انسانی زندگی میں علم و آگہی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، اور علم کے حصول کا سب سے اہم ذریعہ زبان ہے۔ زبان نہ صرف اظہارِ خیال کا وسیلہ ہے بلکہ فہم و ادراک کی کنجی بھی ہے۔ کسی بھی علم کو سمجھنے کے لیے الفاظ اور ان کے معانی سے واقفیت ناگزیر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لغت (ڈکشنری) کو تعلیم و مطالعہ میں مرکزی مقام حاصل ہے۔ ایک طالبِ علم کے لیے لغت کا استعمال نہ صرف اس کے علم میں اضافہ کرتا ہے بلکہ اس کی فکری صلاحیتوں کو بھی جِلا بخشتا ہے۔ اس مضمون میں ہم مطالعہ میں لغت کی اہمیت کو مختلف پہلوؤں سے واضح کریں گے۔

زبان کی اہمیت: لغت کی اہمیت سمجھنے سے پہلے زبان کی اہمیت کو جاننا ضروری ہے۔ انسان کو "حیوانِ ناطق" کہا جاتا ہے، یعنی ایسا جاندار جو بولنے اور سمجھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ زبان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے جس کے ذریعے انسان اپنے خیالات، جذبات اور احساسات کا اظہار کرتا ہے۔ اگر زبان نہ ہو تو انسان کے ذہن میں موجود خیالات کا اظہار ممکن نہ ہو۔ زبان ہی کے ذریعے انسان دوسروں سے رابطہ قائم کرتا ہے، علم حاصل کرتا ہے اور اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھتا ہے۔

لغت کی اہمیت: مطالعہ میں لغت کی اہمیت نہایت بنیادی ہے۔ لغت ایک ایسا ذریعہ ہے جو مشکل الفاظ کے معانی واضح کرتی ہے۔ اسے ایک خوردبین سے تشبیہ دی جا سکتی ہے جو چھوٹی سے چھوٹی چیز کو نمایاں کر دیتی ہے۔ اسی طرح لغت بھی الفاظ کے پوشیدہ معانی اور مفاہیم کو واضح کرتی ہے۔ جب کوئی طالب علم کسی لفظ کا معنی تلاش کرتا ہے تو اکثر اسے ایک لفظ کے کئی معانی معلوم ہوتے ہیں، جس سے اس کے علم میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔لغت صرف معانی بتانے تک محدود نہیں بلکہ یہ انسان کے اندر تحقیق اور غور و فکر کی عادت بھی پیدا کرتی ہے۔ مسلسل لغت کے استعمال سے طالب علم میں فکری پختگی پیدا ہوتی ہے۔

عربی زبان میں لغت کی اہمیت: عربی زبان قرآن و حدیث اور علومِ شریعت کی بنیاد ہے۔ اس لیے عربی سیکھنے میں لغت کا کردار بہت اہم ہو جاتا ہے۔ قرآنِ کریم کے الفاظ کے درست معانی سمجھنے کے لیے مستند لغات کا سہارا لینا ضروری ہے۔ اسی طرح حدیث، فقہ اور دیگر اسلامی علوم میں بھی لغت بنیادی رہنمائی فراہم کرتی ہے۔تاہم لغت کی ضرورت صرف عربی تک محدود نہیں بلکہ ہر زبان میں اس کی اہمیت مسلم ہے، چاہے وہ اردو ہو یا انگریزی۔ زبانوں کے درمیان ترجمہ اور مفاہیم کی درست ادائیگی کے لیے لغت کا استعمال لازمی ہے۔

الفاظ کی اصل اور تحقیق:لغت کے ذریعے صرف الفاظ کے معانی ہی معلوم نہیں ہوتے بلکہ ان کی اصل (اشتقاق) اور تاریخ کا بھی پتہ چلتا ہے۔ ایک لفظ کس زبان سے آیا، کس طرح اس میں تبدیلیاں آئیں، اور آج وہ کس مفہوم میں استعمال ہو رہا ہےیہ سب معلومات لغت کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس عمل سے طالب علم میں تحقیق کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور وہ صرف سطحی معلومات تک محدود نہیں رہتا بلکہ گہرائی میں جا کر علم حاصل کرتا ہے۔

