کراچی (محمود عطاری) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے فرمایا کہ حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ عظیم صحابی ہیں، آپ کا وصف ہے کے آپ کو دینی معاملے میں ذرہ برابر بھی کوتاہی برداشت نہیں تھی،آپ دینی احکامات پر مضبوطی سے عمل کرتے،اللہ پاک کی منع کی ہوئی باتوں سے بچتے،نیکی کی دعوت دیتے اور برائی سے منع کیا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں محرم الحرام کی مناسبت سے ہونے والےمدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے فرمایا کہ دنیا میں آپ کا نام مبارک عمر اور آسمانوں میں فاروق کے نام سے پہچانا جاتا ہے،آسمانی کتاب توریت میں آپ کو حق بات کہنے والا بیان کیا گیا ہے،انجیل میں آپ کا نام کافی ہے اور جنت میں آپ کا نام سراج ہوگا،اعلان نبوت کے چھٹے سال 614عیسوی میں آپ نے اسلام قبول کیا،سرور عالم ﷺ نے آپ کے اسلام قبول کرنے کی دعا فرمائی،آپ کو مرادِ رسول بھی کہتے ہیں۔ امیر اہل سنت نے فرمایا کہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اسلام قبول کرنے سے اسلام کی عزت اور غلبہ میں اضافہ اورمسلمانوں کو حوصلہ ملا،آپ کے اسلام قبول کرنے کے بعد مسلمانوں نے حرم پاک میں اعلانیہ نماز ادا کی،رسول پاک ﷺ نے آپ کو اپنا وزیر فرمایا،اسلام کی تمام اہم منصوبہ بندیوں میں حضرت عمر رسول اللہ ﷺکے خصوصی مشیر رہے،ساری زندرگی حضور جانِ عالم ﷺ کی خدمت میں گزاری، 13سن ہجری بمطابق 634عیسوی یعنی 53سال کی عمر مبارک میں آپ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ بنے۔24ہجری بمطابق 643عیسوی میں مسجدِ نبوی شریف میں نما زِفجرمیں شہادت کی موت پائی اور حضور جانِ کائنات فخر موجودات ﷺ کے پہلو مبارک میں دفن ہوئے۔ امیر ِاہلِ سنت نے فرمایا کہ حضرت ابو بکر وعمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے محبت کرنے والا برکتوں سے نوازا جاتا ہے،اس کی اولاد کو بھی اس محبت کی برکتیں نصیب ہوتی ہیں،بیماریوں سے حفاظت ہوتی ہے،مشکلات سے نجات ملتی ہے،اللہ پاک ہمیں بھی شیخین کریمین کی محبت نصیب فرمائے۔