس کی بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


6 رجب المرجب 1444ھ بمطابق 28 جنوری 2023ء بروز ہفتے کی شب خواجہ معینُ الدِّین چشتیرحمۃُ اللہِ علیہ کے عرس کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق سوالات کئے جس کے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔

ان سوالات میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:6 رجب المرجب کی نسبت سلسلہ ٔعالیہ چشتیہ کی کس عظیم ہستی سے ہے، ان کےالقابات اورپیدائش ووفات کے بارے میں بھی کچھ بتا دیجئے۔

جواب:6 رجب المرجب کوخواجۂ خواجگان، سلطان ُالہند، عطائے رسول، غریب نواز، معینُ الدین حضرت خواجہ سیّدحسن سنجری رحمۃ اللہ علیہ سےنسبت ہے، 6 رجب المرجب آپ کا یومِ عرس ہے، اسے چَھٹی شریف بھی کہاجاتاہے، آپ کی پیدائش (Birth)14رجب 537ھ بمطابق 1142ء سیستان، ایران کے علاقے سنجر میں اور وفات (Death) 6 رجب633ھ کو اجمیر (ہند) میں ہوئی ۔آپ حسنی سیّدتھے، اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ خواجہ غریب نواز کے مزارسے فیوضات و برکات حاصل ہوتے ہیں، خواجہ صاحب عاشقِ قرآن اورحافظِ قرآن تھے، آپ دن میں ایک اور رات میں ایک قرآن کریم ختم کرتے تھے ۔ہرختمِ قرآن پر غیب سے آوازآتی : اے معینُ الدین ہم نےتیراختم ِقرآن قبول کیا۔

سوال:خواجہ کا کیامعنیٰ ہے؟

جواب:خواجہ فارسی زبان کا لفظ ہے ،اس کا لفظی معنیٰ سرداراورآقاہے ۔

سوال:قرآن ِکریم کی زیارت کاکیافائدہ ہے؟

جواب:حضرت خواجہ غریب نوازرحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:"جو بندہ ہر روز قرآنِ کریم دیکھتا ہے اس کی بینائی یعنی نظرتیزہوجاتی ہے اور اس کی آنکھ کبھی نہیں دُکھتی اورنہ خشک ہوتی ہے"۔

سوال:تلاوتِ قرآن اوردُرست قرآنِ کریم پڑھنے والے کی کیا فضیلت ہے؟

جواب:تلاوتِ قرآن افضل ترین عبادت ہے، مگرستم تو یہ ہے کہ ہماری اکثریت کو دیکھ کر بھی قرآن کریم پڑھنا نہیں آتا، یہ کتنا بڑا المیہ ہے، دنیاکی بڑی بڑی ڈِگریاں موجود ہیں مگرقرآن دیکھ کرپڑھنا نہیں آتا، جب مَیں کبھی کسی قاری کے بارے میں سنتاہوں تو رَشک آتاہے کہ اسے درست قرآن پڑھناآتاہے، اربوں کھربوں پتی ایک طرف اوردرست قرآن پڑھنے والاایک طرف ۔یہ میری واعظانہ اورجذباتی باتیں نہیں بلکہ دل کے احساسات ہیں، درست قرآن پڑھنے والے پر مجھے رشک آتاہے۔

سوال:نمازی کے بارے میں خواجہ غریب نوازرحمۃ اللہ علیہ کا کیافرمان ہے؟

جواب:آپ فرماتے ہیں :بندہ صرف نمازسے ہی قابلِ عزت ہوسکتاہے، اس لئے کہ نمازمؤمن کی معراج ہے، تمام عبادات سے بڑھ کر نمازہے، اللہ پاک سے ملاقات کا سب سے پہلا ذریعہ نمازہی ہے، نماز ایک امانت ہے، بندے کو چاہئے کہ اس میں کسی قسم کی خیانت نہ کرے ۔ان فرامین سے معلوم ہواکہ اصل عزت والاوہ ہے جو نمازی ہے، دین میں ترقی اسے ملے گی جو نمازی ہوگا،نمازکو مضبوطی سے پکڑ لیں ،ہماری کوئی نمازقضانہیں ہونی چاہئے ،کتنی ڈرانے والی بات ہے کہ جو ایک نمازنہیں پڑھتا تو اس کانام جہنم کے دروازے پر لکھ دیا جاتاہے اوریہ شخص اس دروازے سے جہنم میں داخل ہوگا، جوجان بوجھ کر ایک نمازترک کردے وہ ایک ہزارسال جہنم کے عذاب کا حق دارہے ،یہ کتنا خطرناک معاملہ ہے ،یہ کبیرہ یعنی بڑاگنا ہ ہے۔

