عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر میں جہاں مسلمان  رب کریم کی عبادت کرتے ہوئے اپنی اپنی قربانی پیش کرنے میں مصروف تھے۔ وہیں فانی دنیا کے ایک حصے میں مسلمانوں کے دلوں کو تڑپانے اور مالک کائنات کی نافرمانی کرنے کے لئے قرآن پاک کے نسخے کی سخت بے حُرمتی کی گئی اور اسے نذر آتش کیا گیا جس کے بعد دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہوئے اور اپنے اپنے انداز میں اس بُرے فعل کی مذمّت کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔

دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی بھی اپنی رعایت و مقصد کو برقرار رکھتے ہوئے پُر امن انداز میں اس فعل کی مذمت کررہی ہے جس کی ایک کڑی 14 جولائی 2023ء کو دیکھنے میں آئی جب امیر اہلسنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی ترغیب پر دنیا بھرمیں عاشقانِ رسول نے ”یومِ تلاوت قرآن“ منایا اور قرآن پاک کی تلاوت کی۔

اسی طرح 15 جولائی 2023ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی سے براہِ راست (Live) ہونے والے ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں اس درد ناک، شرمناک، کرب ناک اور غمناک واقعے کی مذمت کرنے اور عملی طور پر ردِّ عمل دینے کے لئے بانیٔ دعوتِ اسلامی شیخِ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے قرآنِ پاک کے 540 رکوع کی نسبت سے دنیا بھر میں 540 مساجد بنام ”فیضان قرآن“ بنانے کا اعلان کیا اور تمام عاشقان رسول کو اس نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ ملانے کی ترغیب دلائی ۔

ترغیب دلاتے ہوئے امیر اہل سنت کا کہنا تھا کہ عاشقان قرآن کہاں نہیں ہیں،ہم ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دیں گے ، جو مسجد بنائے گا،اللہ پاک اس کیلئے جنت میں گھر بنائے گا،یعنی جو مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے یہ ثواب اس کے لئے ہوگا جس کا اخلاص زیادہ ہو گا اللہ پاک کی رحمت سے اس کو ثواب بھی اتنا ہی زیاد ملے گا،اگر پوری مسجد نہیں بناسکتے تو آپ حصہ لے لیں،اللہ پاک کی رحمت سے امید ہے کیا معلوم آپ کا دیا ہوا ایک روپیہ ایک کروڑ سے بڑھ جائے،لہذا سب کو مل کر کوشش کرنا ہے،میری درخواست ہے مخیر حضرات آگے آئیں اور سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سمیت اپنے والدین کے ایصال ثواب کیلئے مساجد تعمیر کروائیں،امیر اہلسنت نے دعا کی کہ یا اللہ جو بھی فیضان قرآن مسجد بنائے یا اس میں حصہ لے اس کو جنت میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پڑوس میں عالیشان مکان عطا فرما۔آمین

ترغیب دلاتے ہی دنیا بھر سے مسجد بنانے کے لئے عاشقانِ رسول کے پیغامات آنا شروع ہوگئے۔ صرف شہر داتا علی ہجویری رحمۃُ اللہِ علیہ لاہور میں ہی رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری نے 500 مساجد بنانے کے لئےاپنی نیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے لئے ہدف مقرر کرلیا۔پیغات اور نیتوں کا سلسلے مزید بھی جاری ہے۔ تمام عاشقان رسول سے درخواست ہے کہ آپ بھی قرآن پاک سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس نیکی کے کا موں میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