کراچی
رپورٹ:
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رات گئے زلزلے کے مسلسل تین جھٹکوں نے شہریوں
میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی۔ زلزلے کے جھٹکے اس قدر زوردار تھے کہ شہر کے مختلف
علاقوں میں لوگ نیند سے جاگ کر گھروں سے باہر نکل آئے، اذانیں دی گئیں اور شہری
توبہ و استغفار میں مشغول ہو گئے۔
زلزلے
کا پہلا جھٹکا رات 1:12 بجے محسوس کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 1:30 بجے دو مزید
جھٹکوں نے کراچی کے متعدد علاقوں کو لرزا دیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2
ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز کراچی کے
نواحی علاقے گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔
زلزلے
کے جھٹکے قائدآباد، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل ٹاؤن، کورنگی، مجید کالونی، شیرپاؤ
کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں واضح طور پر محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں
کے فوراً بعد کئی علاقوں کی مساجد میں اذانیں شروع ہوگئیں جبکہ شہری ذکرو اذکار،
توبہ و استغفار میں مشغول ہوکر بارگاہِ خداوندی میں رحم و کرم کی دعائیں مانگنے
لگے۔
خوف و
ہراس کے اس ماحول میں عالم اسلام کی مذہبی و روحانی شخصیت شیخ امیر اہلسنت حضرت
علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا ویڈیو پیغام جاری ہوا جس میں انہوں نے شہریوں
کو صبر کرنے، گناہوں سے توبہ کرنے، ذکر و اذکار کرنے اور دعائیں کرنے کا ذہن دیا۔
اس ویڈیو پیغام میں امیر اہلسنت دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اللہ پاک کی بارگاہ میں دعائیں کیں اور عاشقان
رسول کو مصیبت سے حفاظت کے لئے مختلف اوراد و وظائف کا ورد کرنے کی ترغیب دلائی۔
امیر اہلسنت کا پیغام:
پہلی
جون 2025ء کو کراچی کے بعض علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، لوگ گھروں سے
باہر آگئے، مساجد میں اذانیں شروع ہوگئیں، اذانیں دینی چاہیئے، اذان سے بلائیں دور
ہوتی ہیں۔اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے۔
امیر
اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے زلزلے کا سبب بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ ”فتاویٰ رضویہ“ میں ارشاد
فرماتے ہیں کہ ”زلزلہ آنے کا سبب لوگوں کے گناہ ہیں“
امیر اہلسنت نے عاشقان رسول کو نیکیوں کی ترغیب دلاتے ہوئے
فرمایا کہ ہم سب کو چاہیئے کہ ہم سچی توبہ
کریں، نمازی بن جائیں، مسجدوں کو آباد کریں، جھوٹ بولنا، غیبت کرنا چھوڑ دیں اورفلموں
ڈراموں سے تائب ہوجائیں، اگر ایسا کیا تو ان شاء اللہ عَزَّوَجَلَّ اللہ ہمیں اس طرح کی آفتوں سے محفوظ رکھے گا۔ اللہ پاک
رحمت کی نظر فرمائے، عافیت فرمائے۔
امیر اہلسنت نے عاشقانِ رسول کو اپنی حفاظت و سلامتی کے
لئے ہر نماز کے بعد ، گھر سے نکلتے وقت اور اللہ توفیق دے تو چلتے پھرتے بھی 11
مرتبہ ”یاحَفِیظُ، یا سَلامُ“کا ورد کرتے رہیں۔
دعائے عطار
اللہ پاک ہماری حفاظت کرے اور سلامتی نصیب فرمائے، اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے، خوف و ہراس میں مبتلا لوگوں کو اللہ پاک امن بخشے اور جن کو تکلیف ہوئی اللہ ان کو راحت بخشے،اللہ پاک ہماری مغفرت فرمائے اور اللہ پاک اس طرح کی آفتوں سے ہماری حفاظت فرمائے۔ اٰمین