سوال:آپ کی کتنی مرتبہ اجمیرشریف حاضری ہوئی ہے؟

جواب:اللہ کی رحمت سے 2مرتبہ میری حاضری ہوئی ہے ،یہاں دومنقبتیں لکھی ہیں، ایک سفر10دسمبر1998ء کو ہواتھا۔

سوال:پاک وہند میں ادب وعشق کیساہے؟

جواب:پاک وہندکے مسلمانوں میں جو ادب وعشق ہے، دنیامیں کم دیکھا جاتاہے۔ شایداس کی وجہ یہ ہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قدم مبارک کی جانب پاک وہند ہے، سُنیّوں میں ادب بہت ہے ہمارا مذہب ’’مذہبِ مہذَّب اہلسنت و الجماعت“ ہے،مہذَّب کا مطلب تہذیب والا، ادب والا، یادرہے! ہمارے ہاں، اہلسنت والجماعت اوراہلِ سنت وجماعت دونوں الفاظ رائج ہیں۔

سوال:ادب کیا ہے؟

جواب:اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں:مَیں نے عقل سے پوچھا کہ ایمان کیا ہے؟تو عقل نے میرے دل کے کان میں کہا:ایمان سراپاادب ہے، یادرکھیں یہ حکمت کا مدنی پھول ہے۔

سوال:جب کوئی پریشانی، مصیبت یا بیماری آجائے تو کیا کرنا چاہئے؟

جواب:ظاہری اسباب کے ساتھ ساتھ اللہ پاک کی بارگاہ میں دعا بھی کریں، آجکل دعامیں غفلت کی جاتی ہے۔

سوال:جس گھر میں فوتگی ہوجائے تو کیا ان کے ہاں لائٹ نہیں چلانی چاہئے؟

جواب:لائٹ چلانے میں کوئی حرج نہیں ،جس گھرکوئی فوت ہواہو تو وہاں نفسیاتی طورپر خوف ہوتاہے،اگرلائٹ بھی نہیں چلائیں گے توخوف میں مزید اضافہ ہوگا۔

سوال:کیاغسلِ میت کا کوئی طے شدہ وقت بھی ہے؟اورکیا کھلے آسمان کے نیچے غسل دے سکتے ہیں؟

جواب:دن رات میں کسی وقت بھی غسلِ میت دیا جاسکتا ہے اور کھلے آسمان کے نیچے بھی غسل دے سکتے ہیں۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” نفل روزوں کے فضائل “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفٰے!     جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”نفل روزوں کے فضائل“ پڑھ یا سن لے اُس کو فرضوں کے ساتھ نفل نمازوں اور نفل روزوں کی بھی توفیق عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ  خاتم النَّبیّن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔

علمِ دین کی مجالس کا انعقاد کرنا سرکارِ دوعالم  صلی اللہ علیہ و سلم اور صحابۂ کرام علیہم الرضوان کی تعلیمات میں سے ایک ہے۔

اسی سلسلے میں 21 جنوری 2023ء بمطابق 29 جمادی الاخریٰ 1444ھ بروز ہفتہ بعد نمازِ عشا عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہرِ کراچی کے عاشقانِ رسول نے فیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ دیگر مقامات پر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

دورانِ مدنی مذاکرہ شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت برکاتہم العالیہ نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق سوالات کے علم و حکمت سے بھرپور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی، اخلاقی، تنظیمی اور شرعی رہنمائی کے لئے مدنی پھولوں سے نوازا۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:اللہ پاک کی راہ میں مال خرچ کرنے کا کیا فائدہ ہے؟

جواب:اللہ پاک کی راہ میں مال خرچ کرنے سے کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتاہی ہے۔

