9 دسمبر 2023ء مطابق 25جمادی الاولیٰ 1445ھ
بروز ہفتہ بعد نمازِ عشا دعوتِ اسلامی کے
زیرِ اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا
گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت
کی۔تلاوت و نعت سے مدنی مذاکرے کا آغاز کرنے کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ ہوا جس
میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ
نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا جن میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال:اپنی راحت کی وجہ سے کسی اور کو تکلیف ہوتو اس صورت میں کیاکرنا چاہیئے ؟
جواب:ہوناتو یہ چاہیئے کہ دوسروں کو راحت پہنچائی جائے، اگرچہ
خود تکلیف میں ہو۔ایک بزرگ کے گھرچوہےتھے، کسی نے کہاکہ گھرمیں بلی رکھ لیں تاکہ
چوہوں سے بچاجاسکے، فرمایا: کہ مَیں بلی رکھ لوں تو چوہے ہمسائیوں کے گھرچلے جائیں
گے جس سے انہیں تکلیف ہوگی چنانچہ انہوں نے بلی نہ رکھی ۔کا ش! ایساہوکہ لوگوں
کوہم سے راحت نصیب ہو۔
سوال:جنّات کے
شراورجادوسے بچنے کے لئے کون سا وظیفہ پڑھا جائے ؟
جواب:اپنے پیرصاحب کے شجرہ شریف میں جواوراد و وظائف ہوتے ہیں
،ان میں سے وظائف پابندی سےپڑھیں ۔ سوتے وقت دونوں ہاتھوں کو پھیلا کرسورۂ اخلاص ، سورۂ فلق اورسورۂ ناس یہ تینوں
پڑھ کے ہاتھوں پر پھونک مار دیں اور سر سے لیکر جہاں تک ہاتھ پہنچتا ہے پھیرلیں،یہ ایک بار ہوا۔یہ
عمل اسی طرح 3 بار کرنا ہے۔ان شاء اللہ الکریم جنات اور شریر شیاطین سے حفاظت ہوگی۔
سوال : عشق کسے
کہتے ہیں ؟
جواب : جب محبت میں اضافہ ہوجائے تو عشق میں بدل جاتاہے ۔
سوال: کوئی خوفِ خدا عزوجل یا
عشق مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں رو رہاہو
تو دیکھنے والے کو کیا کرنا چاہیئے ؟
جواب: کسی بزرگ کاقول
ہے : کسی کو روتادیکھیں تو خود بھی رونا
شروع کردیں ،یہ نہ سوچیں کہ وہ دل سے رو رہاہے یا دکھاوے کے لئے ۔اللہ پاک کی رضا کے لئے رونا چاہیئے،یہ بہت سعادت کی بات ہے
۔
سوال:چل مدینہ کے لئے کیا عمل کریں؟ (یادرہے!دعوتِ
اسلامی کے دینی ماحول میں امیر اہلِ سنت مولانااِلیاس عطار قادِری کی صحبت میں
ہونے والے سفرِ حج کو ”چل مدینہ“کہتے
ہیں اوریہ سعادت پانے والوں کو مشرف بہ چل مدینہ کہتے ہیں)
جواب: دعاکرتے رہیں اور دُرودشریف پڑھتے رہیں ۔
سوال:مدینہ شریف میں مرنے کی کیا فضیلت ہے ؟
جواب:حدیث پاک میں
شفاعتِ مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بشارت ہے
۔اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ
اللہ علیہ نے مدینہ شریف کو شفاعت نگرکہاہے ۔
سوال : مدنی کسے
کہاجاتاہے ؟
جواب : جو دعوتِ اسلامی
کے جامعۃ المدینہ میں درسِ نظامی(عالم کورس) مکمل کریں انہیں مدنی کہاجاتاہے ۔
سوال: عربی سیکھنے
کی کیااہمیت ہے ؟
جواب:عربی بین الاقوامی زبان (International Language) ہے اس کو سیکھنے سے اہلِ عرب بلکہ دنیا بھر میں نیکی کی
دعوت دینے کا موقع مل سکتاہے، عربی زبان میں آقاصلی اللہ علیہ والہ وسلم ،قرآن پاک اورجنت کی یادہے، قبرکا حساب بھی عربی میں ہوگا،یہ زبان فصیح ہے
۔بعض علماکے نزدیک مرتے ہی سب کی زبان عربی ہو جاتی ہے ،اس لئے قبروآخرت کے تمام
کام عربی میں ہوتے ہیں البتہ جہنمیوں کی زبان بدل جاتی ہے ۔اعلیٰ حضرت نے عربی
زبان سیکھنے کی ترغیب بہت اچھوتے اندازمیں
دلائی ہے ۔جامعۃ المدینہ کے طلبہ آپس میں
عربی زبان بولنے کی کوشش کیا کریں ،غلطی ہوتو کوئی بات نہیں ،اس طرح زبان میں روانی
پیداہوگی، اسی طرح فصاحت وبلاغت بھی ہونی چاہیئے ۔عربیوں کی طرح فصاحت نہیں آئے گی
مگر اس میں بھی کوشش کرنی ہوگی ۔ یہ نیت کریں کہ عربی زبان اس لئے سیکھ رہا
ہوں کہ میرے عربی آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زبان عربی ہے ، مزیدنیکی کی
دعوت اورعربی میں بیان کروں گا وغیرہ نیتیں
بھی کی جاسکتی ہیں ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” ملازمت کے بارے میں 15 سوال
جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت مولانا الیاس قادِری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے کیا دُعا دی ؟
دنیا میں کامیاب انسان وہ ہے جس کے اخلاق اچھے ہوں
اور لوگوں کے حقوق ادا کرتا ہو، علامہ محمد الیاس قادری
لوگوں کے دلوں کو علمِ دین کے نور سے منور کرنے اور
انہیں دینِ اسلام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے عاشقانِ رسول کی عالمگیر
تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبوں
سے تعلق رکھنے اسلامی بھائی اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں
اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔
اسی
سلسلے میں 18 نومبر 2023ء بمطابق 4 جمادی الاولیٰ 1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی
مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک سے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ
مدنی چینل شریک ہوئے۔
مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال :کیا
ہر کمال کو زوال ہے؟
جواب: دنیاوی معاملات میں ہرکمال میں کمی آسکتی ہے اوریہ ختم بھی ہوسکتا ہے۔
سوال :ظلم
کا انجام کیا ہے؟
جواب: دنیا میں ہی بعض اوقات ظالم کو نقصان پہنچ
جاتا ہے، دنیا میں نقصان و بدلہ نہ بھی پہنچے تو آخرت میں اسے جوابدہ ہونا
ہوگا۔ ظلم کرنا گناہ ِکبیرہ ، حرام اور
جہنم میں لے جانے والا کا م ہے ۔
سوال:بچوں میں باہم کیسا سلوک کیا
جائے؟
جواب: بچوں میں ہمیشہ انصاف کریں ،ہر ایک کو اہمیت و پیار دیں، دو بچے
موجود ہوں اور ایک کو بوسہ دیا تو دوسرے
کو بھی بوسہ دیا جائے، صرف ایک کو اہمیت
دینے سے بچوں میں باہم نفرت پیداہوسکتی ہے ،اس لیے کسی ایک بچے کو امتیاز ی حیثیت نہ دی جائے۔
سوال : پیر صاحب خلافت کیوں دیتے ہیں؟
جواب: پیری مریدی کا سلسلہ آگے بڑھانے کے لیے خلافت دی جاتی ہے۔اسلام میں ان
سلسلوں کی بھی اہمیت ہے، خانقاہیں مسلمانوں کو سنبھالتی ہیں ، نیک اعمال عام ہوتے
