وقار
احمد عطاری (درجہ سادسہ جامعۃ المدینہ فیضان بغداد ،کراچی،پاکستان)
اللہ تعالیٰ
کو تمام اسماء و صفات کے ساتھ ایک ہونے پر یقین رکھنا توحید کہلاتا ہے حضرت آدم علیہ
السلام سے لے کر ہمارے پیارے آخری نبی
ﷺ تک تمام انبیاء علیہم السلام اپنی
امت کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا درس دیتے رہے ان میں جو خوش نصیب تھے وہ ایمان
لائے اور جو بدنصیب و بد بخت تھے وہ ایمان کے دولت سے محروم رہے۔یاد رکھیں تمام
اعمال کا مدار ایمان پرہے ۔
توحید کا بیان قرآن سے:اور اللہ کے ایک ہونے کی
تائید اللہ پاک کے کلام قرآن مجید میں بھی موجود ہے:
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ
ترجمۂ
کنزُالعِرفان: تم فرماؤ: وہ اللہ ایک ہے۔(سورۃ الاخلاص ،1)
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ: تم فرماؤ: وہ اللہ ایک ہے۔عرب میں
کفار کی بہت سی قسمیں تھیں، دہریہ، مشرک،اللہ تعالیٰ کی صفات کے منکر اور اللہ
تعالیٰ کے لئے اولاد ماننے والے وغیرہ، اس سورت میں ان سب کی تردید ہے، ’’هُوَاللّٰهُ‘‘ فرمانے میں دہریوں کی تردید ہے۔ ’’اَحَدٌ‘‘ فرمانے
میں مشرکین کا مکمل رد ہے اور اگلی آیات میں بقیہ کفار کا رد ہے۔ ارشادفرمایا کہ
وہ اللہ ایک ہے یعنی رَبُوبِیَّت اوراُ لُوہِیَّت میں عظمت و کمال کی صفات کے ساتھ
موصوف ہے ۔ اس کی نہ کوئی مثل ہے، نہ نظیر اور نہ شبیہ ، اس کا کوئی شریک نہیں ۔
قُلْ اِنَّمَاۤ اَنَا بَشَرٌ مِّثْلُكُمْ یُوْحٰۤى
اِلَیَّ اَنَّمَاۤ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-فَمَنْ كَانَ یَرْجُوْا لِقَآءَ
رَبِّهٖ فَلْیَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَّ لَا یُشْرِكْ بِعِبَادَةِ رَبِّهٖۤ
اَحَدًا۠(۱۱۰)
ترجمۂ کنزُالعِرفان: تم فرماؤ: میں ( ظاہراً) تمہاری
طرح ایک بشر ہوں مجھے وحی آتی ہے کہ
تمہارا معبود ایک ہی معبود ہےتو جو اپنے رب سے ملاقات کی امید رکھتا ہو اسے چاہیے
کہ نیک کام کرے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرے ۔(پ16،الکہف،110)
وَ اِلٰهُكُمْ اِلٰهٌ وَّاحِدٌۚ-لَاۤ اِلٰهَ
اِلَّا هُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْمُ۠(۱۶۳)
ترجمۂ کنزالعرفان:اور تمہارا معبود ایک معبود ہے اس
کے سوا کوئی معبود نہیں ، بڑی رحمت والا، مہربان ہے۔
(پارہ 2 سورۃ البقرۃ آیت 163)
سبحان اللہ کتنی پیاری حدیث ہے اور اس سے ہمیں یہ نصیحت ملتی ہے کہ نیکوں کی
صحبت اختیار کرنے سے اللہ کے پیاروں کی صحبت اختیار کرنے سے نیکیوں اور عبادت کے
ساتھ ساتھ علم میں اضافہ بھی ہوتا اسی وجہ ہمیں بھی چاہیے کہ خود بھی نیکوں کی
صحبت اختیار کریں کو اور اپنے بچوں کو بھی نیکوں کی صحبت اختیار کرنے کی نصیحت
کرتے رہیں۔ یہ اتنا نازک دورچل رہا ہے ہر
طرف ایمان کے لٹیرے کھڑے ہیں کہ ہمارے اور ہمارے بچوں کے ایمان کو لوٹ نہ لیں اس
پرفتن دور میں دعوت اسلامی کا مدنی ماحول آپ کے سامنے ہے جو اس اس وابستہ ہوتا
اللہ کی رحمت سے وہ سنت کے سانچے میں ڈھل جاتا اور اپنا ایمان بچانے میں کامیاب ہو
جاتا ہے۔
اسلام و دیگر ادیانِ صحیحہ کی بنیاد ایک ہی چیز پر کھڑی
ہے اور وہ توحید ہے جب ہم نبی کریم ﷺ کی حدیث مبارکہ پڑھتے ہیں تو یہ حقیقت ہمیں
اور واضح ہو جاتی ہے۔
توحید دین کی جڑ ہے:آپ ﷺ نے
فرمایا: "أُمِرْتُ أَنْ أُقَاتِلَ النَّاسَ
حَتَّى يَقُولُوا لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰه" مجھے حکم دیا گیا کہ لوگوں
سے جنگ کروں یہاں تک کہ وہ "لا إله إلا الله" کہیں۔(بخاری:
۲۵، مسلم: ۲۰)
آپ ﷺ نے
توحید کو دین کی بنیاد قرار دیاحضرت معاذ
بن جبل کو یمن بھیجتے وقت فرمایا: "فَلْيَكُنْ
أَوَّلَ مَا تَدْعُوهُمْ إِلَيْهِ شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰه" سب
سے پہلے انہیں توحید کی دعوت دو۔ (بخاری: ۱۴۵۸)
توحید پر قائم رہنے کی فضیلت:آپ ﷺ نے
فرمایا: "مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ
لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰه دَخَلَ الْجَنَّةَ" جو اس حال میں
مرا کہ وہ جانتا تھا "لا إله إلا الله"،
وہ جنت میں داخل ہوگا۔ (مسلم: ۲۶)
ایک اور
حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے جہنم پر حرام کر دیا ہے اس شخص کو جس
نے "لا إله إلا الله"
صرف اللہ کی رضا کے لیے کہا۔ (بخاری: ۴۲۵)
لیکن توحید
صرف اقرار نہیں بلکہ اس کا تعلق دل سے ہےجو کلمہ دل میں صحیح طرح اتر جائے تو وہ
انسان کو بدل دیتا ہے۔
شرک سے تنبیہ: آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
"إِنَّ أَخْوَفَ مَا أَخَافُ
عَلَيْكُمُ الشِّرْكُ الْأَصْغَرُ" مجھے تم پر سب سے زیادہ جس چیز
کا ڈر ہے وہ چھوٹا شرک ہے۔ صحابہ نے پوچھا: چھوٹا شرک کیا ہے؟ فرمایا: "الرِّيَاءُ" ریا (دکھاوا)۔(مسند احمد: ۲۳۶۳۰)
یہ حدیث
مبارکہ اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ شرک صرف اللہ کے ساتھ کسی اور کی بات کرنا
نہیں بلکہ دل میں اللہ کے علاوہ کے لیے عمل کرنا بھی توحید کو حد درجہ کمزور کر دیتا
ہے۔
خلاصہ بحث یہ نکلا کہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہوتا
ہے کہ توحید ہی اسلام کی اصل اور ہر عمل کی قبولیت کی بنیاد ہے نبی کریم ﷺ نے توحید
کو دعوت اسلام کا پہلا قدم ہی قرار دیا ہے اور توحید پر وفات پانے والوں کے لیے
جنت کی بشارت بھی دی ہے یہ عقیدہ صرف چند کلموں کا نام نہیں بلکہ آپ کی پوری زندگی
