23 اگست 2025ء بمطابق 29 صفرالمظفر 1447ھ کی شب دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں علمِ دین سے بھرپور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے کثیر عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ ملک کے عاشقانِ رسول نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔

تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے اور ولادتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بارے میں بتایا۔

بعض سوال و جواب:

سوال: چاندنبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے روشنی لئے ہوئے ہے ،کیا ہم اسی لئے جشنِ ولادت کے موقع پر روشنی(چراغاں) کرتے ہیں؟

جواب:یہ بات تودرست ہے کہ چاندنبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے روشنی لئے ہوئے ہے جیساکہ حضرت شاہ عبدالعزیزمحدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے تحریرفرمایا ہے۔بہرحال روشنی کرنا ،لائٹیں لگانا یہ سب خوشی کے اظہارکے طریقے ہیں، جشنِ ولادت میں خوشی کرنا جائز اوربزرگوں،علماوصلحا سے ثابت ہے بلکہ حقیقت یہ کے کہ ہمیں اس موقع پر روشنی کرنا علمائے کرام نے ہی سکھایاہے۔اچھی نیت جس میں دکھاوا، رِیا وغیرہ ذاتی مفاد نہ ہو جائز طریقے سے ضرور روشنی (چراغاں) کیجئے۔اپنی عمارت، گھر، صحن اورگلیوں کو لائٹوں سے سجائیں ،اپنے دل کو توبہ ،نمازوں کی پابندی ،سنتوں پر عمل کرکے سجائیں ،چہرے کو نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سنت ایک مٹھی داڑھی شریف رکھ کرسجائیں ۔سرکو زلفیں رکھ کر اورعمامہ شریف کا تاج پہن کرسجائیں ،بدن کو سنتوں بھرا لباس پہن کرسجائیں ،بدن کا ظاہربھی سجاناہے اورباطن بھی سجانا ہے ۔اس سال ”1500 واں جشنِ ولادت“ اس دُھوم دھام سے منانا ہے کہ شیطان کو کہیں منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے ۔اس کے لئے دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ ہوجائیں۔

سوال:مشاہدہ اورخبرمیں کیافرق ہے ؟

جواب:مشاہدہ یعنی دیکھنا ،خبریعنی بات جو ہم سنتے ہیں ،مشاہدہ خبرسے معتبراورزیادہ قابلِ قبول ہے ۔

سوال:سیدی اعلیٰ حضرت ،امامِ اہلسنت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ اپنے گھروالوں کے ساتھ کیسے تھے ؟

جواب:سیدی اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ ولی اللہ ،مفتیِ اسلام اورمجتہدفی المسائل تھے۔آپ کروڑوں مسلمانوں کے پیشوا ہیں۔علمائے کرام نے انہیں چودہویں صدی کا مجددلکھا ہے، ظاہرہے ان کا گھر میں کردار بھی اعلیٰ تھا ،اس لئے آپ کے بیٹے اور پوتے بھی بڑے بڑے نامور علما بنے ۔آپ کے دونوں صاحبزادے حجۃ ُالاسلام حضرت علامہ حامدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ اورمفتی اعظم ہند مفتی محمد مصطفی رضا خان رحمۃ اللہ علیہ بہت بڑے عالم اور مفتی تھے ۔ میں اعلیٰ حضرت والا ہوں ،مجھے اعلیٰ حضرت والارہنا اورمرنا ہے ،میں مسلکِ اعلیٰ حضرت سے ہٹنے کے لئے کسی قیمت پر تیارنہیں ۔آپ سب بھی ہمیشہ اعلیٰ حضرت والے رہنا ،ان شاء اللہ الکریم دونوں جہاں میں بیڑا پارہوگا۔

سوال: کیا علم کی تعظیم کا بھی کوئی فائدہ ہے ؟

جواب:جی ہاں!علم کی تعظیم کے بہت فوائدہیں ، علامہ شمس حلوانی حنفی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: مجھے جو مقام ملا ہے وہ علم کی تعظیم کی وجہ سے مِلاہے، میں نے کبھی بھی کسی کاغذکو بے وضو ہاتھ نہیں لگایا ۔

سوال:ربیع الاول شریف میں سیرتِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بارے میں کتابیں پڑھنے کا جذبہ کیسے ملے ؟

جواب: دِل میں نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت اُجاگرکریں ،سُستی اُڑائیں اورباوضوہوکر پڑھا کریں ۔آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کا مطالعہ کرنے سےمعلومات میں بے حد اضافہ ہوگا ، جتنی معلومات زیادہ ہوں گی تو اتناہی جذبۂ محبتِ رسول بھی بڑھے گا ۔

سوال:سادگی میں عظمت ہے ،سادگی کس کس میں ہے ؟

جواب:سادگی رہن سہن،لباس ،مکان ،کھانے پینےسب میں ہونی چاہیئے ۔سادگی نہ ہونے کی وجہ سے آج مہنگائی ہے ،اس لئے بزرگوں کاقول ہے کہ جوچیز مہنگی ہوجائے اسے خریدناچھوڑدیں ۔اس کے کئی فوائد ہیں مثلاً سادہ غذاکھانے والا کم بیمارہوتاہے اورمُرغَّن یعنی تیل مصالحہ والی غذاکا عادی زیادہ بیمارہوتاہے۔

سوال: 14 اگست اور 31 دسمبر وغیرہ کی راتوں میں کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:ہمارے ملکِ پاکستان میں 14 اگست اور 31 دسمبر کو بالخصوص رات کے وقت چھت اورسڑکوں پر نہیں آنا چاہیئے، ہوائی فائرنگ سے کوئی نقصان ہوسکتاہے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” اَرْبَعینِ عطاّر (قسط 3) پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک ! جو کوئی 40 صفحات کا رسالہ ”اَرْبَعینِ عطاّر (قسط 3) پڑھ یا سُن لے، اُسے اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جنّت میں پڑوسی بنا۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

16 اگست 2025ء بمطابق 22صفر المظفر 1447ھ کو بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کرچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے اس ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائےجن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب

سوال: ہم ہرسال اللہ پاک کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کا جشنِ ولادت مناتے ہیں، اس مرتبہ 15سواں جشن ِولادت کس طرح منائیں؟

جواب:سارے گناہوں سے توبہ کرکے منائیں ،جونمازوں کی پابندی نہیں کرتے وہ نمازوں کے پابندہوجائیں ۔روزانہ 1500مرتبہ درودشریف پڑھیں ،12 جھنڈے لگاتے تھے تواس سال 15 جھنڈے لگائیں ،لائٹنگ میں اضافہ کردیں ،نفل اعمال میں بھی اضافہ کردیں۔ 12ربیع الاول کوروزہ نہیں رکھتے تھے تو روزہ رکھ لیں ،بلکہ 1ربیع الاول سے 12 تک 12 روزے رکھ لیں ۔شعبہ اصلاح اعمال کے ہاں اس موقع پر 12روزے رکھنا ممتاز،7 روزے رکھیں تو اچھا اور3 رکھیں تو مناسب درجہ ہے ۔اس موقع پردعوت اسلامی کے عاشقانِ رسول کے ساتھ کم ازکم 3دن کے قافلے میں سفرکریں ۔دعوت اسلامی والوں کا 1500 فیضانِ میلاد مساجدبنانے کا ہدف ہے،اس میں حصہ لیں ۔

سوال: مالی صدقہ کرنے کا کیافائدہ ہے ؟

جواب: مالی صدقے کے بھی اپنے فضائل اور فوائد ہیں مثلا صدقہ بَلا کےلیے رکاوٹ بن جاتاہے ۔