ہیں۔ خلافت کا نظام نہ ہو تو سلسلے ختم ہوجائیں گے۔ بزرگانِ دین کی سیرتوں کو پڑھیں
تو ان کے کئی کئی خلیفہ ہوتے ہیں۔ ہر خلیفہ پیری مریدی نہیں کرسکتا صرف وہی کرسکتا ہے جس میں پیر بننے کی شرائط ہوں۔
سوال : آپ کی خواہشیں کیا ہیں ؟
جواب: میری دو خواہشیں ہیں مرتے وقت کلمہ نصیب ہو، ایمان پر خاتمہ ہواورمدینہ شریف میں ایمان و عافیت کے
ساتھ شہادت کی موت نصیب ہو۔
سوال : اگرکسی کے والدین نےاس کا نا م محمد نہ رکھا ہو تو کیا وہ اپنا نام
برکت کے لیے محمد رکھ سکتے ہیں۔
جواب: جی ہاں ! رکھ سکتے ہیں۔
سوال : دنیامیں کامیاب کون ہیں؟
جواب: جس کے اخلاق اچھے ہوں اور وہ لوگوں کے حقوق
ادا کرتا ہو۔
سوال: بچوں کے ساتھ کتنا فری ہونا چاہیے؟
جواب: اتنا فری نہ ہوں کہ اس کے نزدیک آپ کی عزت نہ رہے کچھ نہ کچھ ر عب ہونا چاہیے۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” 103 سنتیں اور آداب “
پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”103 سنتیں اور آداب“ پڑھ یا سُن لے اُسے سنتوں کا
عامل بنا اور اس کی ماں باپ سمیت بلا حساب مغفرت فرما۔۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔
عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے
کا سلسلہ، امیر اہلسنت نے مدنی پھول ارشاد فرمائے
عاشقان
رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 11 نومبر 2023ء بمطابق 27 ربیع الاٰخر
1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا
انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔
شیخ
طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے
سوالات کے حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائیں۔
مدنی
مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: حافظ کی فضیلت زیادہ ہے یاعالم کی؟
جواب: عالم کی فضیلت زیادہ ہے ،بروزِ قیامت عالم کو روک لیا جائے گا،وہ لوگوں کی شفاعت کریں گے، ان کی سفارش سے لوگوں کو جنت میں داخل کیا جائے گا۔
سوال:کیا آبِ زم
زم کا پانی کہنا درست ہے؟
جواب:آب زم زم کا معنی ہے زم
زم کا پانی۔آبِ زم زم کا پانی میں لفظ" پانی" زائدہے۔ اسی طرح شب ِبراءت کی رات میں لفظ "رات" زیادہ ہے اور "برائے مہربانی کرکے" میں لفظ" کرکے" زیادہ ہے۔
سوال : "محمد"
نام رکھنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب : حدیث
پاک ہے :جس کے یہاں لڑکا پیدا ہو اور وہ
میری مَحَبَّت اور میرے نام سے بَرَکت حاصِل کرنے کیلئے اس کا نام محمد
رکھےتو وہ اور اُس کا لڑکا دونوں جنّت میں جائیں گے۔ (کنزالعمال،جز:15،ج 8،ص174، حدیث: 45215 ) امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کو
نقل کرکے فرماتے ہیں: فقیر غفراﷲ تعالیٰ نے اپنے سب بیٹوں بھتیجوں کاعقیقے میں صرف محمدنام رکھا پھرنامِ اَقْدس
کے حفظِ آداب اور باہم تَمَیُّز (یعنی
آپس میں پہچان) کے لئے عُرف جُدا مقرر کئے۔بِحَمْدِللہ فقیرکے 5 محمد اب موجود
ہیں اور 5 سے زائد اپنی راہ گئے (یعنی
انتقال کرگئے)۔ (فتاویٰ
رضویہ،ج24،ص689)
سوال: رزق میں برکت کا نسخہ بتادیجئے؟
جواب: فجرکی
نمازمسجدمیں پڑھ کر امام صاحب
،مؤذن اورخادم کوکچھ رقم پیش کردیں،آپ کے محلے میں جو ساداتِ کرام ہیں ،آپ کے
رشتے داروں میں جو غریب ہیں انہیں صدقہ دیں ۔ بقر عید سے پہلے کسی غریب کے گھرقربانی
کے لیےبکرااوراس کے
ذبح کے اخراجات دے دیں ۔وہ اوران کے
بچے دعائیں دیں ، رزق میں برکت ہوگی ۔ ان شاۤء اللہُ الکریم
سوال: سب سے افضل صدقہ کون ساہے؟
جواب: آپ کا اپناعزیز،رشتہ دارجو حق دارہے اورآپ سے ناراض ہے تو اسے صدقہ دیناافضل ہے ۔جس کو صدقہ دیں ،چھپاکر دیں ،اسے
کوئی کام بھی نہ بولیں تاکہ اسے یہ نہ لگے کہ مجھے رقم دی ہے تو اب کام بھی بول
دیا ہے۔
سوال:کیابددعا بھی قبول ہوتی ہے؟
جواب:جی ہاں! مظلوم
انسان اگرچہ وہ کافرہوبلکہ جانورکی بددعا بھی قبول ہوتی ہے، البتہ مُوذی (تکلیف دینے والے)کیڑوں مکوڑوں وغیرہ کو تکلیف سے بچنے کے لیے مارسکتے ہیں، مگرمارنے میں جتنی
تکلیف دینا ضروری ہوصرف اسی کی اجازت ہے بِلاوجہ تکلیف نہیں دے سکتے ۔
سوال : امام
اعظم کون تھے؟
جواب : امام
اعظم ابوحنیفہ نعمان بن ثابت رحمۃ اللہ
علیہ قرآن وحدیث
کے بہت بڑے امام وعالم تھے ۔یہ تابعی
بزرگ تھے(یعنی آپ نے
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی زیارت و صحبت کا شرف
پایا ہے) ۔ان کے
پیروکار حنفی کہلاتے ہیں۔
سوال: جب دل غمگین ہو تو کیا بات یادکریں کہ دل کو
سکون نصیب ہوجائے؟
جواب: سرکارِمدینہ
صلی اللہ علیہ والہ وسلم جب کبھی غمگین ہوتے تو یہ دعاپڑھا کرتے تھے :يَا حَيُّ
يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيْثُ ۔ترجمہ: اے ہمیشہ زندہ رہنے والےاوراے تمام مخلوق کو قائم رکھنے والے، میں
تیری رحمت کا طلبگار ہوں۔ (سنن ترمذی
،رقم الحدیث: 3534 ) دُرُودشریف میں دکھوں کا علاج ہے ۔اکثررنج وغم گناہوں کی وجہ سے آتے ہیں
اوردُرُودشریف پڑھنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔یہ پڑھنے سے سکون ملے گا۔ ان شاء اللہ
الکریم
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” فیضانِ
جمُادَی الاُولیٰ و جُمادَی الاُخْریٰ“ پڑھنے
یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ” فیضانِ جمُادَی الاُولیٰ و جُمادَی الاُخْریٰ“پڑھ یا سُن لے، اُسے اسلامی مہینوں کا ادب نصیب فرمااور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن
بِجَاہِ خاتم النَّبیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔
دعوتِ دین کا جذبہ رکھنے اور لوگوں کو اسلامی
تعلیمات سےآگاہ کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 4 نومبر
2023ء بمطابق 20 ربیع الاٰخر 1445ھ ہفتہ
کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس
میں دنیا بھر کےکئی ممالک سے آئے ہوئے ذمہ داران اور عاشقانِ رسول شریک تھے۔
مدنی مذاکرے کے آغاز میں اللہ عزوجل کا پاک کلام اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم
پڑھی گئی جبکہ فیضانِ مدینہ کراچی میں آئے ہوئے بیرونِ ممالک کے اسلامی بھائیوں
سمیت دیگر اسلامی بھائیوں نے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے دینی و دنیاوی معاملات کے متعلق سوالات کئے جن کے
امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے جوابات ارشاد فرمائے۔اُن
سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: قریبی رشتہ
داروں میں محبتیں برقرار رکھنے کے لئے کیا کیا جائے؟
جواب: ایک دوسرے کا خیال رکھیں ،احترام کریں ، اینٹ کا جواب
پھول سے دیں گے اورنرمی ہوگی تو جھگڑانہیں ہوگا۔بعض لوگ اپنے مفاد کے لئے تو نرمی
کرتے ہیں لیکن اگرمفادنہ ہوتو ان میں سختی آجاتی ہے ،ایسانہیں ہونا چاہیئے ،ہمیں
ہمیشہ نرمی ہی کرنی چاہیئے ۔
سوال:استاذضدی بچوں کو کس طرح سمجھائے ؟
جواب:جوماہر(Expert)ہوتے ہیں وہ جانوروں کو کنٹرول کرلیتے ہیں ،بندرکونچالیتے ہیں ،شیرکو پنجرے میں بند کرلیتے ہیں۔ ماہر
استاذ بچوں کو کنٹرول کرلیتاہے ، جیسے ایک استاذ سیّد زادے کو پڑھائی کی طرف مائل کرنے کے لئے اس کی زیادہ تعظیم کرنے لگے
جس سے وہ پڑھ گئے، ہمارے ہاں شرارتی کو کلاس مانیٹر بنا دیا جاتا ہے، یوں اس کو مصروف کرنے سے وہ کنٹرول ہو جاتا ہے۔استاذکو
بچوں کی نفسیات کے مطابق سلوک کرنا چاہیئے ،کسی کو آنکھ دکھانے اورکسی کو زبان سے
سمجھانا پڑتاہے ۔مکتبۃ المدینہ کا شائع شدہ رسالہ”کامیاب استاذکون“ضرور
پڑھئے۔
سوال: بندہ ذہنی طورپر خوشحال کس طرح ہوسکتاہے ؟
جواب : علمی اورعملی طورپر جو مذہبی لوگ ہیں وہ ذہنی طورپر خوشحال ہوتے ہیں، اگرچہ مالی
طورپرکمزور ہی کیوں نہ ہوں کیونکہ وہ قناعت کرتے ہیں اور ضرورت سے زیادہ کی خواہش اور طلب نہیں کرتے
۔مشاہدہ یہ ہے کہ جو لوگ مالی طورپر مضبوط ہوتے ہیں ان میں خود کشی کا تناسب
عموماًزیادہ ہوتا ہے جبکہ جو واقعی علمی وعملی طورپر دِین پرعمل کرنے
والےہوتے ہیں وہ کبھی خود کشی نہیں کرتے ۔
عام طورپر مالدارکو زیادہ ٹینشن ہوتی ہے ،اسے بیماریاں بھی زیادہ ہوتی ہیں ،کیونکہ
مالدارعموماًزیادہ کھاتے ہیں ،کام تو کرنانہیں ہوتاجبکہ غریب آدمی کو زیادہ محنت
ومزدوری اوربھاگ دوڑکرناپڑتی ہے ،جس کی
وجہ سےاسے بیماریاں بھی کم ہوتی ہیں۔
سوال: چیونٹیوں کے
ساتھ کیساسلوک کرنا چاہیئے ؟
جواب: بڑی ہی نرمی سے اُٹھانا چاہیئے ،کسی جگہ سے دُورکرنی بھی
ہوں تو پھُونک مارنا ہی کافی ہے ،اگرکسی چیز
سے پکڑ کراٹھائیں گے تو زخمی ہوجائیں گی ۔
سوال: بعض لوگ
کہتے ہیں کہ فلاں چھوٹی چھوٹی باتوں سے ناراض ہوجاتاہے ،چھوٹی باتوں سے کیا مرادہے
؟
جواب: بعض لوگوں کے لئے چھوٹی بات بھی بڑی ہوتی ہے ،وہ اسے دل
پر لے لیتے ہیں اورکئی دن پریشان رہتے ہیں
،بعض کے لئے بڑی بات کا بھی کوئی زیادہ اثرنہیں ہوتا،اس لئے ہرایک سے اس کے مزاج
کے مطابق ہی برتاؤکرنا چاہیئے ۔
سوال:کیاہر ایک مرض کے لئے ایک ہی علاج ہوتاہے ؟
جواب:نہیں !مزاج مختلف ہوتے ہیں ،ہربخاروالے کا ایک علاج نہیں ۔جو طبیب(ڈاکٹر/علاج کرنے
والا) نہیں ہے، اسے اپنے طورپر
اپنا علاج بھی نہیں کرنا چاہیئے اور کسی
کوعلاج تجویز بھی نہیں کرسکتا ۔طبیب کے
مشورے سے ہی علاج کیا جائے ۔
سوال : برکت کا کیامعنی
ہے ؟
جواب : ایک معنیٰ ہے”جم جانا“یعنی جوچیز مل گئی وہ جم
جائے ، اپنے پاس رہے اورایک معنیٰ بڑھ جانا اوراضافہ ہوناہے ۔
سوال: مال کی کتنی
طلب رکھنی چاہیئے ؟
جواب: زیادہ مال کی
حرص اچھی نہیں ،اس طرح دعا کرنی چاہیئے کہ یا اللہ پاک !اتنا دے کہ مَیں تیرے سواکسی کا محتاج نہ
رہوں، دوسروں کے مال پر میری نظرنہ رہےکہ فلاں مدد کردے گا ،بلکہ اتنا دے کہ میں
کھاؤں ،میرے بچے کھائیں ،آسودہ حال اورسَیر رہوں ۔یا اللہ پاک! اتنا دے کہ ہم کسی کے محتاج وقرض دارنہ رہیں،اتنا
نہ دے کہ ہم آزمائش میں مبتلا ہوجائیں ۔یادرکھیں ! مال فتنہ وآزمائش ہے ۔
سوال: مال میں
برکت کا کوئی وظیفہ ارشاد فرمادیں ؟
جواب: ہر رات کو سورہ ٔ واقعہ پڑھیں ،جو ہررات سورہ ٔ واقعہ
پڑھے گا اسے محتاجی وفاقہ نہ ہوگا۔ ہم اپنے ربّ کے محتاج ہیں اوررہیں غیروں کے
پلّے نہ بندھیں ۔
سوال:سوتیلے بہن بھائیوں کے ساتھ کیساسلوک کرنا چاہیئے ؟
جواب:سوتیلے بھائی بہن کو شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئےمحبت
وپیاردیں ،ہرگزجھگڑانہ کریں ،سوتیلابھائی بہن اگروالدکی طرف سے ہوں تو والد کی دل
جوئی اوروالدہ کی جانب سے ہوتو والدہ کی دل جوئی کی نیت کرکے بھی ان کے ساتھ اچھا
سلوک کرنا چاہیئے ۔
سوال : عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دُوسرے کتنے ملکوں سے عاشقانِ رسول سنتوں بھرے اجتماع میں آئے ہیں ؟
جواب : 52ممالک(Countries) سے
۔
سوال: دہلی(ہند) کو22 خواجہ کی چوکھٹ
کیوں کہاجاتاہے ؟
جواب: دہلی(ہند) میں کثیر اولیائے
کرام کے مزارات ہیں ،ان میں سے 22وہ ہیں جن کے نام سے پہلے خواجہ کا لقب لگایا جاتا ہے۔
سوال: مسلمان کی دلجوئی کی کیا فضیلت ہے؟
جواب: نبیِّ اكرم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نےفرمایا:اللہ پاک کےنزدیک فرائض کی ادائیگی کے بعدسب سے افضل
عمل مسلمان کے دل میں خوشی داخل کرنا ہے (معجم کبیر،ج11،ص59،حدیث:11079)
سوال : مباح یعنی
وہ کام جس میں نہ ثواب ہے نہ گنا ہ ،یہ ثواب کا کام کیسے بن سکتاہے ؟
جواب :مباح کام اچھی نیت سے کیا جائے تو وہ ثواب بن جائے
گا۔مثلاً سونے سے پہلے یہ نیت کرلیں کہ اللہ پاک کی عبادت پر قوت حاصل کرنے کے لئے سوتا ہوں ، تویہ
سونا بھی عبادت اورکارِ ثواب بن جائے گا۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” دینی ماحول سے روکنے کا نقصان “
پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 25 صفحات کا رسالہ ”دینی ماحول سے روکنے کا نقصان“ پڑھ یا سُن لے ،اُسے ہمیشہ دینی ماحول سے وابستہ رکھ اور ماں باپ سمیت اُس کی بے حساب بخشش فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔
لوگوں
کے دلوں کو علمِ دین کے نور سے منور کرنے اور انہیں دینِ اسلام کے بارے میں
معلومات فراہم کرنے کے لئے عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت
مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے اسلامی
بھائی اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد
فرماتے ہیں۔
اسی سلسلے میں 28 اکتوبر 2023ء بمطابق 13 ربیع
الآخر 1445ھ بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عاشقانِ رسول
کے لئے مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک سے کثیر اسلامی
بھائی براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
معمول کے مطابق مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوت و نعت
سے کرنے کے بعد عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف سوالات کا سلسلہ ہوا جن کے امیرِ
اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے علم و حکمت سے بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔اُن سوال و
جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: ناشکری سے کیسے
بچا جائے ؟
جواب: اللہ پاک کی نعمتوں کو یادکیا جائےاورشکربجالایا جائے،شکرکے
فضائل پڑھیں،یادرہے !جوشکرکرتاہے اسے اورزیادہ ملتاہے ،شکرکرنے میں ثواب بھی ہے۔اللہ پاک کی بے شمارنعمتیں ہیں ۔سانس لینا اورسانس
باہرنکالنا دونوں نعمتیں ہیں ،پانی بھی نعمت ہے ،الغرض بے شمارنعمتیں ہیں اوراللہ پاک نے بِن مانگے عطافرمائی ہیں۔ سچی بات تو یہ ہے کہ ایمان
کی دولت بھی بغیرمانگے عطافرمائی ،ہم مسلمانوں کے گھرپیداہوگئے ،الحمدللہ !ہم مسلمان ہیں ورنہ صحابہ کرام علیہم الرضوان نے اس کے لئے کتنی تکلیفیں برداشت کیں !اللہ پاک کی اتنی نعمتیں ہیں کہ ان کا شمارنہیں، اس
کا جتنا شکراداکریں کم کم اورکم ہے ۔اللہ پاک ہمیں شکرگزاربندہ بنائے ۔ ناشکری ہلاکت میں
مبتلاکرتی اور بربادکرتی ہے ۔ناشکری سے ایمان
بھی ضائع ہوسکتاہے ۔جیسےبلم بن باعوراء کا ایمان بربادہوگیا،اس کی ایک وجہ ناشکری
بھی تھی۔ مکتبۃ المدینہ کا رسالہ ”شکرکے
فضائل“ کا مطالعہ کریں ۔
سوال:کیا کوئی بندہ احسان کرے تو اس کا بھی شکریہ اداکرنا چاہیئے
؟
جواب:جی ہاں ! نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: لَايَشْكُرُ اللہَ مَنْ
لَايَشْكُرُ النَّاس یعنی جولوگوں
کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ پاک کا بھی شکر ادا نہیں کرتا۔(سنن ابی داؤد
، 4 / 335 ، حدیث
: 4811)دنیاوی طورپربھی لوگوں کا شکریہ ادا نہ کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے، اگر کوئی کسی کا شکریہ
ادا نہ کر ے تو بسا اوقات لوگ اچھا نہیں سمجھتے ۔
سوال : دومنہ
والاشخص کون ہوتاہے ؟
جواب : وہ شخص جوکسی
کے پاس جاکر ایک بات کرے اوردوسرے کے پاس جاکر دوسری بات یعنی چغلیاں
کھائےاورلوگوں میں نفرتیں پیداکرے ، حدیث پاک میں ایسے شخص کی مذمّت آئی ہے اوراسے
منافق کی صفت قراردیا گیا ہے ۔
سوال: کیا فجرکی
نمازکے بعد سونے سے رزق میں بےبرکتی ہوتی ہے ؟
جواب:حدیث پاک میں ہے کہ رزق کی طلب کے اوقات میں مت سویا
کرواوریہ وقت فجرکی نمازاداکرنے کے بعد سورج طلوع ہونے تک ہے ۔حضرت انس رضی اللہ عنہ سے
اس کی وضاحت طلب کی گئی تو فرمایا : اس
وقت 70 مرتبہ سُبْحانَ
اللہ ،70مرتبہ اللہ اکبراور70مرتبہ اِسْتِغْفار(اَسْتَغْفِرُاللہ)پڑھ لیاجائے کیونکہ اس وقت رزق تقسیم کیاجاتاہے۔( مسند الفردوس للدیلمی ،رقم 3868) اسی طرح شام کے وقت نیک اعمال کی ترغیب ہے کہ اس
وقت اعمال اٹھائے جاتے ہیں ۔
سوال: صدقہ و خیرات
کی قبولیت کا کیا معیار ہے؟
جواب:صدقہ وخیرات کرنا نیک عمل ہے اور ہر نیک عمل کے لئے اخلاص قبولیت کی کنجی(چابی/Key) ہے، جتنا اِخلاص زیادہ ہوگا اتنا ہی ثواب زیادہ ملے گا۔
سوال:لوگ کہتے ہیں موسم کے بدلنے سے صحت خراب ہوتی ہے اوربعض
لوگ موسم کو بُراکہتےہیں ،ایسا کہنا کیسا؟
جواب:موسم کے بدلنے سے صحت پر اثرات تو مرتب ہوتے ہیں مگراسے
بُرانہیں کہنا چاہیئے کیونکہ موسم بھی اللہ پاک تبدیل فرماتاہے۔
سوال : کیاانسان
کے نام کا اس کی زندگی پر کوئی اثرپڑتاہے ؟
جواب :جی ہاں!نام سخت ہو تو یہ سختی نسلوں میں بھی جاسکتی ہے ۔
سوال: کیا
عصرتامغرب مطالعہ نہیں کرسکتے ؟
جواب: عصرتامغرب
مطالعہ کرنے(یعنی کتابیں و رسائل پڑھنے) میں کوئی حرج نہیں ،جن علما نے منع کیا ہے اس کی
وجہ طبی ہے ،اس زمانے کے اعتبارسے ہے کہ اس وقت سورج کی روشنی کم ہوجاتی تھی ،روشنی
کا انتظام نہیں ہوتاتھا ۔اب تو یہ وجہ بھی نہیں کہ بجلی کے ذریعے روشنی حاصل کی جاسکتی ہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر اہلسنّت کے 121 ارشادات “
پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیراہل سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا
دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ”امیر اہلسنت کے 121 ارشادات“ پڑھ یا
سُن لے ،اُسے اپنی اصلاح کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کوبھی نیکی کی دعوت دینے اور
بُرائی سے بچانے والا بنا۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم ۔
21 اکتوبر 2023ء بمطابق 6 ربیع الآخر 1445ھ بروز
ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک
دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے مختلف شہروں
سے آئے ہوئے کثیر عاشقانِ رسول براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
تلاوتِ
قراٰن سے مدنی مذاکرے کا آغاز کرنے کے بعد نعتِ خواں اسلامی بھائیوں نےنذرانۂ
عقیدت پیش کر کے تمام شرکا کے دلوں کو
منور کیا۔
تلاوت و نعت کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ ہوا جس
میں عاشقانِ رسول نے حضور غوثِ اعظم کی سیرت سمیت دیگر مختلف دینی، دنیاوی اور شرعی حوالے سے سولات کئے جس
کے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے علم و حکمت بھرے جوابات دیئے۔
مدنی مذاکرے میں ہونے والے سوال و جواب میں بعض
درج ذیل ہیں:
سوال:بے حسی کا کیامعنیٰ ہے ؟
جواب:کسی بات کا احساس نہ ہونا۔بعض لوگ اہم بات کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیتے مثلاًکوئی گنا ہ ہوگیا تو
اس پر بھی انہیں شرمندگی نہیں ہوتی ۔احساس
غوروخوض کرنے اورسوچنے سے پیداہوسکتاہے ۔
