علمِ دین کی اشاعت کا ایک ذریعہ علمِ دین کی
نشست کا انعقاد کرنا بھی ہے جس کے لئے ہرہفتے بعد نمازِ عشا عاشقانِ رسول کی دینی
تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی مذاکرے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں 24 جمادی الاخریٰ 1445ھ بمطابق 6
جنوری 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی
مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ
مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ
العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و
حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔اُن سوال و جواب میں سے بعض درج ذیل ہیں:
سوال: امام شہاب الدین زہری رحمۃ اللہ علیہ کون ہیں ؟
جواب: امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے اساتذہ میں سے تھے۔
سوال:کھانا کس طرح کھانا چاہیئے ؟
جواب:کھانے سے پہلے جوتے اتار لیجئے، جب بھی کھانا
کھائیں تو الٹا پاؤں بچھا دیجئے اور سیدھا کھڑا رکھئےیا دو زانوبیٹھ جائیے۔کھانا زمین پر دسترخوان
بچھاکر کھائیے۔ٹیبل، کرسی یا کھڑے کھڑے کھانے سے کئی سنتیں رہ جائیں گی۔سنت پر عمل
کریں ،سنت جنت میں لے جانے والی ہے ۔
سوال:رجب شریف میں روزے رکھنے کے کیافضائل ہیں ؟
جواب : فرامین
مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم:(1) رَجَب کے پہلے دن کا روزہ تین سال کا کَفّارہ ہے اور دوسرے دن کا روزہ دو سالوں کا
اور تیسرے دن کا ایک سال کا کَفّارہ ہے
،پھر ہر دن کا روزہ ایک ماہ کا کَفّارہ
ہے۔(الجامع الصَّغیر،حدیث 5051، ص311 ) (2)جس نے رَجَب کاایک روزہ رکھا تو وہ ایک سال کے روزوں کی طرح
ہوگا،جس نے سات روزے رکھے، اُس پر جہنَّم کے ساتوں دروازے بند کردیئے جا ئیں گے،جس
نےآٹھ روزے رکھے اُس کےلئے جَنَّت کےآٹھوں دروازے کھول دیئے جائیں گے، جس نے دس
روزے رکھے، وہ اللہ پاک سے جو کچھ مانگے گا، اللہ پاک اُسے عَطا فرمائے گااور جس نے پندرہ (15)روزے رکھے تو آسمان سے
ایک مُنادِی نِدا(یعنی اِعْلان کرنے والااِعلان) کرتا ہے کہ تیرے پچھلے گُناہ بَخش دئیے گئے،پس
تُو اَزْسرِ نَو عمل شُروع کر کہ تیری بُرائیاں نیکیوں سے بدل دی گئیں اور جو زائد
کرے تو اللہ پاک
اُسے اور زیادہ اجر دے گا۔(شُعَبُ الْاِیمان ج3ص368 )(3)قِیامت کے دن روزے دار قَبْروں سے نکلیں گے تو وہ روزے
کی بُو سے پہچانے جائیں گے ،اُن کے لئے دَسْترخوان اور پانی کے کُوزے رکھے جائیں
گے،جن پر مُشک سے مُہر ہوگی، انہیں کہا جائے گا کہ کھاؤ کل تُم بُھوکے تھے،پیو کل
تُم پیاسے تھے،آرام کرو کل تُم تھکے ہوئے تھے،پَس وہ کھائیں گے ،پئیں گے اور آرام
کریں گے حالانکہ لوگ حساب کی مَشقَّت اور پیاس میں مبتلا ہوں گے۔(کنزالعمال ج8 ص313)
سوال: رجب
شریف کی معلومات کیسے ہوں؟
جواب: رجب شریف اللہ پاک کا مہینا ہے ،یہ مہینا بہت اہم ہے ،مکتبۃ
المدینہ کارسالہ ’’کفن کی واپسی‘‘ ضرورپڑھیں۔اس سے رجب شریف میں عبادت کرنے
اورنفل روزے رکھنے کا ذوق پیدا ہوگا۔
سوال:ہم حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا شکرکیسے اداکریں ؟
جواب: حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اُمّت
کے محسن(یعنی اُمّت
پر احسان فرمانے والے) ہیں ،حدیث
پاک میں ہے کہ یہ امت پر سب سے زیادہ مہربان ہیں ۔یعنی بہت ہمدردہیں ۔ہمیں ان کی سیرت
کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ان کاایک لقب صدیق ہے اوراس کا معنی ہے
بہت سچا۔ہمیں بھی ہمیشہ سچ بولنا چاہیئے
اورجھوٹ سے کوسوں دورہنا چاہیئے۔سچائی میں عظمت اورجھوٹ میں بربادی ہے ۔سچے کا بول بالاہے اورجھوٹےکا منہ کالاہے ۔
سوال:کیامسلمان کے بارے میں اچھا گمان رکھنا چاہیئے؟
جواب:اچھاگمان اچھی عبادت ہے ،مسلمان کے بارے میں
اچھا گمان رکھنا ضروری ہے۔بغیرقرینے کے کسی سے بدگمانی کرنے کی اجازت نہیں ،بدگمانی
ہوتو دورکرنے کی کوشش کریں،دل میں جمنے
نہ دیں ۔بُرے دل سے بُراگمان نکلتاہے۔بدگمانی ہمارے معاشرے سے دورہوجائے تو امن
قائم ہوجائے گا ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” کاروبار کے بارے میں 13
سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین ِامیراہلسنت دامت
برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