درست تلفظ کی اہمیت:لغت کا ایک اہم فائدہ درست تلفظ کی رہنمائی ہے۔ بہت سی لغات میں الفاظ کے ساتھ صوتی علامات (phonetic symbols) یا اعراب دیے جاتے ہیں، جن کی مدد سے لفظ کو صحیح انداز میں پڑھا جا سکتا ہے۔ اگر تلفظ درست نہ ہو تو معنی بدل سکتے ہیں اور بات سمجھنے میں مشکل پیش آ سکتی ہے۔درست تلفظ نہ صرف ذاتی علمی ترقی میں مدد دیتا ہے بلکہ معاشرتی طور پر بھی انسان کو باوقار بناتا ہے۔ جو شخص صاف اور درست انداز میں گفتگو کرتا ہے، اسے سنجیدہ اور مہذب سمجھا جاتا ہے۔

اغلاط سے بچاؤ: بعض الفاظ کے ہجے ایک جیسے ہوتے ہیں مگر تلفظ اور معنی مختلف ہوتے ہیں۔ لغت ان الفاظ کے درمیان فرق واضح کرتی ہے، جس سے غلطی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ اس طرح لغت انسان کو لسانی اغلاط سے محفوظ رکھتی ہے۔

علم میں اضافہ اور روانی:لغت کے مسلسل استعمال سے طالب علم کا ذخیرۂ الفاظ بڑھتا ہے۔ جب وہ کسی لفظ کا معنی تلاش کرتا ہے تو اس کے ساتھ متعلقہ دیگر الفاظ بھی سامنے آ جاتے ہیں۔ اس طرح اس کی زبان پر گرفت مضبوط ہوتی جاتی ہے اور اس کی گفتگو میں روانی آتی ہے۔

معاشرتی اثرات :درست زبان اور صحیح تلفظ معاشرے میں مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ جو شخص لغت کے ذریعے اپنی زبان کو بہتر بناتا ہے، وہ دوسروں پر اچھا تاثر چھوڑتا ہے۔ ایسے افراد کو علمی اور مہذب سمجھا جاتا ہے، اور ان کی بات کو اہمیت دی جاتی ہے۔

مختصراً یہ کہ لغت مطالعہ کا ایک لازمی جز ہے۔ یہ نہ صرف الفاظ کے معانی واضح کرتی ہے بلکہ درست تلفظ، تحقیق کی صلاحیت، اور فکری وسعت بھی عطا کرتی ہے۔ لغت کے ذریعے زبان میں مہارت حاصل ہوتی ہے اور انسان اپنی بات مؤثر انداز میں پیش کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ خاص طور پر قرآن و حدیث کو سمجھنے کے لیے لغت کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ لہٰذا ہر طالب علم کو چاہیے کہ وہ لغت کے استعمال کو اپنی عادت بنا لے تاکہ وہ علم کے میدان میں ترقی کر سکے اور اپنی زبان کو معیاری اور مؤثر بنا سکے۔


لغت (Dictionary) کسی بھی زبان کو سیکھنے اور سمجھنے کا ایک نہایت اہم ذریعہ ہے۔ اسلامی نقطۂ نظر سے لغت کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے، کیونکہ اسلام کی بنیاد ہی وحی (قرآن و حدیث) کو صحیح طرح سمجھنے پر ہے۔قرآنِ مجید عربی زبان میں نازل ہوا ہے، اس لیے اس کے الفاظ کے درست معنی جاننے کے لیے لغت ضروری ہے۔ ایک لفظ کا معمولی فرق بھی مفہوم بدل سکتا ہے۔

چنانچہ خاتم المحدثین حضرت علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:مجاہد نے کہا ہے کہ کسی ایسے شخص کے لیے جو خدا تعالیٰ اور روزِ قیامت پر ایمان رکھتا ہے اس کے لئےیہ بات حلال نہیں کہ جب تک وہ لغاتِ عرب کا عالم نہ ہو اُس وقت تک کتاب اللہ کے بارے میں کچھ کلام کرے۔ "اور امام مالک کا قول اس بارے میں پہلے بیان ہو چکا ہے۔ اور مفسر کے حق میں تھوڑی سی لغت کا جاننا ہرگز کافی نہیں ہوتا اس لیے کہ بعض اوقات کوئی لفظ مشترک ہوتا ہے اور اُس (شخص) کو ایک ہی معنی معلوم ہیں حالانکہ اُس سے مراد وہ دوسرے معنی ہے۔(الاتقان فی علوم القرآن ج2 ص407)

