لوگوں  کے دلوں کو علمِ دین کے نور سے منور کرنے اور انہیں دینِ اسلام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے عاشقانِ رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مذاکروں کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے اسلامی بھائی اپنے دینی و دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔

اسی سلسلے میں 18 نومبر 2023ء بمطابق 4 جمادی الاولیٰ 1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک سے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال :کیا ہر کمال کو زوال ہے؟

جواب: دنیاوی معاملات میں ہرکمال میں کمی آسکتی ہے اوریہ ختم بھی ہوسکتا ہے۔

سوال :ظلم کا انجام کیا ہے؟

جواب: دنیا میں ہی بعض اوقات ظالم کو نقصان پہنچ جاتا ہے، دنیا میں نقصان و بدلہ نہ بھی پہنچے تو آخرت میں اسے جوابدہ ہونا ہوگا۔ ظلم کرنا گناہ ِکبیرہ ، حرام اور جہنم میں لے جانے والا کا م ہے ۔

سوال:بچوں میں باہم کیسا سلوک کیا جائے؟

جواب: بچوں میں ہمیشہ انصاف کریں ،ہر ایک کو اہمیت و پیار دیں، دو بچے موجود ہوں اور ایک کو بوسہ دیا تو دوسرے کو بھی بوسہ دیا جائے، صرف ایک کو اہمیت دینے سے بچوں میں باہم نفرت پیداہوسکتی ہے ،اس لیے کسی ایک بچے کو امتیاز ی حیثیت نہ دی جائے۔

سوال : پیر صاحب خلافت کیوں دیتے ہیں؟

جواب: پیری مریدی کا سلسلہ آگے بڑھانے کے لیے خلافت دی جاتی ہے۔اسلام میں ان سلسلوں کی بھی اہمیت ہے، خانقاہیں مسلمانوں کو سنبھالتی ہیں ، نیک اعمال عام ہوتے ہیں۔ خلافت کا نظام نہ ہو تو سلسلے ختم ہوجائیں گے۔ بزرگانِ دین کی سیرتوں کو پڑھیں تو ان کے کئی کئی خلیفہ ہوتے ہیں۔ ہر خلیفہ پیری مریدی نہیں کرسکتا صرف وہی کرسکتا ہے جس میں پیر بننے کی شرائط ہوں۔

سوال : آپ کی خواہشیں کیا ہیں ؟

جواب: میری دو خواہشیں ہیں مرتے وقت کلمہ نصیب ہو، ایمان پر خاتمہ ہواورمدینہ شریف میں ایمان و عافیت کے ساتھ شہادت کی موت نصیب ہو۔

سوال : اگرکسی کے والدین نےاس کا نا م محمد نہ رکھا ہو تو کیا وہ اپنا نام برکت کے لیے محمد رکھ سکتے ہیں۔

جواب: جی ہاں ! رکھ سکتے ہیں۔

سوال : دنیامیں کامیاب کون ہیں؟

جواب: جس کے اخلاق اچھے ہوں اور وہ لوگوں کے حقوق ادا کرتا ہو۔

سوال: بچوں کے ساتھ کتنا فری ہونا چاہیے؟

جواب: اتنا فری نہ ہوں کہ اس کے نزدیک آپ کی عزت نہ رہے کچھ نہ کچھ ر عب ہونا چاہیے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ 103 سنتیں اور آداب پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ 103 سنتیں اور آداب پڑھ یا سُن لے اُسے سنتوں کا عامل بنا اور اس کی ماں باپ سمیت بلا حساب مغفرت فرما۔۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