04مئی کو مدنی مذاکرے کا سلسلہ ، امیر اہلسنت نے مدنی
پھول ارشاد فرمائے
04
مئی 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی
مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ
اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے
علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی
مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:
سوال: بہتان لگا ناکیساہے اس کی سزاکیا ہے ؟
جواب: کسی شخص کی موجودگی یا غیر موجودگی میں اس پر جھوٹ باندھنایعنی جھوٹاالزام
لگانا بہتان کہلاتا ہے۔یہ غیبت سے بھی بڑاگناہ ،حرام اورجہنم میں لے جانے والاکام
ہے،دوفرامین مصطفی(صلی اللہ علیہ والہ وسلم) سنئے: (1) جو کسی مسلمان کو ذلیل کرنے کی غرض سے ا س پر الزام عائد کرے
تو اللہ تعالیٰ اسے جہنم کے پُل پر اس وقت تک روکے گا جب تک وہ
اپنی کہی ہوئی بات (کے گناہ) سے (اس شخص کو راضی کر کے یا اپنے گناہ کی مقدار عذاب پاکر) نہ نکل جائے۔( ابو داؤد، 4 / 354، الحدیث: 4883) (2) جس نے
کسی شخص کے بارے میں کوئی ایسی بات ذکر کی جو اس
میں نہیں تا کہ اس کے ذریعے اس کو عیب زدہ کرے
تو اللہ تعالیٰ اسے جہنم میں قید کر دے گا
یہاں تک کہ وہ اس کے بارے میں اپنی کہی ہوئی بات ثابت کرے۔( معجم الاوسط، 6 / 327، الحدیث: 8936 ) اس سے
مراد یہ ہے کہ طویل عرصے تک وہ عذاب میں مبتلا رہے گا ۔
سوال:باعمل علمائے
کرام کی صحبت کا کیافائدہ ہے ؟
جواب:باعمل علمائے کرام کی صحبت میں رہیں ،جنت علمائے کرام
کے قدموں کے صدقے ملے گی ،علمائے کرام کی پیروی کی جائے اس لیے کہ یہ اللہ ورسول
کی پیروی کا حکم دیتے ہیں ۔باعمل علمائے کرام کے قدموں سے لگے رہیں گے تو ان شاء
اللہ الکریم ایمان سلامت لے کردنیاسے جائیں گے اوراللہ کی رضا کا مژدہ لیے جنت میں داخل ہوجائیں گے ۔
سوال :
دعوت اسلامی کا دینی
کام ہمارے لیے کیا ہے ؟
جواب : دعوت اسلامی
کا دینی کام ایک طرح سے ہماری غذاہے اس کے بغیرہم نہیں رہ سکتے ،یہ ہمارے نس نس
میں رچ بس گیاہے۔یہ کرتے رہناہے یہ ہمارے لیے سعادت ہے ۔
سوال: چیونٹی کا تذکرہ قرآن کریم کی کون
سی سورت میں ہے ؟
جواب: سورۂ نَمْل میں ۔
سوال:قرآن کریم کی کس سورت کو قرآن پاک کی دلہن اورکس سورت کودل کہاجاتاہے ؟
جواب:سورۂ رحمٰن کو
قرآن پاک کی دلہن اورسورہ ٔ یسین کو قرآن پاک کا دل کہاجاتاہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر اہل سنت سے جھوٹ کے بارے
میں 24 سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 17 صفحات کا
رسالہ ”امیر اہل سنت سے جھوٹ کے بارے میں 24 سوال جواب“ پڑھ یا سن لے اُسے ہمیشہ سچ بولنے اور جھوٹ سے بچنے کی
توفیق عطا فرما اور اُسے بے حساب بخش دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