سوال:غم ِمدینہ ہمارے دل میں کیسے پیداہو؟

جواب:غمِ مدینہ بہت بڑی سعادت ،بہت بڑاشرف بلکہ انمول خزانہ ہے ،یہ اللہ پاک کے کرم سے ملتاہے ،کسی دکان سے نہیں ملتا،غمِ مدینہ کے حصول کے لئے ایسے عاشقانِ رسول کی صحبت میں رہیں جن کو غمِ مدینہ نصیب ہے،اللہ پاک کی رحمت سے دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول میں ایسوں کی کثرت ہے، نعتیں سنیں، جو مدینہ شریف جائیں انہیں الوداع کرنے اورلینے جائیں، بعض اوقات ان کی زبان سے کوئی ایساجملہ نکل جاتاہے جس سے غم ِمدینہ نصیب ہوتاہے۔

سوال:اگرخانہ کعبہ پراچانک نظرپڑجائے تو کیا اسی وقت دعامانگی جائےیامطاف (جہاں طواف کیا جاتاہے) میں جاکردعامانگنی چاہئے؟

جواب:جب کعبہ شریف پر پہلی نگاہ پڑے اگرچہ اچانک ہی ہوتو اسی وقت دعامانگ لی جائے ،درودوسلام پڑھ لئے جائیں۔

سوال:اسلامی احکام سنِ ہجری کے اعتبارسے ہیں یا سنِ عیسوی سے؟

جواب:جتنے بھی اسلامی احکام ہیں مثلاًحج،روزہ،زکوٰۃ وغیرہ یہ سب سنِ ہجری کے حساب سے ہیں، ہمارے معاشرے میں ایک تعدادہے جنہیں اسلامی مہینوں کے نام نہیں آتے،ایسانہیں ہونا چاہئے ،اسلامی مہینوں کے نام بھی یادکرلیں ۔(اسلامی مہینوں کی مزید معلومات جاننے کے لیے مکتبۃ المدینہ کے رِسالے"اِسلامی مہینوں کے فضائل"کا مطالعہ کیجئے)

سوال:ماہِ رجب کیسامہینا ہے؟

جواب:رجب المرجب عبادت کا بیج بونے کا مہینا ہے،یہ ماہِ حُرمت یعنی احترام والامہینا ہے ، مَیں اسے رمضان شریف کا پھاٹک کہتاہوں، اب عبادت پرکمرباندھ لیں ،نفل روزے بھی رکھیں ۔ جَنَّت کی ایک نَہْر کا نام ”رَجَب“ ہے جس کا پانی دودھ سے زيادہ سفید،شَہد سے زیادہ میٹھا اور بَرْف سے زيادہ ٹھنڈا ہے، اِ س نَہْرسے وُہی شَخْص پانی پئے گا جو رجَب کے مہینے میں روزے رکھے گا۔( مُکاشَفۃ القُلُوب ص 301)

سوال:سردی سے بچنے کے لئے کیا احتیاط کی جائے؟

جواب:سردی کے موسم میں سینے کو ٹھنڈی ہواسے بچائیں ،اپنی حفاظت کرنی چاہئے ،جہاں سردی لگنے کا زیادہ چانس ہوتاہے وہاں زیادہ احتیاط کریں ،سانپ کےبِل میں ہاتھ ڈالنا بہادری نہیں ،سانپ کو قابوکرنا بہادری ہے۔بہرحال موقع کی مناسبت سے ملبوسات (گرم کپڑے، سویٹر جرسی وغیرہ) پہننے چاہئیں، اللہ پاک کی عبادت پرقوت حاصل کرنے کے لئے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اللہ پاک ہمیں سردی وگرمی کے نقصانات سےبچائے۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”فیضانِ امام موسٰی کاظم “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی؟

جواب: یارَبَّ المصطفٰے!  جو کوئی 21 صفحات کا رسالہ ”فیضانِ امام موسٰی کاظم “ پڑھ یا سُن لے، اُسے اور اس کی اولاد کو اپنے پیارے اور سب سے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اٰل و اصحاب کی سچّی محبّت و بے حساب مغفرت سے مشرّف فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ  خاتم النَّبِیِّیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم         ۔              