سوال: لفظ جہنم کا درست تلفظ کیا ہے ؟

جواب: اس کا درست تلفظ جَہَنَّم ہے یعنی لفظ نون پر زبرہے۔

سوال: کسی سے دوستی کس نیت سے کریں ؟

جواب: دوستی اللہ پاک کی رِضا کے لیے ہونی چاہئے ۔دوست اُسے بنائیں جسے دیکھ کرخدایاد آجائے ۔اس دوستی سے ہماری آخرت کی تیاری کا سامان ہو۔ دوست سےروزروزنہ ملیں ۔اللہ کے لیے دوستی ہوگی تو ثواب ملے گا اوراس کے فوائد بھی ہوں گے ۔کہاگیا ہے کہ دوست تمہارے ساتھ وفا کرے یا نہ کرے تم اس سے وفاکرتے رہو۔دوست کے بارے میں دل بڑارکھنا اوردرگزرکرناچاہئے ،اُس کی زیادتیوں اورغلطیوں کویادرکھیں گے تو خواہ مخواہ دل جلتارہے گا۔

سوال: اعلیٰ حضرت ،امامِ اہلسنت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کیسے تھے؟

جواب: میرے آقااعلیٰ حضرت ولی اللہ ،پرہیز گار،متقی ،عالمِ باعمل ، مفتیِ اسلام ،بہت بڑے عالمِ دین اورنعت گو شاعرتھے ۔

سوال: اسلام نے بیٹی کوکیاعزت دی ہے ؟

جواب: اسلام نے بیٹی کو عظمت بخشی اوراس کا وقاربلندکیا ہے ۔بندہ اللہ پاک کے احکامات کاپابندہوتاہے ،بیٹاملے یا بیٹی ملے یا بے اولاد رہے، ہرحالت میں اسے راضی بارضا رہناچاہئے ۔ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی خدمت میں آپ کی پیاری بیٹی سیدہ خاتونِ جنت حضرت فاطمۃ الزہرارضی اللہ عنہا حاضرہوتیں تو آپ کھڑے ہوکران کی طرف متوجہ ہوجاتے ،پھراپنے پیارے پیارے ہاتھ میں ان کا ہاتھ لے کر بوسہ دیتے ،پھرانہیں اپنے بیٹھنے کی جگہ پر بٹھاتے ،اسی طرح جب آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ان کےہاں تشریف لے جاتے تو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہابھی اسی طرح کرتیں ۔بیٹی بھی اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے ۔ بیٹی بھی اچھی اوربیٹا بھی اچھا ہے مگربیٹی فرسٹ(1st) ہے ۔نبیِ کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہاں بیٹوں سے پہلے بیٹی تشریف لائیں تھیں۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی 25 باتیں ایک عاشق کے قلم سے “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیراہلسنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک! جو کوئی 28 صفحات کا رسالہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کی 25 باتیں ایک عاشق کے قلم سے“ پڑھ یا سُن لے، اُسے مسلکِ اعلیٰ حضرت پر استقامت عطا فرما کر اُس کا خاتمہ بِالخیر فرما اور اُسے ماں باپ سمیت بےحساب بخش دے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


14 اگست 1947ء کا دن پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ یہ وہ دن ہے جب لاکھوں قربانیوں، جدوجہد، عزم اور ایمان کے نتیجے میں ایک آزاد مملکت وجود میں آئی۔ یہ دن ہمیں تحریکِ آزادی کے تمام علماء، رہنماؤں اور مسلمانوں کی انتھک محنت و قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی تبدیلی نہ تھا بلکہ یہ ایک نظریئے کی جیت تھی۔ ایک ایسا نظریہ جو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے اپنی تہذیب، ثقافت، مذہب اور اقدار کے مطابق زندگی گزارنے کا حق مانگتا تھا۔ لاکھوں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر، جان و مال کی قربانی دے کر اس پاک دھرتی تک پہنچے۔

یومِ آزادی نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ یہ ہمارے لیے تجدیدِ عہد کا موقع بھی ہے کہ ہم اس وطن کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے پاکستان میں ناانصافی،بے حیائی، بُرے کاموں اور نفرت سے پاک کر کے امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنانا ہے۔

13 اگست 2025ء بروز بدھ رات 9:30 پر انتہائی منظم اور ملّی جوش و خروش کے ساتھ 78 واں یومِ آزادی منانے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعو تِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مدنی مذاکرہ“ منعقد ہونے جارہا ہے۔

خوشی کے اس موقع پر محبِّ وطن شخصیت شیخ طریقت امیر اہلسنت بانی دعوت ِاسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مہذب انداز میں یومِ آزادی منانے، اللہ پاک کی اس نعمت کا شکر ادا کرنے، امن و محبت کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہنے، گناہوں سے نفرت اور نیکیوں بھری زندگی گزارنے اور ایک اچھا سچا پاکستانی مسلمان بننے کے حوالے سے عاشقانِ رسول کی تربیت فرمائیں گے۔اس موقع پر عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر بھی براہِ راست نشر کیاجائے گا۔

عاشقانِ رسول منظم انداز میں یوم آزادی منانے کے لئے اس مدنی مذاکرے میں ضرور بالضرور شرکت کریں۔


اپنی اصلاح کرنے اور شریعتِ مطہرہ کی تعلیمات سے آگاہی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ علمِ دین کی مجلس میں بیٹھنا ہے جہاں لوگوں کی دینی و اخلاقی تربیت کی جاتی ہے۔

اسی سلسلے میں 2 اگست 2025ء بمطابق 8 صفر المظفر 1447ھ کو بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کرچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے اس ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائےجن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: 7 صفر شریف کون سی عظیم ہستیوں کایوم عرس ہے ؟

جواب: صحابی ابن صحابی حضرت عماربن یاسررضی اللہ عنہما،شیخ الاسلام حضرت بہاؤالدین زکریاملتانی اورپیرپٹھان حضرت خواجہ سلیمان تونسوی رحمۃ اللہ علیہما۔

سوال:شجرکاری کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:شجرکاری کی بہت اہمیت ہے ۔بہت سارے درخت روزانہ کاٹے جاتے ہیں ،لگائے نہیں جاتے جس کی وجہ سے ہوا میں آلودگی زیادہ ہوتی جارہی ہے ۔اس لئے ہمیں بھی درخت لگانے چاہئیں ۔

سوال : شادی میں ولیمہ اوردیگردعوت کس طرح ہونی چاہیئے ؟

جواب : شادی میں عاشقانِ رسول علمائے کرام کوبھی بلایاجائے، کم ازکم ایک تو ضرور ہوں ۔ان کی برکتیں لی جائیں، انہیں اور سادات ِکرام کو اچھی جگہ بٹھائیں ۔غریبوں کوبھی مان دیں ۔فخروتفاخر اوردکھاوامثلاً فلاں نے اتنی ڈشیں د ی ہیں تو میں اس سے بڑھ کر اتنی دوں گا وغیرہ شامل نہ ہونے دیں ۔شادی میں شریعت کے خلاف کوئی کام نہ کیا جائے ۔آج کل کئی خرابیاں شادیوں میں آگئی ہیں، شایداسی وجہ سے شادی کے بعد گھروں میں لڑائیاں ہوتی ہیں ۔

سوال : نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا سب سے بڑاولیمہ کون ساہوا؟

جواب : آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا سب سے بڑاولیمہ وہ ہوا جس میں ایک بکر ی ذبح کی گئی ۔(سنن ابن ماجہ ،حدیث: 1908)

سوال: مؤمن وعدہ کرتے وقت ،چھینک اورجماہی کے وقت کیا پڑھتاہے؟

جواب: مومن وعدہ کرتے ہوئے اِن شآء اللہ ،چھینک کے وقت اَلْحَمْدُلِلّٰہ اورجماہی کے وقت لَاحَوْلَ وَلاقُوَّۃَ اِلاباللہ کہتاہے ۔

سوال: بعض بچے گھر کا کھانا نہیں کھاتے، اس کا کیا حل ہے ؟

جواب: بچے کو میٹھی گولیاں ،چاکلیٹ ،چپس وغیرہ کھانے سے بچائیں گے تووہ گھرکا کھانا،کھاناشروع کردے گا ۔ورنہ ان چیزوں کےکھانے سے بھوک ختم ہوجاتی ہے ۔ان چیزوں کے کھانے سے صحت بھی خراب ہوتی ہے۔

سوال:کینسرکی کیاوجہ ہے ؟

جواب: ایک ڈاکٹرنے بتایا تھا کہ سبزیوں اورپھلوں میں کیمیکل کھاد کے استعمال کی وجہ سے کینسر ہوتاہے ۔

سوال: کیا کھانے پینے میں بے احتیاطی کی وجہ سے امراض ہوتے ہیں ؟

جواب: 80%امراض کھانےکی وجہ سے ہوتے ہیں ۔جیسے زیادہ میٹھا کھانے سے شوگر،زیادہ تیل گھی کھانے سےکولیسٹرول ،زیادہ کھانے سے پیٹ کے امراض وغیرہ ہوتے ہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نور العرفان سے 95 مدنی پھول (قسط: 6) “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا اللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ: ”تفسیر نور العرفان سے 95 مدنی پھول (قسط: 6) “پڑھ یا سُن لے ،اُسے قراٰنِ کریم کی تعلیمات پر عمل کی توفیق دے اور اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت جنّت الفردوس میں بےحساب داخلہ نصیب فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں بروز ہفتہ کی شب یکم صفر المظفر 1447ھ بمطابق 26 جولائی  2025ء کو دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مبارک اجتماع میں کراچی کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے براہِ راست شرکت کی جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں اسلامی بھائیوں نے مدنی چینل کے ذریعے آن لائن شریک ہوئے۔

اس موقع پر بانیِ دعوتِ اسلامی، شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے حاضرین و ناظرین کے سوالات کے جوابات دیئے۔ آپ نے نہ صرف شرعی و دینی مسائل کی وضاحت کی بلکہ اخلاقی، تنظیمی اور معاشرتی موضوعات پر بھی قیمتی نصیحتیں فرمائیں جو سننے والوں کے لیے مشعلِ راہ بنیں۔

مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب

سوال: کہا جاتاہے کہ بُرےوقت کندھے پرہاتھ رکھنا خوشی کے وقت تالیوں سے زیادہ قیمتی ہوتاہے ؟ اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: یہ حقیقت ہےکہ کسی کی خوشی میں ساتھ نہ دیں تو اتنا مسئلہ نہیں ہوتا،جوہمارے غم میں شریک نہ ہووہ زیادہ یادرہتاہے ،ہوسکتاہے آپ کو بھی تجربہ ہو۔دُکھ کے وقت کندھے پر ہاتھ رکھنا بڑاکارآمدہوتاہے ۔اس میں خوشی کے وقت تالیاں بجانا کہا گیا ہے ،کسی کی خوشی میں تو شامل ہونا چاہئے مگرتالیاں بجانے کی ہرگزاجازت نہیں ۔

سوال:خواب میں مدینہ کیسے دیکھیں ؟

جواب:دُرود وسلام کی کثرت کریں ،مدینۂ منورہ یادکرتےر ہیں ،جلدہی خواب میں مدینہ ٔپاک پہنچ جائیں گے ۔ان شاء اللہ الکریم ۔جن چیزوں کا ذہن میں خیال آتارہتاہے بعض اوقات وہ خواب میں بھی آجاتی ہیں ۔خواب میں دیکھنے کے بعد اللہ پاک چاہے گا تو حقیقت میں بھی مدینہ شریف پہنچ جائیں گے ۔ اس کے لیے دعا بھی کرتے رہیں اور اسباب بھی اختیارکریں ،رقم جمع کریں ،ویزہ لگوائیں اورمدینے پہنچ جائیں ۔

سوال: کوئی سوشل میڈیا میں زیادہ مشہورہوجائے اور اس کے لائیکس زیادہ ہوں تو اسے دیکھ کر اپنے آپ کوکمترسمجھنا یا اس کی ترقی دیکھ کرجلنا کیسا؟

جواب : اس پر دل جلاناتو کھوٹا(بُرا)ہے ،کسی کی سوشل میڈیا کی ترقی بعض اوقات جھوٹ بولنے اورزیادہ ایکٹنگ (Acting) کی وجہ سے ہوتی ہےاوریہ ترقی بلبلے کی طرح ہے ۔بعضوں کی ختم بھی ہوجاتی ہے۔ اس پر دل نہ جلایا جائے،اصل کامیابی توآخرت کی کامیابی ہے ،ہاں کسی نیک شخص کو دیکھ کر کُڑھنا چاہئےکہ میں نیک نہ بن سکا،اپنے عمل میں بہتری لانے کی سوچ اچھی ہے ۔

سوال: 15سویں جشن ِولادت کی تیاری کیسےکریں؟

جواب: مسجددرس /چوک درس اوردیگردینی کاموں میں 15فیصد اضافہ کریں ۔فرسٹ(1) ربیع الاول سے 12ربیع الاول تک بلکہ پورےماہ ِربیع الاول میں روزانہ 15سومرتبہ درودپاک پڑھیں ۔کاروباری حضرات ربیع الاول میں چاندرات سے 12 ربیع الاول تک ساداتِ کرام کو 50فیصدڈسکاؤنٹ دیں ،اتنا نہ دے سکیں تو حسب ِ توفیق دے دیں ،غریبوں کو 25% ڈسکاؤنٹ دیں، باقی ہرایک کو 15% ڈسکاؤنٹ دیں ۔حفاظ ابھی سے قرآن پاک پڑھنا شروع کریں اور12 ربیع الاول تک15قرآن پاک ختم کرکے پیارے آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم کو ایصالِ ثواب کریں ۔اسی طرح 12 ربیع الاول تک 15سونوافل اداکرلیں ۔15غریبوں کو راشن دلادیں ، وغیرہ

سوال: ماہِ صفر میں کتنی مرتبہ سورہ اخلاص پڑھیں ؟

جواب: سیدی اعلیٰ حضرت،امامِ اہلسنت مولانا شاہ امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے یومِ عرس 25صفرکی نسبت سے ماہِ صفرمیں روزانہ 25مرتبہ سورہ اخلاص پڑھیں اوراس کی کارکردگی شعبہ اصلاحِ اعمال کے ذمہ دارکو جمع کروائیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”شکر کی برکتیں“ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربِّ کریم! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”شکر کی برکتیں“ پڑھ یا سن لے اُسے ہر حال میں صبر و شکر کرنےوالا بنا اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔


دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر ہفتہ ہونے والا مدنی مذاکرہ آج بروز ہفتہ، یکم صفرالمظفر 1447ھ مطابق 26 جولائی 2025ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔ اس مدنی مذاکرے کا آغاز ان شاء اللہ رات 09:45 بجے ہوگا۔

