دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام 03 مئی 2025ء بمطابق 06 ذیقعدہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ شہر و بیرونِ ملک کے اسلامی  بھائیوں نے بذریعہ مدنی چینل و انٹرنیٹ شرکت کی۔

مدنی مذاکرے کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قراٰن سے کیا گیا جس کے بعد نعت خواں حضرات نے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔

تلاوت و نعت کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور اُن کی جانب سے ہونے والے مختلف سوالات کے جوابات ارشاد فرمائے جن میں سے بعض کا خلاصہ یہ ہے:

سوال:کیا حرام کام پر آخرت میں حساب ہے؟

جواب:حرام پر عذاب اور حلال پر حساب ہے ،آخرت میں ہر نعمت کے بارے میں سوال ہو گا۔

سوال:اگر کسی کی دل آزاری کر دی اور بعد میں معافی مانگ لی مگر وہ دلی طور پر راضی نہ ہو تو کیا کِیا جائے ؟

جواب:بعض لوگ بہت حُساس ہوتے ہیں دل سے جلد راضی نہیں ہوتے تو ایسوں کے ساتھ حُسنِ سُلوک کرتے رہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری آ جائے گی، کہا جاتا ہے ہر دُکھ کی دوا وقت ہے مثلا ًکسی عزیز کا انتقال ہو جائے تو اس کی جُدائی پر جو دُکھ ہوتاہے وہ وقت کے گزرنے کے ساتھ کم یا ختم ہو جاتا ہے ۔

سوال:حج و عمرہ کے لئے اِحرام اور بیلٹ کیسا لینا چاہیئے ؟

جواب:بہترین اِ حرام لیا جائے، تولئے والا بہتر ہے ۔ بیلٹ ریگزین کا لینے کے بجائے نیلون کا جیب(Pocket) والا لینا اچھا ہے کہ یہ مضبوط ہوتا ہے ۔

سوال:عربی زبان کی کیا فضیلت ہے ؟

جواب:عربی سب سے افضل زبان ہے ،یہ قرآنی زبان ہے ،نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زبان ہے نیز جنّتیوں کی زبان بھی ہے ۔

سوال:نوالہ کیسا ہونا چاہیئے اورکھانے پینے میں مزید کیااحتیاط کی جائے ؟

جواب:کھانے میں چھوٹے چھوٹے نوالے لینے چاہئیں ۔بڑا نوالہ درست انداز سے چبایا نہیں جا سکے گا، ہاضم لعاب مکس(Mix) نہیں ہوسکے گا، کھچڑی بھی کھائیں تو اسے بھی اس انداز سے کھائیں کہ اس میں ہاضم لعاب مکس ہو۔پانی کے گُھونٹ بھی بڑے بڑے نہیں بلکہ پانی چُوس کر پینا چاہیئے ۔ حدیث پاک میں ہے: چُوس چُوس کر پیو، غٹ غٹ کرکے بڑے بڑے گھُونٹ نہ لو کہ اس سے جگر کا مرض ہوتا ہے ۔(جامع الصغیر،1/49،حدیث:710)جُوس اتنا آہستہ پینا چاہیئے جتنی دیراس پھل کوچباکر کھانے میں لگتی ہے۔کھانے پینے کی سنتوں اور آداب کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے معدے تباہ ہو گئے ہیں ۔اللہ پاک نے کھانے کے لئے جو نعمتیں عطا فرمائی ہیں انہیں نگلنے کے بجائے کھانا چاہیئے ۔پراٹھے اور تَلی ہوئی چیزیں (Fried Items) کھانے سے بچاجائے ۔

سوال:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کتنے حج ادا فرمائے ہیں ؟

جواب:نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے 3یا 3 سے زیادہ حج ادا فرمائے ہیں ،البتہ حج فرض ہونے کے بعد ایک ہی حج فرمایا ہے جسے حجۃ الوداع کہا جاتا ہے اوریہ حج کی 3 قسموں (حجِ قران ،حج تمتع اور حج اِفراد) میں سے پہلی قسم یعنی حجِ قِران تھا ۔

سوال:دعوت ِاسلامی کے شعبے تحفظِ اوراقِ مقدسہ کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:تحفظِ اوراق مقدسہ اُمّت پر دعوتِ اسلامی کا احسان ہے بالخصوص وہ ممالک جہاں اوراقِ مقدسہ کے تحفظ کے لئے کوئی انتظام نہیں ۔اس شعبے میں اچھے خاصے اسلامی بھائی ہیں اور اس شعبے نے کافی ترقی کی ہے ۔

سوال:چُھری کانٹے اور چمچ سے کھانا کیسا؟

جواب:چُھری کانٹے اور چمچ سے کھانا سنت نہیں ۔ہاتھ سے کھانا چاہیئے ، البتہ کوئی غذا ہاتھ سے نہ کھائی جا سکے تو اب ضرور تا ًچمچ استعمال کر سکتے ہیں ۔3 اُنگلیوں سے کھانا انبیائے کرام علیہم السلام کا طریقہ ہے ۔

سوال:بنگلہ دیش میں 30 اپریل،2،1 مئی 2025ء کو ہونے والے سُنّتوں بھرےاجتماع کے مناظردیکھ کر امیرِاہلِ سنت مولانامحمد الیاس عطار قادِری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے کیا فرمایا؟