شہنشاہِ چشت، تاجُ الاولیا، سلطان الہند، خواجۂ خواجگاں حضرت خواجہ معینُ الدِّین سید حسن سنجری اجمیری (المعروف حضور خواجہ غریب نواز) رحمۃُ اللہِ علیہ کا سالانہ عرس انتہائی عقیدت واحترام سے منانے کے لئے 21 جنوری 2023ء بروز ہفتہ سے 6 رجب المرجب 1444ھ تک دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جائیگا۔

مدنی مذاکروں کے آغاز میں جلوس غریب نواز کا اہتمام ہوگا جبکہ شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ شہنشاہِ چشت، تاجُ الاولیا، سلطان الہند، خواجۂ خواجگاں حضور خواجہ غریب نواز رحمۃُ اللہِ علیہ کی سیرت و دینی خدمات پر گفتگو کرتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

تمام عاشقان اولیاء سے ان مدنی مذاکروں میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


افضلُ البشر بعد الانبیاء، خلیفۃ الرسول حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ کے عرس شریف کے موقع پر 14 جنوری 2023ء کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔

شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے سیرتِ صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ پر گفتگو فرمائی اور عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: سمجھانے والے کااندازکیساہوناچاہئے؟

جواب:سمجھانے والے کا اندازانتہائی نرم اوراس کامقصدسامنے والےکی اصلاح ہوناچاہئے ،محض کسی کو نیچادکھانا نہ ہو،ورنہ جس کو سمجھایا جا رہاہے، اُ س میں ضدپیداہوسکتی ہے۔

سوال: ایسی سوچ رکھنا کیساکہ" فُلاں کی بے عزتی ہوگی تو میری عزت ہوگی "۔؟

جواب: یہ بہت خطرناک جذبہ ہے ،اس طرح سے ہرگز نہیں سوچنا چاہئے ،عزت دینے والی ذات تو اللہ پاک کی ہے ،اگرکسی کوسوال میں بیان کی گئی سوچ کے ساتھ عزت مل بھی گئی تو اس کی مدت بہت کم ہوگی ،کوئی اچھا اورعزت والا ہےتو اسے بُراکہہ کراپنی آخرت داؤ پر نہیں لگانی چاہئے۔

سوال : صدیقِ اکبرکا کیا معنی ہے؟

جواب : صدیق کا معنیٰ ہے بہت سچا،اکبر کا معنی ہے بہت بڑا،صدیق ِاکبر کا معنی ہوا،بہت ہی بڑے سچے ،بہت زیادہ سچائی والے۔

سوال: حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کا اورآپ کے والدصاحب کا نام کیا تھا ؟

جواب: حضرت صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کا نام عبداللہاورآپ کے والدصاحب کا نام عثمان تھا مگریہ(حضرت) ابوقُحافہ(رضی اللہ عنہ) کی کنیت سے مشہورتھے ۔

سوال: کیا آپ کبھی غارِ ثورمیں حاضرہوئے ہیں؟

جواب:جبلِ ثورکی زیارت تو کی ہے مگرغارِ ثورمیں حاضری نہیں ہوئی کیونکہ اس کی بلندی بہت زیادہ ہےَ

سوال:جب نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم اورحضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ سفرہجرت میں جب غارِ ثور میں ٹھہرے تھےتو کھا ناکون لے کرآتاتھا؟

جواب:ہجرت کے ایام میں کھانا حضرت اسماءبنتِ ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہا لے کرآتیں اورحضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے غلام حضرت عامربن فہیرہ رضی اللہ عنہ دودھ کے لیے بکریاں یہاں لایاکرتے تھے۔

سوال: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی محبتِ اہلِ بیت کے بارے میں کچھ مدنی پھول عنایت فرمائیں۔

جواب: حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ سچے مُحبِ اہلِ بیت تھے ،ایک مرتبہ آپ کے سامنے اہلِ بیت کا ذکر ہواتو آپ نے فرمایا کہ مجھے قسم ہے! اُس ذات کی جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! رسولِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قرابت داروں یعنی رشتہ داروں کے ساتھ حُسن ِسلوک کرنا مجھے اپنے رشتے داروں سے صلۂ رحمی (حُسنِ سلوک)کرنے سے زیادہ پیارااورپسندیدہ ہے ،آپ کا ایک قول ہے کہ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اِکرام کی وجہ سے اہلِ بیت کا اِکرام کرو۔

