11 محرم الحرام 1445ھ 29 جولائی 2023ء بروز ہفتہ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں علمِ دین سے بھرپور مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر عاشقانِ رسول کی براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل شرکت رہی۔

معمول کے مطابق مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوتِ قراٰن اور نعت شریف سے کرنے کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ ہوا جس میں شیخ طریقت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری رضوی ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔

سوال: اہل بیت سے محبت کا کیافائدہ ہے؟

جواب:فرمان امام حسین رضی اللہ عنہ: جس نے اللہ پاک کی رضا کے لیے ہم سے محبت کی ، پھرشہادت اوردرمیان کی انگلی کو آپس میں ملاکر فرمایا ہم اوروہ قیامت کے دن یوں ہوں گے ۔(معجم کبیر،3/125،روایت 2848)

سوال:امیراہل سنت نے محبتِ امام حسین رضی اللہ عنہ کا اظہارکن الفاظ سے فرمایا؟

جواب:خداکی قسم مجھے امام حسین سے محبت ہے ،جب مَیں چھوٹاتھا ،بول بھی نہیں سکتاتھا ،اس وقت سے ہی مجھے ان سے محبت ہے،امام اہل سنت اعلیٰ حضرت امام احمدرضا رحمۃ اللہ علیہ نے صبرکرنے کا حکم دیا ہے ورنہ واقعہ ٔکربلااورآپ کی شہادت کا تصورآتاہے تو جی چاہتاکہ پھوٹ پھوٹ کر روؤں۔صبرکرنا ہے ،اپنے آپ کوکنڑول کرنا ہے اوراگرکوئی آوٹ آف کنڑول ہوجائے اورخودبخودآنسوبہہ جائیں تو بھی سعادت کی بات ہے ،ہمیں امام حسن اورامام حسین رضی اللہ عنہما سے پیارہے اور ان سے نسبت رکھنے والی چیزوں سے بھی پیارہے، مجھے سیدوں سے پیارہے کیونکہ یہ ان کی اولادہیں ۔

سوال :حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عبادت کا اندازکیا تھا؟

جواب: حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ دن رات میں ایک ہزارنوافل ادافرمایا کرتے تھے ۔ماہِ رمضان میں مکمل قرآن پاک ختم فرمایا کرتے تھے ۔آپ کو حج کرنے کا بہت شوق تھا ،آپ نے 25حج پیدل کئے۔

سوال: بعض اوقات غربت کی وجہ سے دل پریشان ہوجاتاہے ،یہ پریشانی کیسے دورہو؟

جواب:جب تک اللہ پاک نے زندہ رکھنا مقدرفرمایاہے تو رزق اللہ پاک کے ذمہ کرم پر ہے۔کفایت شعاری اختیارکی جائے ۔ہمیں ناشتے میں پراٹھا،انڈاآملیٹ اورایک آم بھی درکارہے جبکہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم جوکی روٹی پرقناعت فرماتے تھے۔ کسی کا محل دیکھ کر اپنی جھونپڑی نہیں گرائی جاتی ۔اپنے پاس جھونپڑاہے تو اللہ پاک کا شکراداکریں ،ایسے لوگ بھی پائے جاتے ہیں جن کے پاس یہ بھی نہیں بلکہ فٹ پاتھ پر سوتے ہیں ۔اوپرنہیں نیچے دیکھیں تو تسلی ہوجائے گی ،صبروہمت سے کام لیں۔اللہ پاک پر بھروسہ اوراعتمادکریں اوراپنے کام اللہ پاک کو سونپ دیں ۔ اللہ پاک نے جو ایمان دیاہے وہ تو انمول ہے، لوگ مجھے ایمان کے بدلے کروڑوں اربوں روپے دیں اورکہیں کہ ایمان دے دو تو میں ہرگزنہ دونگا۔ہمارا نصیب تو بہت بلند ہے کہ دامن مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )ہمارے ہاتھوں میں ہے لوگ کہتے ہیں ماؤنٹ ایورسٹ (Mount Everest)سب سے بلندچوٹی ہے،مَیں کہتاہوں کہ ایمان ودامن مصطفی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم )ہمارے پاس ہونے کی وجہ سے ہمارانصیب اس سے بھی بلندہے ۔بہرحال ہمیں رزق حلال کی تلاش میں ہاتھ پاؤں مارنے چاہئیں اوریہ بات پیش نظررکھنی چاہئے کہ اللہ پاک خالی پیٹ اٹھاتاہے مگرخالی پیٹ سلاتانہیں ۔