سوال:سادگی کس طرح اختیارکی جائے ؟
جواب: اللہ پاک کے آخری نبی،محمدِ عربی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سادگی بے مثال تھی ۔سادگی کی ایک صورت یہ ہے کہ بندہ قیمتی لباس پہن سکتاہو مگروہ کم قیمت لباس پہنے
تویہ کارِ ثواب ہے ۔موقع کے مطابق قیمتی لباس بھی پہنا جاسکتاہے،یہ سادگی کے خلاف نہیں البتہ مرد چمکیلا اورشوخ لباس نہ
پہنے۔میرااپنا مزاج سادگی کاہے ۔
سوال :دل آزاری سے کیا
مراد ہے؟ اس کا کیا حکم ہے ؟
جواب :دل آزاری کا مطلب ہے دل دکھانا ۔ناحق کسی کادل دکھانا
گناہِ کبیرہ،حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ۔
سوال: حضورغوثِ
پاک شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی والدہ کا کیا نام ہے ؟
جواب: آپ کی والدہ کا نام فاطمہ اورکنیت اُمُّ الخیر تھی ۔دونوں کو ملائیں تو یوں
کہیں گے :حضرت اُمُّ الخیرفاطمہ رحمۃ
اللہ علیہا۔
سوال: سورۂ
اخلاص(قُلْ
ہُوَ اللہُ اَحَد) پڑھنے کے کیا فوائدہیں ؟
جواب: سورۂ اخلاص سے محبت کرنے والاجنت میں جائےگا،اس سورت
کو3مرتبہ پڑھیں گے تو ایک قرآنِ کریم پڑھنے کاثواب ملے گا۔ان شاۤء اللہُ الکریم
سوال:حضرت خواجہ غلام فریدرحمۃ اللہ علیہ کون
تھے ؟
جواب:آپ کوٹ مٹھن شریف(پنجاب) والے صوفی بزرگ اور صاحبِ دیوان شاعر ہیں ۔میں نے ان کے مزارپر حاضری دی ہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” غوثِ پاک کا شوقِ علم دِین “
پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
عاشقانِ
رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 28 ربیع الاول 1445ھ بمطابق 14 اکتوبر
2023ء ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا
گیا۔
مدنی
مذاکرے کا آغاز معمول کے مطابق تلاوتِ قراٰن اور نعتِ رسولِ مقبول صلی
اللہ علیہ و سلم
سے ہوا جبکہ شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے
جوابات دیئے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: مایوسی
کا کیامطلب ہے ؟
جواب: مایوسی کئی قسم کی ہوتی ہے ،بعض
اوقات بندہ کوئی کام باربارکرتاہے مگراس کام کو نہیں کرپاتاجس سے وہ مایوس
ہوجاتاہے کہ یہ کام مجھ سے نہیں ہوگا ۔یہ مایوسی خطرناک نہیں ۔جو مایوسی خطرناک ہے
وہ اللہ پاک کی رحمت سے مایوس ہونا ہے ۔اللہ پاک کی رحمت سے کبھی بھی مایوس نہیں ہوناچاہئے۔ اللہ پاک سے توبہ کرتے
رہناچاہئے،اس کی رحمت اُس کے غضب پر حاوی ہے ۔
سوال:حدیثِ
قدسی کسے کہتے ہیں؟
جواب:حدیث ِقدسی سے مرادیہ ہے کہ وہ کلمات جو زبان ِمصطفیٰ (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )سے اداہوں
مگروہ فرمان اللہ
پاک کا ہو۔
سوال : بات بات پر قسم کھانا
کیساہے ؟
جواب : قسم کی کثرت نہیں کرنی چاہئے ،امام شافعی رحمۃ
اللہ علیہ نے کبھی سچی قسم بھی نہیں کھائی ۔سچی قسم بھی
بِلاضرورت نہ کھائی جائے ۔زیادہ قسمیں کھانے سے عزت میں بھی کمی واقع ہوتی ہے ۔بہت
ڈرڈر کربڑی احتیاط کے ساتھ گفتگوکی جائے
۔زیادہ گفتگوکرنے والاہوسکتاہے زبان سے کئی گناہ کر ڈالتاہو۔آجکل حالات
اتنے بگڑگئے ہیں کہ گویا لوگ مٹھیاں بند کرکے جہنم کی طرف بھاگے چلے جارہے ہیں ۔
سوال: کیا
بزرگی
کا تعلق عمراورمالداری کا تعلق مال سے
ہے ؟
جواب: نہیں
،بزرگی علم وعقل سے ہوتی ہے عمرسے نہیں ،مالداری
دل سے ہوتی ہے مال سے نہیں ہوتی ۔
سوال: سمجھانے کا اندازکیساہونا چاہئے ؟
جواب: مُصْلِح (سمجھانے والے )تو بہت ملیں گے مگردرست سمجھانے
والے کم ہیں ،ہربیماری کاعلاج آپریشن نہیں ہوتا،عموماًسمجھانے والے کا اندازجارحانہ ہوتاہے۔ مصلحانہ وحکیمانہ اورنرم
نہیں ہوتا۔مدنی قافلے میں سفر، نیک اعمال کے رسالے پر عمل اورامام غزالی رحمۃ اللہ علیہ کی
کتابیں پڑھتےرہنے سے سمجھانے کا درست اندازآسکتاہے ۔
سوال: بڑی گیارہویں شریف کے مہینے( ربیع الاخر )میں نفل روزے رکھنے
والوں کے لیےآپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب: بڑی گیارہویں شریف کے مہینے میں نفل روزے رکھنے والوں کے لیے ایک پیکج (Package)بنایا گیاہے جس میں
11 روزے رکھنے والاممتازکیفیت ،6 والابہتر کیفیت اور4 والا مناسب کیفیت کے
درجے میں شمار ہوگا ۔
سوال : کراچی شہر کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب :
کراچی پاکستان کےلیے عُروسُ الْبِلاَد(شہروں کی دُلہن)ہے ۔مدارس المدینہ( کراچی) سے سورۂ خلاص ،درودشریف وغیرہ کی کارکردگی فوراًآنا
شروع ہوجاتی ہے ،جامعۃ المدینہ( کراچی) سےبھی کارکردگی آتی ہے ۔
سوال: چاندگہن کے وقت کیا کسی چیز کے کاٹنے سے
کوئی نقصان ہوتاہے ؟
جواب: نہیں
، ایسی کوئی بات نہیں ۔
سوال: کیا ہر
ماہ مدنی قافلے میں سفرکے لیے تاریخ
فکس کر لینی چاہئے؟
جواب: جی
ہاں ! ہرکسی کو چاہئے کہ کوئی جمعہ(جمعہ،ہفتہ،اتوار) مدنی قافلے میں سفرکے لیے فکس کرلے
،اس طرح نہ کیا تو پھر سفرکرنا بُھول بھی
سکتاہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” واہ کیا بات غوثِ اعظم کی “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 28 صفحات کا رسالہ ”واہ کیا
بات غوثِ اعظم کی “ پڑھ یا سُن
لے، اُسے بد عقیدگی اور بڑے خاتمے سے بچااور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔
21 ربیع الاول 1445ھ کو ہونے والے مدنی
مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت کے مدنی پھول
دینِ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زندگی
گزارنے اور ضروریاتِ دین سے لوگوں کو آگاہ
کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 21 ربیع الاول 1445ھ
بمطابق 07 اکتوبر 2023ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔
مدنی مذاکرے کا آغاز معمول کے مطابق تلاوتِ
قراٰن اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم سے کیا گیاجبکہ عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف سوالات
کا بھی سلسلہ ہوا۔
اس دوران عاشقِ رسول و بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت
علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے
عاشقانِ رسول کے سوالات کے جوابات دیئے اور انہیں خوشگوار مدنی پھولوں سے نوازا جن
میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: ملنساری
اورخوش اخلاقی کی کیا اہمیّت ہے ؟
جواب: واقعی ملنساری اورخوش اخلاقی بہت بڑی چیز ہے ،اس سے لوگ جلدمانوس ہوجاتے ہیں ،ان کی دل جوئی ہوتی ہے،لوگ قریب
آتے ہیں ،ملنسار بننا چاہیئے ،سلام کو عام کرنا چاہیئے اورمسکرا کر ملاقات کرنی چاہیئے
۔
سوال:محبت کی چابی(Key) کیا ہے ؟
جواب:ملاقات کے وقت سلام کرنا محبت کی چابی ہے ۔کسی ناراض سے مسکراکر سلام کریں گےتو ناراضی دورہوجائے گی یا بہتراثرات ضرورمرتب ہوں گے۔سلام میں سلامتی کی
دعاہے، یہ کتنی پیاری اورجامع دعا ہے۔سلام کو عام کرنا چاہیئے۔ اگرگھرمیں بھی سلام
سلام ہوتا رہے گا تو گھرامن کا گہورا بن جائے گا،سلامتی گھرمیں ڈیرے ڈال لے گی
،بےبرکتی دورہوجائے گی،جھگڑے دورہوجائیں گے ۔سلام بہت قدیم ہے ،حضرت آدَم علیہ السلام سے چلاآرہا ہے ۔
سوال :حضورسراپا نورصلی اللہ علیہ والہ وسلم کے والدمحترم اور دادا جان کا نام کیا تھا؟
جواب :داداجان کانام حضرت عبدالمطلب رضی
اللہ عنہ اوروالدِگرامی کا نام حضرت عبد اللہ رضی اللہ عنہ تھا ۔
سوال: کیا قرآن کریم دیکھ
کر پڑھنا بہترہےیا زبانی ؟
جواب:قرآنِ کریم دیکھ کر پڑھنا افضل ہے، اس میں دیکھنابھی
عبادت،چُھونا بھی عبادت ہے۔
سوال:نبیِ پاک صلی
اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت پڑھنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب:نبی پاک صلی
اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کی جتنی معلومات بڑھتی ہیں تو عشقِ نبی میں اضافہ ہوتاہے اورعشقِ نبی میں
اضافہ ہی ہونا چاہیئے ۔مکتبۃ المدینہ نے سیرتِ مصطفی(صلی اللہ علیہ والہ وسلم) پر کتابیں شائع کی ہیں،ایک کتاب”آخری نبی کی پیاری سیرت“شائع ہوئی ہے، یہ کتاب ضرور پڑھیں ۔
سوال:کیا دینی کتاب خرید کرپڑھنی چاہیئے؟
جواب:دِینی کتابیں خریدکر پڑھیں ،اس سے زیادہ برکتیں ملیں گی۔ تحفے میں ملے تو اس جیسی کتاب خرید کر کسی کو
تحفہ دے دیں۔
سوال :مفتی وقارالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ سے آپ نے کتناعلم حاصل کیا ؟
جواب:مجھے مفتی وقارالدین قادری رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت حاصل رہی ،ان کی خدمت میں آنا
جانارہتاتھا،مَیں نے اِن سے وہ مسائل سیکھے جو عام طور پرکتابوں کے مطالعے سے حاصل
نہیں ہوتے ،میں ان سے بہت مسائل پوچھتاتھا ،مجھے مسائل سیکھنے کی حرص تھی ،مفتی
صاحب خود فرماتے ہیں کہ میں ان کے پاس تقریباً
22سال جاتارہا ہوں ۔
سوال: ٹینشن(Tension) دورہونے کا کوئی
وظیفہ بتادیں ؟
جواب:اوّل وآخر دُرودشریف پڑھ کر’’یَابَاعِثُ یَانُوْرُ‘‘روزانہ 11 بار سوتے وقت دل پرسیدھا ہاتھ رکھ کر پڑھیں ،9فائدے حاصل ہوں گے
جن میں سے ایک فائدہ ٹینشن دورہونا بھی ہے۔
سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ”امیر اہلسنّت سے سائنس کے بارے میں
10 سوال جواب“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟
قراٰن و حدیث کی تعلیمات سے لوگوں کے دلوں کو
روشن کرنے اور انہیں دینی باتیں بتانے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ
اسلامی کے تحت 14 ربیع الاول 1445ھ بمطابق 30 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ کی شب مدنی
مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔
مبلغِ دعوتِ اسلامی نے تلاوتِ قراٰن سے مدنی
مذاکرے کا آغاز کیا اور نعت خواں اسلامی بھائی نے حضور پُر نور حضرت محمد صلی اللہ علیہ
و سلم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت
پیش کیا۔
تلاوت و نعت کے بعد مدنی مذاکرے کے سوالات کا
سلسلہ ہوا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری
رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہنے عاشقانِ رسول کی تربیت کرتے ہوئے انہیں مدنی پھولوں
سے نوازا جن میں سے چند درج ذیل ہیں:
سوال:ربیع الاول میں کی جانے والی لائٹنگ کب تک چلانی چاہیئے ؟
جواب: جب لوگوں کی چہل پہل ختم ہوجائےاورکوئی اسے دیکھنے والانہ ہوتو لائٹنگ بند کر دینی چاہیئے
۔12 ربیع الاول کے بعد جھنڈے بھی اتارکر،تہہ کر کے کسی شاپر وغیرہ میں لپیٹ کر
رکھ لیں تاکہ بعد میں بھی استعمال کئے
جاسکیں۔
سوال:نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی
مکۂ پاک سے مدینۂ منورہ ہجرت فرمانے کی
کیا وجہ تھی ؟
جواب: صحابۂ کرام علیہم الرضوان نے مکہ پاک سے حبشہ 2مرتبہ ہجرت فرمائی تھی ۔کفارِ
مکہ مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑتوڑنے
لگے تھے جبکہ مدینہ شریف والے ایمان لے آئے تھے ،یہاں مکہ شریف جیساماحول نہیں تھا ،اس لیے یہاں کے
مسلمانوں نے مدینہ شریف آنے کی دعوت دی ،نبیِ کریم صلی اللہ علیہ
والہ وسلم نے صحابہ ٔکرام کو وہاں
ہجرت کرنے کی اجازت دے دی اورپھر خود بھی مدینہ ٔمنورہ ہجرت فرمائی ۔
سوال : چوری وغیرہ
کے معاملات بڑھنے کی وجہ سے باہر نکلتے ہوئے ڈرلگتاہوتو کوئی وظیفہ ارشادفرمادیں ۔
جواب : گھرسے نکلنے کی دعا بِسْمِ اللَّهِ تَوَكَّلْتُ عَلَى
اللَّهِ، لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللَّهِ،اول وآخر درودشریف کے ساتھ پڑھ لیا کریں۔ اسی طرح اپنی تمام
چیزوں پریَاجَلِیْلُ10مرتبہ پڑھ کر دم کرلیاکریں۔حفاظت کے ظاہری اسباب بھی اختیارکرنے چاہئیں ،مثلاً قیمتی
چیزیں اورزیادہ رقم لےکرباہر نہ نکلیں ،ایسے علاقے /گلیاں جو ویران ہوں وہاں اکیلے
نہ جائیں ،رات میں جب چہل پہل بند ہوجائے اس وقت گھر سے باہر نہ نکلیں ۔
سوال: نیک اعمال
رسالے پر عمل کرکے اپنے اعمال کا جائزہ لینے
کا کیا فائدہ ہے ؟
جواب: نیک اعمال
کا رسالہ حاصل کریں ،اس کا مطالعہ کریں
،روزا نہ اس کے مطابق اپنے اعمال کا جائزہ لیں ،اس کی برکت سے نیک بنیں گے ،نیک
اعمال میں اضافہ ہوگا،گناہوں سے بچنے کی صورتیں بنیں گی ۔ہر ایک کو چاہیئے کہ اپنے اعمال کا روزانہ جائزہ لے۔
سوال: کیا را
ت کو ناخن کاٹ سکتے ہیں ؟
جواب:جی ہاں !
