علمِ دین سکھانےاور لوگوں کی دینی، اخلاقی و تنظیمی تربیت کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت 28ذیقعدۃالحرام 1444ھ بمطابق 17 جون 2023ء بروز ہفتہ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا۔

معمول کے مطابق تلاوتِ قراٰن و نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم کے بعد ملک و بیرونِ ملک کے عاشقانِ رسول کی جانب سے امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری ضیائی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے مختلف سولات ہوئے جن کے آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے علم و حکمت بھرے جوابات ارشاد فرمائے۔ان میں سے بعض درج ذیل ہیں:

سوال: بندہ اپنے نفس کو کیسے پہچانے؟

جواب:حضرت یحییٰ معاذرازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:جس نے اپنے نفس کو پہچانا اس نے اپنے ربّ کو پہچانا۔نفس کو پہچاننے سے مرادیہ ہے کہ اپنی ذات میں پائی جانے والی کمی، کوتاہی اور زندگی گزارنے میں چیزوں میں محتاج رہنے پر نظرکرے ، اس کے برعکس اللہ پاک ان تمام خامیوں، کمزوریوں ،کمی ،کوتاہی سے پاک ہے اورکسی کا محتاج نہیں بلکہ سب اس کے رحم وکرم کے محتاج ہیں ۔بس یہ غورکرکے اپنی کمزوری وکوتاہی اور اپنی محتاجی پر نظررکھےاوریوں اپنے نفس کو پہچانے کہ مَیں تو کچھ بھی نہیں ہوں،بہت کمزور اور ناتواں ہوں مگرمیراربّ قادرِمطلق ہے ۔

سوال:اتنا زیادہ سوچنا کہ جس سے دماغ پر بوجھ پڑے،ا س سے کیسے بچا جائے؟

جواب:جب زیادہ سوچ بِچار اور پریشان کن خیالات کا سلسلہ ہوتاہے جس میں منفی(Negative)سوچیں آتی ہیں اوربندے پرحاوی ہوجاتی ہیں تو بندہ کسی معاملے کےبُرے نتیجے کے بارے میں سوچنے لگتاہے۔حالانکہ اس کے سامنے وہ نتیجہ ہوتا نہیں۔جب بندہ اپنی سوچوں کو قابونہیں کرتاتو وہ ذہنی مریض بھی بن سکتاہے ۔کھوٹی کھوٹی سوچیں بندے کوڈبودیتی ہیں ۔اس لئے اچھی باتیں سوچنی چاہئیں۔منفی(Negative) نہ سوچیں ،اللہ پاک کی رحمت پرنظررکھیں ، منفی سوچوں کو اچھی سوچوں میں بدل دیں ،منفی سوچوں سے توجہ ہٹائیں ،مدینہ شریف کی یادوں میں مگن ہوجائیں۔کبھی تصورمیں طواف کریں تو کبھی بارگاہِ رسالت میں حاضری کا تصورکریں ۔اس طرح اچھی اچھی سوچیں لائیں تو اس کے نتائج بھی اچھے ہوں گے۔جب منفی سوچیں آئیں تو اچھے اورنیکی کے کاموں میں مصروف ہوجائیں۔کلمہ شریف، درودِپاک اور دیگر اذکار میں مصروف ہوجائیں، اس سے پاکیزگی حاصل ہوگی، دل بھی صاف ہوگااور مدینہ مدینہ ہوجائے گا۔اِنْ شاۤءَ اللہُ الکریم

سوال: دعوتِ اسلامی کے" رابطہ برائے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ "کے بارے میں امیرِاہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ نے کیا ارشاد فرمایا؟

جواب : اَلْحَمْدُللہ !یہ شعبہ بھی کافی آگےبڑھ رہا ہے، یہاں تک کہ لاری اڈّوں وغیرہ پر جائے نمازبھی بن رہی ہیں ،اللہ پاک برکت دے ،خوشی ہوئی ۔

سوال: حاجی حج کرنے کے لئے حرمینِ طیبین کے لئے روانہ ہوچکے ہیں ، جواس سال نہیں جا سکے، ان کی کیاکیفیت ہونی چاہیئے ؟

جواب: بس حسرت آتی ہے،اللہ پاک ہمیں بھی پہنچادے ۔جس کو حسرت ہو،دل میں افسوس کی کیفیت ہوکہ کاش!!! میں بھی حج کے لئے جاتاتو یہ بھی ثواب کاکام ہے ۔یہ اچھی سوچیں اورخیالات ہیں اورہونے بھی چاہئیں ۔اللہ پاک نصیب فرمائے ۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ” امیر اہلسنت کے 150 ارشادات “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیراہل سنت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: یاربَّ المصطفٰے! جو کوئی 16 صفحات کا رسالہ ”امیر اہلسنت کے 150 ارشادات“ پڑھ یا سُن لے، اُسے امیر اہلسنت کے صدقےنیکی کی راہ پر چلا اور دِین و دنیا کی خوب برکتیں عطا فرما۔اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم۔