کا دارومدار اس پر ہونا چاہیے۔
اسرار
احمد (درجہ خامسہ جامعۃ المدینہ فیضانِ عثمان غنی رضی اللہ عنہ ، کراچی ،پاکستان)
کائنات کا
سب سے بڑا، سب سے سچا اور سب سے وزنی لفظ "توحید" ہے۔ یہ صرف ایک عقیدہ یا
فلسفیانہ بحث نہیں، بلکہ انسانیت کی فلاح، آزادی اور کائنات کے نظام کا محور ہے۔
کائنات کی تخلیق سے لے کر انبیاء کرام علیہم السلام کی بعثت تک، ہر دور میں اس نظریے
کو انسانی ذہنوں میں راسخ کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جو
اچھوتا، پرتاثیر اور انقلابی اسلوب سرورِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ
نے توحید کی اشاعت کے لیے اختیار فرمایا، اس کی مثال پوری انسانی تاریخ میں نہیں
ملتی۔ نبوی اسلوبِ توحید نے صرف نظریات کو نہیں بدلا، بلکہ صدیوں سے جہالت کے اندھیروں
میں ڈوبی قوم کے دلوں کی دنیا بدل کر رکھ دی۔عہدِ رسالت سے قبل عرب کا معاشرہ بت
پرستی اور اوہام پرستی میں جکڑا ہوا تھا۔ آپ ﷺ نے انہیں کسی جبر یا زبردستی کے بغیر،
کائنات کے کھلے مناظر کے ذریعے سوچنے پر مجبور کیا۔قرآن کریم کے نبوی بیانیے میں
جابجا سورج، چاند، ستاروں، رات اور دن کے بدلنے، اور بارش کے برسنے کو اللہ کی
وحدانیت کی نشانیاں بنا کر پیش کیا گیا۔
آپ ﷺ کا
اسلوب یہ تھا کہ انسان پہلے اپنے وجود اور پھر اس کائنات کے نظم و ضبط پر غور کرے
کہ کیا یہ سب کچھ ایک واحد مدبر اور خالق کے بغیر ممکن ہے؟ اس عقلی اپیل نے مکے کے
فصیح و بلیغ ذہنوں کو تسلیمِ حق پر مجبور کر دیاعرب کے لوگ پتھر کے بتوں کے سامنے
اس لیے جھکتے تھے کہ وہ ان سے نفع یا نقصان کی امید رکھتے تھے۔ توحید کے نبوی
اسلوب نے سب سے بڑا حملہ انسان کے اسی داخلی خوف پر کیا۔ آپ ﷺ نے انسان کو یہ باور
کرایا کہ کائنات کی ہر طاقت اللہ کے تابع ہے۔
یہ وہ
انقلابی اسلوب تھا جس نے انسان کو انسان کی غلامی، بادشاہوں کے خوف اور جھوٹے
خداؤں کی ہیبت سے آزاد کر کے صرف ایک اللہ کا وفادار بنا دیا۔عقیدہ توحید کو دلوں
میں اتارنے کے لیے آپ ﷺ کا اسلوب سخت گیر یا مناظرانہ نہیں تھا، بلکہ اس میں
انتہائی مٹھاس اور ہمدردی تھی۔ آپ ﷺ نے اللہ کا تعارف ایک ایسے رب کے طور پر کرایا
جو ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والا ہے، جو گنہگاروں کی توبہ سے خوش ہوتا ہے، اور
جو پکارنے والے کی پکار کو سنتا ہے۔ جب اللہ کی محبت دلوں میں گھر کر گئی، تو بتوں
کی محبت خود بخود کافور ہو گئی نبوی اسلوبِ توحید محض ایک زبانی اقرار تک محدود نہیں
تھا، بلکہ اس کا براہِ راست اثر معاشرے پر پڑا۔ جب یہ تسلیم کر لیا گیا کہ
"خالق ایک ہے"، تو یہ نتیجہ خود بخود نکل آیا کہ "مخلوق بھی برابر
ہے"۔
اسی توحید
کے سائے میں قریش کے سرداروں اور حبشہ کے غلام (حضرت بلال) کو ایک ہی صف میں کھڑا
کر دیا گیا۔
رنگ، نسل،
زبان اور قبیلے کے تمام بت پاش پاش ہو گئے اور انسانیت کو حقیقی معراج ملی۔
آج اگر ہم
اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو امتِ مسلمہ عقیدہ توحید کی قائل ہونے کے باوجود فکری
انتشار، دنیا کے خوف اور داخلی کمزوریوں کا شکار ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم
نے توحید کو صرف کتابوں اور بحثوں کی حد تک محدود کر دیا ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ ہم
توحید کے اسی "نبوی اسلوب" کو دوبارہ اپنائیں، جو انسان کو کائنات پر
غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، اسے ہر قسم کے باطل خوف سے نجات دلاتا ہے، اور معاشرے
میں عدل و مساوات قائم کرتا ہے۔ جب تک توحید ہمارے نظامِ زندگی، ہمارے اخلاق اور
ہمارے کردار سے نہیں جھلکے گی، ہم دنیا میں وہ انقلاب برپا نہیں کر سکتے جو اسوۂ
حسنہ نے عرب کے ریگزاروں میں کر کے دکھایا تھا۔
عبد
الحمید عطاری (درجہ سادسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان مدینہ، کراچی، پاکستان)
عقیدہ توحید
اسلام کی اساس، ایمان کی جڑ اور تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت کا محور
ہے۔ توحید کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کو اس کی ذات، صفات اور عبادت میں اکیلا اور بے
مثال ماننا۔ نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری زندگی اس عقیدے کی تبلیغ اور اس کی حفاظت فرمائی۔
توحیدِ باری تعالیٰ اور احادیثِ نبوی
ﷺ:نبی کریم ﷺ نے نہ صرف زبانی طور پر توحید کی تعلیم دی، بلکہ صحابہ کرام رضی
اللہ عنہم کے دلوں میں اس کی ایسی شمع روشن کی جس نے شرک کے تمام اندھیروں کو مٹا
دیا۔ درج ذیل احادیث اس بات کی گواہی دیتی ہیں:
(1) حضرت
معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ان سے فرمایا:"فَإِنَّ حَقَّ اللَّهِ عَلَى الْعِبَادِ أَنْ يَعْبُدُوهُ وَلاَ يُشْرِكُوا
بِهِ شَيْئًا"ترجمہ: اللہ کا حق بندوں پر یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور
اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرائیں۔( صحیح بخاری ،حدیث نمبر: 2856)
(2) حضرت
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:"مَنْ مَاتَ لاَ يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا دَخَلَ الْجَنَّةَ وَمَنْ مَاتَ
يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا دَخَلَ النَّارَ"ترجمہ: جو اس حال
میں مرے کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو، وہ جنت میں داخل ہوگا اور جو