سوال: مال جمع کرنے کا جذبہ کیسا؟

جواب: صرف تین جاندارآئندہ کے لیے اپنی خواراک جمع کرتے ہیں ،اس میں انسان فسٹ ہے کہ کماتاہے اورخوب کماتاہے ،اپنے محلے میں دُکان ہے تو دوسرے محلے بلکہ شہراور ملک میں بنانے کی کوشش کرتاہے ،آج کل لوگوں نے زندگی کا مقصدمال کمانا بنا لیاہے،یہ مولیٰ کی محبت کے لیے کب کوشش کریں گے۔ کس کے لیے کماتاہے ؟خاندان والوں کے لیے ؟یادرکھئے خاندان والے تین دن قبرپر فاتحہ پڑھنے کے لیے جاتے ہیں، پھر جمعرات جمعہ جاتے ہیں ،پھرچہلم میں جاتے ہیں توپھر شب برات ،عاشورا یا عیدین پرہی جاتے ہیں ۔پھر برسی پرجاتے ہیں اورپھر برسی بھی آہستہ آہستہ بھول جاتے ہیں ۔ماں باپ کی قبرپر پھربھی لوگ جاتے ہیں لیکن دادا اورناناکی قبرپر کون جاتاہے ۔رہے نام اللہ کا !اگرآپ زیادہ مال چھوڑیں گے تو اولادلڑائی جھگڑے اورخون خرابے اورکورٹ کچہری میں چلے جائے گی ۔اے غریبو! ہمت رکھو،دوسروں کا مال دیکھ کر مت للچاؤ۔

سوال:ہرصحابی کے بارے میں کیا عقیدہ رکھا جائے ؟

جواب:ہرصحابی عادل اورجنتی ہے ،عادل وہ ہوتاہے جو کبیرہ گناہ نہیں کرتااورصغیرہ گناہ پراصرارنہیں کرتایعنی ہوبھی جائے تواس سے فوری توبہ کرلیتاہے ۔

سوال : صاحب استظاعت کسے کہتے ہیں؟

جواب : استطاعت کہتے ہیں طاقت کویعنی کسی کام کی طاقت رکھنے والے کو صاحبِ استطاعت کہتے ہیں ۔زکوۃ اورحج فرض ہونے کے لیے صاحبِ استطاعت وغیرہ اس کی تفصیل بنے گی۔یعنی جس میں زکوۃ کی شرائط پائی جائیں تو زکوۃ کی ادائیگی کے اعتبارسے وہ صاحبِ استطاعت ہے ۔ حج فرض ہونے کی شرائط جس میں پائی جائیں گی تو وہ حج کے اعتبارسے صاحب استطاعت ہے ۔

سوال: دُکانوں ،کلینک،آفس ،شورومزکے لیے مکتبۃ المدینہ نے ایک تختی بنائی ہے جس میں نمازکے لیے دُکان بند کی اطلاع اورپڑھنے والے کو نمازکی ترغیب ہے اس کو لینے اورلگانے والے کے لیے امیراہل سنت نے کیا دعادی ہے ؟

جواب: مکتبۃ المدینہ کی طرف سے شائع شدہ اس تختی پر لکھا ہے کہ ہم نماز کے لیے جاچکے ہیں ،آپ بھی آجائیے یعنی دُکان بند ہے تو تشویش نہ کریں ،نمازپڑھنے کے لیے کچھ دیرکے لیے دکان بند کی گئی ہے ،آپ بھی نمازپڑھنے کے لیے مسجد میں آجائیے۔یہ تختیاں آپ مکتبۃ المدینہ سے خریدیں اورایسے دکانداروں کو ڈھونڈ کر دیں جو یہ تختیاں لگائیں ۔دعائے عطار:یااللہ پاک ! جو یہ تختی کم ازکم ایک بھی خریدلے یامزیدآگے تقسیم بھی کرے ،وہ اس وقت تک دنیا سے رخصت نہ ہوجب تک تیرے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلّم اورحضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا خواب میں دیدارنہ کرلے ۔امین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ والہ وسلم ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”امیراہل سنت کے 130،ارشادات“ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشین امیراہل سنت نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یااللہ پاک !جوکوئی 14صفحات کارِسالہ ”امیراہل سنت کے 130،ارشادات“ پڑھ یا سن لے اسے عاملَ سنّت اورشریعتِ مطہرہ کا پابندبنا اوراُسے بے حساب بخش دے ۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