سوال:دعوتِ اسلامی میں ذمہ داری کے لیے کیا”عطاری“(یعنی امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانامحمد الیاس قادِری کا مُرید/طالب ) ہونا ضروری ہے ؟
جواب:نہیں ! اہل ہونا ضروری ہے ،اہل ہے تو نقشبندی ،چشتی
،سہروردی ،قادری ،عطاری جو بھی ہواُسے ذمہ داری دی جاتی ہے۔
سوال : عالمِ دِین
کی تعظیم کے کیا فوائد ہیں ؟
جواب : اسلام میں عالمِ دِین کا بڑادرجہ ہے ۔عالمِ دین کو تو
تعظیم کی نیت سے دیکھنا بھی عبادت ہے ۔
سوال: حسدکا کیا
معنی ٰ ہے ؟
جواب: کسی کی نعمت کے
بارے میں یہ چاہنا کہ اُس سے یہ نعمت چھن جائے ۔یہ حسدہے ،ایساشخص گو یا اللہ پاک کی تقسیم پر راضی نہیں۔بندے چاہیئے کہ اللہ پاک نے جن حالات میں رکھا ہے بندہ اس پر راضی
رہے ۔شہرت کی چاہت بھی حسد پیدا کرتی ہے ،اس سےبچنے کی کوشش کی جائے۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”ارشاداتِ حضرت سری سقطی “
پڑھنے یاسُننے والوں کوامیرِاہلِ سنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا
دی ؟
23
ستمبر 2023 کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ
یوم
ولادتِ مصطفٰے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکی خوشی میں
دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا
سلسلہ جاری ہے۔ 23 ستمبر 2023ء بمطابق 7
ربیع الاول 1444ھ کو بھی ہفتہ وار مدنی مذاکرہ ہوا جس میں شہر کراچی اور پاکستان
کے دیگر شہروں سے عاشقانِ رسول نےفیضانِ
مدینہ کراچی آکر جبکہ ملک و بیرون ملک کے کثیر
اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
اس
مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے
امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال:حضرتِ
سیِّدُنا شیخ عبدُالحق محدث دِہلوی رحمۃُ اللہِ
علیہ
کے پیر و مُرشِد کا نام کیا تھا؟
جواب:حضرت سیِّدُنا عبدالوہاب
متقی رحمۃُ
اللہِ علیہ
۔
سوال:جُلوسِ
میلاد میں کھانے پینے کی چیزیں لُوٹنا( جمع) کرنا کیسا؟
جواب:
جُلوسِ میلاد میں کھانے پینے کی چیزیں لُٹانے سے چیزیں ضائع ہوتی ہیں۔ہاں،تقسیم
کریں اور تقسیم کرنے والے اِس بات کو
یقینی بنائیں کہ چیزیں پھینکنے کے بجائے لوگوں کے ہاتھوں میں دیں۔
سوال:جُلوسِ
میلاد میں کس طرح شرکت کی جائے؟
جواب:
جُلوسِ میلاد سال میں ایک مَرتبہ آتا ہے،اِس
لیے باوُضو،مدنی پرچم ہاتھ میں پکڑ کر، نگاہیں جھکائے ، یہ تصور کرتے
ہوئے کہ حضرت بی بی آمنہ رضی اللہُ عنہا کے گھر میرے پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی آمد
ہوئی ہے اور میں اِستقبال کے لیے جا رہا ہوں، اِس سے دِل میں رِقت پیدا ہوگی اور لطف و سُرور آئےگا۔
سوال:
بچوں کو جُلوسِ میلاد میں شرکت کروانے کا کیا فائدہ ہوتا ہے؟
جواب:جُلوسِ
میلاد میں شرکت کا فائدہ دیکھنا ہو تو
مجھے دیکھ لیں۔والد صاحب کو چاہیے کہ بچوں کو جُلوسِ میلاد میں شرکت کروائیں، میں بچپن سے ہی محافلِ نعت میں شرکت کیا کرتا تھا۔
سوال:اپنا جھنڈا دوسرے جھنڈوں میں مکس نہ ہو، اِس کے لیے کیا
احتیاط کی جائے؟
جواب:
اپنے ذاتی جھنڈے پر کوئی نشانی بنا لیں(مثلاً چاند تارا /کوئی پھول
بنالیں وغیرہ) تاکہ اورجھنڈوں میں مکس(Mix)
ہو بھی جائے تو اپنے جھنڈےکی پہچان ہو سکے۔
سوال:
مسلمان کیسا ہوتا ہے؟
جواب: مسلمان شریعت کا پابند ہوتا ہے۔
سوال:میدانِ
عرفات میں حاجیوں کے جو لمحات گزرتے ہیں
وہ کیسے ہوتے ہیں؟
جواب:
بہت قیمتی لمحات ہوتے ہیں۔
سوال:تخصص
فی الحدیث
کیا ہوتا ہے؟
جواب: جو درسِ نظامی (عالم کورس) کرنے کے بعد حدیثِ پاک کا علم حاصل کرتے ہیں، اِس
کورس کے مکمل کرنے والے کو ”مُتَخَصِّصْ“
کہتے ہیں یعنی وہ حدیث کا ماہر(Specialist)ہے۔
سوال:فطری
اور قدرتی بات
میں کیا فرق ہے؟
جواب:
فطری اور قدرتی بات دونوں کے ایک ہی معنیٰ
ہیں۔
سوال:خود
پسندی کسے کہتے ہیں؟
جواب:کسی میں کوئی خوبی ہو تو وہ اسے اپنا
کمال سمجھے اور اُس کے زَوال سے بے خبر ہوجائے اسے عربی میں ”عُجب“
کہتے ہیں، یہ بڑی بُری چیز ہے۔یہ لوگوں
میں پائی جاتی ہے، اِسی وجہ سے بعض لوگ ”میں میں“ کرتے رہتے ہیں۔ اِس کا حل یہ ہے کہ بندہ یہ ذہن بنائے
کہ یہ خوبی اللہ پاک کی عطا سے ہے وہ جب چاہے گا اسے واپس لے لے گا۔
سوال: اِس ہفتے کا رِسالہ” دُرُودِ پاک کے فضائل“
پڑھنے سننے والے کو امیر اہلسنت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا دی؟
جواب: یا رَبِّ کریم ! جو کوئی 17 صفحات کا رِسالہ ’’دُرُودِ پاک کے فضائل‘‘ پڑھ یا سُن
لے، اُسے کثرت سے دُرُود و سلام پڑھنے کی توفیق دے اور اس کی ماں باپ سمیت بے حساب
مغفرت فرما۔اٰمین
بجاہِ النَّبی الامین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ۔
23
صفر المظفر 1445ھ بمطابق 9ستمبر2023ء بروز
ہفتہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ
کراچی میں مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس میں شہرِ کراچی کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ
رسول نےفیضانِ مدینہ کراچی آکر جبکہ دیگر شہروں اور ملکوں سے کثیر اسلامی بھائی
بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
اس
مدنی مذاکرے میں عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے گئے جس کے
امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: اعلیٰ حضرت
امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے
عرس کے موقع پرگھرمیں کس اندازسے محفل کا
اہتمام کیا جائے ؟
جواب: دوست احباب کو بلائیں،گھرمیں قرآن
خوانی کریں ،سورۂ یٰسین شریف پڑھ لیں ،نعت خوانی کریں ،کچھ پکایاہوتوفاتحہ پڑھ کر
مہمانوں کوکھانا کھلادیا جائے ۔
سوال:صفرالمظفرمیں
صدقہ وخیرات اس لیے کرنا
کہ صفرمیں بلائیں اُترتی ہیں ،ایساکرنا کیسا؟
جواب:صدقہ وخیرات کرنا تو اچھی بات ہے مگرصفرالمظفرکو منحوس سمجھنا غلط ہے ۔اللہ پاک کے آخری نبی،محمدِ عربی صلی اللہ علیہ والہ وسلم فرماتے ہیں :لَا عَدْوَى وَلَا صَفَرَ یعنی نہ مرض کا اڑکر لگنا ہے،
نہ صفر کوئی چیز ہے۔ (بخاری،ج4،ص26،حدیث:5717) زمانۂ جاہلیت سے لوگوں میں یہ
وہم عام تھا کہ صفر کے مہینے میں بلائیں اُترتی ہیں،صفر بلاؤں والا مہینا ہے
تونبی ِکریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے لَا صَفَرَ (صفرکوئی
چیزنہیں)فرماکر ان وہمی باتوں کا رد فرما
دیا۔ ( عمدۃ القاری،ج14،ص693 ) مراٰۃ المناجیح میں ہے کہ بعض لوگ صفر کے آخری چہار شنبہ(یعنی بدھ) کو خوشیاں مناتے ہیں کہ منحوس شہر(یعنی صفرکا مہینا) چل دیا ،یہ باطل ہے۔(مراٰۃ المناجیح ،ج6،ص257)
سوال: آپ فتاویٰ
رضویہ کامطالعہ کس طرح کرتے تھے
اورہمیں کس طرح اس کو پڑھنا چاہئے؟
جواب:
دعوتِ اسلامی سے بہت پہلے مجھے فتاویٰ رضویہ سے
تعارف ، دلچسپی اورتعلق رہا ہے ۔اس وقت فتاویٰ رضویہ تخریج شدہ ،عربی وفارسی عبارتوں کا ترجمہ نہیں