مدنی مذاکرے میں بانی دعوتِ اسلامی، شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ خصوصی شرکت فرمائیں گے۔ اس روحانی اجتماع میں دینی و اصلاحی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی نیز شرکا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیے جائیں گے۔

عاشقان رسول سے مدنی مذاکرے میں شرکت کی درخواست ہے۔


10 محرم الحرام  1447ھ بمطابق 5 جولائی 2025ء کی شب دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا گیا جس میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے محرم الحرام کی مناسبت سے مدنی پھول ارشاد فرمائے اور مدنی مذاکرے میں شریک کثیر عاشقانِ رسول کی دینی، اخلاقی و تنظیمی اعتبار سےتربیت کی۔

مدنی مذاکرے میں ہونے والے بعض سوال و جواب:

سوال:محبتِ حسین رضی اللہ عنہ کا اظہار عملی طورپر کس طرح ہونا چاہیئے ؟

جواب:امام حسین رضی اللہ عنہ کا ذکرِ خیر کرنا کارِ ثواب ہے، اس کے ساتھ ساتھ اپنے کردار پر بھی نظر رکھنی چاہیئے۔جب ضرورت پڑی تو امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق کی خاطراپنے بال بچے ،مال اور اہل وعیال کو قربان کردیا ۔یہی جذبات ہمارے بھی ہونے چاہئیں ۔یہ مشہورہے اورسب جانتے ہیں کہ امام حسین رضی اللہ عنہ نے ظہر کی نمازکے لئے اپنا سر سجدے میں رکھ دیاتھا اور اسی حالت میں آپ نے جامِ شہادت نوش کیاتھا ۔گویا آپ نے پیغام دیاکہ یہ سر اللہ پاک کی بارگاہ میں جھکاہے باطل کے آگے نہیں جھکا۔ہمیں بھی نمازوں کی پابندی کرنی چاہیئے ۔آپ نے تلواروں کے سائے میں بھی نماز ادا کی اورہم پنکھوں بلکہ ACکے ہوتے ہوئے بھی نمازنہ پڑھ پائیں ! امام حسین رضی اللہ عنہ نے حق اورسچ کا ساتھ دیا، ہمیں بھی ہمیشہ حق اورسچ کا ساتھ دینا ہے ۔آپ نے اس آزمائش پر صبر کیا ،ہمیں کسی تکلیف و مصیبت کا سامنا ہوتو ہم بھی صبرکریں ۔صبر کا حکم اوردرس تو قرآنِ پاک میں دیا گیا ہے ۔مصیبت پر صبرکریں گے تو صابرین کے لئے جنت کی خوشخبری ہے ۔

سوال:اہلبیت سے محبت کرنے والوں کے لئے کیا خوشخبری ہے۔

جواب:اہلبیت سے محبت کرنے والوں کے لئے شفاعتِ مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خوشخبری ہے ،اولاد کو نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور اہلبیت ِاطہارکی محبت سکھانے کا حکم دیا گیا ہے۔الحمدللہ !ہم سُنّیوں میں محبتِ اہلبیت بہت ہوتی ہے ۔جب مَیں اتناچھوٹاتھا کہ امام حسین کا نام لینا نہیں آتاتھا ،اس وقت بھی اس بات کو سمجھتاتھا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ بہت بڑی ہستی ہیں ۔میری بڑی بہن کا نام خدیجہ، دوسری بہن کانام فاطمہ اورتیسری کا نام زہرا تھا۔مَیں یہ کہہ سکتاہوں کہ مَیں نے اپنےخاندان میں اہلبیت وساداتِ کرام کا تذکرہ اورمحبت بچپن سےدیکھی سُنی ہے ۔دعوتِ اسلامی کی بات کی جائے تو بچے بچے کو اہلبیت اورسادات سے محبت کرتا پائیں گے ۔یہاں سادات کااتنا ادب سکھایا جاتاہے کہ سید صاحبان دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں ۔اہلبیت وسادات سے محبت ہی کرنی ہے جوان کا گستاخ ہے اس کی بات سننی ہی نہیں ،سنیں گے تو وسوسے آئیں گے، صرف عاشقانِ رسول اورمحبت ِاہلبیت وصحابہ رکھنے والوں کی بات سنیں ۔اللہ پاک ہمیں ان کی بے ادبی سے بچائے اورہماری نسلوں میں بھی صحابہ واہلبیت کے بے ادب کو پیدانہ کرے ۔فرمانِ نانائے حسین (صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ):جو اہلبیت سے بغض رکھے وہ منافق ہے ۔(الصواق المحرقہ ،ص 216)

سوال : شہادت کے وقت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عمر مبارک کتنی تھی؟

جواب : 56سال 5ماہ 5دن۔

سوال: کیا عاشورا(10 محرم)کا روزہ رکھنا سنت ہے ؟

جواب: جی ہاں!یہ بڑا مبارک دن ہے ۔اس میں نیکیاں کرنے کا ثواب بھی زیادہ ہے ،جوعاشوراکا روزہ رکھے ،اس کے لئے خوشخبری ہے کہ ایک سال کے صغیرہ گناہ معاف ہوجاتے ہیں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”شانِ حسنینِ کریمین مع عاشورا کے فضائل “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک !جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”شانِ حسنینِ کریمین مع عاشورا کے فضائل“ پڑھ یا سُن لے، اُسے صحابہ و اہلبیت کا دیوانہ بنا اور اُسے ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب جنت الفردوس میں داخل فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبییین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

کراچی (28 جون 2025ء)- دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 28 جون 2025ء بمطابق 3 محرم الحرام 1447ھ کی شب ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی شہر کے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ دیگر شہروں اور دیگر ممالک کے اسلامی بھائیوں نے مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ناظرین و حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے نیز دینی، اخلاقی، تنظیمی، شرعی اور معاشرتی حوالے سے اُن کی رہنمائی کی جس سے شرکا کو اپنی زندگی کو مزید بہتر بنانے اور معاشرتی فضا کو پاکیزہ بنانے میں مدد ملی۔

بعض سوالات کے جوابات:

سوال: مختلف ویڈیوزدیکھتے رہنا کیسا؟

جواب:ویڈیوز مختلف قسم کی ہوتی ہیں، اچھی، بُری اورفضول وغیرہ ۔دعوتِ اسلامی کی ویڈیوز اچھی ہی ہوتی ہیں انہیں دیکھا جائے۔گنا ہ بھری ویڈیو سے بچنا توبہت ضروری ہے اورفضول سے بھی بچا جائے۔ نیک لوگوں کے اوصاف میں ہے کہ وہ اپنے آپ کو لہو و باطل یعنی غلط باتوں اورکھیل کُود میں ملوث نہیں ہونے دیتے،ایسی مجالس اور کاموں سے منہ پھیرے رہتے ہیں۔رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : مِنْ حُسْنِ اِسْلامِ الْمَرْءِ تَرْکُہُ مَالَایَعْنِیْہِ یعنی کسی شخص کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ بے کار باتیں چھوڑ دے۔(مسند امام احمد ،ج3،ص259،حدیث: 1737)نجات دلانے والے کاموں، ذکر و اذکار میں مصروف رہیں تاکہ فضول کاموں میں نہ پڑیں ۔بندہ اللہ پاک کی رضاکے کام کرے اورکرتا جائے ۔

سوال:درودشریف وغیرہ پڑھ کر اگرکسی کو ثواب مِلک کردیاجائے تو کیا وہ مرحومین کو ایصال کرسکتاہے ؟