اس حال میں مرے کہ اللہ کے ساتھ شرک کرتا ہو، وہ جہنم میں جائے گا۔( صحیح مسلم،حدیث
نمبر: 269 )
(3) حضرت
انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا
کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:"يَا ابْنَ آدَمَ لَوْ
أَتَيْتَنِي بِقُرَابِ الأَرْضِ خَطَايَا ثُمَّ لَقِيتَنِي لاَ تُشْرِكُ بِي
شَيْئًا لأَتَيْتُكَ بِقُرَابِهَا مَغْفِرَةً" ترجمہ: اے ابن
آدم! اگر تو میرے پاس زمین بھر گناہ لے کر آئے، پھر مجھ سے اس حال میں ملے کہ میرے
ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو، تو میں تیرے پاس اتنی ہی بڑی مغفرت لے کر آؤں گا۔(
جامع ترمذی،حدیث نمبر: 3540)
(4)حضرت
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:"الإِيمَانُ بِضْعٌ وَسَبْعُونَ أَوْ بِضْعٌ وَسِتُّونَ شُعْبَةً
فَأَفْضَلُهَا قَوْلُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ"ترجمہ: ایمان کی
ستر یا کچھ اوپر (یا ساٹھ یا کچھ اوپر) شاخیں ہیں، ان میں سب سے افضل 'لا الٰہ الا اللہ' (اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں) کہنا ہے۔( صحیح مسلم،حدیث نمبر: 152)
(5)حضرت
ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جب نبی کریم ﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ
کو یمن کی طرف (گورنر بنا کر) بھیجا تو فرمایا:"إِنَّكَ تَقْدَمُ عَلَى قَوْمٍ أَهْلِ كِتَابٍ، فَلْيَكُنْ أَوَّلَ مَا
تَدْعُوهُمْ إِلَيْهِ عِبَادَةُ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ"ترجمہ:تم اہل کتاب
کی ایک قوم کے پاس جا رہے ہو، لہٰذا سب سے پہلی چیز جس کی طرف تم انہیں دعوت دو
گے، وہ اللہ عزوجل کی عبادت (توحید) ہونی چاہیے۔(صحیح بخاری،حدیث نمبر: 1458)
ان تمام
احادیثِ مبارکہ سے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ اسلام میں سب سے پہلا،
سب سے اہم اور سب سے بنیادی حکم توحید ہے۔ یہ وہ رسی ہے جسے مضبوطی سے تھام کر
انسان دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکتا ہے۔ایک مسلمان کے لیے لازم ہے کہ وہ
اپنے عقیدے کو ہر قسم کے شرک، ریاکاری اور وہم سے پاک رکھے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے
کہ وہ ہمیں توحیدِ خالص پر زندہ رکھے، اسی پر موت عطا فرمائے اور ہمیں بروزِ قیامت
نبی کریم ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے۔ آمین۔
محمد
ارسلان(درجہ ثالثہ ضیاء العلوم جامعہ شمسیہ رضویہ ،سرگودھا،پاکستان)
توحید کا
لغوی معنی ایک ماننا اور یکتا جاننے کے ہیں اور شریعت کے آئینے میں توحید کا مطلب
اللہ تعالی کی وحدانیت کا اقرار اور تمام معبودان باطلہ کا انکار ہے اللہ جل شانہ
کے علاوہ کوئی ہستی ہے ہی نہیں جو عبادت و پرستش کے لائق ہو وہ واجب الوجود ہے لیکن
وہ مرکب اور متعدد ہونے سے پاک ہے اس کی صفات کمالیہ میں کوئی شریک نہیں توحید اس
کی سب سے اعلی صفت ہے آئیے چند احادیث پڑھیے جن میں نبی رحمت ﷺ نے
اس کی اعلی صفت توحید کی وضاحت، اساس اور اہمیت کو بیان فرمایا ہے ۔
توحید کی توضیح بزبان نبی ﷺ : یا بنی فلاں انی رسول الیکم امرکم ان تعبدوا اللہ ولا تشرکوا بہ شیئا وان
تخلعوا ماتعبدون من دونہ من ھذہ الانداد
امام ابن اسحاق ربیعہ بن عبادہ سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی
علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے بنی فلاں میں تمہاری طرف اللہ کا رسول ہوں میں تمہیں
حکم دیتا ہوں کہ تم اللہ تعالی کی عبادت کرو اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ
اللہ تعالی کے سوا جن بتوں کی تم عبادت کرتے ہو ان کی بندگی کے طوق اپنے گلے سے
اتار پھینکو۔( السیرت النبویہ لابن کثیر جلد دوم صفحہ 155دار المعرفہ بیروت)
اس حدیث میں توحید کے علمبردار دعوت حق کے مبلغ اعظم نے
اعلان کر دیا کہ اے لوگو رب واحد کی بندگی کا طوق گلے میں سجا لو اور کہسار شکن
ضرب سے مشرکوں والے افکار و نظریات کے بت کدوں کو پاش پاش کر دو اور اس رب واحد کے
علاوہ جن معبودان باطلہ کی بندگی کے لبادے تم نے اوڑے ہوئے ہیں انہیں اتار پھینکو
اور اسی کے سامنے سر تسلیم خم کر دو ۔
اساس الاسلام بزبان حبیب الرحمن ﷺ :
عَنِ ابْنِ عُمَرَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ
وَسَلَّمَ: بُنِيَ الْإِسْلَامُ عَلَى
خَمْسٍ: شَهَادَةُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ
اللَّهِ، وَإِقَامُ الصَّلَاةِ، وَإِيتَاءُ الزَّكَاةِ، وَصَوْمُ رَمَضَانَ،
وَحَجُّ الْبَيْتِترجمہ:ابن عمر رضی اللہ عنہماسے مروی ہے
کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا
ہے اس بات کی گواہی کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی معبود نہیں محمد صلی اللہ تعالی علیہ
وسلم اس کے بندے اور رسول ہیں نماز قائم کرنا زکوۃ دینا حج کرنا اور رمضان کے روزے
رکھنا۔(صحیح مسلم حدیث نمبر 16 صفحہ 31 باب بیان ارکان الاسلام کتاب الایمان دار
الکتب العلمیہ بیروت)
اس حدیث میں ہادی برحق نے عقیدہ توحید کو بڑی
جامعیت اور دلکش انداز میں واضح فرمایا ہے کہ اسلام مثل چھت یا خیمہ کے ہے اور
پانچ ارکان اس کے پانچ ستون ہیں ان میں سے سب سے پہلا اور بنیادی رکن لا الہ الا
اللہ ہے یہی اس کی بنیاد و اساس ہے جس کے
بغیر اسلام کی عمارت منہدم ہو جاتی ہے اور کسر رفیع اس کی بنیادوں پر ہی تعمیر