سوال: "اَفْضلُ الْبَشربعدَالانبِیَاء"کا کیا معنی ہے ؟

جواب: اس کا معنی ہے کہ تمام نبیوں کے بعد تمام انسانوں میں افضل اوریہ الفاظ حضرت صدیق ِاکبررضی اللہ عنہ کے ساتھ خاص ہیں ۔

سوال: پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم نے حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی مؤاخات(یعنی بھائی چارگی) کس سے فرمائی؟

جواب: مؤاخات کا معنی ہے بھائی بنانا ، حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کی مؤاخات مہاجرین میں حضرت عمرفاروق ِاعظم رضی اللہ عنہ کے ساتھ اورانصارمیں حضرت خارجہ بن زید رضی اللہ عنہ کے سا تھ تھی۔

سوال : بیمارِمدینہ سے کیا مرادہے؟

جواب : جو مدینہ شریف کے عشق میں مست ہووہ بیمارِ مدینہ ہے ،نہ اس میں سردُکھتاہے نہ ہی پیٹ میں دردہوتاہے، مریضِ مصطفیٰ کا تو معاملہ ہی کچھ اورہے،عشق ِرسول کی بیماری وہ بیماری ہے جسے مل جائے اس کا بیڑاپارہوجائے ،اللہ پاک ہمیں دنیا کی بیماریوں اورغموں سے بچالے اوربیمارِمدینہ بنادے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” دُعا مانگنے کے 17 مدنی پھول “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیرِاہلِ ِسُنّت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یارَبَّ المصطفےٰ! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ” دُعا مانگنے کے 17 مدنی پھول “ پڑھ یا سُن لے اُس کی نیک و جائز دعائیں مقبول ہوا کریں اور اُس کی بے حساب مغفرت ہوجائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔ 


اَفضلُ البشر بعدَ الانیباء، یارِ غار و جانثارِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، سالار صحابہ، اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہُ عنہ کے عرس شریف کے موقع پر 14 جنوری 2023ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء رات 8:30 بجے دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت قرآن و نعت مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوگا جبکہ عاشق صحابہ و اہل بیت، بانیٔ دعوت اسلامی شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطاری قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سیرت صدیق اکبر رضی اللہُ عنہ پر گفتگو فرماتے ہوئے عاشقان رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائیں گے۔

مدنی مذاکرے کے آغاز میں جلوس صدیقی جبکہ آخر میں لنگر صدیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ یہ پروگرام مدنی چینل پر براہ راست نشر ہوگا۔

تمام عاشقان رسول سے بھر پور انداز میں شرکت کرنے کی درخواست ہے۔


مسلمانوں کو گناہوں سے بچانےاور نیکیوں سے بھرے لمحات سے نئے سال کا آغاز کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی  ہر سال کی طرح اس سال بھی New year Night کے موقع پر محفلِ نعت و مدنی مذاکرے کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔

31 دسمبر 2022ء بروز ہفتہ کی شب 08:30 بجے (پاکستانی ٹائم کے مطابق)عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کیا جائے گا۔

اس کے بعد مدنی مذاکرے کا سلسلہ ہوگا جس میں بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطارقادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ قرآن و سنت اور بزرگانِ دین کے اقوال کی روشنی میں عاشقانِ رسول کی جانب سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات دینگے۔

12 بجتے ہی درود و سلام کے ساتھ نئے سال کا آغاز کیا جائے گا۔عاشقانِ رسول سے درخواست کی جاتی ہے کہ New year Nightامیرِ اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے ساتھ گزاریں اور نیکیاں کرتے ہوئے نئے سال کا آغاز کریں۔

واضح رہے کہ! اس پروگرام کو مدنی چینل پر بھی براہِ راست نشر کیا جائیگا۔ (رپوٹ:رمضان رضا عطاری)