15 جولائی 2023ء کو مدنی مذاکرے میں امیرِ
اہلِ سنت سے ہونے والے چند سوالات اور اُن کے جوابات
15
جولائی 2023ء بمطابق 27 ذو الحجۃ 1444ھ بروز ہفتہ عاشقانِ رسول کی دینی
تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا
انعقاد کیا گیا جس میں براہِ راست اور بذریعہ مدنی چینل اسلامی بھائیوں کی کثیر
تعداد نے شرکت کی۔
مدنی مذاکرے کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ
رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا جس کے بعد عاشقانِ رسول کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے
زندگی سے متعلق سوالات کا سلسلہ ہوا جن کے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد
الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت بھرے جوابات دیئے۔ان سوال و جواب میں
سے بعض یہ ہیں:
سوال: کیا
بچے اور بچی کو بلوغت کے قریب ،بلوغت کی نشانیاں بتائی جائیں؟
جواب: جی ہاں، جب بچہ بالغ ہونے کے قریب ہو یعنی جب عمر 12
سال ہو جائے تو باپ کو چاہیے کہ اسے بلوغت کی نشانیاں
بتائے،یوں ہی بچی کو بلوغت کے قریب اس کی والدہ بالغہ ہونے کی نشانیاں بتائے، اس
میں شرم نہ کی جائے۔
سوال: کیا سوتیلے بھائی بہنوں کے ساتھ بھی حُسنِ سلوک کیا جائے؟
جواب: جی ہاں !ہر مسلمان کے ساتھ حُسنِ سلوک ہونا چاہیے، اگر سوتیلے بھائی بہن باپ کی جانب سے ہوں تو باپ کو خوش کرنے کے لئے ا ور والدہ کی طرف
سے سوتیلے ہوں تو ان کو راضی کرنے کے لئے ان کے ساتھ حُسنِ سلوک کیا جائے ۔ سوتیلے بھائی بہنوں کے ساتھ تو زیادہ
حُسنِ سلوک کیا جائے۔
سوال: ایک مسلمان قرآنِ کریم سے کس طرح محبت کا اِظہار کرے؟
جواب :تلاوتِ قرآن کی
جائے، جس نے ناظرہ قرآن نہیں پڑھا تو وہ دُرُست ناظرہ قرآن پڑھنا سیکھے،ممکن ہوتو قرآنِ کریم حفظ کر لے، قرآن ہماری آنکھوں کا نور اور دِل کا سُرور ہے۔ قرآنِ پاک درست سیکھنے کے لئے مدرسۃ
المدینہ بالغان قائم ہیں، ان میں شرکت کیجیے۔الحمد للہ تعلیمِ
قرآن کو عام کرنے کے لئے دعوتِ اسلامی کی خدمات نمایاں ہیں۔
سوال:کہا جاتا ہے کہ بلّی شیر کی خالہ ہے ،اس کی کیا وجہ ہے؟
جواب: بلّی شیر سے ملتی جلتی صورت رکھتی ہے، شاید اس لئے اسے
شیر کی خالہ کہا جاتا ہے۔
سوال : دورانِ مدنی مذاکرہ یومِ تلاوتِ قرآن نام کی کتنی
مساجد بنانے کا امیر اہلِ سنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے اعلان
فرمایا ہے؟
جواب : عیدالاضحی(1444ھ/2023ء) کے موقع پر مَعاذَ اللہ قرآنِ
پاک جلانے کا شرم ناک واقعہ ہوا، ہم قرآن سے محبت کرتے ہیں، امیر اہلِ سنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے قرآنِ پاک کے 540 رُکوع کی نسبت سے دُنیا بھر میں 540 مَساجد بنام ”فیضانِ قرآن“ بنانے کا
اِعلان فرمایا۔
سوال : ”فیضانِ قرآن“ مسجد بنانے یا کسی طرح بھی حصہ
لینے والوں کو امیر اہلِ سنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے کیا دُعا
دی ؟
جواب : دُعائے عطار:یا اللہ پاک جو کوئی ”فیضانِ
قرآن مسجد “بنائے یا اس میں حصہ لے
اسے جنَّت میں پیارے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے ساتھ عالی
شان گھر عطا فرما۔
سوال : فیضانِ قرآن مَساجد کب تک مکمل ہو جانی چاہئیں؟
جواب :آئندہ رمضان المبارک(1445ھ،2024ء) کی چاند رات بلکہ اس سے پہلے فیضانِ قرآن مسجد کا اِفتتاح کر لیا جائے تاکہ اُس
مسجد میں ماہِ رمضان میں عاشقانِ رسول
نمازیں پڑھیں،تلاوتِ قرآن کریں اور اعتکاف کریں۔
سوال :قرآن پاک کی کل کتنی آیات ہیں؟
جواب :ایک مضبوط قول کے مُطابق قرآنِ پاک کی چھ ہزار دو سو
چھتیس (6236) آیاتِ مبارکہ ہیں ۔
❉اِس ہفتے کارِسالہ ”فیضانِ شیخ ابو بکر شبلی رحمۃ اللہ علیہ “ پڑھنے یاسُننے والوں کوامیراہل سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا دُعا دی؟
❉ یااللہپاک ! جوئی کوئی 20صفحات کارِسالہ ” فیضانِ شیخ ابو بکر شبلی رحمۃ اللہ علیہ “ پڑھ یاسُن لے اُسے دُنیا کی محبت سے بچا،اخلاص کے ساتھ نیکیاں کرنے کی توفیق عطافرما اور جنت الفردوس میں بے حساب داخلہ عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