11مئی کو مدنی مذاکرے کا سلسلہ ، امیر اہلسنت
نے مدنی پھول ارشاد فرمائے
11مئی2024ء
کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد
کیا گیا جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس
عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ
رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔
مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ
کیجئے:
سوال: اجتماع وغیرہ میں باادب بیٹھنے سے کیامرادہے ؟
جواب:
ایسے اندازمیں نہ بیٹھیں کہ اپنے یا کسی کے سننے میں خلل آئے ۔باتیں کرنے ،اشارے
کرنے وغیرہ سے اجتناب کریں ،یہاں ہاتھ باندھ کر بیٹھنا مرادنہیں ہے ۔موقعہ کے
مطابق ایسی پوزیشن میں بیٹھیں کہ جس میں
دین سیکھنے میں زیادہ آسانی ہو۔غیرمہذب اندازمیں نہ بیٹھیں ۔
سوال:میاں بیوی میں محبت
کیسے پیداہو ؟
جواب:میاں بیوں میں محبت
تو ایک دوسرے کی عزت کرنے سے ہی پیداہوگی ،شوہر اگرکہے کہ بیوی ہی میری عزت کرے تو ایسانہیں ہے حدیث پاک میں تو یہاں تک ہے
: أكرِمُوا
أولادَكُم و أحْسِنوا آدابَهُم یعنی اپنی اولادکی عزت کرو اورانہیں اچھےآداب سیکھاؤ ۔(سنن ابن ماجہ، 2/ 1211، رقم: 3671
) ماں باپ ،بہن بھائیوں کے
جس طرح حقوق ہیں ،اس طرح بیوی کے حقوق بھی ہیں ،بیوی بندے کی زندگی کا ساتھی ہوتی
ہے ،اس کے حقوق کا خیال رکھنا اوراس کی دل جوئی بھی ضروری ہے ،اس کی دل آزاری گناہ
اورجہنم میں لے جانے والاکام ہے۔ میاں
بیوی دونوں کودیکھیں توسسرال میں بیوی
زیادہ شفقتوں کی مستحق نظرآتی ہے ۔ہمارے ہاں بیوی اپناخاندان ،ماں باپ اوربھائی بہنیں چھوڑکر سسرال کے ہاں آتی ہے ۔اس کے لیے یہاں کا ماحول اجنبی ہوتاہے ،ماں
کی جگہ ساس اورباپ کی جگہ سسروغیرہ۔فطری طوپر جب بندہ اجنبیوں میں آتاہے تو وحشت
ہوتی ہے ،اَب اسے شفقت واپنائیت کی زیادہ ضرورت ہے ۔ اگراس پر رعب ڈال کر دبا دینے
کی سوچ ہوتوخرابی ہوتی ہے اور گھرٹوٹ جاتے ہیں ۔وہ شوہرخوش نصیب ہے جسے اپنی بیوی سے
واقعی محبت ہو ،بیوی کے لیے شوہرکی خدمت کی بہت تاکیدہے ۔
سوال: والدین بچے کی عزت کس طرح کریں ؟
جواب: حدیث پاک میں اپنی اولادکی عزت کرنے اوراچھے
آداب سکھانے کا حکم ہے ۔ظاہرہے جب ہم بچے کی عزت کریں گے تو بچہ بھی ہماری عزت کرے گا ،آپ اس کی عزت کریں تو اسے
عزت کرنا آئے گا ،عزت کس طرح کی جاتی ہے وہ سیکھے گا ۔ آپ بچوں کو تُو کہیں گے تو
وہ بھی آپ کو تُو بولے گا۔آپ میں ادب زیادہ ہے ،آپس میں اسے رائج کرنا چاہئے ۔
سوال: نوحہ کیا ہے،اس کا شرعی حکم
کیاہے ؟
جواب: کسی کی وفات پر جھوٹی تعریفیں کرکے رونا نوحہ
کہلاتاہے جو کہ گناہ ہے ۔ صدرُالشّریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اللہ
القَوی فرماتے
ہیں: نوحہ یعنی میّت کے اوصاف مبالغہ کے ساتھ بیان کرکے آواز سے رونا جس
کو بَین کہتے ہیں بِالاجماع حرام ہے ۔(بہارِ شریعت،1/854)
سوال:کیا ذیقعدہ شریف میں نفلی روزے
رکھنے کی فضیلت ہے ؟
جواب: جی ہاں! حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے اللہ پاک کے پیارے آخری نبی محمد عربی
صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے : جس نے ماہ حرام میں 3دن جمعرات ،جمعہ اور
ہفتہ کے دن روزے رکھے اسکے لئے دو سال کی عبادت کا ثواب لکھا جائے گا۔ ( معجم الاوسط طبرانی ،1/
485،حدیث1786) یہاں ماہ حرام سے یہی 4 مہینے
ذیقعدہ ،ذوالحجہ،محرم شریف اور رجب شریف مراد ہیں ۔ (رسالہ کفن کی واپسی صفحہ 12،13)
سوال:جبل احد اور دنیا کا
پہلا پہاڑ کہاں واقع ہیں ؟
جواب:جبل احدشریف مدینہ شہر میں واقع ہےاوردنیا کا پہلاپہاڑ جبل
قیس ہے اوریہ مکہ مکرمہ میں واقع ہے ۔
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”جہنَّم کیا
ہے؟“ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہلسنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 21 صفحات کا
رسالہ ”جہنَّم کیا
ہے؟“ پڑھ یا سُن لے اُسے
جھنَّم کے عذاب سے بچا اور اُس کو ماں باپ سمیت جنَّت الفردوس میں بےحساب داخلہ
عطا فرما ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