عجمی ہونے کی وجہ سے لغت ہمارے لیے ایک پل (bridge) کی حیثیت رکھتی ہے، جو ہمیں عربی زبان اور اسلامی تعلیمات کے اصل مفہوم تک پہنچاتی ہے۔ اس کے بغیر دین کو گہرائی سے سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

لغت کی اہمیت :

(1)الفاظ کے معانی جاننا:مثال کے طور پر ہم اردو بولتے اور سنتے آرہے ہیں مگر جب ہم اردو لیکچر پڑھتے ہیں یا کسی عالم دین سے ہم کلام ہوتے ہیں تو کئی بار اردو کے وہ الفاظ سنتے جو ہمارے لئے بلکل نئے ہوتے ہیں یہ لغت سے دوری کا نتیجہ ہے لہذا لغات ہر زبان کے لئے اہم ہے یہ ہمیں نئے اور مشکل الفاظ کے درست معنی فراہم کرتی ہے، جس سے زبان کو بہتر سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

(2)درست استعمال سیکھنا:ہر لفظ کو جملے میں صحیح طریقے سے استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے۔ لغت اس کے استعمال، تلفظ اور کبھی کبھار مثالیں بھی دیتی ہے۔

(3)ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ:لغت کے ذریعے انسان اپنے الفاظ کا ذخیرہ (Vocabulary) بڑھا سکتا ہے، جو بولنے اور لکھنے دونوں میں بہت مددگار ہوتا ہے۔

(4)املا (Spelling) کی درستگی:صحیح ہجے سیکھنے کے لیے لغت ایک مستند ذریعہ ہے، خاص طور پر اردو یا انگریزی جیسی زبانوں میں۔

(5) زبان کی مہارت میں بہتری:طلبہ، اساتذہ، لکھاری اور عام افراد سب کے لیے لغت زبان پر عبور حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔

(6) مترادفات اور متضاد الفاظ:لغت میں اکثر ہم معنی (Synonyms) اور متضاد (Antonyms) الفاظ بھی ملتے ہیں، جو تحریر کو بہتر اور مؤثر بناتے ہیں۔

(7) قرآن کو سمجھنے کی ضرورت:قرآنِ مجید عربی میں نازل ہوا، اور عجمی (غیر عربی) افراد عربی کے پیدائشی ماہر نہیں ہوتے۔ اس لیے لغت کے ذریعے الفاظ کے صحیح معنی سیکھ کر قرآن کو بہتر سمجھا جا سکتا ہے۔

(8)حدیث کا فہم حاصل کرنا:احادیث نبویہ بھی عربی میں ہیں۔ لغت کی مدد سے عجمی شخص حضور ﷺ کے ارشادات کا اصل مفہوم سمجھ سکتا ہے۔

(9) عبادات میں درستگی:نماز، دعا اور دیگر عبادات میں عربی الفاظ پڑھے جاتے ہیں۔ لغت کے ذریعے ان کے معانی جاننے سے عبادت میں خشوع اور سمجھ پیدا ہوتی ہے۔

(10) دین میں غلطی سے بچاؤ:اگر عجمی شخص بغیر سمجھے الفاظ کا مطلب لے، تو غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ لغت اسے صحیح مفہوم تک پہنچنے میں مدد دیتی ہے۔

(11) دینی علوم تک رسائی:اسلامی علوم جیسے تفسیر اور فقہ کو سمجھنے کے لیے لغت بنیادی کردار ادا کرتی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو عربی کے ماہر نہیں۔

عجمی (غیر عربی) ہونے کی وجہ سے لغت ہمارے لیے ایک پل (bridge) کی حیثیت رکھتی ہے، جو ہمیں عربی زبان اور اسلامی تعلیمات کے اصل مفہوم تک پہنچاتی ہے۔ اس کے بغیر دین کو گہرائی سے سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے۔


