14 اگست 1947ء کا دن پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ یہ وہ دن ہے جب لاکھوں قربانیوں، جدوجہد، عزم اور ایمان کے نتیجے میں ایک آزاد مملکت وجود میں آئی۔ یہ دن ہمیں تحریکِ آزادی کے تمام علماء، رہنماؤں اور مسلمانوں کی انتھک محنت و قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کا قیام محض ایک جغرافیائی تبدیلی نہ تھا بلکہ یہ ایک نظریئے کی جیت تھی۔ ایک ایسا نظریہ جو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے اپنی تہذیب، ثقافت، مذہب اور اقدار کے مطابق زندگی گزارنے کا حق مانگتا تھا۔ لاکھوں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر، جان و مال کی قربانی دے کر اس پاک دھرتی تک پہنچے۔

یومِ آزادی نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ یہ ہمارے لیے تجدیدِ عہد کا موقع بھی ہے کہ ہم اس وطن کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے پاکستان میں ناانصافی،بے حیائی، بُرے کاموں اور نفرت سے پاک کر کے امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنانا ہے۔

13 اگست 2025ء بروز بدھ رات 9:30 پر انتہائی منظم اور ملّی جوش و خروش کے ساتھ 78 واں یومِ آزادی منانے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعو تِ اسلامی کے تحت عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ”مدنی مذاکرہ“ منعقد ہونے جارہا ہے۔

خوشی کے اس موقع پر محبِّ وطن شخصیت شیخ طریقت امیر اہلسنت بانی دعوت ِاسلامی حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ مہذب انداز میں یومِ آزادی منانے، اللہ پاک کی اس نعمت کا شکر ادا کرنے، امن و محبت کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہنے، گناہوں سے نفرت اور نیکیوں بھری زندگی گزارنے اور ایک اچھا سچا پاکستانی مسلمان بننے کے حوالے سے عاشقانِ رسول کی تربیت فرمائیں گے۔اس موقع پر عاشقانِ رسول کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔ یہ مدنی مذاکرہ مدنی چینل پر بھی براہِ راست نشر کیاجائے گا۔

عاشقانِ رسول منظم انداز میں یوم آزادی منانے کے لئے اس مدنی مذاکرے میں ضرور بالضرور شرکت کریں۔