جواب:جی ہاں !جب کوئی کہے میں نے فلاں نیکی کا ثواب آپ کےمِلک کیا تو اب ’’قبول کیا‘‘کہنے کی حاجت نہیں کیونکہ مِلک کرتےہی دوسرے کو ثواب مِلک ہوجاتاہے ۔

سوال:امیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بوڑھوں کے بارے میں کیا فرمایا؟

جواب:یہ میری برادری ہے ۔ عام طورپر بیماری وغیرہ کی وجہ سے بوڑھے دکھی ہوتے ہیں، انہیں خوشیاں دینی چاہئیں، ہم انہیں خوشیاں دیں گے تو ہمیں بھی خوشیاں ملیں گی۔اولادکو چاہیئے کہ ہزار کام چھوڑ کر اپنے بوڑھے ماں باپ کا کا م کردیا کریں ۔یہ بھی تو کام ہے، جنت کاانعام ہے کہ ان کا کام کر کے جنت کے انعامات حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔بزرگوں کوسکون دیں گے تو خود بھی سکون پائیں گے۔جو بوڑھوں کی عزت کرتاہے، جب یہ خود بوڑھاہوگا تو اللہ پاک ایسے لوگ پیدافرمائے گا جو اس کی عزت کریں گے۔اس میں ایک اوربھی بشارت ہے کہ اس عزت کرنے والے اور خدمت کرنے والے کی اپنی عمر بھی لمبی ہوگی۔بزرگوں سے دعائیں لیں۔ اگریہ کوئی سخت کلمات کہہ دیں(انہیں نہیں کہنا چاہیئے ) تو صبر کریں اور جواب نہ دیں۔تمام بزرگ بھی برف کی طرح ٹھنڈے ہو جائیں ۔مزاج کے خلاف بات ہوجائے اورغصہ آجائے توصبر کریں اور کچھ نہ بولیں۔ ورنہ نہ بولنے والے بول دیں گے۔تِرمِذی شریف میں ہے :مَنْ صَمَتَ نَجَا یعنی جوچُپ رہا اُس نے نَجات پائی۔(سنن الترمذی،۴ /225 ، حدیث: 2509)اور یہ مُحاوَرہ بھی خُوب ہے:ایک چُپ سو کوہَرائے ۔

سوال:کاروبار اوردیگرکام کرنے والوں کے لئے کیا سیکھناضروری ہے ؟

جواب:کاروبار اور کام کرنے والوں کو چاہیئے کہ اپنے کاروبار اور کام کے بارے میں ضروری علمِ دین حاصل کریں تاکہ گناہ وحرام میں نہ پڑجائیں۔اللہ پاک پر توکل وکامل بھروسہ کریں ،جوقسمت میں لکھا ہے وہ مل کررہے گا۔لوگ کہتے ہیں میری روزی بندہوگئی ہے یہ نہیں کہنا چاہیئے کیونکہ جس کی روزی بندہوجائے وہ قبرستان چلا جاتاہے جو زندہ ہے اس کی روزی کبھی بندنہیں ہوتی۔

سوال:وضو میں مسواک کرنے کا کیا فائدہ ہے ؟

جواب:مسواک کرکے نماز پڑھنا 70 نمازوں کے برابرہے ۔ جن کو مسواک کی عادت ہوگی ان شاء اللہ الکریم ان کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔ رسالہ ”مسواک شریف کے فضائل “پڑھیں ۔

سوال:بزرگوں کا مدنی چینل کب شروع ہوا،پہلا کون ساپروگرام تھا اور روزانہ اس کی ٹرانسمیشن کب ہوتی ہے ؟

جواب:بزرگوں کا مدنی چینل 1 محرم شریف 1446ھ کوشروع ہوا۔پہلاپروگرام حضرت عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے بارے میں تھا ۔ روزانہ اس کی ٹرانسمیشن صبح 10 تا 12 بجے ہوتی ہے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” چھینک کے آداب “ پڑھنے یاسُننے والوں کو امیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یاربّ کریم! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”چھینک کے آداب“ پڑھ یا سُن لے ،اُسےاپنی رضا پر راضی رہنے کی سعادت دے اور ماں باپ سمیت اس کی بے حساب مغفرت فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

21 جون 2025ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک عظیم الشان مدنی مذاکرہ منعقد ہوا  جس میں ملک سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے عاشقانِ رسول نے براہِ راست اور مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس بابرکت محفل میں عاشقانِ رسول کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے دینی، اخلاقی، تنظیمی اور شرعی مسائل پر اُن کی رہنمائی کی۔

مذاکرے کا باقاعدہ آغاز نمازِ عشا کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کے بعد نعت خوانی اور منقبت کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

مدنی مذاکرے کے بعض سوال و جواب:

سوال: ایک دوسرے سے حسد کیوں کیا جاتاہے اور اس کاعلاج کیا ہے ؟

جواب: علم کی کمی اوراچھی صحبت نہ ملنے کی وجہ سے حسدوغیرہ کے مسائل ہوتے ہیں ۔ آج کل اچھی سمجھی جانے والی صحبت بھی اچھی نہیں ہوتی ایسی صحبت سے بہترہے کہ اچھی کتابیں پڑھی جائیں، ایسے عاشقانِ رسول کی صحبت میں رہا جائے جو علم بھی رکھتے ہوں ۔ کتاب ”غیبت کی تباہ کاریاں“ توجہ سے پڑھیں ،باربارپڑھیں اورسنجیدگی سے عمل کی کوشش کریں ۔جو بات سمجھ نہ آئے دارالافتاء اہلسنت کے مفتیانِ کرام سے سمجھ لیں ۔ حسدکرنے والابُرابندہ ہوتاہے ۔وہ اللہ پاک کی تقسیم پر راضی نہیں ہوتا۔کسی کو عزت اوردیگرنعمتیں ملی ہیں تو اللہ پاک نے دی ہیں۔حسدیہ ہوتاہے کہ کسی کی نعمت دیکھ کر یہ تمنا کرنا کہ اس سے یہ نعمت ضائع ہوجائے۔حسد سے بچو، حسدنیکیوں کو اس طرح کھا جاتاہے جس طرح آگ لکڑی کو۔حسد سے دیگر گناہ پیدا ہوتے ہیں ( مثلاًتہمت لگانا وغیرہ) ۔بندہ ایک گناہ کرنے سے دیگر گناہوں میں پڑجاتاہے ۔نیک صورت اورعمامہ وداڑھی والابھی علمِ دین نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کی بھُول کرجاتاہے ،بعض لوگوں کو علم اورمعلومات ہوتی ہیں مگرشامتِ نفس کی وجہ سے ان بُرائیوں میں پڑجاتے ہیں ۔اللہ پاک جس کو بچائے۔بعض مرتبہ بندہ سمجھ رہا ہوتاہے کہ میں اچھے کام کررہاہوں مگر وہ حسد وغیرہ بُرے کاموں میں بھی مبتلاہوتاہے اوراسے پتاہی نہیں ہوتا حالانکہ یہ چیزیں اس کی ہلاکت اورجہنم میں جھونکنے کے لئے کافی ہیں ۔ظاہر بھی اچھا ہونا چاہیئے اورباطن بھی اچھا۔شیطان کے بہکاوے میں نہ آئیں کہ پہلے باطن کو سُدھارلوں پھر ظاہرسُدھاروں گا بلکہ دونوں کو سُدھارتے رہیں ۔قافلوں میں سفرکریں ،رسالہ نیک اعمال پر عمل کریں ،کسی کے عیب نہ دیکھیں بلکہ اپنے عیبوں پر نظررکھیں ۔