تھا ،اس کی 11جِلدیں تھیں ،سمجھنے میں دُشواری ہوتی تھی اب اس کی تخریج ہوچکی ہے
،عربی وفارسی عبارتوں کے ترجمے ہوچکےہیں ۔ اپنی دلچسپی کے مطابق اس کا مطالعہ کریں
جیسے جلد نمبر20سے 26 میں ضروریاتِ زندگی سے متعلق مختلف سوال جواب ہیں، پہلےیہ پڑھ لیں ۔البتہ علماءِ اہلسنّت سے رابطے میں
رہیں ،جو بات سمجھ نہ آئے ان سے سمجھ لیں۔
سوال: امام محمد بن محمد غزالی رحمۃ اللہ علیہ کے رسالے اَیُّھَاالْوَلَدْ(ترجمہ بنام:بیٹے کو نصیحت)کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب: ’’بیٹے
کونصیحت‘‘ کے نام سے یہ بہت پیارارسالہ مکتبۃ المدینہ سے شائع
ہواہے،یہ رسالہ پڑھنے سے بہت ساری معلومات حاصل ہوں گی۔
سوال: امام
احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب:امام احمد رضاخان رحمۃ اللہ علیہ ہیں تو ہم ہیں،میری تَو شہرت
تعلیماتِ رضا( جوکہ قرآن وحدیث کی تعلیمات ہیں
)کو عام کرنے
کی وجہ سے ہے۔
سوال:آپ ماہِ ر بیع الاو ل میں تمام
عاشقانِ رسول (بالخصوص دعوتِ اسلامی والوں )کو کتنا درود
شریف پڑھنے کا ہدف ارشاد فرماتے ہیں؟
جواب :ربیع الاول کے پورے مہینے میں 12ارب دُرود شریف پڑھنے کا ہدف ہے، کوشش کریں کہ روزانہ
کم ازکم1200مرتبہ دُرود شریف پڑھ لیں۔
سوال: ماہِ ربیع الاول شریف میں نفل روزے رکھنے اور درودوسلام پڑھنے
والوں کوامیراہل سنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دعا دی؟
جواب: یاربِّ
کریم !جو کوئی ماہِ ربیع الاول شریف میں 12 ،7یا 3 روزے رکھے یا
روزانہ 1200
مرتبہ درودشریف پڑھے یا دونوں کام کرے، ان
کو دونوں جہاں کی بھلائیوں سے مالامال فرما اورجس آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پردُرود و سلام پڑھتے ہیں،اُن کا خواب میں جلوہ دِکھا۔ مرتے وقت بھی ان کی زیارت نصیب
فرمایا ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ”فیضانِ
دعوتِ اسلامی“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ
امیراہل سنت نے کیا دُعا دی؟
جواب: یااللہ کریم!جو کوئی تقریباً 40 صفحات پر مشتمل
ماہنامہ فیضانِ مدینہ کا خصوصی شمارہ ”فیضانِ دعوتِ اسلامی“ کے کم ازکم 14 صفحات پڑھ یا سُن لے اسے ایمان و عافیت کے ساتھ میٹھے مدینے
میں موت نصیب فرما، جنت البقیع مقدر فرما اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
26 اگست 2023ء بروز ہفتہ بمطابق 09 صفر
المظفر 1445ھ کو لوگوں کے مختلف دینی و دنیاوی مسائل میں امداد کرنے والی عاشقانِ
رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا
جس میں اسلامی بھائیوں کی کثیر تعداد نے براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔
مدنی مذاکرے کے دوران اسلامی بھائیوں کی جانب سے
دینی، اخلاقی، شرعی اور تنظیمی کاموں کے
حوالےسے مختلف سوالات کا سلسلہ ہوا جن کے بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا
محمد الیاس عطار قادری رضوی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علمِ و
حکمت سے بھرپور جوابات ارشاد فرمائے۔ان سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: ایک مسلمان کابولنے کا اَندازکیسا ہونا چاہیئے؟
جواب: ایک رِوایت میں ہے: مومن کی زبان کے آگے دِل ہوتا ہے ،
اگر وہ بولنے لگتی ہے تو دِل سے رُجوع کرتی ہے،دِل اِجازت دیتا ہو تو بولتی ہے ورنہ خاموش ہو جاتی ہے، جبکہ
منافق کی زبان کے پیچھے دِل ہوتا ہے، جب زبان بولنا چاہتی ہے تو دِل سے رُجوع نہیں
کرتی اور بول دیتی ہے، اِسی لئے کہا جاتا ہے: ”پہلے تولو بعد میں بولو“ عام طور پر بندہ بول کر پچھتاتا ہے خاموش
رہ کر نہیں۔
سوال: کیا آپ (امیر اہلِ سنت دامت
برکاتہم العالیہ)نے کبھی بہت ٹھنڈے پانی سے وُضو کیا ہے؟
جواب: ہم بغداد شریف سے مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ” موصل“ گئے تھے، وہاں حضرت یونس علیہ الصّلوٰۃُوالسّلام کا مزارِمبارک
بھی ہے۔ وہاں ہم نے ظہر کی نماز کے لئے
بہت ٹھنڈے پانی سے وُضو کیا تھا۔
سوال: کیا مسجد میں گرمیوں میں ضَرورتاً AC اور سردیوں میں ہیٹر لگانا چاہیئے؟
جواب : جی ہاں میرا ذہن تو یہی ہے تاکہ لوگوں کا مسجد میں دِل
لگے، سردیوں میں مَساجد میں وُضو کے لئے گرم پانی کا بھی اِہتمام کرنا چاہیئے، یہ سب کام کرنے سے پہلے دارُالافتاء اہل سنَّت سے شرعی رہنمائی ضرور لی جائے۔
سوال: کیا مَساجد بھی جنَّت میں جائیں گی؟
جواب: جی ہاں، میں نے ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت میں اِسی طرح
پڑھاہے کہ مساجد بھی جنّت میں جائیں گی۔
سوال : کیا مَساجد میں جوتوں کی حفاظت اور صفائی ستھرائی کا
اِہتمام،نیز بڑی عمر کے نمازیوں کے لئے
کرسیاں ہونی چاہئیں ؟
جواب: مَساجد میں جوتوں کی حفاظت،اِستنجا ءاور وُضو کرنے کی سہولیات کااے ون اِنتظام
ہونا چاہیئے۔صفائی ستھرائی کا خوب اِہتمام
ہو اور بڑی عمر/بیمار نمازیوں کے لئے کرسیوں
کا بھی اِہتمام ہونا چاہیئے۔
سوال: بعض لوگ صرف انجینئر اور ڈاکٹر بننے اور اِس شناخت کے لئے بہت زیادہ کوشش اور محنت کرتے
ہیں، مگربطورِ مسلمان شناخت کے لئے کوشش نہیں کرتے،اِس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب:بطورِ مسلمان شناخت کے لئے کوشش کرنی چاہیئے،اِیمان کی
حفاظت کی بھی فکر کرنی چاہیئے،اِیمان کامیابی کے لئے شرط ہے، اللہ پاک ہم سب کے اِیمان کی حفاظت فرمائے۔ اِس کے لئے
نیک اَعمال کے مُطابق زندگی گزارئیے اور مدنی قافلوں میں سفر کیجیے۔
سوال:بُرے خواب سے بچنے کا کوئی وَظیفہ بتادیجئے۔
جواب:سونے سے پہلے 21 مَرتبہ یَامُتَکَبِّرُ پڑھ لینا چاہیئے،
اِن
شاءَ اللہُ الکریم بُرے خوابوں سے بچت ہو گی۔
سوال : دعوتِ اسلامی کے 42 سال مکمل ہونے پر 2 ستمبر
کو ”یومِ دعوتِ اسلامی“ کس طرح منایا جائے ؟
جواب:میں مدنی قافلے والا ہوں، اِس موقع پر3،2،1ستمبر2023ء ( جمعہ، ہفتہ اور اتوار) تمام دعوتِ اسلامی کے مَرحومین کے اِیصالِ ثواب
کی نیت سے مدنی قافلوں میں سفر کریں اور اسلامی بہنیں اپنے محارم کو مدنی قافلوں میں سفر کروائیں اور 2 ستمبر کو اپنے گھروں پر دعوتِ اسلامی کا
پرچم بھی لگائیں۔
سوال : اِیمان کی حفاظت کے لئے ”کفریہ کلمات کے بارے میں
سوال جواب“ کتاب پڑھنے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب : اِیمان کی حفاظت کے تعلق سے ”کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب“ کتاب لا جواب ہے، اِس کا مُطالعہ ہر ایک کو
کرنا چاہیئے ۔
سوال : دَروازے پر کیا
لکھ کر لگانا چاہیئے ؟
جواب: بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم لکھ کر لگانا چاہیئے۔
اِسی طرح گھر میں آیۃ الکرسی بھی لکھ کر لگانی چاہیئے، اِن شاءَ اللہ اِس کی بَرکتیں ملیں گی۔
سوال : ”جادو کے بارے میں معلومات“ رسالہ پڑھنے والوں
کو امیرِ اہلِ سنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے کیا
دعا دی ہے؟