مرکزی مجلسِ شوریٰ میراسرمایہ ہے ،یہ میرے کماؤ
پُترہیں ، علامہ محمد الیاس عطار قادری
عاشقانِ
رسول کی عالمگیر تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہرہفتے مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں مختلف شعبے سے
تعلق رکھنے والے اسلامی بھائی اپنے دینی و
دنیاوی معاملات کے حوالے سے سوالات کرتے اور امیرِ اہلِ سنت اُن سوالات کے جوابات ارشاد فرماتے ہیں۔
اسی
سلسلے میں 16 دسمبر 2023ء بمطابق 3جماد ی الاخریٰ1445ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں
مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول براہِ راست جبکہ
ملک و بیرونِ ملک کے کثیر اسلامی بھائی بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔
مدنی مذاکرے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: راز کی
باتیں کسی کو بتانا کیسا؟
جواب: جیسی راز کی بات ہوگی اسی طرح اس کا حکم ہوگا۔فرمانِ مصطفیٰ: (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) :اپنے مقاصدمیں کامیابی کے لیے انہیں رازمیں رکھنے سے مددحاصل
کروکہ ہر نعمت والے سے حسدکیا جاتاہے ۔ہمیں چاہئے کہ اپنے مقاصد کو رازمیں رکھیں ۔کیونکہ بعض اوقات راز کی بات
بتانے سے لوگ اس سے حسدکرسکتے ہیں ،نظربھی لگ سکتی ہے ۔اسی طرح دوسروں کی رازکی
بات بغیراس کی اجازت سے کسی کونہ بتائیں کہ یہ بھی ہمارے پاس اس کی امانت ہے۔
سوال:مسجدمیں نمازِ باجماعت کا وقت طے ہوتاہے کیا اس کی
پابندی کرنی چاہئے ؟
جواب:جی ہاں ! مسجدمیں نمازکی جماعت کاجو وقت طے ہوتاہے اس
کی پابندی کرنی چاہئے ،ورنہ نمازیوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے اوریہ اچھی بات نہیں ۔
سوال : کم روزی پر قناعت سے کیا مرادہے ؟
جواب :
اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ
پاک جتنادے بندہ اس پر راضی رہے اوراگرروزی
کم ہوتو بندے کو اس پر قناعت نصیب ہو جائے
۔ یوں دعاکرنی چاہئے کہ یااللہ پاک اتنادے کہ کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں ۔
سوال: کیا مالدارہونا فضیلت کی بات ہے ؟
جواب: دنیا میں مالدارہونےمیں کوئی فضیلت
نہیں،اگرسارے کا سارامال حلال کا ہوتویہ مباح کے درجے میں
ہے ۔ہاں اچھی نیتوں مثلاً اللہ پاک کی راہ میں خرچ کروں گا،جن کا نفقہ(یعنی بال
بچوں کا خرچ/بیوی کے روٹی کپڑے کا خرچ وغیرہ) میرے ذمے ہے مثلاً اولادیا ماں باپ
وغیرہ ان کی خبرگیری کروں گا،وغیرہ ۔ایسی اچھی نیّتوں سے حلال مال کماناثواب بن جائے گا۔حدیث پاک میں بکفایت رزق کی دعافرمائی گئی
ہے۔یعنی پوراہوجائے ،کسی کی محتاجی نہ ہو۔
سوال: بیعت کیا ہے ؟
جواب: بیعت کا لفظی معنیٰ"بِک جانا" ہے ،تصوف میں اس کی ایک صورت یہ ہے کہ کسی کو پیر بنا لے یعنی بندہ کسی پیرِکامل سے بیعت کرے ، اس طرح
کہ گناہوں سے توبہ اورشریعت پرعمل کی نیت
کرے ۔جوکسی پیرسے بیعت نہیں کرتاتو گویاکہ وہ اندھاہے ۔مرشدِکامل کی بیعت مفیدہوتی
ہے ۔قرآن وسنت سے اس کا ثبوت ہے ۔علماء فرماتے ہیں کہ کائنات میں نبیِ کریم صلی
اللہ علیہ والہ وسلم جیسا پیر نہیں اورحضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ جیساکوئی
مریدنہیں ۔
سوال:"دعوتِ
اسلامی زندہ باد"لکھنے کے بارے میں
آپ کیا فرماتے ہیں ؟
جواب:دعوتِ
اسلامی سے محبت کا اظہارہوناچاہئے،
اپنی ذاتی گاڑیوں وغیرہ پر دعوتِ اسلامی زندہ باد لکھ لیں ۔
سوال : دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے بارے میں آپ کیا فرماتے
ہیں؟۔
جواب : مرکزی مجلسِ شوریٰ میراسرمایہ ہے ۔یہ میرے کماؤ پُتر(یعنی کما کر دینے والے بیٹے )ہیں ،ساری
دنیا میں کام کررہے ہیں ۔اللہ پاک ان کے ہاتھ مضبوط کرے ،اللہ پاک ان کوبخشے ۔
سوال: کیا
اپنے اوردوسروں کے بارے میں دعاکرتے رہناچاہئے
؟
جواب: جی
ہاں !اپنے لیے،اپنی اولاداور جن جن کے ساتھ واسطہ ہے مثلاًاستاذاپنے شاگردوں
،پیراپنے مریدوں ،تاجراپنے گاہوں وغیرہ کے لیے دعاکرتارہے۔ دعاکرنا
کارِثواب ہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ
” ماں کا پچھتاوا “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل
سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا رسالہ ”ماں کا پچھتاوا“پڑھ یا سُن لے ،اُس
کے ماں باپ اس سے راضی ہوں اور اُس کی ماں باپ سمیت بے حساب مغفرت فرمادے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