سوال:مختلف بزرگوں کے اوراد و وظائف پڑھناکیسا؟

جواب:اپنے پیرصاحب کے شجرے کے مختصراورادپڑھنے چاہئیں بشرطیکہ مخارج بھی درست ہوں ۔بہت زیادہ وظائف پڑھنے سے مسائل ہوسکتے ہیں ۔ اس لئے ہم زیادہ وظائف نہیں بتاتے بلکہ سنتوں پر عمل کرنے اوردرود و سلام پڑھنے کی ترغیب دلاتے ہیں۔

سوال:جو نشے کا عادی ہواورنشہ چھوڑنے کا ذہن بھی ہومگراس دوران مشکلات آنے کی وجہ سےنشہ نہ چھوڑپارہاہو ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:نشہ حرام ہے،نشہ وہ ہوتاہے جس کے استعمال سے عقل میں فتور آئے ۔نشہ چھوڑنے کاذہن بنانے کے لئے اس کے عذابات پرنظررکھے کہ مَیں نشہ کروں گا تو اللہ پاک مجھ سے ناراض ہو گا اور مجھے جہنم میں ڈال دے گا،مَیں جہنم کا عذاب برداشت نہ کرسکوں گا ۔ایسابندہ توبہ بھی کرےاورعلاج بھی کروائے ۔جس چیز کی عادت ہوجاتی ہے تو اسےچھوڑنے میں تکلیف تو ہوتی ہے، مگرچھوڑنا توہوگا ۔اس کے لئے وہ سنجیدہ ہوجائے ۔ اللہ پاک سے دُعابھی کرے ۔

سوال: کیا حکیم اورڈاکٹر کی روزی میں برکت کی دعاکرسکتے ہیں ؟

جواب: کرسکتے ہیں بلکہ کرنی چاہیئے ۔ضروری تو نہیں کہ مریض چیک اپ کروانے کے لئے آئیں گے تو ہی رزق میں برکت ہوگی۔ آمدن کے اور بھی ذرائع ہوتے ہیں ۔

سوال:امام مسجدکے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:باعمل اورملنسار امام مسجد اپنے علاقے کا بے تاج بادشاہ ہوتاہے ۔

سوال:ایک ماہ کے قافلے میں دل لگے، اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:قافلے میں سفرکرنا سعادت اور خوش نصیبی کی بات ہے ،سفرکرنے سے خوفِ خدا اورعشقِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم میں اضافہ ہوگا۔اس میں دل لگانا چاہیئے۔

سوال : بیوی ،بیٹی اوربہن کا نام غیرمردوں میں لینا کیسا؟

جواب : حیاجتنی زیادہ ہواُتنی ہی اچھی ہے ،حیاعورت کا زیورہے ۔اپنی بیوی ،بیٹی اوربہن کا نام غیرمردوں میں نہ لیاجائے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) پڑھنے یاسُننے والوں کو امیراہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”تفسیر نورُ العرفان سے 105 مدنی پھول(قسط 05) پڑھ یا سُن لے، اُسے قرآنِ کریم کی تلاوت کا شوق عطا فرما اور اس کو ماں باپ اور خاندان سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 14 جون 2025ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوا جس میں شہر کراچی کے عاشقانِ رسول براہِ راست جبکہ ملک و بیرونِ ملک ہزاروں عاشقانِ رسول مدنی چینل کے ذریعے شریک ہوئے۔ مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے دینی و معاشرتی سوالات کئے گئے جن کے امیر اہلسنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال: حکیم ترمذی کامزارکہاں ہے ؟انہیں علم کی دولت کیسے حاصل ہوئی؟

جواب: عارف بِاللہ حکیم محمدبن علی ترمذی کا مزارترمذ،ازبکستان میں ہے ۔یہ علم حاصل کرنے کے لیے جانے لگے تو بوڑھی ماں نے کہاکہ میری خدمت کون کرے گا؟آپ رک گئے اوران کی خدمت میں مصروف ہوگئے ۔اللہ پاک نے ماں کی خدمت کی برکت سے انہیں علم کی دولت عطافرمادی ۔

سوال:اپنی والدہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب: ماں باپ کی خدمت اوران کا راضی ہونا بہت بڑی سعادت ہے ۔میری ماں بھی آخری وقت مجھ سے خوش تھیں۔آخری رات خلافِ معمول مجھے کہاکہ اپنے ہاتھ میرے نزدیک کروکہ میں اِسے چُوموں۔میں نے بڑھ کر اِن کے ہاتھ چُوم لئے ،پھر انہوں نے میرے ہاتھ بھی چُوم لئے ۔

سوال: آپ کے والدِ محترم کیسے تھے؟

جواب: میرے والدصاحب حاجی عبدالرحمٰن قادِری مذہبی آدمی تھے ،پوری داڑھی شریف تھی۔حج کے لیےگئے اورحج کے بعد جدہ (عرب شریف) میں لُولگنے سے وفات پاگئے ۔قصیدہ غوثیہ پڑھا کرتے تھے ۔جب قصیدہ غوثیہ پڑھتے تو چارپائی بلندہوجایا کرتی تھی۔ بھولے بھالے تھے۔نگائیں جھکا کرچلاکرتے تھے ۔

سوال: کیاہرایک سے حُسنِ اَخلاق سے پیش آنا چاہئے؟

جواب:جی ہاں! ایک آدمی کی اِصلاح گویا پورے خاندان کی اِصلاح ہے ۔اس لیے ایک ایک کوراضی رکھنا چاہئے، کسی سے بےرُخی اوربداخلاقی نہ کی جائے تاکہ کوئی ہم سے بچھڑکر کہیں اورنہ نکل جائے کیونکہ آجکل طرح طرح کے فتنے ہیں ۔

سوال: گوشت کھانے کے بعدکولڈ ڈرنک پی جاتی ہے ،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب: کولڈ ڈرنک(ٹھنڈی بوتل) مجموعی طورپرصحت ومعدے کے لیے نقصان دہ ہے ۔ان کا استعمال شوگرکا مرض پیداکرتاہے ،وزن بڑھاتاہے ۔ان میں چینی کی مقداربہت زیادہ ہوتی ہے جس سے جسم میں چربی چڑھتی ہے ، ان کے استعمال سے پیشاب میں شوگرآنا شروع ہوجاتی ہے ۔ان میں موجودمٹھاس اورتیزابیت سے دانتوں کو نقصان پہنچتاہے ،ان کے استعمال سے کیلشیم جسم سے خارج ہوناشروع ہوجاتا ہے جس سے ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں ۔ ان کی جگہ بغیر نمک اوربغیرچینی کے کچی لسی یا لیموں پانی استعمال کیا جائے ۔

سوال: زیادہ نمک کے استعمال کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب : نمک زیادہ استعمال کریں گے تو گُردوں کو زیادہ محنت کرنا پڑے گی ،یہ فیل بھی ہوسکتے ہیں ۔تربوز،کھیرے وغیرہ کھاتے ہوئے نمک استعمال نہ کرنا مناسب ہے ۔ Pink Salt (لاہوری نمک)استعمال کرنا چاہئے ۔کالانمک بھی مفیدہے ۔عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لیے اپنی صحت کا خیال رکھیں گے تواس سے بڑھاپے میں بھی آسانی ہوگی ۔