جواب:الحمدللہ!بہت زبردست اجتماع ہوا ۔تمام اسلامی بھائیوں بالخصوص رکنِ شوریٰ عبدالمبین بھائی کو مبارک ہو۔ اب تھکن اُتارنے کے بجائے دِینی کام بڑھائیے۔ آپ کا کام ختم نہیں بلکہ اب شروع ہوا ہے ۔جن اسلامی بھائیوں نے اس اجتماع میں شرکت کی، ان پر انفرادی کوشش کریں ،انہیں نمازی بنائیں ،دعوت ِاسلامی کے دِینی ماحول سے وابستہ کریں ۔قافلوں کا مسافر بنائیں اور نیک اعمال کا پابند بنانے کی کوشش کریں ۔

سوال:خادمُ النبی کون سے صحابی ہیں ؟

جواب:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ۔آپ فر ماتے ہیں : مجھے نبیِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمتِ اقدس میں 10 سال رہنے کا شرف حاصل رہا۔ آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے مجھے کبھی بھی اُف تک نہیں فرمایا اور نہ کسی کام کے کرنے میں یہ فرمایا کہ تُو نے یہ کام ایسے کیوں کیا؟ اور کبھی کسی کام کے نہ کرنے پر یہ نہ فرمایا کہ تُونے یہ کام کیوں نہیں کیا؟۔(صحیح البخاری ،حدیث :3561)

سوال:سوشل میڈیا کی ایک تحریر میں لکھا تھا :شوگر کی بیماری میٹھا کھانے سے ہوتی ہے ،میٹھا بولنے سے نہیں ،اس پرآپ کیا فرماتے ہیں :

جواب:بات تو بہت مناسب ہے ۔ شوگر کے سبھی مریض میٹھا کھانے سے پرہیز کریں ضروری نہیں مگر میٹھا بولنے سے بہت پرہیزی ہے ۔بعضوں کی عادت ہی تیکھا بولنے کی ہوتی ہے جسے جارحانہ انداز کہتے ہیں ۔جھاڑ کر ،کرخت لہجے میں ہر چھوٹے بڑے سے بات کی جاتی ہے ۔عموما ًگھروں میں یہ ماحول ہوتاہے ، دکانوں میں سیٹھ ملازم کے ساتھ اس طرح کا انداز اپناتا ہے ۔ملازم کو بھی شفقت،محبت اور پیارکی ضرورت ہوتی ہے ۔میٹھا بولنے سے اتنی پرہیزی بھی کیا! جس سے ہم کڑوے اور بداخلاق مشہور ہو جائیں ۔اللہ پاک کی قسم! بداخلاقی کی بیماری، شوگر کی بیماری سے خطرناک ہے۔شوگر کی بیماری میں اللہ کی رضا کے لئے صبر کیا جائے تو ہمیں جنت میں داخلہ نصیب ہوسکتاہے مگربداخلاقی کی بیماری ہمیں جنت میں نہیں لے جا سکتی ۔بداخلاقی کی بیماری کا علاج کرنا چاہیئے۔ جتنا اخلاق عمدہ ہوگا ،مٹھاس زیادہ ہو گی لوگ اُتنا ہی آپ کے قریب آئیں گے ۔جو دِین کا کام کرتے ہیں ،امامت و خطابت کرتے ہیں، انہیں تو میٹھے اخلاق کی بہت ضرورت ہے۔ انہیں چاہیئے کہ میٹھے اخلاق کی ڈَلی بن جائیں۔ شہد بن جائیں، مکھیوں کا چھتا نہ بنیں ۔لوگ آپ پر واری واری ہو جائیں گے ۔آپ مسجد بھر دیں گے ، بعض دفعہ ایک شخص مسجد کو نمازیوں سے بھر دیتا ہے ۔میٹھے بول وہ کام کر دیتے ہیں جو دنیا کی کوئی طاقت نہیں کر سکتی ۔سونے کی اینٹ کسی کو مار کر سر پھاڑ دیں گے تو وہ متاثر نہیں ہو گا اور گناہ نہیں چھوڑے گا ۔میٹھا بولیں گے تو وہ گناہ چھوڑ دے گا۔

سوال:گلے میں درد اور کھانسی کا علاج ارشاد فرمائیے ۔

جواب:گلےمیں درد اور کھانسی ہو تو: ایک چائے کی چمچ (TEA SPOON) ادرک (GINGER) کے رس میں اتناہی شہد (HONEY)ملا کر سوتے وقت پی لیجئے اور بغیر کلی وغیرہ کئے سو جایئے اور مسلسل تین دن تک یہ عمل کیجئے ان شاء اللہ الکریم شفا حاصل ہوگی۔

مشورہ: اگر چار مُنَقّٰی ( DRIED RAISINS یعنی بڑے خشک انگور ) بھی بیج نکال کر کھا لیں تو فائدہ بڑھ جائے گا۔ ان شاء اللہ الکریم

تاکید : 5 سال سے لیکر 10 سال تک کے بچے کو یہ سب آدھا، 5 سال سے چھوٹے بچے کو چوتھائی اور بہت چھوٹے بچے کو آٹھواں حصہ استعمال کروائیے ۔

نوٹ : تین دن میں فائدہ نہ ہو تو حسب ضرورت دن بڑھا دیجئے۔

سہولت: یہ نسخہ ہر موسم میں استعمال کیا جا سکتا ہے (ہر علاج اپنے طبیب کے مشورے سے کیجئے)۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ ” انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب “ پڑھنے یا سُننے والوں کوخلیفۂ امیر اہل سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یا ربّ المصطفٰے! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ” انبیائے کرام کے بارے میں 25 سوال جواب “ پڑھ یا سُن لے ،اُسے دینِ اسلام پر استقامت عطا فرمااور اس کو ماں باپ سمیت بغیر حساب کے جنت میں داخلہ عطا فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّینْ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