ہوتا ہے اس کے بغیر اعلی سے اعلی عمل بھی بے معنی اور بے سود ہے۔
انعام التوحید بزبان حبیب الرشید صلی اللہ تعالی
علیہ وسلم:
عَنْ
عُثْمَانَ ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ
وَسَلَّمَ: مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ
أَنَّهُ، لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ، دَخَلَ الْجَنَّةَ ترجمہ:حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
نے ارشاد فرمایا جو یہ جانتے مانتے مر گیا کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی عبادت کے
لائق نہیں وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح مسلم حدیث نمبر 26 کتاب الایمان باب الدلیل
علی ان من مات علی التوحید دخل الجنت قطعا صفحہ نمبر 35 دار الکتب العلمیہ بیروت)
زبان سے
اقرار احکام شرعیہ جاری کرنے کی شرط ہے توحید پر گامزن رہنے والے پر جنت لازم ہو
جاتی ہے اگر باعث لغزش جہنم میں چلا بھی جائے تو آخر کار نکال لیا جائے گا توحید
کے علمبردار نے کلام الہی کے ذریعے شرک کے تمام شبہات کو دور فرما دیا شرک کبھی
عدد میں ہوتا تھا پیغمبر اعظم نے احد کے اعلان
سے اس کی نفی فرما دی کبھی مرتبہ و منصب میں ہوتا تھا صمد کہہ کر اس کا بطلان کر دیا کبھی نسب میں ہوتا تھا لَمْ
یَلِدْ وَ لَمْ یُوْلَدْسے اس کا ابطال
کر دیا اور کبھی کوئی کام کرنے اور اثر اندازی میں ہوتا تھا اس کی تردید وَ لَمْ یَكُنْ لَّهٗ كُفُوًا اَحَدٌسے کر دی یوں اس ہادی
برحق نے شرک کے تمام شبہات کو پاش پاش کر دیا عقیدت توحید کی یہ نبوی تعلیمات اللہ
تعالی کی وحدانیت پر ایمان اور اس پر توکل کا درس دیتی ہیں اس کے علاوہ شرک کے
شبہات سے بچنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہیں اور ان پر عمل کرنے والے کے کردار
کو ایسے نکھارتی ہیں کہ اہل نظر رشک کرنے لگتے ہیں اللہ تعالی ہمیں تمام نبوی تعلیمات
پر عمل کرنے، شرک کے شبہات سے بچنے اور عقیدہ توحید پر گامزن رہنے کی توفیق نصیب
فرمائے۔
عبدالرحمن
لیاقت علی عطاری (درجہ عالیہ جامعۃ المدینہ فیضان جمال مصطفی ،لاہور،پاکستان)
توحید
اسلام کی بنیاد ہے۔ حتی کہ بغیر توحید کے کسی کا مسلمان ہونے کا دعوی کرنا درست نہیں
ہے ۔ نبی کریم صل اللہ تعالی علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات کے ذریعہ لوگوں کو توحید کی
اہمیت سمجھائی اور شرک سے بچنے کی ہدایت فرمائی ۔
توحید کے معنی و مفہوم :توحید کے
لغوی معنی" ایک جاننا " اور اصطلاح میں توحید کی تعریف کچھ یوں ہے"
الله تعالی واحد لا من طريق العدد ولكن من طريق انه لا شریک له ترجمہ:اللہ
تعالٰی واحد ہے عدد کے اعتبار سے نہیں بلکہ اس معنی کے اعتبار سے کہ اس کا کوئی شریک
نہیں۔( شرح الفقه الأكبر للقارى من ١٤ )
والتنزه عن الشبيه والنظير والمثيل في الذات والصفات والافعال ترجمہ:اللہ
تعالٰی ذات، صفات اور افعال میں شبیہ ، نظیر اور مثل سے پاک ہے یعنی اللہ تبارک و
تعالی نہ تو کسی کے مشابہ ہے اور نہ ہی کوئی اس کے مشابہ ہو سکتا ہے۔(حاشیہ الصاوی
پ ۳۰ الاخلاصی تحت الآیۃ 1 جلد 6)
عقیدہ توحید
کی مزید معلومات کے لیے الشاہ امام احمد رضا خان کا رسالہ اعتقاد الاحباب فی
الجميل والمصطفى والآل والاصحاب المعروف "دس عقیدے جلد 29 صفحہ 339 کا مطالعہ
فرمائیں۔
الأحاديث نبوية في بيان التوحيد:اسلام مثل خیمہ پاچھت کے ہے اور اسکے پانچ ارکان پانچ ستونوں کی حیثیت
رکھتے ہیں۔ جو کوئی ان میں سے ایک کا انکار کرے گا وہ اسلام سے خارج ہوجائیگا اور
اسکا اسلام منہدم ہوجائیگا ۔
(1)حضرت
ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ ہمیں نبی کریم صل علیہ وسلم نے فرمایا
اسلام پانچ چیزوں پر قائم کیا گیا ہے (1) اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی
معبود نہیں محمد صل الله تعالی علیہ وسلم اللہ کے بندے اور اسکے رسول ہیں (2) نماز
قائم کرنا (3) زکوۃ ادا کرنا (4) حج کرنا (5) رمضان کے روزے رکھنا ۔(صحیح مسلم جلد
1 كتاب الإیمان صحیح بخاری جلد 1 حدیث 08)
ما حق الله على العباد :حق اللہ
سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالی کا اپنے بندوں پر سب سے لازمی اور ضروری حق یہ ہے کہ
بندے اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور صرف اُسی ہی کی اور عبادت کریں جیسا
کہ حدیث نبوی ہے:
(2)حضرت
معاذ رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ میں حضور ﷺ کے پیچھے اس طرح سوار تھا کہ میرے
اور حضور ﷺ کے درمیان صرف لکڑی تھی حضور ﷺ نے
فرمایا معاذ کیا جانتے ہو اللہ کا اپنے بندوں پر حق کیا ہے ۔ حضرت معاذ نے عرض کی
اللہ اور اس کا رسول جانے۔ حضور صلی اللہ علیہ سلم نے فرمایا اللہ کا حق بندوں پر یہ
ہے کہ اللہ کی عبادت کرے اور اس کے ساتھ کسی بھی شے کو شریک نہ ٹھہرائیں ۔ (صحیح
بخاری كتاب التوحيد الذي هو حق الله العباد حدیث (7373 )
الجنة لمن قال
لا إله إلا الله:کلمہ انسان کے ایمان کی اصل ہے اسی کی پہچان اور نجات کا ذریعہ ہے ۔ قرآن و
سنت میں اس کی بار بار تاکید کی گئی ہے تاکہ انسان اپنے رب کی وحدانیت کو پہچانے
اور اسی پر اپنی زندگی قائم کرے ۔ کلمہ توحید کی فضیلت کو سمجھنے کے لئے ایک حدیث
مبارکہ جو کلمہ توحید کی اہمیت کو واضح کرتی ہے ۔
(3)حضرت
عثمان رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا جو شخص اس حال میں مرا
کہ وہ لا الہ الا اللہ پر ایمان
رکھتا تھا تو وہ جنت میں داخل ہوگا ۔( صحیح مسلم کتاب الایمان حدیث 136)
شرک کے شبہات اور حضور کی تنبیہات:اسلام میں
توحید بنیادی عقیدہ ہے جبکہ شرک سب سے بڑا گناہ ہے حضور صل اللہ تعالی علیہ وسلم
نے امت کو بار بار شرک کے ظاہر اور پوشیدہ خطرات و شبہات سے آگاہ فرمایا تاکہ
انسانوں کا ایمان محفوظ رہے ۔
(1)حضرت
عبداللہ ابن عمر فرماتے ہیں کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ شرک باللہ کبیرہ
گناہ ہے۔ (صحیح بخاری حدیث 6675 قسموں اور نذروں کا بیان )
(2)محمود
بن لبید سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا جن چیزوں سے تم پر خوف کرتا ہوں ان
سب میں زیادہ خوفناک شرک اصغر ہے۔ عرض کی گئی شرک اصغر کیا ہے ؟ فرمایا ریاکاری
کرنا۔(مرآۃ المناجیح شرح مشكاة المصابیح جلد 7 حدیث5334)
خلاصہ
کلام یہ ہے کہ توحید اسلام کی سب سے بڑی تعلیم ہے نبی کریم ﷺ نے
توحید کو بذات خود سیکھایا ہے اور شرک سے منع فرمایا ہے جو اللہ کو ایک مانتا ہے
وہی کامیاب ہے۔ ہمیں شرک سے بچنا اور توحید پر عمل کرنا چاہیے اللہ تبارک و تعالیٰ
سے دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ہمیں توحید پر صحیح معنوں میں عمل کی توفیق عطاء فرمائے اور
شرک سے بچنے کی توفیق عطاء فرمائے ۔آمین بجاہ خاتم النبین صلى اللہ علیہ وسلم۔
محمد
نعیم (درجہ سادسہ مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ ،کراچی ،پاکستان)
اللہ
تبارک و تعالیٰ تمام صفات و کمالات میں یکتا ہے کوئی اس کا شریک نہیں ہے اللہ تعالی
واحد اور یکتا ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام نے
اپنی قوم کو اللہ تبارک و تعالی کی وحدانیت بیان کی اور اللہ تبارک و تعالی کے ایک
ہونے اور واحد ہونے کو بیان کیا ۔خود اللہ تبارک و تعالی قرآن پاک میں ارشاد
فرماتا ہے :
قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ(۱)ترجمہ کنزالایمان:تم فرماؤ وہ اللہ ہے وہ ایک ہے ۔(پارہ نمبر 30 ،سورۃ
الخلاص آیت نمبر1)
اللہ پاک
کی وحدانیت کے بارے میں حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی بہت ساری احادیث مبارکہ موجود
ہیں ان میں سے کچھ آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔
حدیث نمبر
(1):روایت ہے حضرت ابن عمرسے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے
اسلام پانچ چیزوں پرقائم کیا گیااس کی گواہی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں،محمد(
ﷺ )اس کےبندےاور رسول ہیں اورنمازقائم کرنا، زکوۃ دینا اور حج کرنا اور رمضان کے
روزے۔ (مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد: 1 حدیث نمبر:4)
حدیث نمبر
(2):روایت ہےحضرت ابوہریرہ( رضی اللہ عنہ )سے فرماتے ہیں کہ فرمایا نبی ﷺ نے ایمان
کی چنداورستّر شاخیں ہیں ان سب میں اعلٰی یہ
کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں
اور سب سے ادنیٰ تکلیف دہ چیز کا راستہ سے ہٹانا ہےاور غیرت بھی ایمان کی شاخ ہے ۔ (مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 ٫حدیث نمبر:5)
حدیث نمبر
(3):روایت ہے حضرت عبادہ ابن صامت سے فرماتے ہیں فرمایا نبی ﷺ نے
جوگواہی دے کہ اکیلے خدا کے سوا کوئی معبود نہیں اس کا کوئی شریک نہیں اور محمد
الله کے بندے اور رسول ہیں عیسٰی الله کے بندے اور رسول اوراس کی بندی کے بیٹے الله کا کلمہ ہیں جو مریم میں ڈالا اور الله کی
طرف سے روح ہیں اور جنت و دوزخ حق ہے الله اُسے جنت میں داخل کرے گا مطابق عمل کے۔
(مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح: جلد: 1,حدیث نمبر :27)
حدیث
نمبر(4):روایت ہےحضرت عثمان رضی الله عنہ سے فرماتے ہیں کہ فرمایا رسول الله صلی
الله علیہ وسلم نے جو یہ جانتے مانتے مر گیا کہ الله کے سواء کوئی لائق عبادت نہیں
وہ جنت میں داخل ہوگا۔ (مرآۃالمناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح: جلد:1, حدیث نمبر:37)
اللہ پاک
نے انبیاء کرام کو دنیا میں لوگوں کی ہدایت اور رہنمائی کے لیے بھیجا اور ساتھ ہی
اس اہم فریضے کی ادائیگی کا حکم بھی ارشاد فرمایا کہ لوگوں کو میری وحدانیت اور
معبود برحق ہونے کے بارے میں بتاؤ۔ انبیاء مخلوق میں سے سب سے زیادہ فضیلت اور
مرتبے والے ہیں۔ ان کا کلام وہی ہوتا ہے جس کا اللہ پاک کی طرف سے حکم ہو۔
آئیے
جانتے ہیں نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اللہ پاک کے وحدہ لا شریک ہونے کے
بارے میں کس طرح لوگوں کی رہنمائی فرمائی۔ ابتدائے اسلام میں صحابہ کرام کو جب
دوسرے شہروں اور ملکوں کی طرف پیغام الہی پہنچانے کے لیے روانہ فرمایا تو ان میں
بھی اولین ترجیح اللہ تعالیٰ کے وحدہ لا شریک ہونے کے بارے میں تھی۔
حضرت ابن
عباس رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا کہ جب نبی پاک ﷺ نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ
تعالی عنہ کو اہل یمن کی طرف بھیجا تو فرمایا کہ تم اہل کتاب کی طرف جا رہے ہو،
پہلے ان کو اللہ پاک کے وحدہ لا شریک ہونے کے بارے میں بتانا، پھر اسلام کے بقیہ
احکام کی طرف رہنمائی کرنا۔ (بخاری ج 5 حدیث 6824 ملخصاً)
توحید کی اہمیت:مسئلہ توحید
کی اہمیت اس بات سے بھی معلوم ہوتی ہے کہ جو اللہ پاک کو ایک نہ مانے ان سے جہاد کیا
جائے یہاں تک کہ وہ رب تعالی کے معبود برحق ہونے کا اقرار کر لیں۔
بندوں پر اللہ کا حق:یہ بات اس
قدر اہم ہے کہ مخلوق پر جو حقوق ہیں ان میں سے اہم ترین حق کے بارے میں خاتم النبیین ﷺ کا
فرمان ہے:حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آقا ﷺ نے
ان سے فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ بندوں پر اللہ عزوجل کا حق کیا ہے؟ تو آپ نے
فرمایا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ پھر آقا ﷺ نے
فرمایا: کہ اس پروردگار کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ۔ (بخاری
ج3 حدیث 6825 ملخصاً)
احادیث کریمہ
سے یہ بات ثابت ہوئی کہ دنیا کی سب سے بڑھ کر قیمتی چیز اس بات پر ایمان رکھنا ہے
کہ اللہ پاک وحدہ لا شریک ہے۔
جنت کی
چابی لا الہ الا اللہ ہے۔ تمام تر عبادات اور نیک اعمال کا دارومدار اس بات پر ہے
کہ بندہ اللہ پاک کو واحد یکتا جانے۔
ابو
زافر محمد عاقب عطاری (درجہ دورۃ الحدیث جامعۃ المدینہ فیضانِ غوثِ اعظم ، کراچی،پاکستان)
اسلام کی
بنیاد جس عظیم عقیدے پر قائم ہے توحید ہے۔ توحید کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کو اس کی
ذات صفات اور عبادت میں یکتا جاننا اور ماننا اور اس پر ایمان رکھنا انبیاءِ کرام
علیہم السلام کی بعثت کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ لوگ صرف ایک اللہ کی عبادت کریں
اور شرک سے بچیں۔ حضور نبی کریم ﷺ نے اپنی پوری حیاتِ طیبہ میں توحید کو نہایت
واضح، سادہ اور عملی انداز میں بیان فرمایا۔رسول اللّٰهِ ﷺ نے فرمایا:
أفضل ما قلت أنا والنبيون من قبلي: لا إله إلا اللّٰهترجمہ:سب سے افضل کلمہ
جو میں اور مجھ سے پہلے انبیاء نے کہا: لا إله
إلا اللّٰه۔ (ترمذی، حدیث: 3585)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ
تمام انبیاء کی دعوت کا مرکز توحید ہی تھا۔
اور حضور ﷺ نے فرمایا:"من قال لا إله إلا اللّٰه دخل الجنة"ترجمہ:جو شخص سچے دل سے لا إله إلا اللّٰه کہے گا وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح
بخاری، حدیث: 128)
اس سے معلوم ہوا کہ توحید نجات کا ذریعہ ہے۔ مزید
آپ ﷺ نے فرمایا "من مات وهو يدعو من دون اللّٰه ندًا
دخل النار"ترجمہ:جو شخص اس حال میں مرا کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا
تھا، وہ جہنم میں داخل ہوگا۔ (صحیح بخاری، حدیث: 4497)
یہ حدیث
توحید کی اہمیت اور شرک کی خطرناکی کو واضح کرتی ہے اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے اللہ
کو واحد جاننا اور شرک سے بچنا ضروری ہے اور حضرت معاذ بن جبل رضی اللّٰه تعالیٰ
عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:" حق اللّٰه على العباد أن يعبدوه ولا يشركوا به شيئًا" ترجمہ:اللہ کا
بندوں پر حق یہ ہے کہ وہ صرف اسی کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ
ٹھہرائیں۔(صحیح بخاری، حدیث: 2856)
توحید کی اقسام:علماءِ
کرام نے توحید کو سمجھانے کے لیے تین اقسام بیان کی ہیں:
(1)توحیدِ ربوبیت:اللہ کو
خالق، مالک اور رازق ماننا۔
(2)توحیدِ الوہیت:صرف
اللّٰه کی عبادت کرنا۔
(3) توحیدِ اسماء و صفات:اللہ کے
ناموں اور صفات کو بغیر کسی تشبیہ کے ماننا۔
نبی ﷺ عملی
نمونہ:حضور ﷺ نے صرف زبانی تعلیم نہیں دی بلکہ عملی طور پر بھی توحید کو نافذ کیا:
ہر کام سے
پہلے بسم اللہ پڑھنا،مشکل میں صرف اللہ سے مدد مانگنا۔
توحید
اسلام کی روح ہے اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کہ انسان صرف
اللہ کو مانے، اسی کی عبادت کرے اور ہر قسم کے شرک سے بچے۔ پیارے پیارے اسلامی
بھائیوں احادیثِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ توحید ہی نجات کا راستہ ہے اور اسی پر
عمل کرنے والا شخص دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتا ہے۔
دعوتِ اسلامی کا ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع ،
رکنِ شوریٰ حاجی محمد اطہر عطاری کا بیان
ہوگا
دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت اور عاشقانِ رسول
کی اخلاقی و روحانی تربیت کے عظیم مقصد کے تحت عالمی سطح کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی
کے زیرِ اہتمام ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تفصیلی معلومات کے مطابق یہ روحانی و بابرکت
اجتماع 29 اکتوبر 2026ء بروز جمعرات رات
تقریباً 08:30 بجے جامع مسجد مدینہ پنجابی کلب، کھارادر، کراچی میں
شروع ہو جائے گا۔
اجتماع کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک و نعتِ رسولِ
مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے کرنے کے بعد
دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد اطہر عطاری سنتوں بھرا بیان فرمائیں
گے جس میں وہ سنتِ نبوی، اصلاحِ معاشرہ اور دینی و اخلاقی امور پر روشنی ڈالیں گے۔
کراچی کے دیگر علاقوں میں موجود اور گھروں میں
مقیم عاشقانِ رسول کے لیے اس اجتماعِ پاک کو مدنی چینل پر براہِ راست (Live) دکھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عاشقانِ رسول اس اجتماع
سے مستفید ہو سکیں۔
کورسز اجتماع 31 اکتوبرکو فیضا ن مدینہ کراچی
میں ہوگا، نگرانِ شوریٰ خصوصی بیان
فرمائیں گے
عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت
شعبہ مدنی کورسز سے وابستہ عاشقانِ رسول کے لیے سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا
جا رہا ہے جس میں نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری سلمہ
الباری کاخصوصی بیان ہوگا۔
تفصیلات
کے مطابق یہ اجتماع 31 اکتوبر 2026ء بروز ہفتہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ
مدینہ کراچی کے رمضان ہال میں ہوگا نیز دوپہر
تقریباً 3:00 بجے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی
محمد عمران عطاری سلمہ
الباری بیان فرمائیں گے۔
اس
اجتماعِ پاک میں کراچی سٹی کے طلبہ و معلمین اور ذمہ دار اسلامی بھائی شریک ہوں گے
جبکہ دیگر تمام عاشقانِ رسول آن لائن شرکت کریں گے۔
اس اجتماع کے شرکاء درج ذیل ہوں گے:
٭مدنی کورسز کے تمام یو سی تا صوبائی ذمہ داران٭ رہائشی و شارٹ ٹائم معلمینِ کرام٭ کورسز کرنے والے عاشقانِ رسول ٭کورس کیے ہوئے عاشقانِ رسول۔
اسلام کا
سب سے بنیادی عقیدہ توحید ہے ، جتنی تاکید عقیدہ توحید کے متعلق قرآن وحدیث میں ہمیں
ملتی ہے وہ کہیں اور نہیں ملتی، اور رسول پاک ﷺ اور تمام انبیاء کرام کی بعثت کا
مقصد بھی یہی تھا کہ وہ معبودان باطلہ سے لوگوں کو نجات دلا کر اس ایک اللہ وحدہ
لاشریک کی عبادت کی طرف متوجہ کریں ، اس لئے جب ہم کتب احادیث کی طرف متوجہ ہوتے ہیں
تو ہمیں احادیث کا ایک ذخیرہ ملتا ہے جو اللہ کی عبادت کی طرف متوجہ کرتا اور
معبودان باطلہ کی نفی کرتا ہے اور نہ صرف نبی پاک ﷺنے ہمیں دعوت توحید دی بلکہ اس
پر خوب برانگیختہ کیا اور فرمایا :مَا مِنْ عَبْدٍ قَالَ
لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ ثُمَّ مَاتَ عَلَى ذَلِكَ إِلَّا دَخَلَ الْجَنَّةَ ”جس شخص
نے یہ اقرار کیا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ پھر وہ اسی پر فوت ہو گیا۔
تو وہ جنت میں داخل ہو گا۔ (متفق عليه، رواه البخاري کتاب اللباس باب: الثياب
البيض رقم 5827 ص: 1473 مکتبہ دار ابن کثیر۔ و مسلم کتاب الایمان باب من مات لا
يشرك بالله شيئا دخل الجنة، ومن مات مشركا دخل النار. رقم: 94 ناشر: بیت الافکار
الدولیہ)
اور جن لوگوں
پر حق واضح ہوگیا اور انہوں نے توحید کے دلائل دیکھ لئے اور ایمان نہیں لاتے تو ان
لوگوں کے لئے رسول الله صلى الله علیہ وسلم نے فرمایا : أُمِرْتُ أَنْ أُقَاتِلَ النَّاسَ حَتَّى يَشْهَدُوا أَنْ لَا إِلٰهَ
إِلَّا اللَّهُ، وَيُؤْمِنُوا بِي وَبِمَا جِئْتُ بِهِ، فَإِذَا فَعَلُوا ذٰلِكَ
عَصَمُوا مِنِّي دِمَاءَهُمْ وَأَمْوَالَهُمْ إِلَّا بِحَقِّهَا، وَحِسَابُهُمْ
عَلَى اللَّهِ ترجمہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے قتال
کروں یہاں تک کہ وہ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، اور مجھ پر اور اس
دین پر ایمان لائیں جو میں لے کر آیا ہوں۔ پھر جب وہ ایسا کرلیں تو ان کے خون اور
مال مجھ سے محفوظ ہوجائیں گے، مگر حقِ اسلام کے مطابق (کسی شرعی سبب کی صورت میں)،
اور ان کا حساب اللہ کے ذمہ ہے۔”(صحیح مسلم کتاب الایمان، باب الأمر بقتال الناس حتى يقولوا لا إله إلا الله محمد رسول اللہ رقم الحدیث
21، بیت الافکار الدولیہ )
توحید ہے
کیا اس کے متعلق امام بدر الدین عینی لکھتے ہیں " توحید اصل میں وحد سے بنا
ہے جس کا معنی ہے میں نے اللہ کو ایک مانا یعنی میں اعتقاد رکھتا ہوں کہ وہ اپنی
ذات وصفات میں منفرد ہے جس کی کوئی نظیر نہیں۔ (عمدۃ القاری جلد25, ص81)
جس طرح
اللہ کی ذات میں شریک ماننے سے شرک لازم آتا ہے ایسے ہی اسکی صفات میں بھی غیر کی
شرکت ماننے سے شرک لازم آتا ہے۔
اقسام توحید :علمائے کرام نے توحید کی
تین اقسام ذکر کی ہیں:
(1)توحید
ربوبیت (اللہ کا خلق، ملک اور تدبیر میں واحد و یکتا ہونا)
(2) توحید
صفات (اللہ اپنے اسماء و صفات میں تنہا ہے)
(3) توحید
الوہیت (معبود برحق صرف اللہ ہے) احادیث میں ان تینوں اقسام کو بیان کیا گیا ہے
توحید الوہیت :توحید
الوہیت کو نبی پاک ﷺ نے واضح ارشاد فرمایا اور اپنے جان نثار صحابہ
کو حکم دیا کہ علی الاعلان اللہ کی وحدانیت کو بیان کریں " ابن عباس کے غلام
ابو معبد کہتے ہیں میں نے ابن عباس کو فرماتے سنا " جب نبی پاک ﷺ نے
حضرت معاذ کو یمن روانہ کیا تو ان سے فرمایا بے شک تم اہل کتاب کی ایک قوم کی طرف
جاؤ گے فَلْيَكُنْ أَوَّلُ مَا تَدْعُوهُمْ
إِلَى أَنْ يُوَحِّدُوا اللَّهَ تَعَالَى، فَإِذَا عَرَفُوا ذَلِكَ فَأَخْبِرْهُمْ
أَنَّ اللَّهَ قَدْ فَرَضَ عَلَيْهِمْ خَمْسَ صَلَوَاتٍ فِي يَوْمِهِمْ
وَلَيْلَتِهِمْ۔ پس سب سے پہلے تم ان کو اس کی دعوت دینا کہ وہ اللہ کو ایک مانیں تو جب
وہ اسے مان لیں تو انہیں خبر دینا کہ اللہ نے ان پر دن رات پانچ نمازیں فرض کی ہیں الخ (بخاری کتاب التوحید باب: ما جاء في دعاء
النبي صلى الله عليه وسلم أمته إلى توحيد الله تبارك وتعالى رقم7371،7372 ص:1820
مکتبہ دار ابن کثیر)
حضرت معاذ
کو حکم دیا گیا کہ یہود کو توحید کی طرف بلائیں حالانکہ وہ اہل کتاب میں سے تھے
اللہ کو خدا مانتے تھے لیکن حضرت عزیر کو خدا کا بیٹا کہتے تھے اگرچہ غیر اللہ کی
عبادت نہ کرتے لیکن خدائی (رب ہونے) میں خدا کا شریک ٹھہراتے(یعنی توحید الوہیت میں
شریک نہیں ٹھہراتے تھے مگر توحید ربوبیت ضرور شریک ٹھراتے تھے) جیسے قرآن نے بیان
کیا " وَ قَالَتِ الْیَهُوْدُ عُزَیْرُ ابْنُ اللّٰهِ ترجمہ کنز الایمان:اور یہودی
بولے عزیر اللہ کا بیٹا ہے (سورۃ توبہ آیت 30)
اس لئے
فرمایا کہ توحید کا اقرار کرانا اور اللہ کی عبادت کی طرف بلانا تاکہ غیر کی نفی
ہو جائے۔
توحید ربوبیت (خلق، تدبیر، تکوین میں
تنہا ماننا)اور جب تو حید ربوبیت کو بیان فرمایا تو اس بات کی طرف اشارہ دلایا کہ اس کی
قدرت و ملکیت کا انکار اس کی ذات کا انکار ہے عن ابي هريرة رضى الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله علیه وسلم قَالَ اللَّهُ
تَعَالَى: كَذَّبَنِي ابْنُ آدَمَ وَلَمْ يَكُنْ لَهُ ذٰلِكَ، وَشَتَمَنِي وَلَمْ
يَكُنْ لَهُ ذٰلِكَ، فَأَمَّا تَكْذِيبُهُ إِيَّايَ فَقَوْلُهُ: لَنْ يُعِيدَنِي
كَمَا بَدَأَنِي، وَلَيْسَ أَوَّلُ الْخَلْقِ بِأَهْوَنَ عَلَيَّ مِنْ
إِعَادَتِهِ، وَأَمَّا شَتْمُهُ إِيَّايَ فَقَوْلُهُ: اتَّخَذَ اللَّهُ وَلَدًا،
وَأَنَا الْأَحَدُ الصَّمَدُ الَّذِي لَمْ أَلِدْ وَلَمْ أُولَدْ، وَلَمْ يَكُنْ
لِي كُفُوًا أَحَدٌ۔ ترجمہ:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:“ابنِ آدم نے مجھے
جھٹلایا، حالانکہ اسے اس کا حق نہ تھا، اور اس نے مجھے برا کہا، حالانکہ اسے اس کا
حق نہ تھا۔ پس اس کا مجھے جھٹلانا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے: ‘اللہ مجھے دوبارہ زندہ نہیں
کرے گا جیسے اس نے پہلی مرتبہ پیدا کیا تھا حالانکہ پہلی بار پیدا کرنا میرے نزدیک
دوبارہ پیدا کرنے سے زیادہ آسان نہیں اور اس کا مجھے برا کہنا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے
اللہ نے اولاد بنا لی ہے حالانکہ میں اکیلاہوں بے نیاز ہوں؛ نہ میں نے کسی کو جنا
اور نہ میں جنا گیا، اور نہ کوئی میرا ہمسر ہے۔” (مشکوٰۃ المصابیح جلد:1 ، حدیث
نمبر:20)
یہاں فرمایا
کہ دوبارہ پیدا کرنے کا انکار کرنا جو اس کی قدرت خلق ہے یہ درحقیقت اللہ کی تکذیب
ہے، واضح اور دوٹوک بیان فرمایا کہ اللہ پر ایمان تب کامل ہے جب اسکی شان خداوندی
پر بھی کامل یقین ہو۔
توحید اسماء و الصفات :احادیثِ
نبویہ میں توحیدِ اسماء و صفات کا بھی کثرت سے ذکر ملتا ہے۔ نبی کریم ﷺ اپنی
دعاؤں کے ذریعے بھی امت کو اللہ تعالیٰ کی عظمت، وحدانیت اور صفاتِ کاملہ کا اقرار
سکھاتے تھے۔نبی پاک ﷺ جو دعائیں ارشاد فرماتے وہ تعلیم امت کے لیے ہوتی ان دعاؤں میں
بھی آپ امت کو دعوت توحید اور اس پر استقامت کی طرف بلاتے بخاری شریف کی ایک حدیث
میں ہے ،عن ابن عباس أن النبي صلى الله عليه
وسلم کان يقول أعوذ بعزتك الذي لا إلاه إلا أنت الذي لا يموت والجن والإنس يموتونترجمہ: میں
تیری عزت کی پناہ مانگتا ہوں، جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ (ذات) جو کبھی نہیں
مرے گی، جبکہ جنات اور انسان سب مر جائیں گے۔"(صحيح البخاري کتاب التوحید
باب: قول الله تعالى: وهو العزيز الحكيم، رقم الحدیث : 7383 دار ابن کثیر)
اس طرح کی
کثیر دعائیں ہیں جن میں آپ نے اللہ کی توحید کا اقرار کیا اور دوسروں کی نفی کی
اور توحید کے اقرار کے ساتھ ساتھ اس کی شان و صفات کو بھی بیان فرمایا کہ جن و انس
مرجائیں گے مگر تو ہمیشہ زندہ رہے گا۔
مخالف توحید کیا ہے؟ مذکورہ
حدیث میں اللہ کی صفت حیات کو ذکر کیا اور یہ بات شروع میں معلوم ہوئی کہ توحید یہ
ہے کہ اس کی ذات و صفات میں کسی کو شریک نہ ٹھہرایا جائے تو یہاں سے یہ سوال اٹھتا
ہے کہ حیات اللہ کی صفت ہے، اگر کسی دوسرے کے لئے مانیں تو کیا یہ شرک ہوگا؟ تو اس
کا جواب یہ ہے ہماری جو حیات ہے وہ عارضی اس کی عطا کردہ ہے جب کہ اس کی حیات حقیقی
ازلی ابدی ہے(ہمیشہ سے ہے ہمیشہ رہے گی) اور یہ حقیقی اور عطائی کا فرق ہی ہے جو
شرک سے محفوظ رکھتا ہے اور نبی کریم ﷺ نے ہمیں کثیر مقامات پر شرک کے خطرات سے ڈرایا
اور اگر کسی میں صفت عطائی ماننا بھی شرک ہوتی تو نبی پاک ﷺ اس سے بھی تنبیہ
فرماتے مگر ایسا نہیں ہوا بلکہ نبی پاک ﷺ نے بھی صفت عطائی کو ثابت رکھا اور اسے
توحید کے مخالف نہیں ٹھرایا جیسے کائنات کا مالک اللہ ہے مگر مجازاً فرمایا زمین
اللہ و رسول کی ملک ہے بخاری میں ہے نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا " اعلموا ان الارض لله ورسولہ" یقین جان لو کہ زمین کے مالک
اللہ و رسول ہیں۔ (بخاری کتاب الاکراہ باب: في بيع المكره ونحوه، في الحق وغيره
رقم:6944 ص:1820)
اور اسی
طرح حاجت روائی اللہ کرتا مگر اس کے حکم سے جبریل بھی اور یہ شرک نہیں کیونکہ ان
کا حاجت روائی کرنا حقیقی ذاتی نہیں بلکہ عطائی باذن الٰہی کے ہے۔ حدیث پاک میں ہے
عن انس بن مالک قال رسول اللّٰہ ﷺ "إِنَّ
الْعَبْدَ الْمُؤْمِنَ لِيَدْعُوا اللَّهَ تَعَالَى يَقُولُ اللَّهُ تَعَالَى :
لِجِبْرِيلَ لَا تُجبُهُ فإني أُحِبُّ أَنْ أَسْمَعَ صَوْتَهُ وَ إِذَا دَعَاهُ
الْفَاجِرُ، قَالَ يَا جِبْرِيلُ : أَقْضِ حَاجَتَهُ فَإِنِّي لَا أُحِبُّ أَنْ
أَسْمَعَ صَوْتَهُ.بے شک بندہ مومن اللہ عز وجل سے دعا کرتا ہے تو رب جل و علا جبریل علیہ
الصلوة والسلام سے فرماتا ہے اس کی دعا قبول نہ کر، میں اس کی آواز سننے کو دوست
رکھتا ہوں اور جب فاجر دعا کرتا ہے۔ رب جل
جلالہ فرماتا ہے اے جبریل اس کی حاجت روا ئی کر دے کہ میں اس کی آواز سننا نہیں
چاہتا۔ (جامع کبیر جلد2، ص:366, رقم 5747 الازہر الشریف القاہرہ)
اور آج
کے پرفتن دور میں ہمیں ضرورت ہے کہ توحید کے معانی و مطالب کو عام کیا جائے اور
توحید کا درست تصور لوگوں کو بتایا جائے اور اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اللہ رب
العزت ہمیں توحید پر استقامت عطا فرمائے اور شرک جیسی نحوست سے محفوظ و مامون
فرمائے۔امین بجاء خاتم النبیین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم
Dawateislami