تحریر بظاہر تو الفاظ کی ترتیب ہی ہے مگر در حقیقت یہ معانی کی ایک دنیا ہوتی ہے جس میں درست راہ پانے کے لئے ایک راہنما کی ضرورت ہوتی ہے کہ جو آپ کو صحیح فہم دے کر بھٹکنے سے بچاتا ہے ۔ بسا اوقات ایک اجنبی لفظ آپ کے مطالعہ کی راہ میں دیوار کی طرح حائل ہو جاتا ہے اور آپ کی روانی کو توڑ دیتا ہے ، ایسے مواقع پر لغت ہی آپ کے لئے مشعل راہ بن کر ان تاریک مقامات کو روشن گزر گاہوں میں تبدیل کر دیتی ہے ۔

حصول علم میں مطالعہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ، لیکن حقیقی طور پر یہ اسی وقت مفید ہوتا ہے جب قاری تحریر کے مفہوم تک درست رسائی حاصل کرے ۔ اگر دورانِ مطالعہ پیش آنے والے مشکل مقامات یا نامانوس الفاظ کو بے معنی ہی چھوڑ دیا جائے تو نہ صرف قاری کا فہم متاثر ہوتا ہے بلکہ غرض مصنف بھی مفقود ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے مطالعہ کا لطف ماند پڑ جاتا ہے اور قاری فہم کے بجائے الجھن کا شکار ہو جاتا ہے ، شاعر کی شعر ہے

"آگہی دام شنیدن جس قدر چاہے بچھائے مدعا عنقاء ہے اپنے عالم تقریر کا"

اسی حقیقت کو بیان کرتا ہے کہ محض پڑھنا اور اپنی سمجھ پر اکتفاء کرنا کافی نہیں ہوتا کیونکہ بعض اوقات مصنف اپنے کلام میں ایسے الفاظ کا استعمال کرتا ہے جو اپنی نایابی یا گہرائی کے باعث "عنقاء" کی حیثیت رکھتے ہیں اور عام فہم قاری کے لئے براہ راست رسائی ممکن نہیں ہوتی ۔ ایسے میں لغت ہی وہ ذریعہ بنتی ہے جو پوشیدہ معانی کو ظاہر کرکے اصل مفہوم تک رہنمائی فراہم کرتی ہے

اصل تو یہ ہے کہ عبارت کا درست فہم لغت پر ہی منحصر ہوتا ہے ۔ ایک لفظ محض چند حروف کا مجموعہ نہیں ہوتا بلکہ وہ پورے جملے کو روح بخشنے والا ہوتا ہے اگر اس کی تفہیم کو محض اپنی آگہی تک محدود رکھا جائے تو ممکن ہے کہ مفہوم اپنی اصل سمت سے ہٹ کر کسی اور جانب مڑ جائے اور آپ آگے بڑھنے کے ساتھ حقیقت سے دور ہوتے چلے جائیں ، خاص طور پر دینی کتب کے مطالعے میں درست تفہیم انتہائی ضروری ہوتی ہے کہ اگر الفاظ کے سیاق و سباق دیکھ کر ان کے معانی متعین نہ کئے جائیں تو بعیدنہیں کہ آپ کسی مسئلے کو اس کے اصل مفہوم کے برعکس سمجھ بیٹھے لغت آپ کو صحیح معنی کی طرف راہ نمائی کر کے اس انحراف کو روکتی ہے اس لئے لغت کا محتاط استعمال انتہائی ناگزیر ہے تاکہ عبارت کا درست فہم حاصل ہو سکے ۔

مزید یہ کہ لغت ہی وہ رفیق ہوتی ہے جو مطالعہ میں دلچسپی برقرار رکھنے میں آپ کی مدد کرتی ہے ۔ ظاہر ہے جب الفاظ اجنبی نہ رہیں تو عبارت مانوس ہوجاتی ہے ، اور انسیت پیدا ہو جائے تو قاری ایک خاص دلچسپی کے ساتھ معانی و مفاہیم کی دنیا میں محوِ سفر رہتا ہے ۔

خلاصۂ کلام یہ کہ لغت محض ایک کتاب نہیں بلکہ یہ مطالعہ کی روح ہے جو قاری کو مفاہیم کی گہرائیوں تک رسائی فراہم کرتی ہے ۔ اگر اسے اپنا رفیق مطالعہ بنا لیا جائے تو فہم کے در وا ہو جاتے اور سفر علم کی جہتیں روشن ہو جاتی ہیں ۔