28 جون مدنی مذاکرہ، امیرِ اہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے
رہنمائی فرمائی
کراچی (28 جون 2025ء)- دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں 28 جون 2025ء بمطابق 3 محرم
الحرام 1447ھ کی شب ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی شہر کے
عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ دیگر شہروں اور دیگر ممالک کے اسلامی بھائیوں نے
مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر شیخِ طریقت،
امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر
قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ناظرین و حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے نیز دینی،
اخلاقی، تنظیمی، شرعی اور معاشرتی حوالے سے اُن کی رہنمائی کی جس سے شرکا کو اپنی زندگی کو مزید بہتر بنانے
اور معاشرتی فضا کو پاکیزہ بنانے میں مدد ملی۔
بعض سوالات کے جوابات:
سوال: مختلف ویڈیوزدیکھتے
رہنا کیسا؟
جواب:ویڈیوز مختلف قسم کی ہوتی ہیں، اچھی، بُری اورفضول وغیرہ
۔دعوتِ اسلامی کی ویڈیوز اچھی ہی ہوتی ہیں انہیں دیکھا جائے۔گنا ہ بھری ویڈیو سے
بچنا توبہت ضروری ہے اورفضول سے بھی بچا جائے۔ نیک لوگوں کے اوصاف میں ہے کہ وہ اپنے آپ کو لہو و باطل یعنی غلط باتوں اورکھیل کُود میں ملوث نہیں ہونے دیتے،ایسی مجالس اور کاموں سے
منہ پھیرے رہتے ہیں۔رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : مِنْ حُسْنِ اِسْلامِ
الْمَرْءِ تَرْکُہُ مَالَایَعْنِیْہِ
یعنی کسی شخص کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ بے کار باتیں چھوڑ دے۔(مسند امام احمد ،ج3،ص259،حدیث: 1737)نجات دلانے والے کاموں، ذکر و اذکار میں مصروف
رہیں تاکہ فضول کاموں میں نہ پڑیں ۔بندہ اللہ پاک کی رضاکے
کام کرے اورکرتا جائے ۔
سوال:درودشریف وغیرہ پڑھ کر اگرکسی کو ثواب مِلک کردیاجائے
تو کیا وہ مرحومین کو ایصال کرسکتاہے ؟
جواب:جی ہاں !جب کوئی کہے میں نے فلاں نیکی کا ثواب آپ کےمِلک
کیا تو اب ’’قبول کیا‘‘کہنے کی حاجت نہیں کیونکہ مِلک کرتےہی دوسرے کو ثواب
مِلک ہوجاتاہے ۔
سوال:امیراہل سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بوڑھوں کے
بارے میں کیا فرمایا؟
جواب:یہ میری برادری ہے ۔ عام طورپر بیماری وغیرہ کی وجہ سے
بوڑھے دکھی ہوتے ہیں، انہیں خوشیاں دینی
چاہئیں، ہم انہیں خوشیاں دیں گے تو ہمیں بھی خوشیاں ملیں گی۔اولادکو چاہیئے کہ
ہزار کام چھوڑ کر اپنے بوڑھے ماں باپ کا
کا م کردیا کریں ۔یہ بھی تو کام ہے، جنت
کاانعام ہے کہ ان کا کام کر کے جنت کے انعامات حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔بزرگوں
کوسکون دیں گے تو خود بھی سکون پائیں گے۔جو بوڑھوں کی عزت کرتاہے، جب یہ خود
بوڑھاہوگا تو اللہ پاک ایسے لوگ پیدافرمائے گا جو اس کی عزت کریں گے۔اس میں ایک اوربھی بشارت ہے کہ اس عزت کرنے والے اور خدمت کرنے والے کی اپنی عمر بھی
لمبی ہوگی۔بزرگوں سے دعائیں لیں۔ اگریہ
کوئی سخت کلمات کہہ دیں(انہیں نہیں کہنا چاہیئے ) تو صبر کریں اور جواب نہ دیں۔تمام بزرگ بھی برف کی طرح ٹھنڈے ہو جائیں ۔مزاج کے خلاف بات ہوجائے اورغصہ آجائے توصبر کریں اور کچھ نہ بولیں۔ ورنہ نہ بولنے والے بول
دیں گے۔تِرمِذی شریف میں ہے :مَنْ صَمَتَ نَجَا یعنی جوچُپ رہا اُس نے نَجات پائی۔(سنن الترمذی،۴ /225 ، حدیث: 2509)اور یہ مُحاوَرہ بھی خُوب ہے:ایک چُپ سو کوہَرائے ۔
سوال:کاروبار اوردیگرکام کرنے والوں کے لئے کیا سیکھناضروری
ہے ؟
جواب:کاروبار اور کام کرنے والوں کو چاہیئے کہ اپنے
کاروبار اور کام کے بارے میں ضروری علمِ دین حاصل کریں تاکہ گناہ وحرام میں
نہ پڑجائیں۔اللہ پاک پر توکل وکامل بھروسہ کریں ،جوقسمت میں لکھا ہے وہ مل کررہے گا۔لوگ
کہتے ہیں میری روزی بندہوگئی ہے یہ نہیں کہنا چاہیئے کیونکہ جس کی روزی بندہوجائے وہ قبرستان چلا
جاتاہے جو زندہ ہے اس کی روزی کبھی بندنہیں ہوتی۔
سوال:وضو میں مسواک کرنے کا کیا فائدہ ہے ؟
جواب:مسواک کرکے نماز پڑھنا 70 نمازوں کے برابرہے ۔ جن کو
مسواک کی عادت ہوگی ان شاء اللہ الکریم ان کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔ رسالہ ”مسواک شریف
کے فضائل “پڑھیں ۔
سوال:بزرگوں کا مدنی چینل کب شروع ہوا،پہلا کون ساپروگرام تھا
اور روزانہ اس کی ٹرانسمیشن کب ہوتی ہے ؟
جواب:بزرگوں کا مدنی چینل 1 محرم شریف 1446ھ کوشروع ہوا۔پہلاپروگرام حضرت
عمرفاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کے بارے میں تھا ۔ روزانہ اس کی ٹرانسمیشن صبح 10 تا 12 بجے ہوتی ہے ۔
سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” چھینک کے آداب “ پڑھنے یاسُننے
والوں کو امیراہل سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی ؟