سوال: چینی کے استعمال کے بارے میں کچھ ارشادفرمادیں ۔

جواب: سفیدچینی(White Sugar) کا استعمال بہت زیادہ ہے ۔دیسی گُڑاستعمال کیا جائے ۔میں حتی الامکان چینی سے بچتاہوں ۔دعوت اسلامی کے تمام مدارس المدینہ اورجامعۃ المدینہ میں چینی کی جگہ دیسی گُڑ استعمال کیا جائے ۔

سوال: اس مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کن کے ایصالِ ثواب کے لیے نیاز کرنے کی ترغیب ارشاد فرمائی؟

جواب: مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ، امیرالمؤمنین حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کے ایصالِ ثواب کی۔ان کا یوم شہادت 18ذی الحج شریف ہے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” باپ کی عظمت وشان “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک!جو کوئی رسالہ ”باپ کی عظمت وشان“ کے 22 صفحات پڑھ یا سُن لے، اُس کے ماں باپ اس سے ہمیشہ راضی رہیں اور وہ والدین کو ساتھ لئے بے حساب جنت الفردوس میں داخل ہونے کی سعادت پائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم


محبتِ رسول اور اسلامی تعلیمات کو عام  کرنے کے لئے مئی 2025ء کی 31 تاریخ کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقانِ رسول نے بھرپور شرکت کی۔ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل کے ذریعے دنیا بھر کے عاشقانِ رسول میں نشر کیا گیا۔

اس موقع پر شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال:بعض اوقات بقر عید کے موقع پر ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ جاتی ہیں، اس صورت میں کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں؟۔

جواب:٭جب گھرسے نکلیں تو11بار یَاحَفِیْظُ ،11بار یَاسَلَامُ پڑھ لیا کریں ، اس کی ہمیشہ عادت بنا لیں٭رقم(Cash) ساتھ لے جانے کے بجائے دیگرذرائع(Online Paymentوغیرہ) سے ادائیگی کر دیں ٭ مویشی منڈی اکیلےجانے کے بجائے کچھ افرادساتھ لے جائیں٭رات کے بجائے دن میں خریداری کریں٭ ویران راستہ اختیارکرنے کے بجائے پُررونق راستے سے جائیں جہاں لوگوں کی چہل پہل زیادہ ہو، اگرچہ راستہ لمبا اور وقت بھی زیادہ لگتاہو۔

سوال:چوروں،ڈاکوؤں کوبھی سمجھائیں کہ وہ ان کاموں سےبازآئیں ۔

جواب:یہ نادان بہت بڑی بھُول کرتے ہیں ،یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح مال حاصل کرکے ہم مزے کریں گے ۔یہ مزے صرف چاردن کے ہیں ،”چاردن کی چاندنی ہےپھر اندھیری رات ہے“۔کئی ڈاکوجوانی میں مارےجاتے ہیں ۔ہرایک کو مرنا ہے ،حدیث پاک میں ہے کہ ”جس نے اپنے بھائی کی طرف لوہے کے کسی ہتھیارسے اشارہ کیا یعنی ڈرایا تو اس پر فرشتے لعنت کرتے رہتے ہیں یہاں تک کہ وہ اس کام سے بازآجائے یعنی یہ کام چھوڑدے“ ۔(جامع ترمذی ،حدیث نمبر2162)

سوال:بعض اوقات ذُوالحج شریف میں پیداہونے والے بچے کا نام ”حاجی“ رکھ دیا جاتاہے،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟

جواب:حاجی نام نہ رکھنا بہترہے ،اس میں دھوکہ ہوسکتاہے کہ اس نے حج کیا ہواہے ۔

سوال: بکری کو کان پکڑکر چلانا کیسا؟

جواب:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ایک شخص کے قریب سےگزرے ،وہ بکری کو کان سےپکڑے کھینچتے ہوئے جارہا تھا، رحمتِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا ،اس کا کان چھوڑدو،گردن کے قریب سے پکڑو۔(سنن ابن ماجہ ،حدیث نمبر3171)

سوال:بعض لوگ اپنے گھرکو جنت کہتے ہیں ،ایساکہناکیسا؟

جواب:کوئی حَرَج نہیں ،کشمیرکو بھی تو جنت کہا جاتاہے۔ہمارے گھرمیں ہال کانام جنت ہال ہے، ایک شخصیت آئی، جنت ہال میں AC نہیں تھا اور گرمی تھی، وہ کہنے لگے کہ جنت میں اتنی گرمی تو نہیں ہوگی؟ میں نے فوراً جواب دیا کہ جنت اورجنت ہال میں فرق تو ہوناچاہیے۔اچھے نام رکھنے چاہئیں، ایسے نام نہ رکھے جائیں جسے شریعت منع کرے ، ہمارے گھرکا نام بیتِ رمضان اورحاجی عمران کے گھرکا نام بیت الامان ہے ۔دشمن بھی آجائے تو اسے امان مل جائے ،انتقام اپنی ڈکشنری میں نہیں ۔

سوال:قربانی کے موقع پر گلی محلوں میں جانوروں کی آلائشیں پھینکنے اورقربانی سے پہلے جانوروں کو باندھنے کے لئے راستہ بند کرنےکے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟۔

جواب:ہمیں صفائی ستھرائی رکھنی چاہیئے کہ صفائی کو نصف ایمان کہاگیا ہے۔صفائی سنت ہے ،کپڑے ،بدن اورگھربلکہ ہرجگہ صاف ہو۔پیارےآقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مزاجِ پاک میں نفاست یعنی بہت زیادہ صفائی تھی اورخوشبوبھی پسندتھی ۔فطرتِ سلیمہ صفائی اورخوشبوکو پسندکرتی ہے ۔گندگی اوربدبوکو ناپسندکرتی ہے ۔قربانی کے فوراً بعد جانورکی آلائشوں والی جگہ کو صاف کردیا جائے۔ورنہ بدبو،جراثیم اوربیماریاں پھیلیں گی ،اسی طرح راستوں کو بند نہیں کرنا چاہیئے۔حقوق ِعامہ کا خیال رکھنا چاہیئے، جگہ گھیرکر حقو قِ عامہ پامال نہ کریں ۔نبی ِکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایاکہ ”راستے میں بیٹھنے سے بچو،صحابہ کرام علیہم الرضوان نے عرض کی: ہمیں بعض اوقات بات چیت کے لئے راستوں میں بیٹھنا پڑجاتاہے تو فرمایا ،بیٹھنا ہی ہوتو راستے کا حق اداکرو،انہوں عرض کیا کہ راستے کا حق کیا ہے؟ فرمایا:”نگاہ نیچی رکھنا ،تکلیف دہ چیزاٹھانا،سلام کا جواب دینا،نیکی کا حکم دینااوربرائی سےمنع کرنا“ ۔(بخاری شریف ،حدیث نمبر6229)

سوال : حجِ مبرور سے کیا مرادہے ؟

جواب : اس کی کئی تعریفیں ہیں ،آسان تعریف یہ ہے جو حج قبول ہوجائے وہ حجِ مبرورہے ۔

سوال: قبرستان جانے کے آداب کیا ہیں ؟

جواب: قبرستان جانا سنت ہے، نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہرسال غزوۂ اُحدکے شہیدوں کے مزارات پر تشریف لے جاتے۔قبرستان جائیں تو اہلِ قبرستان کو سلام کریں ۔قبرستان سے عبرت حاصل کریں،باتیں نہ کریں ،خاموش رہیں ،ایسی جگہ جائیں جہاں کسی قبرپر پاؤں نہ پڑے۔بہت بچ بچاکر حاضری دی جائے ۔قبروں اورمزارات پر جانا چاہیئے۔ایصالِ ثواب کریں، بہتر ہے 1 مرتبہ سُورہ فاتحہ اور 11 بار سورہ اخلاص پڑھ کر ایصال ثواب کریں ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” 30 روحانی علاج “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا ربَّ المصطفٰے! جو کوئی 32 صفحات کا رسالہ ”30 روحانی علاج“ پڑھ یا سُن لے، اس کی روحانی و جسمانی بیماریاں دور فرما اور اُسے ماں باپ سمیت بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

بکرے کی کلیجی

غذائیت سے بھر پور خوراک ہے، خون کی کمی دور کرتی نظر اور قوتِ حافظہ بڑھاتی، پٹھے مضبوط کرتی اور جسمانی طاقت میں اضافہ کرتی اور جلد (Skin) کو چمکدار بناتی ہے، مدافعتی نظام (IMMUNE SYSTEM) کو بہتر بناتی ہے۔

نقصانات:٭بکرے کی کلیجی ہفتے میں ایک آدھ بار کھائی جائے، زیادہ کھانے سے سر میں چکر اور متلی آنے وغیرہ کا خطرہ ہے٭کولیسٹرول بڑھاتی ہے، یورک ایسڈ میں بھی اضافہ ہوتا ہے لہٰذا دل اور جوڑوں کے مریض خوب احتیاط کریں٭ کلیجی بدن کے زہریلے مادّوں کو چونکہ خارج کرتی ہے اس لئے بیمار جانور کی کلیجی نقصان پہنچا سکتی ہے٭حاملہ خواتین کلیجی سے پر ہیز کریں۔

نوٹ : گائے کی کلیجی کے بھی کم و بیش اسی طرح کے فوائد و نقصانات ہیں۔

اونٹ کے گوشت کے فوائد

ان بیماریوں میں مفید ہے

٭خون کی کمی٭جوڑوں میں درد٭کمر درد٭ریڑھ کی ہڈی کا درد٭جسمانی کمزوری٭قوت مدافعت کی کمی (WEAK IMMUNITY) ٭موٹاپا (وزن کم کرنے میں مددگار ) ٭دائمی تھکن٭ پٹھوں کی کمزوری ٭بدہضمی، ذیا بیطیس اور دل کی بیماریاں میں اعتدال (Moderation) سے لینا ہے٭ سردمزاجی سے ہونے والی بیماریاں۔

مشورو: گرم مزاج والوں کو اعتدال سے یعنی محدود طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔

کراچی (24 مئی 2025) – مئی کی 24 تاریخ کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ایک روحانی اور علمی مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شیخ طریقت، امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنے مدنی پھول اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایمان اور اخلاق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

یہ روحانی محفل مدنی چینل پر لائیو نشر کی گئی جس کے ذریعے ہزاروں عاشقان رسول نے فیضان مدینہ میں شریک ہوکر اس مبارک مجلس سے فیض حاصل کیا۔ اس کے علاوہ، لاکھوں افراد ملک بھر اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس عظیم اجتماع کو اپنی اپنی جگہوں سے دیکھ رہے تھے جس سے یہ ثابت ہوا کہ محبتِ رسول اور اسلام کی سربلندی کے جذبے کا یہ اجتماع کتنا مؤثر تھا۔

اس مدنی مذاکرےکا مقصد مسلمانوں میں علمی اور روحانی بیداری پیدا کرنا اور محبتِ رسول کو فروغ دینا تھا۔ شیخ طریقت مولانا الیاس عطار قادری نے اپنی دلنشین گفتگو میں امت مسلمہ کے لیے رحمتِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات کی پیروی اور کردار سازی کی ضرورت پر زور دیا۔

مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت نے عاشقانِ رسول اور کالرز کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے جن میں سے چند سوالات اور ان کے جوابات کا خلاصہ یہاں درج ذیل ہے:

سوال: بعض اوقات بچوں کو بددُعا دی جاتی ہے،اسی طرح مائیں بھی اپنے آپ کوکوسنے دیتی ہیں ،ایساکرنا کیساہے ؟

جواب: بعض مائیں بچوں کو بد دعائیں اور کوسنے دیتی ہیں ،یا اپنے آپ کوبد دعائیں دے ڈالتی ہیں، یہ بہت بڑی بھول اور بُری بات ہے۔ ایسا نہ کیا جائے ،یہ بہت خطرناک ہوتی ہیں ،اگر یہ قبول ہو جائیں اور بچے کو کچھ ہو جائے تو ماں کوہی سب سے زیادہ صدمہ ہو گا ،پھر پچھتانے سے کچھ نہ ہو گا، بعض قبولیت کی گھڑیاں ہوتی ہیں

سوال: کیا بیٹی یا کسی مسلمان کو قربانی کا جانور گفٹ کر سکتے ہیں ؟

جواب: کوئی شرعی رکاوٹ نہ ہو تو کر سکتے ہیں ۔

سوال: کتنے انبیائے کرام علیہم السلام ہیں جن پر ظاہری طور پر موت نہیں آئی اور وہ زندہ ہیں ؟

جواب: اللہ پاک کے4 نبی ایسے ہیں کہ ان پر ظاہری طور پر موت نہیں آئی ۔(1)حضرت عیسیٰ علیہ السلام (2) حضرت اِدریس علیہ السلام آسمان پر زندہ ہیں اور (3) حضرت الیاس علیہ السلام اور (4)حضرت خضر علیہ السلام زمین پر زندہ ہیں ۔

سوال: اُوْلُو اَلعَزْم رسول کتنے ہیں ؟

جواب: اُوْلُو اَلعَزْم (یعنی بہت بلند ہمت وحوصلے والے) رسول 5ہیں ،سب سے آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،حضرت ابراہیم علیہ السلام ،حضرت موسیٰ علیہ السلام ،حضرت عیسی ٰ علیہ السلام اور حضرت نوح علیہ السلام

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” مدینے کی زیارتیں “ پڑھنے یا سُننے والوں کوامیر اہل سنت مولانا الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یا اللہ پاک! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ”مدینے کی زیارتیں“ پڑھ یا سُن لے، اُسے مدینۂ پاک کی بار بار با ادب حاضری نصیب فرما اور اُس کی ماں باپ سمیت بےحساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔

سوال : نکسیر(ناک سے خون بہنے)کا گھریلو علاج کیا ہے ؟

جواب: کدو شریف 50 گرام ۔ کھیرا 50 گرام - چقندر 50 گرام۔

روزانہ صبح و شام ان سب کو ایک گلاس پانی میں گرائنڈ کر کے چھان کر (بغیر چھانے بہتر ) پی لیجئے ۔ (خالی پیٹ بہتر )

مدت: تا حصول شفا ۔5 تا 10 سال آدھی خوراک

سہولت: مرد و عورت ہر موسم میں استعمال کر سکتے ہیں۔

پرہیز:یہ علاج کریں یا نہ کریں نکسیر کے مریض کیلئے گرم تاثیر والی چیزوں اور گوشت کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہے۔

دیگر فوائد: ہاتھ پاؤں میں یا پیشاب میں جلن، معدے میں تیزابیت یا جن کو گرمی زیادہ لگتی ہو یہ سب بھی اس گھر یلو علاج سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تاکید :ہر علاج اپنے طبیب کے مشورے سے کیجئے۔

یہ مکمل مدنی مذاکرہ دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کیجئے:

WATCH MADANI MUZAKARA 24-05-2025