دعوتِ اسلامی کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبدالوہاب عطاری کے ہمراہ اسلام آباد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سے ایک اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ملک میں تعلیم کے فروغ بالخصوص دور دراز اور محروم طبقے تک علم کی رسائی کے لیے مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی۔ وفد نے وائس چانسلر کو دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں، بالخصوص جدید و دینی علوم کے امتزاج اور سماجی فلاحی خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔

رکن شوریٰ عبدالوہاب عطاری نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ملک گیر تعلیمی نظام اور بالخصوص آن لائن و فاصلاتی نظامِ تعلیم (Distance Learning) کے ذریعے لاکھوں طلبہ کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے شعبے میں کردار کو سراہا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ادارے مل کر ایسے پروگرامز پر کام کر سکتے ہیں جن سے طلبہ کی اخلاقی و فنی تربیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے دعوتِ اسلامی کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ان کی تعلیمی و سماجی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے باہمی تعاون کے ساتھ ایسے تعلیمی و تربیتی اقدامات کی حمایت کا اظہارکیا جو معاشرے میں مثبت تبدیلی اور فروغِ علم کا باعث بنیں۔