عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ہر ہفتے  ہونے والا مدنی مذاکرہ علمِ دین سیکھنے اور معاشرتی معاملات کے بارے میں آگاہی کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

معلومات کے مطابق 10 مئی 2025ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کےعلاقوں سے آئے ہوئے عاشقانِ رسول نے براہِ راست جبکہ بیرونِ ملک و بیرونِ شہر کے عاشقانِ رسول نے مدنی چینل کے ذریعے شرکت کی۔

تلاوت و نعت سے شروع ہونے والے مدنی مذاکرے میں شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کو مدنی پھولوں سے نوازا اور اُن کے سوالات کے جوابات دیئے جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

سوال:اگرکوئی کام کہے اورہم وہ کام نہ کرناچاہیں تو کس طرح منع کریں کہ اس کا دل بھی نہ دُکھے؟

جواب:ایسے موقع پر محتاط اندازمیں منع کیاجائے کہ اس کی دل آزاری نہ ہو۔اگراس کا وہ حق بھی نہ بنتاہوتو اَب اگروہ ناراض ہوتاہے تو یہ تکلیف دینانہ ہوگا ۔منع کرنے والا گنہگاربھی نہیں ہوگابلکہ ناراض ہونے والا تاذّی یعنی اپنے اوپر تکلیف وناراضی اوڑھ لینے والا ہوگا۔ میرامشورہ ہے کہ اس کام میں کوئی شرعاً اوراخلاقا ً خرابی نہ ہوتو اُس کا دل رکھتے ہوئے اُس کا کام کردیا جائے ، فرائض کے بعد سب سے افضل عمل کسی مسلمان کا دل خوش کرنا ہے ۔اس لئے اس کا کام کرکے دل میں خوشی داخل کرنی چاہیئے ۔

سوال:سنہری جالیوں میں مُواجَھَہ شریف کس طرف ہے؟

جواب:سنہری جالیوں میں بڑےسو راخ اوردوچھوٹے سوراخوں کے درمیان جو جگہ ہے یعنی سُنَہری جالیوں کے دروازۂ مبارَکہ میں چاندی کی کِیلیں جو اوپر کی طرف جانِبِ مشرِق لگی ہوئی ہیں،ا س مقام کو مُواجَھَہ شریف کہاجاتاہے، اس کے سامنے پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا چہرہ مبارک ہے ،اس کے سامنے کھڑے ہوکرسلام عرض کیاجائے ۔

سوال: کیابچی کا نام رحیمہ یا کریمہ رکھ سکتے ہیں ؟

جواب:جی !

سوال:ام المؤمنین حضرت بی بی سودہ رضی اللہ عنہا سے نفل حج کرنےکے بارے میں کہا گیا تو آپ نے کیا جواب دیا ؟

جواب:آپ رضی اللہ عنہا نے پردے کی سخت پابندی اورحیاکی وجہ سے فرمایا کہ میں نےفرض حج کرلیا ہے اب میراجنازہ ہی گھرسے باہرآئے گا ۔

سوال:ایک پوسٹ میں لکھا تھا:” جب چاقو،خنجراورتلواربیٹھے سوچ رہے تھے کہ کون زیادہ گہرازخم دیتاہے، تب الفاظ پیچھے بیٹھ کرمسکرارہے تھے“ یعنی الفاظ کے زخم سب سے گہرے ہوتے ہیں،اس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں ؟

جواب:یہ بات سمجھنے والی ہے ،تلوارسے دیا گیازخم تو بھرجاتاہےمگرزبان سے دیا گیازخم نہیں بھرتا،کسی کی بات دل پر لگ جاتی ہے یعنی بُرا لگ جاتاہے تو وہ بات جلدجاتی نہیں ۔ہمیں اپنی زبان کی حفاظت کرنی چاہئے ۔

سوال:اِس ہفتے کارِسالہ” مکۂ مکرمہ کی مساجد “ پڑھنے یا سُننے والوں کو امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی ؟

جواب:یااللہ پاک! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ” مکۂ مکرمہ کی مساجد “ پڑھ یا سُن لے اُسےحج و عمرہ کی سعادت عنایت فرما اور اُس کو ماں باپ اور سارے خاندان سمیت جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ نصیب فرما۔۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبِیّینْ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