ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ، علمی و تحقیقی اداروں اور متعلقہ مالیاتی اداروں کے مابین باہمی روابط و تعاون کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دعوتِ اسلامی کے اسلامک اکنامک سینٹر کے مابین مشترکہ کاوشوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک میٹ اپ کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اسلامک فنانس پالیسی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ظفر قیوم نے اسلامک اکنامک سینٹر (دعوتِ اسلامی) کا دورہ کیا جہاں ہیڈ آف اسلامک اکنامک سینٹر مفتی علی اصغر عطاری سلمہ الباری نے تمام مہمان کا پرخلوص استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران اسلامک اکنامک سینٹر کے تحت جاری اسلامی مالیاتی تعلیم، تحقیق اور شرعی رہنمائی سمیت اسلامک فنانس کے مختلف شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ظفر قیوم نے اسلامک اکنامک سینٹر کی جانب سے اسلامی مالیات کے فروغ، آگاہی اور ترقی کے لیے کی جانے والی علمی و عملی کاوشوں کو سراہا۔

یہ دورہ اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے علمی و تحقیقی اداروں اور متعلقہ مالیاتی اداروں کے مابین روابط و تعاون کی اہمیت کو نمایاں طور پر اجاگر کرتا ہے۔