کراچی (24 مئی 2025) – مئی کی 24 تاریخ کو عالمی مدنی
مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ایک روحانی اور علمی مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس
میں شیخ طریقت، امیر اہل سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت
بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اپنے مدنی
پھول اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ایمان اور اخلاق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یہ روحانی محفل مدنی چینل پر لائیو نشر کی گئی جس کے ذریعے
ہزاروں عاشقان رسول نے فیضان مدینہ میں شریک ہوکر اس مبارک مجلس سے فیض حاصل کیا۔
اس کے علاوہ، لاکھوں افراد ملک بھر اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس عظیم اجتماع کو
اپنی اپنی جگہوں سے دیکھ رہے تھے جس سے یہ ثابت ہوا کہ محبتِ رسول اور اسلام کی
سربلندی کے جذبے کا یہ اجتماع کتنا مؤثر تھا۔
اس مدنی مذاکرےکا مقصد مسلمانوں میں علمی اور روحانی بیداری
پیدا کرنا اور محبتِ رسول کو فروغ دینا تھا۔ شیخ طریقت مولانا الیاس عطار قادری نے
اپنی دلنشین گفتگو میں امت مسلمہ کے لیے رحمتِ عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات کی پیروی اور کردار سازی کی
ضرورت پر زور دیا۔
مدنی مذاکرے میں امیر اہل سنت نے عاشقانِ رسول اور کالرز
کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے جن میں سے چند سوالات اور ان کے جوابات کا خلاصہ
یہاں درج ذیل ہے:
سوال: بعض
اوقات بچوں کو بددُعا دی جاتی ہے،اسی طرح مائیں بھی اپنے آپ کوکوسنے دیتی ہیں ،ایساکرنا کیساہے ؟
جواب:
بعض مائیں بچوں کو بد دعائیں اور کوسنے دیتی
ہیں ،یا اپنے آپ کوبد دعائیں دے ڈالتی ہیں،
یہ بہت بڑی بھول اور بُری بات ہے۔ ایسا نہ
کیا جائے ،یہ بہت خطرناک ہوتی ہیں ،اگر یہ قبول ہو جائیں اور بچے کو کچھ ہو جائے
تو ماں کوہی سب سے زیادہ صدمہ ہو گا ،پھر
پچھتانے سے کچھ نہ ہو گا، بعض قبولیت کی گھڑیاں ہوتی ہیں
سوال: کیا بیٹی یا کسی مسلمان کو قربانی کا جانور گفٹ کر
سکتے ہیں ؟
جواب:
کوئی شرعی رکاوٹ نہ ہو تو کر سکتے ہیں ۔
سوال: کتنے
انبیائے کرام علیہم السلام ہیں جن پر ظاہری
طور پر موت نہیں آئی اور وہ زندہ ہیں ؟
جواب: اللہ پاک کے4 نبی ایسے ہیں کہ ان پر ظاہری طور پر
موت نہیں آئی ۔(1)حضرت عیسیٰ علیہ السلام
(2) حضرت اِدریس علیہ السلام آسمان پر زندہ ہیں اور (3) حضرت الیاس علیہ السلام اور (4)حضرت خضر علیہ السلام زمین
پر زندہ ہیں ۔
سوال: اُوْلُو اَلعَزْم رسول کتنے ہیں ؟
جواب:
اُوْلُو اَلعَزْم (یعنی بہت بلند ہمت
وحوصلے والے) رسول 5ہیں ،سب سے آخری نبی
حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،حضرت ابراہیم علیہ السلام ،حضرت موسیٰ
علیہ السلام ،حضرت عیسی ٰ علیہ السلام اور
حضرت نوح علیہ السلام
سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” مدینے کی زیارتیں “ پڑھنے یا
سُننے والوں کوامیر اہل سنت مولانا الیاس قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟
جواب:
یا اللہ پاک! جو کوئی 14 صفحات کا رسالہ ”مدینے کی زیارتیں“ پڑھ یا سُن لے،
اُسے مدینۂ پاک کی بار بار با ادب حاضری نصیب فرما اور اُس کی ماں باپ سمیت
بےحساب مغفرت فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم
النَّبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔
سوال : نکسیر(ناک
سے خون بہنے)کا گھریلو علاج کیا ہے ؟
جواب:
کدو شریف 50 گرام ۔ کھیرا 50 گرام - چقندر 50 گرام۔
روزانہ صبح و
شام ان سب کو ایک گلاس پانی میں گرائنڈ کر کے چھان کر (بغیر چھانے بہتر ) پی لیجئے
۔ (خالی پیٹ بہتر )
مدت:
تا حصول شفا ۔5 تا 10 سال آدھی خوراک
سہولت:
مرد و عورت ہر موسم میں استعمال کر سکتے ہیں۔
پرہیز:یہ
علاج کریں یا نہ کریں نکسیر کے مریض کیلئے گرم تاثیر والی چیزوں اور گوشت کا زیادہ
استعمال نقصان دہ ہے۔
دیگر فوائد: ہاتھ پاؤں میں یا پیشاب میں جلن، معدے میں تیزابیت یا جن کو گرمی زیادہ
لگتی ہو یہ سب بھی اس گھر یلو علاج سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تاکید :ہر
علاج اپنے طبیب کے مشورے سے کیجئے۔
یہ مکمل مدنی مذاکرہ دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک
کیجئے: